January 23, 2025
News

16-9-2024

خبرنامہ نمبر5435/2024

کوئٹہ 16 ستمبر۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم ولادت النبیﷺ کے مبارک موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آج کا دن صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کے لئے عظیم دن ہے کہ آج حضرت محمدﷺ رحمتہ اللعالمین بن کر اس دنیا میں تشریف لائے اور ان کی آمد سے دنیا سے جہالت کی تاریکی کے خاتمے کی ابتدا ہوئی، اس مبارک دن پر نبیﷺ کے اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی، اتحاد واتفاق اور برداشت کا جذبہ پیدا کرنے کے عزم کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے اور یہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم اس ہستی کے امتی ہیں جسے خالق کائنات نے تمام جہانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجا، انہوں نے کہا کہ امتی ہونے کے ناطے ہمیں اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد، عفو ودرگزر، برداشت، مذہبی رواداری جیسے اوصاف کو مزید فروغ دینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے اور حقیقی فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہوسکتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سیرت النبیﷺ اور سنت رسول ﷺپر عمل پر پیرا ہوکراپنی دنیا وآخرت سنوارسکتے ہیں اور اس وقت امت مسلمہ کو جن مشکلات ومصائب کا سامنا ہے ان سے حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی نمٹاجاسکتا ہے،وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ہمیں سیدھے رستے پر چلنے اور اپنی زندگیاں حضور ﷺ کے بتائے ہوئے ضابطہ حیات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطافرمائے، اور پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی مملکت اور ترقی وخوشحالی کا گہوارہ بنادے

             خبرنامہ نمبر 5436/2024

کوئٹہ 16ستمبر۔صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے نبی آخر الزماںحضرت محمد کی ولادت باسعادت پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمد کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپکا اسوہ حسنہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ صوبائی وزیر پی ایچ ای نے عید میلاد النبی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محمد کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ محسن انسانیت حضرت محمد اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ حضور نبی اکرم نے امن وآشتی، احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا، حضور اکرم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم حضرت محمد کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں، آج کا دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخر الزماں کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں، اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسن انسانیت حضور اقدس کی شفاعت نصیب فرمائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 5437/2024
کوئٹہ16۔ پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول تمام مسلمانوں کیلئے بے حد مقدس و مبارک مہینہ ہے جس میں حضور پاک رحمت اللعالمین بن کر اس دنیا میں تشریف لائے اور جہالت کے اندھیروں کو مٹا کر اسے نور ایمان کی روشنی سے منور کر دیا۔ عید میلادالنبی کے موقع پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ جشن میلاد النبی منانے کا مقصد صرف اپنی خوشیوں کا اظہار کرنا ہی نہیں ہے بلکہ یہ دن ہمیں اپنا محاسبہ کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے آج کے دن اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم رسول اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں اور تعلیمات پر کہاں تک عمل کر رہے ہیں۔ ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ اپنی زندگیوں کو مکمل اسلامی ضابطہ حیات کے مطابق ڈھالیں اور اپنے آپ سے سچے مومن اور پکے مسلمان کی خوبیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے ضروری ہے کہ ہم ایک ملت واحدہ کی طرح متحد ہو جائیں تاکہ کوئی باطل قوت ان کے خلاف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دنیا کے تمام مسلمانوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یکجہتی پیدا کرے اور ہمیں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5438/2024
لورالائی16ستمبر۔ رکن صوبائی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر بلدیات و ڈومکی قبیلہ کے سربراہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے یہاں جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی سنجیدہ قد آور ملنسار اور قبائلی شخصیت تھے جن کی کمی ہمیشہ رہے گی اور ان کی رحلت سے یہ خلا مدتوں پ±ر نہیں ہو سکے گا انہوں نے کہا کہ مرحوم نے علاقے کی ترقی بلوچستان کی سیاسی قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت اور بلوچستان کابینہ میں اپنے تجربہ اور بہترین حکمت عملی سے بہترین کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کے انتقال سے دلی صدمہ پہنچا ہے غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5439/2024
نصیرآباد 16۔جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی نصیرآباد رینج محمد ایاز بلوچ، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ، ڈپٹی کمشنر استا محمد جلیل احمد، ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ، ڈپٹی کمشنر صحبت پور میڈم فریدہ ترین، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد، تمام اضلاع کے ایس ایس پیز ، ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفینس عنایت اللہ بلوچ، سپرنٹنڈنٹ نور احمد ڈومکی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان کے علاوہ دیگر افسران شریک تھے۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے اضلاع میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں کیے گئے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمن خان نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی صلی علی علیہ والہ وسلم کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔ جلوسوں میں شامل ہونے والوں کی جامع تلاشی اور داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نوجوانوں کو تعینات کیا جائے سکیورٹی کے لیے رضا کاروں سے بھی مدد لی جائے اور انہیں محکمہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کارڈز جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی صلی علیہ وسلم کے موقع پر مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی اور مشروبات سمیت دیگر کھانے پینے کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیں۔ مختلف مقامات پر پولیس اور دیگر لائن فورس کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ ڈویژن بھر میں جلوس اور دیگر اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے اس لیے تمام ضلعی انتظامیہ متحرک رہیں اور کنٹرول رومز کے ذریعے تمام تر صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔علمائ کرام پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے خطبات میں دین اسلام کی مزید سر بلندی اور حضور صلی علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ پر مزید احسن طریقے سے روشنی ڈالیں شر انگیز الفاظ کے استعمال سے اجتناب کیا جائے تاکہ کسی بھی مسلک کی دل آزاری کا اندیشہ نہ ہو۔ اپنے خطابات میں بھائی چارے کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کریں اور اس موقع پر کمشنر نصیرآباد نے 12 ربیع الاول کے روز جلوس نکالے جاتے ہیں اس لئے قومی شاہرہ ڈیرہ مراد جمالی و دیگر شہروں میں بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی رہے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 5440/2024
خاران 16ستمبر۔ اسسٹنٹ کمشنر خاران رضوان قادر نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے میں پی پی ایچ آئی کا اہم کردار ہے۔ اس سلسلے میں ضلع خاران میں دیہی علاقوں میں مختلف بی ایچ یوز میں بنیادی سہولیات سمیت ملٹی نیشنل کمپنی ادارے سے ادویات، ٹیلی ہیلتھ سینٹر، لیبر روم، لیبارٹری اور ایم سی ایچ سینٹرز میں سامان کی فراہمی سے بنیادی مسائل کسی حد تک حل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران پی پی ایچ آئی آفس خاران میں مختلف بی ایچ یوز اور دیگر سینٹرز کے انچارجز کو ادویات اور دیگر سامان کی فراہمی کےدوران کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر نوراحمد کبدانی نے ادارے سے متعلق بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ پی پی ایچ آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمید اللہ ناصر کے خصوصی ہدایات کے روشنی میں صوبے کے دور دراز دیہی علاقوں میں بی ایچ یوز کے بنیادی سہولیات کے فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ پی پی ایچ آئی دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اپنے بنیادی مراکز کے لئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ آج خاران کے مختلف بی ایچ یوز میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ادویات سمیت ٹیلی ہیلتھ، لیبر روم، لیبارٹری اور ایم سی ایچ سینٹرز میں ادویات اور دیگر سامان کی فراہمی اس بات کا واضح ثبوت ہے پی پی ایچ آئی عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے اور ساتھ ہی لیبارٹریز میں اس وقت 14 بیماریوں کے مختلف ٹیسٹ مفت کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات ایم پی اے خاران میر شعیب نوشیروانی کے تعاون ہمیشہ سے ہمارے ساتھ رہا ہے۔ وہ بھی صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے خصوصی توجہ دے رہے ہے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر احمد بلوچ اپنے ٹیم کے ساتھ ہمارے راہنمائی کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر شیر احمد بلوچ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر چاکر انور سیاپاد انڈس ہسپتال خاران کے میل آفیسر حمایت اللہ دوستین اور دیگر موجود تھے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خاران رضوان قادر نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے خاران کے شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ادارے ایک پیج پر موجود ہیں جس کی بہتر نتائج برآمد ہونگے خاران شہر سمیت دور دراز علاقوں پر مشتمل ہیلتھ سینٹرز پر توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ دیہی علاقوں میں لوگوں کے پاس اتنے وسائل نہیں ہے کہ وہ اپنے علاج معالجہ کے لئے شہر اسکیں اگر دیہی علاقوں میں اسی طرح صحت کے ہیلتھ سینٹرز کی بنیادی سہولیات فراہم ہو تو وہاں کے لوگوں کو ان کے دہلیز پر صحت کے بنیادی سہولیات فراہم ہوسکے گی۔ انہوں نےکہا کہ پی پی ایچ آئی جیسے ادارے کی طرح جو بھی عوامی مفادات کے لیے ادارے اپنے خدمات سرانجام دئینگے۔ ان کو ضلعی انتظامیہ خاران کی طرف سے مکمل سپورٹ حاصل ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5441/2024
نصیرآباد 16 ستمبر۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد کاکڑ نے اچانک بنیادی مرکز صحت کوٹ مینگل کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف کا حاضری رجسٹرڈ کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز اور چند ملازمین کی غیر حاضری پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا دورے کے موقع پر انہوں نے بی ایچ یو میں دستیاب میڈیسن کا بھی جائزہ لیا اسٹاف کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں غیر حاضری کے عمل کو کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔ ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی بعدزاں انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ مینگل کا بھی دورہ کیا انہوں نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کر کے بچوں کو دی جانے والی تعلیم اور دیگر مسائل کے متعلق تفصیل سے آگاہی بھی حاصل کی ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز کے دورے کے موقع پر بچوں سے تدریسی عمل کے متعلق سوالات بھی پوچھے اور اساتذہ کو ہدایات دیں کہ وہ بچوں کو مزید سہل انداز سے تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ بچوں کی بہتر معنوں میں نشو نما کی جائے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی امور پر بھی مہارت دی جائے نماز اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں اساتذہ پر لازم ہے کہ وہ اپنی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں کیونکہ ہمارے بچوں کا بہتر مستقبل انہی کے ساتھ وابستہ ہے انشائ اللہ ائندہ بھی اسی قسم کے سرپرائز وزٹ کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی عمل کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5442/2024
موسیٰ خیل16ستمبر۔ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی جانب سے لیویز فورس موسیٰ خیل کی کارکردگی کے جائزے اور لیویز آفیسران اور اہلکاران کے مسائل اور ان کے حل کےلئے دفتر ہٰذا میں لیویز دربار کا اہتمام کیا گیا۔لیویز دربار میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل سمیت اسسٹنٹ کمشنر موسیٰ خیل نجیب اللہ کاکڑ اور تمام ایس ایچ اوز لیویز تھانہ ، تمام تھانہ انچارج، تمام رسالداران ،تمام نائب رسالداران اور مختلف چیک پوسٹس اور تھانہ جات پر تعینات لیویز آفیسران و اہلکاران نے شرکت کی۔تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے کہا کہ لیویز فورس کا شمار بلوچستان کی بہترین فورسز میں ہوتا ہے جو بلوچستان کے بی ایریا یعنی 90 فیصد میں امن وامان کی بحالی و عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں لیویز فورس موسیٰ خیل کی حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ہمہ وقت تیار و الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر کے خلاف سختی سے نمٹ کر ملک و قوم اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنا کر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں۔انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے لیویز فورس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موثر حکمت عملی کے دائرے کو وسیع کیا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام لیویز آفیسران و لیویز اہلکاران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہر انچارج اپنے اپنے متعلقہ ایریے میں اشتہاری، مفرور ملزمان، منشیات فروش، لینڈ مافیاز، چوری، ڈکیتوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کو یقینی بنائیں اور اپنا اسلحہ کسی اور کو مت سونپے۔مزید براں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام لیوہز اہلکاران چاک و چوبند اور ہمہ وقت الرٹ رہ کر فرائض منصبی خوش اسلوبی سے ادا کریں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آفیسران اور اہلکاران کو اچھی کارکردگی کے اعتراف میں حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انعام سے بھی نوازا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر جناب نے تمام انچارج صاحبان کو ہدایات دیئے کہ وہ غیر حاضر اہلکاران کی بروقت رپورٹ دفتر ہذا میں جمع کیا کریں تاکہ فرائض منصبی کی ادائیگی میں غفلت لاپروائی ، غیرحاضری،غیر قانونی حرکات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ لیویز اہلکاران ہر چیک پوسٹ کے درمیان اور تمام شاہراہوں پر سنیپ چیکنگ و موبائل گشت کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھ کر انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5443/2024
ژوب 16 ستمبر۔ڈپٹی کمشنرژ وب محبوب احمد نے قومی شاہراہ N-50 پر موجود آر ایچ سی ژوب کا دورہ کیا۔ جس کا حال ہی میں افتتاح کیا گیا تھا۔ پرانی عمارت گاو¿ں میں شاہراہ N50 سے تقریباً 2 کلومیٹر دور تھی۔ یہ نئی عمارت ہائی وے کے قریب تعمیر کی گئی ہے۔ جو سڑک کے حادثات کی صورت میں قریبی چھوٹے دیہاتوں اور زخمیوں کو بھی علاج فراہم کرنے میں مددگار ہے۔ دورہ کے دوران عملہ کے صرف دو ارکان موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ژوب نے ڈی ایچ او کو غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی شروع کرنے اور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عملے کی غفلت ناقابل برداشت ہے۔ غیر حاضر اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرانی عمارت کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ تاہم ایم او، ایل ایم او، ڈی ایس، گائنا کالوجسٹ اور او ٹی ٹیکنیشن کی اب تک کوئی پوسٹ منظور نہیں کی گئی ہے۔ جو کہ سہولت کے اہم مقام کو مدنظر رکھتے ہوئے کافی ضروری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر5444/2024
زیارت 16ستمبر۔ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر زیارت ناصر پانیزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام شہیدوطن میر سراج خان رئیسانی فٹبال ٹورنامنٹ زیارت میں جاری ہے ٹورنامنٹ میں ڈویڑن کی سطح پر کل بارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں ڈویڑن کے ساتھ کوئٹہ سٹی،ٹائیگر رئیسانی کوئٹہ اوربطور میزبان زیارت کی ٹیم بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ زیارت کے عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ کھیل انسانی زندگی پر خوش گوار اثرات مرتب کرتے ہیں شہیدوطن میر سراج رئیسانی ٹورنامنٹ کو کامیابی سے تکمیل تک پہنچائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5445/2024
زیارت 16ستمبر۔ساتویں زراعت شماری مربوط ڈیجیٹل شماری کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشراف الدین ترین ڈسٹرکٹ کوارڈینٹرمحمد فہیم نے ڈی سی آفس زیارت میں کیا اس موقع پر ہمایوں کاکڑ بھی موجود تھے۔ آج سے فیلڈ ورک کا آغاز کیا گیا،زراعت شماری کا مقصد زرعی وسائل وزمین،فصلوں،مال مویشیوں،زرعی مشینری کے بارے میں معلومات حاصل کرنا،مال مویشیوں کی عمر،جنس اور نسل کے لحاظ سے درجہ بندی کرنا،زرعی مشینری کی ملکیت اور استعمال ،خوراک کی ضروریات کے استعمال کرنے کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5446/2024
گوادر16ستمبر۔جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان، پولیس افسر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، مذہبی رہنماوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر شہر میں سیکورٹی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ سیکورٹی پلان کو موثر انداز میں مرتب کیا جائے تاکہ اس روز تمام تقریبات بخیر و خوبی انجام پائیں۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو بھی ہدایت کی گئی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں، اور ایمرجنسی مشینری کو ہنگامی حالات کے لیے تیار رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے پسنی، اورماڑہ، جیونی اور پیشکان کے علاقوں میں بھی جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر سیکورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضروری ہوا تو لیویز فورس کے جوانوں کو اضافی سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے تعینات کیا جائے گا تاکہ اس بابرکت دن کے تقدس کو برقرار رکھا جا سکے اور عوام بخوشی اس میں شریک ہو سکیں۔یہ اجلاس عوامی تحفظ اور سہولت کے پیش نظر ایک جامع اور مربوط حکمت عملی اپنانے کے عزم کا عکاس تھا، جس کا مقصد اس مقدس دن کے موقع پر امن و امان اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنانا ہے۔