خبرنامہ نمبر22/2026
زیارت2 جنوری ۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے ہرنائی، سنجاوی روڈ طور خان سور پل کے مقام پر گزشتہ روز دہشتگردوں کی جانب سے ناکہ بندی اور بے گناہ نہتے شہریوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے صوبائی وزیر نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ثمت اللہ شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ زیارت اور ہرنائی ہمیشہ سے پرامن اضلاع رہے ہیں اور یہاں دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے علاقے کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، اور ان شائ اللہ ہمارے بہادر اور جان باز سیکیورٹی اہلکار دہشتگردوں کے ٹھکانوں تک پہنچ کر انہیں جلد اپنے انجام تک پہنچائیں گے صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر23/2026
گوادر2جنوری ۔ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر کے ہمراہ رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) جیوانی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے آر ایچ سی میں نصب سولرائزیشن سسٹم کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔دورے کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے آر ایچ سی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہسپتال کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کے اسٹاک، طبی مشینری، او پی ڈی سروسز اور ہسپتال سے متعلق دیگر انتظامی امور کا بغور مشاہدہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی نے جیوانی پولیس اسٹیشن کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی ایس پی پولیس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقے میں امن و امان کی صورتحال، پولیسنگ اور درپیش چیلنجز سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوام کے تحفظ کو مزید موثر بنانے پر زور دیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر24/2026
کوئٹہ 2جنوری ۔صوبائی کابینہ نے میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں شہریوں کی سہولت اور نظام میں بہتری کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلوچستان لوکل کونسل سروس رولز 1981ءمیں ضروری ترامیم کر دی ہیں۔ یہ ترامیم سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی حکومتِ بلوچستان عبدالروف بلوچ کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہیں۔محکمہ بلدیات و دیہی ترقی حکومتِ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، برتھ (پیدائش) اور ڈیتھ (وفات) سرٹیفکیٹس سے متعلق فیسوں اور قواعد و ضوابط میں واضح کمی کی گئی ہیں، جس کا مقصد عوام کو بہتر، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔سیکرٹری محکمہ بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ کے مطابق ان اصلاحات سے شہریوں کو قانونی دستاویزات کے حصول میں آسانی ہوگی اور غیر ضروری پیچیدگیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ نئی فیسوں اور قواعد سے آگاہی کے لیے اپنے متعلقہ لوکل کونسل یا محکمہ بلدیات کے دفتر سے رجوع کریں۔یہ اقدام حکومتِ بلوچستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ عوامی خدمات کو جدید تقاضوں کے مطابق موثر اور عوام دوست بنایا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر25/2026
کوئٹہ 2جنوری ۔سیکرٹری ثقافت حمیداللہ خان ناصر نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان کو قدرت نے دوسرے نعمتوں کے ساتھ ساتھ آرٹس موسیقی شاعری اور ادب سے بھی نوازا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ بہترین ادب کو محفوظ بنایا جائے اور شاعر اور ادیبوں کی سرپرستی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے ادباء کی دادرسی کیلیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رائٹرز فورم کی کمیٹی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ کمیٹی میں بلوچستان رائٹرز فورم کی مکمل کابینہ نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران سیکریٹری ثقافت بلوچستان حمید اللہ ناصر سے بلوچستان رائٹرز فورم کے وفد نے تفصیلی گفتگو کی۔ اجلاس میں فورم کی جانب سے چیف ایگزیکٹو پروفیسر محمد انور زیب، ڈپٹی آرگنائزر سید غریب شاہ انجم، استاد صابر ندیم، حمید عزیز آبادی، سائر عزیز، عبداللہ جوہر، حیدر عاطش، ہدایت فدا اور سلام صائم شریک تھے۔پروفیسر محمد انور زیب نے سیکریٹری ثقافت کو خوش آمدید کہا اور فورم کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بلوچستان رائٹرز فورم کی جانب سے مطالبات پر مشتمل ایک تحریری دستاویز (چارٹر آف ڈیمانڈ) پیش کی گئی۔ سیکریٹری ثقافت خواجہ حمید اللہ ناصر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے مطالبات کو متعلقہ ڈائریکٹر اور حکام کے سامنے رکھا جائے گا اور ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا، تاہم جن امور پر فوری عمل ممکن نہ ہو سکا، انہیں مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔ملاقات کے دوران فورم کے آئندہ ادبی منصوبوں، سالانہ سرگرمیوں، مشاعروں کے انعقاد اور نوجوان لکھاریوں کے لیے ادبی مواقع پیدا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں بلوچستان رائٹرز فورم کی کابینہ نے براہوئی اکیڈمی کے چیئرمین سوسن براہوئی سے بھی ملاقات کی، جس میں فورم کے تمام اراکین شامل تھے۔سوسن براہوئی نے بلوچستان رائٹرز فورم کی کابینہ کو خوش آمدید کہا اور فورم کی ادبی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ براہوئی اکیڈمی اور بلوچستان رائٹرز فورم مل کر براہوئی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔بلوچستان رائٹرز فورم نے سوسن براہوئی کو براہوئی اکیڈمی کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ براہوئی زبان کی ترقی، نوجوان اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی، رواداری، محبت اور ادب دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے اور زبان و ادب کی خدمت کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبر نامہ نمبر26/2026
لورالائی2, جنوری ۔کمشنر آ فس کے کانفرنس ہال میں فیڈرل لیویز رسالدار حاجی روزالدین کدیزءکے اعزاز میں عمر کی بالائی حد ساٹھ سال پورا ہونے پر الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں کمشنر ولی محمد بڑیچ ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ امیرجان لونی ، پرنسپل بائٹمز عزیز اللہ ، سپرنٹینڈنٹ عبدالجلیل ، ولی محمد ، کامران خان ، دین محمد ،ٹرانسپورٹ آ فیسر امیر محمد مندوخیل ، و تمام سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے اس موقع پر کہا ہے کہ لیویز فورس ایک قبائلی فورس ہے اس میں ایمانداری سے ڈیوٹی کرنا ایک بڑی قربانی ہے۔ دلیر آ فسران موجود ہیں اچھے آ فسران کو رخصت کر تے ہوئے دکھ ہوتا ہے حاجی روزالدین کے ریٹائرڈ ہونے پر ہمیں افسوس ہے وہ ساتھ ہوتا تو ہمیں اپنے تحفظ کا احساس ہوتا آج وہ سرکاری ریکارڈ میں ریٹائرڈ ہورہاہے لیکن ہمارے دلوں میں وہ پنشن نہیں ہے بلکہ وہ ہمارے ساتھ ہیں ہمارے دروازے ان کے لئے ہمیشہ کھولے رہیں گے وہ جب بھی آ نا چاہے ہمارے پاس آ سکتے ہیں پہلے وہ آ تے تو سلام کرتے اب ہم ان کے لئے کھڑے ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ایک لائف سائیکل ہیں ہم سب نے پنشن ہونا یے ۔ لیکن ہم اچھے یادگار چھوڑیں۔ کمشنر ولی محمد بڑیچ نے ان کی صحت ، اچھی زندگی اور ان کی گھر بار کو شاد و آباد رہنے کی دعا کی اور ان کی 45 سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے رسالدار لیویز حاجی روزالدین کو تعریفی سرٹیفکیٹ و کیش انعام دیا اور ہار پہنایا گیا۔ ریٹائرڈ ہونے والے رسالدار حاجی روزالدین نے کمشنر ولی محمد بڑیچ و دیگر تمام سٹاف کا شکریہ ادا کیا اور اپنے سروس کے دوران ہونے والی کمی بیشی پر معافی مانگی، انہوں نے ڈیوٹی کے دوران درپیش ہونے والے چلنجز و مشکلات کا مختصر ذکر بھی کیا اور اپنے ساٹھ سال پورے ہونے پر بطور رسالدار فیڈرل لیویز پنشن اور دیگر کوئی بھی مراعات نہ ہونے پر بھی بات چیت کی ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان و دیگر اعلیٰ حکام سے فیڈرل لیویز فورس کے مطالبات حل کرنے کی درخواست کی۔۔ آ خر میں حاجی روز الدین کے اعزاز میں پر تکلف ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر27/2026
تربت۔ کمشنر مکران ڈویژن قادربخش پرکانی کی سربراہی میں میرانی ہاوسنگ اسکیم تربت کے منصوبے کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر مکران آفس تربت کے مقام پر منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر میرانی ہاوسنگ اسکیم خورشید بلوچ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی، کنسلٹنٹ فرم سی جی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمود یعقوب، پروجیکٹ ڈائریکٹر سی جی آغا مہناج، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر سی جی سرفراز بلوچ، اسسٹنٹ پروجیکٹ منیجر غلام جان، ایکسیئن بی اینڈ آر حامد بلوچ، سائٹ انجینیئر میرانی ہاوسنگ اسکیم امیر حمزہ اور عدنان نصیر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن قادربخش پرکانی نے کہا کہ میرانی ہاوسنگ اسکیم پر کام کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے تاہم منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار میں مزید تیزی لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کنسلٹنٹ فرم سی جی کے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی سائٹ پر فوری طور پر کیمپ آفس قائم کیا جائے، جبکہ منصوبے کی باونڈری وال، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور الاٹیز کے لیے پلاٹوں کی حدبندی کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ الاٹیز بھی اپنی جانب سے تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کرسکیں۔کمشنر مکران نے مزید ہدایت کی کہ پروجیکٹ کی ڈرائنگز سمیت تمام متعلقہ ریکارڈ کی سائٹ پر منتقلی اور دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ پلاٹ مالکان کی جانب سے پلاٹ کسی دوسرے فریق کو فروخت کرنے کی صورت میں انتقال کے عمل کو باقاعدہ اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ فرم سی جی کے حکام نے کمشنر مکران کو یقین دہانی کرائی کہ دو ہفتوں کے اندر منصوبے کی سائٹ پر کیمپ آفس قائم کردیا جائے گا اور تمام ضروری ریکارڈ کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ منصوبے کی نگرانی موثر انداز میں ممکن ہو اور میرانی ہاوسنگ اسکیم مقررہ مدت میں مکمل کی جاسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرانمہ نمبر28/2026
بارکھان 2 جنوری ۔ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کی زیرِ صدارت ریونیو عملے کا ایک اہم اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی ریونیو کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین بھنگر، نایب تحصیلدار، محاسب اور پٹواریوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر بارکھان نے ریونیو سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے عملہ مال کو واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عشر، انتقالات اور زرعی انکم ٹیکس کی بروقت، شفاف اور مکمل وصولی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری محصولات میں اضافہ ہو اور حکومتی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے بہتر طور پر استعمال کیا جا سکے۔ڈی سی بارکھان نے اس موقع پر واضح کیا کہ ریونیو ریکارڈ کی درستگی، انتقالات کی بروقت تکمیل اور ٹیکس وصولی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے مطابق رویہ اپنایا جائے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ریونیو عملے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا اور بہتر کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داریاں ایمانداری، دیانتداری اور قومی خدمت کے جذبے سے نبھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ نے مزید کہا کہ ریونیو نظام کی بہتری سے نہ صرف حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر ریونیو عملے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے عشر، انتقالات اور زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کو مزید موثر بنائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر29/2026
حب 2جنوری ۔ حب میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران عوام کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص لوکل ڈومیسائل، سرکاری امور، ترقیاتی کاموں اور انتظامی نوعیت کی شکایات پیش کی گئیں۔ کھلی کچہری کی صدارت کمشنر قلات ڈویژن طفیل احمد بلوچ نے کی، جبکہ مختلف محکموں کے ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست کمشنر قلات ڈویژن کے سامنے رکھے۔ شہریوں نے لوکل ڈومیسائل کے اجرا میں تاخیر، کاغذی کارروائی کی پیچیدگی، سرکاری دفاتر میں غیر ضروری رکاوٹوں اور دیگر عوامی نوعیت کے مسائل کی نشاندہی کی۔اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن طفیل احمد بلوچ نے عوامی شکایات کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے تمام جائز عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔کمشنر قلات ڈویژن نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات پر فوری اور عملی کارروائی کو یقینی بنایا جائے، غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کیا جائے اور سائلین کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگوائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔طفیل احمد بلوچ کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ عوامی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کا بروقت اور مو¿ثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عوامی فورمز انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کھلی کچہری کے اختتام پر بعض مسائل موقع پر ہی حل کیے گئے جبکہ دیگر درخواستوں کو متعلقہ محکموں کو بھجوا دیا گیا، جن کے بارے میں کمشنر قلات ڈویژن نے مقررہ مدت میں رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی۔عوام نے کھلی کچہری کے انعقاد، انتظامیہ کے رویے اور مسائل کے حل سے متعلق دی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد عملی صورت میں حل ہوں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر30/2026
کوئٹہ2جنوری ۔ محکمہ اطلاعات حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق صوبائی سلیکشن بورڈ-I کی سفارش اور مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری سے محکمہ تعلقات عامہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (B-17) آصف علی، عبدالباری اور تیمور خان کو مورخہ 18-11-2025 سے ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلشنز (B-18) کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔ اسی طرح محکمے کے انفارمیشن آفیسرز (BPS-16) عبدالرزاق، عامرخان، محمد نزیر اور عبدالساجد کو سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (BPS-17) کے عہدوں پر جبکہ محکمے کے اسسٹنٹ اکاونٹس آفیسر (B-16)حسین بخش کو آکاونٹس آفیسر (B-17) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر31/2026
قلات2جنوری۔ ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے ڈی سی آفس کے نئےعمارت کی جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔محکمہ مواصلات تعمیرات کے ایکسین بلڈنگ نیاز بنگلزئی نے ڈپٹی کمشنر کو ڈی سی آفس کے عمارت کا نقشہ اور جاری کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر منیردرانی نے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کیں اورکہا کہ ڈی سی آفس کی عمارت کا کام جلداز جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے اور تعمیرات میں ناقص مٹیریل کے استعمال سے گریز کیاجائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Kalat. 2:2026:HandoutDeputy Commissioner Munir Ahmad Durrani inspected the ongoing construction work of the new building of the DC OfficeNiaz Bangulzai, the xen Communications and works department , gave the Deputy Commissioner a detailed briefing about the map of the DC Office building and the ongoing work. Deputy Commissioner Munir Durrani issued orders to the relevant authorities on the spot and said that the work of the DC Office building should be completed as soon as possible and the use of poor quality materials should be avoided in the construction.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر32/2026
بارکھان 2 جنوری ۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کی زیرِ صدارت ریونیو عملہ کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کی ریونیو کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین بھنگر، نایب تحصیلدار بارکھان، محاسب اور پٹواریوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر بارکھان نے ریونیو عملہ کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عشر انتقالات اور زرعی انکم ٹیکس کی بروقت اور مکمل وصولی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ریونیو نظام کو شفاف، موثر اور عوام دوست بنایا جائے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے عملہ کو پابند کیا کہ انتقالات کے معاملات میں تاخیر نہ کی جائے اور قوانین کے مطابق فرائض انجام دیے جائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر33/2026
نصیرآباد2جنوری ۔ : ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت الاٹمنٹ کمیٹی کا تفصیلی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ، چیف افیسر میونسپل کمیٹی سلیم خان ڈومکی، بابو محمد قاسم ڈومکی اور ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ مراد جمالی ٹاون شپ کے الاٹمنٹ سے متعلق تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمیٹی ممبران نے متفقہ طور پر الاٹمنٹ کے باقاعدہ عمل کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیرہ مراد جمالی ٹاون شپ کے الاٹمنٹ کے عمل کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی اتوار کے روز کریں گے، جس کے بعد عوام کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کا عملی آغاز ہو جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کی خصوصی کاوشوں سے ڈیرہ مراد جمالی کے عوام کا ایک دیرینہ اور بنیادی مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو قانونی اور آئینی طور پر اپنی جائیدادوں پر مالکانہ حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اس پورے عمل کو شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا حق تلفی نہ ہو۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ الاٹمنٹ کے عمل میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی اور تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ حکام بالا کے احکامات کی روشنی میں مقررہ طریقہ کار کے مطابق اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور انہیں ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الاٹمنٹ کا یہ عمل ڈیرہ مراد جمالی کی ترقی، شہری مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر34/2026
بارکھان 2 جنوری ۔ ڈپٹی کمشنر آفس بارکھان میں سپرنٹنڈنٹ بابو تاج محمد کھیتران کے اعزاز میں ان کی عمر کی بالائی حد ساٹھ سال مکمل ہونے پر ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو، اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین بھنگر، سپرنٹنڈنٹ بابو غلام رسول، ظفر کھیتران، حبیب خان کھیتران (پی ایس) سمیت ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران و اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو نے کہا کہ ایمانداری، دیانتداری اور لگن کے ساتھ سرکاری فرائض انجام دینا ایک بڑی قربانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل، محنتی اور دلیر افسران کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ایسے افسران کو رخصت کرتے ہوئے دل اداس ہو جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگرچہ بابو تاج محمد کھیتران آج سرکاری ریکارڈ کے مطابق ریٹائر ہو رہے ہیں، تاہم وہ ہمیشہ ہمارے لیے قابلِ احترام رہیں گے اور ضلع انتظامیہ کے دروازے ان کے لیے ہر وقت کھلے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ زندگی کا ایک فطری مرحلہ ہے اور ہم سب نے ایک دن پنشنر بننا ہے، اصل کامیابی یہی ہے کہ انسان اپنی سروس کے دوران اچھی یادیں اور مثبت نقوش چھوڑ جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بارکھان اور دیگر افسران و عملے نے بابو تاج محمد کھیتران کی 42 سالہ شاندار سرکاری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحال زندگی اور اہلِ خانہ کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران تمام اسٹاف نے ریٹائر ہونے والے افسر کو ہار پہنائے اور ان کی خدمات کو سراہا۔ریٹائر ہونے والے سپرنٹنڈنٹ بابو تاج محمد کھیتران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور تمام عملے کا شکریہ ادا کیا اور دورانِ سروس ہونے والی کسی بھی کمی بیشی پر معذرت کی۔ انہوں نے اپنی طویل ملازمت کے دوران پیش آنے والے تجربات اور مشکلات کا مختصر ذکر کیا اور ساٹھ سال کی عمر مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر تمام اسٹاف کی جانب سے بابو تاج محمد کھیتران کے اعزاز میں پرتکلف ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر35/2026
خضدار 2 جنوری ۔ خضدار میں محکمہ تعلیم کی جانب سے نئے اساتذہ کے لیئے پروقار تقریب کا اہتمام، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی تقریب میں بطورِ مہمان خاص شرکت۔ انہوں نے نئے اساتذہ میں آرڈرز تقسیم کیئے اور خطاب بھی کیا۔محکمہ تعلیم خضدار کی جانب سے کنٹریکٹ بنیادوں پر ٹیچنگ پوسٹس حاصل کرنے والے نئے اساتذہ کے لیئے آرڈرز تقسیم کی ایک خوبصورت اور پروقار تقریب سہیل الرحمان کانفرنس ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خاص ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی تھے، جبکہ تقریب کی نظامت اور منتظم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار عابد حسین بلوچ اور ایجوکیشن آفیسر ظاہر کریم نے کی۔تقریب میں 95 کامیاب امیدواروں کو تعیناتی آرڈرز تقسیم کیے گئے۔ نئے اساتذہ نے خوشی اور جذبے کا اظہار کیا اور تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دینے کا عزم ظاہر کیا۔مہمان خاص ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محکمہ تعلیم میں ٹیچنگ پوسٹ حاصل کرنے والے اساتذہ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ناخواندگی کا خاتمہ کریں، علم کو ہر سو پھیلائیں، بچوں کے روشن مستقبل کو سنواریں، غیر حاضری سے مکمل اجتناب برتیں اور ایک ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ تعلیم معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور آپ جیسے نوجوان اساتذہ اس مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے مذید کہاکہ محکمہ ایجوکیشن میں بے حد محنت کرنے کی ضرورت ہے اور یہ فرض نئے و پرانے اساتذہ پر مذید عائد ہوتی ہے۔خضدار کے اربن اور دیہی علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں میں نئے اساتذہ کی شمولیت سے تعلیمی رونق میں مذید نکھار آئیگا جب ہم نئے تعلیمی سال کا آغاز کریں گے تو ان اساتذہ کی شمولیت سے شعبہ تعلیم کو مذید فروغ ملیگا انہوں نے کہا کہ میں نئے اساتذہ کو ایک بار پھر اس بھروسہ و عزم کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ تعلیم کو مشن سمجھ کر جذبے کے ساتھ پڑھائیں گے۔تقریب کے منتظم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار عابد حسین بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ تقریب محکمہ تعلیم خضدار کے لیئے ایک خوش آئند موقع ہے۔ نئے ٹیچرز سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھائیں گے، سکولوں میں باقاعدگی یقینی بنائیں گے اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرکے بلوچستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنائیں گے۔ ہم سب مل کر خضدار کو تعلیم کے میدان میں ایک مثالی ضلع بنائیں گے۔ تقریب میں اساتذہ تنظیم کے صدر اسلم نوتانی سیساکے عبدالوہاب شمس الدین سمیت دیگر موجود تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر37/2026
کوئٹہ، 2 جنوری۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نئے سال کی شروعات کے ساتھ ہی بلوچستان میں خواتین اور طالبات کے لیے پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں خواتین کی روزمرہ آمد و رفت کو محفوظ، باوقار اور سہل بنانا ہے وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنک بس سروس ایک اہم سماجی اصلاحی اقدام ہے، جو خواتین اور طالبات کو تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک باآسانی رسائی فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ نظام صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک نمایاں اور بنیادی حصہ ہے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ پنک بس سروس کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور آئندہ مرحلے میں اس سہولت کا دائرہ صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سے مستفید ہو سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کر رہی ہے اور پنک بس سروس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو خواتین کے تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کو فروغ دے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبرنمبر38/2026
کوئٹہ، 2 جنوری۔چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ایویلوایشن (M&E)، صوبے بھر کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، خالی آسامیوں پر شفاف تعیناتیاں، پرانے گاڑیوں کی نیلامی اور کیش لیس اکانومی کو فروغ دینے جیسے اہم امور پر تفصیلی غوروغوض کیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ میں M&E سیکشن کی فعال کاری سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا، جس سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں تیز رفتاری آئے گی۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ خالی آسامیوں پر شفاف تعیناتیاں یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام محکموں نے 1 سے 15 گریڈ کی 16 ہزار سے زائد اور 16 گریڈ سے اوپر کی 4 ہزار آسامیوں کا اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کیش لیس اکانومی کو فروغ دینے کے لیے تمام حکومتی لین دین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ یہ اقدامات مالیاتی شفافیت کو یقینی بنائیں گے جبکہ یہ فیصلے بلوچستان کی عوامی خدمت اور گڈ گورننس کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین اپنی حاضری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ترقیاتی منصوبوں کی پروجیکشن ایک موثر حکمت عملی ہے جو بلوچستان میں جاری منصوبوں کی شفافیت، عوامی اعتماد اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے میں مدد دیتی ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت پروجیکشن پر زور دیا ہے تاکہ عوام تک ترقیاتی کاموں کی حقیقی تصویر پہنچے۔ اجلاس میں چیئرمین سی ایم آئی ٹی محمد علی کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ذاہد سلیم، تمام صوبائی سیکرٹریز جبکہ ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر39/2026
کوئٹہ 2جنوری ۔ صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی کی بروقت کاروائی پر ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی پینشن بحال کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سائل محمد اشرف ولد حق نواز، سابق اسسٹنٹ سب انسپکٹر بلوچستان پولیس نے صوبائی محتسب بلوچستان کے دفتر میں شکایت درج کروائی تھی کہ ان کی پینشن مقررہ مدت مکمل ہونے کے باوجود بحال نہیں کی جا رہی تھی۔ صوبائی محتسب بلوچستان کی ہدایت پر شکایت کو باضابطہ تحقیقات کے لیے منظور کیا گیا اور محکمہ اکاونٹنٹ جنرل بلوچستان کو نوٹس جاری کیا گیا۔ سماعت کے دوران اکاو¿نٹنٹ جنرل بلوچستان کے نمائندے اسسٹنٹ اکاونٹس آفیسر حامد ہارون پیش ہوئے، جنہوں نے تحریری جواب میں آگاہ کیا کہ پنشن کی بحالی کی درخواست موصول نہ ہونے کے باعث معاملہ تاخیر کا شکار رہا، تاہم صوبائی محتسب کے نوٹس کے بعد سائل کی درخواست موصول ہونے پر کیس کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ بعد ازاں اکاونٹنٹ جنرل بلوچستان نے تحریری طور پر تصدیق کی کہ محمد اشرف کی پنشن بحال کر دی گئی ہے اور واجب الادا بقایاجات سمیت رقم ان کے بینک اکاونٹ میں منتقل کر دی گئی ہے۔شکایت کنندہ نے پینشن کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی محتسب بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ شکایت کا ازالہ ہونے پر کیس نمٹا دیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر40/2026
خضدار 2 جنوری ۔خضدار جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال میں اصلاحات کے لیئے اہم اجلاس، ڈپٹی کمشنر خضدار کی جانب سے ڈاکٹرز کی حاضری اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی تاکید۔خضدار کے مرکزی صحت کے ادارے جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیئے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کی جبکہ ایکٹنگ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر سعید احمد شاہوانی، جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے پرنسپل ڈاکٹر منیر احمد سمالانی اور مختلف ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد ہسپتال میں جاری اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لینا، ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری کو یقینی بنانا، مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی اور انتظامی امور میں مزید بہتری لانا تھا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سخت لہجے میں ہدایات جاری کیں کہ جھالاوان میڈیکل کالج کے تمام ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس اپنے اپنے شعبوں کے مکمل ذمہ دار ہیں اور وہ ہسپتال میں ڈاکٹرز سمیت تمام عملے کی اے آئی حاضری کو لازمی طور پر یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید تاکید کی کہ عوام کو ہسپتال سے مکمل سہولیات میسر کی جائیں، خاص طور پر ادویات کی تقسیم کا عمل آن لائن اور شفاف بنایا جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈی سی خضدار نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کو فوری اور موثر علاج فراہم کیا جائے۔اجلاس کے دوران ڈاکٹرز اور عملے کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو بھی غور سے سنا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کی جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال خضدار ضلع کا سب سے بڑا صحت ادارہ ہے جو جھالاوان میڈیکل کالج سے منسلک ہے اور یہاں سینکڑوں مریض روزانہ کی بنیاد پر علاج کے لیئے آتے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی صحت اور تعلیم کے شعبے میں ضلع کی بہتری کے لیئے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ ان کی کاوشوں سے جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں مذید بہتری آئیگی اور ہسپتال انتظامیہ مذید فعال و متحرک رہیگا جس کا فائدہ براہ راست عوام کو ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر41/2026
کوئٹہ 2 جنوری ۔:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت حب میں آئل ریفائنری کے قیام اورصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کرنے کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں الکرم ٹیکسٹائل گروپ کے چیئرمین فواد اکرم ، ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین، سابق وزیراعلی بلوچستان میر علاﺅ الدین مری نے شرکت کی، اجلاس میں صوبے کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی تلاش کرنے، خاص طور پر حب آئل ریفائنری منصوبے سمیت صوبے میں صنعتی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کی عزم کو اجاگر کیا گیا- شرکائ نے صوبے کے قدرتی وسائل، سٹریٹجک مقام اور فری ٹریڈ زونز کی جانب سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ حب آئل ریفائنری منصوبے میں صنعتی ترقی کو آگے بڑھانے اور بلوچستان کے عوام کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، بورڈ اقتصادی ترقی اور بلوچستان میں ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ قریبی تعاون کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاروں کیلئے پر امن ماحول فراہم کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے ہم نے متعدد اقدامات کئے ہیں جبکہ سرمایہ کروسن کی سہولت کیلئے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس کا بہت جلد افتتاح کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Quetta, january 2:Vice Chairman ofThe Balochistan Board of investment and trade Bilal Khan Kakar chaired a crucial meeting to discuss the establishment of an oil refinery in Hub and investment opportunities in the province. The meeting was attended by Chairman of Al-Karam Textile Group Fawad Akram, Chairman of FPCCI Advisory Board Mian Zahid Hussain, and former Chief Minister of Balochistan Mir Allauddin Marri.The meeting discussed investment opportunities in key sectors of the province, particularly the Hub oil refinery project, and strategies to promote industrial growth in the region. The participants reaffirmed their commitment to promoting investment and ensuring a business-friendly environment in the province.The attendees discussed ways to attract investors to the province’s natural resources, strategic location, and free trade zones. Bilal Khan Kakar said that the Balochistan Board of Investment and Trade is committed to promoting investment and ensuring a business-friendly environment in the province. He added that the Hub oil refinery project has the potential to drive industrial growth and create new opportunities for the people of Balochistan.He further said that the provincial government, under the vision of Chief Minister Mir Sarfraz Bugti, is providing a peaceful environment for investors and has taken several initiatives to facilitate them. He added that a Business Facilitation Center has been established to facilitate investors, which will be inaugurated soon.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر42/2026
تربت2جنوری ۔یونیورسٹی آف تربت میں تعلیمی سرگرمیوں اور سپرنگ 2026 سمسٹر کا باقاعدہ آغاز بروز پیر 5 جنوری 2026 سے ہوگا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام موجودہ اور نئے داخلہ لینے والے طلبہ، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے تعلیمی سیشن 2026 کے آغاز کے لیے یونیورسٹی میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق طلبہ اور طالبات کے ہاسٹلز 4 جنوری 2026 سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔مزید براں، یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ سروس بھی 5 جنوری 2026 سے اپنے مقررہ روٹس اور شیڈول کے مطابق مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿






