News

9-04-2025

خبرنامہ نمبر2356/2025گوادر/جیوانی 9 اپریل ۔ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی کے ہمراہ جیوانی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) جیوانی اور بیسک ہیلتھ یونٹ (BHU) گنز کا معائنہ کیا اور علاقے میں صحت عامہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے RHC جیوانی کی بہتری کے لیے ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے عملے کے ساتھ ایک اہم اجلاس بھی منعقد کیا، جس میں ایم پی اے، ڈی ایچ او، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ادریس، ڈاکٹر برکت بلوچ، ڈاکٹر فاروق بلوچ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد RHC جیوانی کے انتظامی اور طبی معاملات کو مزید موثر بنانا، عملے کی کارکردگی بہتر کرنا اور عوام کو فوری و معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ اجلاس کے دوران ادارے کی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اسے بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے طبی عملے کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دیں، ایمرجنسی ڈیوٹی کے نظام کو موثر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ RHC جیوانی میں لیڈی ڈاکٹر، لیڈی ڈینٹل ڈاکٹر اور OT ٹیکنیشن سمیت ایک موثر ٹیم موجود ہے، لہٰذا کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی ڈاکٹر یا عملہ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتے گا تو ڈی ایچ او کی جانب سے فوری کارروائی کی جائے گی۔ایمرجنسی یونٹ کو فعال رکھنے، واضح ڈیوٹی روڈمیپ کی ترتیب، اور ضروری ادویات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔ دورانِ دورہ لیبارٹری اور ٹیسٹ سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔رکن صوبائی اسمبلی کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں RHC جیوانی میں نئی لیڈی میڈیکل آفیسر، لیڈی ڈینٹل ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف کی تعیناتی کو عوام نے سراہا۔دورے کے اختتام پر ایم پی اے نے ڈی ایچ او کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی رہائش گاہوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر جیوانی سے رابطہ کرکے ہسپتال اور رہائشی کوارٹرز کے اطراف ہفتہ وار صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ڈی ایچ او ڈاکٹر عبداللطیف دشتی نے ہسپتال کو ضروری طبی آلات اور سامان بھی فراہم کیے اور مزید آلات جلد مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر2357/2025چاغی 9 اپریل ۔ حکومت پاکستان اور حکومت بلوچستان کے مشترکہ فیصلے کے تحت افغان مہاجرین کی باعزت اور مرحلہ وار وطن واپسی کا عمل جاری ہے ضلع چاغی کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ ان کے وطن افغانستان روانہ کیا جا رہا ہےاس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ چاغی نے مختلف سہولیات کا انتظام کیا ہے تاکہ مہاجرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو ڈپٹی کمشنر چاغی عطاءالمنیم کی نگرانی میں یہ عمل انتہائی منظم انداز سے جاری ہے مہاجرین کی عارضی رہائش، کھانے پینے، طبی امداد اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنیم نے بتایا کہ افغان مہاجرین کو مکمل انسانی ہمدردی اور اسلامی بھائی چارے کے تحت ان کے وطن روانہ کر رہے ہیں ہر فرد کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ اپنایا جا رہا ہے عارضی قیام گاہوں، کھانے پینے کی اشیاء ، طبی سہولیات اور نقل و حمل کے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے حکومت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ہم چاہتے ہیں کہ یہ عمل پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ، لیویز، پولیس اور دیگر ادارے اس عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں عطاءالمنیم نے مقامی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ اس عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہوضلعی سطح پر قائم کیے گئے ٹرانزٹ کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مہاجرین کو سہولیات دی جارہی ہیں اور ان کی باعزت واپسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2358/2025گوادر 9 اپریل ۔ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر ڈاکٹر صابر علی بلوچ کی زیر قیادت یونین کونسل پلیری گوادر کے مختلف علاقوں میں ایک روزہ مفت ویٹرنری موبائل امدادی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کے دوران ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر مجید اور ان کی ٹیم نے بڑی تعداد میں مویشیوں کا طبی معائنہ کیا، مختلف بیماریوں کا علاج کیا اور موسمی و حفاظتی ویکسین فراہم کیں۔اس فلاحی اقدام کا مقصد مویشیوں کو مختلف وبائی و موسمی امراض سے محفوظ رکھنا اور مقامی کسانوں و مویشی پال افراد کو حکومت کی جانب سے بلا معاوضہ طبی سہولیات فراہم کرنا تھا تاکہ ان کے معاشی وسائل کو استحکام مل سکے۔عوامی سطح پر اس اقدام کو بھرپور پذیرائی ملی، جبکہ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے اس عملی اقدام پر اظہار تشکر کیا۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2359/2025حب 9اپریل ۔ حب میں الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں یونین کونسل ساکران کی دونشستوں پر جام گروپ کے نومتخب دوکونسلران کی تقریب حلف برداری چیئرمین ضلع کونسل آفس حب میں منعقد کی گءچیئرمین ضلع کونسل حب جاویدجمالی نے نومنتخب کسان کونسلر عبدالباسط موندرہ اورلیڈیز کونسلر باجی حمیدہ سے حلف لیا اس موقع ہر جام گروپ کے سنئیر رینما کونسلر لالہ یوسف بلوچ عبدالوحید قلندرانی کونسلر عبدالمالک موندرہ یوسی چیرمین ساکران غلام رسول واھورہ وائس چیرمین ساکران وڈیرہ غلام نبی محمد حسنی کسان کونسلر یوسی حسن پیر وڈیرہ خدابخش گجر کونسلر مرادعلی بزنجو وڈیرہ غلام مصطفی سیاہ پاد حاجی نذربلوچ سمیر موندرہ موندرہ یکجہتی کونسل کے وائس چیئرمین بشیر موندرہ موندرہ سپریم کونسل چیئرمین حاجی بوازعلی لاسی سراج سلیم موندرہ برکت علی موندرہ بعیان موندرہ فضل اللہ لغاری آصف شوکت موندرہ سکبدرموندرہ یعقوب موندرہ امجد موندرہ ودیگر شریک یوئےچیئرمین ضلع کونسل جاوید جمالی نے نومنتخب اراکین ضلع کونسل کو مبارکبادپیش کی اوراس توقع کا اظہارکیا کہ وہ ضلع کونسل فورم کے ذریعے علاقے کے عوامی مسائل کے حل اورترقی کے عمل میں شریک ہوکر علاقاءترقی میں اپنا کرداراداکرینگے اس موقع پر جام گروپ کے سنئیر رہنما کونسلر لالہ یوسف نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جام کمال کی قیادت پر ضلع حب کے عوام کو بھرپور اعتماد ہے جام گروپ کے کونسلران کی کامیابی سے واضح ہوگیا ہے میر علی حسن زہری اورجام کمال کا اتحاد ضلع حب کی ترقی کا ضامن ہے۔ ﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2360/2025تربت 9 اپریل۔ : اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول خیر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی، انتظامی اور انفراسٹرکچر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہیڈماسٹر اور اساتذہ سے ملاقات کی اور اسکول کو درپیش مسائل دریافت کیے اسسٹنٹ کمشنر نے اساتذہ کی حاضری چیک کی، کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے تعلیمی سوالات بھی کیے جن کے اطمینان بخش جوابات پر انہوں نے بچوں اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا ہیڈماسٹر نے اسکول کو درپیش بنیادی مسائل، جیسے چار دیواری کی کمی، نامکمل کلاس رومز اور اساتذہ کی قلت سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی کوشش کریں گے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2361/2025تربت 9 اپریل ۔ ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک آفیسر کیچ ڈاکٹر محمد حنیف بلوچ کی صدارت میں محکمہ لائیو اسٹاک کے فیلڈ اسٹاف کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں زرین بگ، کھڈان دشت، ہوشاپ، تمپ، بلیدہ، پیدارک، ناصر آباد و دیگر علاقوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کیچ میں مال مویشیوں میں پھیلنے والی بیماری کی سنگینی پر غور کیا گیا ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر فوری اقدامات کے تحت تین انٹری پوائنٹس پر ویکسینیشن اور اسپرے یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں اجلاس میں فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مالداروں سے قریبی رابطے میں رہیں، مقامی سطح پر آگاہی مہم چلائیں اور خصوصی کیمپس کے ذریعے ویکسینیشن و دیگر احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس کے اختتام پر فیلڈ اسٹاف کو درکار ادویات بھی فراہم کی گئیں۔﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر2362/2025خضدار 9 اپریل ۔خضدار حکومت بلوچستان کا ڈپٹی کمشنر خضدار ایس ایس پی خضدار پولیس لیویز کے جوانوں اور دیگر ضلعی فسران کی نمایا کارکردگی پر اظہار اطمینان ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی ایس ایس پی خضدار جاوید زہری پولیس لیویز اور دیگر فورسز کی جوانوں نے قومی شاہراہ کی بندش کو ختم کیا حکومت بلوچستان شاہراہِ کھلنے سے سے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوا ہے محکمہ داخلہ بلوچستان خضدار انتظامیہ پولیس لیویز اور دیگر فورسز کی جوانوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے بحالی امن اور قومی شاہراہوں کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے فوری اقدامات ناگزیر ہیں ۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2363/2025تربت 9 اپریل ۔ اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن دشت کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں صحت، تعلیم، زراعت، پبلک ہیلتھ، لائیو اسٹاک، جنگلات، جنگلی حیات اور سوشل ویلفیئر سمیت تمام لائن محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں محکموں نے اپنی کارکردگی اور اب تک کی پیش رفت سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی، جبکہ اجلاس ترقیاتی امور سمیت اساتذہ و ڈاکٹروں کی حاضری، اسکول ٹائم کی پابندی، شجر کاری مہم کا آغاز، مویشیوں کی ویکسینیشن، زمینداروں کے لیے آگاہی سیمینارز، بچوں کے اندراج کی یونیسف و کمیونٹی تعاون سے مہم، اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق اقدامات شامل بحث رہے اسسٹنٹ کمشنر دشت نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری یقینی بنائیں، دیانت داری سے فرائض انجام دیں اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ سب ڈویڑن دشت کو ایک فعال اور ترقی یافتہ علاقہ بنایا جا سکے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2364/2025نصیرآبا9اپریل د۔سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیر آباد غلام سرور بنگلزئی نے کہا ہے کہ محکمہ ایریگیشن کے تمام ایگزیکٹو انجینئر پر لازم ہے کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ہمراہ مل کر آبیانہ کی مد میں کاشتکاروں اور زمینداروں پر واجب الادا سرکاری واجبات کی وصولی کو ہر صورت یقینی بنائیں اس حوالے سے محکمہ ایریگیشن کے افسران کی جانب سے سستی ناقابل قبول ہوگی کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان کی جانب سے آبیانہ کی مد میں سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے خصوصی دلچسپی لینا خوش آئند اقدام ہے اس لیے ضروری ہے کہ محکمہ ریونیو کے افسران کے ساتھ مل کر سرکاری واجبات کی وصولی میں مزید تیزی لائی جائے واٹر ٹیکس کی وصولی کا عمل ناگزیر بن چکا ہے کاشتکاروں کے مفاد میں حکومت بہتر سے بہتر اقدامات کر رہی ہے اس لیے ضروری ہے کہ کاشتکار بھی سرکار کو آبیانہ کی قیمت میں واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی میں ذرہ بھر بھی نہ ہچکچائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایریگیشن کینال سسٹم کے جائزے کے موقع پر افسران اور کاشتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ایس ای ایریگیشن غلام سرور بنگلزئی نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے کمشنر نصیر آباد ڈویژن کو تحریری طور پر بھی آگاہی فراہم کی گئی ہے تاکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز محکمہ ایریگیشن کے ایگزیکٹو انجینئرز کی مشاورت سے سرکاری واجبات کی وصولی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں کیونکہ عرصہ دراز سے محکمہ ایریگیشن کو آبیانہ کی مد میں وصولی کے عمل میں کافی سستی کا موجب بنا ہوا ہے اس حوالے سے کوشش کی جائے کہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں جو کہ آبیانہ کی مد میں وصولی کے عمل کو مزید موثر انداز میں تیز کریں امسال نصیر آباد ڈویژن میں ریکارڈ فصلات حاصل کی گئی ہیں اور مزید ہزاروں ایکڑ اراضی سیراب ہوئی اور لاکھوں میٹرک ٹن گندم چنا سرسوں اور دیگر فصلات کی پیداوار حاصل ہوئی ہے اس سے نہ صرف علاقے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی بلکہ کاشتکار اور زمیندار مزید مالی طور پر مستحکم بھی ہونگے غلام سرور بنگلزئی نے کنال سسٹم کے تمام کاشتکاروں اور زمینداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنی واجب الادا سرکاری ٹیکس کی فراہمی کے عمل کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ ان سے حاصل ہونے والی رقم حکومت کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھ کر مزید بہتر انداز سے اقدامات کریں اور تمام تر ادائیگی کو سرکاری قوانین کے مطابق ہی کیا جائے تاکہ ان کے پاس آبیانہ کی مد میں جمع کرائی گئی رقم کے شواہد بھی موجود رہیں آبیانہ کے حوالے سے کسی قسم کا عذر یا اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا لہذا ضروری ہے کہ خریف سیزن سے قبل تمام کاشتکار آبیانہ کی مد میں ٹیکس کی ادائیگی کو مکمل کریں انہوں نے کہا کہ جن کاشتکاروں کے منظور شدہ واٹر کورسز یا پائپس ہیں انہیں سب ڈویژنل افسران کی موجودگی میں ڈیزائن کے مطابق بنوائیں اضافی پانی کسی صورت اٹھانے نہیں دیا جائے گا جبکہ پانی چوروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور یہ کاروائی کا سلسلہ بلا تفریق شروع کیا جائے گا امسال دریائے سندھ میں 30 فیصد پانی کمی کی پیشن گوئی کی گئی ہے لہذا تمام زمیندار تمام تر امور کو مد نظر رکھ کر چاول کی پنیری کو کاشت کریں تاکہ بعد میں انہیں مالی طور پر نقصان نہ اٹھانا پڑے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2365/2025کوئٹہ9 اپریل۔یونیورسٹی آف بلوچستان کے سینڈیکیٹ ہال میں ایک اہم ایچ آر ڈی (ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ) میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کی۔ اس میٹنگ میں تمام اراکین رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ محمد فاروق بادینی , ڈائریکٹر جنرل (منصوبہ بندی اور ترقی ولی الرحمان ڈائریکٹر QAAD پروفیسر ڈاکٹر عاشف سجاد ڈپٹی رجسٹرار جنرل جانگیر خان اور متعلقہ ڈینز نے شرکت کی اور اساتذہ کی ترقی اور انتظامی امور سے متعلق مختلف اہم موضوعات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔اس میٹنگ کے دوران جن اہم مسائل پر بات کی گئی، ان میں فیکلٹی اور عملے کے لیے مختلف انتظامی طریقہ کار کی منظوری اور عملدرآمد شامل تھے۔ ان میں پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ)، مطالعہ کی چھٹی کی توسیع، جوائننگ رپورٹ اور ایل ایل ایم میں داخلے کے لیے این او سی شامل تھے۔ وائس چانسلر نے ان طریقہ کار کو آسان اور موثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی امور کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے وقت پر اور شفاف فیصلہ سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ تعلیمی ترقی میں سہولت ہو اور فیکلٹی ممبرز کو ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں تعاون حاصل ہو۔ پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے یونیورسٹی کی جانب سے فیکلٹی اور عملے کی مسلسل معاونت کے ذریعے ترقی اور تعلیمی عمدگی کے ماحول کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں طریقہ کار کے فریم ورک کو بہتر بنانے کی اپنی لگن کا اظہار کیا تاکہ یہ فیکلٹی اور طلباء کی ضروریات کے مطابق زیادہ جوابدہ بن سکے۔ تمام اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مختلف انتظامی درخواستوں کو منظم اور موثر طریقے سے نمٹانے کے لیے ایک واضح اور موثر طریقہ کار کی ضرورت ہے، تاکہ فیکلٹی ممبرز اور عملے کو ان کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ کوششوں کے لیے ضروری تعاون حاصل ہو۔یہ میٹنگ یونیورسٹی کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور ادارے کی مجموعی ترقی کے لیے ایک اور قدم تھی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2366/2025گوادر9اپریل ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے نیو ٹاون ہاوسنگ اسکیم کے مختلف واٹر اسٹوریج ٹینکس کا دورہ کیا اور شہر میں پانی کی قلت کے مسئلے کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران اے ڈی سی نے جی ڈی اے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں انکشاف ہوا کہ سہوڈ ڈیم پمپنگ اسٹیشن اور ایئرپورٹ اسٹوریج سائٹس پر بجلی کے وولٹیج میں بار بار آنے والے اتار چڑھاو کے باعث پانی کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔ اس تکنیکی مسئلے کی وجہ سے نیو ٹاون اور اولڈ ٹاون کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔شہریوں نے اس موقع پر شکایت کی کہ بجلی کے غیر مستحکم وولٹیج کے باعث ان کے قیمتی برقی آلات خراب ہو چکے ہیں، جس پر اے ڈی سی نے تشویش کا اظہار کیا۔ڈاکٹر عبدالشکور نے کیسکو حکام کو ہدایت دی کہ وہ سہوڈ ڈیم اور ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشنز کو بلا تعطل اور مناسب وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ پانی کی سپلائی بحال ہو سکے۔اے ڈی سی نے یقین دلایا کہ پانی کی فراہمی سے متعلق اس سنگین مسئلے کو ضلعی سطح کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی اٹھایا جائے گا تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 2367/2025کوئٹہ 9 اپریل۔ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری انفارمیشن کرن بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، معروف دانشور، اور زیرک سیاستدان سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ، پارٹی رہنماوں اور کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “سینیٹر تاج حیدر کی وفات سے ہمیں ایک عظیم رہنما، اصول پسند سیاستدان اور ایک سچے محبِ وطن کا فقدان ہوا ہے۔کرن بلوچ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مزید کہا کہ “سینیٹر تاج حیدر نہ صرف پیپلز پارٹی کے بانی ارکان میں سے تھے بلکہ وہ ایک عظیم جدوجہد کرنے والے سیاستدان تھے جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے بے لوث محنت کی۔ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک منفرد مقام حاصل ہوا۔ “انہوں نے کہا کہ تاج حیدر ایک زیرک مفکر اور علم کا خزانہ تھے جنہوں نے تدریسی شعبے میں بھی بے مثال خدمات انجام دیں۔ وہ ہمیشہ نوجوان نسل کی رہنمائی کرتے رہے اور ان کے افکار نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا۔ ان کی شخصیت ہمہ جہت تھی اور ان کا کردار ہمیشہ ایک مثال کے طور پر زندہ رہے گا۔ں”کرن بلوچ نے کہا کہ “سینیٹر تاج حیدر کی خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ ان کی قربانیاں اور جدو جہد پاکستان کی سیاست کا ایک لازوال حصہ ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ “اللہ تعالیٰ مرحوم سینیٹر تاج حیدر کو جنت میں اعلیٰ مقام دے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 2368/2025گوادر، 9 اپریل۔ شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کے سلسلے میں شہریوں کے ایک وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور سے ملاقات کی اور پانی کی قلت سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔شہریوں نے بتایا کہ سہوڈ ڈیم اور ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مسلسل وولٹیج میں اتار چڑھاو کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں نیو ٹاون، اولڈ ٹاون اور دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ ملاقات کے دوران خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اگر بجلی کی فراہمی میں بہتری نہ لائی گئی تو رواں سال پانی کا بحران مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ کیسکو حکام سے نہ صرف ضلعی بلکہ صوبائی سطح پر بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ بجلی کے مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے اور پانی کی سپلائی کو معمول پر لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس اہم مسئلے کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 2369/2025گوادر 9 اپریل۔ ایکسین کیسکو امیر علی بگٹی نے اپنے دفتر سے جاری کردہ ایک اطلاع میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں ایران سے بجلی کی فراہمی میں کمی کے باعث سہود ڈیم کے علیحدہ فیڈر کو عارضی طور پر نیشنل گرڈ سے منسلک کیا گیا تھا، تاہم طویل فاصلے کے باعث وولٹیج میں اتار چڑھاوکی شکایات سامنے آئیں، جس سے پانی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اب مذکورہ فیڈر کو دوبارہ ایران کی بجلی پر منتقل کر دیا گیا ہے اور موجودہ وقت میں وولٹیج میں کسی قسم کے اتار چڑھاو کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ ایکسین کیسکو نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ بجلی کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 2370/2025زیارت 9 اپریل۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول احمد ون کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین کی حاضریاں چیک کیں اور مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ ٹیچرز کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتےںہوئے کہا کہ غیر حاضری کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے اجلاس میں فیصلے کئے جائیں گے اور غیر حاضر ٹیچرز کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی نے کہا کہ اسکول میں بچوں کی بہت کم حاضری کی بنیادی وجہ ٹیچرز کی غیر حاضری ہے، جب ٹیچرز نہیں آئیں گے اور غفلت کا مظاہرہ کرینگے تو بچے بھی اسکول کم آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ترجیح تمام اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانا ہے لہذا ضلع زیارت کے تمام ٹیچرز کو ہماری طرف سے یہ پیغام ہے کہ واپنے اسکولوں میں جائے تعیناتی پر حاضر ہو کر حاضری کو یقینی بنائے بصورت دیگر ان کے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2371/2025
کراچی، 09 اپریل2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بدھ کو یہاں کراچی میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی سے ملاقات کی اس موقع پر بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نواب اسلم رئیسانی کے فرزند نوابزادہ یادگار رئیسانی کی عیادت بھی کی انہوں نے نوابزادہ یادگار رئیسانی کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مکمل شفایابی عطا فرمائےاس موقع پر آغا شکیل درانی، ظفر گچکی اور ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند بھی موجود تھے۔

خبر امہ نمبر2372/2025
کوئٹہ09اپریل2025
ڈائریکٹر افرادی قوت تربیت بلوچستان ارشاد احمد نے کہا ہے کہ ملازمین کی ترقی کا عمل اداروں کے ارتقاء کیلئے ضروری ہے، یہ عمل ملاز مین میں محنت کے جذبے کوابھارتااوران کو توانائی عطاکرتا ہے۔ ترقی ہر ملازم کا فطری حق ہے، جس سے ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفیسرز ایسوسی ایشن محنت و افرادی قوت یونٹ کے صدر محمد اعظم رئیسانی اور جنرل سیکرٹری خیر محمد رند کو سینئر انسٹرکٹرز کی پروموشن آرڈر دیتے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادر علی شاہوانی بھی موجود تھے ۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ٹیکنیکل اسٹاف کی ترقیوں سمیت جتنے بھی مسائل ہیں حل کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر2373/2025
نصیرآباد09اپریل2025:۔۔انجینیئر عبدالرحمن خان کاکڑ نے ایگزیکٹو انجینیئر مواصلات و تعمیرات روڈذ نصیرآباد کے عہدے کا چارج سنبھال کر اپنے فرائض منصبی سرانجام دینا شروع کر دیئے انہوں نے اپنے ماتحت افسران جن میں سب ڈویژنل آفسران سب انجینیئر سمیت دیگر سٹاف شامل ہیں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کی کارگردگی کے مورال کو مزید بلند رکھنے اور مفاد عامہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو اعلی معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچانا ہمارے فرائض منصبی کا حصہ ہے روزانہ کی بنیاد پر ترقیاتی امور کی نگرانی کریں تمام افسران اور اسٹاف پر لازم ہے کہ وہ اپنے فرائض نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دیں تاکہ محکمہ کی کارکردگی میں خاطرخواہ اضافہ کیا جا سکے علاوہ ازیں سیاسی و سماجی افراد نے انجینئر عبدالرحمن خان کاکڑ کی دوبارہ تعیناتی کے عمل کو بھی سرہایا۔

خبرنامہ نمبر 2374/2025
چمن9 اپریل 2025:
ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے آج چمن میں قائم کی گئی افغان مہاجرین کیلئے ود ہولڈنگ کیمپس میں سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد چمن میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افغان مہاجرین کی ود ہولڈنگ کیمپس میں رجسٹریشن کے بعد وطن واپسی کا سلسلہ بتدریج جاری ہے 31 مارچ کی ڈیڈ لائن سے لیکر آج تک پاک افغان سرحد پر چمن ود ہولڈنگ کیمپس سے اب تک تقریباً 3000 سے زائد افغان مہاجرین واپس اپنے ملک افغانستان بھیج دئیے گئے ہیں چمن میں افغان مہاجرین کیلئے دو ود ہولڈنگ کیمپس ایک پاک افغان سرحد پر زیرو پوائنٹ پر قائم کیا گیا ہے جبکہ دوسرا کیمپ کالج روڈ چمن شھید جمال عبد الناصر فٹبال گراؤنڈ میں قائم کیا گیا ہے ود ہولڈنگ کیمپس میں افغان مہاجرین کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہے کیمپس میں کھانے پینے طبی سہولیات خیموں ٹینٹوں کمبل باتھروم ز نادرا ڈیٹا بیس اور دیگر ضروری سہولیات اور انتطامات کا مکمل بندوست کیا گیا ہے یکم اپریل سے لیکر ضلعی انتظامیہ اور ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کیمپ میں موجود افغان مہاجرین کو دی جانے والی تمام سہولیات اور انتظامات کا خود مانیٹرنگ کرتا اور جائزہ لیتا ہے اس موقع پر ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کیمپ کی تمام منتظمین کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افغان باشندے ہمارے بھائی اور اچھے پڑوسی ہیں انہوں نے کہا کہ اگر کیمپس میں موجود کسی بھی شخص کی دل آزاری کی گئی اور انھیں تکلیف پہنچائی گئی تو متعلقہ افسران و اہلکاران کیخلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی آج ڈی سی چمن نےود ہولڈنگ کیمپس میں افغان باشندوں کو دی جانے والی تمام سہولیات کا جائزہ لیا اور انھیں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کیمپ منتظمین کو اچھی خدمات کی انجام دہی پر انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تمام منتظمین اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیں

خبرنامہ نمبر 2025/2375
کراچی09 اپریل:_ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بدھ کو بلیدی ہاؤس کراچی گئے جہاں انہوں نے بلوچستان کابینہ کی رکن ایڈوائزر ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے ان کے والد سردار بہرام خان بلیدی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر مرحوم سردار بہرام خان بلیدی کے فرزندان میر عطاء اللہ خان بلیدی اور میر اسداللہ خان بلیدی بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم سردار بہرام خان بلیدی کی سیاسی، سماجی اور قبائلی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خیر خواہ اور درد دل رکھنے والے انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ بھائی چارے، امن اور عوامی خدمت کو مقدم رکھا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردار بہرام خان بلیدی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پُر کرنا ممکن نہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں.

خبرنامہ نمبر 2025/2377
کوئٹہ اپریل 9: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ صدی درحقیقت خواتین کی صدی ہے۔ وقت آپہنچا ہے کہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا صحیح مقام حاصل کریں۔ ہماری نصف سے زائد خواتین آبادی کا تعاون ہمارے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانا دراصل پورے معاشرے کو بااختیار بنانے کے مترادف ہے. سردست خواتین تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور اقتصادی مواقع ان کو بااختیار بنانے کیلئے ضروری ہیں۔ یہ بات انہوں پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر فاطمہ کاکڑ کی قیادت میں خواتین پر مشتمل وفد سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ اضلاع میں رہنے والی خواتین کئی مسائل ومشکلات سے دو چار ہیں لہٰذا انہیں مستقبل کیلئے جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے. بحیثیت ایک سیاسی ایکٹویسٹ یہ آپ سب کا قومی فریضہ ہے کہ صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کی خواتین کی ترقی میں مدد و رہنمائی فراہم کریں اور ان کو ضروری مواقع اور وسائل تک رسائی کو ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ ہم سب ملکر ایک مساوی اور روشن مستقبل کی جانب قدم اٹھا رہے ہیں

خبرنامہ نمبر 2025/2378
حب9 اپریل:_ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو نے محکمہ مواصلات وتعمیرات کے ایگزیکٹیو انجینئر عبدالوہاب زہری کے ہمراہ زیر تعمیر ڈی سی کمپلیکس حب کا دورہ، کیا متعلقہ حکام کو بروقت اور معیاری کام کی ہدایت جاری کرتے یوئے کہا کہ منصوبے کو پائیدار بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائےاس موقع پر ڈپٹی کمشنر حب نثاراحمد لانگوکاکہناہے کہ ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر سے سائلین کے مسائل ایک چھت تلے اور بہتر طریقے سے حل ہونگے کمپلیکس میں سائلین کی سہولیات کیلئے ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا تاکہ بروقت مسائل کی شنوائی یقینی بنائی جاسکے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پرکوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ٹھیکیدار و متعلقہ حکام کو ہدایت کی یے کہ کمپلیکس کے کام کو بروقت مکمل کیا جائے.

خبرنامہ نمبر 2025/2379
حب 9 اپریل:ـ ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی تحصیل آفس اور سب رجسٹرار آفس حب کا دورہ کیا ڈپٹی کمشنر نے دونوں دفاتر میں موجود ریکارڈ چیک کیں جبکہ سائلین سے انکے مسائل بھی دریافت کیئے، افسران کو فرائض فرض شناسی سے ادا کرنے کی ہدایات جاری کیں اس موقع پر سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حب نے کہا کہ سائلین تحصیل و سب رجسٹرار آفس سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں عوامی شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ
مختلف ٹیکسز، عشر اور آبیانہ کی وصولیوں کی بابت گزشتہ اجلاس میں ریونیوافسران کو ہدایات جاری کی تھیں آج دورے کا مقصد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کا جائزہ لینا تھا افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں.

خبرنامہ نمبر 2025/2380
کوئٹہ 09 اپریل :ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے لہو کا حساب ضرور لیا جائے گا اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا یہاں جاری ایک مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کمزور نہیں بلوچستان میں امن کو تباہ کرنے والے عناصر کو سخت ترین جواب دیا جائے گا دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی اور ان کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا صوبے میں امن قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو اس میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی میر سرفراز بگٹی نے شہید پولیس جوانوں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

خبرنامہ نمبر 2025/2381
کوئٹہ10ُُٓٓاپریل:۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر، بلکہ ریاست پر حملہ ہے اپنے جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں، مگر ان کی یہ کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز متحرک ہیں اور حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی حکومت شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گاترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ حکومت عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو سخت ترین انجام تک پہنچایا جائے گا
خبرنامہ نمبر 2025/2382
کوئٹہ (10 اپریل 2025):مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہی نہیں، بلکہ ریاست کی رٹ اور امن عامہ پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر جو بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس دھرتی کا دفاع کیا ہے ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حکومت بلوچستان نہ صرف شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے بلکہ ان کی ہر ممکن مدد اور بحالی کو یقینی بنائے گی جبکہ فورسز کی لازوال قربانیاں کسی سے بھی پوشیدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لیے عوام اور ریاستی اداروں کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ ایسے حالات میں مثبت کردار ادا کریں اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ انہوں نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور شرپسندوں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسی مذموم حرکت کی جرات نہ ہو۔

News

17-04-2025

Clipping

17-04-2025

News

16-04-2025