15th-December-2025

خبرنامہ نمبر2025/9316
کو ئٹہ:15 دسمبر:صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت شدید قدرتی آفات کی لپیٹ میں ہے، جہاں عوام کو پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو کم از کم پینے کا پانی میسر آ سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ زلزلے، سیلاب اور بارشوں کا نہ ہونا قدرتی آفات میں شمار ہوتے ہیں اور بدقسمتی سے بلوچستان گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ان آفات کی زد میں ہے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ صورتحال اس حد تک سنگین ہو چکی ہے کہ جانور ہلاک ہو رہے ہیں اور عوام پینے کے پانی کو ترس گئے ہیں۔ زیرِ زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچے چلی گئی ہے، جس کے باعث وہ ڈیمز بھی تقریباً خشک ہو چکے ہیں جو صوبائی حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے تعمیر کیے تھے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو اس مشکل صورتحال سے نکالا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر2025/9317
کو ئٹہ15 دسمبر:صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ سے زیارت، ہرنائی اور سنجاوی سے آئے ہوئے مختلف علاقوں کے معززین اور عوامی نمائندوں نے ملاقات کی اس موقع پر پرسنل سیکرٹری موسیٰ کاکڑ اور اسٹاف آفیسر کمال اختر بھی موجود تھے ملاقات کے دوران وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش بنیادی مسائل، عوامی مشکلات اور ترقیاتی امور سے صوبائی وزیر کو تفصیلاً آگاہ کیا اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ نے عوام کے مسائل پوری توجہ اور تحمل سے سنے اور ان کے بروقت حل کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو بعض مسائل پر فوری کارروائی اور عملی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کیں حاجی نور محمد دمڑ کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور زیارت، ہرنائی اور سنجاوی کے عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں اور شہریوں سے براہِ راست ملاقاتوں کا مقصد عوام کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانا اور مسائل کو جڑ سے حل کرنا ہے۔ ملاقات کرنے والے وفود نے صوبائی وزیر خوراک کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر2025/9318
جعفرآباد15 دسمبر:پارلیمانی سیکرٹری برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن انجینئر عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اللہ یار میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر سات روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی جعفرآباد فیصل اقبال کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری انجینئر عبدالمجید بادینی نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر حال میں پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کے لیے تمام انتظامی و حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولیو ٹیموں کی نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں لہٰذا شہری پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ تقریب کے اختتام پر متعلقہ افسران نے مہم کی کامیابی کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جعفرآباد کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر2025/9319
کوئٹہ، 15 دسمبر:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت حب میں مجوزہ آئل ریفائنری و توانائی منصوبے سے متعلق ایک اہم ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او قائم لا شاری، جرمن کمپنی AOCH GmbH کے نمائندگان Sebastian Neuhaser, Kevin Schneider جبکہ پاک لبریکینٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر واجد حبیب سمیت بی بی او آئی ٹی کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تکنیکی امور، سرمایہ کاری کے مراحل اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے منصوبے کے جلد از جلد عملی آغاز کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دینے پر اتفاق کیا۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ حب میں آئل ریفائنری منصوبہ بلوچستان میں صنعتی ترقی، توانائی کے شعبے میں خودکفالت اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ منصوبے کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔سی ای او قائم لاشاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کے ساتھ قریبی روابط میں ہے اور منصوبے سے متعلق قانونی، انتظامی اور تکنیکی معاملات کو تیزی سے حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔جرمن کمپنی کے نمائندگان نے بلوچستان حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے منصوبے میں طویل المدتی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر2025/9320

Quetta, December 15:A key virtual meeting regarding the proposed Oil Refinery and Energy Project in Hub was held under the chairmanship of Mr. Bilal Khan Kakar, Vice Chairman of the Balochistan Board of Investment and Trade. The meeting was attended by Mr. Qaim Lashari, CEO BBoITt, representatives of the German company AOCH GmbH, Mr. Sebastian Neuhaser and Mr. Kevin Schneider, along with Mr. Wajid Habib, Chief Executive Officer of Pak Lubricants, and senior officials of the BBOIT.During the meeting, participants reviewed the overall progress of the project and held detailed discussions on technical aspects, investment phases, and challenges faced. The participants agreed on formulating a joint strategy to ensure the project’s early and effective implementation.Speaking on the occasion, Vice Chairman Bilal Khan Kakar stated that the oil refinery project in Hub would play a vital role in promoting industrial growth, energy self-reliance, and the creation of extensive employment opportunities in Balochistan. He added that the provincial government is providing full cooperation and all possible facilitation to investors to ensure the timely and transparent completion of the project.CEO Qaim Lashari said that the Balochistan Board of Investment remains in close coordination with investors and is taking practical steps to expedite the resolution of legal, administrative, and technical matters related to the project.The representatives of the German company appreciated the support of the Balochistan government and expressed their commitment to long-term investment and the use of modern technology in the project.خبرنامہ نمبر2025/9321
کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر سے ڈیری فارمز کی منتقلی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی، ایس پی پولیس رحیم خان، ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ظہور احمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کیو ڈی اے محمد سلیم کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ (پولیٹیکل) کلیم اللہ، ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور کیو ڈی اے کے متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر سے ڈیری فارمز کی منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے اور ڈیری فارمز ایسوسی ایشن باہمی اشتراک سے جلد از جلد اس عمل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منتقلی کے لیے مختص کردہ مقامات پر موجود رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، جبکہ کیو ڈی اے ایک جامع فنانشل ماڈل تیار کر کے واضح روڈ میپ پیش کرے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کتنے عرصے میں ڈیری فارمز کی شہر سے منتقلی مکمل ہو سکے گی کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ شہر بھر میں تقریباً 400 کے قریب ڈیری فارمز موجود ہیں، جن کی وجہ سے صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی مسائل جنم لے رہے ہیں، بالخصوص جان محمد روڈ اور ایسٹرن بائی پاس کے ملحقہ علاقوں میں صورتحال زیادہ سنگین ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ڈیری فارمز کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے عمل کو جلد مکمل کریں، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر کیو ڈی اے کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ بندی کے مطابق ایک سے ڈیڑھ سال کے اندر تمام ڈیری فارمز کو کوئٹہ شہر سے باہر منتقل کر دیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر2025/9322
کوئٹہ: 15 دسمبر:ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن 2025ء کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، میونسپل آفیسرز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں 28 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انتظامی امور، صفائی، روشنی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ افسران کو پولنگ اسٹیشنز کے اطراف تمام سہولیات کو یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کی ہدایات دیں انہوں نے مزید کہا کہ شفاف، پُرامن اور منظم انتخابات کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں گے تاکہ الیکشن کے دن لوگوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنے پڑے.

خبرنامہ نمبر2025/9323
حب 15 دسمبر2025 ڈپٹی کمشنر ضلع حب کی جانب سے عوامی مفاد کے پیشِ نظر ایک پبلک نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبائی واٹر بورڈ کی ہدایات اور بلوچستان گراؤنڈ واٹر رائٹس ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 1978 کی روشنی میں ضلع حب میں بغیر پیشگی اجازت یا این او سی کسی بھی قسم کی بورنگ، ٹیوب ویل کی کھدائی، تنصیب، آپریشن یا زیرِ زمین پانی کے اخراج پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس اعلامیے کے تحت ضلع حب کے تمام شہریوں، ٹھیکیداروں، سرکاری و نجی اداروں کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ واٹر کمیٹی (DWC) سے باقاعدہ پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر کسی بھی قسم کی بورنگ یا زیرِ زمین پانی کے استعمال سے مکمل طور پر اجتناب کریں۔انتظامیہ کے مطابق زیرِ زمین پانی کے غیر قانونی اور بے دریغ استعمال کے باعث آبی ذخائر کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، جس کے تدارک کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔واضح کیا جاتا ہے کہ مذکورہ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بلوچستان گراؤنڈ واٹر رائٹس ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 1978 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں شامل ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی ڈرلنگ میں استعمال ہونے والی مشینری ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لے لی جائے گی۔تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ قیمتی آبی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے.

خبرنامہ نمبر2025/9324
نصیرآباد۔۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا اور ٹرانزٹ پوائنٹس کے علاوہ گھر گھر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں سے ملاقات کر کے مہم کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے دوران کیے جانے والے ٹیلی شیٹ، فنگر مارکنگ اور ڈور مارکنگ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا اور ٹیموں کی کارکردگی کو جانچا۔ اس موقع پر این اسٹاف ڈاکٹر غلام یاسین داجلی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے پولیو ٹیموں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مقررہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنائیں اور کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ مہم شفاف، منظم اور نتائج خیز ثابت ہو۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ضلع کو پولیو فری بنانے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر2025/9325
نصیرآباد:ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی نگرانی میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت مکمل ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف منصوبوں کے معیار، رفتار اور افادیت کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ سب ڈویژنل افیسر روڈز نادر علی پہنور نے ڈپٹی کمشنر کو بلیک ٹاپ روڈ نیشنل ہائی وے تا جمعہ خان جتوئی روڈ تا سید احمد شاہ جو کہ 3،5 کلومیٹر پی ایس ڈی پی بلیک ٹاپ روڈ حاجی خان جتوئی تا قیدی شاخ جو کہ چار کلومیٹرطویل دیگر سڑکوں کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پی ایس ڈی پی بلڈنگز کے تحت مکمل ہونے والے تعمیراتی کاموں کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا۔ سب ڈویژنل آفیسر بلڈنگز عابد علی پہنور نے پی ایس ڈی پی پرائمری اسکول مہراب خان عمرانی، پی ایس ڈی پی رئیس عطا محمد ایڈیشنل رومز اسکولز، پی ایس ڈی پی میر فرید خان عمرانی پرائمری اسکول، پی ایس ڈی پی پرائمری اسکول گوٹھ بابو نصیر احمد عمرانی، پی ایس ڈی پی ایڈیشنل کلاس رومز مہر دل عمرانی اور پی ایس ڈی پی اضافی کلاس رومز گوٹھ واحد بخش کھوسہ کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ پی ایس منظور احمد شیرازی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں بلیک ٹاپ سڑکوں کی تعمیر سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں اور فارم ٹو مارکیٹ رسائی بہتر ہونے سے کاشتکاروں کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگز کے شعبے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں جبکہ مکمل ہونے والے تمام اسکولوں کے منصوبے محکمہ تعلیم کے حوالے کر کے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے ثمرات عوام تک بروقت پہنچ سکیں۔

خبرنامہ نمبر2025/9326
قلعہ سیف اللہ. ڈپٹی کمشنر ساگر کمار کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز ایوننگ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ سرگرمیوں اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا مقصد مہم کو مزید مؤثر بنانا اور زیرو مسڈ کیسز کے ہدف کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس میں این اسٹاف آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وحید کاکڑ، کمیونیکیشن آفیسر، عالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے، یونین کونسل میڈیکل آفیسرز، فیلڈ سپروائزرز اور دیگر متعلقہ اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ تمام شرکاء نے فیلڈ میں جاری پولیو مہم کی تازہ ترین صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے گھر گھر پولیو ٹیموں کی کارکردگی، ٹیموں کی حاضری، ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین کے انتظامات اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مسڈ بچوں کی نشاندہی، ہارڈ ٹو ریچ علاقوں، نقل مکانی کرنے والی آبادی اور سرحدی علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی ایچ او ڈاکٹر وحید کاکڑ نے ضلع بھر میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، روزانہ کوریج، مسڈ کیسز اور ان کے فالو اپ سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے مانیٹرنگ رپورٹس، ڈیٹا کلیکشن اور کمیونٹی انگیج مینٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے دوران کمیونیکیشن آفیسر نے عوامی آگاہی، علما، قبائلی معتبرین اور کمیونٹی لیڈرز کے کردار پر روشنی ڈالی اور والدین میں پولیو کے قطرے پلانے کی اہمیت اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے پوری ذمہ داری اور محنت سے انجام دیں، تاکہ ضلع قلعہ سیف اللہ کو پولیو فری بنانے کے ہدف کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آخر میں اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچائے جائیں گے۔خبرنامہ نمبر2025/9327
تربت۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ کی زیرِ صدارت سرکاری ملازمین کی محکمہ خزانہ کے ریکارڈ میں تاریخِ پیدائش کی درستگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا, اجلاس میں سرکاری ریکارڈ کی شفافیت، قانونی تقاضوں کی پاسداری اور مستقبل میں پیدا ہونے والی انتظامی و مالی پیچیدگیوں سے بچاؤ پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈی ایس پی تربت، ڈی ایچ او کیچ،ایم ایس تربت، ایکسیئن ایم ایم ڈی، خزانہ آفیسر تربت سمیت مختلف محکموں کے متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے محکمہ خزانہ کے ساتھ مربوط نظام کے تحت تاریخِ پیدائش کی تصحیح کے طریقہ کار، درپیش مسائل اور ان کے حل پر اپنی آراء پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے کوائف میں درستگی نہایت اہم ہے کیونکہ تاریخِ پیدائش میں غلطی سروس اسٹرکچر، ریٹائرمنٹ، پنشن اور دیگر سرکاری معاملات میں پیچیدگیوں کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاریخِ پیدائش کی درستگی کے تمام کیسز قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹائے جائیں گے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیرقانونی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ خزانہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں، درخواستی کیسز کی بروقت جانچ پڑتال کریں اور شفاف طریقہ کار کے تحت معاملات کو جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ سرکاری ملازمین کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تاریخِ پیدائش کی درستگی کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز تر بنانے کے لیے باہمی رابطہ مضبوط کیا جائے گا اور مستقبل میں ایسے مسائل کے تدارک کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر2025/9328
اوتھل: ضلع لسبیلہ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ میڈم حمیرا بلوچ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا گیا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر حمید بلوچ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سیول ہسپتال اوتھل ڈاکٹر اویس واجد بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران، پولیو ورکرز اور دیگر متعلقہ عملہ بھی اس موقع پر شریک تھے ڈپٹی کمشنر میڈم حمیرا بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر حمید بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے ٹیموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

خبرنامہ نمبر2025/9329
قلا ت:ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن قلات کی جانب سے عوامی مفاد میں پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان گراؤنڈ واٹر رائٹس ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 1978 کے تحت ضلع میں پیشگی اجازت یا این او سی کے بغیرکسی بھی قسم کے بور، ٹیوب ویل کی کھدائی، تنصیب، آپریشن یا زیرِ زمین پانی کے اخراج پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔جاری کردہ نوٹس کے مطابق ضلع کے تمام شہریوں، ٹھیکیداروں اور سرکاری و نجی اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ واٹر کمیٹی (DWC) سے پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر کسی بھی قسم کی بورنگ یا زیرِ زمین پانی کے استعمال سے اجتناب کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین پانی کے غیر قانونی استعمال سے آبی ذخائر کو شدید خطرات لاحق ہیں، جس کے پیشِ نظر قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہو چکا ہے۔

خبرنامہ نمبر2025/9330
چمن اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بلوچ نے انسداد پولیو مہم کے پہلے روز شہر کے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے بخت محلہ کے پی ایچ یو کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری چیک کی گئیں اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے پولیو ٹیموں اور سیکیورٹی پر تعینات لیویز اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر2025/9331
قلا ت:ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ضلعی انتظا میہ کی جانب سے عوامی مفاد میں پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان گراؤنڈ واٹر رائٹس ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 1978 کے تحت ضلع میں پیشگی اجازت یا این او سی کے بغیرکسی بھی قسم کے بور، ٹیوب ویل کی کھدائی، تنصیب، آپریشن یا زیرِ زمین پانی کے اخراج پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔جاری کردہ نوٹس کے مطابق ضلع کے تمام شہریوں، ٹھیکیداروں اور سرکاری و نجی اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ واٹر کمیٹی (DWC) سے پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر کسی بھی قسم کی بورنگ یا زیرِ زمین پانی کے استعمال سے اجتناب کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین
پانی کے غیر قانونی استعمال سے آبی ذخائر کو شدید خطرات لاحق ہیں، جس کے پیشِ نظر قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہو چکا ہے۔

خبرنامہ نمبر2025/9332
لورالائی 15دسمبر: 2025 آئی جی بلوچستان پولیس کی جانب سے ضلع لورالائی کے لیے منتخب کردہ ٹیم، جس میں ڈی آئی جی لورالائی ریجن جنید احمد شیخ، ڈی پی او لورالائی ملک محمد اصغر عثمان اور ایس ڈی پی او لورالائی کریم صاحب مندوخیل شامل ہیں، کی جانب سے منشیات اور جرائم کے خلاف حالیہ کارروائیاں نہایت مؤثر اور قابلِ تحسین رہی ہیں۔ ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ہم اپنے کاروان کی جانب سے تمام افسران کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر2025/9333
کوہلو 15 دسمبر۔۔ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی کوہلو مجیب الرحمن کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے واضح احکامات کی روشنی میں محکمہ صحت میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام عملے کی حاضری کو جدید اے آئی نظام کے ذریعے باقاعدہ طور پر یقینی بنایا گیا ہے انہوں نے کہا اس اقدام کا مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت، وقت کی پابندی اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے اے آئی پر مبنی حاضری نظام کے نفاذ سے غیر حاضری کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی جبکہ عوام کو موثر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی کوہلو نے مزید کہا کہ تمام افسران و عملے کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے عوامی خدمت کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا۔اسی سلسلے میں لاسی بی ایچ یو میں بہت جلد ایک معیاری اور جدید لیب روم قائم کیا جارہا ہے جس سے خواتین کو دور دراز سفر کرنے کے بجائے طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گے۔ تکمیل سے علاقے کی سینکڑوں خواتین کو بروقت اور محفوظ زچگی کی سہولت میسر آئیگی۔اہلیان کوہلو نے صوبائی حکومت، ڈی ایس ایم مجیب الرحمن کاکڑ، پی پی ایچ آئی انتظامیہ اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ اقدامات کو علاقے میں صحت کے شعبے کے لیے ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی قرار دیا ہے.

خبرنامہ نمبر2025/9334
کوئٹہ۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کوئٹہ، ژوب، قلعہ عبداللہ، پشین، خضدار، کیچ، واشک، خاران، پنجگور، قلات، سوراب، زیارت، لورالائی، چاغی اور قلعہ سیف اللہ میں موسم جزوی طور پر ابر آلود سے ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، پشین اور کوئٹہ کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کے ہلکے آثار بھی متوقع ہیں۔منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔ اس دوران قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور پشین اور گرد و نواح کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے
کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے وقت شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔کم سے کم درجہ حرارت قلات میں 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی علاقے میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔

خبرنامہ نمبر2025/9335
15 دسمبر:جامعہ بلوچستان میں ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (AS&RB) کا 192 واں اہم اجلاس وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، چیئرمین گریجویٹ اسٹڈیز آفس ڈاکٹر محمد قیصر اقبال، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد شریف حسنی، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز. شعبہ جات کے سربراہان اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اعلیٰ تعلیم اور تحقیق سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں 35 ایم فل، 21 پی ایچ ڈی اور متعدد ایم ایس ریسرچ و ڈگری کیسز سمیت دیگر تحقیقی دستاویزات کی منظوری شامل تھی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحقیق کے معیار، جدت اور علاقائی و قومی ضروریات سے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ پی ایچ ڈی تحقیقی نتائج اور رپورٹس متعلقہ محکموں اور فیلڈز کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ تحقیق کے نتائج کو عملی سطح پر مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔اجلاس میں تحقیقی پیداوار میں بہتری، تحقیقی جرائد میں اشاعت اور پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے مختلف شعبہ جات سے موصول ہونے والے نئے اور جاری ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز، تحقیقی خلاصوں اور تھیسس رپورٹس کی منظوری بھی دی۔

خبرنامہ نمبر2025/9336
کوہلو/ ڈپٹی کمشنر کو ہلو کے ایک اطلا ع کے مطا بق : کوہلو میں زیرِ زمین پانی کے بے دریغ استعمال، ٹیوب ویلز اور واٹر بورنگ کے غیر قانونی قیام کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر کوہلو نے عوامی نوٹس جاری کردیا۔ نوٹس کے مطابق واٹر اینڈ پاور آرڈیننس 1978 کے تحت بغیر اجازت (NOC) ڈسٹرکٹ واٹر کمیٹی سے منظوری کے بغیر کسی بھی قسم کا ٹیوب ویل یا واٹر بورنگ غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی، جرمانہ اور سزا عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ زیرِ زمین پانی کے تحفظ اور مستقبل کے آبی وسائل کو بچانے کے لیے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

خبرنامہ نمبر9337/2025
کوئٹہ15دسمبر: اکیسویں جھل مگسی ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی 2025 اتوار کی شام اپنے اختتام کو پہنچی جس کے مہمان خصوصی گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل تھے۔ تاریخی جھل مگسی ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی 2025 نوابزادہ جعفر خان مگسی نے سب سے کم وقت میں ٹریک مکمل کیا اور جیت اپنے نام کر لیا۔ اس تقریب میں جھل مگسی اور اس سے متصل دیگر علاقوں کے سیاسی و قبائلی عمائدین سمیت ملک بھر سے ہزاروں شائقین نے شرکت کی جنہوں نے صحرائی علاقوں میں مقابلہ کرتے ہوئے ریسرز کو داد دی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ایک کروڑ نقد انعام کا اعلان کیا اور دیگر تمام کیٹیگریز میں جیتنے والے ریسرز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس تاریخی جھل مگسی ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی 2025 کو شاندار کامیابی قرار گیا، گورنر بلوچستان مندوخیل، وفاقی وزیر نوابزادہ خالد مگسی، وفاقی وزیر تجارت میر جام کمال، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر خان مگسی اور دیگر اہم اشخاص کی موجودگی نے ریلی کے جوش اور وقار میں اضافہ کیا۔

خبرنامہ نمبر9338/2025
کوئٹہ 15 دسمبر:ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیرِ صدارت جاری پولیو مہم کے پہلے روز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او، ڈسٹرکٹ پولیو کوآرڈینیٹر، نیشنل ای او سی کے ممبران، پروونشل ای او سی کے ممبران، این اسٹاف اور مانیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری پولیو مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تمام مانیٹرز نے مختلف یونین کونسلز سے موصول ہونے والی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں ریفیوزل کیسز، این اے، اسٹل این اے، کلسٹرز، این ٹی ہاؤسز اور دیگر اہم امور پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو سخت ہدایات جاری کیں اور اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مہم کی کڑی نگرانی، بروقت رپورٹنگ اور والدین کو قائل کرنے کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

خبرنامہ نمبر9339/2025
زیارت 15ادسمبر: ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑکی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلیدن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں زیارت اور سنجاوی کے دونوں تحصیلوں میں مہم کا جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر نے مانیٹرنگ افسران اور زونل سپروائزر سے بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے کہا زیارت میں جاری انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگا پولیو کے خاتمے کے لیے میڈیا، سول سوسائٹی، علماء کرام اور تمام مکاتب فکر کے افراد کو کردارکو ادا کرنا ہوگا پولیو کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

خبرنامہ نمبر9340/2025
گوادر:ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے انسدادِ پولیو کی قومی ٹیکہ جات مہم (NID) کے پہلے روز مہم کی مانیٹرنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے یونین کونسل چِب کلمتی کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ میں موجود انسداد پولیو مہم ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے ٹیموں سے ملاقات کے دوران انسدادِ پولیو مہم کے ایس او پیز، حفاظتی اقدامات اور گھر گھر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران معیار، نظم و ضبط اور بچوں کی مکمل کوریج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور فیلڈ ٹیموں کی محنت اس قومی مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے پر زور دیا۔

خبرنامہ نمبر9341/2025
خضدار15دسمبر: خضدار کے دور افتادہ علاقہ اورناچ کے عوام کی ایک بڑی ضرورت آج پوری ہو گئی۔ گزشتہ روز علاقہ اورناچ میں منعقد ہونے والی کھلی کچہری میں مقامی باشندوں نے ضلعی انتظامیہ کے سامنے اپنی خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کے علاقے کو صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے ایک ایمبولینس کی اشد ضرورت ہے۔ عوام کی اس اپیل پر ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے آج ہی یہ مطالبہ پورا کر دیا۔ ڈپٹی کمشنرخضدار نے علاقہ اورناچ کے لیئے نئی ایمبولینس فراہم کی اور اسے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر نسیم لانگو کے حوالے کر دیا گیا۔ یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست پالیسیوں کی زندہ مثال ہے، جس سے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت طبی امداد مل سکے گی۔ مقامی شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خضدار کے اس فوری اور مثبت ردعمل پر اظہار تشکر کیا ہے۔

خبرنامہ نمبر9342/2025
پشین 15دسمبر:سوشل میڈیا پر بلوچستان بلخوص ضلع پشین میں پاکستانی چینی پر پابندی سے متعلق چلنے والی خبریں جھوٹی اور من گھڑت ہیں، ڈپٹی کمشنر پشین کے آفس سے جاری کردہ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ اس کے ذریعہ یہ واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی چینی پر پابندی سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں۔۔جو کہ سراسر جھوٹی اور لیٹر جعلی ہے۔۔ مذکورہ لیٹر ضلعی انتظامیہ اور نہ ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے آفس سے جاری کیا گیا ہے۔۔ لہذا عوام جھوٹی اور من گھڑت باتوں پر کان نہ دھریں۔۔ڈپٹی کمشنر قاضی منصور احمد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ میں چینی کی کوئی قلت نہیں، وافر دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مارکیٹوں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی وافر مقدار میں دستیاب ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے چینی کی سرکاری قیمت مقرر کر رکھی ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے یا زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور دکانداروں کے خلاف سختقانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چھاپے مارے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے یا گرفتار کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر قاضی منصور احمد نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ زائد قیمت پر چینی فروخت ہونے کی اطلاع فوری طور پر ڈسٹرکٹ کنٹرول روم یا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کو فراہم کریں۔

خبرنامہ نمبر9343/2025
گوادر15دسمبر:: ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) نگور شریف کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے طبی عملے کی حاضری چیک کی اور فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی سائٹس، حفاظتی ٹیکہ جات کے ریکارڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حفاظتی ٹیکہ جات کا عمل مقررہ اصولوں کے مطابق جاری ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مرشد دشتی نے عملے کو ہدایت دی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری اور لگن کے ساتھ انجام دیں، خصوصاً ماں اور بچے کی صحت اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی پی ایچ آئی کا مقصد دور دراز علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اور اس سلسلے میں مانیٹرنگ دورے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات میسر آ سکیں۔

خبرنامہ نمبر9344/2025
کوئٹہ، 15 دسمبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں بینکوں اور املاک پر ہونے والے مسلح حملوں کے واقعات پر سی ٹی ڈی اور پولیس کے بروقت، پیشہ ورانہ اور جرات مندانہ رسپانس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی نے ممکنہ طور پر دیگر بڑے جانی و مالی نقصان کو روک لیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے جوانوں نے غیر معمولی بہادری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کارروائی کے دوران شہید ہونے والے سی ٹی ڈی کانسٹیبل درا خان کی بے مثال جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید دودا نعیم نے جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان نچھاور کی جس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے شہید درا خان جیسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا قوم ان کے خون کی مقروض ہے میر سرفراز بگٹی نے واقعے میں شہید ہونے والے شہری دکاندار پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ریاست پوری قوت، عزم اور یکسوئی کے ساتھ ملک دشمن اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔

خبرنامہ نمبر9345/2025
قلات 15 دسمبر:ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی کے زیرصدارت پولیو مہم کے پہلے روز کے اختتام پر ایوننگ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر طاہرسنجرانی قائمقام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال نورزئی ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ ڈیزیز سرولنس آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر نوروز بلوچ سمیت محکمہ صحت کے سربراہان مانیٹرنگ آفیسرز یوسی ایم اوز ایریاانچارج نے شرکت کی۔اجلاس میں آج کے پولیومہم سے متعلق رپورٹ پیش کیئے گئے اور پولیو ٹیموں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر منیردرانی نے کہا کہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے ٹیمیں اپنی کارکردگی مزید بہتربنائیں پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائیگی ٹیمیں صبح مقررکردہ وقت پر کام شروع کریں تاکہ مقررکردہ ہدف آسانی سے پورا کیا جاسکیں پولیو مہم کو کامیابی سے انجام دینے کے لیئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ضلع میں ایک بھی بچہ پولیو کے قطرے پلائے بغیر نہ رہ جائے پولیوسے پاک معاشریکی تشکیل ہماری اولین ترجیح ہے۔

خبرنامہ نمبر9346/2025
ضلع کیچ کا ہیڈ کوارٹر جسکا مرکز تربت شہر ہے،تربت شہر اپنی خوبصورتی اور تاریخی اعتبار کے ساتھ ساتھ مکران ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر بھی ہے۔اسی طرح تربت بلوچستان کا ایک اہم تعلیمی، تجارتی اور انتظامی مرکز ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد کو آمد و رفت کے لیے سفری سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری پھیلاؤ کے باعث ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ایک سنگین چیلنج بن چکا تھا۔ ایسے میں گرین بس سروس کا آغاز نہ صرف وقت کی ضرورت تھا بلکہ یہ ایک خوش آئند اور مثبت قدم بھی ثابت ہوا ہے جو حکومت بلوچستان کی طرف سے عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے۔تربت میں عوام کی اکثریت روزگار، تعلیم، علاج اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا سفر کرتی ہے۔ نجی ٹرانسپورٹ مہنگی ہونے کے باعث کم آمدنی والے طبقے، طلبہ، خواتین اور بزرگ شہری شدید مشکلات کا شکار رہتے تھے۔ گرین بس سروس نے ان طبقات کو سستی، محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کی ہے۔گرین بس سروس کی ایک بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ ماحول دوست نظامِ ٹرانسپورٹ ہے۔ ایندھن کی کم کھپت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوتی ہے، جو تربت جیسے شہر کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس سروس کے ذریعے نہ صرف ٹریفک دباؤ کم ہوگا بلکہ شہر کا ماحولیاتی توازن بھی بہتر ہوگا۔حکومتِ بلوچستان کی جانب سے تربت کے لیے چار گرین بسوں کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت شہری سہولیات کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ اگرچہ یہ تعداد ابتدائی طور پر محدود ہے، تاہم اس اقدام نے عوام کے دلوں میں امید کی نئی کرن پیدا کی ہے کہ مستقبل میں اس سروس کو مزید وسعت دی جائے گی۔گرین بس سروس کے آغاز سے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو خاص طور پر فائدہ پہنچیگا۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹی جانے والے طلبہ اب کم خرچ میں بروقت اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی تعلیمی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ غیر حاضری اور سفری مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے بھی گرین بس ایک محفوظ اور بااعتماد ذریعہ نقل و حمل ہے۔ منظم روٹس، بہتر نشستوں اور نسبتاً محفوظ ماحول نے خواتین کو زیادہ اعتماد کے ساتھ سفر کرنے کا موقع فراہم کریگا، جو معاشرتی ترقی کے لیے ایک اہم پہلو ہے۔تربت میں گرین بس سروس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ بازاروں اور تجارتی مراکز تک آسان رسائی سے خرید و فروخت میں اضافہ ہوگا، جبکہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے سے مقامی معیشت کو تقویت ملے گی۔ یہ سروس شہری زندگی کو متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ تربت میں گرین بس سروس صرف ایک سفری سہولت نہیں بلکہ ایک ترقی یافتہ اور جدید شہر کی جانب قدم ہے۔ حکومتِ بلوچستان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بسوں کی تعداد میں اضافہ، روٹس کی توسیع اور سروس کے معیار کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ تربت کے تمام شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

خبرنامہ نمبر9347/2025
چمن15دسمبر: ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اج کیڈٹ کالج چمن کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے نئے تعینات ہونے والے والے پرنسپل بریگیڈیئر عمران کو انکی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور کالج میں مکمل تعمیر شدہ کلاس رومز کا جائزہ لیا ڈی سی چمن نے اس بات پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چمن کی طلباء کو دور جدید کے تعلیم سے آراستہ ہونے کا موقع ملے گا اور اس سے چمن کے طلباء و طالبات کوبھی ملک کی دوسرے جدید سائنسی وٹیکنیکل تعلیمی اداروں کی طرح جدید سائنسی وٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے کی رسائی حاصل ہوسکے گا اس موقع پر ڈی سی چمن اور نئے پرنسپل بریگیڈیئر عمران نے کہا کہ مارچ 2026 میں باقاعدہ کلاسز اور پڑھائی کا آغاز کیا جائے گا۔

Handout 9348/2025
An evening meeting was held at the end of the first day of the polio campaign under the chairmanship of Deputy Commissioner Munir Ahmad Durrani.
The meeting was attended by Assistant Commissioner Tahir Sanjrani, Acting District Health Officer Dr. Iqbal Noorzai, District Support Manager PPHI Mujeeb Baloch, Disease Surveillance Officer WHO Dr. Noroz Baloch, heads of health departments, monitoring officers, UCMOs and area in-charges.
A report on today’s polio campaign was presented in the meeting and the problems faced by the polio teams were also informed.
Deputy Commissioner Munir Durrani said that the teams participating in the polio campaign should further improve their performance. No negligence or carelessness will be tolerated in the polio campaign. The teams should start work at the appointed time in the morning so that the set target can be easily achieved. We all have to work together to successfully carry out the polio campaign. Not a single child in the district is left without receiving polio drops. Creating a polio-free society is our top priority.

خبرنامہ نمبر9349/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے پہلے روز کی انسداد پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کی آن لائن صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر ظفر اقبال، کمیونٹی کمیونیکیشن افیسر شے صغیر، انسداد پولیو مہم کے ٹیم آفیسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران ریفیوزل کیسز، موجودہ بچوں کی فہرست، زیرو ڈوز بچوں، سیکورٹی کے انتظامات اور ٹیموں کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ کل تک تمام ریفیوزل کیسز کو کور کیا جائے اور ناٹ اویلیبل بچوں کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آج کی انسداد پولیو مہم بخوبی اور بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوئی۔

خبرنامہ نمبر9350/2025
چمن15 دسمبر:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت انسداد پولیو کی قومی ٹیکہ جات مہم (NID) دسمبر کمپئین کے پہلے روز ایوننگ ریویو اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ڈی ایچ او چمن ڈپٹی ڈی ایچ او، ڈسٹرکٹ پولیو کوآرڈینیٹر، ای او سی کے ممبران، این اسٹاف اور مانیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری این ائی ڈی مہم کے پہلے روز کی اچیومینٹس درپیش چیلنجز اور آگے کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کے حوالیسے ڈی سی چمن کو تفصیلی بریفنگ دی گئی تمام مانیٹرز نے مختلف یونین کونسلز سے موصول ہونے والی رپورٹس پیش کیں ڈپٹی کمشنر چمن نے این آئی ڈی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو سخت ہدایات جاری کیں اور اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی پانچ سال تک کا بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مہم کی کڑی نگرانی، بروقت رپورٹنگ اور والدین کو قائل کرنے کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی سی چمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف اور آفیسران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں.

خبرنامہ نمبر9351/2025
لورالائی 15 دسمبر:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد اسماعیل مینگل زیر صدارت انسداد پولیو کی قومی ٹیکہ جات مہم (NID) دسمبر کمپئین کے پہلے روز ایوننگ ریویو اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ڈی ایچ او لورالائی، ڈپٹی ڈی ایچ او، ڈسٹرکٹ پولیو کوآرڈینیٹر، ای او سی کے ممبران، این اسٹاف اور مانیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری این ائی ڈی مہم کے پہلے روز کی اچیومینٹس درپیش چیلنجز اور آگے کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کے حوالیسے اے ڈی سی لورالائی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی تمام مانیٹرز نے مختلف یونین کونسلز سے موصول ہونے والی رپورٹس پیش کیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی نے این آئی ڈی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو سخت ہدایات جاری کیں اور اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی پانچ سال تک کا بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مہم کی کڑی نگرانی، بروقت رپورٹنگ اور والدین کو قائل کرنے کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اے ڈی سی لورالائی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف اور آفیسران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں۔

خبرنامہ نمبر9352/2025
ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل مینگل نے آج بروز پیر بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹیو (BSDI) پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی اسکیمات کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر متعلقہ اسکیموں کے ٹھیکیدار، انجینئرز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی نے بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت زیرِ تکمیل منصوبوں میں گورنمنٹ گرلز کالج میں واٹر سپلائی اسکیم اور فٹسال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور اب تک کی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور موقع پر موجود انجینئرز سے تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد اسماعیل مینگل نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام کی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی پروگرام کا بنیادی مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی ہے، جس کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں۔انہوں نے ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ کام میں تیزی لائی جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ دورے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لورالائی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی نگرانی خود کر رہی ہے تاکہ سرکاری وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے اور ضلع لورالائی میں ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5354/2025
سرائے عالمگیر، 15 دسمبر :
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کے روز معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی راجہ مطلوب طاہر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے راجہ مطلوب طاہر کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بااصول، نڈر اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار کے حامل صحافی تھے، جبکہ ذاتی طور پر وہ ہمارے نہایت قریبی اور اچھے دوست بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ مطلوب طاہر نے اپنی پوری زندگی ذمہ دار اور سچ پر مبنی صحافت کے لیے وقف کیے رکھی، اور یہ ان کی پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اپنی زندگی کے آخری روز تک بلوچستان میں پیشہ ورانہ صحافتی خدمات سرانجام دیتے رہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور حقائق کو جرات و دیانت کے ساتھ پیش کیا۔ ان کی وفات سے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ ذاتی طور پر مجھے بھی ایک مخلص دوست کی جدائی کا گہرا صدمہ پہنچا ہے، جس کا ازالہ ممکن نہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور اصولی صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور راجہ مطلوب طاہر مرحوم اس روایت کے مضبوط امین تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان، اہلِ خانہ اور صحافتی برادری کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے نمازِ جنازہ میں ممتاز اینکر پرسن سلیم صافی ، وسیم بادمی ، یاسر شامی سمیت صحافیوں سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video