11th-January-2026

خبرنامہ نمبر215/2026
کوئٹہ، 11 جنوری :محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ، کھیلوں کے کلچر کے احیائ اور مثبت سماجی رویّوں کے فروغ کے لیے کوئٹہ میراتھن ریس کا شاندار انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز بائیکو پیٹرول پمپ، ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ سے کیا گیا۔میراتھن ریس کا افتتاح مشیر کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ نے کیا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ نے بھی عملی طور پر میراتھن میں حصہ لے کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ریس میں نوجوانوں، طلبہ، ایتھلیٹس، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو صحت مند، متحرک اور باصلاحیت بنانے کے لیے کھیلوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں، اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور صوبائی حکومت کھیلوں کے میدان میں انہیں آگے لانے کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری، کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میراتھن جیسی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ صوبے کا مثبت تشخص بھی اجاگر کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے میں اصلاحات، نئے منصوبے اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، تاکہ بلوچستان کا نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ کھیل صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے میراتھن میں شریک نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور اعلان کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے مزید ایونٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند مقابلے اور مثبت سرگرمیوں کے مزید مواقع میسر آئیں۔

خبرنامہ نمبر216/2026
کوئٹہ 11 جنوری : وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ اینڈومنٹ فنڈ کا قیام محض ایک سرکاری منصوبہ نہیں بلکہ صوبے کی خواتین کی معاشی و سماجی حیثیت کو مثبت انداز میں تبدیل کرنے کی جانب ایک انقلابی اور تاریخی پیش رفت ہے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نےکہا کہ معاشی خودمختاری ہی خواتین کے سماجی وقار اور تحفظ کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔ ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ اینڈومنٹ فنڈ کے ذریعے صوبے کی ہنرمند، تعلیم یافتہ مگر بے روزگار اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس پالیسی کا مرکزی محور خواتین کو روایتی معاشی انحصار سے نکال کر انہیں ایک کامیاب انٹرپرینیور اور کاروباری منتظم کے طور پر سامنے لانا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں بلکہ صوبے کی معیشت میں بھی اپنا فعال حصہ ڈال سکیں۔مشیر ترقی نسواں نے کہا کہ فنڈ کی تقسیم کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے سخت ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ہے۔ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح دور دراز دیہی علاقوں کی وہ خواتین ہیں جو وسائل کی شدید کمی کے باعث اپنی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کر پاتیں، جبکہ بیوہ، نادار اور معذور خواتین کی بحالی کے لیے اس فنڈ میں خصوصی گنجائش رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ اینڈومنٹ فنڈ سے چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے آغاز، روایتی دستکاری کے فروغ اور جدید دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ ٹیکنیکل ٹریننگ کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ بلوچستان کی بیٹیوں کو آگے بڑھنے کے لیے وسائل کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت خواتین کے راستے میں حائل تمام سماجی و معاشی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

خبرنامہ نمبر218/2026
شیرانی 11جنوری :پی پی ایچ آئی ژوب شیرانی کے ڈسٹرکٹ منیجر سید امان شاہ کی زیرِ صدارت ماہانہ کارکردگی اجلاس پی پی ایچ آئی ژوب شیرانی کے ڈسٹرکٹ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم اینڈ ای آفیسر محمد شعیب قریشی اور فنانس آفیسر نیاز محمد مندوخیل نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر کے تمام بی ایچ یوز کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور اور فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ منیجر سید امان شاہ نے اس امر پر زور دیا کہ تمام بی ایچ یوز انچارجز اور متعلقہ اسٹاف اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کریں اور ہمہ وقت عوام کی فلاح و بہبود اور معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر کسی بھی سطح پر کوتاہی پائی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ پی پی ایچ آئی کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک معیاری صحت سہولیات پہنچانا ہے، جس کے لیے تمام عملے کا باہمی تعاون اور حاضری کی مکمل پابندی نہایت ضروری ہے۔

خبرنامہ نمبر219/2026
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے وہیر، درکھالہ اور وڈھ میں قائم صحت مراکز کا تفصیلی دورہ کیا اور عوام کو معیاری و بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ دورے کا مقصد ضلع میں صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اور دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی بہتری تھا۔انہوں نے بیسک ہیلتھ یونٹ وہیر میں طبی آلات، ادویات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایمرجنسی کیئر، ویکسینیشن، اینٹی نیٹل چیک اپ اور بنیادی تشخیص کی سہولیات ہر صورت دستیاب ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں کے عوام کی صحت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدار نے مرکز 1122 ایم آر سی موبائل ریسکیو یونٹ درکھالہ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایمبولینسز، ریسکیو آلات اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پروگرام کے تحت صحت خدمات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ دیہی علاقوں کے لوگ شہری ہسپتالوں پر کم انحصار کریں۔ صحت کا شعبہ عوام کی زندگیوں سے براہ راست جڑا ہے اور ضلع خضدار کے تمام صحت مراکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزارزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عابد حسین بلوچ، ایکسین سی اینڈ بلیو انجینئر سلیم رزاق عمرانی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر منیر احمد اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ منیجر ناصر احمد موسیانی بھی ہمراہ تھے۔

خبرنامہ نمبر220/2026
نصیر آباد: محکمہ سپورٹس بورڈ بلوچستان کی مختلف کیڈرز کی خالی اسامیوں پر تعیناتی کے لیے ضلع نصیر آباد میں ڈویژن بھر کے امیدواران سے تحریری امتحانات اور انٹرویوز کا عمل جاری ہے۔ یہ عمل ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی کی نگرانی میں شہید عبدالغفار سیال کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس نصیر آباد ڈویژن فیروز علی ابڑو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محب کاکڑ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدیل قادر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جعفر آباد نعمت اللہ رند، سپورٹس آفیسر ناصر خان پانیزئی، سید سجاد شاہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ تحریری امتحانات اور انٹرویوز کے تمام مراحل اسپورٹس بورڈ کی سخت نگرانی میں شفاف طریقے سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ نصیر آباد ڈویژن میں محکمہ سپورٹس کی خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لیے یہ امتحانی عمل جاری ہے اور میرٹ کی بنیاد پر تعیناتی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سپروائزر، فٹسال انچارج، ٹیوب ویل آپریٹر، چوکیدار، نائب قاصد، خاکروب، گراؤنڈ مین اور وال مین کی اسامیوں کے لیے امتحانات اور انٹرویوز لیے جا رہے ہیں تاکہ اہل اور مستحق امیدواروں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر217/2026
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو خلیج فارس کے اوپر ایک کمزور مقامی موسمی گردش موجود ہے،جس کے اثرات کے باعث صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ایڈویکشن دھند اور بادلوں کی موجودگی کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اور مغربی اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ ضلع کیچ (تربت)، پنجگور اور گوادر (جیوانی، گوادر، پسنی اور اورماڑہ) میں چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم کوئٹہ، قلات، پشین، چمن، زیارت، چاغی، قلعہ عبداللہ، ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔پیر کو صوبے کے جنوبی اور مغربی اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ ضلع کیچ (تربت)، پنجگور اور گوادر (جیوانی اور گوادر) میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کے امکانات موجود ہیں۔کوئٹہ، قلات، پشین، چمن، زیارت، چاغی، قلعہ عبداللہ، ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں شدید سرد موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات کے دوران شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ ضلع گوادر میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر218/2026
نصیرآباد: کھیلوں سے پیار منشیات سے انکار کے نعرے کے تحت نصیرآباد میں دوسرا شہید عبدالرحیم مینگل فٹسال فار ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ 2026 شاندار انداز میں جاری رہا۔ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج کا اہم اور سنسنی خیز میچ روجھان جمالی جعفرآباد اور صحبت پور فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں روجھان جمالی جعفرآباد کی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں نے فٹسال کے بہترین اسکلز، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جسے شائقین نے خوب سراہا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈی ایچ او نصیرآباد ڈاکٹر حضور بخش مینگل،ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس نصیرآباد فیروز ابڑو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس محب الرحمن، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نعمت اللہ، صدر فٹبال ایسوسی ایشن نصیرآباد خلیل احمد بنگلزئی سمیت دیگر معزز مہمان موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین نثار انجم مینگل، علی اصغر مینگل، احمد حسین مینگل جبکہ ٹورنامنٹ انتظامیہ میں عطائ زہری، فتح شاد مینگل اور نصراللہ حسنی نے انتظامی امور انجام دیے۔ مہمان خصوصی ڈی جی اسپورٹس ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں اور منشیات جیسی لعنت سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نہ صرف ٹیلنٹ سامنے آتا ہے بلکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

خبرنامہ نمبر219/2026
تربت ۔کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹول 2026 کے چھٹے دن فٹبال اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے میچز کھیلے گئے ۔اس حوالے سے کیچ فٹبال اسٹیڈیم میں دو میچز کھیلے گئے پہلا میچ سول سوسائٹی کیچ اور شہید ولید جان فٹبال کلب پنجگور کے مابین کھیلا گیا۔سول سوسائٹی کیچ نے ایک کے مقابلے دو گول سے جیت لیا۔جبکہ دوسرا میچ ڈی ایف اے پنجگور اور شے حاجی لیاقت فٹبال کلب کراچی کے مابین ہوا۔جس میں شے حاجی لیاقت فٹبال کلب کراچی نے ایک کے مقابلہ 3 گول سے جیت لیا۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خاص صوبائی نائب صدر اور سابق چیئرمین بیت المال عطائ اللہ محمد زئی تھے ۔جبکہ دوسری جانب کرکٹ کے ایک میچ میں کے ایم سی پنجگور کی ٹیم نے ڈی سی اے گوادر کی ٹیم کو 38 رنز سے شکست دیدی ۔اس موقع پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے ایم سی پنجگور کی ٹیم نے مقررہ 20 میں 8 وکٹوں کے نقصان 200 رنز اسکور کیے جسمیں نظام الدین کے برق رفتار 76 رنز شامل تھے ۔جواب میں ڈی سی اے گوادر کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقرر اور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی ۔اس دوران کے ایم سی پنجگور کے باؤلر صغیر احمد نے 4 وکٹیں حاصل کی ۔اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت حافظ عبد القدوس نے کھیل کے بہترین کھلاڑی نظام الدین کو خصوصی شیلڈ پیش کیا۔ تربت.11 جنوری 2025:ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر (کالجز) مکران پروفیسر برکت اسماعیل کی صدارت میں ضلع کیچ کے کالجوں کے پرنسپلز کا ایک اہم اجلاس 11 جنوری 2026 کو عطا شاد ڈگری کالج تربت میں منعقد ہوا ۔

خبرنامہ نمبر220/2026
تربت.11 جنوری :ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر (کالجز) مکران پروفیسر برکت اسماعیل کی صدارت میں ضلع کیچ کے کالجوں کے پرنسپلز کا ایک اہم اجلاس 11 جنوری 2026 کو عطا شاد ڈگری کالج تربت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری کالجوں کے سربراہان نے شرکت کی اور تعلیمی امور سے متعلق مختلف نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں عطا شاد ڈگری کالج تربت کے پرنسپل پروفیسر ظہیر بلوچ، گورنمنٹ ڈگری کالج تمپ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر واحد بخش، گورنمنٹ شہید ایوب ڈگری کالج بُلیدہ کے پرنسپل پروفیسر الٰہی بخش، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کی پرنسپل گل جان خالد، گورنمنٹ شہید ذاکر بلوچ ڈگری کالج ہوشاب کے پرنسپل مسٹر رشید بلوچ، گورنمنٹ انٹر کالج ناصرآباد کے پرنسپل مسٹر علی گوہر، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج مند کے پرنسپل مسٹر مجیب احمد اور اسسٹنٹ ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر مکران مسٹر شریف الدین نے شرکت کی۔اجلاس میں سرکاری نظم و ضبط، دفتری آداب، درست خط و کتابت اور قواعد و ضوابط کی پابندی پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ طلبہ کی حاضری کے مسئلے پر بھی غور کیا گیا اور پرنسپلز کو ہدایت کی گئی کہ وہ طلبہ کی باقاعدہ نگرانی کریں اور حاضری میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔شرکائ نے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور تدریسی معیار پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ بہتر نتائج کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی اس موقع پر سالانہ کالج کیلنڈر کے لیے بھی مختلف کالجوں کی سرگرمیوں اور آئندہ تعلیمی منصوبوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ انہیں یکجا کر کے جامع کیلنڈر ترتیب دیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر پروفیسر برکت اسماعیل نے تمام شرکائ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلع کیچ میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام کالجز مل کر عملی اقدامات کریں گے۔

خبرنامہ نمبر221/2026
گوادر / اورماڑہ: تحصیلدار اورماڑہ نور خان بلوچ کی نگرانی میں پرائس کنٹرول کمیٹی نے اورماڑہ ٹاؤن کی مختلف مارکیٹوں اور دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کارروائی کا مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔معائنے کے دوران پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے دکانوں میں فروخت ہونے والی اشیائے ضروریہ کے معیار، قیمتوں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام اشیائ مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کی جائیں اور زائد قیمت وصول کرنے یا ناقص و ایکسپائری اشیائ کی فروخت سے مکمل اجتناب کیا جائے۔تحصیلدار نور خان بلوچ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رہیں گی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر222/2026
گوادر / پسنی:اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری کی زیرِ نگرانی پرائس کنٹرول کمیٹی نے پسنی کے مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لینا تھا۔کارروائی کے دوران ٹیم انچارج حسین ابراہیم، سینئر کلرک غلام جان اور واجد عبدالخالق نے مختلف ہول سیل دکانوں کا معائنہ کیا، جہاں اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو چیک کیا گیا۔چیکنگ کے دوران مختلف دکانوں سے زائدالمیعاد (ایکسپائری) اشیائ برآمد ہونے پر متعلقہ دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے۔ ٹیم نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیائ کی فروخت کو یقینی بنایا جائے، صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر رکھا جائے اور انسانی صحت سے کھیلنے والی ناقص و ایکسپائری اشیائ کی فروخت سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔اس موقع پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

خبرنامہ نمبر 223/2025
آفیسر بارکھان ڈاکٹر سعد آفریدی نے ضلع میں جرائم اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ضلع کو جرائم و منشیات سے پاک بنانے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈی پی او بارکھان نے کہا کہ منشیات اور جرائم معاشرتی اقدار کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر اور سخت اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈی پی او ڈاکٹر سعد آفریدی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جرائم اور منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارکھان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video