4th-January-2026

خبرنامہ نمبر52/2025
کوئٹہ 4جنوری۔ صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی اے، ڈسٹرکٹ پولیس، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سریاب سرکل نے موسیٰ کالونی سریاب روڈ میں مسافر ویگنوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔کارروائی کے دوران مسافر ویگنوں کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران ویگنوں میں چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے، ڈنڈا سیٹ کے استعمال، اضافی کرایہ وصول کرنے اور ڈرائیونگ لائسنس کی عدم موجودگی جیسے سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ان خلاف ورزیوں پر موقع پر ہی 13 ویگن مالکان کو چالان کیا گیا۔کارروائی کے موقع پر ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ متعلقہ حکام نے ڈرائیوروں اور مالکان کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ ٹرانسپورٹ حکومتِ بلوچستان کی پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کریں، مسافروں کو چھتوں پر بٹھانے اور ڈنڈا سیٹ کے استعمال سے باز رہیں، اضافی کرایہ وصول نہ کریں اور ڈرائیونگ لائسنس سمیت تمام قانونی دستاویزات کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔حکام نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں آئندہ مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر ویگنوں میں اضافی کرایہ وصولی اور چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں، جن کے پیشِ نظر یہ کارروائی کی گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔اور کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

خبرنامہ نمبر53/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ ضلع چاغی، واشک اور پنجگور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ واشک، پنجگور، کیچ، چاغی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، جیوانی اور نوشکی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو شام کے وقت بعض مقامات پر شدید بھی ہو سکتی ہیں۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، ژوب اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت نقط انجماد سے نیچے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پیر کوبھی صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ ضلع چاغی، واشک اور پنجگور میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے، جبکہ واشک، پنجگور، کیچ، چاغی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، جیوانی اور نوشکی میں دوپہر اور شام کے اوقات کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو بعض علاقوں میں شدید ہو سکتی ہیں۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، ژوب اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت بدستور نقط? انجماد سے نیچے رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی حصے میں بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔

خبرنامہ نمبر54/2025
کوئٹہ:- 04 جنوری :صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی بلوچستان حاجی نورمحمد خان دومڑ نے گزشتہ روز کوئٹہ کے مصروف اور معروف تجارتی مرکز سریاب روڈ پر واقع الکسب ہائیر مارکیٹ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر کی آمد پر مارکیٹ کے دکانداروں، تاجروں اور شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا دورے کے دوران تاجروں اور مارکیٹ میں موجود شہریوں نے صوبائی وزیر کو درپیش مسائل، سہولیات کی کمی اور مارکیٹ کی ترقی سے متعلق ضروریات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دومڑ نے تمام مسائل کو نہایت توجہ اور تحمل سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ بازار سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ کاروانِ حاجی نورمحمد خان دومڑ کی قیادت محض وعدوں تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجروں کے مسائل کا حل، بازاروں کی صفائی، سیکیورٹی کی بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کے مسائل کو حل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ حکومت تاجروں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے دورے کے اختتام پر مقامی تاجروں اور دکانداروں نے صوبائی وزیر خوراک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی عوام دوستی، مسائل کے فوری نوٹس اور عملی سیاست کو سراہا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر کا یہ دورہ کاروباری برادری کے ساتھ براہِ راست جُڑنے اور ان کے مسائل کو موقع پر سننے کا ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا قدم ہے۔

خبرنامہ نمبر55/2025
نصیرآبا04جنوری:صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی کی عوام کو مالکانہ حقوق کا مسئلہ عرصہ دراز سے چلا آ رہا تھا، ہم نے ہمیشہ اپنے دورِ اقتدار میں عوام کی خدمت کرکے اپنی سیاسی بصیرت کا عملی ثبوت دیا ہے اور اب عوام کو مالکانہ حقوق کی فراہمی اسی تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔ اپنے پہلے دورِ اقتدار میں بھی مالکانہ حقوق کی فراہمی کے لیے عملی جدوجہد کی گئی مگر الحمدللہ اس مرتبہ عوام کو باقاعدہ مالکانہ حقوق فراہم کرکے شہیدِ جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے عہد کو وفا کرکے دکھایا گیا ہے۔ ہم عوامی خدمت کو مزید وسعت دیں گے تاکہ تمام بنیادی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی کی عوام کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی،سابق وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی، سیاسی و سماجی شخصیات میر جعفر کریم بھنگر، ایڈووکیٹ نذر محمد عمرانی، حاجی گل محمد جتک، میر دوران خان کھوسہ سمیت دیگر معززین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر میر بلال صادق عمرانی کے ہمراہ عوام میں مالکانہ حقوق کے فارمز بھی تقسیم کیے۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے مالکانہ حقوق کی درخواستوں اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر میر بلال صادق عمرانی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار میں ڈیرہ مراد جمالی کی عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے ہمیشہ عوامی حقوق کی پاسداری کی اور آج کی یہ عظیم الشان و تاریخی تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگوں کو ان کے اپنے گھروں کا باقاعدہ مالک بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عملی جدوجہد کی بدولت مقامی آبادی کو ان کا حق ملا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار میں عوام ہمیشہ مستفید ہوئے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر56/2025
بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ صوبے کی لائف لائن سمجھی جانے والی این 25 نیشنل ہائی وے کو جدید ڈبل وے ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے کا اہم منصوبہ تیزی سے عملی شکل اختیار کر رہا ہے، جو صوبے کی معاشی، سماجی اور سفری سہولیات میں انقلاب برپا کرے گا۔این 25 ایکسپریس وے کی تعمیر کو شہری وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ترقیاتی وژن قرار دے رہے ہیں۔ یہ منصوبہ بلوچستان کو ترقی کی نئی راہوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور خضدار وڈھ سیکشن پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ سائٹ پر بھاری مشینری، انجینئرز اور سینکڑوں ورکرز دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ ڈبل وے کی تکمیل سے سفر محفوظ اور کم وقت میں ممکن ہوگا جبکہ روڈ حادثات میں نمایاں کمی آئے گی۔شہریوں کے مطابق این 25 کے ڈبل ہونے سے تجارت، سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ طلبہ کو تعلیمی اداروں، مریضوں کو ہسپتالوں اور تاجروں کو منڈیوں تک بروقت رسائی حاصل ہوگی۔ سامان کی ترسیل تیز ہوگی اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔این 25 شاہراہ کا ڈبل وے بننا بلوچستان کے عوام کا دیرینہ خواب تھا جو اب حقیقت بن رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے کراچی سے چمن تک سفر مزید محفوظ، آرام دہ اور کم وقت میں طے ہو سکے گا۔ حکومت نے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، جس کے باعث کام تیزی سے جاری ہے۔این 25 ایکسپریس وے بلوچستان کی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی اور صوبے کو معاشی استحکام کی جانب مضبوطی سے گامزن کرے گی۔

خبرنامہ نمبر57/2025
کوئٹہ 4جنور۔بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BUMHS)، کوئٹہ نے اسپرنگ سیشن 2026 کے لیے مختلف الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگرامز میں داخلوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔بولان یونیورسٹی بلوچستان کی واحد سرکاری میڈیکل یونیورسٹی ہے جو صوبے بھر میں طبی تعلیم، کلینیکل تربیت اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یونیورسٹی کے تمام پروگرامز تدریسی ہسپتالوں کے ساتھ منسلک ہیں تاکہ طلبہ کو عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔داخلے ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی، میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجی، آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی، اینستھیزیا ٹیکنالوجی، آپٹومیٹری، نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹٹیشن، کارڈیک ٹیکنالوجی، اسپیچ اینڈ لینگویج تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، نرسنگ اور دیگر متعلقہ شعبہ جات میں دستیاب ہیں۔اہل امیدوار وہ ہوں گے جنہوں نے ایف۔ایس سی پری میڈیکل یا مساوی تعلیم کم از کم 50 فیصد نمبروں کے ساتھ حاصل کی ہو۔ آن لائن داخلہ پورٹل 5 جنوری 2026 سے کھولا جائے گا جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 ہے۔ انٹری ٹیسٹ اور انٹرویو کی تاریخوں کا اعلان یونیورسٹی ویب سائٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔مزید معلومات اور آن لائن درخواست کے لیے امیدوار www.bumhs.edu.pk وزٹ کریں یا رجسٹرار آفس، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، بروری روڈ، کوئٹہ سے رابطہ کریں۔

خبرنامہ نمبر58/2025
کوئٹہ، 04 جنوری :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یومِ حقِ خودارادیت عالمی برادری کے لیے ایک واضح یاددہانی ہے کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی وعدہ ہے، جسے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں قانونی حیثیت حاصل ہے، مگر بدقسمتی سے یہ وعدہ آج تک وفا نہیں کیا جا سکا اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے جو تاریخی فیصلہ دیا اس میں ریاستِ جموں و کشمیر کے عوام کو یہ حق دیا گیا کہ وہ اپنے مستقبل کا تعین آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے۔ تاہم بھارت کی جانب سے غیر قانونی قبضے اور ہٹ دھرمی نے اس عالمی عہد کو مسلسل پامال کیے رکھا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ریاستی جبر، طاقت کے بے محابا استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ خصوصاً 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے یکطرفہ، غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات نے مقبوضہ علاقے کے سیاسی، سماجی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی منظم کوششوں کو تیز کر دیا، جس کے نتیجے میں کشمیری عوام کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جائز سیاسی آواز کو دبانے کے لیے ان کی قیادت کو قید و بند میں رکھا گیا اظہارِ رائے اور میڈیا کی آزادی سلب کی گئی، سیاسی جماعتوں پر پابندیاں عائد کی گئیں، جب کہ من مانے حراستی قوانین، گھروں پر چھاپے اور نام نہاد سرچ آپریشنز روزمرہ کا معمول بنا دیے گئے ہیں، جو انسانی وقار اور عالمی انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تمام تر جبر، تشدد اور دباؤ کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ، عزم اور حقِ خودارادیت سے وابستگی متزلزل نہیں ہو سکی۔ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بے مثال قربانیوں، ثابت قدمی اور جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل ہی جنوبی ایشیا میں دیرپا امن، علاقائی استحکام اور خوشحالی کی ضمانت بن سکتا ہے انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کی واپسی، جابرانہ قوانین کے خاتمے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے پر آمادہ کرے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان، بشمول بلوچستان کے عوام، ان کی جائز جدوجہد میں مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر دستیاب عالمی فورم پر پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

خبرنامہ نمبر59/2025
کوئٹہ 04جنوری۔ضلعی انتظامیہ نے مسلم اتحاد کالونی میں واٹر سپلائی کے ٹینکر پھٹنے کے افسوسناک واقعے پر بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے احکامات کے مطابق اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن سریاب عزت اللہ نے پولیس کے ہمراہ موقع پر کارروائی کرتے ہوئے حادثے کے مقام کو سیل کر دیا، جبکہ واٹر سپلائی کے ذمہ دار مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کارروائی کا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنا ہے۔

خبرنامہ نمبر60/2025
کوئٹہ، 04 جنوری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی، عظیم عوامی رہنما اور سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد ساز شخصیت تھے جنہوں نے پاکستان کو عوامی شعور، جمہوری سیاست اور آئینی بالادستی کا راستہ دکھایا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید بھٹو نے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کو زبان دی، عوام کو اقتدار کا اصل سرچشمہ قرار دیا اور پاکستان کو ایک متفقہ آئین دیا، جو آج بھی وفاقِ پاکستان کی مضبوط بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید کی سیاسی جدوجہد محض اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوامی حقوق، خودمختاری اور سماجی انصاف کے قیام کے لیے تھی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع، خارجہ پالیسی اور قومی وقار کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا، جبکہ ایٹمی پروگرام کا آغاز کر کے ملک کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کی فکر آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست اور عوامی خدمت کا محور ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید بھٹو کی قربانیاں اور نظریات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبہ بلوچستان میں عوامی فلاح، جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق اقدامات جاری رکھے جائیں گے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو تاریخِ پاکستان کا وہ درخشاں باب ہیں جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور قوم ہمیشہ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video