13th-November-2025

خبرنامہ نمبر8572/2025
کوئٹہ 13نومبر2025:
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس (نارتھ زون) کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ مہم سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس سید ظفر علی شاہ بخاری اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز (نارتھ) ڈائریکٹر ایکسائز نصیر اللہ مندوخیل کی خصوصی ہدایات اور براہِ راست نگرانی میں عمل میں لائی جا رہی ہے۔محکمہ ایکسائز کے ترجمان کے مطابق، صوبے بھر میں منشیات کی پیداوار اور ترسیل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں پوست کے کھیت تباہ کیے جا رہے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ منشیات کی غیر قانونی کاشت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کاشتکاروں کے لیے متبادل روزگار کے منصوبے بھی زیر غور ہیں تاکہ انہیں منشیات سے پاک معاشی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی، تاکہ صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8573/2025
ڈیرہ اللہ یار روڈ اُستامحمد کے مقام پر ای ٹی او جعفرآباد کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کار سے 16 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ کارروائی کے دوران ملزم شبیر حسین کو گرفتار جبکہ منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی ایک آلٹو کار کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔محکمہ ایکسائز جعفرآباد کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ منشیات کے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے تفتیشی عمل جاری ہے۔یں

خبر نامہ نمبر8574/2025
نصیرآباد13نومبر2025:
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج نصیرآباد میں ایف اے، سی سپلیمنٹری امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نصیرآباد عبداللطیف کاکڑ نے امتحانی مرکز کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے امتحانی انتظامات، عملے کی حاضری، طلبہ کے لیے فراہم کردہ سہولیات، سکیورٹی اور امتحانی عمل کی شفافیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو مزید منظم، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔اس موقع پر سینٹر کے انچارج سپرنٹنڈنٹ روستم علی مگسی اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شفقت علی مگسی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو امتحانی عمل، سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبداللطیف کاکڑ نے واضح ہدایت دی کہ نقل کی روک تھام اور امتحانی شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات تعلیمی نظام کی بنیاد ہیں، لہٰذا ان کے منصفانہ انعقاد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر8575/2025
کوئٹہ13نومبر2025:
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے زیرِ اہتمام ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ایکسائز افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد محکمہ کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا اور منشیات کے خلاف جاری اقدامات میں جدید حکمتِ عملیوں کو اپنانا تھا۔تربیتی سیشن میں افسران کو تفتیشی عمل، قانون نافذ کرنے کے جدید تقاضوں، منشیات کی نشاندہی، اور مؤثر رپورٹنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ترجمان نے کہا کہ جدید تربیت کے ذریعے نہ صرف کارروائیوں کی استعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ منشیات کے خاتمے کے لیے محکمہ کی کوششیں مزید مؤثر بن سکیں گی۔تقریب میں شرکاء نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کی قیادت کی جانب سے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں جو صوبے میں انسدادِ منشیات کے مشن کو مضبوط بنائیں گے۔

خبرنامہ نمبر8576/2025
بارکھان 13 نومبر 2025:
ضلع بارکھان میں پہلی مرتبہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بارکھان میں سائنس ایگزیبیشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا ۔اس سائنسی میلے میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بارکھان، حسن پبلک سکول بارکھان، گل پبلک سکول بارکھان اور کریئیٹو پبلک سکول رکنی کے طلبہ نے حصہ لیا۔ بچوں نے فزکس، کیمسٹری اور بائیولوجی کے مجموعی طور پر 21 سائنسی پراجیکٹس تیار کیے
کالج انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ اور اسسٹنٹ کمشنر بارکھان . خادم حسین بھنگر کو بطورِ مہمانِ خصوصی مدعو کیا۔ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلباء کی محنت، تخلیقی صلاحیت اور سائنسی سوچ کو سراہا
انہوں نے کہا کہ ایسے ایگزیبیشنز نوجوانوں میں علم و تحقیق کا شوق پیدا کرتے ہیں اور اُن کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔یہ کامیابی نہ صرف بارکھان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے آخر میں ڈی سی بارکھان نے طلبہ کو علم و تحقیق کے میدان میں مزید آگے بڑھنے کی تلقین کی۔

خبرنامہ نمبر8577/2025
کوئٹہ، 13 نومبر 2025
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اور مضر صحت بیکری مصنوعات کے خلاف جاری مہم کے تحت کوئٹہ ، کچلاک اور خاران کے مختلف علاقوں میں بیکری یونٹس کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران مزید 20 سے زائد بیکری مالکان کو جرمانہ جبکہ متعدد کو وارننگ اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔انسپیکشن ٹیموں نے بیکریوں و بیکنگ یونٹس سے ایکسپائرڈ کلرز، فلیورز اور زنگ آلود مشینری برآمد کی جبکہ متعدد مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات، گندگی اور ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں بھی پائی گئیں۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق تمام متعلقہ یونٹس کو فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس منسوخی اور یونٹ سیلنگ کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کے مطابق عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت جرم ہے جس کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور فوڈ سیفٹی کے مقررہ اسٹینڈرڈز کےحوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔بی ایف اے کی مہم عوامی صحت کے تحفظ اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں جاری رہے گی۔

خبرنامہ نمبر8578/2025
کوئٹہ۔13 نومبر 2025 : پاکستان مسلم لیگ (ن) صوبہ بلوچستان کے زیر اہتمام بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے حوالے سے گزشتہ روز ایک اہم مشاورتی اور جائزہ اجلاس رہنما پاکستان مسلم لیگ و پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی کی صدارت میں منعقد ہوا،بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسلز کی تعداد،ووٹرز کی تعداد،حلقہ بندی اورحد بندی بارے تفصیلی اظہار خیال کیا گیا،جبکہ اس موقع پر سیاسی و قبائلی معتبرین نے بھی خطاب کیا،تاہم اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں حاجی ولی نورزئی نے کہا کوئٹہ کی تمام یونین کونسلز سے پارٹی اپنے امیدوار کھڑے کریگی،پارٹی کے صوبائی دفتر سے ہرچیز کو مانیٹر کیا جائے گا،اور پارٹی ورکرز کے مسائل دیکھیں گے،جبکہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے دفاتر بھی کھول رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بلدیات کے الیکشن کے بعد عوامی فلاحی سسٹم میں مزید بہتری آئےگی،اسی لیے الیکشن بھرپور طریقہ سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے،اور امید کرتے ہیں،کہ ہمارے جینتنے والے امیدواران کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے،انکا کہنا تھا کہ بلدیات کا الیکشن نہ ہونے سے ممبر قومی و صوبائی اسمبلی کونسلرز بن چکے ہیں،دراصل بلدیات کے الیکشن کا مقصد عام آدمی کے دروازے تک سہولیات پہنچانا ہے،پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی نورزئی نے اپنے خطاب میں پارٹی ورکرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز کی فہرستوں کی چھان بین کی جائے،اور ایسے افراد جن کے ووٹ اپنے متعلقہ وارڈ میں درج نہیں ہیں،ان کی متعلقہ وارڈ میں اندراج کے لیے اقدامات کئے جائیں،انکا مزید کہنا تھا ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،اور ہماری پارٹی کوئٹہ کے تمام 172 یونین کونسلوں اور 641 وارڈز کے سیٹوں پر الیکشن لڑے گی،جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جائیں گے،اجلاس میں شریک پارٹی رہنماوں اور علاقہ معتبرین کی جانب سے بروقت اقدامات و انتظامات کرنے کے پاداش میں حاجی ولی نورزئی کی کاوشوں کو خوب سراہا گیا۔

خبرنامہ نمبر8579/2025
قلات13نومبر2025:
ڈپٹی کمشنرمنیراحمددرانی کے زیر صدارت ضلعی افسران کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہنواز بلوچ اسسٹنٹ کمشنر قلات طاہرسنجرانی سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر سے اپناتعارف کرایا اور اپنے اپنے محکموں کی کاکردگی اور محکموں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیاگیاڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے کہاکہ تمام سرکاری محکموں کے سربراہان اپنی کارکردگی مزید بہتربنائیں اور اپنے دفاتر میں حاضررہیں بلارنگ ونسل عوام کی خدمت ہم سب کی زمہ داری ہےآفیسران عوامی مسائل کے حل کے لیئے بروقت اقدامات اٹھائیں اور لوگوں کے لیئے آسانیاں پیداکریں تاکہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو ضلع کے لوگوں کے بنیادی سہولیات پانی بجلی گیس تعلیم صحت امن وامان اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیئے ہرممکن کوشش کریں گے ہم سب مل کر دوستانہ ماحول میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کریں گے علاقائی مسائل کے حل کے لیئے ضلعی انتظامیہ تمام محکموں سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

خبرنامہ نمبر8580/2025
قلات : میزل اور روبیلا مہم کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے کیا افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ اسسٹنٹ کمشنر قلات طاہر سنجرانی ڈیزیز سرولنس آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر نوروز بلوچ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمداقبال نورزئی ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر نصراللہ لانگو سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان اور سیاسی وقبائلی رہنماء میر قادربخش مینگل سردار عبدالفتاح عالیزئی میرعبدالصمدعمرانی اور دیگر بھی موجود۔رہےڈیزیز سرولنس آفیسر ڈبلیوایچ او ڈاکٹرنوروزبلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو میزل اور روبیلا مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوے کہاکہ خسرہ اور روبیلا سے بچاو کے اس مہم میں 6ماہ سے لے کر 5سال تک کے بچوں کو ٹیکہ لگایاجائے گا مہم 13نومبر 2025سے شروع ہوکر 25نومبرتک 2025جاری رییگا۔
ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے کہاکہ میزل اور روبیلا مہم ایک قومی مہم ہے اسے کامیاب بنانے کے لیئے ہم سب کو اپناکردارادا کرناہوگا محکمہ صحت کے زمہ داران سمیت سیاسی قبائلی رہنماء صافی برادری اس حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کریں کہ وہ اپنے بچوں کو خسرہ سے بچاوکے ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ کی تشکیل ممکن ہوسکے۔
۔

خبرنامہ نمبر8581/2025
قلات۔
ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی سے پرنس لعل جان احمدزئی کے قیادت میں آل پارٹیز رہنماوں کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں انجمن تاجران کے سربراہ اقلیتی برادری نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔آل پارٹیز کی جانب سے آغالعل جان احمدزئی میرقادربخش مینگل میر منیرشاہوانی نے ڈپٹی کمشنر کو بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ بجلی کی ٹرپنگ وولٹیج کی کمی مختلف فیڈرز کی بندش اوور بلنگ سمیت کیسکو حکام کے ساتھ کیئے گئے میٹنگز معائدوں سمیت گیس کی عدم فراہمی اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی آگاہی دی گئی ڈپٹی کمشنر منیراحمد درانی نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں بجلی بحران سے سے متعلق کل ہی کیسکو زمداران کو طلب کرکے معاملے کا بغور جائزی لیاجائیگا تاکہ اس مسلے کا مستقل حل نکالا جاسکے اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیئے ایس پی قلات اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں سے اعلی سطحی میٹنگ کیاجائیگا تاکہ علاقے میں امن کی فضاء قائم ہوسکے ۔

خبرنامہ نمبر8582/2025
نصیرآباد13نومبر2025:
جعفرآباد۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری ترقیاتی امور کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز عتیق الرحمن سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، مالی امور اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو پی سی ون کے مطابق بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے، کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انجینئرز خود اپنی نگرانی میں ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کام کے معیار پر کوئی سوالیہ نشان نہ اٹھے۔ خالد خان نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں، لہٰذا تمام محکمے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور معیاری تکمیل نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ ضلع کی مجموعی ترقی میں بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔

خبرنامہ نمبر8583/2025
بارکھان :محکمہ صحت بارکھان کے زیرِ اہتمام 17 تا 29 نومبر خسرہ و روبیلا مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو، ونگ کمانڈنٹ 129 ایف سی بارکھان لیفٹیننٹ کرنل محمد یونس، اسسٹنٹ کمشنر خادم حسین بھنگر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مجیب الرحمن بگٹی اور دیگر افسران شریک تھے۔
مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ و روبیلا (ایم آر) کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، جبکہ پیدائش سے 6 ماہ تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ ضلع بھر میں 32 ہزار بچوں کو ایم آر ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے اس موقع پر کہا کہ خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کے لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8584/2025
کوئٹہ، 13 نومبر:ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے آج یہاں سرکلر پارکنگ پلازہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پلازہ میں جاری تعمیراتی کام اور نئی تعمیر ہونے والی عمارات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پارکنگ پلازہ میں میل اور فیمیل سیکشنز کا جائزہ لیا اور علیحدہ لفٹ سسٹم کے معیار و فعالیت کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سہولیات کو عوامی آسانی کے مطابق مکمل کیا جائے۔پلازہ کی بالائی منزل پر تعمیر ہونے والا ریسٹورنٹ کوئٹہ کے عوام کے لیے ایک منفرد تفریحی مقام بننے جا رہا ہے، جو شہر کے وسط میں بلند، کشادہ اور خوبصورت لوکیشن پر واقع ہے۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ کوئٹہ کے عوام کے لیے سہولت اور تفریح دونوں فراہم کرے گا۔ اسے جلد از جلد مکمل کرکے عوام کے لیے کھولا جائے تاکہ شہری بہتر ماحول اور معیاری سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہری سہولیات کے فروغ اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

خبرنامہ نمبر8585/2025
کوئٹہ، 13 نومبر:
صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ سے بلوچستان سول سروس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی اوز کے ایک وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے زیرِ تربیت افسران کو گرین بس سروس منصوبے کے اغراض و مقاصد، اس کی فنکشننگ، ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم اور عوامی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی سیکرٹری محمد حیات کاکڑ نے کہا کہ گرین بس سروس حکومتِ بلوچستان کا ایک انقلابی اور عوام دوست منصوبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو سستی، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی، ایندھن کے اخراجات میں بچت اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ گرین بس منصوبہ جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس میں جدید ٹریکنگ سسٹم، خودکار ٹکٹنگ نظام، سی سی ٹی وی کیمرے اور مسافروں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عوامی سہولت کے پیشِ نظر حکومت نے منصوبے میں توسیع کرتے ہوئے بلیلی سے گاہی خان چوک تک روزانہ بسیں چلانے اور مزید 17 نئی بسیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سے چار بسیں خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی جو بہت جلد فنکشنل ہو جائیں گی۔
بریفنگ کے دوران زیرِ تربیت افسران نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے، جن کے سیکرٹری حیات کاکڑ نے تفصیلی جوابات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تربیتی عرصے کے دوران مختلف سرکاری منصوبوں کا عملی مشاہدہ کریں تاکہ مستقبل میں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھا سکیں۔آخر میں تربیت یافتہ افسران نے حکومتِ بلوچستان کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے شہری سہولتوں میں بہتری اور عوامی اطمینان کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

خبرنامہ نمبر8586/2025
نصیرآباد13نومبر2025:
کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت ضلع نصیرآباد میں زرعی زمینوں کے تنازعات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی نصیرآباد رینج عاصم خان، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار، ایس ایس پی غلام سرور بھیئو، اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ضلع نصیرآباد میں مختلف زرعی زمینوں پر جاری تنازعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا۔ کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مختلف قبائل کے درمیان زرعی زمینوں کے تنازعات عرصہ دراز سے چل رہے ہیں جو پیچیدہ نوعیت کے حامل ہیں اور ان کا بروقت حل ناگزیر ہے، کیونکہ یہ مسائل امن و امان کی صورتحال پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اور ریونیو محکمے مشترکہ طور پر قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع نصیرآباد میں زرعی زمینوں کے تنازعات کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی سطح کی مشترکہ انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے جو ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں فوری اور مؤثر کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو دوسرے کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور جو کوئی بھی اس عمل میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف پولیس بلا تاخیر قانونی کارروائی کرے۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ زرعی زمینوں کے تنازعات کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8588/2025
کوئٹہ 13 نومبر2025:۔صوبے میں صحت کے نظام میں بہتری اور میڈیکل اداروں کی فعالیت کو بڑھانے کے لیےمحکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔جہاں طبی اداروں کی کارکردگی ان میں دی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کیلیے محکمہ صحت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری صحت بلوچستان داؤد خان خلجی نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ (PGMI) کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔جس میں محکمہ صحت کی کارکردگی، تدریسی پروگراموں اور ہسپتالوں کی انتظامی و علاج کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری صحت شہک بلوچ، ڈین پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر نور احمد کھوسہ ،ریجنل ڈائریکٹر سی پی ایس پی بلوچستان ڈاکٹر عائشہ صدیقہ، رجسٹرار پی جی ایم آئی ڈاکٹر سید بلال شمس، پرنسپل بولان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راز محمد کاکڑ، پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، پروفیسر ڈاکٹر اشرف اچکزئی سمیت محکمہ صحت کے دیگر سینئر افسران اور تدریسی عملے نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری، بنیادی طبی سہولیات کی دستیابی، تدریسی و تربیتی پروگراموں کے معیار، اور مانیٹرنگ کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صحت داؤد خان خلجی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ“صحت کے شعبے میں بہتری حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانا، دواؤں اور طبی آلات کی فراہمی میں شفافیت لانا اور عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔”سیکرٹری صحت داؤد خان خلجی نے مزید کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ جیسے ادارے طبی ماہرین کی تربیت اور نظامِ صحت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان اداروں کو درپیش مسائل کے حل اور تدریسی و تربیتی پروگراموں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔سیکرٹری صحت داؤد خان خلجی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ صوبے کے تمام تدریسی و ضلعی اسپتالوں میں مانیٹرنگ سسٹم کو مزید فعال کیا جائے، حاضری اور کارکردگی کی ماہانہ رپورٹیں مرتب کی جائیں، اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام تدریسی ہسپتالوں کے انتظامی و تدریسی امور کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی، جبکہ تربیتی پروگراموں کے معیار کو عالمی اصولوں کے مطابق بہتر بنانے کے لیے نئی سفارشات تیار کی جائیں گی۔سیکرٹری صحت داؤد نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو عوامی مفاد میں اپنی ذمہ داریاں مزید دیانت داری سے انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ
“محکمہ صحت کا ہر افسر اور ہر ڈاکٹر عوام کے اعتماد کا امین ہے، اس اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے عملی کارکردگی دکھانا وقت کی ضرورت ہے۔

خبرنامہ نمبر8589/2025
سبی 13 نومبر2025:
اسسٹنٹ کمشنر سبی و ریٹرننگ آفیسر منصور علی شاہ کی نگرانی میں گزشتہ روز یونین کونسل نمبر 6 خجک کے لیے وائس چیئرمین کی خالی نشست پر انتخابی عمل مکمل ہوا۔ یونین کونسل خجک کے 9 کونسلرز پر مشتمل نمائندوں میں نصراللہ خجک بلا مقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہو گئے۔ انتخابی عمل کے موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سبی شمس الدین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر8590/2025
گوادر 13 نومبر 2025:
گوادر یونیورسٹی کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا ساتواں اجلاس پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، گوادر یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ اسلم، ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی لیکچرر محترمہ شہناز نور اور فنانس ڈائریکٹر رحمت اللّٰہ (سیکریٹری اجلاس) کےعلاوہ محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان کا نمائندہ بشیر آحمد ، نمائندہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد ارسلان مجید اور گورنر سیکرٹریٹ سے حافظ نور نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی نے مالی و انتظامی امور پر غور کیا اور متعدد اہم نکات کی منظوری دی، جن میں 15 مئی 2025 کو منعقدہ چھٹے اجلاس کی کاروائی اور اس پر عملدرآمد رپورٹ کی توثیق، مالی سال 2024-25 کے اخراجات کی منظوری، شامل تھے۔مزید برآں، کمیٹی نے کنٹریکٹ اساتذہ کے لیے نظرثانی شدہ پیکیج، مستقل ملازمین کے لیے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2025، اور ایم ایس/ایم بی اے پروگرامز کی فیس کی منظوری دی۔اجلاس میں اراکین نے یونیورسٹی کے مالی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانے، غیر ضروری اخراجات مین کمی لانے اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پائیدار حکمتِ عملی اپنانے پر تفصیلی گفتگو کی۔ ممبران نے بجٹ تخمینہ 2025-26 کے لیے بھی تجاویز دیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اس موقع پر کہا کہ مالی نظم و ضبط، تعلیمی معیار میں بہتری، اور ملازمین کی فلاح و بہبود یونیورسٹی آف گوادر جیسے نئے ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف گوادر تین چار سال کے انتہائی کم مدت مین قابل ذکر ترقی کی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کے تمام اراکین کی قیمتی آراء اور محکمہ خزانہ، گورنر سیکرٹریٹ، اور ایچ ای سی کے نمائندگان کی شرکت اور ان کی قیمتی آراء کو سراہا۔

خبرنامہ نمبر8591/2025
ضلع اوستہ محمد میں خسرہ و روبیلا مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ان مہلک بیماری سے بچاؤ کے لیے قومی مہم کا باقاعدہ آغاز ھو گیا ھے افتتاحی تقریب 50 بیڈ لیبر اسپتال اوستہ محمد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سردار زادہ فیصل خان جمالی تھے۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال نے کی واضح رہے کہ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک ضلع بھر میں جاری رہے گی۔ مہم کے دوران چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا، جنہیں مقامی زبان میں ارڑی اور بلوچی میں سرخ کہا جاتا ہے، سے بچاؤ کے ٹیکے مفت لگائے جائیں گےافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار زادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا خطرناک وبائی امراض ہیں جو بچوں کی جان کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں ان بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور بین الاقوامی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، اس مہم کی کامیابی ہم سب کے تعاون سے ممکن ہے
تقریب میں مختلف محکموں اور تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی، جن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر استامحمد
ڈاکٹر امیر علی جمالی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قرار حسین جمالی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالجبار سومرو ٹی ایچ کیو اسپتال، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیبر ہسپتال استامحمد ڈاکٹر احمد دین ،ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر ظہور احمد ،ڈاکٹر نصراللہ میمن
اور منصور حسین سمیت (کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر، یونیسیف) شامل تھے جبکہ مذہبی رہنماؤں، قبائلی عمائدین، پیرامیڈیکل اسٹاف، لیڈی ہیلتھ ورکرز، صحافیبرادری، اساتذہ، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور مہم کی کامیابی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو خسرہ و روبیلا کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ ضلع اوستہ محمد کو ان بیماریوں سے محفوظ و صحت مند بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8592/2025
کوئٹہ 13 نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج بھی بی ایس پروگرام تعلیمی اہمیت کے سنگ بنیاد کے طور پر اپنی جگہ قائم ہے جس کیلئے ایک مضبوط بنیادی سٹرکچر، کوالیفائیڈ اکیڈمک اسٹاف، جدید لیبارٹریز، ڈیجیٹل لائبریریز اور دیگر متعلقہ مہارتوں کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر بلوچستان کی حیثیت سے میرے لیے یونیورسٹیاں اور کالجز دونوں یکساں اہمیت رکھتے ہیں اور دونوں ہمارے اہم تعلیمی ادارے ہیں تاہم دو اہم ترجیحات میرے وژن کی رہنمائی کرتی ہیں اول یہ کہ کوالٹی ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ دوم یہ کہ اسٹوڈنٹس چاہیے یونیورسٹی کے ہوں یا کالجز کے ان سب کو کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان سب کے مستقبل کو محفوظ بنانا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں پروفیسرز اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر عبدالقدوس کاکڑ کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بی ایس پروگرام سے حوالے سے گورنر ہاؤس اینڈ سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے لیٹر نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ایک جاندار اور صحتمند بحث کا آغاز کر دیا ہے۔ ہم اس وقت متعلقہ تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان جاری تعمیری بات جیت، اکیڈمک ڈائیلاگ اور باہمی مشاورت کے ذریعے مثبت نتائج کی توقع رکھتے ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ سردست صوبے کے دور افتادہ تمام اضلاع میں بی ایس پروگرام کی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ہمیں امید ہے کہ باہمی مشاورت کے بعد بہت جلد ہم ایک اچھے نتیجے پر پہنچیں گے۔ وفد نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کیا. گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل اور مطالبات کو بہت غور اور توجہ سے سنا اور ان کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی.

خبرنامہ نمبر8593/2025 نصیرآباد13نومبر2025: ضلع جعفرآباد میں بچوں کو خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسے خطرناک امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی جس کے دوران ضلع بھر میں 62413 بچوں کو خسرہ، روبیلا اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔جس کے لیے 24 سپروائزر ایک موبائل ٹی.12 ای پی آئی فکسڈ سینٹرز.68 آؤٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر این اسٹاف ڈاکٹر عبدالغفار سولنگی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر نعیم بگٹی ڈبلیو ایچ او ڈی ایس او ڈاکٹر رفیق احمد چھلگری سی سی ای او امداد علی کھوسہ اور ڈی او سی فوکل پرسن غلام سرور محکمہ صحت کے افسران، علمائے کرام، سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ بچوں کو خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسے موزی امراض سے محفوظ رکھنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے تاکہ ویکسینیشن مہم کو مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا کے خلاف یہ مہم عوامی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے، لہٰذا والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوائیں۔ خالد خان نے علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں اور سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائیں تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام تعاون نہیں کریں گے، اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ممکن نہیں۔ ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور تمام متعلقہ ادارے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ضلع جعفرآباد کے تمام بچے خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسے امراض سے ہمیشہ کے لیے محفوظ رہ سکیں۔

خبرنامہ نمبر8594/2025
کوئٹہ12 نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کوئٹہ شہر کے عوام کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کی خصوصی ہدایت کی. گیس سے متعلق تمام عوامی شکایات کے ازالے کیلئے فوری طور پر ٹھوس عملی اقدامات کیے جائیں۔ سخت سردی کے موسم کے دوران گیس کی سپلائی بلاتعطل یقینی بنائے اور رات دس بجے گیس بند کرنے کی بجائے اس میں مناسب توسیع کیا جائے۔ غیرقانونی کمپریسرز لگانے اور مارکیٹ میں فروخت کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ان اقدامات کو ترجیح دیکر گورنر کا مقصد بالخصوص کوئٹہ کے مکینوں کو ریلیف پہنچانا اور ان کے مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم محمد راحیل ملک بریفنگ دے رہے تھے. اس موقع پر چیف منیجر بلنگ محمد عمران اعظم اور حافظ محمد یوسف بھی موجود تھے. بریفنگ کے دوران گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ صارفین پر خاصکر واجب الادا گیس کے بلوں کی ادائیگی کے حوالے سے حکومتی کاوشوں میں تعاون فراہم کریں. یہ بات واضح ہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہونگے بلکہ عوامی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا. یہ بھی مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض علاقوں میں گیس سپلائی کم یا بند کرنے سے بل ادا کرنے والے اچھے صارفین بھی متاثر ہو جاتے ہیں. گورنر بلوچستان کو حال ہی میں گیس کمپنی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور ادارے کے مشکلات سے بھی آگاہ کیا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ گیس کی سہولیات فراہمی کیلئے کوششیں تیز کی جائے تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہوسکے.

خبرنامہ نمبر8595/2025
کوئٹہ 13 نومبر:2025 گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے پاکستان مسلم لیگ ن قلات ڈویژن کے صدر مدد خان شاہوانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی. اس موقع پر مستونگ کے ضلعی صدر نادر سمالانی اور شازیہ ملک سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے. وفد کے نمایندګان نے گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل کو اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتے ہیں. قلات ڈویژن اور مستونگ کے عوام کو درپیش مشکلات کے پائیدار حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے.

Recast
خبرنامہ نمبر8587/2025
کوئٹہ۔ 13 نومبر 2025
بلوچستان ہائی کورٹ نے عدالتی نظام میں شفافیت، احتساب اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے عوامی شکایات کے لیے وقف واٹس ایپ نمبر اور ای میل ایڈریس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
ہائی کورٹ کے ترجمان کے مطابق، اس اقدام کا مقصد عوام کو ضلعی عدلیہ، عدالتی افسران، عدالتی عملے اور ہائی کورٹ اسٹیبلشمنٹ سے متعلق شکایات براہِ راست رجسٹر کرنے کا آسان، شفاف اور مؤثر ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ سائلین اور شکایت کنندگان واٹس ایپ نمبر: 03350926534 یا ای میل ایڈریس: complaints@bhc.gov.pk پر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، عوام صبح 9:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک واٹس ایپ کے ذریعے شکایت سیل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ شکایات متنی پیغامات، خطوط یا درخواستوں (ورڈ یا پی ڈی ایف فارمیٹ) کے ساتھ ساتھ تصویری شکلوں میں بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ مزید برآں، شکایت کنندگان اپنی شکایات کے ثبوت کے طور پر معاون دستاویزات یا ویڈیوز بھی منسلک کر سکتے ہیں۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ پر وائس کالز یا صوتی پیغامات قبول نہیں کیے جائیں گے۔ اگر کسی شکایت کے حوالے سے مزید وضاحت درکار ہوئی تو متعلقہ حکام شکایت کنندہ سے سرکاری نمبرز 920253- 081 9201649 -081 کے ذریعے براہِ راست رابطہ کریں گے۔
بلوچستان ہائی کورٹ عوام کے تعاون، اعتماد اور شفاف عدالتی نظام کے قیام میں ان کی شمولیت کی قدر کرتی ہے۔ ادارے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ عوامی شکایات نہ صرف سنی جائیں بلکہ ان پر بروقت اور مؤثر کارروائی بھی کی جائے۔ ترجمان بلوچستان ہائی کورٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور انصاف کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر8596/2025
کوئٹہ، 13 نومبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا 20واں اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان سمیت اعلیٰ عسکری اور سول حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور مفادِ عامہ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس میں گزشتہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ان کی توثیق کی گئی کمیٹی نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور ریاستی رٹ کے استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اجلاس میں بھتہ خوروں، سونے کی اسمگلنگ، حوالہ و ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا کمیٹی نے ایف آئی اے بلوچستان کی موجودہ کارکردگی پر اظہارِ عدم اطمینان کرتے ہوئے وائٹ کالر کرائم اور بھتہ خوری کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت کی اپیکس کمیٹی نے ریاست مخالف اور منافرت انگیز اشاعتی مواد پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا کمیٹی نے قرار دیا کہ ایسے اقدامات قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھیں اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کرنے والے ڈاکٹرز تین سال تک اپنے متعلقہ اضلاع میں خدمات سرانجام دینے کے پابند ہوں گے تاکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں کمیٹی نے پوست کی کاشت اور اس کے لین دین میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ پوست کی خرید و فروخت یا لین دین میں ملوث عناصر کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جائیں گے اجلاس میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشییٹیوز (BSDI) کے تحت مکمل شدہ منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ زیرِ تکمیل منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں
اپیکس کمیٹی نے کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کے مسئلے پر بھی غور کیا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے کئے گئے اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جا رہا ہے صوبے میں بھتہ خوری، سونے کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور وائٹ کالر جرائم کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاست مخالف اور منافرت پر مبنی مواد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اس ضمن میں ابتک کی جانے والی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کے لیے ڈاکٹرز کو اپنے اضلاع میں کم از کم تین سال خدمات انجام دینا ہوں گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوست کی کاشت اور لین دین میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اس ناسور کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشییٹیوز کے تحت عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت ان منصوبوں کی تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اس حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ گیس لوڈ شیڈنگ سے متعلق وفاقی وزارت کو مراسلہ بھی ارسال کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے سول و عسکری اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کار کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے تاکہ بلوچستان میں امن و استحکام کا تسلسل برقرار رہے قبل ازیں اجلاس کے آغاز میں سکیورٹی فورسز کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی اجلاس میں صوبائی وزراء میر سلیم خان کھوسہ، میر شعیب نوشیروانی، بخت محمد کاکڑ ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی

خبرنامہ نمبر8597/2025
کوئٹہ، 13 نومبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے جمعرات کو محکمہ داخلہ میں صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (PIFTAC) کا باقاعدہ افتتاح کیا یہ جدید مرکز وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں، صوبائی ایجنسیوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے۔ پفٹیک کے تحت پولیس، لیویز فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، فرنٹیئر کور، ایف آئی اے، خفیہ ادارے، کسٹمز اور دیگر محکمے ایک ہی پلیٹ فارم پر حقیقی وقت (Real-time) میں معلومات کے تبادلے اور بروقت خطرات کی نشاندہی کے عمل میں شامل ہوں گے یہ مرکز اسلام آباد میں قائم نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (NIFTAC) سے ڈیجیٹل طور پر منسلک ہے جس کے ذریعے معلومات کا تبادلہ دو طرفہ بنیادوں پر اضلاع سے وفاقی سطح تک اور وفاقی اداروں سے بلوچستان کے تمام اضلاع تک ممکن ہوگا اس نظام سے صوبے کو دہشت گردی، منظم جرائم، فرقہ وارانہ خطرات اور اہم تنصیبات کو درپیش خدشات کے بارے میں بروقت الرٹس موصول ہوں گے اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پفٹیک کے قیام سے صوبے کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا اور اب صوبہ ایسے خطرات کو بروقت شناخت اور ناکام بنانے کے قابل ہو گا جو امن و استحکام کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں انہوں نے سول و عسکری اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مرکز کا قیام قومی سلامتی اور صوبائی ہم آہنگی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پفٹیک صوبے بھر میں سکیورٹی صورتحال کی جامع ڈیجیٹل تصویر (digital picture) برقرار رکھے گا اور صوبائی و ضلعی قیادت کو خطرات کی منظم تشخیص (structured threat assessment) فراہم کرے گا تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ مرکز بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی تحفظ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا اور سول و عسکری اداروں کے درمیان اعتماد و اشتراک کو مزید مضبوط بنائے گا

خبرنامہ نمبر8598/2025
کوئٹہ 13 نومبر 2025:
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول، ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خاتمے، منی پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائیوں اور افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، تمام سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور ماحول دوست متبادل کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔منی پیٹرول پمپس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی فروخت کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ افغان مہاجرین کے باعزت انخلا کے سلسلے میں بھی متعلقہ افسران کو تمام امور منظم اور قانون کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد میں تمام اقدامات کو مربوط حکمت عملی کے تحت جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 8599/2025
خضدار 13 نومبر: آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی کمشنر قلات ڈویژن سے ملاقات، علاقائی مسائل پر تفصیلی گفتگو، انہیں ڈرافٹ بھی پیش کیا۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ سے ان کے دفتر میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین بشیر احمد جتک اور جنرل سیکریٹری عبدالقدیر زہری نے ملاقات کی۔ ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی مسائل پر مرکوز رہی۔ملاقات کے دوران شہری ایکشن کمیٹی نے شہری مسائل سے متعلق ایک تفصیلی ڈرافٹ کمشنر قلات ڈویژن کو پیش کیا، جس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا حل و دیگر بنیادی مسائل کو اجاگر کیا گیا تھا۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے کمیٹی کے خدشات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ پیش کردہ ڈرافٹ کا جائزہ لے کر فوری طور پر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل ترجیح ہیں اور ان کے حل کے لیئے باہمی تعاون ضروری ہے۔بشیر احمد جتک و عبدالقدیر زہری نے کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

خبرنامہ نمبر 8600/2025
کوئٹہ 13 نومبر:بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (BPPRA) نے صوبے میں حکومتی خریداری کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور عام فہم بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ اتھارٹی نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ رولز 2014 کا اردو اور انگریزی زبانوں میں آسان، سلیس اور تشریحی نسخہ جاری کر دیا ہے، جس میں قواعد و ضوابط کو عملی مثالوں کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔اس گائیڈ کے ذریعے سرکاری افسران، ٹھیکیداران، کاروباری حلقوں اور عام عوام کو سرکاری خریداری کے اصولوں کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان پر عمل درآمد میں آسانی میسر آئے گی۔ گائیڈ میں پبلک پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو مرحلہ وار بیان کیا گیا ہے اور اسے اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ (bppra.gob.pk) پر مفت دستیاب کر دیا گیا ہے۔مزید برآں، بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے پروکیورمنٹ رولز کی خلاف ورزی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایک جدید الیکٹرانک نظام بھی متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کے تحت متاثرہ افراد، بولی دہندگان اور ٹھیکیداران اب الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے اپنی شکایات محکمانہ شکایات ازالہ کمیٹی (Grievance/Complaint Redressal Committee) کو براہِ راست جمع کرا سکیں گے۔
یہ شکایات پروکیورمنٹ رول 56 کے تحت 15 روز کے اندر نمٹائی جائیں گی۔ شکایت کنندگان اپنی BPPRA ID کے ذریعے بی پی پی آر اے کے آن لائن پورٹل (https://bpptwo.vdc.services:5451) پر بیٹھے بیٹھے اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں، جس سے دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔منیجنگ ڈائریکٹر بی پی پی آر اے حبیب الرحمن جاموٹ کے مطابق، یہ اقدام بلوچستان میں پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کو شفافیت، احتساب اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر استوار کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے شکایات کی بروقت داد رسی، غیر ضروری تاخیر کے خاتمے اور منصفانہ خریداری کے عمل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

خبرنامہ نمبر 8601/2025
کراچی، 13 نومبر:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل مسٹر یانگ یون ڈونگ سے چینی قونصلیٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرمشترکہ کانفرنسز، تجارتی وفود کے تبادلے اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے پر غور کیا گیا ، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور طویل المدتی اشتراک کے نئے مواقع تلاش کیے۔ خاص طور پر زراعت، معدنیات، ماہی گیری، مویشی بانی اور گوادر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی اسٹریٹجک اہمیت اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر پائیدار اقتصادی ترقی اور علاقائی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بلوچستان کی جغرافیائی حیثیت اور وسائل اسے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) کے اہداف کے حصول میں مرکزی کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے بلوچستان کے ساتھ چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بلوچستان حکومت کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں اور پائیدار ترقی پر توجہ کو سراہا۔ملاقات میں سیکورٹی اور استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو محفوظ اور پائیدار بنایا جا سکے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پرامن اور محفوظ ماحول سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جو CPEC اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لیے ناگزیر ہے۔

خبرنامہ نمبر 8602/2025
قلعہ سیف اللہ: قلعہ سیف اللہ کے علاقے خسنوب کلی مولوی سید محمد میں ایک نئے سرکاری اسکول کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں علاقے کے عمائدین، اساتذہ، طلبہ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) سید ساجد حسین شاہ ترمذی تھے، جنہوں نے ربن کاٹ کر اسکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال جمعیتِ اصلاحی کے رہنما مولوی سید محمد صاحب نے کیا، جنہوں نے تقریب کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے۔اپنے خطاب میں رکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور صوبائی حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں نئے اسکول کا قیام ایک خوش آئند قدم ہے جو بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید ساجد حسین شاہ ترمذی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ تعلیم کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ہر بچے تک تعلیم پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکول کے قیام سے خسنوب اور ملحقہ دیہات کے طلبہ کو اب دور دراز کے علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ انہیں تعلیم اپنی دہلیز پر دستیاب ہوگی۔میزبان مولوی سید محمد صاحب نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکول علاقے کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی معاشرتی ترقی اور امن و خوشحالی کی بنیاد ہے، اور ہمیں اپنی نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہیے۔تقریب کے آخر میں دعائیہ کلمات ادا کیے گئے اور طلبہ میں تعلیمی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔مقامی لوگوں نے حکومت اور محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ علاقے میں مزید تعلیمی ادارے بھی قائم کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 8603/2025
کوئٹہ ، 13 نومبر :کمشنر/چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ کو شکایات موصول ہوئیں کہ عدالتی احکامات کے باوجود شہر میں پرانی ماڈل خستہ حالت بسوں کی آمد و رفت جاری ہے ۔ جس پر انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو کاروائی کا حکم دیا۔ جس پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن علی درانی نے ایس پی ٹریفک صدر سید عاصم شاہ کے ہمراہ کوئلہ پھاٹک پر کاروائی کرتے ہوئے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر 7 خستہ حال پرانے ماڈل بسوں کو سیکشن 115 کے تحت تحویل میں لے لیا۔ جبکہ ایک اور کاروائی میں بغیر پرمٹ چلنے والے 3 رکشوں کو بھی سیکشن 115 موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت تحویل میں لے لیا گیا۔

خبرنامہ 8604/2025
کوئٹہ 13 نومبر: صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مختلف اضلاع میں غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کر رہی ہے تاکہ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز اپنی پیداوار کے معیار کو بہتر بنائیں عوام کو محفوظ، صاف اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی صوبائی وزیر خوراک نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کارروائیوں میں شامل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور افسران کو ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف مزید مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں جو عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی کے معیار پر سمجھوتہ کسی صورت قبول نہیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری اس مہم کا مقصد صوبے بھر میں معیاری خوراک کے فروغ اور عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

خبرنامہ نمبر 8605/2025
نوشکی ۔۔ ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسین ہزارہ کی ہدایات پر اے ڈی سی نوشکی عمر جمالی کی سربراہی میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیویشن کمیٹی نے بی ایس ڈی آئی کے تحت 7 واٹر اسکیمات پر جاری کام کا معائینہ کیا جس میں 1۔ڈبلیو ایس ایس اسکیم وارڈ 5 کلی غریب اباد2۔واٹر سپلائی نزد نیاز اللہ ہاوس ۔3۔ واٹر سپلائی قاضی آباد ۔4۔محلہ حاجی نادر کلی محمد حسنی ۔5۔واٹر سپلاہی ایریگیشن کالونی ۔6۔ نزد بلال مسجد کلی قاضی اباد ۔7 ۔پرانی واٹر سپلائیز کے لیے خریدی گہی مشینری کا معاہینہ کیا گیا ۔ایکسین پی ایچ ای عبدالقیوم بادینی بھی انکے ہمراہ تھے اے ڈی سی نوشکی نے تمام اسکیمات کا تفصیل سے معائینہ کیاجن میں سےکچھ اسکیمات نامکمل تھی اور کام بھی ادھورا تھا جس پر اے ڈی سی نوشکی نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترقیاتی کاموں کی شفافیت پر کوئی سمجوتا نہیں کیا جائے گا اسکیمات کو ہر صورت مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ تمام اسکمیات پر معیاری مشینری اور سولر استمال کیا جائیں۔ اس سلسلے میں اے ڈی سی نوشکی عمر جمالی نے سختی سے ہدایات جاری کی کہ نومبر تک 50 فیصد سے زائد اسکیمات کو مکمل کرکے بی ایس ڈی آئی جاہزہ اجلاس میں پیش کی جائیں اور جن اسکیمات پر تاہال کام شروع نہیں ہوا انکی تفصیل بمعہ وجوہات بھی نومبر کے آخر میں بی ایس ڈی آئی اجلاس میں پیش کی جائیں تاکہ متعلقہ ٹھیکداران کے خلاف قانوں کے تحت کارواہی عمل میں لائی جاہے۔