خبرنامہ نمبر 1196/2026
کوئٹہ 7 فروری: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن سیکٹر مسلسل اپنے اعلیٰ معیار اور عروج کی جانب گامزن ہے جو ہم سب کیلئے قابل فخر اعزاز ہے۔ تمام گیارہ سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور اسکورنگ کو بلند ترین کے پیچھے ہماری طویل جدوجہد، دانشمندانہ منصوبہ بندی اور کڑی نگرانی کارفرما ہیں۔ انتہائی مختصر عرصے میں سرکاری یونیورسٹیوں کو گوں ناگوں مسائل کے چنگل سے نکالنا، غیر ضروری اخراجات بہت حد تک کم کرنا اور تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ایک بڑا چیلنج تھا جسے ہم نے موجودہ حکومت، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، متعلقہ وائس چانسلرز صاحبان اور گورنر ہاؤس کی اپنی ٹیم کی انتھک کاوشوں اور مخلصانہ تعاون سے عبور کیا۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں ایک سال کے اندر اندر تمام سینیٹ اور سنڈیکیٹ اجلاسوں کا بروقت انعقاد سے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔ سردست میری خواہش اور کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک تمام یونیورسٹیوں اور انکے کیمپسز میں بجلی کے نظام کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا جائے تاکہ ہر مہینہ کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہو سکے۔ اسکے علاوہ ہم نے وائس چانسلرز کو پہلے ہی اپنی اپنی یونیورسٹیوں میں تمام غیر ضروری ڈیپارٹمنٹس کو بند کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور یونیورسٹی کے احاطے میں اضافی اراضی کو زیرکاشت لانے کی تاکید بھی کی گئی ہے تاکہ یونیورسٹی کی سطح پر بھی آمدنی کے نئے ذرائع پیدا ہو سکیں۔ واضح رہے کہ پہلے دن سے ہی تمام نئی تعیناتیوں اور پروموشن کے امور و معاملات میں خالص میرٹ کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ مجھے بلوچستان کے باصلاحیت اور ملنسار نوجوانوں سے بہت بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں اور ہم انہیں کوالٹی ایجوکیشن اور جدید مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ اگر ہم اپنے ابھرتے ہوئے نوجوانوں کے روشن اور کامیاب مستقبل کو محفوظ بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ پاکستان اور بلوچستان دونوں کیلئے باعث افتخار ہوگا۔ ہمارے ان تمام تعلیم دوست اقدامات کا مقصد ہماری بنیادی انقلابی اصلاحات اور غیر معمولی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے بلوچستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے بارے میں تمام متعلقہ اداروں، حکام اور عوام کے تاثرات میں بھی تبدیلی لانا ہے۔ الحمدللہ، آج ہم یونیورسٹی کی پوزیشن کو اکیڈمک ایکسیلینس کی روشنی اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے امید کی علامت کے طور پر مستحکم کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
خبرنامہ نمبر 1197/2026
کوئٹہ 7 فروری :- وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز کر کے قوم کے دل جیت لیے ہیں شاہینوں نے آخری اوور تک بھرپور جذبے، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی دباؤ کے بغیر کھل کر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی اجتماعی کارکردگی قابلِ تحسین رہی اور یہ کامیابی بہترین ٹیم ورک کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے فہیم اشرف کی ذمہ دارانہ اور میچ وننگ اننگز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کارکردگیاں ہی بڑے ٹورنامنٹس میں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ میچز میں بھی اسی اتحاد، اعتماد اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں اور شاہین اسی جوش و جذبے سے کھیلتے ہوئے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
خبرنامہ نمبر 1198/2026
جعفرآباد:- 7 فروری :- ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت طلبہ و طالبات کے ہونے والے امتحانات کے حوالے سے گزشتہ روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حضور بخش بگٹی، محکمہ ایجوکیشن کے افسران، تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران مڈل کے جاری امتحانات اور میٹرک کے آئندہ امتحانات کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات، امتحانی مراکز کی نگرانی، نظم و ضبط اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ امتحانی عمل کے دوران اساتذہ کی تعیناتی اور ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی امور زیر بحث لائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ امتحانی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور مڈل و میٹرک کے امتحانات کو صاف، شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا انہوں نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام امتحانی مراکز پر پولیس کی مناسب نفری تعینات کی جائے گی تاکہ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران انتظامی غفلت یا لاپرواہی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکروٹمنٹ فیز فور کو بھی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
.
خبرنامہ نمبر 1199/2026
گوادر 7 فروری:- ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے بنیادی مرکز صحت (BHU) نگور شریف کا مانیٹرنگ و تفصیلی دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے مرکز صحت میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ڈاکٹر مرشد دشتی نے بی ایچ یو میں طبی عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی سائٹس اور ادویات کے ریکارڈ کا معائنہ کیا، جبکہ مرکز صحت میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے بی ایچ یو نگور شریف کو ضروری ادویات فراہم کیں تاکہ مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج کی سہولت میسر آ سکے دورے کے دوران ضلع منیجر پی پی ایچ آئی نے عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، خصوصاً زچہ و بچہ کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات اور روزمرہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کے تمام بنیادی مراکز صحت میں نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر1200/2026
شیرانی 7 فروری:- ضلعی ہیڈکوارٹر شیرانی ٹاؤن میں تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کا ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر شیرانی یوسف ہاشمی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے بھرپور شرکت کی اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی اجلاس میں ضلعی ہیڈکوارٹر شیرانی ٹاؤن کی مجموعی فعالیت، سرکاری امور کی بہتری، عوام کو بنیادی سہولیات کی مؤثر فراہمی اور درپیش انتظامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور بہتری کے لیے مثبت و قابلِ عمل تجاویز پیش کیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شیرانی یوسف ہاشمی نے تمام محکموں پر زور دیا کہ باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے، سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی رکھا جائے اور عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، جس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 1201/2026
لورالائی7 فروری :- پولیو کے خاتمے اور بچوں کو موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری پولیو کیچ اپ مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیر صدارت پولیو کیچ اپ ایوننگ اجلاس منعقد ہو ا۔ اجلاس میں پولیو مہم کی روزانہ کارکردگی، فیلڈ میں پیش آنے والے مسائل، ٹیموں کی حاضری، ریفیوزل کیسز، مسڈ بچے اور ہائی رسک علاقوں میں ویکسینیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم، ایکٹنگ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر شاہ زمان کاکڑ، فوکل پرسن پولیو مختیار اللہ لونی ،ای پی آئی حکام، ڈبلیو ایچ او، یونیسف، پولیو پروگرام کے افسران، یو سی میڈیکل آفیسرز، ایریا انچارج، سپروائزر اور دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی اجلاس کے دوران پولیو مہم کی یومیہ رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اور اس کے خاتمے کے لیے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے انہوں نے کہا پولیو کا مکمل خاتمہ اس وقت ممکن ہے جب ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے اور کوئی بھی بچہ پولیو مہم سے محروم نہ رہے جبکہ پولیو ٹیمیں انتہائی ذمہ داری اور محنت کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں کیونکہ یہ قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی انہوں نے ہدایت کی کہ ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے اور والدین کو آگاہی فراہم کرکے انہیں قائل کیا جائے کہ پولیو ویکسین بچوں کی صحت اور مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے انہوں نے مزید کہا کہ مسڈ بچوں کی فہرستیں فوری مرتب کرکے انہیں دوبارہ کوور کیا جائے اور ہائی رسک علاقوں میں اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ ویکسینیشن کا عمل سو فیصد مکمل کیا جا سکے ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کے سپروائزرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں ٹیموں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر حاضری کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اجلاس میں شرکائ نے ڈپٹی کمشنر کو فیلڈ میں درپیش مسائل سے متعلق بھی آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ پولیو مہم میں کوئی رکاوٹ نہ آئے ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، عالمی ادارے اور عوام سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔.
خبرنامہ نمبر 1202/2026
بارکھان 7 فروری:- صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھیتران نے بارکھان شہر کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے حاجی شیر علی کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔صوبائی وزیر نے حاجی شیر علی کی صحت کے حوالے سے تفصیل سے آگاہی حاصل کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی انہوں نے حاجی صاحب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ اور معزز شخصیات علاقے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں حاجی شیر علی کی جانب سے صوبائی وزیر کے اعزاز میں چائے کا پروقار اہتمام بھی کیا گیا، جس کے دوران علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا اس موقع پر موجود افراد نے صوبائی وزیر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کا اس طرح عوام کے دکھ سکھ میں شریک ہونا خلوص، قربت اور عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
خبرنامہ نمبر 1203/2026
بارکھان 7 فروری:- صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھیتران نے بارکھان شہر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حاجی شیر علی کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی صوبائی وزیر نے حاجی شیر علی کی صحت کے حوالے سے تفصیل سے آگاہی حاصل کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی انہوں نے حاجی صاحب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ اور معزز شخصیات علاقے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں حاجی شیر علی کی جانب سے صوبائی وزیر کے اعزاز میں چائے کا پروقار اہتمام بھی کیا گیا جس کے دوران علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا اس موقع پر موجود افراد نے صوبائی وزیر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کا اس طرح عوام کے دکھ سکھ میں شریک ہونا خلوص، قربت اور عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے
خبرنامہ نمبر 1204/2026
سبی 6 فروری:- ضلعی انتظامیہ سبی کی جانب سے آگاہ کیا جاتا ہے کہ سبی میلہ 11 فروری 2026 کے حوالے سے شروع کیے گئے تمام انتظامات تاحکمِ ثانی روک دیے گئے ہیں اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ آئندہ احکامات تک کسی قسم کی سرگرمی انجام نہ دیں واضح رہے کہ سبی میلہ کی نئی (عارضی) تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 1205/2026
ضلع چمن7 فروری:- بی ایس ڈی آئی فیز ون کے تحت جمال عبدالناصر شہید فٹبال گراونڈ کے امتحانی ہال کا افتتاح ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کیا اس موقع پر کمانڈر چمن سکاؤٹس برگیڈ بریگیڈیئر شکیل احمد، سی او 40 ایف ایف سی لیفٹیننٹ کرنل عثمان اے ڈی سی چمن فدا احمد بلوچ، سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی عمران خان کاکڑ، سابق صدر پریس کلب اختر گلفام، حاجی عبدالغفار خان صالحزئی، اکاونٹ آفیسر حاجی عبدالظاہر خان درانی اور ٹھیکیدار عمران خان بھی موجود تھے بی ایس ڈی آئی کی طرف سے فیز I میں امتحانی ہال کی ریپیرنگ تزئین و آرائش اور دیگر ضروری کام کرنے پر پانچ ملین کی لاگت سے ترقیاتی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اس موقع پر ڈی سی چمن نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ چمن کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام محکموں کے افسران تمام ترقیاتی کاموں کی بروقت نگرانی کو یقینی بنائیں اور کام میں استعمال ہونے والے میٹیریل کی معیار پر کسی قسم کی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہیں کریں انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا ہی شہر ہے اسکی خوبصورتی اور ترقی کیلئے ہم سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا تب جاکر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوں گے اس موقع پر ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں.
خبرنامہ نمبر 1206/2026
ضلع چمن 7 فروری:- ٹیچنگ ہسپتال چمن میں سولر سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل آج ٹیچنگ ہسپتال چمن میں ایم ایس ڈاکٹر اویس اور ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ نے ہسپتال میں سولر سسٹم کی تنصیب کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اس موقع پر سولر سسٹم لگانے والے انجینئر نے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر اویس کو سولر سسٹم کی کارکردگی اور وولٹیج کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئی اس موقع پر ڈاکٹر اویس نے کہا کہ لگائی گئی سولر پینلز سے 24/7 وولٹیج بجلی کی بلا تعطل سپلائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ تاکہ مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ہسپتال میں جدید آلات کی تنصیب سے مریضوں کی علاج و معالجہ میں آسانیاں پیدا ہو جائیں گی۔
خبرنامہ نمبر 1207/2026
کوئٹہ 7 فروری :- ڈائریکٹر افرادی قوت تربیت ارشاد احمد نے کہا ہے کہ محکمانہ ترقیاں ملازمین کا بنیادی حق ہیں اور کسی بھی ادارے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ اہلکاروں کو ان کی خدمات، قابلیت اور سنیارٹی کی بنیاد پر بروقت اگلے عہدوں پر ترقی دی جائے، اس سے نہ صرف ملازمین کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے بلکہ وہ مزید ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، انہوں نے یہ بات گزشتہ روز آفس اسسٹنٹس کی ترقیوں کے موقع پر منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ٹی ٹی بی چیف محمد شفیع،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زمحمد ابراہیم، محمد حسنی، نادر علی شاہوانی، آفس سپرنٹنڈنٹ عارف شاہ ‘آفس اسسٹنٹ عبدالحنان ‘ وسیع اللہ لانگو ‘ محمد بشیر سمیت دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے، ڈائریکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ محکمے میں 2011 سے سروس رولز موجود نہیں تھے جس کے باعث کئی سالوں سے اہلکار ترقیوں سے محروم چلے آرہے تھے تاہم 2025 میں سروس رولز کی منظوری اور فائنلائزیشن کے بعد محکمانہ ترقیوں کا عمل باقاعدہ شروع کیا گیا اور طویل عرصے سے ترقی کے منتظر اہلکاروں کو میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر اگلے عہدوں پر ترقی دی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ افرادی قوت تربیت میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انسانی وسائل کی پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور سروس اسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، اس موقع پر ترقی پانے والے ملازمین نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سروس رولز کی منظوری اور ترقیوں کے عمل سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور وہ پہلے سے زیادہ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں گے، تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 1208/2026
کوئٹہ، 07 فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے عہدے پر جسٹس (ریٹائرڈ) مہتا کیلاش ناتھ کوہلی کی تقرری نہایت اہم اور مثبت اقدام ہے پورے بلوچستان میں کوئی بھی شخص ان کے کردار اور ایمانداری پر انگلی نہیں اٹھا سکتا حکومت صرف دعوے نہیں کر رہی بلکہ گڈ گورننس کے قیام اور میرٹ کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے تاکہ صوبے کے عوام کو شفاف اور مؤثر سروسز فراہم کی جا سکیں یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند کی پوسٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی جس میں شاہد رند نے صحافی روف کلاسرا کو مخاطب کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کی تعیناتی مکمل ہو چکی ہے اور جسٹس (ریٹائرڈ) مہتا کوہلی کی شفاف ساکھ اور کردار بلوچستان میں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی میرٹ کے قیام اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں واضح رہے کہ صحافی روف کلاسرا نے روزنامہ ڈان میں تربت سے لکھے گئے ایک خط کے ذریعے چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن کی تعیناتی میں تاخیر پر سوالات اٹھائے تھے جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے نوٹیفکیشن کے ہمراہ انہیں چیئرمین کی تعیناتی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی میرٹ کے قیام کے لیے کی گئی کاوشوں سے آگاہ کیا روف کلاسرا کے سوالات اور شاہد رند کے جواب کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں گڈ گورننس کے فروغ اور میرٹ کی بالادستی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے شفاف اور مؤثر سروسز فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ اقدامات اسی عزم کا عملی مظاہرہ ہیں۔
خبرنامہ نمبر 1209/2026
چمن07 فروری :ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کے چھٹے روز ایوننگ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چمن ڈاکٹر نویدبادینی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر عبدالرشید اور دیگر پولیو آفیسرز شریک تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک تمام ٹیمیں محنت لگن دیانتداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات انجام دیں انہوں نے کہا کہ ہر فیلڈ اور کام میں مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اچھے محنتی اور پروفیشنل افسران اور سٹاف اپنے ہدف کو حاصل کرنے کو آرام اور سلیقے سے پایہ تکمیل کو پہنچا دیتے ہیں اجلاس میں ڈی سی چمن کو انسداد پولیو مہم کی پیش رفت اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کی افسران اور اہلکاروں کی اچھی مہم کے دوران بہترین کارکردگی اور کام کی تعریف کی اور انھیں سراہا۔







