News

01-03-2025

خبرنامہ نمبر 1556/2025
کوئٹہ، 01 مارچ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت وفاقی پی ایس ڈی پی 2025-26 کے مجوزہ صوبائی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہفتہ کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری بابر خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے آئندہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں زراعت، آبپاشی، آبنوشی، مواصلات، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبوں کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں ایسے صوبائی منصوبے شامل کیے جائیں جو قابل عمل ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبے کے پسماندہ اضلاع کو ترجیح دی جائے اور ترقیاتی اسکیمات وہی منتخب کی جائیں جن کے براہ راست ثمرات عوام تک پہنچیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں مواصلاتی رابطوں کی بہتری اور آبپاشی کے منصوبوں کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق میں صوبے کی تعمیر و ترقی سے متعلق اپنا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی منصوبے اور فلاح و بہبود صوبائی ترجیحات میں سرفہرست ہیں صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے، اور ہمارا مقصد ایسے صوبائی ترقیاتی منصوبے پیش کرنا ہے جو صوبے کے عوام کے لیے حقیقی معنوں میں فائدہ مند ہوں۔

خبرنامہ نمبر 1557/2025
کوئٹہ، 01 مارچ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کی آمد پر پوری قوم بالخصوص اہل بلوچستان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان صبر، تقویٰ، ایثار اور بھائی چارے کا مہینہ ہے، جو ہمیں خود احتسابی اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقدس مہینے میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی، قیمتوں کی نگرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں تاکہ رمضان کی رحمتیں سب کے لیے یکساں طور پر میسر آسکیں میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت مہینے کے طفیل ہمیں امن، ترقی اور بھائی چارے کی راہوں پر گامزن رکھے اور بلوچستان کو خوشحالی و استحکام عطا فرمائے۔

خبرنامہ نمبر 1558/2025
کوئٹہ یکم مارچ:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ تاہم شمال مشرقی پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ضلع نوشکی، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، چمن، کوئٹہ، سوراب، قلات، مستونگ، بولان، خضدار، پنجگور، خاران، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، ژوب، لوسائی، ہرنائی، شیرانی اور دیگر علاقوں میں کہیں کہیں پر وقفے وقفے سے بوندا باندی کا امکان ہے۔ وسطی اور شمالی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں برف باری ہو سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں سب سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 1559/2025
کوئٹہ یکم مارچ:رجسٹرار بولان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے مطابق بی ایس این (BSN) فال سیشن 2024 میں داخلے کے خواہشمند اقلیتی، معذور اور حافظِ قرآن کوٹے کے امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ان کے انٹرویوز 6 مارچ 2025 (بروز جمعرات) صبح 11:30بجے، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BUMHS) کے مرکزی کیمپس، بروری روڈ، کوئٹہ میں دفتر رجسٹرار میں منعقد کیے جائیں گے۔ وہ طلبہ جو نرسنگ کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (NCAT-2024)میں کم از کم 30 نمبر حاصل کر چکے ہیں، وہ اقلیتی/معذور/حافظِ قرآن کوٹے کے تحت انٹرویو میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ ایسے امیدوار جن کے نمبر 30 سے کم ہیں، وہ انٹرویو کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر 1560/2025
حبیکم مارچ:یکم مارچ:ایس ایس پی حب سید فاضل شاہ کے احکامات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفس حب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلع بھر میں کرایہ داروں کے اندراج کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ڈسٹرکٹ پولیس حب کی جانب سے رینٹل ایکٹ پر موثر عملدرآمد کے لیے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی حب سید فاضل شاہ بخاری کی ہدایت پر ضلع بھر میں کرایہ داروں کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی ہے ایس پی حب کی زیر نگرانی ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات جاری کیں گئیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں رینٹل ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو کرایہ داروں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرے گی اور اس ریکارڈ کو پولیس کے مرکزی نظام میں محفوظ کیا جائے گا اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس حب کی جانب سے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کیگئی ہے کہ وہ اپنے کرایہ داروں کا مکمل ڈیٹا قریبی پولیس اسٹیشن میں درج کروائیں جو مکان مالکان یا پراپرٹی ڈیلرز اس عمل میں کوتاہی برتیں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس مہم کا مقصد عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے، اور پولیس کی کوشش ہے کہ حب کو ایک پرامن اور جرائم سے پاک ضلع بنایا جائے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن یا قریبی تھانے کو دیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر 1561/2025
نوکنڈی یکم مارچ:: نوکنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر مقبول احمد، جنرل سیکرٹری طارق سنجرانی، اور سینئر اراکین لیاقت قادری، شوکت برہانزئی، نوربخش حسنی، اور ماسٹر امین اللہ آزاد نے نوکنڈی اسپورٹس فیسٹیول 2025 کے شاندار انعقاد پر ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کا شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد نے نوکنڈی اور رخشان ڈویژن کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا، جو علاقے میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے RDMC کے کمیونٹی انگیجمنٹ منیجر علی دوست یلانزئی کے کردار کو بھی سراہا، جن کی قیادت اور انتھک محنت نے اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ایونٹس سے نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملتے ہیں بلکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کو صحت مند اور تعمیری راستے پر گامزن کیا جاتا ہے۔ نوکنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ RDMC آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلوں کی ترقی کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گا۔

خبرنامہ نمبر 1562/2025
نوکنڈی یکم مارچ:نوکنڈی کے قبائلی اور سیاسی رہنماء ملک وسیم شیرزئی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے نوکنڈی اور آس پاس کے دیہاتوں میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں نمایاں بہتری لائی ہے۔ جبکہ دور دراز گاؤں میں موبائل ہیلتھ یونٹس اور میڈیکل آفیسرز کی موجودگی سے علاج معالجے کی سہولت ہر کسی کو بآسانی دستیاب ہے۔ ریکوڈک کی سی ڈی سی کے فنڈ سے نوکنڈی میں قائم انڈس اسپتال پورے بلوچستان کے بہترین اسپتالوں میں سے ایک ہے جہاں جدید طبی سہولیات میسر ہیں۔ اسی طرح ہنر فاؤنڈیشن کی اشتراک سے آر ڈی ایم سی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام نے نوجوانوں کو ہنر سیکھنے اور روزگار کے بہترین مواقع حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ جبکہ ریکوڈک میں مقامی سمیت بلوچستان کے نوجوانوں کی بڑی تعداد برسر روزگار ہیں جن میں کافی زیادہ مقامی اور بلوچستان کے نوجوان اعلیٰ عہدوں پر فائز بھی ہیں جو کہ آر ڈی ایم سی کے بہترین ہائرنگ پالسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ملک وسیم شیرزئی نے مزید کہا کہ سیندک پروجیکٹ گزشتہ 30 سالوں سے یہاں سے سونا اور تانبا نکال رہا ہے لیکن کیا اس پروجیکٹ نے ہمارے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کیں؟ اس کے برعکس ریکوڈک مائننگ کمپنی نے ابھی اپنی پیداوار شروع بھی نہیں کی مگر اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے صحت، تعلیم، ہنر مندی، کھیلوں کے فروغ اور دیگر شعبوں میں بہترین کام کر رہی ہے۔انہوں نے ان عناصر کو تنقید کا نشانہ بنایا جو صبح شام ریکوڈک پروجیکٹ کے خلاف زہر اگلتے ہیں حالانکہ یہ منصوبہ مقامی افراد کو ہنرمند بنا رہا ہے اور انہیں ریکوڈک سمیت دیگر قومی اور بین الاقوامی مواقع کے لیے تیار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کی انتظامیہ اور کمیونٹی ڈیپارٹمنٹ کی انتھک محنت سے یہ منصوبہ علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھول رہا ہے لیکن چند منفی عناصر صرف اپنے ذاتی مفادات، جو کہ ایک نوکری اور ٹھیکے تک محدود ہیں، کو بنیاد بناکر ریکوڈک منصوبے کے خلاف جھوٹی خبریں پھلا رہے ہیں جو قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول ہے۔ ملک وسیم شیرزئی نے کہا کہ میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کو شاندار کمیونٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شروع کرنے پر خراجِ تحسین کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ کمپنی اور عوام کے درمیان یہ شراکت داری ہمارے علاقے کی مزید ترقی اور خوشحالی کا سبب بنے۔

خبرنامہ نمبر 1563/2025
کوئٹہ28 فروری: یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور تدریسی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر NAHE نور آمنہ ملک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر ممتاز بلوچ، ڈپٹی رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ سمیت جامعہ کے فیکلٹی ممبران اور دیگر تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ اس تربیتی سیشن میں ملک کی مختلف جامعات کے تجربہ کار ماہرین تعلیم نے شرکت کی اور یونیورسٹی آف مکران کے اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں، تحقیقاتی تکنیکوں اور تعلیمی ترقی کے نئے رجحانات سے روشناس کرایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی قیادت میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ یونیورسٹی آف مکران کے تمام فیکلٹی ممبران کے لیے ایک مکمل اور جامع تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جو ایک اہم تعلیمی پیش رفت ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کو مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اور ایچ ای سی اس مقصد کے لیے ہر سطح پر معاونت جاری رکھے گا۔ وائس چانسلر مکران یونیورسٹی پنجگور پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے NAHE کی منیجنگ ڈائریکٹر نور آمنہ ملک، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، اور تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جن کی انتھک محنت اور تعاون کے باعث یہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی سیشن اساتذہ کی تدریسی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور یونیورسٹی آف مکران کو ایک جدید اور معیاری تعلیمی ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خبرنامہ نمبر 1564/2025
نصیرآبادیکم مارچ: عالمی یومِ شہری دفاع کے موقع پر ملک بھر کی طرح نصیرآباد ڈویژن میں بھی شہری دفاع کی جانب سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر شہری دفاع عنایت اللہ بلوچ نے خصوصی خطاب کیا اور اس دن کی افادیت پر روشنی ڈالی ڈپٹی ڈائریکٹر عنایت اللہ بلوچ نے اپنے خطاب میں شہری دفاع کے کردار، عوامی آگاہی اور کمیونٹی کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے حاضرین کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے عملی اقدامات، رضا کاروں کے کردار اور شہریوں کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ مزید برآں، انہوں نے شہری دفاع کے ماضی، حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا سیمینار کے بعد شہری دفاع کے زیر اہتمام ایک آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر عنایت اللہ بلوچ نے کی۔ ریلی میں شہری دفاع کے اہلکاروں، رضاکاروں، طلبہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کا مقصد عوام میں ہنگامی حالات سے متعلق شعور بیدار کرنا اور شہری دفاع کے مشن کو فروغ دینا تھا۔ شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی شریک شرکاء نے شہری دفاع کے اقدامات کو سراہا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی مستقبل میں مزید آگاہی پروگرامز اور عصر حاضر کے مطابق عملی تربیتی سیشنز منعقد کرانے پہ زور دیا شرکاء نے اس عزم کا عائدہ کیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی حالات میں ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنا ضرور ادا کریں گے۔

خبرنامہ نمبر 1565/2025
لورالائی ایکم مارچ:نئے تعلیمی سال 2025کا باقاعدہ أغاز یکم مارچ سے ہوچکا ہے أج بذریعہ پریس بر یفنگ اسکول داخلہ مہم کا باقاعدہ اعلان کیا جارہا ہے اس سلسلے میں ڈی أفس لورالائی میں یو نیسف کی کی زیر ہتمام ایک پر ہجوم پریس کانفرنس ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے کی اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد مدثر،ڈسٹرکٹ منیجر ایجوکیشن لورالائی عبید خان ترین،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن أفیسر بہادرشاہ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قمر سلطانہ اور دیگر اسکول ہیڈاماسٹرز أر ٹی ایس ایم موجود تھے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لورالائی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لورالائی محمد مدثر نے کہا کہ نئے تعلیمی سال 2025 کے داخلے مہم میں چار ہزار چھ سوترپھن (4653) بچے بچیاں کا اسکولوں میں داخل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے انھوں اس امید کا اظہار کیا وہ کہ اپنے ہدف سے زیادہ بچے بچیاں اسکولوں میں داخل کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر لورالائی نے کہا کہ ہمارے جو غیر فعال اسکول تھے ان میں سے کچھ کو ایس بی کے یونیورسٹی کے ذریعہ نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کی تعیناتی سے فعال بنا دئیے ہیں جو غیر فعال اسکول رہے گئے ہیں کوشش ہے کہ انھیں بھی فعال کیا جائے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں ترقی کا واحد ذریعہ معیاری تعلیم ہے اس لیے تمام والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کرکے تعلیم کی ہتھیار سے لیس کریں کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی و خوش حالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا انہوں کہا کہ اس حوالے سے قبائلی سیاسی سماجی مذہبی اور عوامی حلقوں کو بھی اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ تعلیم یافتہ باشعور معاشرہ تشکیل پا سکے انھوں نے کہا کہ یونیسف ہمارے وہ ادارہ ہے جنہوں نے حالیہ بارشوں کے بعد تیزی سے مختصر وقت میں ضلع لورالائی میں بڑی تعداد میں سکول مرمت کئے۔انھوں نے کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر اپنے منازل طے نہیں کر سکتا تعلیم ہی قوموں کی ترقی واحد راز ہے۔

خبرنامہ نمبر 1566/2025
کوئٹہ یکم مارچ:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ سے فیض محمد روڈ کے رہائشی تاجر اور فیض محمد روڈ پر واقع مسجد فیضان کی کمیٹی نے ملاقات کی۔گزشتہ روز کھلی کچہری میں جمع ہونے والے درخواست پر عملدرآمد کرتے ہوے دونوں فریقین کو طلب کیا گیاجن کے مابین مسجد فیضان سے منسلک کافی عرصے سے مسئلہ چل رہا تھا جسکی ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر درخواست موصول ہوئی تھی جسکے تناظرمیں ضلعی انتظامیہ نے کردار ادا کرتے ہوئے دونوں فریقین کو نوٹسسز جاری کیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیفریقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد فیضان کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے ضلعی انتظامیہ شہر میں درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔.

خبرنامہ نمبر 1567/2025
حب یکم مارچ:پارلیمانی سیکرٹری سیاحت وثقافت قانون نوابزادہ زرین خان مگسی ایک روزہ دورے پر ضلع حب پہنچ گئے ضلع حب آمد کے موقع پر مختلف شخصیات کی وفات پر انکے ورثاء سے اظیار تعزیت کی پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زریں مگسی نے حاجی چھتہ خان گوٹھ میں رند کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تاجران شاہ رخ رند واحدبخش رندرودیگر کے قتل کے سانحے پر اظہار ہمدردی وتعزیت کیلئے لواحقین سے ملاقات کی شہداء کے ایصال وثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی پارلیمانی سیکرٹری میر زرین خان مگسی نینیشنل پارٹی کے رینما وڈیرہ رجب رند وکمیونٹی کے دیگر افراد کو یقین دلایا کہ رندکمیونٹی تاجروں کے بہیمانہ قتل کے واقعے پرانہیں انتہاء دکھ اورافسوس ہواہے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے وہ مشکل کی گھڑی میں انکے ساتھ کھڑے ہیں اس کیس کی انکوائری اورقاتلوں کی گرفتاری کیلئے فوری ٹیمیں تشکیل دینے اورانویسٹی گیشن پر ہیشرفت و ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے ایس ایس پی حب سے میٹنگ اوررہورٹ طلب کرونگا میر زرین مگسی نے کہا کہ ضلع حب میں امن وامان کی صورتحال پر ہمیں تشویش ہے تمام اسٹیک ہولڈر اورانتظامیہ کو ملکر حب میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے ایک ہونا پڑیگا حب ایک صنعتی شہر ہے یہاں روزگار کے مواقع ہونے کی وجہ سے کاروباری لوگ یہاں کا رخ کرتے ہیں گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں امن وامان کے حوالے سے شہری کاروباری حلقوں کو مسائل درپیش آرہے ہیں وفاقی وِزیر جام کمال کی ہدایت پر ضلع حب کا دورہ کررہا ہوں ضلع حب کے عوام کو تنہاکبھی نہیں چھوڑیں گے ضلع حب کے عوام کو امن چاہیے ایک نکاتی ایجنڈے پر سب کی مشاورت سے شہریوں کے جان مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے لیویز کے پولیس میں انضمام کے بعد نفری کی کمی کا مسئلہ حل ہوگیا ہے حب کا امن بحال کرنے کیلئے توجہ کی ضرورت یے حب دورے کے موقع پر انہوں نے مینگل آباد میں حاجی عبدالرحیم پرکانی کے والدہ الہ آباد ٹاؤن میں مگسی قبیلے محمد اقبال مگسی کے چچا عبدالغفار مگسی کے وفات پراظہارتعزیت وفاتحہ خوانی کی اس موقع پر جام گروپ کے لالہ یوسف بلوچ وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب حاجی عظیم سیاں وڈیرہ زبیر گجر ممتازمگسی راؤاختر عبدالواحد ساجدی ودیگر موجود تھے.

خبرنامہ نمبر 1568/2025
تربت یکم مارچ:جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے جامعہ تربت کے ایڈمنسٹریٹو بلاک کے سامنے پودا لگا کرموسم بہارکی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس شجرکاری مہم کا اہتمام شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے باٹنی پروگرام کے اساتذہ اور طلباء نے یونیورسٹی کی گرین یوتھ موومنٹ کے تعاون سے کیاتھا۔ اس مہم کا مقصدپائیدار ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جامعہ تربت کی کاوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر گل حسن نے کہاکہ جامعہ تربت اپنے طلباء، اساتذہ کرام اورانتظامی عملے کے لیے صاف ستھرا، سرسبز اور صحت آفزاء ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد نہ صرف کیمپس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ پاکستان کی ان کاوشوں میں حصہ ڈالنا بھی ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کمیونٹی سمیت طلباء، اساتذہ کرام اور انتظامی عملے پر زور دیا کہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتراورصحتمند ماحول فراہم کرنے کے لئے وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے جامعہ تربت کے متعلقہ شعبہ جات اورذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ کیمپس کو سرسبز اور صاف ستھرا رکھنے کے لیے مستعدی سے کام کریں اور لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال اورکیمپس کی صاف ستھرائی کو یقینی بنائیں، اس ذمرے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وائس چانسلرنے اس بات کا اعادہ کیا کہ پائیدار حکمت عملی اور ماحولیاتی تحفظ جامعہ تربت کے مشن کا اہم حصہ ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ موسم بہارکی شجرکاری مہم ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے ایک مثبت قدم ہے، جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔

خبرنامہ نمبر 1569/2025
تربت یکم مارچ:صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے تربت میں مری قبیلے کے بزرگ رہنما حاجی شہدین مری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرحوم حاجی شہدین مری ایک شفیق اور معتبر شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

خبرنامہ نمبر 1570/2025
سبی یکم مارچ:پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مارچ شہری دفاع کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اس دن کی مناسبت سے ضلع سبی میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیاگیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس عبدالمالک، پی ایس ٹو کمشنر زیشان طاہر، سول ڈیفنس کے افسران و اہلکاران اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی شہری دفاع کا دن منانے کامقصد عام آدمی کو روزمرہ خطرات سے نمٹنے کی آگاہی دینا اور حادثات کی صورت میں نقصان سے بچنے کی تربیت فراہم کرنا ہے اور ناگہانی آفات کے دوران خدمات انجام دینے والے افراد کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس عبدالمالک اور پی ایس ٹو کمشنر زیشان طاہر نے کہا کہ شہری دفاع کی تربیت حاصل کر کے نہ صرف اپنی زندگی بچائی جا سکتی ہے بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی بچایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ شہری دفاع کی اہمیت و افادیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے اس لیے شہری دفاع کے اصولوں پر عمل کر کے قدرتی آفات زلزلوں طوفانوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ یوم شہری دفاع تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن کی مناسبت سے ہمیں اپنے معاشرے کے لوگوں کو قدرتی اور انسان کی پیدا کردہ آفات سے بچاؤ کی تربیت دینا ہے اور اسی تربیت کی بدولت ہی ہم معاشرے کے لوگوں کو اس قابل بنا سکتے ہیں کہ حادثات کی صورت میں نقصانات کو کم سے کم کر سکیں اس کے علاوہ سول ڈیفنس پیغامات سے منسوب پینافلیکس بھی لگائے گئے تھے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہی ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر 1571/2025
یکم مارچ عالمی یوم شہری دفاع کی مناسبت سے دنیا بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی صوبائی ہیڈ کوارٹر محکمہ شہری دفاع میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ بلو چستان جناب کیپٹن (ر) اطہر عباس راجہ تھے۔ سیمینارسے قبل محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے جس میں بم ڈسپوزل سروس فرسٹ ایڈ، ریسکیو اور مریضوں کو منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ دا دانہ بلو چستان جناب کیپٹن (ر) اطہر عباس راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی کار کردگی کو سراہا اور محکمہ کے رضا کاروں اور اہلکاروں کو ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ محکمہ شہری دفاع کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اورمحکمے کے اہلکارہر موقع پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ صف اول کھڑے ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کے افسران، اہلکار ان اور رضا کار تمام قدرتی آفت سماوی زلزالہ، سیلاب، بم دھماکہ وغیرہ میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات انجام دیتے رہے ہیں بالخصوص عالمی وباء کورونا، زلزلہ اور سیلاب کے دوران ہمارے اہلکاروں اور رضا کاروں کی خدمات قابل تعریف رہی۔اس موقع پر تربیت حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے شہری دفاع کی افادیت اور معاشرے میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائر یکٹر شہری دفاع علی محمد زہری نے شہری دفاع کی تاریخ، افادیت اور معاشرے میں اس کے کردار کا اجاگر کیا۔ انہوں نے محکمہ کے اہلکاروں کی کار کردگی اور انہیں در پیش مسائل سے مہمان خصوصی کو آگاہ کیا۔بعد ازاں ڈائر یکٹر شہری دفاع علی محمد زہری نے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) اطہر عباس راجہ و دیگر کو یادگاری شیلڈز پیش کیے۔قبل ازیں مہمان خصوصی کو تیکنیکی ہال کا معائنہ کرایا گیا جہاں انہیں متعلقہ جدید مشنری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

خبرنامہ نمبر 1572/2025
گوادریکم مارچ: گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سید ظہور شاہ ہاشمی میں اسپورٹس گولڈن ویک کے اختتامی موقع پر ایک پروقار تقریب تقسیم انعامات کے حوالے سے منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری تھے۔ مہمان خصوصی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انھیں تعلیم کی اہمیت افادیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا راز مسلسل محنت اور لگن میں پوشیدہ ہے۔ جو طلبہ تعلیمی لحاظ سے کمزور ہوتے ہیں وزوق سے کہتا ہوں اگر وہ مستقل مزاجی سے مطالعہ کو اپنا معمول بنا لیں اور پوری توجہ سے محنت کریں تو وہ ضرور اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں بلکہ معاشرے میں ایک نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں کیونکہ محنت اپنا ثمر ضرور دیتی ہے۔اس موقع پر پرنسپل ڈگری کالج نے ضلعی انتظامیہ، خصوصاً ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن اور اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں افسران نہ صرف تعلیم دوست ہیں بلکہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ہمیشہ سنجیدہ اقدامات کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن تعلیمی اداروں کو صرف وقت دیتے ہیں بلکہ ہر ممکن مالی و انتظامی تعاون بھی فراہم کرتے ہیں۔تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحت مند جسم اور صحت مند ذہن کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ کھیل نہ صرف جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ طلبہ میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ بعد ازیں تقریب نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

خبرنامہ نمبر 1573/2025
چمن یکم مارچ:تعلیمی سال 2025 کے آغاز پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی،ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی، اور قبائلی و سیاسی عمائدین نے والدین سے اپیل کہ وہ اپنے تمام بچوں اور بچیوں کو اسکول میں ضرور داخل کرائیں اور حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری خصوصی مہم”علم کی روشنی ہر بچے تک” کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور بچوں کی بہتر مستقبل کیلئے انھیں علم کی روشنی سے ضرور منور کرائیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر نہ صرف خود ایک زمہ دار شہری بنیں بلکہ اپنے خاندان اور ملک و قوم کی عزت و وقار کا بھی باعث بنیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں یکم مارچ سے نئے تعلیمی سال 2025 کا ہو چکا ہے لہذا تمام والدین کو چاہیے کہ وہ پہلے دن سے ہی تمام بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کرائیں انسان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جنہیں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ڈی سی چمن نے اپنے پیغام میں کہا تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہی درسی کتب سکولوں میں پہنچا دئیے گئے ہیں اس ضمن میں والدین اور سرپرست اعلیٰ پریشان نہ ہوں اور نئے سال کے آغاز پر تمام اساتذہ اور طلباء کو تلقین کی جاتی ہے کہ روز اول سے اپنے ترجیحات میں اس بات کو شامل کریں کہ بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ دیں گے- ڈی سی چمن نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے اساتذہ کرام اپنے اسکولوں میں ایسا ماحول پیدا کریں کہ بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت بھی حاصل کر سکیں تاکہ وہ نہ صرف ایک اچھا شہری ثابت ہو بلکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی بھی میں بہتر کردار ادا کر سکیں –

خبرنامہ نمبر 1574/2025
چمن یکم مارچ:ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اے ڈی سی چمن فدا بلوچ کی سربراہی میں جعلی ڈاکٹروں ڈینٹسٹس میڈیکل ٹیکنیشنز جن کے پاس ڈپلومہ اور دیگر ضروری کاغذات نہیں تھے کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا اس دوران 9 ڈینٹسٹس، میڈیکل ٹیکنیشنز اور 7 میڈیکل سٹورز کو زائدالمیعاد ادویات بیچنے اور صفائی ستھرائی کے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے سیل کر دیئے گئے۔اس موقع پر اے سی چمن نے کہا کہ عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے اور مریضوں کی زندگیوں کو چند مفاد پرست اور خودغرض عناصر کی وجہ سے داؤ پر نہیں لگا سکتے انہوں نے کہا عوام کی جان ومال کی حفاظت اور انکی بہترین علاج و معالجہ سمیت انھیں ہر قسم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔

خبرنامہ نمبر 1575/2025
کوئٹہ یکم مارچ:ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے تحت گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی اسسٹنٹ کمشنر (سریاب) ماریہ شعمون،اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک)نعمت اللہ ترین،اسپیشل مجسٹریٹ احسام الدین کاکڑ،اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار اور اسپیشل مجسٹریٹ سیف اللہ کاکڑ پر مشتمل مختلف ٹیموں نے کچلاک،سمنگلی،سریاب روڈ،جوائنٹ روڈ،نواں کلی، کاسی روڈ، طوغی روڈ عالموں چوک و دیگر علاقوں میں دودھ فروشوں، قصائیوں اور تندوروں کے خلاف کارروائیاں کی ضلعی انتظامیہ نے اس دوران 120 دکانوں کا دورہ کیا جن میں سے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے پر 22 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 20 دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا گیااور متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے اسکے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے قصاب خانوں میں گوشت کی قیمتوں،تندوروں پر روٹی کے وزن اور قیمتوں کاجائزہ لیا اور جنرل اسٹوروں پر اشیاء خوردونوش خصوصاً دالوں، چاول،چینی اور گھی وغیر کی قیمتوں کا تعین کیا۔

خبرنامہ نمبر 1576/2025
چمن یکم مارچ:تعلیمی سال 2025 کے آغاز پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی،ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی، اور قبائلی و سیاسی عمائدین نے اپنے پیغام میں والدین سے اپیل کہ وہ اپنے تمام بچوں اور بچیوں کو اسکول میں ضرور داخل کرائیں اور حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری خصوصی مہم”علم کی روشنی ہر بچے تک” کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور بچوں کی بہتر مستقبل کیلئے انھیں علم کی روشنی سے ضرور منور کرائیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر نہ صرف خود ایک زمہ دار شہری بنیں بلکہ اپنے خاندان اور ملک و قوم کی عزت و وقار کا بھی باعث بنیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں یکم مارچ سے نئے تعلیمی سال 2025 کا ہو چکا ہے لہذا تمام والدین کو چاہیے کہ وہ پہلے دن سے ہی تمام بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کرائیں انسان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جنہیں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ڈی سی چمن نے اپنے پیغام میں کہا تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہی درسی کتب سکولوں میں پہنچا دئیے گئے ہیں اس ضمن میں والدین اور سرپرست اعلیٰ پریشان نہ ہوں اور نئے سال کے آغاز پر تمام اساتذہ اور طلباء کو تلقین کی جاتی ہے کہ روز اول سے اپنے ترجیحات میں اس بات کو شامل کریں کہ بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ دیں گے- ڈی سی چمن نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے اساتذہ کرام اپنے اسکولوں میں ایسا ماحول پیدا کریں کہ بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت بھی حاصل کر سکیں تاکہ وہ نہ صرف ایک اچھا شہری ثابت ہو بلکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی بھی میں بہتر کردار ادا کر سکیں –

Clipping

3-03-2025

News

2-03-2025

Clipping

02-3-2025

Clipping

01-03-2025