News

17-9-2024

خبرنامہ نمبر 5460/2024
گوادر17ستمبر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایات اور جامع سیکیورٹی پلان کے تحت اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے 12 ربیع الاول کے موقع پر جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوس کی قیادت کی اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی نگرانی کی۔اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری ریلی کے دوران خود موقع پر موجود رہے اور جلوس کی حفاظت اور منظم انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کی۔ جلوس موسی موڑ سے شروع ہو کر شہر کی مختلف اہم شاہراہوں سے گزرتا ہوا دوبارہ موسی موڑ پر بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا۔پولیس فورس کے علاوہ لیویز فورس کی کیو آر ایف ٹیم نے بھی اس موقع پر حفاظتی ذمہ داریاں نبھائیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے جلوس کے دوران سخت سرویلنس اور مانیٹرنگ کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ ان کی قیادت میں انتظامیہ نے تمام سیکیورٹی اور عوامی سہولت کے اقدامات کو یقینی بنایا، جس کی بدولت 12 ربیع الاول کا جشن پرامن اور خوشگوار ماحول میں مکمل ہوا۔یہ جلوس گوادر کی عوام کے لیے ایک مثالی ریلی ثابت ہوئی، جس میں نہ صرف مذہبی جوش و خروش کا مظاہرہ ہوا بلکہ ضلعی انتظامیہ کے بہترین سیکیورٹی انتظامات نے عوام کو تحفظ کا بھرپور احساس دلایا۔

خبرنامہ نمبر 5461/2024
گوادر17ستمبر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سر بلند خان سے یوتھ آرگنائزیشن کے ایک وفد نے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ وفد نے سر بلند خان کو آگاہ کیا کہ ان کی تنظیم نے یو این ڈی پی پاکستان کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں مثبت تبدیلی کے لیے کام کرنے کے عزم پر کاربند ہیں۔تنظیم کے نمائندوں نے بتایا کہ وہ صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے، یوتھ ایمپاورمنٹ، خواتین اور بچوں کے حقوق سمیت دیگر اہم سماجی مسائل پر کام کرنے کے خواہشمند ہیں، اور ان کا مقصد گوادر کے عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر وفد نے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کی درخواست کی، تاکہ ان کی تنظیم کے منصوبے مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں اور گوادر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سر بلند خان نے وفد کے عزم کو سراہتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کے لیے فلاحی منصوبوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔

خبرنامہ نمبر 5462/2024
زیارت17ستمبر:ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ کی جانب سے لیویز فورس کی کارکردگی کے جائزے اور لیویز فورس کے افسران و اہلکاران کے مسائل کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی آفس میں لیویز دربار کا انعقاد کیا گیا لیویز فورس کے دربار میں ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شہریارتمام تھانوں کے انچارج مختلف چیک پوسٹوں پر تعینات لیویز فورس کے افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ لیویز دربار سے ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ نے کہا کہ لیویز فورس کا شمار بلوچستان کے بہترین فورس میں کیا جاتا ہیلیویز فورس کا جرائم کی بیخ کنی میں اہم کردار ہے،لیویز فورس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم اہنگ کرکے جدیداسلحہ سے لیس کریں گیلیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کر کے ایک مثالی فورس بنائیں گے انہوں نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا لیویز فورس کو ڈیوٹی کا پابند کیا جائے سنجاوی کی داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائیچیکنگ مزید سخت اور گشت میں مزید اضافہ کریں مشکوک اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھیں انہوں نے کہا ان ہماری بقاء اور ترقی وابستہ ہے امن پسند لوگ ترقی کرسکتے ہیں امن وامان سے ہی ترقی اور خوشحالی آئے گی امن وامان پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے لیویز فورس کے افسران اور اہلکاران کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیویز فورس کے افسران و اہلکاران کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 5463/2024
کوئٹہ 17 ستمبر:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ژوب، بارکھان، پنجگور، خضدار اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بدھ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لسبیلہ میں 8.0 ملی میٹر اور بارکھان میں 5.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 5464/2024
گوادر/اورماڑہ17ستمبر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایات پر، تحصیلدار نور خان بلوچ کی نگرانی میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں سیکورٹی اور انتظامات کو نہایت منظم انداز میں ترتیب دیا گیا۔ سیکورٹی پلان کے تحت جلوس کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے، جبکہ تحصیلدار نور خان بلوچ اور ایس ایچ او عابد نے خود موقع پر موجود رہ کر سرویلنس اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا۔جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا جلوس مقامی مسجد سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے گزرتا ہوا پھر واپس اسی مسجد میں پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں شرکاء نے محبت و عقیدت کے ساتھ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو یاد کیا، اور درود و سلام پیش کیا۔ جلوس میں شامل لوگوں نے پُرسکون اور خوشگوار ماحول میں شرکت کی، جس سے امن و اخوت کا پیغام عام ہوا۔انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے دوران عوامی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔

خبرنامہ نمبر 5465/2024
کچھی17ستمبر:ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے ایس ایس پی کچھی کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد بگٹی کے ہمراہ جشن عید میلاد النبی صلی علیہہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں تمام انتظامات کا جائزہ لیا ڈھاڈر مچھ بھاگ سمیت دیگر علاقوں میں عید میلاد النبی کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے انہوں نے مختلف مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر نے جلوس کے شرکا کے لیے تیار کیے گئے کھانے کا بھی جائزہ لیا تمام جلوس اپنے مقررہ روٹ سے نکالے گئے روٹس کی سرچنگ و سوئپنگ کا عمل بھی جاری رہا ڈپٹی کمشنر جمیل احمد بلوچ نے جائزے کے موقع پر تمام افسران اور پولیس اہلکاروں کو احکامات دیے کہ اپنی تمام تر توجہ جلوسوں کے شرکاء کے تحفظ پر مرکوز رکھیں مشکوک افراد کی مکمل جامع تلاشی کے بعد ہی اسے جلوس میں شریک ہونے دیا جائے جلوس کے شرکاء کی جان کے تحفظ کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ جلوس کی گزرگاہوں پر بھی گہری نظر رکھیں بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ سے میلاد کمیٹی کے شرکاء نے بھی ملاقات کی ڈپٹی کمشنر نے ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اپنے خطبات میں نور دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ پر بہتر معنوں میں روشنی ڈالیں مسلمانوں میں آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کریں تاکہ آپسی اختلافات کا قلع قمع کیا جا سکے اور دین اسلام کے پرچار میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 5466/2024
نصیرآباد17ستمبر۔جشن عید میلاد النبی صلی علی علیہ وسلم کے سلسلے میں ضلع نصیر آباد میں بھی عاشقان رسول کی جانب سے حسینی چوک شہید میر محمد مراد ابڑو روڈ سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی ڈیرا مراد جمالی شہر کے مختلف مقامات سے 10 سے زائد جلوس مقررہ مقام پر پہنچے جہاں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں اسلامی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں جشن عید میلاد النبی صلی علی علیہ وسلم کے سلسلے میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے جلوس کے شرکاء کے لیے مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ ٹراما سینٹر سمیت ضلع بھر کے تمام طبی مراکز میں ایمرجنسی نافذ رہی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کسی بھی نا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شوکت کھوسہ اور اے ڈی ایچ او ڈاکٹر حضور بخش مینگل کی نگرانی میں جلوسوں کے شرکاء کو بروقت ممکنہ طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمبولنس کے ہمراہ جلوس کے ساتھ رہا ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ کی ہدایت پر ایس ایس پی نصیرآباد فہد خان کھوسہ کی زیر نگرانی جلوسوں کے روٹس پر پولیس کے جوان تعینات کیے گئے تھے روٹس کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کے جوانوں کی جانب سے جامع تلاشی کا عمل بھی جاری رہا جلوس اپنے مقرر اور روٹس سندھ بلوچستان قومی شاہراھ مزدور چوک ڈی سی چوک اور یونیورسٹی چوک سے ہو کر واپس ڈی سی پہنچا جہاں پر علماء کرام نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں خطاب کیا ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نصیرآباد عبدالحمید تھہیم نے تمام جلوس کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا میلاد مصطفی جلوس کی جگہ جگہ پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رہا مدنی میلاد کمیٹی کے چیئرمین مولانا نواب الدین ڈومکی وائس چیئرمین مولانا محمد داؤد نقشبندی نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کیے گئے تمام اقدامات کو سراہا اور جلوس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا ضلع انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ ضلع نصیرآباد کی دیگر تحصیلوں میں بھی عید میلاد النبی صلی علی علیہ وسلم کے سلسلے میں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جنہیں ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد کاکڑ کی ہدایت کی روشنی میں تحصیلداران نے مانیٹرنگ کی اور تمام تر صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔

خبرنامہ نمبر 5467/2024
موسیٰ خیل17ستمبر: ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نجیب اللّٰہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرحافظ جمال الدین بزدار سمیت تمام کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ ہونے والی ڈی ای جی اجلاس کے فیصلوں اور مختلف تعلیمی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ تمام ڈی ڈی اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں ریشنلائزیشن پلان فوری طور پر جمع کروائیں تاکہ تعلیمی نظام میں بہتری لائی جا سکے۔اجلاس میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مختلف انکوائری آفیسران کو تفویض کردہ انکوائریوں کا جائزہ لیا گیا اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی رپورٹس ڈی ای جی کو پیش کیا کریں تاکہ جلد از جلد کارروائی مکمل کی جا سکے۔ اس کے علاوہ تمام ڈی ڈی اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے وزٹ کی رپورٹس بھی جمع کرائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور خالی اور غیر فعال اسکولوں کی تفصیلات کا درست ڈیٹا فراہم کریں۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے تمام ممبران کو ہدایات دیئے کہ وہ اگلے اجلاس میں مکمل تیاری کے ساتھ شرکت کریں۔

خبرنامہ نمبر 5468/2024
کوئٹہ 17 ستمبر: صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان شعیب نوشیروانی نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (BPPRA) کا دورہ کیا۔ BPPRA کے منیجنگ ڈائریکٹر مجیب الرحمان پانیزئی اور تمام ڈائریکٹرز اور پروکیورمنٹ ماہرین نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیر کو بی پی پی آر اے ایکٹ کے مطابق آپریشنل فریم ورک اور کاموں کے بارے میں ایک جامع واقفیت فراہم کی گئی۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر خزانہ کو بلوچستان الیکٹرانک پبلک پروکیورمنٹ سسٹم (ای پی پی ایس) کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس میں اس کی متنوع فعالیت اور آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے دفتر کے مختلف شعبوں کو دورہ کیا، وہ تمام عملے کے ارکان اور تنظیم سے وابستہ افسران کے ساتھ خوش دلی سے مشغول رہے۔بلوچستان میں ای پی پی ایس کے نفاذ میں قابل ذکر پیش رفت کے اعتراف میں، صوبائی وزیر نے بی پی پی آر اے اور اس کی ٹیم کو شاباشی پیش کی جبکہ اس نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قابل قدر بصیرت بھی فراہم کی تاکہ شفافیت، معیشت اور پیسے کی قدر کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔آخر میں وزیر نے افسران اور اہلکاروں کے ٹیم ورک کو سراہا اور بی پی پی آر اے کو مستقبل کی کوششوں میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

خبرنامہ نمبر 5469/2024
کوئٹہ 17ستمبر:صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کاکڑ نے یوم ولادت النبی ﷺ کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے لیے خاص برکت اور عظمت کا حامل ہے، کیونکہ اس دن رحمت للعالمین حضرت محمد ﷺ دنیا میں تشریف لائے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت، اخلاق اور تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، اور ہم ان کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کر کے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نبی ﷺ کی تعلیمات انسانیت کے لیے امن، محبت اور انصاف کا پیغام ہیں، جنہیں اپنا کر ہم دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس مبارک دن کو نبی ﷺ کی سیرت اور اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے عزم کے ساتھ منائیں۔آخر میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمیں اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی ہدایت دے تاکہ ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔