خبرنامہ نمبر 2207/2025کوئٹہ ، 29 مارچ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل )کے سربراہ سردار اختر مینگل کے احتجاج پر ہونے والے مبینہ خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنی ایک ٹوئٹ میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت اس واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے گی تاکہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے انہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل کو جس نوعیت کی سیکیورٹی درکار ہوگی حکومت فراہم کرے گی ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور جس کے خلاف بھی ہو قابل مذمت ہے حکومت بلوچستان صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسے واقعات کے سدباب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کریں اور سیکورٹی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 2208/2025 نصیرآباد۔۔نصیر آباد کی تحصیل غفور آباد میں پراسرار طریقے سے متعدد گھروں میں آگ لگنے سے گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا، ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ کی ہدایت پر تحصیلدار غفور آباد نے متاثرہ خاندانوں میں اشیاء خوردونوش فراہم کر دیا جبکہ ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ کی جانب سے احکامات دئیے گئے کہ ہونے والے نقصانات کی تفصیلی جائزہ رپورٹ بھی جمع کی جائے تاکہ متاثرین کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں واضح رہے کہ گزشتہ روز نصیر آباد کی تحصیل غفور آباد چھ گھروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے باعث کئی خاندان متاثر ہوگئے، جس سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور جانی نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات پر متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے فوری طور پر اشیاء خوردونوش اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا۔متاثرین نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید بحالی اور مالی مدد کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر 2209/2025 کوئٹہ 28 مارچ: سیکریٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ محترمہ سائرہ عطا بلوچ نے آج سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں خواتین کے لیے مخصوص نماز گاہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں اس اقدام کو خواتین کی روحانی اور سماجی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ محترمہ سائرہ عطا کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک عمارت کا افتتاح نہیں بلکہ ایک ایسے مقدس مقام کا قیام ہے جو خواتین کے لیے یکسوئی، سکون اور روحانی تعلق کا ذریعہ بنے گا۔ یہ اقدام ہماری شمولیتی پالیسی، مذہبی ہم آہنگی اور اجتماعی ترقی کے عزم کا عکاس ہے جبکہ اسکی ضرورت بہت زیادہ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک نماز گاہ محض چار دیواری نہیں بلکہ روحانی سکون، یگانگت یکسوئی اور خود احتسابی کا مقام ہوتی ہے۔ اس مخصوص جگہ کی فراہمی خواتین کے لیے ایک ایسا ماحول یقینی بنائے گی جہاں وہ اور اطمینان کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں اور پورے سیکرٹریٹ میں خواتین کے لیے کوئی ایسا مقام مختص نہیں تھا اس سے قبل، اور اسکو عملی جامہ پہنانے میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سید فیصل آغا سمیت دیگر افسران کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔ افتتاحی تقریب میں متعلقہ افسران اور سول سیکرٹریٹ کی خواتین نے بھی شرکت کی اور اس اہم اقدام کو سراہا۔ محترمہ سائرہ عطا نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ یہ نماز گاہ خواتین کے لیے سکون، رہنمائی اور روحانی روشنی کا ذریعہ بنے، اور یہ اقدام ہماری سماجی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔ افتتاح کے اختتام پر دعا کی گئی اور شرکاء نے اس اقدام کو خواتین کی سہولت کے لیے ایک احسن اقدام قرار دیا۔
خبرنامہ نمبر 2210/1025 کوئٹہ 29مارچ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک سرکلر کے مطابق کوئٹہ ڈویژن کے تمام پبلک ٹرانسپورٹ بس/کوچز اور منی ویگنوں کے مالکان کو تنبیہ کیا جاتا ہے کہ عید کے موقع پر مسافروں سے ذائد کرایہ لینے سے گریز کریں اس کے علاؤہ چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے،آوورلوڈنگ،گنجائش سے زیادہ مسافروں اٹھانے اور آوورسپیڈنگ سے اجتناب کریں۔یہ فیصلہ عید کے موقع پر لوگوں کی سہولت اور حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں کیا گیا ہے کیونکہ مشاہدے میں اتاہے کہ عید کے موقع پر ٹرانسپورٹرز زیادہ منافع کمانے کے لیے مسافروں کی جان کی پرواہ نہیں کرتے اور اکثر اوقات چھوٹی سی غفلت اور لاپرواہی سے حادثات رونما ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔لہذا ٹرانسپورٹرز حضرات حکومت ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر کارروائی کے دوران خلاف ورزی پر گاڈی بند اور پرمٹ معطل کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 2211/2025 نصیرآباد۔صوبائی وزیر اریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ایریگیشن سسٹم میں بہتری لا کر موجودہ حکومت نے ریکارڈ بمپر کرافٹ فصلیں حاصل کی ہیں جس سے نہ صرف صوبے کی خوراک کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں بلکہ خطیر رقم کی پیداوار حاصل کر کے کسانوں کو مزید معاشی طور پر مستحکم کیا گیا ہے بلوچستان کے اپنے حصے کے پانی سے مزید ایک لاکھ ایکڑ اراضی سیراب کی گئی بروقت پانی کی فراہمی اور منصفانہ طور پر پانی کے تقسیم کار کے عمل کو یقینی بنایا گیا تاکہ ٹیل کے زمینداروں کو بھی ان کے جائز حصے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے غیر ملکی ایجنسیاں بلوچستان میں عدم استحکام کے لیے سرگرداں ہیں موجودہ جمہوری حکومت صوبے بھر میں امن و امان کے قیام روزگار کی فراہمی اور مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہے بین الاقوامی ایجنسیاں بلوچستان میں حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں مگر انہیں رسوائی کے سوا کچھ ملنے والا نہیں ہم بلوچستان میں امن کے خواہاں ہیں اس لیے امن پسندی کو مزید فروغ دینے کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہیں اگر قانون ہاتھ میں لیا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرانی ہائوس ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اجتماعیت کو فوقیت دی ہے تاکہ وہ منصوبے جن سے اجتماعی طور پر لوگ مستفید ہوں انہیں مزید پروان چڑھایا جائے اس حوالے سے ہم عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ہمارا مقصد مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کو یقینی بنانا ہے لیور ٹرانسپلانٹ میڈیکل کالج ڈیرہ مراد جمالی ، شہریوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی سمیت دیگر منصوبے ہمارے عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدوں کی پاسداری کا آئینہ دار ہے ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو اپنا سیاسی وطیرہ سمجھا ہے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں قیام امن کے لیے اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہے امن پسندی کے فروغ اور عوام کو پر امن ماحول میں زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے احتجاج اور روڈ بلاک کرنے سے مسئلے کا ہرگز حل نہیں نکلتا اس لیے ضروری ہے کہ ٹیبل ٹاک کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے اور صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے موجودہ حکومت مفاہمتی امور پر یقین رکھتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ وہ بہتر سے بہتر اقدامات کیے جائیں جن سے عوام براہ راست مستفید ہو سکے۔
خبرنامہ نمبر 2212/2025گوادر: محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں اور موجودہ حالات کے پیش نظر، ضلعی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹرز کو بذریعہ نوٹس مطلع کیا ہے کہ آج، 28 مارچ 2025 سے تا حکمِ ثانی، ضلع گوادر کی حدود میں کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ کا رات کے وقت داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔مسافروں کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ضلعی انتظامیہ نے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت کے بعد درج ذیل اوقات مقرر کیے ہیں:1: کراچی اور کوئٹہ سے گوادر آنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ صبح 5 بجے سے اپنا سفر شروع کرے گی، جبکہ آخری گاڑی صبح 10 بجے روانہ ہوگی تاکہ تمام مسافر گاڑیاں شام تک بحفاظت گوادر پہنچ سکیں۔2: گوادر سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ صبح 6 بجے روانہ ہوگی، جبکہ آخری گاڑی دوپہر 1 بجے نکلے گی تاکہ مسافر مغرب سے پہلے اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔ان اوقات کے علاوہ ضلع گوادر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو چیک پوسٹوں پر روک دیا جائے گا۔ لہٰذا، تمام ٹرانسپورٹرز حضرات سے گزارش ہے کہ مقررہ ٹریفک ایڈوائزری پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔