











خبرنامہ نمبر62/2026
کوئٹہ، 05 جنوری :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا جس میں سوئی ٹاؤن کی مجموعی ترقی، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور مستقبل کی پائیدار منصوبہ بندی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) سکندر میمن سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق اور چیئرمین میونسپل کمیٹی عزت امان بگٹی بھی اجلاس میں شریک تھے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان کے تحت سوئی ٹاؤن میں انٹرنل ڈویلپمنٹ اور شہری خوبصورتی کے جامع منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جن کے ذریعے علاقے کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت اسٹریٹ لائٹس، نکاسی آب کا مؤثر نظام، صاف پانی کی فراہمی، اسپورٹس گراؤنڈ اور جدید سہولیات سے آراستہ بس ٹرمینل کی تعمیر شامل ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان کا بنیادی مقصد مقامی آبادی کو معیاری شہری سہولیات فراہم کرنا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سوئی کو ایک منظم، خوبصورت اور پائیدار شہر میں تبدیل کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ پی پی ایل معاہدے کے مطابق منصوبے کے لیے اپنے حصے کے وسائل بروقت فراہم کرے گی وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ منصوبہ بندی کو عوامی ضروریات اور مقامی حقائق سے مکمل طور پر ہم آہنگ رکھا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی کی ترقی نہ صرف مقامی معیشت کو مستحکم کرے گی بلکہ علاقے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور خطے کی مجموعی سماجی و معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
خبرنامہ نمبر61/2026
کوئٹہ، 05 جنوری :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کشمیریوں کے یومِ حقِ خود ارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج سے 77 سال قبل اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا تھا مگر افسوس کہ آج بھی کشمیری قوم اس بنیادی اور تسلیم شدہ حق سے محروم ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بدستور جاری ہیں جہاں معصوم کشمیری عوام کو سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کا کردار اس اہم مسئلے پر سوالیہ نشان بن چکا ہے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان کی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی ہر سطح پر اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ملنا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔








