خبرنامہ نمبر43/2026
کوئٹہ3جنوری : علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، ژوب اور قلات کے اضلاع میں رات کے اوقات میں کم سے کم درجہحرارت نقطہ انجماد کے قریب رہنے کی توقع ہے۔ جبکہ دوپہر اور شام کے وقت کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، ژوب، پشین، چاغی اور خاران کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم چاغی، واشک اور پنجگور کے اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، ژوب اور قلات کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر اور شام کے اوقات میں کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، ژوب، پشین، چاغی اور خاران میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر44/2026
کوئٹہ3جنوری : بلوچستان بلائنڈ ریلیف ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام نابینا افراد کی فلاح و بہبود اور سماجی شمولیت کے فروغ کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ صبائ مگسی تھیں۔ اس موقع پر بلوچستان بلائنڈ ریلیف ایسوسی ایشن کے صدر نزیر احمد، جنرل سیکرٹری آل ڈس ایبل سوسائٹی کوئٹہ ثنائ اللہ مری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، سماجی کارکنان اور نابینا افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب کا بنیادی مقصد نابینا افراد کو معاشرے کا فعال، خودمختار اور باعزت شہری بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ نابینا افراد معاشرے کا ایک اہم اور قابلِ قدر حصہ ہیں، جنہیں تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کر کے قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔مقررین نے کہا کہ نابینا افراد کی صلاحیتوں اور قابلیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں محض امداد کا محتاج بنانے کے بجائے خود انحصاری اور باعزت روزگار کی راہ پر گامزن کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر بلوچستان بلائنڈ ریلیف ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ادارہ نابینا افراد کی تعلیم، تربیت، بحالی اور سماجی انضمام کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہا ہے، جو سماجی انصاف اور انسانی ہمدردی کی روشن مثال ہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکائ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نابینا افراد کے حقوق کے تحفظ، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور انہیں معاشرے کا فعال شہری بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی محترمہ صبائ مگسی نے نابینا افراد کی تنظیم کے لیے پچاس ہزار روپے نقد عطیہ دینے کا اعلان کیا اور نابینا افراد میں بیساکھیاں بھی تقسیم کیں۔
خبرنامہ نمبر45/2026
ڈیرہ مراد جمالی3جنوری :۔ صوبائی وزیر اریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن(ر) ذوالفقار علی کرار، سردار سخی شاہنواز خان عمرانی، میر شوکت بنگلزئی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر میر بلال صادق عمرانی، چیف انجینیئر مواصلات و تعمیرات بشیر ناصر اور ایگزیکٹو انجینیئر مواصلات و تعمیرات عبدالرحمن خان کاکڑ کے ہمراہ ڈیرہ مراد جمالی شرقی کے لیے ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے تیار کیے گئے ماسٹر پلان کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب محکمہ مواصلات و تعمیرات نصیر آباد کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں منعقد ہوئی جس میں سیاسی، سماجی و قبائلی عمائدین سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے سیاسی و قبائلی رہنما میر نادر علی عمرانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر میر بلال صادق عمرانی، ایگزیکٹو انجینیئر مواصلات و تعمیرات عبدالرحمن خان کاکڑ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اریگیشن میر محمد صادق عمرانی اور ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت ڈیرہ مراد جمالی کے تمام بنیادی مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا، موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کی تکمیل سے شہر کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی، عوام کو نکاسی آب، پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ، سڑکوں کے بہتر نیٹ ورک اور دیگر بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اجتماعی نوعیت کا منصوبہ ہے جس سے نہ صرف شہری مسائل حل ہوں گے بلکہ عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ مقررین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ڈیرہ مراد جمالی کو ایک جدید اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر46/2026
نصیرآباد3جنوری :۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری سے نصیرآباد میں این اے 65 تا فیض آباد روڈ کو شہید معراج احمد عمرانی کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار اور پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال صادق عمرانی کے ہمراہ باضابطہ طور پر روڈ کو شہید میر معراج احمد عمرانی کے نام سے منسوب کرنے کی افتتاحی تقریب منعقد کی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر معززین اور معتبرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں میر مقبول احمد عمرانی، محمد شریف عمرانی، رحم علی عمرانی، صفدر حسین عمرانی، خان محمد سیال، مٹھا خان رند، رئیس نظیر، رحمت عمرانی، محسن علی عمرانی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی، شاہ زیب احمد عمرانی، جاوید شریف عمرانی، آصف عظیم عمرانی، مٹھا خان سیال سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ شہید معراج احمد عمرانی کی قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے نام سے اس اہم شاہراہ کو منسوب کرنا شہدائ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے، ایسے اقدامات سے نئی نسل کو شہدائ کی قربانیوں سے آگاہی ملے گی۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد اور قومی ہیروز کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ میر بلال صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہدائ کے خاندانوں کی قدر کرتی ہے اور عوامی خدمت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکائ نے شہید معراج احمد عمرانی کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔
خبرنامہ نمبر47/2026
کوئٹہ 3جنوری :کوئٹہ میں عوام کو سفر سہولیات کے فراہمی کیلئے ہچیس گرین اور خواتین کے لئے صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے سیکرٹری آر ٹی اے علی خان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے بعد بلوچستان کے دیگر چار بڑے شہروں میں بھی ماحول دوست بسسز چلیں گی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ اور سیکٹری علی خان نے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کے لئے پنک اور گرین بس سروس پروجیکٹ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق کامیابی سے شروع کیا گیا ہے اور اب دوسرے مرحلے میں مزید 21 نئی بسیں کوئٹہ لائی گئی ہیں جن میں خواتین کے لئے پانچ پنک بسیں مختص کی گئی ہیں اس سے قبل گرین بس میں خواتین اور مرد ایک ساتھ سفر کیا کرتے تھے۔ کوئٹہ میں خواتین کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پنک بس سروس شروع کی گئی پنک بس سروس بلیلی سے جامعہ بلوچستان سریاب تک چلائی جارہی ہے اور پنک بس میں کرائے وصول کرنے کے لئے خاتون ہوگی ہماری کوشش ہے کہ پنک بس میں ڈرائیور بھی خاتون ہی ہوں بسز میں روزانہ 10 ہزار سے زائد مسافر سفر کریں گے گرین اور پنک بس سروس کا روٹ بھی جاری کردیا گیا ہے پنک بس سروس میں توسیع کی جائے گی پنک بس سروس کاروٹ مسافروں کو مدنظر رکھ کرترتیب دیا جائے گاتربت،گوادر، خضدار،ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں بھی گرین اور پنک بس سروس شروع کی جائےگی دوسرے مرحلے میں بس اسٹاپ پر مرد اور خواتین کے لئے بیٹھنے کے لئے الگ الگ پوائنٹ بنائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پیپلز ٹرین سروس کا بھی جلد افتتاح ہوگا پیپلز ٹرین سریاب سے کچلاک تک چلائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر48/2026
نصیرآباد۔ سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ ربیع کینال کے ذریعے زمینداروں کی خوشحالی موجودہ صوبائی حکومت کا واضح وژن ہے جسے عملی جامع پہنانے کے لیے محکمہ ایریگیشن کے انجینیئرز اور دیگر عملہ بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے، کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبے کو ربیع کینال سے سیراب کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں ربیع کینال ٹو تک زرعی پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کے احکامات کی روشنی میں ربیع کینال ٹو کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نےکاشتکاروں کو فراہم کیے جانے والے زرعی پانی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر محمد سلیم بہرانی اور داروغہ کے بی بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے، سپرنٹنڈنگ انجینیئر مدثر ظفر کھوسہ نے اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ ربیع سیزن کے دوران پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور محکمہ ایریگیشن کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کا عمل جاری رکھیں گی تاکہ کسانوں کی محنت ضائع نہ ہو اور زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر48/2026
نصیرآباد03جنوری :ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے گزشتہ سال بائی پاس زیرو پوائنٹ ڈیرہ اللہ یار کے مقام پر ہونے والے بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے بچوں کے ورثائ کے لیے امدادی چیک جاری کر دیے گئے، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے آج خود متاثرہ بچوں کے گھروں پر جا کر شہدائ کے لواحقین اور زخمی بچوں کے ورثائ کو امدادی چیک حوالہ کیے اور ان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مالی و اخلاقی معاونت جاری رکھی گی، انہوں نے کہا کہ یہ امداد حکومت بلوچستان کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں شریک ہونے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ایک کوشش ہے، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب ہے اور آئندہ بھی حکومتی پالیسی کے تحت ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔
خبرنامہ نمبر 49/2025
حکومت بلوچستان کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ قلات نے اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے غیر ملکی سامان اور ایرانی تیل کی اسمگلنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، کسٹمز اور ایف سی نے خالق آباد میں مشترکہ کارروائی کے دوران اربوں روپے مالیت کی منشیات اور نان کسٹم پیڈ غیر ملکی سامان برآمد کیا۔ کارروائی میں برآمد ہونے والا سامان جس میں دس ہزار ٹن چھالیہ، ہزاروں میٹر کپڑا، ٹائرز اور دیگر اشیاء شامل تھیں قبضے میں لے کر کسٹم ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے کہا کہ ضلع قلات میں منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ منشیات ایک ایسی لعنت ہے جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل دیتی ہے، اس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث گاڑیوں کو ضبط کرکے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ غیر قانونی طور پر ایرانی تیل فروخت کرنے والے پیٹرول پمپوں کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
خبرنامہ نمبر 50/2025
موسی’ خیل03جنوری :ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد عوام کے سامنے ہوں گے اور آنے والے وقت میں موسیٰ خیل کا نقشہ یکسر تبدیل ہو جائے گا۔ عوام کو ایک نیا، ترقی یافتہ اور خوشحال موسیٰ خیل دیکھنے کو ملے گا۔ وہ تحصیل درگ کے دورے کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سڑکوں کی پختگی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جس سے عوامی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر ہوگی بالخصوص شبوزئ لورالائی ٹوتونسہ شریف روڈ کی تعمیر موسیٰ خیل کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی، جو نہ صرف ضلع کو پسماندگی سے نکالے گی بلکہ ترقی کی نئی راہیں بھی ہموار کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ اہم شاہراہ بلوچستان اور پنجاب کے درمیان رابطے کو مضبوط بنائے گی، جس سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور علاقے کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے موسیٰ خیل سے پنجاب بارڈرشبوزئی–تونسہ روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سڑک کی بلیک ٹاپنگ، پلوں اور بریجز کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کو معیار کے مطابق اور مزید تیز رفتار بنایا جائے تاکہ عوام جلد ان منصوبوں سےجلد مستفید ہوسکیں ۔
خبرنامہ نمبر 51/2025
کوئٹہ، 03 جنوری :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے برزل پاس میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور سویلین مشین آپریٹر عیسیٰ کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہدائ نے انتہائی دشوار گزار حالات اور شدید سرد موسم میں فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اعلیٰ مثال قائم کی انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانی اس عزم کی عکاس ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اور جوان مادرِ وطن کے دفاع اور قومی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہدائ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہدائ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائ کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔






