News

18-06-2025

خبرنامہ نمبر 4445/2025
کوئٹہ 18جون۔گزشتہ شب ایران سے واپس آنے والے طلباء و طالبات بحفاظت کوئٹہ پہنچ گئے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ان کا استقبال اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی ہدایت پر طلباء اور طالبات کے لیے نہ صرف رہائش کا بندوبست کیا گیا بلکہ کھانے پینے کی سہولیات بھی فوری طور پر مہیا کی گئیں۔ ان طلباء کا تعلق ملک کے مختلف صوبوں سے تھا، جن کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہیا کیا گیا، تاکہ وہ بآسانی اپنے آبائی علاقوں تک پہنچ سکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور انکے ساتھ وقت گزارا بات چیت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سب طلبا و طالبات کو بحفاظت انکے گھر پہنچانا ہماری زمہ داری ہے۔ طلباء نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ بیرون ملک سے واپس آنے والے تمام طلباء کو مکمل سہولیات مہیا کی جائیں اور ان کے لیے کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

خبرنامہ نمبر 4446/2025
کوہلو18 جون۔ڈپٹی کمشنر کوہلو کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق 20 جون کو بوقت 10 بجے دن بمقام گورنمنٹ ہائی سکول تحصیل ماوند میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوام کے بنیادی مسائل کو ان کے دہلیز پر سن کر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔ تمام ضلعی محکموں کے سربراہان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مقرر تاریخ میں منعقدہ کھلی کچہری میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

خبرنامہ نمبر 4447/2025
لورالائی. 18جون:ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی مقیم غیر ملکی 8افغان مہاجریں کو گرفتار کرلیا غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور اپریشن شروع کر دیا جو کہ روزانہ کی بنیاد پر بدستور جاری رہے گا۔ حکومت پاکستان اور بلوچستان کے مشترکہ فیصلے کے تحت غیر قانونی افغان مہاجرین کی مرحلہ وار وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی مقیم افغانوں کے خلاف اپریشن شروع کر دیا جو کہ روزانہ کی بنیاد پر بدستور جاری رہے گا۔ضلعی انتظامیہ نے لورالائی بازر میں غیر قانونی مقیم POR اور ACC کارڈ ہولڈرز افغان مہاجرین کی دکانیں سیل کر کے اور انہیں گرفتار کر کے زبردستی افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔ آج کے کاروائی میں بہت سے غیر قانونی افغان مہاجروں کو گرفتار کر لیا گیاجن کو کل افغانستان کے لیے روانہ کر دیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 4448/2025
استامحمد 18جون۔ڈپٹی کمشنر استا محمد عبدالرزاق خجک نے کہا ہے کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے پیشگی اقدامات کو فوری طور پر حتمی شکل دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ وہ تمام ادارے جن کے پاس بھاری مشینری موجود ہے، اپنی مشینری کو فوری طور پر مکمل فنکشنل اور الرٹ حالت میں رکھیں اور متعلقہ عملے کو ہمہ وقت تیار رہنے کا پابند بنائیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ کینال سسٹم اور ڈرینج سسٹم کی پشتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ یا شگاف کی صورت میں قریبی آبادیوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کی متوقع بارشوں کے دوران تمام افسران اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممکنہ مون سون بارشوں کے سلسلے میں انتظامی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے، جنہوں نے اپنی اپنی سطح پر کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ عوام کو مون سون کے دوران کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خبرنامہ نمبر 4449/2025
استا محمد 18جون۔: ڈپٹی کمشنر استا محمد عبدالرزاق خجک کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں علماء کرام اور ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندگان، پولیس، بلدیاتی اداروں، صحت، آبنوشی، ریسکیو اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے، عوامی سہولیات کی فراہمی اور حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور پولیس گشت میں غیر معمولی اضافہ کیا جائے، جبکہ مشکوک افراد پر گہری نظر رکھنے کے لیے تمام انٹیلیجنس ادارے بھی متحرک اور الرٹ رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی، روشنی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور واٹر سپلائی نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے، جبکہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس ایک دوسرے سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن پسندی، بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیں اور اپنے خطبات میں اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں تاکہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی دل آزاری نہ ہو اور ضلع میں مکمل امن کا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں اور علماء کرام نے انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

خبرنامہ نمبر4450/2025
کوئٹہ 18 جون:محکمہ مواصلات وتعمیرات حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق گورنمنٹ کنٹریکٹر ایم ایس میر مدد خان محمد حسنی ایمڈ کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ پر تفتان میں ۲۰ کمروں پر مشتمل ریسٹ ہاوس کی تعمیر کو نامکمل چھوڑنے اور ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کسی بھی سرکاری منصوبے میں حصہ لینے پر عرصہ ۳ سال یعنی ۳۶ مہینے کیلیے پابندی لگادی گئی ہے۔

خبرنامہ نمبر4451/2025
کوئٹہ 18 جون۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے سفارتی محاذ پر پاک بھارت جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو جاندار طریقے سے پیش کرنے پر سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ہمراہ وفد کو مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں میر صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وفد کے ہمراہ جنوبی ایشیاء میں حالیہ کشیدگی پر جس طریقے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا وہ لائق تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے میں بھارت کے بلا اشتعال جارحیت، پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں اور علاقائی امن کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ پاکستان کے مسلح افواج نے عوام کی مکمل حمایت سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور انہوں نے کہا کہ ہم اپنی خود مختاری کا دفاع کرنا بخوب جانتے ہیں اور ہم بھارتی جنگی عزائم کو ناکام بنا کر ہی چھوڑیں گے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں نے ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب رہے بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد نے اپنے کامیاب دورے میں دنیا پر واضح کر دیا کہ بھارت نریندر مودی کی قیادت میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے خطے میں امن کو تباہ کر رہا ہے، صوبائی وزیر آبپاشی نے کامیاب سفارت کاری پر بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہترین صلاحیتوں سے ملک ترقی و خوشحالی کے زینے طے کرے گا۔

خبرنامہ نمبر4452/2025
کوئٹہ 18 جون:محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق مجاز حکام کی پیشگی منظوری اور ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ پشین کی جانب سے مثبت رپورٹ جس میں بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز مڈل سکول سمے زئی کی اپگریڈیشن اسکیم پر کام دوبارہ اچھی رفتار اور معیار کے ساتھ شروع ہو چکا ہے کے پیشِ نظر ایم ایس ہائی رائز بلڈرز گورنمنٹ کنٹریکٹر کے خلاف بلیک لسٹنگ کا نوٹیفکیشن فوری طور پر مؤخر کر دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ اسکیم کی تکمیل اور پی سی- IV رپورٹ کی جمع کرانے تک مؤثر رہے گا۔

خبرنامہ نمبر4453/2025
کوئٹہ 18 جون: بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں بین الاقوامی تنظیم نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام و بی ایف اے کے تعاون سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں کوئٹہ اور گردونواح سے آٹا چکیوں کے مالکان نے بھرپور شرکت کی۔ورکشاپ کا مقصد آٹے کی تیاری کے دوران غذائی تحفظ، فورٹیفکیشن کے جدید طریقہ کار اور QA/QC فوڈ سیفٹی پروٹوکولز پر چکی مالکان کو تربیت فراہم کرنا تھا۔ ماہرین نے تفصیل سے بتایا کہ آٹے میں آئرن، فولک ایسڈ، زنک اور وٹامن12-B جیسے اہم غذائی اجزا شامل کرنا کس طرح خون کی کمی، دماغی کمزوری اور پیدائشی بیماریوں کے خلاف مؤثر ہتھیار ثابت ہو سکتا ہے۔شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ خواتین اور پانچ سال سے کم عمر کے بچے غذائی قلت اور خون کی کمی کا شکار ہوتے ہیں، جو نہ صرف صحت کے مسائل بلکہ دورانِ حمل پیچیدگیوں اور نوزائیدہ اموات کی ایک بڑی وجہ بنتے ہیں۔ فورٹیفائیڈ آٹے کا استعمال ان کمزوریوں اور بیماریوں میں خاطر خواہ کمی لا سکتا ہے۔شرکاء نے ورکشاپ میں بھرپور دلچسپی لی اور اس اہم تربیتی پروگرام کو سراہتے ہوئے فورٹیفکیشن کے عمل کو عملی طور پر اپنانے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے بی ایف اے کے ساتھ اشتراک کو سراہا گیا۔ بعدازاں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے تربیتی سیشن کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے ورکشاپ بلوچستان میں محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے جس سے نہ صرف صارفین مستفید ہوں گے بلکہ مقامی سطح پر خوراک کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، ڈائریکٹر جنرل کے مطابق آٹے کی فورٹیفکیشن اور سائنسی اصولوں کے تحت کام نہ صرف صارف کی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ یہ فوڈ سیفٹی کی مجموعی پالیسی و قوانین کا اہم حصہ ہے۔ آخر میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی ٹیم نے تعاون کے اعتراف میں ڈی جی بی ایف اے کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔

خبرنامہ نمبر4454/2025
لورالائی 18جون 2025 بے نظیر نشوونما پروگرام کے زیر اہتمام ڈبلیو ایف پی کے تعاون سے ماں کے دودھ کے متعلق ایک روزہ سیمینار کا اہتمام ڈی سی أفسں کانفرنس حال میں کیا گیا،جس میں ورلڈ ایشین بنک ڈویلمپنٹ کے ڈاکٹر زہرہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ أفیسرلورالائی عبدالحمید لہڑی،چلیڈ اسپلیسٹ ڈاکٹر حنیف،غذائیت کے ماہریونیسیف سید طارق علی،ورلڈ فوڈ پروگرام کے محمد اسلم،پروگرام منیجر منظور مائی،نیوٹر یشن یو نیسیف ڈاہر یکٹر محمد ظہیر خان سمت صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا مقررین نے کہا کہ ماں کی دودھ بچے کے بنیادی حقوق میں سے اولین حق ہے کہ ماں اسے پاک صاف ماحول میں ہر دو گھنٹے بعد اپنا دودھ پلائے ماں کے دودھ میں قدرت نے کئی بیماریوں سے لڑنے کی قوت عطاء فرمائی ہے۔نوزائیدہ بچے کیلئیماں کا دودھ اللّٰہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اس ایک غذا میں تمام وٹامنز، آئرن، پروٹین اور منرل شامل ہیں۔ جو نوزائیدہ بچے کے تمام جسمانی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس لیے ماں کو ہر حال میں بچے کو مکمل دو سال تک اپنا ہی دودھ پلانا چاہیے۔ ماں کا دودھ قدرت کا وہ انمول تحفہ ہے جسکا نعم البدل جدید سائنس بھی پیش نہیں کرسکتا، سائنسی تحقیقات بھی یہ تسلیم کرتی ہے کہ دوسال تک بچے کیلئے سب سے زیادہ فائدہ مند صرف اور صرف ماں کا دودھ ہے, ہرسال بریسٹ فیڈنگ ویک منانے کا مقصد خواتین میں ماں کے دودھ کی افادیت کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وقتاً فوقتاً اور مختلف فورم پر تقریبات اور سیشن منعقد کرواکر ہر ماں میں یہ شعور اجاگر کریں گے کہ وہ اپنے بچے کو صرف اور صرف اپنا دودھ پلائے۔ کیونکہ ایک صحت مند بچہ ہی ایک صحت مند انسان بن سکتا ہے۔ اور ایک صحت مند انسان ہی ایک صحت مند معاشرہ بنا سکتا ہے,

خبرنامہ نمبر4455/2025
ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈی ایس ایم نثارا حمد،ایم ایس ڈاکٹر عرفان الدین،اکاونٹس افسر عبدالغنی پانیزئی،ڈرگ انسپکٹر میوند خان، ہیلتھ افسر عبداللہ خان نے شرکت کی اجلاس میں محکمہ صحت کو فعال کرنے کے لیے مختلف فیصلے کئے گئے ڈپٹی کمشنر نے ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرزاور ملازمین کو مکمل الرٹ کرنے کیا جائے اورمکمل طور پر ڈیوٹی کی پابندی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر زیارت زکائاللہ درانی نے نے کہا تمام ڈاکٹرزاورمددگار سٹاف ہسپتالوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور دکھی انسانیت کی خاطر مریضوں کا بروقت علاج کریں، عوام کو کسی بھی شکایت کا موقع نہ دیں عوامی شکایات پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے صحت جیسے اہم شعبے کی فعالیت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں اس سلسلے جو حکومتی وسائل ہے ان کو بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر4456/2025
ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر لطیف اللہ غرشین،ڈی ای او فیمیل میمونہ فہیم ڈی ڈی او غلام رسول کاکڑ، ڈی ڈی او نقیب اللہ کاکڑ، فیمیل میمونہ فہیم، ڈی ڈی او غلام رسول کاکڑ،پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پروفیسر نقیب اللہ کاکڑ، ڈی ڈی او فیمیل فرزانہ ارباب، جی ٹی اے کے صدر محمد نور دمڑ،،فیض اللہ خلجی، یونیسف کے نمائندے فدا حسین پانیزئی، آر ٹی ایس ایم بدرالدین نے شرکت کی اجلاس میں تمام ڈی ڈی اوز نے ماہانہ مانیٹرنگ رپورٹ پیش کیں اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام نئے فنکشنل ہونے والیاسکولوں کی بروقت وزٹ کریں اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،تمام ڈی ڈی اوز ایس بی کی اساتذہ کی حاضری ویریفیکشن رپورٹ پیش کریں غیر حاضر اساتذہ کی نشاندہی کریں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی نے کہا کہ تعلیم ترقی کا زینہ ہے تعلیم یافتہ اقوام دنیا پر حکمرانی کررہے ہیں معیاری تعلیم کوفروغ دیکر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔