خبرنامہ نمبر 9306/2025
سوئی، 14 دسمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم، کردار سازی اور ہمہ جہت تربیت ہی وہ مضبوط بنیاد ہے جس پر قوموں کا مستقبل تعمیر ہوتا ہے، اور ملٹری کیڈٹ کالجز اس قومی مقصد کے حصول میں نہایت مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں جہاں نوجوانوں کو علمی استعداد کے ساتھ نظم و ضبط، قیادت، حب الوطنی اور قومی ذمہ داری کا شعور بھی دیا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ملٹری کالج سوئی میں یومِ والدین کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملٹری کالج سوئی جیسے ادارے بلوچستان کے نوجوانوں کو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ عملی تربیت، عسکری روایات اور مثبت اقدار سے بھی ہم آہنگ کر رہے ہیں انہوں نے والدین کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیمی و اخلاقی کامیابی میں والدین کی رہنمائی، محنت اور قربانیاں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں، اور یومِ والدین جیسی تقاریب والدین اور تعلیمی ادارے کے درمیان اعتماد اور ربط کو مزید مضبوط بناتی ہیں میر سرفراز بگٹی نے کیڈٹس کی تعلیمی کارکردگی، نظم و ضبط اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے درست سمت اور سازگار ماحول فراہم کر کے قومی اثاثہ بنایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور شخصیت سازی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور ملٹری کالج سوئی جیسے اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید تعلیمی سہولیات، کھیلوں کے مواقع اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ناگزیر ہے اسی تسلسل میں انہوں نے اعلان کیا کہ ملٹری کالج سوئی کے سالِ دوئم کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے کالج کی سولرائزیشن، اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، آؤٹ ڈور اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور کالج میں نئے پریڈ گراؤنڈ کی تعمیر بھی کی جائے گی اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈیئر محمد عامر اعجاز نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ملٹری کالج سوئی کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی معیار اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور صوبائی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا
خبرنامہ نمبر 9307/2025
کراچی 14 دسمبر 2025۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر و صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے اپنے ایک بیان میں ان تمام قابل صد احترام احباب و گراں قدر شخصیات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بیماری کے ان ایام میں ہسپتال اور گھر میں ان کی عیادت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ میرے ان تمام بہی خواہوں میں گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان، نواب, سرداران کے علاؤہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سینٹرز، علماء کرام، صحافی، وکلاء، پارٹی اراکین و دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں شامل ہیں جنہوں نے نہ صرف انکی عیادت کی بلکہ اپنے خصوصی دعاؤں میں بھی انہیں یاد کیا، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صحت و تندرستی ہزار نعمت ہے لیکن بیماری اور تکلیف کے دوران آپ کے چاہنے والے جب آپ کی صحت، تندرستی اور زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں تو اس نہ صرف بیمار بندے کو حوصلہ ملتا ہے بلکہ اس کی جلد صحتیابی میں بھی دوستوں کی کاوشوں کا زیادہ عمل دخل ہوتا ہے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ وہ اللّٰہ پاک کی مہربانی سے بہت زیادہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور انشاء اللّٰہ جلد اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کیلئے اپنے لوگوں کے درمیان موجود ہوں گے ۔
خبرنامہ نمبر 9308/2025
بارکھان 14 دسمبر:ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج نے ضلع بارکھان کے تھانہ رکنی سٹی کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پولیس اسٹیشن کے انتظامی و آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور مجموعی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ڈی آئی جی پولیس نے افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور فرائض کی انجام دہی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور پیشہ ورانہ خدمات پر حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر اسلحہ، ایمونیشن، بلٹ پروف جیکٹس، مواصلاتی آلات اور دیگر حفاظتی سازوسامان کی دستیابی، حالت اور آپریشنل تیاری کا بغور جائزہ لیا گیا۔انہوں نے پولیس اسٹیشن کی عمارت، بیرکس، میس اور جوانوں کی رہائشی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور جہاں کمی بیشی پائی گئی وہاں فوری بہتری کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران افسران و جوانوں کو آئی جی پی بلوچستان کی پالیسی ہدایات اور اسٹینڈنگ آرڈرز کی روشنی میں بریفنگ دی گئی، جس میں چوکسی، نظم و ضبط اور آپریشنل تیاری پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈی آئی جی پولیس نے دیانت داری اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کرپشن اور غفلت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔مزید برآں، ڈی آئی جی پولیس نے پولیس جوانوں کے مسائل اور جائز شکایات بھی سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی ممکنہ احکامات جاری کیے۔ انہوں نے علاقے کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا، بالخصوص قومی شاہراہ این۔70 پر سیکیورٹی انتظامات، نفری کی تعیناتی، گشت اور کسی بھی ناخوشگوار یا دہشت گردی کے واقعے کی صورت میں فوری ردِعمل کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی۔
دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج نے مشکل حالات کے باوجود پولیس فورس کی کارکردگی اور کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، جوانوں کی فلاح و بہبود بہتر کرنے اور آپریشنل تیاری میں مزید بہتری کے لیے قیمتی ہدایات جاری کیں۔
خبرنامہ نمبر 9309/2025
لورالائی 14دسمبر 2025ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی /بوری ندیم اکرم نے آج مڑہ خورد میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے poppy/کوکنار کی غیر قانونی کاشت کے خلاف بھرپور اور عملی کارروائیاں کیا لیویز فورس کے ہمراہ کہیں ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی کوکنار کی فصل کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے خود اپنی نگرانی میں ٹریکٹر چلا کر فصل کو ختم کیا جس سے واضح پیغام دیا گیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے کہا کہ منشیات کی کاشت نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ معاشرے اور نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے شدید خطرہ بھی ہے۔ تحصیل میں میختر اور بور ی میں کوکنار کی کاشت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ علاقے کو منشیات سے پاک اور پرامن بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 9310/2025
لورالائی 14دسمبر:ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے منشیات کے ایک سنگین مقدمے میں مطلوب ملزم کو پولیس گرفتاری سے بچانے اور مداخلت کرنے پر لورالائی پولیس کے اہلکار کانسٹیبل حمیداللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی، جبکہ مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف بھی کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل حمیداللہ پر الزام ہے کہ اس نے لورالائی کے مشہور منشیات فروش داود اوتمانخیل کو پولیس کی گرفتاری سے بچانے کی کوشش کی، جس پر ڈی آئی جی لورالائی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی۔اس موقع پر ڈی آئی جی لورالائی نے واضح الفاظ میں کہا کہ پولیس محکمے میں منشیات فروشوں کے سہولت کاروں اور بدعنوان عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں میں شفافیت، قانون کی بالادستی اور احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر9311/2025
کوہلو 14 دسمبر۔۔ رکن صوبائی اسمبلی نواب چنگیز مری کی ہدایت پر کوہلو میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کردیا گیا ہے عوام کے فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کے مختلف علاقوں میں آمدورفت کے مؤثر ذرائع، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو بہتر بنانے، پینے کے صاف پانی کیلئے فیلٹریشن و بورنگ کے اسکیمات، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری و دیہی علاقوں میں گلیوں اور نالیوں کی پائیدار تعمیر سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر مرحلہ وار عملدرآمد شروع ہوچکا ہے ان ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش روزمرہ کے مسائل کا دیرپا حل فراہم کرنا اور شہریوں کو بہتر معیارِ زندگی مہیا کرنا ہے کوہلو سبی سڑک سمیت ضلع کو مختلف اضلاع سے ملانے والی سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور آمدورفت کے جدید و محفوظ نظام سے نہ صرف عوام کو سفری سہولت حاصل ہوگی بلکہ معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ جبکہ دوسری جانب تحصیل کوہلو،تحصیل ماوند کے شہری و دیہی علاقوں کے گلیوں اور نالیوں کو ٹف ٹائل لگانے اور اسرے نو تعمیر کے منصوبوں سے نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری علاقوں میں صفائی اور ماحولیاتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ترقیاتی اسکیموں پر مقررہ معیار کے مطابق عملدرآمد کیا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کوہلو کے شہریوں نے رکن صوبائی اسمبلی نواب چنگیز مری،ایف سی بلوچستان،ضلعی انتظامیہ کے عوام دوست پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کا آغاز ایک مثبت عمل ہے ہمارے بنیادی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے پر رکن صوبائی اسمبلی کے شکر گزار ہیں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے جس سے ضلع میں مجموعی ترقی، سہولیات کی بہتری اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کیے جا سکیں گے۔۔
خبرنامہ نمبر 9312/2025
کوئٹہ14 دسمبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی 2025 کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر آج صبح جھل مگسی روانہ ہوگئے۔ وہاں پہنچنے پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا جھل مگسی میں وفاقی وزیر نوابزادہ خالد مگسی اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر خان مگسی اور ضلعی انتظامیہ نے شاندار استقبال کیا. 21ویں جھل مگسی ڈیزرٹ چیلنج ریس 2025 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا مقابلہ تھا۔ منتظمین نے ایک دن قبل ڈیزرٹ چیلنج کپ جیپ ریلی 2025 کا ٹریک میپ بھی جاری کر دیا تھا۔ اس سال مقابلے کیلئے مجموعی طور پر 56 گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئی ہیں جن میں پروفیشنل اور اسٹاک کلاسز شامل ہیں۔ ایونٹ میں خواتین کی کیٹیگری سمیت چار مختلف کیٹیگریز میں کار ریسرز حصہ نے لیا۔ ریسنگ کا یہ تاریخی مقابلہ ہمیشہ کی طرح جھل مگسی کے صحرائی منظرنامے میں رفتار، مہارت اور برداشت کا ایک سنسنی خیز تماشا پیش کرتا ہے جبکہ بلوچستان کی بھرپور ثقافت بلاشبہ اس ایونٹ کی خوبصورتی اور رغبت میں اضافہ کر رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر9313/2025
لورالائی 14دسمبر 2025 پولیس کی کالے شیشوں والی گاڑیوں اور کالے پیپر فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کے احکامات اور ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان کی ہدایات پر، ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کی زیر نگرانی لورالائی پولیس نے شہر میں کالے شیشوں والی گاڑیوں اور کالے پیپر فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی لورالائی انسپکٹر ہمایوں ناصر، سی آئی اے انچارج لورالائی سب انسپکٹر محمد انور جلالزئی، ایس ایچ او تھانہ صادق علی شہید صدر سب انسپکٹر محمد اکرم حمزازئی، ٹریفک انچارج سب انسپکٹر منظور حسنی، سی آئی اے اسٹاف، ایگل اسکواڈ اور ٹریفک اسٹاف نے حصہ لیا۔پولیس نے لورالائی شہر میں کالے شیشوں والی گاڑیوں کے شیشے اتارے اور متعدد گاڑیوں کے چالان کیے، جبکہ کالے پیپر فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔اس موقع پر ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان نے کہا کہ عوام کالے شیشوں اور بلیک پیپر کے استعمال سے اجتناب کریں۔ اگلے مرحلے میں بغیر مکمل کاغذات والی گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا، جبکہ اگر دکانداروں نے بلیک پیپر کی فروخت کا عمل ترک نہ کیا تو ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 9314/2025
لورالائی 14دسمبر:ممبر صوبائی اسمبلی حاجی طور اوتمانخیل نے لورالائی پولیس کی منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کے لورالائی دورے کے موقع پر منشیات کے خلاف سخت احکامات جاری کیے گئے تھے اور ضلع سے منشیات کے مکمل خاتمے کی ہدایت دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ انہی احکامات کی روشنی میں اس وقت ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کی نگرانی میں، ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان اور ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کی سربراہی میں لورالائی پولیس نے منشیات کی فصل اور منشیات فروشوں کے خلاف اہم اور کامیاب کارروائیاں کیں، جو قابلِ تحسین ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی نے ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ، ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان، ایس ڈی پی او کریم مندوخیل اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ لورالائی پولیس کی یہ کارروائیاں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسی طرح جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے لورالائی پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا تاکہ علاقے کو منشیات اور جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 9315/2025
کوئٹہ، 14 دسمبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی اداروں، فورسز اور بلوچستان پولیس ، سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز ریاستی رِٹ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا عملی اظہار ہیں یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خاران میں کارروائی کے دوران تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کو واضح پیغام ملا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رواں سال بلوچستان میں 700 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جانا دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے جو فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، قربانیوں اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں، سی ٹی ڈی اور بلوچستان پولیس کے افسران و جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کے لیے جاری اس جدوجہد میں اپنے محافظوں کے ساتھ پوری یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔





