News

25-12-2024

خبرنامہ نمبر 8007/2024
لسبیلہ 25دسمبر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز اوتھل کے زیر اہتمام یوتھ اسپورٹس گالا کی سلسلے میں پبلک اسکول اوتھل میں طالبات کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر اوتھل نجیب الرحمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ٹورنامنٹ میں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول خاص خیلی جماعت، پبلک اسکول اوتھل، الدرویش پبلک اسکول اوتھل، شاہین پبلک اسکول اوتھل کی طالبات نے حصہ لیا، جو کھیلوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور شمولیت کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نجیب الرحمن نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد نہ صرف جسمانی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ یہ خود اعتمادی اور ٹیم ورک کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، افتتاحی میچ میں طالبات نے شاندار کھیل پیش کیا اور تماشائیوں نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، افتتاحی میچ پبلک اسکول اوتھل اور شاہین پبلک اسکول اوتھل کے مابین کھیلا گیا جس میں پبلک اسکول اوتھل نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا شاہین پبلک اسکول اوتھل کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 31 رنز بنا سکی جبکہ پبلک اسکول اوتھل نے دوسرے اوور میں اپنا ہدف حاصل کرلیا پبلک اسکول کی طالبہ عطیہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا عطیہ کے شاندار کھیل پر اسسٹنٹ کمشنر اوتھل نجیب الرحمن اور محکمہ تعلیم کے فوکل پرسن محمد اطہر قریشی نے انہیں نقد انعامات دیئے اسپورٹس گالا کے دیگر کھیلوں میں بھی طالبات بھرپور شرکت کررہی ہیں جس میں فٹبال، بیڈمنٹن اور دیگر مقابلے شامل ہیں، اس موقع پر پبلک اسکول اوتھل کی پرنسپل زاہدہ پروین، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن یوتھ اسپورٹس گالا کے فوکل پرسن عبدالواحد سومرو، GTA لسبیلہ کے جنرل سیکرٹری قاضی احسان الحق بلوچ، امام بخش سیماب، حماد ملغانی، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول اوتھل کے استاد وقار احمد اور دیگر موجود تھے واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پاکستان کوسٹ گارڈز کی اس کوشش کو عوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے اور اسے خواتین کی کھیلوں میں شمولیت کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے یہ ٹورنامنٹ نہ صرف طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گا بلکہ علاقے میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔