News

12-05-2025

خبرنامہ نمبر3501/2025
کوئٹہ ، 12 مئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئندہ مالی سال 2025/26 کے بجٹ کی تیاریوں کو بروقت اور موثر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے چیف منسٹر سیکریٹریٹ، چیف سیکریٹری آفس، محکمہ خزانہ اور محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کے تمام ملازمین کی رخصتوں پر پابندی عائد کردی ہے یہ فیصلہ پیر کو وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں بجٹ کی تیاریوں اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے مجموعی حجم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند شریک تھے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تیاریوں، مختلف ترقیاتی اسکیموں، مجوزہ ترجیحات اور مالی نظم و ضبط سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری ایک حساس اور اہم عمل ہے جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مکمل دستیابی اور استعداد ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر طبقے کو ترقی کے مواقع میسر آئیں وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے زمینی حقائق، عوامی مطالبات اور مالی استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے جائیں، اور ترقیاتی فنڈز کا ضیاع روکنے کے لیے سخت نگرانی کا نظام وضع کیا جائے وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ بجٹ میں کفایت شعاری کو اپنایا جائے اور غیر ضروری سرکاری اخراجات میں واضح کمی لائی جائے تاکہ دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے اور بجٹ کے عمل کو شفاف، مربوط اور مشاورتی انداز میں مکمل کیا جائے گا اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بجٹ سازی کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے کے لیے تمام محکمے قریبی رابطے اور بھرپور تعاون سے کام کریں گے جبکہ فیلڈ میں جاری اسکیموں کے جائزے اور ترجیحی بنیادوں پر نئے منصوبے شامل کیے جائیں گے
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3502/2025
کوئٹہ 12 مئی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس پیر کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں مختلف محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبدالباسط، اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بعض محکموں کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا انہوں نے کہا، “ایک سال گزر جانے کے باوجود صرف 21 بسیں نہ خریدی جا سکیں یہ صورتحال بالکل ناقابل قبول ہے۔ جون سے قبل یہ بسیں سڑکوں پر ہونی چاہئیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے وزیر اعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوامی خدمات میں مزید تاخیر نہ ہو اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ جون تک جاری منصوبوں کو مکمل کریں، بصورت دیگر ان کی فنڈنگ روک دی جائے گی اور سست رفتار منصوبوں کے فنڈز ایسے فعال منصوبوں کو منتقل کیے جائیں گے جو تیزی سے پایا تکمیل کو پہنچائے جاررہے ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محکمہ کھیل کے 2015 سے زیر التواءمنصوبوں پر بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ نو سال گزرنے کے باوجود ان منصوبوں کی تکمیل نہ ہونا باعث تشویش ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ذمہ داریوں کا تعین کرنے اور جوابدہی یقینی بنانے کی ہدایت کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافہ کرتی ہے بلکہ اس سے منصوبوں کی لاگت میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جس کا اثر آخرکار صوبائی خزانے پر پڑتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ تمام منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل کو بروقت یقینی بنایا جائے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف محکموں کو جو ڈیڈ لائن دی گئی ہے اس پر ہر صورت عمل درآمد چاہتے ہیں اس لئے تمام انتظامی سیکرٹریز پوری تندہی اور سنجیدگی سے ذاتی طور پر نگرانی اور پیش رفت کو یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3503/2025
کوئٹہ ، 12 مئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت آئندہ مالی سال26/ 2025 کے بجٹ اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی تشکیل سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس پیر کے روز چیف منسٹر سیکریٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ،عوامی نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈرز اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی شرکائ نے بجٹ کی تیاری میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے وزیراعلیٰ کے اقدام کو سراہا اور اسے جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی پروگرام کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا گیا اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کے بجٹ اور پی ایس ڈی پی کو عوامی ضروریات، پسماندہ علاقوں کی ترقی، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے گا وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کی مساوی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے بجٹ کی تیاری میں ہر علاقے کے حقیقی مسائل اور ضروریات کو سامنے رکھ کر وسائل مختص کیے جائیں گے اور تجویز کردہ منصوبوں کی مکمل ایلوکیشن کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ترقی کا عمل یکساں طور پر آگے بڑھے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ترتیب دیا گیا بجٹ نہ صرف عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا بلکہ صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا اجلاس کے اختتام پر تمام پارلیمانی نمائندوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بجٹ کی تیاری میں مشاورت کا عمل نہایت شفاف اور جامع رکھا جا رہا ہے، آئندہ بجٹ صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3504/2025
کوئٹہ12مئی۔صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت ہایئر ایجوکیشن کالجز سے متعلق اہم ایس این ای اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خزانہ عمران خان زرکون، اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ سمیت خزانہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہا یئر ایجوکیشن کالجز کی موجودہ کارکردگی، مالی ضروریات، تعلیمی سرگرمیوں، خالی آسامیوں اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، اور اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام ہایئر ایجوکیشن کالجز میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے لیے (سٹڈی ٹورز) کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ اہم نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کا بھی موقع ملے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کی فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہےاور عصر حاضر کے جدید سائنسی علوم سے روشناس کرانا ہے۔اجلاس میں صوبے کے تمام کالجز میں خالی آسامیوں کے مسئلے کو نہایت سنجیدگی سے زیر بحث لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گریڈ 15 سے کم درجے کی 1,563 کے قریب اسامیاں تاحال خالی ہیں، جب کہ گریڈ 15 اور اس سے اوپر کی 1,972 کے لگ بھگ پوسٹیں بھی عرصہ دراز سے غیر فعال ہیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے سختی سے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے ان اسامیوں پر فوری بھرتی کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں، تاکہ اداروں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر 30 جون 2026 تک ان اسامیوں پر بھرتی نہ کی گئی تو ان پوسٹوں کو مستقل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ تعلیمی ادارے کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں، اور حکومت بلوچستان اس بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا ئیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3505/2025
کوئٹہ 12 مئی ۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے بھارتی جارحیت کے منہ تھوڑ جواب ” آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں لیکن دشمن ملک بھارت جب جارحیت پر اتر آیا تو ہمارے لئے ضروری تھا کہ ہم اپنی بقاء، سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا آنچ نہ آنے دیں اور دشمن کو اس کی زبان میں سمجھاتے ہوئے باور کرایا جائے کہ پاکستان کسی بھی مس ایڈوینچر کا فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس دیدہ دلیری اور بہترین حکمت عملی سے دشمن فوج پر وار کیا آج ہم پوری دنیا کے سامنے اپنا سر فخر سے بلند کرکے یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم امن کے داعی تو ضرور ہیں لیکن اپنے ملک اور عوام کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتے، میر صادق عمرانی نے مزید کہا کہ اب بھی موقع ہے کہ بھارت اپنا قبلہ درست کرے، مقبوضہ کشمیر، لائن آف کنٹرول سمیت دیگر علاقوں میں اشتعال انگیز کاروائیوں سے باز رہتے ہوئے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دے، انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” انڈیا اور پوری دنیا کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار ریاست کی طرح ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا ضرور خواہاں ہے لیکن ہماری ان کاوشوں کو سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہوئے خطے میں پاکستان کی خودمختاری، دفاعی طاقت اور اہمیت کو بھی سمجھا جائے، میر صادق عمرانی نے کہا کہ کوئی بھی ملک اور قوم اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان ایک کمزور ریاست ہے، ہمارے عوام اور اداروں کے اندر اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اندرون ملک اور بیرونی سازشوں اور جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرسکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3506/2025
صحبت پور12مئی۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن کا صحبت پور کے امتحانی مراکز کا دورہ، نقل کی روک تھام پر زور تفصیلات کے مطابق کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے آج ضلع صحبت پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ ان مراکز میں گورنمنٹ ہائی اسکول نور پور، گورنمنٹ ہائی اسکول غلام رسول جیانی، گورنمنٹ ہائی اسکول صحبت پور، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج صحبت پور اور گورنمنٹ انٹر کالج حیردین صحبت پور شامل ہیں۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے امتحانی مراکز میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات، نقل کی روک تھام، سیکیورٹی اور نظم و ضبط کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی مراکز کے منتظمین کو سختی سے ہدایت دی کہ نقل کی روک تھام کے لیے سنجیدگی سے فرائض انجام دیے جائیں تاکہ شفاف اور منصفانہ امتحانی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری اور میرٹ کی بالادستی کے لیے نقل جیسی لعنت کا خاتمہ ضروری ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور عملہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3507/2025
ژوب12مئی ۔ کمانڈر ژوب ملیشیاء بریگیڈیئر شجاع عباس نے کہا ہے، کہ وطن عزیز میں قائم امن افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کے متحد ہونے کا ثمر ہے۔ افواج پاکستان بیرونی اور اندرونی چیلنجزسے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انارخان اسٹیڈیم فرنٹیئرکورہیڈکوارٹرزمیں منعقدہ انٹرڈسٹرکٹ جمشیرشہید فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اختتامی میچ ژوب اور شیرانی کے فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پنالٹی ککس میں شیرانی فٹبال کلب نے ژوب کے ٹیم کو ہراکر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ تقریب میں کمشنر ژوب ڈویژن ذیشان جاوید لاشاری، ڈپٹی کمشنر شیرانی بہرام سلیم بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر یوسف ہاشمی، قبائلی رہنماووں نوابزادہ محبوب خان جوگیزئی، عبدالستارکاکڑ، حاجی امیراسماعیل زئی، ونگ کمانڈرتنزیل، پرنسپل بی آر سی گلداروزیر، ایجوکیشن آفیسر شیخ موسی خان مندوخیل، سپورٹس آفیسرز عباس اسلم، روزی خان شیرانی، میجرسعد سمیت پیراملٹری فورس فرنٹیئرکورکے آفیسروں، قبائلی عمائدین، میڈیا کے نمائندوں، طلباءاور کھلاڑیوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔کمشنر ذیشان لاشاری، نوابزادہ محبوب جوگیزئی، عبدالستارکاکڑ اور میجرسعد نے اپنے خطاب میں ونر اور رنراپ ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت، افادیت اورعوام کے جذبے کو سراہا۔ انھوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قراردیتے ہوئے مستقبل میں ڈویژن کی سطح پرمقابلے منعقد کرانے اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرانے پر زور دیا۔ بریگیڈیئر شجاع عباس نے ونر اور رنراپ ٹیموں کو ٹرافیاں دیں جبکہ مہمانوں میں سوینیئر اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ بریگیڈیئر نے مستقبل میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مقابلوں میں حصہ لینے والے بی آرسی کے طلباء اور کھلاڑیوں کو داد دی۔کمانڈر پیراملٹرفورس شجاع عباس نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ملکی و بیرونی مخالف عناصر سے نمٹنے اور ان کا قلع قمع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ کمشنر ذیشان جاوید لاشاری، نوابزادہ محبوب خان جوگیزئی اورعبدالستار کاکڑ نے بھی بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے پختہ عزم اور لازوال قربانیوں کو سراہا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3508/2025
لورالائی۔12,مئی ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن کی سربراہی میں لورالائی ڈویژن میں محکمہ صحت میں کنٹریکٹ پوسٹوں پر تعیناتی کے لئے انٹرویو لئے گئے۔ جس میں لوکل مطلوبہ ڈگری ہولڈر امید واروں کے علاوہ صوبہ پنجاب کے ڈی جی خان و دیگر اضلاع سے بھی مرد و خواتین امیدواروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خالی پوسٹوں میں لورالائی ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دور دراز علاقوں کے ہیلتھ مراکز میں میڈیکل آ فیسر ، لیڈی میڈیکل آ فیسر ، ڈینٹل سرجن ، ہیڈ نرس ، ڈرگ انسپکٹر ، فزیوتھراپسٹ جیسے اہم آسامیاں شامل ہیں۔ ڈویژنل ہیلتھ کمیٹی کے ممبران ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عبد الحمید لہڑی ، ڈپٹی ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال لورالائی ڈاکٹر محمد فہیم اتمان خیل ، ڈی ایچ او ضلع موسیٰ خیل ڈاکٹر عبد الغفار کھتران ، ڈی ایچ او بارکھان ڈاکٹر مجیب بگٹی نے امید واروں کے مطلوبہ کاغذات و ڈگریاں چیک کیں۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نےاس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت کنٹریکٹ تعیناتی کو ترجیح دیتی ہیں خصوصاً محکمہ تعلیم و صحت میں یہ تجربہ نہا یت کامیاب رہا ہے اس کا فائدہ یہ کہ جو کام کرے اس کو معاوضہ ملے جو کام نہ کرے اسے فارغ کرے تاکہ مفت میں تنخواہیں نہ ملیں ۔ عوام کو بھی فائدہ ہو اور ہمارے ادارے فعال ہوں انہوں نے کہا کہ تعیناتی خالص میرٹ پر ہوگی اور کسی کی بھی حق تلفی نہ ہو گی۔ انہوں نےکہاکہ اس سے پہلے بھی کنٹریکٹ تعیناتی کی گئیں ہیں مزید تعیناتی سے ڈاکٹرز کی کمی پوری ہو جائے گی اور لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3509/2025
کوئٹہ 12مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت کوئٹہ میں پولیو کے خلاف خدمات انجام دینے والے آفیسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صفدر مندوخیل، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر جان عنایت، اور سینئر کمیونیکیشن آفیسر زبیع اللہ نے شرکت کی۔شرکاءنے پولیو کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے پولیو ٹیموں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت، بین الاقوامی اداروں اور مقامی ٹیموں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنے اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اجلاس کا اختتام باہمی تعاون اور مو¿ثر حکمت عملی کے تحت پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کے ساتھ ہوا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3510/2025
کوئٹہ 12 مئی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ایک اہم تعریفی و بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جن میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی، ایم ایس مفتی محمود ہسپتال، ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر اور ڈرگ کنٹرولر شامل تھے۔ اجلاس کا آغاز تعریفی نشست سے ہوا، جس کے بعد تمام متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے شعبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ڈی ایچ او کوئٹہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ ضلع کوئٹہ میں 4 رورل ہیلتھ سینٹرز (RHC)، 42 بنیادی مراکز صحت (BHU)، 9 سب سینٹرز (CD)، 9 مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹرز (MCH)، 3 ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس (ED) اور 9 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالز (THQ) کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیرامیڈک اور کلریکل اسٹاف کی موجودگی، ادویات کی فراہمی و قلت، سٹاف کی ریشنلائزیشن اور ہسپتالوں میں کوارٹرز کی صورتحال (جن میں کچھ قابضین کے زیر استعمال ہیں) پر بھی روشنی ڈالی۔ڈپٹی ڈی ایچ او نے پولیو و ویکسینیشن مہمات اور محکمہ صحت میں کام کرنے والی تنظیموں جیسا کہ یونیسف، ڈبلیو ایچ او، مرسی کور وغیرہ کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے سال 2023 سے 2024 کے دوران چلائی گئی تمام صحت مہمات کی تفصیل بھی پیش کی۔ڈرگ کنٹرولر نے کوئٹہ میں جاری ڈرگ انسپیکشن کے عمل اور رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز و ہول سیلرز کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں 830 رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز اور 410 ہول سیلرز کام کر رہے ہیں۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسداد جعلی ادویات کے لیے فوری اقدامات اور کام میں بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی نے 42 بی ایچ یوز کی او پی ڈی سرگرمیوں، 18 لیبارٹریز اور 13 ایمبولینسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔آخر میں ایم ایس مفتی محمود ہسپتال نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، بشمول وارڈز، او پی ڈی، ایمرجنسی، ایم ایل سی، اور دیگر فعال یونٹس کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی اولین ترجیح محکمہ صحت کو بہتری کی جانب لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے مسائل کو ترجیحی اور ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ڈرگ انسپیکشن کی صورتحال کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے سخت اقدامات کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کا دورہ کریں گے تاکہ عملی مسائل کا مشاہدہ کر کے فوری حل یقینی بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3511/2025
کوئٹہ12 مئی ۔علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق پیر اور منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ چاغی، واشک، خاران، سبی، نصیر آباد اور لورالائی میں دن کا درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے جبکہ کیچ اور لسبیلہ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر3512/2025
کوئٹہ، 12 مئی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کرنے والی کم عمر اور باصلاحیت اقلیتی افسر اسسٹنٹ کمشنر کشش چوہدری نے اپنے والد گرداری لعل کے ہمراہ ملاقات کی، کشش چوہدری کا تعلق بلوچستان کے پسماندہ اور دور افتادہ ضلع نوشکی سے ہے وزیر اعلیٰ نے نوجوان خاتون افسر کی شاندار کامیابی پر مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف اقلیتی برادری بلکہ پورے بلوچستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی رہنمائی اور ان کے لیے مواقع کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے، کشش چوہدری کی کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ اگر نوجوانوں کو مواقع اور رہنمائی دی جائے تو وہ کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کشش چوہدری نے اپنی محنت، لگن اور استقامت سے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ اقلیتی برادری کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بن گئی ہیں حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محنت و لگن سے کامیابی سمیٹنے پر کشش چوہدری کو سرٹیفکیٹ بھی دیا اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میر محمد عثمان بادینی، میر غلام دستگیر بادینی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، اور اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی روی کمار بھی موجود تھے جنہوں نے کشش چوہدری کی کامیابی کو بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3513/2025
کوئٹہ12 مئی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کے روز یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، وفاق اور بلوچستان کے درمیان روابط، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاق کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت اور ہم آہنگی سے ہی مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے سینیٹ میں آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3514/2025
نصیرآباد12مئی ۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری ہائی سکول نور محمد مینگل کا اچانک دورہ کیا دورے کے موقع پر انہوں نے اساتذہ کا حاضری رجسٹر چیک کیا اور مختلف کلاس رومز کا جائزہ لیا اس موقع پر اسکول کے پرنسپل پیر محمد مینگل نے انہیں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول میں 887 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ 16 ٹیچرز بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں اسکول میں ہائی سیکنڈری کلاسز کی تمام پوسٹیں خالی ہیں جن کے حوالے سے حکام بالا کو آگاہی فراہم کی گئی ہے ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے آئی ٹی سینٹر کا بھی جائزہ لیا اور اس بات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح تک بچوں کو دیگر تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کی فراہمی بھی ایک خوش آئند اقدام ہے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ مزید بہتر معنوں میں اپنی خدمات سرانجام دیں تاکہ بچوں کا بہتر مستقبل سنور سکے جبکہ سکول میں صفائی ستھرائی اور دیگر نظام پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہتر معنوں میں تربیت کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں آنے والے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں اساتذہ کو حاضری کا پابند کیا جائے تاکہ وہ غیر حاضری کے عمل سے اجتناب کریں اساتذہ کی آج کی محنت بچوں کے کل مستقبل کو سنوار سکتی ہے ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ اسکول کے تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں جن جن مشکلات کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے انشاءاللہ اس کے تدارک کے لیے صوبائی سطح پر تحریری طور پر آگاہی فراہم کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3515/2025
کوئٹہ 12مئی ۔ قومی صنعتی تعلقات کمیشن (NIRC) کے ممبر عبدالغنی مینگل نے دین محمد بنام پی ٹی سی ایل کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) کے جنرل منیجر ایچ آر، محمد فرقان کو چھ ماہ قید، 50 ہزار روپے جرمانہ اور نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ این آئی آر سی، ہائی کورٹ، اور بالآخر سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پی ٹی سی ایل کے ملازم کو ان کی نوکری پر بحال نہیں کیا جا رہا تھا۔ عدالتی احکامات کے مطابق ملازم کی ملازمت کی بحالی برقرار رکھی گئی تھی، لیکن پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد سے انکار کیا۔عدالت نے محمد فرقان کے اس عمل کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے نہ صرف ان پر جرمانہ اور قید کی سزا سنائی بلکہ انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ مزید برآں، عدالت نے انہیں آئندہ کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہ صرف قانون کی توہین ہے بلکہ ملازم کے بنیادی حقوق کی پامالی بھی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3516/2025
نصیرآباد12مئی ۔ضلع نصیرآباد میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا عمل جاری وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی جانب سے مختلف امتحانی مراکز کا سرپرائز وزٹ کا سلسلہ بھی جاری نقل کی روک تھام کو یقینی بنانا اور مقررہ اوقات میں امتحانی پیپر کو پورا کیا جائے سکیورٹی سمیت دیگر تمام لوازمات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے نگرانی پر متعین کردہ ٹیم اپنی خدمات صحیح معنوں میں سرانجام دیں گورنمنٹ بوائز ہائی سیکنڈری سکول گوٹھ نور محمد مینگل میں بوائز اینڈ گرلز کے جاری امتحانات کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عبدالکریم ڈومکی نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس سینٹرز میں طلبا و طالبات کے علحیدہ علحیدہ سینٹر قائم ہیں 63 طالبات جبکہ 202 طلباءاپنے امتحانات دے رہے ہیں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے احکامات دیے کہ نقل کی روک تھام پر ہر صورت یقینی بنایا جائے اس اقدام کا مقصد امتحانات میں شفافیت، نقل کی روک تھام اور مقررہ اوقات میں امتحانات کی تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سکیورٹی سمیت دیگر تمام لوازمات ہر صورت مکمل ہوں اور نگرانی پر مامور ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طلبا کے بہتر مستقبل کے لیے امتحانات کو صاف و شفاف بنانا اولین ترجیح ہے۔ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ آیندہ بھی اسی قسم کے سرپرائز وزٹ کیے جائیں جبکہ پولیس کے اہلکاروں کو سختی کے ساتھ ہدایت دی کہ وہ سینٹرز کے قریب کسی بھی غیر امیدوار کو نزدیک نہ آنے دیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اگر کوئی بھی شخص اس عمل میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3517/2025
نصیرآباد 12مئی ۔ ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے بیسک ہیلتھ یونٹ نور محمد مینگل کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کی دستیابی، ادویات کی موجودگی، اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اسٹور میں رکھی گئی ادویات کی جانچ کی اور ان کی ایکسپائری اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے میڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر کا بھی معائنہ کیا اور عملے کی بروقت حاضری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں تمام طبی مراکز کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور صفائی ستھرائی کے نظام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کیے گئے اس دورے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے صحت کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے جلد ایک بار پھر یونٹ کے دورے کا عندیہ دیا تاکہ اصلاحات کا جائزہ لیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3518/2025
خضدار 12 مئی۔ سینٹرز انسپیکٹر امتحانات انٹرمیڈیٹ پروفیسر عبید اللہ رودینی نے جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران امتحانی مرکز تحصیل کرخ خضدار کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا دورے کے دوران انہوں نے امیدواروں کی امتحانی سلپس چیک کی اور پینے کی پانی سیکورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی سینٹرز انسپیکٹر عبید اللہ رودینی نے امتحانی مرکز کے انچارج محمد علی مینگل اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ امتحانی ماحول کو مکمل طور پر شفاف پرامن اور نقل سے پاک رکھا جائے انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی ذرائع سے امتحان دینے کی کوشش کرنے والوں کی خلاف سخت کاروائی کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات کی سہولت اور ذہنی سکون کے لیے امتحانی مرکز میں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے امتحانات دے سکیں امتحانی مرکز کے انچارج محمد علی مینگل نے سینٹرز انسپیکٹر پروفیسر عبید اللہ رودینی کو یقین دلایا کہ تمام ہدایات پر مکمل عمل درامد کو یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر3519/2025
کوئٹہ، 11 مئی2025: بیوٹمز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے رائزنگ بلوچستان جدت اور مواقع کے موضوع پر منعقدہ ایونٹ کو ایک ”شاندار کامیابی” قرار دیا ہے۔ اس تقریب کا انعقاد بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBOIT) اور BUITEMS کے اشتراک سے کیا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو بلوچستان کی ترقی اور ترقی میں شامل کرنا تھا۔ایک بیان میں پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ BUITEMS اور BBOIT نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو قومی ترقی میں شامل کرنے کی کوشش میں ہر ممکن تعاون کرینگے جو پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں بامعنی کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان اپنے قدرتی وسائل اور اس کے متحرک نوجوانوں دونوں میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان صوبے کے خوشحال مستقبل کو کھولنے کی کلید ہیں۔ انہیں تعلیم، ہنر اور مواقع سے آراستہ کرکے، ہم نہ صرف ان کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں بلکہ خطے میں پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کر رہے ہیں۔اس تقریب میں بلوچستان کے نوجوان ذہنوں کے کاروباری جذبے اور اختراعی سوچ کواجاگر کیا گیا، جس نے ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے صوبے کی تیاری کو واضح کیا۔پروفیسر ڈاکٹر حفیظ نے مزید کہا کہ تعلیمی، صنعت اور حکومت کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینا ایک جامع ترقیاتی ماڈل کی تعمیر کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے نوجوان بااختیار اور سرمایہ کار مصروف ہوں تو ہم ایک متحرک ماحول پیدا کرتے ہیں جس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔رائزنگ بلوچستان ایونٹ کو صوبے کے مزید مربوط، بااختیار اور معاشی طور پر متحرک مستقبل کی جانب ایک امید افزا قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خبرنامہ نمبر3520/2025
کوئٹہ 12 مئی 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے شہید لیویز اہلکار حق نواز کے والد لعل محمد اور دیگر لواحقین نے پیر کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر شہید اہلکار کے والد کو معاوضے کا چیک اور شہید کے بیٹے عبدالسلام کی تقرری کے احکامات حوالے کیے یاد رہے کہ شہید لیویز اہلکار حق نواز کو 2 مئی 2025 کو تحصیل منگچر کے علاقے کوٹ لانگو کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا تھا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعا بھی کی انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، اور حکومت شہداء کے اہل خانہ کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی

خبرنامہ نمبر3521/2025
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد نے انٹرمیڈیٹ کے جاری امتحانات کے سلسلے میں آج ایک بار پھر بوائز اور گرلز سیکشنز کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں انتظامات، سیکیورٹی اور طلباء کو فراہم کی گئی سہولیات کا معائنہ کیا اور تمام متعلقہ عملے سے امتحانات کی شفافیت کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے نگران عملے کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ نقل کے رجحان کی مکمل بیخ کنی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ طلباء کو نقل جیسے غیر قانونی عمل سے دور رکھا جا سکے اور امتحانات کو شفاف اور میرٹ پر مکمل کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے شفاف امتحانی عمل ناگزیر ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔نقل ایک تعلیمی ناسور ہے، اس کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے جس نے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے، اس ناسور کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے جاری امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نقل نہ صرف تعلیمی نظام کو تباہ کر رہی ہے بلکہ معاشرے میں نااہل افراد کے آگے آنے کا باعث بن رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی عملے اور نگرانوں کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی انجام دیں اور نقل کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ ایک باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نسل تیار کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شفاف امتحانات ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

خبرنامہ نمبر3522/2025
ڈپٹی کمشنر جعفراباد اظہر شہزاد کی زیر صدارت ضلع بھر میں عوام کو دی جانے عملی طبی سہولیات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ڈپٹی ڈی ایچ او سمیت دیگر افسران شریک تھے اجلاس کے موقع پر طبی سہولیات کی فراہمی نئے ڈاکٹرز کی تعیناتی کے بعد ان سے مفاد عامہ میں لیے جانے والے امور اور دیگر درپیش مسائل کے متعلق تفصیل سے بات چیت کی گئی اجلاس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفراباد اظہر شہزاد نے کہا کہ صوبے بھر میں ضلع جعفر اباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی کی کارگردگی کو سرہانہ خوش ائل اقدام ہے دیگر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف پر لازم ہے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کے مفاد میں بہتر سے بہتر اقدامات کیے جائیں سول ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں غیر حاضر عملے کے خلاف سخت اور تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کو طبی سہولیات کی فرامین میں جو مشکلات درپیش ارہی ہیں اس کا تدارک کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ تمام طبی مراکز کا جائزہ لیتی رہے گی اور عوام کی شکایات کے تدارک کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرنے کے سلسلے کو بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام حکومتی اقدامات سے مستفید ہو سکیں ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم خلوص نیت کے ساتھ لوگوں کی خدمت کریں اور طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں جو انہیں مشکلات درپیش ارہی ہیں اس کا تدارک کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر3523/2025
دُکی 12,مئی 2025.
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی محکمہ کے سنئیر آ فسران پر مشتمل خصوصی مانیٹرنگ ٹیم نے ڈپٹی کمشنر دُکی برکت علی بلوچ سے ملاقات کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے انھیں ضلع بھر کی موجودہ صحت کے شعبے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات کا مقصد صحت کے نظام میں موجود مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے بین الادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔مانیٹرنگ ٹیم نے رورل ہیلتھ سینٹرز، بنیادی مراکز صحت اور ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال کی کارکردگی، درپیش مسائل اور جاری منصوبوں کی صورتحال ہر معلومات حاصل کیں۔ ۔ ٹیم نے ڈپٹی کمشنر کو صوبائی سطح پر محکمہ صحت کی جانب سے جاری اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر دُکی نے صحت کے شعبے میں محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور مشترکہ کوششوں اور عوام کے لئے علاج معالجہ کی بہتری کے عزم کا اظہار کیا۔
سنئیر آ فسران کا یہ دورہ اور ملاقات دُکی ضلع میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت ثا بت ہو گی ۔ اور اعلیٰ حکام کی توجہ کا سبب بنے گی ۔

خبرنامہ نمبر3524/2025
استامحمد:12 2025:
ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی کا گنداخہ میں امتحانی مراکز اور طبی سہولیات کا اچانک معائنہ ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے آج تحصیل گنداخہ کے مختلف ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور امتحان دے رہے امیدواروں سے براہ راست سوالات کر کے ان کی تیاری اور امتحانات کی شفافیت کا اندازہ لگایا۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں موجود سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا، جن پر طلبا نے اطمینان کا اظہار کیا۔ طلبا کا کہنا تھا کہ انہیں امتحانی مراکز میں مکمل سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور امتحانی ماحول پرسکون اور سازگار ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے کہا کہ نقل کا سہارا لے کر حاصل کی گئی ڈگریاں مستقبل میں کسی کام کی نہیں ہوتیں، بلکہ ایسی ڈگری رکھنے والے افراد کو عملی زندگی میں بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ ایمانداری اور دیانتداری سے امتحان دیں اور اپنی اصل صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ ایک روشن اور کامیاب مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔
امتحانی مراکز کے دورے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے بی ایچ یو باغ ہیڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کی اور صحت کی بنیادی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ عوام نے صحت کی سہولیات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا

خبرنامہ نمبر3525/2025
کوئٹہ: اسپیشل سیکریٹری صحت بلوچستان جناب شہک بلوچ نے آج ٹراما سینٹر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حالیہ ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے وائس چانسلر، معزز ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔دورے کے دوران اسپیشل سیکریٹری صحت نے میڈیکل ڈائریکٹر (ایم ڈی) ٹراما سینٹر اور دیگر متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ممتاز بلوچ کے علاج و معالجے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا کمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ممتاز بلوچ ایک معزز تعلیمی شخصیت ہیں اور ان کے لیے ممکنہ طور پر بہترین طبی سہولیات اور علاج فراہم کیا جائے تاکہ ان کی جلد از جلد صحت یابی ممکن بنائی جا سکے۔اس موقع پر شہک بلوچ نے ٹراما سینٹر کے مختلف یونٹس کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپتال کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔دورے کے اختتام پر شہک بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں صحت کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رہیں گے، اور اسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر3526/2025
کوئٹہ، 12 مئی 2025:
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے دنیا ٹی وی کے رپورٹر حسن بٹ کے والد اور این این آئی نیوز ایجنسی کے بیورو چیف دانیال بٹ کے چچا محمد علی بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ترجمان نے کہا کہ صحافتی برادری ایک خاندان کی مانند ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ بٹ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں

خبرنامہ نمبر3527/2025
کوئٹہ 11 مئی:2025 :
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس ورکشاپ کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے. بھارتی جارحیت کے خلاف حالیہ جنگ میں پاکستان کی شاندار جیت پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبا دی. اس ​​فتح نے پوری مسلم ورلڈ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے جسکا کریڈِٹ افواج پاکستان اور موجودہ حکومت کو جاتا ہے. یہ بات قابل فخر ہے کہ پاکستان نے معیشت اور اسلحہ میں اپنے سے کئی گنا بڑھے ملک بھارت کو شکست دی۔ یہ کارنامہ پاکستان کے غیرمتزلزل جذبے اور عسکری صلاحیتوں کے ثبوت کے طور پر تاریخ میں لکھا چکا ہے. اس موقع پر صوبائی وزراء راحیلہ حمید خان درانی، میر عاصم کرد گیلو، محمد خان لہڑی، ہادیہ نواز اور نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے چیف کوآرڈینیٹر بلوچستان بریگیڈیئر بلال بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تین ہفتے کے دورانیہ پر مشتمل ورکشاپ کا مقصد دراصل خطے کے تازہ ترین حالات و واقعات سے آگہی حاصل کرنا ہے تاکہ ہم اپنی پائیدار معاشی ترقی اور سماجی انصاف کی پاسداری کیلئے ضروری اقدامات اٹھا سکیں. انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل، معدنیات اور رقبے کے لحاظ سے بلوچستان ایک زرخیز صوبہ ہے اور یہ سینٹرل ایشیا کے ممالک تک رسائی کا زمینی راستہ فراہم کرتا ہے. یہ بات اعتماد کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے. آپ کی باہمی مشاورت اور اجتماعی دانش سے بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں مدد اور فکری رہنمائی مل سکتی ہے. اس ورکشاپ کے اختتام کے بعد آپ سب شرکاء پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ آپ ملک وصوبے کی پائیدار سیاسی و معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے. ورکشاپ کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ آپ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری قبول کریں۔ تمام سماجی برائیوں، بےروزگاری اور معاشی عدم استحکام سے نمٹ کر ہم ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں. قبل ازیں گورنر مندوخیل نے پندرہویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیے

خبرنامہ نمبر3528/2025کوئٹہ 12 مئی 2025:

:ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان نور محمد کھیتران اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پریس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق نے دنیا ٹی وی کے رپورٹر حسن بٹ کے والد اور این این آئی نیوز ایجنسی کے بیورو چیف دانیال بٹ کے چچا محمد علی بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور بلند درجات جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں.

خبرنامہ نمبر3529/2025کوئٹہ، 12 مئی 2025:ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے دنیا ٹی وی کے رپورٹر حسن بٹ کے والد اور این این آئی نیوز ایجنسی کے بیورو چیف دانیال بٹ کے چچا محمد علی بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ترجمان نے کہا کہ صحافتی برادری ایک خاندان کی مانند ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ بٹ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں