September 16, 2025
News

15th-September-2025

خبرنامہ نمبر2025 /6751
کوئٹہ15 ستمبر۔صوبائی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نسیم الرحمان خان ملا خیل نے مختلف وفود سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ وفود نے صوبائی مشیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر مشیر ماحولیات نے وفود کو صوبائی حکومت کے ویژن اور جاری ترقیاتی اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کے منصوبے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد ترقیاتی پروگراموں پر عمل پیرا ہے۔ اسی طرح ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری مہم، قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال اور آلودگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ حکومت کے ان اقدامات سے عام ادمی کے مسائل میں یقینا کمی آئے گی،نسیم الرحمان خان ملا خیل نے کہا کہ عوامی شراکت اور تعاون کے بغیر ترقی کا سفر مکمل نہیں ہوسکتا، اس لیے بہتر مستقبل کے لیے سب کو مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو جلد ان کے ثمرات ملیں گے۔ جس سے ان کا معیار زندگی بہتر ہو گا اور ان کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ائیں گی۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6752
تربت 15 ستمبر: اقوام متحدہ کے ادارہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اور گریسپ GRASP پروجیکٹ کے تعاون سے ضلع کیچ میں کسانوں کے لیے جدید زرعی مشینری اور آلات کی تقسیم کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی تقریب میں کھجور کے کاشتکاروں میں کھجور کی گھٹلی نکالنے والی جدید مشینیں تقسیم کی گئیں تاکہ کھجور کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔ یہ اقدام پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آغا صادق علی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جسے کسانوں نے زبردست سراہا تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عارف کریم، زراعت آفیسر نادل شاہ، بہرام خان، ایف اے او کے نمائندہ رضوان، اخلاق احمد سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ مال مویشی پالنے والے کسانوں میں چارے کے بیج، دودھ و مکھن کو محفوظ رکھنے کے آلات اور مکھن بنانے کی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔ ان اقدامات سے کسانوں کو نہ صرف اپنی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ضلع کیچ میں کسانوں کو جدید سہولیات اور عملی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ زرعی و لائیو اسٹاک کی پیداوار میں اضافہ ہو، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور علاقائی معیشت میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6753
نصیرآباد15ستمبر:۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی نے ڈویژنل ڈائریکٹر ترقیات نصیرآباد ڈویژن حماد فارس قمبرانی کے ہمراہ گزشتہ روز ربیع کینال ٹو کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر ایریگیشن امان اللہ گاجانی، سب ڈویژنل آفیسر پی اینڈ ڈی ثناء اللہ مکسی اور سپرنٹنڈنٹ پی اینڈ ڈی غلام فرید ابڑو بھی موجود تھے۔ معائنے کے دوران ایگزیکٹو انجینئر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ربیع کینال 22 کلومیٹر پر محیط ہے جس کی ڈی سلٹنگ نہایت ضروری ہے تاکہ ربیع سیزن میں پانی کی بروقت اور موثر فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال سے ہر سال 15 نومبر سے ربیع سیزن کا آغاز ہوتا ہے جس سے 50 ہزار ایکڑ ربیع ون جبکہ 25 ہزار ایکڑ ربی ٹو کی زمینیں سیراب ہوتی ہیں اور کاشتکاروں کو تقریباً 11 ارب روپے کی زرعی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ فرید احمد پندرانی نے کہا کہ پی ایس ڈی پی اسکیم کے تحت ربیع کینال کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کے عمل کو بروقت شروع کروانا ناگزیر ہے تاکہ زرعی پانی کی کمی سے متعلق مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع سے نوتال تک کاشتکاروں کو زرعی پانی فراہم کیا جا رہا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ بھل صفائی کا بجٹ فوری فراہم کیا جائے تاکہ ربیع سیزن سے قبل کام مکمل ہو سکے۔مزید برآں گوٹھ حمید مینگل سمیت دیگر مقامات پر دو پلوں کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ترقیات حماد فارس قمبرانی نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے مفاد میں عملی اقدامات کر رہی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صفائی اور تعمیراتی کام پی سی ون کے مطابق بروقت شروع کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معائنے اور جائزے کی تمام رپورٹ مرتب کرکے حکام بالا کو ارسال کی جائے گی تاکہ بروقت فنڈز کی فراہمی اور کام کے آغاز کو یقینی بنایا جا سکے۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6754
نصیرآباد 15ستمبر۔۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مالکانہ حقوق کی فراہمی کے سلسلے میں جی پی ایس کے عمل اور اس کے لیے ٹینڈر کال میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے سی ای اوز کو تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ممبران اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سلیم خان ڈومکی، بابو عبدالصمد کھوسہ اور بابو قاسم ڈومکی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں مالکانہ حقوق کے سلسلے میں 5050 ایکڑ اراضی پر جی پی ایس کا عمل کروایا جائے گا تاکہ شفافیت کے ساتھ لوگوں کو ان کا جائز حق فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حصہ لینے والی کمپنیوں سے مساوی پیمائش، لٹھا، فیلڈ بُک سمیت تمام ضروری کوائف حاصل کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش باقی نہ رہے۔ڈپٹی کمشنرنصیر آباد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کے مالکانہ حقوق کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ ہو اور حکومت وقت کے احکامات پر عملی طور پر فوری عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس پورے عمل کی شفافیت اور تیز رفتار تکمیل کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے اور بہت جلد عوام اس منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6755
کوئٹہ15ستمبر:- علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق پیر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم جنوبی اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، نوکنڈی، چاغی، خاران، پنجگور، نوشکی، واشک اور ضلع پشین میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور مستونگ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی طرح نوکنڈی، چاغی، خاران، پنجگور، نوشکی، واشک اور پشین میں بھی گرد آلود ہواؤں کی پیشگوئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور نوکنڈی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6756
زیارت15ستمبر:- اس موقع پر تمام محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو محکمانہ امور کے بارے میں بریفنگ دی اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیرشاہ غلزئی بھی اس موقع پر موجود تھےڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑنے افسران کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ افسران اپنے جائے تعیناتی پر موجودگی کو یقینی بنائیں اپنے اسپورٹنگ اسٹاف کو حاضر کریں،تمام افسران ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کریں اور سرکاری ذمہ داریوں کو ایمانداری سے ادا کریں اور عوام کے مسائل حل کریں۔انہوں نے کہا تعلیم،صحت، امن وامان پر مکمل فوکس کریں گے ،زیارت کی خوبصورتی صنوبر کے جنگلات کی وجہ سے ہے صنوبر کے جنگلات کی کٹائی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ جنگلات کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ زیارت کے عوام کا گزر بسر زراعت سے ہے، کسانوں کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں زراعت کے افسران کسانوں کو مکمل ریلیف دیں،محکمہ لائیو سٹاک زیارت مالداروں کے مسائل ترجیی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہاکہ افسران خادم بن کر کام کریں اور آپس میں رابطہ رکھ کر عوام کے مسائل حل کریں انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی بھی شکایت کا موقع نہ دیں بلکہ عوام کی دادرسی کریں گے انہوں نے کہاتعلیم اور صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کی رونقیں انشاء اللہ دوبارہ بحال کریں گے اور زیارت کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، زیارت ایک جنت النظیر وادی سیاحتی مقام ہے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کریں گے۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6757
تربت 15ستمبر: کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کی صدارت میں بلیدہ ٹاؤن پروجیکٹ کے فیز ون اور فیز ٹو کے حوالے سے اجلاس کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر بہرام گچکی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ پی اینڈ ڈی خالد حسین، ایکسیئن بی اینڈ آر ضلع کیچ گل محمد بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر بہرام گچکی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے 2020 میں بلیدہ ٹاؤن پروجیکٹ کا آغاز دو مراحل پر مشتمل ایک میگا منصوبے کے طور پر کیا تھا، جو 2026 تک پایۂ تکمیل کو پہنچے گا۔ فیز ون کے لیے 297 ملین روپے اور فیز ٹو کے لیے 1500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا اور واضح ہدایت کی کہ بلیدہ ٹاؤن پروجیکٹ کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو تنبیہ کی کہ کسی بھی مرحلے پر رکاوٹ یا تاخیر کی صورت میں فوراً آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ تحصیل بلیدہ کے عوام کے لیے ایک ہمہ گیر ترقیاتی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس کے تحت شہید غلام فاروق میموریل ہسپتال، شہید ایوب بلیدی سیکنڈری اسکول، پبلک پارک، فٹ بال اسٹیڈیم، اندرونی سڑکیں و پل، واٹر سپلائی اسکیمیں، وومن لیویز تھانہ، پولیس چیک پوسٹ، صحت کے مراکز اور دیگر سرکاری عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے بعد علاقے میں بنیادی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو معیاری سہولتیں فراہم ہوں گی، جو مکران ڈویژن کے سماجی و معاشی ڈھانچے کو ایک نئی جہت دیں گی۔
°°°

خبرنامہ نمبر6758/2025
چمن 15 ستمبر 2025ب
چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، متعدد گرفتار اور ڈی پورٹ
ضلعی انتظامیہ
چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ آج اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی بلوچ نے لیویز رسالدار حاجی جہانگیر خان کاکڑ، دفعدار حاجی صادق، لیویز اور ایف سی فورسز کے ہمراہ چمن کے علاقے شین تالاب میں غیر قانونی باشندوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں
اس دوران متعدد غیر قانونی افغان مہاجرین کو حراست میں لینے کے بعد ضروری قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد انھیں افغانستان واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
اے سی چمن نے اس موقع پر افغان باشندوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے رضاکارانہ طور پر فوری طور پر وطن واپس چلے جائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تمام افغان مہاجرین کا مکمل انخلا مکمل نہ ہو

خبرنامہ نمبر6759/2025
کوئٹہ 15 ستمبر2025: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سی پیک کا شاندار منصوبہ پورے خطے میں معاشی جمود کو توڑنے اور متصل ممالک کی تقدیر بدلنے کی بےپناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ پہلی بار ایک پرائیویٹ کمپنی – ویو مرکنٹائل – گڈانی میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جو سی پیک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائیگی۔ یہ سرمایہ کاری جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ گڈانی کی شپ بریکنگ انڈسٹری کو مزید فعال کر کے ماحول دوست طریقوں کو یقینی بنا کر اور نوجوانوں کو جدید مہارتیں فراہم کرتے ہوئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کر یگی۔ جیسے جیسے گڈانی کی شپ بریکنگ انڈسٹری پروان چڑھے گی، یہ ایک خطے کے ” اکانومک ہب ” کے طور پر ابھرے گی، نئے سرمایہ کاروں کو راغب کریگی اور پاکستان کو ایک زیادہ خوشحال مستقبل کی طرف لے جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریذیڈنٹ بلوچستان اکنامک فورم سردار شوکت پوپلزئی کی قیادت چائنیز بزنس مین پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، پاک ایکو میرین سلوشن لمیٹڈ (PAKECO Marine Solutions) کے منیجنگ ڈائریکٹر راجہ تیمور رحمان، بلیو ویو مرکنٹائل (Blue Wave Merchantile) کے سربراہ Mr. Likui Liu اور دیگر کمپنی نمائندگان موجود تھے. اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے واضح کر دیا کہ سی پیک کی ترقی کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق بلوچستان کا بڑا حصہ رکھنا لازمی ہے۔ گڈانی کی قیمتی اراضی کے پیش نظر جس کی مالیت اربوں روپے ہے کے مطابق بلوچستان کا بڑا حصہ رکھنا لازمی ہے تاکہ یہ بلوچستان کی حکومت کیلئے بھی منافع بخش ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں منافع بخش مواقع دستیاب ہیں ضروری ہے کہ دنیابھر کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کریں. موجودہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں تمام قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں. بلوچستان کوسٹل بیلٹ پر ترقی فیشریز کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں. ماہی-گیری سمیت زراعت اور لائیو اسٹاک میں بھی ہم چائنیز اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں. آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل اور مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈ اور تحائف کا تبادلہ ہوا.

خبرنامہ نمبر6760/2025
گوادر15ستمبر2025:
رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انجینئر سلمان بلوچ، جی ڈی اے کے انجینئر میر جان بلوچ، ایریگیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ پانی کے بحران سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں موجودہ خشک سالی کے باعث درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹیکنیکل مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کسی بڑے خلل سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔اجلاس کے دوران شادی کور ڈیم کو چہوڈ ڈگار سے منسلک کرنے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور بتایا گیا کہ جلد ہی شادی کور سے گوادر کو پانی کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈیسلینیشن پلانٹ کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر6761/2025
گوادر 15ستمبر2025:
رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سید ظہور شاہ ہاشمی میں فرسٹ ایئر کے نئے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ ویلکم تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو تعلیمی سفر میں محنت، لگن اور کردار سازی کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پرنسپل نصیر احمد بلوچ، ماجد حسین سہرابی، واجہ حسین، سول سوسائٹی کے چیئرمین محمد جان بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل عبدالوہاب بلوچ اور دیگر معززین نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو خوش آمدید کہا اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں طلبہ نے بھی اپنے خیالات پیش کیے۔

خبرنامہ نمبر6762/2025
خضدار 15 ستمبر 2025: ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سے ایگزیکٹو انجینئر آپریشن کیسکو خضدار سیف اللہ بلوچ نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں زمینداروں کی جانب سے ٹیوب ویلز کے لیئے مقرر کردہ معیاری طریقہ کار ایس او پیز پر عمل درآمد میں تاخیر اور بجلی کے سامان کی واپسی نہ کرنے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ کیسکو خضدار محمد نواز بھی موجود تھے۔ملاقات کا بنیادی مقصد زمینداروں کی جانب سے بجلی کے سامان، جیسے کہ میٹرز، وائرنگ، ٹرانسفارمر اور کمبے و دیگر متعلقہ آلات، کی واپسی میں تاخیر کے معاملے پر قابو پانا تھا۔ یہ تاخیر سولر سسٹم کی طرف منتقلی کے عمل کو متاثر کر رہی ہے۔ اجلاس میں زمینداروں کی عدم تعاون کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا اور اس کے لیئے ایک موثر حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے کہاکہ زمینداروں کو چالیئے کہ وہ طے شدہ ضابطے پر عمل کریں اور بجلی کا سامان مقررہ وقت پر واپس کریں تاکہ منصوبے میں تاخیر سے بچا جا سکے۔ ایگزیکٹو انجینئر سیف اللہ بلوچ نے اجلاس میں بتایا کہ کیسکو نے سامان کی واپسی کے لیئے ایک واضح ٹائم لائن تیار کی گئی تھی تاہم زمیندار اس متعلق تاخیر کررہے ہیں جو کہ طے شدہ معاہدہ پر عملدرآمد نہ کرنے کا عندیہ ہے ۔

خبرنامہ نمبر6763/2025
خضدار: 15 ستمبر 2025/ ایف سی قلات اسکاؤٹس نے خضدار میں سمگلنگ کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر قانونی چھالیہ برآمد کی۔ یہ آپریشن میجر مصطفیٰ کی قیادت میں خضدار کے قریب ایک اہم روٹ پر کیا گیا، جہاں مشتبہ کوچ کی تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں سمگل شدہ چھالیہ پکڑی گئی۔ ایف سی قلات اسکاؤٹس نے برآمد شدہ چھالیہ کو کھلے میدان میں جمع کرکے نذر آتش کردیا۔ حکام کے مطابق، ایف سی کی یہ مسلسل کارروائیاں سمگلنگ کی روک تھام اور ملکی معیشت کے تحفظ کے لیئے کی جا رہی ہیں۔ ایف سی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔یہ کامیاب آپریشن علاقے میں سمگلنگ کے خلاف ایف سی کی موثر حکمت عملی اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ عوام نے بھی اس کارروائی کو سراہا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

خبرنامہ نمبر6764/2025
کوئٹہ 15 ستمبر2025: وزیر بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران نے تربت کے علاقے مند میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید کیپٹن وقار احمد کاکڑ، نائیک جنید، نائیک عصمت، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی ظہور کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سرزمین کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہم ہر قیمت پر امن کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے

خبرنامہ نمبر6765/2025
کوئٹہ 15 لورالائی2025: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے تربت مند میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دشت گرد حملے کے نتیجے میں کیپٹن وقار احمد کاکڑ، نائیک جنید، نائیک عصمت، لانس نائیک خان محمد، سپاہی ظہور دوران ڈیوٹی شہادت پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے. اپنے ایک مذمتی بیان میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دہشت گردی درحقیقت دہشت اور وحشت پر مبنی ایک ذہنیت کا نام ہے جس کا مکمل خاتمہ لازمی ہے. انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کریں اور سوگوار خاندانوں کو صبر وہمت عطا فرمائے*

خبرنامہ نمبر6766/2025
چمن 15 ستمبر 2025:
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا مختلف گرلز اسکولوں کا دورہ، یو این ایس ایف کے جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالقدوس اچکزئی نے لرننگ کوآرڈینیٹر دولت اچکزئی اور فوکل پرسن جعفر خان کے ہمراہ چمن کے مختلف گرلز اسکولوں کا دورہ کیا۔انہوں نے پرانا چمن گرلز مڈل اسکول، کلی چارگل گرلز مڈل اسکول، کلی رستم، کلی گڑنگ کاریز، اور کلی اللہ نور پرائمری گرلز اسکول کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اساتذہ کی حاضریاں چیک کیں اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کلاس رومز میں طالبات سے انکے سبجیکٹس کے حوالے سے سوالات کیے اور طالبات کی پڑھائی میں دلچسپی پر انکو شاباش دی اور مسرت کا اظہار کیا اس موقع پر یو این ایس ایف (UNSF) کے تعاون سے اسکولوں میں جاری ترقیاتی کام کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے جاری کام کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے یو این ایس ایف کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تدریسی معیار کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

خبرنامہ نمبر6767/2025
گوادر 15ستمبر2025: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سید ظہور شاہ ہاشمی میں فرسٹ ایئر کے نئے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ ویلکم تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو تعلیمی سفر میں محنت، لگن اور کردار سازی کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر پرنسپل نصیر احمد بلوچ، ماجد حسین سہرابی، واجہ حسین، سول سوسائٹی کے چیئرمین محمد جان بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل عبدالوہاب بلوچ اور دیگر معززین نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو خوش آمدید کہا اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں طلبہ نے بھی اپنے خیالات پیش کیے۔

خبرنامہ نمبر6768/2025
تربت15ستمبر2025: یونیورسٹی نے مختلف انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ پروگراموں کے لیے سپرنگ 2026 میں داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے
تربت [15ستمبر2025] یونیورسٹی آف تربت نے مختلف انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، پوسٹ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز(پانچواں سمسٹر) گریجویٹ پروگرامز میں سپرنگ 2026 کے داخلوں کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30ستمبر 2025تک توسیع کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق توسیع شدہ تاریخ تک امیدوار 15 انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز، 20 ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، 13 پوسٹ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز اور 10 گریجویٹ پروگرامز [ایم ایس/ایم فل/پی ایچ ڈی]کے علاوہ سیلف فنانس اسکیم کے تحت 9 پروگرامز میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔امیدوار یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر داخلہ پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں https://uot.edu.pk/admission-portal/login درخواست فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ https://uot.edu.pk/downloads/admission-formسے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں داخلہ فارم یونیورسٹی آف تربت کے ایڈمیشن سیل (مین کیمپس) اور شہر میں واقع لاء ڈپارٹمنٹ سے بھی وصول اور جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے تربت یونیورسٹی کی رجسٹرار آفس یا داخلہ سیل یا ان ٹیلی فون نمبروں پر رابطہ کیاجاسکتاہے ۔0852-400514, 400529, 400539.

خبرنامہ نمبر6769/2025
تربت 15 ستمبر2025: 2025)یونیورسٹی آف تربت میں پہلی سیرت النبی ﷺ کانفرنس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس پروقار کانفرنس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن تھے۔یہ کانفرنس وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیراہتمام منعقد ہوئی، جس میں رجسٹرارگنگزاربلوچ کے علاوہ طلبہ و طالبات، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے آقا حضرت محمد مصطفی ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔کانفرنس میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرگل حسن کے علاوہ فیکلٹی ممبر ملک داد اورعبدالحکیم نے خطاب کیاجنہوں نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ ﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔نظامت کے فرائض تربت یونیورسٹی کےڈائریکٹر پبلک ریلیشنزاعجاز احمد نے انجام دیے۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت شعبہ ایجوکیشن کی طالبہ مروارد نے حاصل کی۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ایک کامل ضابطہ حیات اور ہر انسان کے لیے ذریعہ ہدایت ہے۔ آپ ﷺ نے دشمنوں کو بھی عفو، درگزر اور اعلیٰ اخلاق سے جیتا۔ آج کے دور میں ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی زندگیاں حضور ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔اسلام میں صلاح رحمی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف تربت علمی، فکری، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو سیرت النبی ﷺ کے آفاقی پیغام سے روشناس کراتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری اور شہید ذاکر لائبریری میں حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ پر بے شمار مستند و قیمتی کتب موجود ہیں، جو طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کتب سے استفادہ کر کے نہ صرف سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو سمجھا جا سکتا ہے بلکہ موجودہ دور کے سماجی و اخلاقی مسائل کے حل کے لیے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کامیاب اور بامقصد کانفرنس کے انعقاد پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کی کردار سازی اور اسلامی اقدار سے وابستگی کو مزید تقویت دیتی ہیں۔دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے اعمال، اخلاق، عبادات اور معاملات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا وہ سیرت طیبہ کے مطابق ہیں یا نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری زندگی کا ہر پہلو رسول اللہ ﷺ کی سنت اور تعلیمات کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔ اسلام کی سچی، پرامن اور روشن تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی انسانیت کو بے چینی، عدم برداشت اور عدم تحفظ سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستانی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی قائم کریں تاکہ بہترین انسان، محب وطن اور پرامن شہری کے طور پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرسکیں۔کانفرنس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور معاشرے میں امن و سکون کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

خبرنامہ نمبر 6770/2025
سبی 15 ستمبر2025:
ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وومن بازار اور بزنس سنٹر جیسے منصوبے خواتین کے لیے نہ صرف معاشی مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں خود کفیل بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے ہنر کے مطابق کاروبار شروع کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے، جس سے وہ باعزت روزگار کما سکیں گی۔ یہ بات انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو وومن سنٹر شیلٹر ہوم، وومن بازار اور بزنس سنٹر کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں خواتین کے لیے سہولیات اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے خواتین کی جانب سے لگائی جانے والی تمام دکانوں کا معائنہ کیا وومن بازار میں بلوچ اور پشتون ثقافتی اور دیگر مصنوعات کے لیے خواتین کو دکانیں دی گئی ہیں جن میں ہینڈی کرافٹس، روایتی خوراک، شالیں، بلوچی ملبوسات، سیلون، ڈرائیونگ سنٹر اور دیگر کاروبار شامل ہیں۔ یہ بازار اپنی نوعیت کا منفرد ہے کیونکہ اس میں دکانیں خواتین ہی چلائیں گی اور خریداری بھی خواتین ہی کریں گی۔ دکانوں کو عوام، بالخصوص خواتین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ اس موقع پر شہید بے نظیر بھٹو وومن سنٹر شیلٹر ہوم کی منیجر رخشندہ کوکب (محکمہ ترقی نسواں) نے ڈپٹی کمشنر سے سنٹر کے لیے بجلی، گیس اور چار دیواری کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران سے رابطہ کر کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ رخشندہ کوکب نے کہا کہ وومن بازار خواتین کے لیے نہ صرف کاروباری پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں اپنے ہنر کو اجاگر کرنے اور مالی طور پر خود مختار بنانے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے آسان اقساط پر بلا سود قرضے وومن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو آگے بڑھا سکیں۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ ربابہ بلیدی اور سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ سائرہ عطا کی خصوصی کوششوں سے بلوچستان بھر میں وومن انڈومنٹ فنڈ کے تحت خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں وومن بازار اور بزنس سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو معاشی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر6780/2025
گوادر15ستمبر2025:
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی اور ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے پی ایچ یو پلیری، بی ایچ یو گبداور بی ایچ یو موجو کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ مراکز صحت میں ادویات کے ذخائر، او پی ڈیز، طبی آلات، مریضوں کو درپیش مسائل، صفائی کے انتظامات اور لیبارٹری سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسٹاف اور ڈاکٹروں کی حاضری بھی چیک کی گئی۔ ڈی ایچ او اور ڈی ایس ایم نے متعلقہ انچارجز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

خبرنامہ نمبر6781/2025
کوئٹہ، 15 ستمبر2025. ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی پرائس کنٹرول کے تحت ممنوعہ پولیتین بیگز، منی پیٹرول پمپس اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کاروائیاں کیں اس موقع پر 170 دکانوں و مارکیٹوں کا معائنہ کرکے37 افراد گرفتار جبکہ 25 افراد جیل منتقل کردیا گیا اس موقع پر 8 دکانیں سیل،75 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط،2 منی پیٹرول پمپس سیل اور27 دکانداروں پر جرمانے عائد کردیے گئے۔ان کاروائیوں کے دوران بیف شاپس، مٹن شاپس، ڈیری فارمز، ملک شاپس، تندور، پولیتین بیگز اور منی پیٹرول پمپس کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے سب ڈویژن سریاب، لیاقت علی جتوئی نے میزان چوک، مسجد روڈ، طوغی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں پرائس کنٹرول و تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کیں۔اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے سب ڈویژن سٹی میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے، جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے نواں کلی، عالمو چوک اور جناح ٹاؤن میں پرائس کنٹرول اقدامات کیے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کی زیر نگرانی کچلاک بازار میں بیف، مٹن اور پولٹری شاپس کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد کے خلاف منافع خوری، غیر قانونی پٹرول پمپس اور ممنوعہ پولیتین بیگز کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر6782/2025
کوئٹہ 15 ستمبر 2025: وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ “جیل صحت پروگرام” کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کی جیلوں میں قید قیدیوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے جو قیدیوں کے بنیادی حقوق اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے جیل صحت پروگرام کے تحت سینٹرل جیل کوئٹہ میں میڈیکل اسکریننگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان شہیک بلوچ ،آئی جی جیل خانہ جات ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے جیل میں قیدیوں کو دی جائے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جیلوں میں موجود قیدی بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے ذمہ دارانہ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ اس پروگرام کے تحت قیدیوں کو ہیپاٹائٹس اے اور بی، تپ دق (TB)، بلڈ پریشر، ذہنی امراض سمیت 30 سے ذائد دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے معائنہ، ادویات اور علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں قیدیوں کی صحت کو وہ ترجیح نہیں دی گئی جس کی وہ حقدار تھے، تاہم موجودہ حکومت نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے کہ پہلی مرتبہ خصوصی طور پر جیلوں میں صحت کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر جیل صحت پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ قیدیوں کو بھی وہی علاج اور سہولتیں میسر ہوں جو معاشرے کے دیگر افراد کو حاصل ہیں،ہمارا مقصد صرف علاج معالجہ فراہم کرنا نہیں بلکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص، ویکسینیشن اور آگاہی مہم کے ذریعے قیدیوں کو صحت مند بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ قیدی ہمارے معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جن کی صحت کے بارے میں سنجیدہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند قیدی ہی صحت مند سماج کی ضمانت ہیں۔یہ پروگرام وقت کے ساتھ مزید وسعت دی جائے گا اور بلوچستان کی تمام جیلوں میں اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور قیدیوں سمیت ہر شہری کو معیاری طبی سہولتوں تک رسائی دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے جیل میں قید بچوں خواتین اور دیگر افراد کے تربیتی پروگرام کابھی معائنہ کیا۔جہاں جیل حکام کی جانب سے صوبائی وزیر کو قیدیوں کو دی جانے والی سہولت تربیت اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلا بریفنگ دی گئی۔