News

06-07-2025

خبرنامہ نمبر 4777/2025
کوئٹہ ، 06 جولائی:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اور اعلیٰ حکام نے اتوار کے روز سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یوم عاشورہ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کو سی پی او میں قائم جدید D3C مانیٹرنگ روم کا دورہ کرایا گیا، جہاں سے مختلف مقامات، جلوس کے روٹس اور حساس علاقوں کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام کو سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ یوم عاشورہ کے دوران اشتعال انگیز عناصر کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو فوری طور پر ناکام بنایا جائے انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات اور داخلی راستوں پر مؤثر نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے سیکورٹی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ معمولی سی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام ادارے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام یکجا ہیں اور ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے یوم عاشورہ پر مکمل امن و سکون یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ جلوسوں، مجالس اور عوامی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات میں کسی قسم کی کمی نہ رہنے دی جائے اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات ، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر 4778/2025
جعفرآباد 6 جولائی ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے محرم الحرام یوم عاشورہ کے موقع پر یونین کونسل کیٹل فارم کی مرکزی امام بارگاہ چھلگری کا دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے ماتمی جلوس کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے موقع پر موجود طبی عملے کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو بروقت اور بہتر طبی امداد فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے امام بارگاہ میں عزاداروں سے بھی ملاقات کی اور جلوس کے روٹس، سکیورٹی پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں پر موجود پولیس اور ایف سی کے جوانوں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے انجام دی جانے والی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر تمام متعلقہ ادارے مستعدی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 4779/2025
نصیرآباد۔ملک بھر کی طرح نصیرآباد میں بھی محرم الحرام کے موقع پر یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ضلع بھر میں مختلف مقامات سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں عزاداروں نے شہدائے کربلا کی یاد میں پرسوز ماتم کیا۔ نصیرآباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفر امام صادق ڈیرہ مراد جمالی سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا شام کے وقت امام بارگاہ واپس پہنچا۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ، ایس ایس پی غلام سرور بھیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے موقع پر موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں میں زخمی ہونے والے عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔پولیس اور ایف سی کے جوان سندھ بلوچستان قومی شاہراہ، مختلف چوراہوں اور لنک روڈز پر تعینات رہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کی گئی۔ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر محمد سلیم ڈومکی کی ہدایت پر فائر بریگیڈ کے ذریعے جلوس کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ گرد و غبار کم ہو اور شرکاء کو سہولت ملے۔یوم عاشورہ کے موقع پر منجھو شوری اور تحصیل چھتر میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوکر اختتام پذیر ہوئے۔ماتم کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کے احکامات کی روشنی میں فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایمبولینس کے ہمراہ موجود رہے۔ اس موقع پر علامہ مشتاق حسین عمرانی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی اور عزاداروں کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں تاکہ یہ دن پُرامن طریقے سے گزارا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 4780/2025
لورالائی6جولائی :کمشنرلورالائی ڈویژن سعادت حسن ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ،ایس ایس پی احمد سلطان نے دسویں محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہ کا دورہ کر کے سیکورٹی کا جائزہ لیا ۔کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن ڈپٹی کمشنر میران بلوچ،ایس ایس پی احمد سلطان ،ڈی ایس پی کلیم اللہ کاکڑ نے دسویں محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہ کا دورہ کیا اور سیکورٹی جائزہ لیا۔ انہوں نے سیکورٹی پر مامور لیویز اور پولیس کے جوانوں کو ہدایت کی کہ ہمیشہ کی طرح الرٹ رہے اور کسی بھی مشکوک شخص کو فوراً گرفتار کریں دشمن ہمارے درمیان نفرت پیدا کر کے ہمیں آ پس میں لڑانے کی کوشش کر تا ہے حالانکہ قانون میں مذہبی آ زادی سب کو حاصل ہے۔ انہوں نے سیکورٹی پر مامور لیویز اور پولیس نوجوانوں کو ڈیوٹی پر پابند رہنے کی ہدایت کی اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے کہا کہ محرم الحرام، خصوصاً یوم عاشور ہمیں عظیم قربانی، صبر، استقامت اور حق و سچ کی راہ میں ڈٹ جانے کی عملی مثالیں فراہم کرتا ہےکمشنر لورالائی ڈویژن نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی رہتی دنیا تک انسانیت، عدل، اصول پسندی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی روشن مثال ہے یہ مہینہ ہمیں ایثار، ہمدردی اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں محرم الحرام کے ایام میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ، پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں کمشنر نے علمائے کرام، ذاکرین، تمام مکاتب فکر، اور عزاداروں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیتے ہوئے ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کریں تاکہ یہ ایام پرامن اور عقیدت و احترام سے گزر سکیں۔

خبرنامہ نمبر 4781/2025
حب۔ صوبائی وزیرزراعت و کوآپریٹیو میر علی حسن زہری کے حلقئہ انتخاب ضلع حب میں یوم عاشور عقیدت واحترام کیساتھ منایا گیا یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ وادی حسینی، سیدی اکرم کالونی سے نمودار ہواسخت ترین سیکیورٹی حصار میں ماتمی جلوس روٹس کے اطراف کی سڑکوں کو حفاظتی انتظامات کے تحت ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھاگیا۔ جلوس امام بارگاہ جام کالونی پہنچ کر پرامن طریقے اختتام پزیر ہوگیا صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے یوم عاشور کے موقع پر حلقئہ انتخاب کا دورہ کیا اور عزاداروں سے ملاقات کی حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی کی صورتحال پر انتظامی حکام سےبریفنگ لی دورے کے موقع پر ایم پی اے حب میر علی حسن زہری نے کہا کہ یوم عاشورپر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ رہےہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی حبکے کردار اورسیکیورٹی پلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کا پیغام عام کرنا وقت کی ضرورت ہےصوبائ وزیر نے اسپیشل برانچ بی ڈی ٹیم کی جانب سے جلوس کے راستوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات اورمجالس کے اوقاتمیں سخت سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کیا ۔

خبرنامہ نمبر 4782/2025
گوادر: یوم عاشورہ کے موقع پر جلوسوں کے دوران زخمی ہونے والے عزاداران کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے میر عبدالغفور ٹیچنگ اسپتال گوادر کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ کی ہدایت پر ماہر ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز پر مشتمل میڈیکل ٹیمیں جلوس کے راستوں پر تعینات کی گئیں، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عزاداران کے زخموں کی مرہم پٹی کی اور ضروری طبی سہولیات فراہم کیں۔ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے تقدس، عزاداران کی خدمت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتال کا عملہ مکمل طور پر مستعد اور تیار تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبولینس سروس کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا تھا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔شہریوں اور عزاداروں کی جانب سے اسپتال انتظامیہ اور میڈیکل ٹیموں کے بروقت اقدامات کو سراہا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 4783/2025
گوادر: 6 جولائی 2025 کو امام بارگاہ ولی العصر، شیخ عمر وارڈ گوادر میں یوم عاشورہ کا جلوس اور مجلس بخیر و خوبی اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری کی زیر نگرانی جلوس اور مجلس کے لیے سیکیورٹی و انتظامی اقدامات مکمل طور پر مربوط اور مؤثر انداز میں انجام دیے گئے۔جلوس کی تفصیلات کے مطابق، یوم عاشورہ کا جلوس صبح 11:40 بجے شروع ہوا اور دوپہر 1:30 بجے اختتام پذیر ہوا، جس میں 70 سے 80 عزاداروں نے شرکت کی۔یوم عاشورہ کی مذہبی اہمیت کے پیش نظر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔جلوس کی گزرگاہ اور امام بارگاہ کے اطراف پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔داخلی راستوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کی گئیں اور تمام افراد کی باقاعدہ اسکریننگ کی گئی۔ہجوم کی مؤثر انداز میں نگرانی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے گئے۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں الرٹ رہیں۔جلوس کے لیے مخصوص راستے کو پہلے سے کلیئر کر کے بیریئرز لگا کر محفوظ بنایا گیا۔عزاداروں کی سہولت کے لیے پانی کی سبیلیں اور عارضی سایہ دار جگہیں قائم کی گئیں میونسپل کمیٹی کی ٹیموں نے صفائی ستھرائی کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے۔اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں، سیکیورٹی اہلکاروں اور میونسپل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔یوم عاشورہ کا جلوس مکمل امن، وقار اور عقیدت کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جس پر شہریوں اور منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا۔