September 8, 2024
File 1 News

DGPR NEWS EVENING SHIFT 22.07.2024

خبر نامہ نمبر4009/2024
کوئٹہ 22جولائی:۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں ہونے والی انسداد پولیو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سیکرٹری صحت صالح محمد بلوچ، صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی انعام الحق، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندے جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حال میں صوبے سے اس مرض کا خاتمہ ممکن بنائیں گے اور اس میں ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ فرد واحد کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قبائلی عمائدین کے ساتھ مل کر انکاری والدین کو بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر قائل کریں۔ چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایوننگ ریویو میٹنگ میں حاضر رہنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور آخری کیس ضلع ژوب میں رجسٹرڈ ہوا۔
خبر نامہ نمبر4010/2024
گوادر 22 جولائی: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر، میر جواد احمد زہری نے پیک اپ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی لاپروائی کے سبب ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ آئے روز ہونے والے ان حادثات کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جس کے پیش نظر آج پک اپ یونین اور گاڑی مالکان کو ہنگامی طور پر بلا کر ملاقات کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ خاص طور پر جیونی اور کنٹانی کے درمیان واقع روڈ پر ڈرائیورز کی اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔ مزید برآں، باخبر ذرائع کے مطابق انڈر ایج بچے بغیر شناختی کارڈ کے ڈرائیونگ کرتے ہیں، جو کہ قانونی جرم ہے۔ دو دن قبل ایک حادثے میں ایک بچہ ہلاک ہوا تھا، جس کے بعد فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے پک اپ یونین کو متنبہ کیا کہ تین دن کے اندر تمام گاڑیوں کا ڈیٹا اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں جمع کرائیں۔ مزید یہ کہ گاڑیوں کے لیے ایک اسپیڈ لمٹ مقرر کیا گیا ہے: اسپیڈ لمٹ: گاڑیاں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر نہ چلیں۔قانونی کاروائی: اسپیڈ لمٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے گا اور گاڑی کو تحویل میں لیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور ڈرائیونگ کے دوران احتیاط سے کام لیں۔ یہ اقدامات عوام کی حفاظت اور حادثات کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے ہیں، جن کا مقصد مقامی سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔
خبر نامہ نمبر4011/2024
گوادر 22 جولائی: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کے خصوصی احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر، جواد احمد زہری نے موجودہ بجلی کے غیر معمولی بحران، بندش، لوڈ شیڈنگ، اور ایران سے بجلی کی ترسیل میں کمی کے تناظر میں گوادر گریڈ اسٹیشن کا ہنگامی دورہ کیا۔اس دورے کے دوران، اسسٹنٹ کمشنر نے ایران سے بجلی کی ترسیل اور شارٹ فال کے حوالے سے تمام معلومات طلب کیں۔ گریڈ اسٹیشن کے انتظامیہ نے بتایا کہ ایران کی جانب سے اس وقت صرف 20 میگا واٹ بجلی مہیا کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں 80 میگا واٹ کا شارٹ فال پیدا ہوا ہے۔ اس شارٹ فال کی وجہ سے وولٹیج میں کمی، بجلی کی غیر اعلانیہ بندش، اور لوڈ شیڈنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر جواد احمد زہری نے گریڈ اسٹیشن کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ایران کی جانب سے بجلی کی فراہمی میں کمی اور فیڈرز کی غیر فعالی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر اطلاع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کیسکو انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ گوادر کے بجلی کے اس بحران کے مستقل حل کے لیے پوری کوشش میں لگی ہوئی ہیں اور گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے امید ہے کہ گوادر میں بجلی کے مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ صبر کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پر عمل کریں۔

خبر نامہ نمبر4012/2024
گوادر 22 جولائی: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر، میر جواد احمد زہری نے واٹر سینیٹیشن پلانٹ کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پانی کی صفائی اور معیار کا جائزہ لینا تھا تاکہ عوام کو محفوظ اور صحت مند پانی فراہم کیا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر نے دورے کے دوران مختلف ساز و سامان کا باریک بینی سے معائنہ کیا جو پانی کی صفائی کے عمل میں استعمال ہوتے ہیں، جیسے پانی کی بوتلیں اور پانی کے ٹینک۔ انہوں نے پانی کے صفائی کے عمل میں استعمال ہونے والے منرلز اور سوڈیم وغیرہ کو بھی چیک کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ٹی ڈی ایس (Total Dissolved Solids) لیول کا معائنہ کیا اور ڈبلیو ایچ او کے معیاری سٹینڈرڈ کو دیکھا، جو کہ 100 سے 250 تک ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ یقینی بنایا کہ پانی کی صفائی کے عمل میں کوئی کمی نہ ہو اور تمام معیارات پر پورا اترا جائے۔گوادر شہر میں پانی صاف کرنے والے پلانٹس کی بہت سی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جن کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر نے یہ دورہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں پلانٹس کے لائسنس اور دیگر لوازمات کا بھی معائنہ کیا جائے گا تاکہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور تمام بیماریاں ناقص اور آلودہ پانی کی وجہ سے پھیلتی ہیں۔ اگر پانی صاف نہ ہو تو دنیا کی کوئی بھی ڈاکٹر یا دوا بیماریوں کا علاج نہیں کر سکتی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ پوری کوشش کر رہی ہے کہ گوادر کے عوام کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کیا جائے۔
خبر نامہ نمبر4013/2024
دکی 22 جولائی:۔ڈپٹی کمشنر کلیم اللہ کاکڑ کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سمندر خان ناصر اور انعام اللہ خان لونی کی سربراہی میں لیویز فورس اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین منشیات کے عادی افراد کے ٹھکانوں کو ختم کررہے ہیں۔ فٹبال اسٹیڈیم اور مولانا محمد دین مدرسہ کے سامنے جنگل نما کچرے کے ڈھیر پر منشیات کے عادی افراد نے ٹھکانے بنا رکھے تھے۔ اور یہی منشیات کے عادی افراد شہر میں چوری ڈکیتی اور مختلف وارداتوں میں ملوث پائے جاتے تھے۔ عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کلیم اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ایکسویٹر کے زریعے جنگلات اور کچرے کے ڈھیر کا صفایا کیا گیا۔ تاکہ منشیات کے عادی افراد کے ٹھکانے ختم کئے جاسکیں اور منشیات کے عادی افراد کو گرفتار کرکے مختلف ہسپتالوں میں علاج کیلئے بھیجا جاسکے۔

Pictorial News

7-9-2024 (F-2)

News

7-9-2024

Pictorial News

7-9-2024(F-1)

News

5-9-2024