

خبرنامہ نمبر9242/2025
کوئٹہ، 11 دسمبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں جدید طبی سہولیات کا قیام عوام کی جان بچانے اور ایمرجنسی کی صورتحال میں بروقت و معیاری علاج کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے حکومت اسی وژن کے تحت صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر پر تیزی سے کام کر رہی ہےانہوں نے یہ بات کوئٹہ میں اسپینی روڈ پر زیرِ تعمیر نیو ٹراما سینٹر کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی اور سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر نے منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور تکمیل کے مراحل سے متعلق جامع بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 135 تا 150 بیڈ پر مشتمل جدید ٹراما سینٹر تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے منصوبے میں چار جدید آئی سی یو، آٹھ آپریشن تھیٹرز، جدید امیجنگ سہولیات، لیبارٹری یونٹس اور پوسٹ آپریٹو کیئر یونٹس شامل ہیں یہ ٹراما سینٹر اپنی نوعیت کا بلوچستان کا سب سے بڑا اور جدید ترین ایمرجنسی طبی ادارہ ہوگا جسے عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تعمیراتی رفتار اور معیار پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت، سیکرٹری صحت، سیکرٹری مواصلات اور پوری منصوبہ ساز ٹیم کی کارکردگی کو سراہا انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی ترجیحات میں عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنا سرِفہرست ہے اور نیو ٹراما سینٹر اس سلسلے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگاوزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ٹراما سینٹر کی تکمیل سے صوبے میں ایمرجنسی کیسز کے فوری، مؤثر اور بروقت علاج کی نئی گنجائش پیدا ہوگی جس سے انسانی جانوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لیے آئی سی یو، او ٹی، امیجنگ اور لیبارٹری کی جدید ترین سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا جارہا ہےانہوں نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہری مراکز میں جدید طبی ڈھانچے کی توسیع حکومت کا بنیادی ہدف ہے اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے نتیجے میں عوامی فلاح کے اہداف تیزی سے حاصل ہوں گے






