خبرنامہ نمبر9671/2025
کوئٹہ، 28 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی، نائب صدر ارشاد کھوکھر، سیکریٹری محمد اسلم خان، جوائنٹ سیکریٹری محمد فاروقی اور خازن عمران ایوب سمیت کراچی پریس کلب کی نو منتخب گورننگ باڈی کے تمام عہدیداران کو مبارکباد پیش کی انہوں نے گورننگ باڈی کے نو منتخب ارکان عبدالجبار ناصر، اختر سومرو، شیم، فریال عارف، جاوید صبا، فریس عالم اور جاوید مہر کو بھی کامیابی پر مبارکباد دی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے انتخابات کا جمہوری، شفاف اور منظم انعقاد خوش آئند ہے، جس نے نہ صرف صحافتی اتحاد کو مضبوط کیا بلکہ جمہوری اقدار اور صحافتی شعور کو بھی مزید تقویت دی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور صحافی حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے ذریعے عوام کی درست رہنمائی اور معاشرتی اصلاح میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صحافت کا تحفظ دراصل عوام کے حقِ معلومات کے تحفظ کے مترادف ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی پریس کلب کی نو منتخب قیادت صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ادارے کی ساکھ، وقار اور پیشہ ورانہ روایات کو مزید مستحکم کرے گی۔
خبرنامہ نمبر9672/2025
کوئٹہ 28 دسمبر:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق 29 سے 31 دسمبر تک کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بارش، اور گرج چمک کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی رہے گی۔ تاہم شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں جزوی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔پیر کو صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی رہے گی۔ تاہم شام اور رات کے اوقات میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر9673/2025
کوئٹہ28 دسمبر:صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی کی ہدایات پر ضلع لورالائی میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کلی نگانگہ کو دوبارہ فعال کر دیا گیا۔ سائل اختر محمد ولد عبدالرشید نے ضلع ایجوکیشن آفیسر لورالائی کے خلاف شکایت دائر کی تھی کہ جے وی ٹی محترمہ راحیلہ مجید کے تبادلے کے باعث اسکول غیر فعال ہو گیا ہے، جس سے طالبات کا تعلیمی عمل متاثر ہو رہا تھا۔صوبائی محتسب کے نوٹس پر ضلع ایجوکیشن آفیسر لورالائی نے تبادلہ منسوخ کرتے ہوئے متعلقہ ٹیچر کو دوبارہ اسی اسکول میں تعینات کر دیا، جس کے بعد اسکول مکمل طور پر بحال ہو گیا۔ بعد ازاں شکایت کنندہ نے اسکول کے دوبارہ فعال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے صوبائی محتسب کے دفتر کا شکریہ ادا کیا۔صوبائی محتسب بلوچستان نے ہدایت کی ہے کہ اسکول کی فعالیت برقرار رکھی جائے تاکہ طالبات کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔
خبرنامہ نمبر9674/2025
کچھی/ ڈھاڈر 28دسمبر۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی اے کے عملے نے کچھی ٹریفک پولیس کے ہمراہ ڈھاڈر بائی پاس کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر پبلک گاڑیوں میں آور لوڈنگ، فٹنس سرٹیفکیٹ،ڈرائیونگ لائسنس کی جانچ پڑتال کی گئی۔اس موقع پر خلاف ورزی کرنے پر 16گاڑیوں کا چالان کیا گیا۔جبکہ انہیں وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے اور اور لوڈنگ سے گریز کریں وگرنہ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس موقع پر حکام نے گاڈیوں مالکان کو سختی ہدایت کی کہ مسافر گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے اور اورلوڈنگ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے اور اورلوڈنگ کی وجہ سے اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کا اندشہ رہتا ہے۔اس کے علاؤہ کوئٹہ جیکب آباد روٹ پربغیر پرمٹ چلانے والی بسوں کو پکڑ کر آخری وارننگ جاری کی گئی کہ آئندہ بغیر اجازت نامہ روٹ استعمال کرنے پر گاڈی کو قبضے میں لیا جائے گا۔اس موقع پر مہرگڑھ روڈ کا بھی معائنہ کیا جائے جس پر بڑی تعداد میں بڑی لوڈ گاڈیاں جانے کا انکشاف ہوا جس پر انہیں وارننگ دی گئی کہ مطلوبہ روٹ بڑی لوڈ گاڈیوں کے لیے نہیں ہے لہذا متعلقہ روٹ کسی صورت استعمال نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ گاڈیوں کے لیے بے حد ضروری ہے اور بغیر لائسنس اور جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ دوران سفر چھتوں پر سامان لینے جانے اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ لانگ روٹ کے مسافر گاڈیوں کے حوالے سے قوانین کا احترام کریں۔انہوں نے کہاکہ قومی شاہراہ پر فٹنس سرٹیفکیٹ اور پرمٹ کے بغیر روٹ پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی لہذا حکومت ہدایات پر عمل درامد کویقینی بناتے ہوئے حادثات کی روک تھام اور مسافروں کی جانوں کا تحفظ کریں۔اس لئے ٹریفک قوانین کا احترام لازمی کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر9675/2025
زیارت 28دسمبر : زیارت میں صوبائی وزیر خوراک وچےئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نورمحمد خان دمڑ کی قیادت میں گرینڈ شمولیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام میں محمد اعظم سارنگ زئی نے اپنے پورے خاندان، سرور دمڑ نے اپنے پورے خاندان، سابق کونسلرمحمد فاروق دمڑ ، جمعیت ملی کٹ امیر محمد صادق دمڑنے اپنے پورے خاندان سمیت جمعیت سے مستعفی ہوکر کاروان نورمحمد خان دمڑ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔پروگرام میں پہنچنے پر صوبائی وزیر کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ چئیرمین عبدالستار کاکڑ، وائس چیئرمین حبیب اللہ پانیزئی،محمد نور پانیزئی بھی موجود تھےصوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے نئے شامل ہونے والے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کاروان تمام قوموں کا ایک گلدستہ ہے اوریہ کاروان آبادی کا کاروان ہے اور آئے روز کاروان میں شمولیتوں نے ہماری بہترین کارکردگی پر مہر ٹبت کردی ہے اور کاروان کی مقبولیت سے مخالفین پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کی حقییقی وارث ہم ہیں ہم نے عوام کو روزگار اور ترقی دی ہیں اور عوام کے مسائل انکی دہلیز پر ھل کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام کا ہم پر اعتماد بڑھتا جا رہا ہے عوام نے اچھے اور برے کی پہچان کی انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کرکے علاقے اور قوم کو ترقی دیں گے امن دیں گے تحفظ دیں گے ہماری سیاست کا محور عوام کی بلا تمیز خدمت ہے جس کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دھوکہ اور فریب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہم خدمت پر یقین رکھتےہیں۔عوام کی خدمت کے لیے میدان میں نکلے ہیں عوام سرمایہ ہیں عوام نے ان پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے عوام مطمئن رہے ان کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر9676/2025
زیارت 28دسمبر :چینہ مارکیٹ گراؤنڈ پر کرکٹ فائنل کا مہمان خاص صوبائی وزیر خوراک جناب حاجی نور محمد خا ن دمڑ تھے۔ صوبائی وزیر کی پروگرام پہنچنے پر تماشائیوں نے شاندار استقبال کیا کھلاڑیوں کے ساتھ تعار ف کروایا گیا اور دونوں ٹیموں کے ساتھ گروپ فوٹو اور کمیٹی کے لئے نقد ایک لاکھ روپے اور ایک ساونڈ سسٹم کا بھی اعلان کیا ،اس موقع پر دونوں ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین حبیب اللہ پانیزئی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے کیا کہ کھیل انسانی زندگی کے لیے بہت ضروری ہے نوجوان معیاری تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور ملک اور قوم کا نام روشن کریں ہم ہر فورم پر ان کی حوصلہ افزائی کریں گے زیارت میں کھیلوں کے میدان کو اباد کریں گے اور اسپورٹس کو فروغ دیں گے نوجوان نسل کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کو کھیلوں کی جانب را غب کریں گے۔
خبرنامہ نمبر9677/2025
تربت28 دسمبر:کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے انعقاد اور اس کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم بریفنگ کیچ کرکٹ اسٹیڈیم، ایئرپورٹ روڈ تربت میں منعقد ہوئی، جس میں فیسٹیول کے انتظامی امور اور مختلف اسپورٹس ایونٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کیچ عبدالغفار بلوچ، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے عبدالرحیم بلوچ، کھیلوں کے شعبے سے وابستہ معروف شخصیات شاہ دوست دشتی اور یوسف جان سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فیسٹیول کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور ثقافت کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس طرح کے اسپورٹس فیسٹیول نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں، نظم و ضبط اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی نے ڈپٹی کمشنر کیچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے ضلع کیچ میں کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلچرل فیسٹیول کی کامیابی کے بعد اب اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کی جا رہی ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال ثابت ہوگا۔اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے عبدالرحیم بلوچ اور معروف اسپورٹس شخصیت یوسف جان نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد سے ضلع کیچ میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریح کا ایک مثبت اور صحت مند موقع میسر آئے گا۔ بعد ازاں بلوچستان کے مختلف علاقوں اور ہمسایہ ملک ایران کی ٹیموں کی شرکت کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔





