1st-February-2026

خبرنامہ نمبر677/2026
کوئٹہ، 01 فروری :صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز اینڈ کامرس سردار کوہیار خان ڈومکی نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے عوام اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بزدلی، ناکامی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ ایسے عناصر کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے یہاں جاری ایک بیان میں سردار کوہیار خان ڈومکی نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور انتہائی پیشہ ورانہ کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی جانب سے کارروائی کے دوران 58 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا ان کی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 بہادر سیکیورٹی جوانوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری قوم اپنے شہدائ کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر محاذ پر ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ متحد ہے اور دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے سردار کوہیار خان ڈومکی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر678/2026
موسی خیل 01 فروری :ڈپٹی کمشنر موسی خیل عبد الرزاق خجک کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے ضلع کمپلیکس میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی موسی خیل کلیم اللہ کاکڑ ڈی ایس پی اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی موسی خیل نے کہا کہ ضلع موسی خیل میں امن و امان کے قیام کے لئے ہم سب کی زمہ داری ہے کہ ہم ملکر اپنا کردار ادا کریں آپ تمام قبائلی عمائدین علمائ کرام کے ذریعے یہ پیغام گھر گھر بازار اور دیہاتوں تک پہنچنا چاہئے کہ عوام باہر سے آنے والے ہر شخص پہ نظر رکھے ان سے پوچھے کہ وہ کس مقصد کے لئے آئے ہیں اگر کسی بھی مشتبہ شخص پہ شک گزرے تو فورا گورنمنٹ کے اداروں کو رپورٹ دیں تاکہ گورنمنٹ بروقت کاروائی کرسکے تمام قبائلی عمائدین اور علمائ کرام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ گورنمنٹ کا پیغام پہنچائیں گے اور خود بھی وطن کے دفاع کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

خبرنامہ نمبر679/2026
یکم فروری :ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی اسمبلی غزالہ گولا نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں کو بروقت ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صوبے میں خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے تھے، مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر اور فوری حکمت عملی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے انہوں نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے دہشت گردی کے واقعات میں جامِ شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدائ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا غزالہ گولا نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر680/2026
استامحمد۔ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال نے زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی اُستامحمد غلام حسین باجوئی، شاہ بخش پندرانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے مختلف بلاکس، دفاتر، بنیادی ڈھانچے اور جاری تعمیراتی کام کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور موقع پر موجود متعلقہ حکام سے پیش رفت سے متعلق بریفنگ حاصل کی ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت کی کہ مارچ کے اختتام تک ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا ایک حصہ مکمل کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کو وہاں منتقل کیا جائے انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ڈپٹی کمشنر آفس عارضی طور پر لائبریری کی عمارت میں قائم ہے، جس کے باعث انتظامی امور میں مشکلات درپیش ہیں ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی بروقت تکمیل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں مزید بہتری لائی جائے، معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل پایہ? تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ضلع بھر کےشہریوں کو ایک ہی جگہ پر بہتر اور جدید انتظامی سہولیات میسر آسکیں.

خبرنامہ نمبر681/2026
استامحمد۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے آج ڈپٹی کمشنر استامحمد آفس میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی جن میں ایس ایس پی اُستامحمد غلام حسین باجوئی، مئیر استامحمد میر مظفر خان جمالی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہ بخش پندرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالجبار سومرو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل، جبکہ ایریگیشن، ایجوکیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE)، لوکل گورنمنٹ، پی ٹی سی ایل، میونسپل کارپوریشن، بی اینڈ آر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شامل تھےاجلاس میں ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال نے صوبائی وزیر کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری خوبصورتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر تمام ضلعی سربراہان نے اپنے اپنے محکموں میں جاری ترقیاتی اسکیموں، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق فرداً فرداً آگاہی فراہم کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے تمام ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے مثبت اور فعال کردار ادا کریں .صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کے آغاز سے قبل گیس پائپ لائنز اور پینے کے صاف پانی کی پائپ لائنز کو گلیوں میں پہلے ہی بچھایا جائے تاکہ بعد ازاں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کے بعد توڑ پھوڑ کے مسائل پیدا نہ ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جو بھی منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں ان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کو بروقت مقررہ مدت میں تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ ضلع کا ایک اہم مسئلہ سیوریج سسٹم کی تعمیر اور مرمت ہے جس پر خصوصی توجہ دی جا رہی کی ہے انہوں نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں کی بہتری، نئے تھانوں اور پولیس چوکیوں کی تعمیر ناگزیر ہے تاکہ پولیس اہلکاروں کی جان کو محفوظ بنایا جا سکے اور وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت انجام دے سکیں۔ صوبائی وزیر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ بلا رکاوٹ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر لگانے یا کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو خصوصی ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ضلعی افسران کی دفاتر میں حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے مزید برآں، صوبائی وزیر نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کیونکہ گرمیوں کے موسم میں عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں کی ڈی سلٹنگ، خراب پائپ لائنوں کی مرمت اور پانی کی ترسیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو بروقت دور کیا جائے آخر میں صوبائی وزیر نے تمام محکموں کے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور غیر حاضری سے سختی سے اجتناب کریں تاکہ عوامی اعتماد بحال رہے اور ترقیاتی اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر682/2026
قلات :ڈی سی قلات کی ہدایت پر بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی ضلع قلات میں ایف ای بی این صورتحال کےتناظر میں آئی ڈی پولیو مہم ایک دن کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ مانیٹرنگ افیسر کے جاری کردہ اعلامیے کیمطابق 3 فروری 2026 بروز منگل کو دوبارہ پولیومہم شروع کی جائیگی.

خبرنامہ نمبر684/2026
کوئٹہ، یکم فروری :انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ پولیس نے صوبے میں قیام امن کے لئے جانیں قربان کر کے شہادت کا رتبہ پایا ہے شہدائ کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں جنہوں نے ملک کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بناکر پر امن بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے کیونکہ سیکورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تھانوں کے دورے کے دوران کہی۔ دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے تھانہ سریاب، تھانہ نیو سریاب، پولیس ٹریننگ کالج ،اسمارٹ پولیس اسٹیشن منظور ترین شہید اور پولیس اسٹیشن خالق شہید کا تفصیلی معائنہ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد آصف خان اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے بعد ازاں آئی جی پولیس نے اینٹی ٹیرارزم فورس (اے ٹی ایف) ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے آفسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں متعلقہ آفیسران کی جانب سے درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی آئی جی پولیس نے آفسران و جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے آئی جی پولیس بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فرائض منصبی احسن طریقے سے نبھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف بلوچستان پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video