25th-November-2025

خبرنامہ 8886/2025
کوئٹہ25نومبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد نہ صرف انفرادی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے بلکہ یہ پورے معاشرے کی فکری، سماجی اور اخلاقی صحت کو بھی کمزور کر دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ تشدد کی ہر شکل میں چاہے وہ گھریلو جبر ہو، ہراسانی ہو، دھمکی، تذلیل، یا معاشی دباؤ، عورت کی آزادی، اس کے اعتماد، اس کی خودی اور اس کے وقار کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت کو درپیش مسائل صرف جسمانی تشدد تک محدود نہیں ہوتے بلکہ یہ رویّوں، بول چال، ماحول، مواقع اور طاقت کے توازن تک پھیلے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عورت اپنے گھر، کام کی جگہ یا عوامی مقام پر محفوظ محسوس نہیں کرتی، تو یہ صرف اس کی ذات کا نقصان نہیں ہوتا بلکہ یہ معاشرے میں عدم توازن، غیر یقینی اور عدم استحکام کو جنم دیتا ہے۔ ایک ایسا معاشرہ جو اپنے آدھے حصے کو خوف، جبر یا معاشی بےبسّی میں جکڑ دے، وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مہذب اور باشعور معاشرے کی اصل پہچان یہ ہے کہ وہ اپنی خواتین کو تحفظ ، احترام ، اور اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کی مکمل آزادی مہیا کرے۔ مشیر ترقیِ نسواں نے مذید کہا کہ حکومتِ بلوچستان خواتین پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل پیرا ہے اور اس حوالے سے مؤثر قانون سازی، سرکاری اداروں کی مضبوطی، آگاہی پروگرامز، ہیلپ لائنز، شیلٹر ہومز، اور سپورٹ سروسز جیسے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے معاشرتی سطح پر بھی رویّوں میں تبدیلی ضروری ہے تاکہ وُہ ایک محفوظ، باوقار اور بااختیار زندگی گزار سکیں۔

خبرنامہ نمبر8888/2025
شہید سکندر آباد سوراب 25 نومبر 2025:
ضلع شہید سکندر آباد سوراب میں ترقیاتی منصوبوں، انتظامی کارکردگی اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا اہم جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سلمان علی بلیدی، اسسٹنٹ کمشنر سوراب شئے اکبر علی سمیت تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال کی شفافیت، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مختلف محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور جاری کاموں میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل سے بھی آگاہ کیا ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ عوامی مفادات سے وابستہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام افسران میدانی سطح پر موجود رہیں اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے فنڈز کے شفاف استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور جہاں کوئی صورتِ حال ابھرے، وہاں فوری رپورٹ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو بہتر کوآرڈی نیشن اور باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے مجموعی انتظامی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام محکموں کو ٹیم ورک کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر مزید بہتر انداز میں جاری رکھنے کی تاکید کی۔

خبرنامہ نمبر8889/2025
کوئٹہ۔جامعہ بلوچستان کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ، جے بی کیمپس میں سیشن 2021 تا 2025 کے فائنل ایئر طلبہ کا تھیسس شو 2025 شروع ہوگیا۔ یہ نمائش 25 نومبر سے جمعہ 28 نومبر تک جاری رہے گی۔تھیسس شو کا افتتاح پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی نے کیا۔ انہوں نے طلبہ کے تخلیقی کام اور فنّی اظہار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خود اعتمادی میں اضافہ کرتی ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں کو عملی میدان سے جوڑتی ہیں۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین شعبہ فائن آرٹس ڈاکٹر محمد ایوب، فیکلٹی ممبران، ڈینز اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کوئٹہ کی مختلف جامعات اور کالجز کے طلبہ نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کے کام کو سراہا۔پرو وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں طلبہ کے اعلیٰ معیار کے فن پاروں کی تعریف کی اور کہا کہ فائن آرٹس کے شعبے میں نیا پن، جدت اور تحقیق کامیابی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ بلوچستان نوجوانوں میں تخلیقی اور ثقافتی شعور کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔فائنل ایئر طلبہ نے اپنے تھیسس آرٹ ورک پیش کیے جن میں پینٹنگ، اسکلپچر، منی ایچر آرٹ، ڈیجیٹل ڈیزائن اور مختلف تصوراتی فن پارے شامل تھے۔ آنے والے مہمانوں نے موضوعات کے تنوع، تکنیک میں مہارت اور ثقافتی رنگوں کی خوبصورت جھلک کو سراہا۔تھیسس شو 2025 عوام کے لیے 28 نومبر تک کھلا رہے گا، جس سے فن کے شائقین، محققین اور طلبہ کو صوبے کے ابھرتے ہوئے نوجوان فنکاروں کے کام سے آگاہ ہونے کا موقع ملے گا۔

خبرنامہ نمبر 8890/2025
لورالائی24نومبر2025:
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کو ایکسیئن لوکل گورنمنٹ نصیر خان کی جانب سے بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ بھی موجود تھے۔بریفنگ کے دوران مختلف تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے واضح کیا کہ وہ جلد ان منصوبوں کا موقع پر جا کر معائنہ کریں گے تاکہ کام کی رفتار، معیار اور مقدار کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔کمشنر ولی محمد بڑیچ نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو ہدایت دی کہ عوامی مفاد میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی بنیادی ضروریات سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تمام ترقیاتی سرگرمیوں کو تیزی سے مکمل کر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ یہ منصوبے حقیقی معنوں میں عوامی فلاح کا باعث بن سکیں۔

خبرنامہ نمبر8891/2025
سبی 25 نومبر2025:
ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت سالانہ تبلیغی اجتماع کے انتظامات اور سکیورٹی کے حوالے سے ایک مفصل جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ونگ کمانڈر کرنل شہریار، ایس ایس پی سبی شاہنواز چاچڑ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، اجتماع کمیٹی کے ممبران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ تبلیغی اجتماع 18 دسمبر سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگا، جبکہ اختتامی دعا 21 دسمبر کی صبح ادا کی جائے گی۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ملک بھر سے لاکھوں شرکاء کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے انتظامات کو انتہائی سنجیدگی، ذمہ داری اور حکمتِ عملی کے ساتھ ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اجتماع کمیٹی سے مختلف انتظامی و سہولتی مسائل کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں اور ہر محکمے کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور توجہ سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع کے دوران مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو تمام محکموں کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔ ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کے اندرونی راستوں سے گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم رکھا جائے گا۔ محکمہ صحت کی جانب سے اجتماع کے مقام پر میڈیکل کیمپ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمہ وقت موجود رہے گا جبکہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ، پانی کے باؤزر اور دیگر ضروری مشینری بھی 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔ ایم سی سبی کو صفائی اور پانی کی فراہمی کے مکمل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق اگر کسی غیرقانونی افغانی باشندے کی نشاندہی ہوئی تو فوری کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اجتماع کی سکیورٹی کے لیے اسلحہ لے جانے پر مکمل پابندی ہوگی اور تمام شرکاء کے لیے شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ تبلیغی اجتماع ایک روحانی اجتماع ہے جسے خلوص نیت، بہترین تعاون اور مکمل نظم و ضبط کے ساتھ کامیاب بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کو تلقین کی کہ وہ بھرپور جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ تیاریاں مکمل کریں تاکہ شرکاء کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

خبرنامہ نمبر8892/2025
کوئٹہ۔صوبائی مشیر برائے بلدیات و دیہی ترقی نواب زادہ امیر حمزہ زہری کی زیرِ صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمٰن قمبرانی، سیکرٹری بلوچستان لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت علی، چیف میٹروپولیٹن آفیسر عطااللہ بازئی، چیف انجینئر محمد اسحاق منگل، ایڈمنسٹریٹو آفیسر بلوچستان لوکل گورنمنٹ بورڈ عبدالرحمٰن کے علاوہ محکمہ بلدیات کے علی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جاری ترقیاتی اسکیموں کی مالی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے اس موقع پر تمام منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نواب زادہ امیر حمزہ زہری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر کی ترقیاتی اسکیموں میں تیزی لانے اور عوام کو مزید بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمے کو زیادہ مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور سہولتوں سے آراستہ کوئٹہ فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات عبدالرؤف بلوچ نے اجلاس کو بتایا کہ کوئٹہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور “صفا کوئٹہ منصوبے” کے تحت شہر کی صفائی و ستھرائی کے لیے خاطر خواہ اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے دور دراز علاقوں میں بھی ترقی اور صفائی کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو جدید شہری سہولیات میسر ہوں۔اجلاس کے اختتام پر صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نواب زادہ امیر حمزہ زہری نے متعلقہ افسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کی پیش رفت کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

خبرنامہ نمبر8893/2025 نصیرآباد25نومبر2025:
۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت سی آر سی کا ایک تفصیلی اور اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز عبدالواسع کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر استا محمد شاہ بخش پندرانی، سعدیہ خان، صابر نواب سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امیدواران نے اپنے اعتراضات اور شکایات کمیٹی کے سامنے پیش کیے، جن میں مرد و خواتین امیدوار بڑی تعداد میں شامل تھے۔ کمشنر نصیرآباد نے تمام اعتراضات اور کوائف کا بغور جائزہ لینے کی ہدایات دیتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز کو تاکید کی کہ وہ جن امیدواروں کی جانب سے اعتراضات سامنے آرہے ہیں خود تمام دستاویزات کی مکمل اور شفاف تصدیق یقینی بنائیں تاکہ کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی یا غلطی کا احتمال باقی نہ رہے۔ کمشنرنصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدواروں کی شکایات سن کر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ شفافیت کے ساتھ فیصلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی ثابت ہوتی ہے تو نہ صرف اس کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا بلکہ میرٹ کے مطابق حقدار امیدوار کو اس کا حق فوری طور پر دیا جائے گا۔جعلی ڈگری والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائےکمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ تمام کوائف کا تفصیلی جائزہ لے کر شکایات کو حقائق کی روشنی میں حل کیا جائے تاکہ بھرتی کے عمل پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو اور کوئی امیدوار اپنے حق سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام فیصلے میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر8894/2025
نصیرآباد25نومبر2025:
ربیع کینال کے کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی، صوبائی سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمن بلوچ اور چیف انجینئر کینالز ناصر مجید کی ہدایات پر ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں ربیع کینال کی بھل صفائی اور پشتوں پر جھاڑیوں کی کٹائی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ محکمے کی بھاری مشینری کے ذریعے صفائی کے اس آپریشن کو تیز رفتار انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر کی خصوصی ہدایت پر سب ڈویژنل آفیسر حافظ عبدالرشید مستوئی سب انجینئر وسیم بیرانی اور داروغہ خدابخش بہرانی بھی موقع پر موجود رہ کر کام کی براہ راست نگرانی کی۔فرید احمد پندرانی نے بتایا کہ ربیع سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی انتہائی ضروری ہو گئی ہے، تاہم میرحسن کے علاقے سے گزرنے والی ربیع کینال کے دونوں اطراف جھاڑیوں کی کثرت کے باعث پانی کی ترسیل میں شدید رکاوٹیں پیش آ رہی تھیں جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے صفائی کا یہ عمل فوری طور پر شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 26 آر ڈیز کی مکمل صفائی کرلی گئی ہے جبکہ باقی حصوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ محکمہ آبپاشی کا عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری محنت اور دلی لگی سے انجام دے رہا ہے تاکہ کاشتکاروں تک زرعی پانی کی ترسیل کسی تعطل کے بغیر ممکن ہو سکے۔ فرید احمد پندرانی نے کہا کہ کینال میں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں اور یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ربیع سیزن کے دوران کسانوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ ایریگیشن کا عملہ کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر ہمہ وقت سرگرم ہے۔

خبرنامہ نمبر8895/2025
تربت :ڈاکٹر کمال احمد نے تربت یونیورسٹی کے تیسرے پرو وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا، وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ وفیکلٹی کی مبارکباد

ڈاکٹر کمال احمد نے پیر کے روز 24نومبر2025 کو یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے پرو وائس چانسلر کی حیثیت سے باضابطہ طور پراپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی کے اعلی انتظامی افسران کے ہمراہ پروقار انداز میں پرووائس چانسلر کے منصب کا چارج باضابطہ طورپر ڈاکٹر کمال احمد کے حوالے کیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق گورنر بلوچستان نے حال ہی میں ڈاکٹر کمال احمد کی بطور پرو وائس چانسلرتربت یونیورسٹی تقرری کے احکامات جاری کیے تھے۔ ان کی یہ تقرری ان کی طویل علمی وپیشہ ورانہ خدمات، اعلی تعلیمی پس منظر اور قابل تحسین انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں عمل میں لائی گئی ہے۔پرو وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے پر یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے ڈاکٹر کمال احمد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں کو یونیورسٹی کی ترقی اور انتظامی نظم وضبط کو تقویت دینے کے لئے بروئے کارلائیں گے۔

خبرنامہ نمبر8896/2025
کوئٹہ 25 نومبر2025: صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی و چئیرمین الیکشن کمیٹی نسیم الرحمن خان ملا خیل نے کوئٹہ شہر میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صوبے میں سب سے مضبوط اور مقبول جماعت بن کر سامنے آ رہی ہے، اور اسی عوامی اعتماد کی بدولت بلدیاتی انتخابات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے واضح اور تاریخی کامیابی حاصل کی، وہ پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام نے کارکردگی، خدمت اور عملی اقدامات کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا، اور یہی اعتماد بلدیاتی الیکشن میں بھی بھرپور انداز میں سامنے آئے گا۔نسیم الرحمن ملا خیل نے کہا کہ”کوئٹہ میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور میئر بھی ان شاء اللہ نون لیگ ہی کا ہوگا۔ “انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ شہر میں بھی حالات اور عوامی رجحانات یہ بتا رہے ہیں کہ نون لیگ کلین سویپ کرے گی۔ شہری علاقوں میں پارٹی کی عوامی پذیرائی بہت مضبوط ہو چکی ہے اور لوگ جانتے ہیں کہ شہر کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیرینہ مسائل کے حل کی صلاحیت صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام روزمرہ زندگی میں جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اُن کے حل کے لیے مسلم لیگ (ن) نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ پہلے سے متعدد اقدامات پر کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے کارکنان اور عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں آئیں، عوام سے رابطے تیز کریں، گھروں میں جائیں اور لوگوں کو پارٹی کے ترقیاتی وژن سے آگاہ کریں۔صوبائی مشیر نے کہا کہ”شہر کی باگ ڈور ان شاء اللہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت ہی سنبھالے گی۔ عوام جانتے ہیں کہ خدمت، کارکردگی اور ترقی کا راستہ نون لیگ سے ہو کر گزرتا ہے۔”انہوں نے کارکنان کو اس عزم کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی کہ یہ الیکشن شہر کی بہتری، عوام کی سہولیات اور نئی ترقی کا آغاز ثابت ہوگا۔

خبرنامہ نمبر8897/2025
تسپ، پنجگور 25 نومبر 2025: گورنمنٹ گرلز انٹر کالج تسپ میں 24 نومبر 2025 کو گولڈن ویک کی شاندار اور رنگارنگ تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین میونسپل کمیٹی تسپ عبدالرحمٰن تھے، جنہوں نے فیتہ کاٹ کر پروگرام کا آغاز کیا تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے ذہانت، مشاہدہ اور تخلیقی سوچ کو اُبھارنے والی مختلف مائنڈ گیمز میں بھرپور حصہ لیا۔ والدین، اساتذہ اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔مہمانِ خصوصی چیئرمین عبدالرحمٰن نے اپنے خطاب میں کالج انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ادارہ جس لگن کے ساتھ طالبات کی تعلیمی و فکری تربیت کر رہا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ ایسے پروگرامز نہ صرف طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ ان میں اعتماد اور شعور میں بھی اضافہ کرتے ہیں کالج کے پرنسپل پروفیسر مشتاق گچکی نے گولڈن ویک کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کے دوران مختلف علمی، ادبی، ہم نصابی اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جو طالبات کے لیے ایک یادگار اور مفید تجربہ ثابت ہوں گی انہوں نے مہمانِ خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئرمین کو ادارے کی جانب سے یادگاری کتاب بھی پیش کی

خبرنامہ نمبر8898/2025
نصیرآباد25نومبر2025:
کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت سی آر سی کا ایک تفصیلی اور اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز عبدالواسع کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر استا محمد شاہ بخش پندرانی، سعدیہ خان، صابر نواب سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امیدواران نے 65 اعتراضات اور شکایات کمیٹی کے سامنے پیش کیے، جن میں مرد و خواتین امیدوار بڑی تعداد میں شامل تھے۔ کمشنر نصیرآباد نے تمام اعتراضات اور کوائف کا بغور جائزہ لینے کی ہدایات دیتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز کو تاکید کی کہ وہ جن امیدواروں کی جانب سے اعتراضات سامنے آرہے ہیں خود تمام دستاویزات کی مکمل اور شفاف تصدیق یقینی بنائیں تاکہ کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی یا غلطی کا احتمال باقی نہ رہے۔ کمشنرنصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدواروں کی شکایات سن کر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ شفافیت کے ساتھ فیصلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی ثابت ہوتی ہے تو نہ صرف اس کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا بلکہ میرٹ کے مطابق حقدار امیدوار کو اس کا حق فوری طور پر دیا جائے گا۔جعلی ڈگری والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائےکمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ تمام کوائف کا تفصیلی جائزہ لے کر شکایات کو حقائق کی روشنی میں حل کیا جائے تاکہ بھرتی کے عمل پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو اور کوئی امیدوار اپنے حق سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام فیصلے میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 8899/2025 خضدار 25 نومبر2025: ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نور الحسن منیجر بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عابد حسین بلوچ منیر احمد ساسولی ڈویژنل ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایکسین این پی ایچ ای عبدالروف قمبرانی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر زہری محمد اکرم لہڑی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن فیمیل ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن وڈھ طارق احمد اور دیگر افسران ڈپٹی ڈیوز اور تمام کلسٹر ہیڈز نے شرکت کی اجلاس میں تمام کلسٹر ہیڈز نے کلسٹر کے بارے میں الگ الگ رپورٹ پیش کیں اور کلسٹربجٹ پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی اجلاس میں کلسٹر ہیڈز نے اپنے اسکولوں کی خالی اسامیوں،دیگر مسائل اور اسکولوں کی کارکردگی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، جو مسائل ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے تعلق رکھتے تھے ان کو ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور باقی مسائل کو ہائر اتھارٹیز کو لکھنے کے یقین دہانی کرائی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کہاکہ تعلیم کے افسران ڈیلی بنیادوں پر اسکولوں کی وزٹ کریں غیر حاضر اساتذہ کی نشاندہی کریں غیر حاضراساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے گی اور ان کی جواب طلبی کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک اہم شعبہ ہے اس پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا اور میرٹ پر فیصلے کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پورے ڈسٹرکٹ میں تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلے کوئی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔

خبرنامہ نمبر 8900/2025
خضدار: 25 نومبر 2025: شہر خضدار میں ماہوں سے جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بلنگ مسائل کے حل کے لیئے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر عزیز زہری کی قیادت اور ان کی رہائشگاہ آفس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار اور کیسکو حکام کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں بجلی کا نیا شیڈول طے کر لیا گیا، لوڈشیڈنگ کے دورانیئے نمایاں کمی اور بلنگ و میٹرز کے معاملات میں تعاون کا فیصلہ ہوا۔میٹنگ میں کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر طفیل بلوچ نے کیسکو حکام کو واضح ہدایات دیں کہ عوام اور شہر کے نمائندوں کے جائز مدعا کو ترجیح دی جائے، بجلی سے متعلق مسائل کا فوری اور مستقل حل ضروری ہے تاکہ عوام کو شکایت کا موقع ہی نہ ملے اس متعلق کیسکو مناسب رویہ اپنائے۔ اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار کے بازار اور رہائشی علاقوں میں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔ اس سلسلے میں کیسکو تعاون کرے اور عوام کے جذبات کا احترام کرے خیراوہ فیڈر جو حال ہی میں فنکشنل ہوا تھا، اسے بھی مکمل طور پر بحال کیا جائے۔ کیسکو کو چاہیئے کہ شہریوں کی بات سنے اور ان کے مسائل کو ترجیح دے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر احمد جتک جنرل سیکریٹری عبدالقدیر زہری نے میٹنگ میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو کا رویہ شہریوں اور دکانداروں کے جذبات کو بھڑکا رہا ہے۔ پہلے باہمی مشاورت سے جو شیڈول طے ہوا تھا، اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ اب یہ طے پائے کہ نیا شیڈول سختی سے نافذ ہوگا اور عوام کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا انہوں نے بجلی کی غیر منصفی پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور کیسکو سے فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔حافظ حمید اللہ مینگل، میر اشرف علی مینگل، ایڈووکیٹ غلام نبی سفرخان مینگل، قاری نذیر احمد، شاکر عبداللہ شاہوانی سمیت دیگر اراکین نے بھی اجلاس میں تجاویز دیئے
کیسکو کی جانب سے عبدالرؤف سومرو، شکر اللہ اور دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ خضدار شہر کے لیئے بجلی کا نیا، باہمی رضامندی سے طے شدہ شیڈول فوری نافذ ہوگا،لوڈشیڈنگ کے اوقات میں واضح کمی کی جائے گی۔ بلنگ اور نئے میٹرز لگانے کے عمل میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کیسکو کے ساتھ تعاون کرے گی
شرکاء کے دستخط شدہ منٹس کیسکو ہیڈ آفس کو بھجوائے جائیں گے اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار نے میریونس عزیز زہری اور کمشنر قلات ڈویژن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی دلچسپی اور فکر مندی سے ہی بجلی لوڈشیڈنگ کے مسائل حل کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

خبرنامہ نمبر8901/2025
کوئٹہ: محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی چیلنجوں (Sustainable Development & Climate Resilience) سے متعلق ہونے والی میگا کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری زراعت نور احمد پرکانی، سیکریٹری ماحولیات علی اکبر بلوچ، سیکریٹری توانائی داؤد خان بازئی، سیکرٹری منصوبہ بندی آصف فرخ، سیکرٹری ایمپلیمنٹیشن ذیشان جاوید، چیف فارن ایڈ پی اینڈ ڈی محترمہ بتول اسدی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کانفرنس کے مجوزہ ایجنڈے، انتظامات اور مختلف سیشنز کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ کانفرنس کا افتتاحی اجلاس 8 دسمبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور ترقیاتی شراکت دار (Development Partners) شرکت کریں گے۔مزید بتایا گیا کہ کانفرنس کے دوران مختلف سیشنز اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں بلوچستان میں کلائمنٹ ریزلینس اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات، کلائمٹ فنانس، کاربن کریڈٹس اور سرمایہ کاری کے مواقع،جدت، ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کے ذریعے موسمیاتی موافقت، پائیدار ترقی کے لیے صوبائی محکموں کے کردار اور شراکت داری کے نئے راستے تلاش کرنے جیسے اہم موضوعات پر جامع گفتگو ہوگی۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری زاہد سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم اورمیگا کانفرنس ہے جس کا بنیادی مقصد بلوچستان کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مضبوط، سائنسی اور دیرپا حکمتِ عملی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں عالمی اداروں کے سربراہان، ماہرین اور بین الاقوامی ڈونرز کی شرکت سے بلوچستان کے لیے نئی سرمایہ کاری، تکنیکی معاونت اور پالیسی سپورٹ کے مواقع پیدا ہوں گے۔آخر میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کانفرنس کے انعقاد کے لیے انتظامات کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کریں تاکہ بلوچستان اس اہم ایونٹ کی بہتر طور پر میزبانی کر سکے۔

خبر امہ نمبر8902/2025
کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی کے زیر صدارت محکمہ خزانہ کے افیسران کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسپیشل سکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ اور فنانس کے ٹیکنیکل کے نمائندے بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ کو نیشنل فنانس کمیشن این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ اور مشاورت کا بنیادی مقصد این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے بلوچستان کے عوامی مفادات کا تحفظ، صوبے کے معاشی حقوق کی مکمل نمائندگی اور آئینی حصہ دلانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنی ہے صو بائی وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کے معاشی و معاشرتی حقوق دلانا ہماری اولین ترجیح ہیں۔ ہم این ایف سی کے تحت صوبے کے حقدارانہ حصے کے تعین کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ وفاق سے صوبے کے لیے منصفانہ حقوق یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہیں گے انہوں نے مزید کہا کہ “صوبائی محکمہ خزانہ نے این ایف سی ایوارڈ کے لیے ایک جامع اور تحقیقی حکمت عملی تیار کی ہے جس میں بلوچستان کی آبادی، پسماندگی، رقبہ اور دیگر اہم عوامل کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ہم وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔” نیشنل فنانس کمیشن کے تحت صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے اصولوں کا تعین کرتی ہے اور بلوچستان اس میں منصفانہ حصہ کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

خبرنامہ نمبر8903/2025
کوئٹہ 25 نومبر 2025:
صوبائی محتسب سیکریٹیرئیٹ۔نواں کلی کوئٹہ کے رہائشی عجب خان سے سریاب کے علاقے میں فراڈ کے ذریعے خطیر رقم ہتھیا لی گئی تھی، تاہم متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر اور عدم تعاون کا سامنا تھا۔ معاملہ سنگین نوعیت اختیار کرنے پر عجب خان نے صوبائی محتسب بلوچستان سے رجوع کیا۔صوبائی محتسب کی ہدایت پر ڈائریکٹر صوبائی محتسب عبدالمنان اچکزئی نے فوری طور پر ایس ایچ او تھانہ سریاب کو قانونی کارروائی کے لئے احکامات جاری کئے، جس کے نتیجے میں متاثرہ شہری کی ایف آئی آر بروقت درج کی گئی اور معاملہ مزید پراسس کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔عجب خان نے بروقت داد رسی اور انصاف کی فراہمی پر صوبائی محتسب بلوچستان کے دفتر کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر8904/2025
گوادر: ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے ضلع کے دوردراز علاقوں میں واقع بنیادی مراکز صحت (BHUs) کا مانیٹرنگ وزٹ کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے بی ایچ یو گبد، بی ایچ یو موجو اور بی ایچ یو کلاتو کا دورہ کیا۔
وزٹ کے دوران ڈاکٹر مرشد دشتی نے اسٹاف کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی سائیٹ، ویکسینیشن ریکارڈز اور دیگر متعلقہ دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر مرشد دشتی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی خدمات کی فراہمی پی پی ایچ آئی کی اولین ترجیح ہے، اور مانیٹرنگ وزٹس کا مقصد ان مراکز میں طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو بہتر صحت خدمات یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے اسٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک، وقت کی پابندی، اور ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ای پی آئی سروسز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

خبرنامہ نمبر8905/2025
گوادر: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) زراتون بی بی نے ضلع گوادر کے مختلف گرلز اسکولوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی ماحول، نظم و ضبط، ریکارڈ اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول زربار میں انہیں تعلیمی فضا اطمینان بخش ملی۔ اسکول پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم، صاف ستھرا اور بہتر ترتیب کے ساتھ کام کرتا نظر آیا۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پاک چائنا کا دورہ کیا، جہاں اساتذہ کے ساتھ ایک مفصل میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں اسکول کی بہتری، تدریسی معیار، امپرومنٹ پلان اور انتظامی نکات پر بات چیت کی گئی۔ نان ٹیچنگ اسٹاف سے ملاقات میں ان کے مسائل اور ضروریات پر بھی گفتگو کی گئی۔گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بخش بازار کے دورے کے دوران یہ اسکول ضلع گوادر کے سب سے منظم اور سسٹمیٹک اداروں میں سے ایک پایا گیا۔ اساتذہ اور طلبہ کا ریکارڈ نہایت اعلیٰ سطح پر مرتب تھا۔ اسی اسکول کی ایک طالبہ نے پورے بلوچستان میں اینٹی کرپشن پروگرام میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس طالبہ کے سفری اخراجات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم تاحال مطلوبہ رقم فراہم نہیں کی گئی۔ اسکول کے اساتذہ کی محنت، ذمہ داری اور پرنسپل کے ساتھ تعاون قابلِ تعریف قرار دیا گیا، جبکہ نظم و ضبط بھی مثالی پایا گیا۔ ذرتون بی بی نے پرسنل فائل کی تیاری، اسٹاف اسٹیٹمنٹ کی درستگی اور طلبہ کی روزانہ ڈائری کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے اسکول کی خستہ حال عمارت کی فوری مرمت کی ضرورت پر زور دیا۔
گورنمنٹ گرلز پرائمری/پرمارگ اسکول ملہ بند کے دورے کے موقع پر اسکول میں تعمیراتی کام جاری تھا اور صرف اساتذہ موجود تھے، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں محدود پائی گئیں۔

خبرنامہ نمبر8906/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت ڈینگی وائرس سے بچاؤ، اس کی روک تھام، احتیاطی تدابیر، ایس او پیز پر عمل درآمد اور وائرس کے خاتمے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈپٹی ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر پرویز بلوچ، ڈسٹرکٹ نیشنل پروگرام کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالواحد بلوچ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر مکتوم موسیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عیسیٰ بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجینیئر ساجد سخی، محکمہ ماحولیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر طارق بلوچ، اور ایگریکلچر، جی ڈی اے اسپتال، این آر ایس پی، پی ڈی ایم اے سمیت مختلف متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے ڈینگی وائرس کے ممکنہ آؤٹ بریک، فوکل پوائنٹس، عوامی آگاہی مہم، اور ہنگامی اقدامات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے فوری طور پر آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے اور میڈیا کے ذریعے اس بیماری کی معلومات عام کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں پانی جمع ہوتا ہو، تاکہ وہاں بروقت اسپرے کرکے ڈینگی کے ممکنہ بریڈنگ سائٹس کو ختم کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوری سے نومبر 2024 تک ضلع میں 293 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ گزشتہ سال نومبر 2023 سے جنوری 2024 تک 1232 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو اس سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے ایل ای می اور ماڑا کے علاقوں میں اسپرے اور فوگنگ کی ہے، اور اس وقت ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز گوادر شہر میں سامنے آرہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت، این آر ایس پی، سوشل ویلفیئر، نیشنل پروگرام کی لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر متعلقہ محکمے اپنے اپنے دائرہ کار میں فعال کردار ادا کریں۔ ساتھ ہی محکمہ ماحولیات کو مکمل سرویلنس یقینی بنانے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرنے اور قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے اجلاس میں اپنی حالیہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ فوگنگ اسپرے آج ہی سے ایمرجنسی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ اسکولوں میں اقدامات کی نگرانی کریں اور متعلقہ ویڈیو رپورٹس میڈیا سے شیئر کریں۔

خبرنامہ نمبر8907/2025
کوئٹہ25 نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اگر ہم صوبے میں اپنی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو پنجاب اور سندھ کی یونیورسٹیوں کے برابر لانے کیلئے تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہے ہیں تو پھر ہم صوبے کی ہر یونیورسٹی سے اعلیٰ رینکینگ اینڈ سکورنگ کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے ہم نے تمام متعلقہ وائس چانسلرز کو پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ معیار قائم کرنے، تدریسی طریقہ کار میں جدت لانے، تحقیقی پیداوار کو بہتر بنانے اور مجموعی کارکردگی کو مزید بڑھانے کیلئے جوابدہ ٹھہرائیں ہیں۔ قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ ان کی ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے تاہم بعض شعبوں میں مزید کاوشوں کی اشد ضرورت ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کے دوسرے سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس اقبال کاسی، صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن صالح بلوچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، وائس قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر ظہور بازئی، پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر سعادت بلوچ اور رجسٹرار آفتاب اسلم سمیت سینیٹ کے تمام ممبران شریک تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نے تمام سرکاری یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں واضح برتری اچکی ہے اور بھرپور جدوجہد اور مناسب توجہ سے ان کے تعلیمی، تدریسی، انتظامی اور مالی معاملات میں نئی ​​سمتیں متعین ہوئیں. یونیورسٹی کے تمام اساتذہ دراصل ملک اور صوبے کے اثاثے ہیں لہٰذا ان کے پروموشنز کا خصوصی خیال رکھیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ مکران اور تربت کے طلباء اور طالبات تعلیم حاصل کرنے کا زیادہ ذوق اور شوق رکھتے ہیں. آپ کی ذمہ داری ہے کہ ان نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید مہارت سکھا دیں اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں تاکہ ہم ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ گوڈ گورننس کے حوالے سے بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سینیٹ اور سنڈیکیٹ کے اجلاسوں کے مقررہ وقت پر انعقاد ہماری بڑی کامیابی ہے۔ یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کے دوسرے سینیٹ اجلاس میں شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں.

خبرنامہ نمبر8908/2025
کوئٹہ 25نومبر2025:
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیر صدارت خسرہ/روبیلا کمپین کے سات روزہ کوریج کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروونشل کوآرڈینیٹر انعام اللہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او، نیشنل ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر، نیشنل ای او سی اور پروونشل ای او سی ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران 17 نومبر سے جاری خسرہ/روبیلا کمپین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کوئٹہ کی تمام یونین کونسلز کی کوریج رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ این اے اسٹل، این اے ریفیوزل، اسٹل ریفیوزلز اور اسکولوں کی صورتحال پر بھی تفصیلی رپورٹ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے بعض یونین کونسلز کی کمزور کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا اور واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمپین میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ اس مہم کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر فیلڈ ٹیموں کے ساتھ کھڑی ہے، تمام افسران اور ٹیمیں 100% کوریج کے ہدف کو ہر صورت یقینی بنائیں۔جہاں کارکردگی بہتر نہیں وہاں فوری ایکشن لیا جائے گا اور مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مکمل کوریج کے لیے جامع پلان بھی مرتب کیا جس کے تحت ضلعی انتظامیہ تمام ٹیموں کو معاونت فراہم کرے گی جبکہ فیلڈ سطح پر روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا نظام مزید مضبوط بنایا جائے گا۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ والدین اپنے بچوں کی فوری ویکسی نیشن یقینی بنائیں تاکہ انہیں خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8909/2025
چمن 25 نومبر 2025:
ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ڈی ای او چمن عبدالقدوس اچکزئی ڈپٹی ڈی ای او چمن میل اینڈ فیمیل اور تمام اسکولوں کے سربراہان اور دیگر مطلقہ افیسران نے شرکت کی اجلاس میں ڈی ای او چمن ڈپٹی ڈی ای او چمن میل اینڈ فیمیل اور تمام سکولوں کے ہیڈ ماسٹروں اور ہیڈ مسٹریس نے ڈی سی چمن کو ضلع چمن کی تعلیمی سرگرمیوں اور اسکولوں کی تدریسی اور نصابی سرگرمیوں اساتذہ کی حاضریوں اور تمام سکولوں کو درپیش ضروریات کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ تمام اساتذہ سکولوں میں اپنی حاضریوں کو یقینی بنائیں اور وقت کی پابندی کریں انہوں نے کہا کہ جو اساتذہ غیر حاضر ہیں ان کی تنخواہیں کاٹ دی جائیں اور انہیں شوکاز نوٹسز دیئےجائیں سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضریاں کسی صورت قابل برداشت اور قابل قبول نہیں اور اس حوالے سے ہم کسی قسم کی مصلحت پسندی کا شکار نہیں ہوں گے

خبرنامہ نمبر8910/2025
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پیکیج کے تحت ترقیاتی منصوبے لوگوں کی معیار زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ منصوبے بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، اور معاشرتی خدمات فراہم کرکے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو آسان اور خوشحال بناتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پیکیج کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پیکیج کے تحت جاری ترجیحی منصوبوں کی پیشرفت اور گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں لوگوں کی معیار زندگی میں مزید بہتر آئیگی کیونکہ یہ منصوبے بنیادی سہولیات، روزگار کے مواقع، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں ترقی کا باعث بنتے ہیں۔ اس سے غربت کی کمی، معیشت استحکام، اور سماجی ترقی ہوتی ہے جس کا مثبت اثر براہ راست عوام کی روزمرہ زندگی پر پڑتا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں سے کوئٹہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے، یہ منصوبے سرسبز و شاداب ماحول، جدید انفراسٹرکچر، اور بہتر معیارات زندگی فراہم کرتے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پیکیج کے تحت 12 ترقیاتی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 6 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

خبرنامہ نمبر8911/2025
کوئٹہ، 25 نومبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو یہاں نسٹ یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس کے ڈین ڈاکٹر مغیز اسلم اور جامعہ کے طلباء پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی وفد نے تعلیمی سرگرمیوں، تحقیق اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تیاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مضبوط ترین اثاثہ ہیں اور مستقبل کی قیادت انہی کے ہاتھوں میں ہے انہوں نے کہا کہ آج کا زمانہ مقابلے کا دور ہے، جہاں کامیابی صرف اسی کی ہے جو علم، کردار، نظم و ضبط اور وژن کے ساتھ آگے بڑھتا ہے انہوں نے طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم، ٹیکنالوجی، انوویشن اور تحقیق میں خود کو منوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان دونوں آپ جیسے محنتی اور باصلاحیت نوجوانوں کے منتظر ہیں وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر طلباء کو وطن دوستی، اجتماعی سوچ اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر نو اور ترقی میں نوجوانوں کا کردار فیصلہ کن ہے انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اگر مضبوط کردار اور مضبوط تعلیم کے ساتھ آگے بڑھے گا تو پاکستان ہر میدان میں ترقی اور استحکام کی نئی مثال قائم کرے گا

خبرنامہ نمبر8912/2025
کوئٹہ۔ کراچی میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل ملک کے مختلف شہروں کا سفر کرنے کے بعد کوئٹہ پہنچ گئی، کوئٹہ کی بیوٹمز یونيورسٹی میں محکمہ کھیل حکومت بلوچستان اور بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مشعل ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت سیکرٹری کھیل بلوچستان دُرا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کی، ریلی میں بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ اور جنرل سیکرٹری شیر محمد ترین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹویٹیز محمد آصف لانگو، فوکل پرسن گیمز محیب الرحمن، محمد احسن اچکزئی، ناصر پانیزئی، صنوبر خان، حفیظ اللہ، مختلف گیمز کی ایسوسی ایشنز کے نمائندے، کوچز اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مشعل ریلی کا آغاز بیوٹمز یونيورسٹی کے داخلی گیٹ سے ہوا جو کہ یونیورسٹی کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی مارخور آڈیٹوریم کے قریب اختتام پذیر ہوئی اس موقع پر سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر بازئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز کیلئے بلوچستان دستے کی تیاری جاری ہے 450 رکنی کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستہ بھرپور تیاری کیساتھ کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز میں شرکت کرئے گا، بلوچستان کے کھلاڑیوں کی تربیتی کیمپس میں کوچز کے زیرنگرانی ٹریننگ جاری ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑی قومی سطح پر اچھا کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس بار بلوچستان سے کھلاڑی نیشنل گیمز میں زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتنے کی کوشش کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ مارشل آرٹس کی گیمز، فینسنگ، باکسنگ سمیت پانچ سے چھ گیمز ایسی ہیں جن میں توقع ہے کہ زیادہ میڈلز یقینی آئیں گے اس موقع پر بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ نے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز کی مشعل کا سفر کراچی میں مزار قائد سے شروع ہوا جو ملک کے مختلف شہروں کا سفر کرنے کے بعد اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچی اس کے بعد اب یہ مشعل لاہور جائے گی، 35ویں نیشنل گیمز 6 سے 13 دسمبر تک کراچی میں منعقد ہونگے۔

خبرنامہ نمبر8913/2025
قلات:ضلع قلات میں مڈل اسٹینڈر امتحانات2025 کا انعقادشفاف اندازمیں جاری ہے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسیر فیمیل فرزانہ احمد زئی نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول قلات سینٹر کا دورہ۔ کیا مراکز کے لیے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول قلات کے دورے کے دوران مڈل اسٹینڈرڈ کے امتحانی مرکز میں 198 امیدوار موجود تھےامتحانی ہال کا مجموعی ماحول نظم و ضبط پر مبنی اور امتحان کے پرامن انعقاد کے لیے سازگارہونے پر امتحانی عملے کو واضح ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں، مناسب نگرانی کو یقینی بنائیں اور نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں

خبرنامہ نمبر8914/2025
قلات: ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی سے سیاسی قبائلی رہنماء ارباب میراحمددہوار سردار عبدالفتاح عالیزئی سردار زادہ میرمنیراحمد نیچاری میر دھنی بخش لہڑی کامریڈ عبدالسلام لانگو اقلیتی برادری کے رہنماء سرجیت کمار نانک چند اور دیگر عماہدین شہر نے ملاقات کی ملاقات میں علاقے کو درپیش مسائل اور انکے حل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر قلات منیراحمددرانی نے کہاکہ علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیئے ضلعی انتظامیہ قلات تمام تروسائل بروے کار لارہاہے اس سلسلے میں علاقہ معززین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ڈی سی قلات نے کہا کہ لائن ڈیپارٹمنٹ افسران کو واضح ہدایات دی گئ ہیں کہ عوامی خدمت کو شعاربنائیں

خبرنامہ نمبر8915/2025
چمن25 نومبر 2025:
اسسٹنٹ کمشنر( سٹی ) چمن عزیز اللہ کاکڑ نے اچانک شہر میں قصائیوں ہوٹلوں مشروبات اور نانبائیوں کی دکانوں میں صفائی ستھرائی قیمتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قصائیوں نانبائیوں ہوٹل مالکان بیکریوں اور مشروبات کی دکانداروں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کو صاف ستھرا معیاری اور سرکاری نرخ نامے پر گوشت روٹی سالن مشروبات اور دیگر اشیاء خوردونوش فراہم کریں۔ اور سیفٹی پریکاشنز اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ من مانی کرنے والے مضر صحت اور زائد المیعاد اشیاء خوردونوش بیچنے والے دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا عوام کو صاف شفاف معیاری اور مناسب قیمتوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہداری ہے جس پر ہم کسی قسم کی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہیں کریں گے

خبرنامہ نمبر8916/2025
چمن 25 نومبر 2025:
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر نوید بادینی اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے بھی شِرکت کی اجلاس میں ڈی سی چمن کو ضلع چمن کے تمام بی ایچ یوز رورل ہیلتھ سنٹرز ہسپتالوں انفراسٹرکچر ڈاکٹروں سٹاف کی حاضریوں اور محکمہ صحت چمن کے مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اجلاس میں ضلع چمن میں ہیلتھ سہولیات اور ہیلتھ ملازمین کی پرفارمینس حاضریوں اور ویکسینیشن اور ہیلتھ سروسز کو بہتر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ ڈاکٹرز اور ہسپتال کے تمام سٹاف اپنے حاضریوں کو یقینی بنائیں بصورت دیگر غیر حاضر سٹاف کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی

خبرنامہ نمبر8917/2025
کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا 450 رکنی دستہ نیشنل گیمز کے لیے بھرپور تیاری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اس بار صوبے کے کھلاڑی زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کی نگرانی میں تربیتی کیمپس جاری ہیں اور مارشل آرٹس، فینسنگ، باکسنگ سمیت پانچ سے چھ گیمز میں صوبے کے کھلاڑیوں سے شاندار کارکردگی کی توقع ہےکراچی میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل ملک کے مختلف شہروں کا سفر مکمل کرنے کے بعد کوئٹہ پہنچ گئی۔ بیوٹمز یونیورسٹی میں محکمہ کھیل حکومت بلوچستان اور بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مشعل ریلی کا انعقاد کیا گیاریلی کی قیادت سیکرٹری کھیل بلوچستان دُرا بلوچ اور ڈی جی کھیل ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کی۔ اس موقع پر بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ، جنرل سیکرٹری شیر محمد ترین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹویٹیز محمد آصف لانگو، فوکل پرسن گیمز محیب الرحمن، محمد احسن اچکزئی، ناصر پانیزئی، صنوبر خان، حفیظ اللہ، مختلف گیمز ایسوسی ایشنز کے نمائندے، کوچز اور کھلاڑی بڑی تعداد میں موجود تھے مشعل ریلی بیوٹمز یونیورسٹی کے مرکزی دروازے سے شروع ہوئی، مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی مارخور آڈیٹوریم کے قریب اختتام پذیر ہوئی بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ نے کہا کہ مشعل کا سفر مزارِ قائد کراچی سے شروع ہوا، مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی اسلام آباد اور پھر کوئٹہ پہنچی، جس کے بعد یہ لاہور روانہ ہو گی۔ 35ویں نیشنل گیمز 6 سے 13 دسمبر تک کراچی میں منعقد ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر8919/2025
کوئٹہ، 25 نومبر2025:
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے قیمتوں میں بے قاعدگی، پولیتھین بیگز کے استعمال، مٹن و بیف شاپس کی اور زیادہ رش والے علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 95 دکانوں اور مارکیٹوں کا معائنہ کیا گیا، 21 افراد گرفتار، 13 کو موقع پر جیل بھیجا گیا، 8 منی پٹرول پمپس اور 10 مٹن و بیف شاپس سیل کی گئیں جبکہ 50 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط کرکے مجموعی طور پر 13 دکانداروں پر جرمانے عائد کردیے۔کارروائیاں سب ڈویژن سریاب میں اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ، سب ڈویژن سٹی میں اسپیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر عمران زیب اور سب ڈویژن صدر میں اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار کی نگرانی میں کی گئیں،
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی، گوشت کے قیمتوں کو کنٹرول اور تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے آئندہ بھی بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

خبر امہ نمبر8918/2025
کوئٹہ ، نومبر 2025۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحہے۔ اس مقصد کے تحت صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور منتظم کار روائیاں تیز کر دی گئی ہیں اس سلسلے میں صوبے کی تمام رینجز میں بلوچستان پولیس نے گزشتہ ہفتے دوران کارروائی شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر مختلف اضلاع میں نار گنڈ آپریشنز کیے گئے جن میں مطلوب اور مفرور ملزمان ، اشتہاریوں، بائیک چور ، اسنیچرز ، منشیات فروشوں اور اسلحہ وایمونیشن ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔ متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔کارروائیوں کے دوران مختلف مقدمات میں نامزد افراد سمیت قتل اور اندھے قتل کے واقعات میں ملوث اہم ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والے اسلحہ و دیگر ممنوعہ سامان کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس عوام کو پر امن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یہ سلسلہ جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا

خبرنامہ نمبر 8919/2025
گوادر: گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (جی آئی ٹی) میں خواتین کے خلاف صنفی بنیاد پر تشدد اور ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری رہنے والی 16 روزہ عالمی مہم کے سلسلے میں ایک شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیت ثنا درانی، آنیتا جلیل، جی آئی ٹی کے حماد اور ویمن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او میسرا بلوچ نے شرکت کی اور خواتین کے حقوق، صنفی برابری اور معاشرے میں خواتین کو درپیش مختلف اقسام کے تشدد پر تفصیلی خطاب کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ صنفی و ڈیجیٹل تشدد آج کے دور کا ایک سنگین مسئلہ ہے، جو نہ صرف خواتین کی خوشحالی بلکہ معاشرتی ترقی کے راستے میں بھی رکاوٹ بنتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کے خلاف ہر طرح کے تشدد کے خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔مقررین نے خواتین کے قانونی حقوق، ان کے معاشرتی اسٹیٹس، اور عدالتی و قانونی معاونت کے حوالے سے شرکاء میں شعور و آگاہی پیدا کی۔ تقریب میں خصوصی طور پر سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد اور ہراسانی پر روشنی ڈالی گئی اور اس کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ایک پرامن، ترقی یافتہ اور محفوظ معاشرہ قائم نہیں کیا جا سکتا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video