News

21-9-2024(f-1)

خبرنامہ نمبر 5570/2024
کوئٹہ۔ 21 ستمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ امن سے انسانیت کی بقاء اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے تاہم آج دنیا بھر میں قیام امن سب سے بڑا چیلنج ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان عالمی سازشوں کے نرغے میں ہے۔ ہمیں اندرونی معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن کو سبوتاژ کرنے میں سوشل میڈیا کے منفی کردار سے آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں اور نہ ہی بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ باہر بیٹھے ہینڈلرز سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو ریاست سے دور کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاست میں نفرت کے بیج بو کر دوریاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں حالات کی نزاکت کا ادارک کرنا ہوگا۔ ہم اپنے نوجوانوں کو حصول علم اور ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلیے آکسفورڈ یونیورسٹی سمیت دنیا بھر میں بھیج رہے ہیں تو دوسری جانب امن دشمن عناصر انہیں مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل کر وطن عزیز میں امن کو سبوتاژ کرنے پر مائل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام اور ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پائیدار قیام امن کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی یوم امن پر پاکستان اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 5571/2024
کوئٹہ 21ستمبر۔ سیکرٹری صحت بلوچستان محمد صالح بلوچ نے گزشتہ روز عالمی ادارہ یونیسیف کی تعاون سے سنڈیمن صوبائی ہسپتال میں سینٹر آف ایکسیلنس ( بچوں کی بہتر نشوونما سینٹر) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ھیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین مندوخیل، یونیسیف کے چیف ڈاکٹر مریم درویش، یونیسیف نیوٹریشن چیف انتونے گراما، ایم ایس سنڈیمن صوبائی ھسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیزئی، ڈائریکٹر نیوٹریشن پروگرام بلوچستان ڈاکٹر نعیم اللہ زرکون، ڈپٹی ڈائریکٹر بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹریٹ ڈاکٹر اویس ترین، یونیسیف ای سی ڈی مینجر ڈاکٹر صباح شجاع، یونیسیف کی ڈاکٹر یاسمین، یونیسیف سے ڈاکٹر ھمایوں امیری، یونیسف ھیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر عامر اکرم اور یونیسف نیوٹریشن ایکسپرٹ سید طاہر آغا اسٹاف آفیسر ٹو سیکرٹری ہیلتھ شبیر احمد شاہوانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں تمام شرکاء کو سینٹر آف ایکسیلنس کے تمام شعبوں کا دورہ کرایا گیا جسمیں ایک چھت کے نیچے بچوں کے لئے آئی ایم سی آئی، بچوں کی ابتدائی نشوونما، بچوں کے لیے غذائی پروگرام، پیدائش کا اندراج، اور بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاو کے ٹیکہ جات کا پروگرام ہمہ وقت دستیاب ہونگے۔ سیکرٹری صحت بلوچستان و دیگر شرکاء نے یونیسیف کی اس کاوش کو سراہا اور پروگرام کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان صالح محمد بلوچ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے اور افریقہ کے بعد پاکستان خصوصا بلوچستان میں سب سے بچے زیادہ غذائی قلت کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ غذائی قلت کا شکار بچے زیادہ مفلوج ہو جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نیوٹریشن پر توجہ دیتے ہیں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکیں انہوں نے کہا کہ یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں کی تعاون سے بلوچستان میں بچوں کی غذائی قلت پر قابو پانے کے لیئے تمام تر اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ ہمارے مستقبل کے معمار بچے صحت مند معاشرہ کی تشکیل پا سکیں۔

خبرنامہ نمبر 5572/2024
گوادر (20 ستمبر: ڈی آئی جی پولیس مکران رینج ڈاکٹر فرحان زاہد کی قیادت میں ضلع پنجگور میں پولیس کی خالی آسامیوں کے لیے تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل مکمل کیا گیا۔ یہ انٹرویوز ریکروٹمنٹ کمیٹی مکران رینج کے چیئرمین، ڈی آئی جی آفس گوادر میں کمیٹی ممبران کی موجودگی میں منعقد ہوئے۔اس موقع پر ڈی آئی جی مکران رینج ڈاکٹر فرحان زاہد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ امتحانات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پولیس فورس میں صرف اہل اور قابل امیدواروں کا انتخاب ہوگا اور کسی قسم کی سفارش یا اقربا پروری کی گنجائش نہیں ہوگی۔”انہوں نے مزید کہا کہ مکران رینج کی پولیس فورس کو مضبوط اور پروفیشنل بنانے کے لیے ہم میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور امیدواروں کے انتخاب میں مکمل شفافیت کو یقینی بنائیں گے تاکہ علاقائی امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا جا سکے۔پنجگور میں پولیس فورس میں بھرتی کا یہ عمل عوام کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 5573/2024
ژوب۔ 21 ستمبر:ڈپٹی کمشنر ژوب محبوب احمد نے خروٹ آباد ژوب میں واقع ہیومن ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (HDF) سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ای او ژوب بھی موجود تھے۔‏HDF پاکستان کے 69 اضلاع اور پاکستان میں 7000 دیہاتوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ بلوچستان میں صرف ضلع ژوب میں یہ سروس فراہم کی گئی ہے جہاں اس نے اپنی خدمات 2001 میں شروع کی تھیں۔ اسکول میں تقریباً 160 طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ژوب اور ڈی ای او ژوب نے عملے کے ساتھ ان کے مسائل اور تدریسی طریقہ کار کے حوالے سے بات چیت کی۔ سکول میں کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے عملہ کے ارکان میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 5574/2024
اسلام آباد21 ستمبر:بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 36 ویں سالگرہ کی سادہ مگر پروقار تقریب میں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء میر علی مدد جتک اور دیگر پارٹی رہنماء بھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا روشن سیاسی مستقبل ہیں الحمدللہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے جہاں بلاول بھٹو زرداری جیسے باصلاحیت نوجوان سیاست دان مستقبل کی بہتر رہنمائی کے لئے موجود ہیں بلاول بھٹو زرداری کو جوانی میں ہی ملک کے مقبول قومی سیاست دان ہونے کا اعزاز حاصل ہے، وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو اپنے نوجوان چئیرمین کی قیادت پر فخر ہے بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں بلوچستان حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے اور تعلیم و صحت سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے اقدامات پر عمل پیرا ہیں

خبرنامہ نمبر 5575/2024
گوادر: چیئرمین گوادر پورٹ، پسند خان بلیدی نے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی گوادر، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے آبائی علاقے یونین کونسل سربندن کو خصوصی توجہ کا مرکز بنایا۔ اس سلسلے میں چیئرمین پسند خان بلیدی نے یونین کونسل سربندن کے چیئرمین نصیب نوشیروانی کو ایک لوڈر رکشے کی چابیاں حوالے کیں، جس کا مقصد یونین کونسل سربندن میں وسٹیج اور شہری گندگی کی نقل و حمل کی سہولت کو بہتر بنانا ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اقدام کو علاقے کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔یہ منفرد اقدام نہ صرف علاقے کے لوگوں کی روزمرہ زندگیوں میں آسانی پیدا کرے گا بلکہ یونین کونسل سربندن کی پسماندہ آبادی کے صفائی ستھرائی کے نظام میں ایک خوش آئند تبدیلی کا باعث بنے گا۔ عوامی حلقے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کے فلاحی منصوبوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کی جانب سے سی ایس آر (کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی) پروگرام کے تحت دی جانے والی یہ سہولت عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کی ایک شاندار مثال ہے، جو علاقے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔یہ اقدام نہ صرف گوادر پورٹ کی سماجی ذمے داری کے عزم کا اظہار ہے بلکہ مقامی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے کی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ عوامی شکایات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے اس فیصلے سے نہ صرف عوام کو سہولت فراہم ہوگی بلکہ علاقے کی مجموعی صفائی اور ترقی کے لیے بھی یہ قدم ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 5576/2024
گوادر: ڈی آئی جی مکران رینج پولیس ڈاکٹر فرحان زاہد کی ہدایت پر ایس ایس پی گوادر نجیب پندرانی نے نیچرل لائف ریہیبلیٹیشن ڈرگ سینٹر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منشیات جیسے ناسور لعنت میں مبتلا افراد سے ملاقات کی اور ان کی حالتِ زار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ایس پی گوادر نے اس بات پر زور دیا کہ ان متاثرہ افراد کے علاج اور بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انہیں دوبارہ ایک فعال معاشرتی زندگی میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی بحالی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔مزید برآں، تربت پولیس نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں مختلف مقامات پر سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی شامل ہیں۔ دورانِ چیکنگ، گاڑیوں کے کالے شیشے اتارے گئے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ قانون نافذ کرنے کے عمل کو مضبوط بنایا جا سکے۔اسی طرح، پنجگور پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کی شناخت رحمت ولد ابراہیم اور ذاکر ولد رحمت کے ناموں سے ہوئی ہے، جو شاپاتان پنجگور کے رہائشی ہیں۔ ان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ فرد نمبر 129/2024 زیر دفعہ A34/324-337 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس کی یہ کارروائی عوامی شکایات کے ازالے اور جرائم کی روک تھام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

خبرنامہ نمبر 5577/2024
گوادر: جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال نے گوادر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کامیاب سی ٹی اسکین مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ یہ پیشرفت علاقے میں صحت کی سہولیات کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے، جس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاک چین دوستی کے نام سے منسوب یہ ہسپتال صوبہ سندھ کے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرانتظام ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان جی ڈی اے حکام اور دیگر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس جدید سہولت کی فراہمی گوادر کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ کیونکہ اس سے قبل مریضوں کو معمولی بیماریوں کی تشخیص کے لیے بھی بڑے شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔ اب پہلی بار سی ٹی اسکین جیسی اعلیٰ ٹیکنالوجی ان کے اپنے شہر میں دستیاب ہوگی جس سے نہ صرف بیماریوں کی بروقت اور درست تشخیص ممکن ہوگی بلکہ علاج بھی مؤثر اور تیز تر ہوگا۔ یہ سہولت گوادر کے طبی نظام میں ایک نمایاں پیشرفت ہے، جو علاقے کے عوام کو صحت کی بہتر خدمات تک فوری رسائی فراہم کرے گی اور صحت کے شعبے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع کرے گی۔ اس اقدام کو گوادر کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے جو ان کی زندگی میں واضح بہتری کا باعث بنے گا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائق زادہ نے اس کامیاب سی ٹی اسکین کو علاقے کے عوام کے لیے ایک نیا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت علاقے کے لوگوں کی صحت کے لیے ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے اس اہم کامیابی میں حصہ لینے والے تمام ماہرین، ٹیکنیشنز، اور ڈاکٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مزید جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ گوادر کے عوام کو صحت کے بہترین مواقع مل سکیں۔