11th-December-2025

خبرنامہ نمبر9241/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بعض بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز کوئٹہ، ژوب، خاران، قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ اور قلعہ سیف اللہ میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ رات کے وقت بعض مقامات پر وقفے وقفے سے جزوی ابر آلود صورتحال بھی رہ سکتی ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم بالعموم خشک رہے گا۔جمعہ کے روز صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ تاہم کوئٹہ، ژوب، قلعہ عبداللہ، پشین، خضدار، خاران، پنجگور، مستونگ، قلات، سوراب، زیارت، لورالائی، چاغی اور قلعہ سیف اللہ میں جزوی سے مکمل ابر آلود موسم رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا جبکہ شمالی و شمال مغربی اضلاع میں رات کے وقت سخت سردی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔گزشتہ روز کسی بھی مقام پر بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔

خبرنامہ نمبر9242/2025
کوئٹہ، 11 دسمبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں جدید طبی سہولیات کا قیام عوام کی جان بچانے اور ایمرجنسی کی صورتحال میں بروقت و معیاری علاج کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے حکومت اسی وژن کے تحت صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر پر تیزی سے کام کر رہی ہےانہوں نے یہ بات کوئٹہ میں اسپینی روڈ پر زیرِ تعمیر نیو ٹراما سینٹر کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی اور سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر نے منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور تکمیل کے مراحل سے متعلق جامع بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 135 تا 150 بیڈ پر مشتمل جدید ٹراما سینٹر تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے منصوبے میں چار جدید آئی سی یو، آٹھ آپریشن تھیٹرز، جدید امیجنگ سہولیات، لیبارٹری یونٹس اور پوسٹ آپریٹو کیئر یونٹس شامل ہیں یہ ٹراما سینٹر اپنی نوعیت کا بلوچستان کا سب سے بڑا اور جدید ترین ایمرجنسی طبی ادارہ ہوگا جسے عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تعمیراتی رفتار اور معیار پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت، سیکرٹری صحت، سیکرٹری مواصلات اور پوری منصوبہ ساز ٹیم کی کارکردگی کو سراہا انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی ترجیحات میں عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنا سرِفہرست ہے اور نیو ٹراما سینٹر اس سلسلے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگاوزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ٹراما سینٹر کی تکمیل سے صوبے میں ایمرجنسی کیسز کے فوری، مؤثر اور بروقت علاج کی نئی گنجائش پیدا ہوگی جس سے انسانی جانوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لیے آئی سی یو، او ٹی، امیجنگ اور لیبارٹری کی جدید ترین سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا جارہا ہےانہوں نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہری مراکز میں جدید طبی ڈھانچے کی توسیع حکومت کا بنیادی ہدف ہے اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے نتیجے میں عوامی فلاح کے اہداف تیزی سے حاصل ہوں گے

خبرنامہ نمبر 9243/2025
شیرانی 11دسمبر 2025: پی پی ایچ آئی ژوب– شیرانی کے ڈی ایس ایم سید امان شاہ کی خصوصی کاوشوں سے ضلع شیرانی کے دور افتادہ علاقے سمہ زی حریفال میں نیا بنیادی مرکز صحت مکمل، غریب آبادی کیلئے بڑی سہولت میسر پی پی ایچ آئی ژوب–شیرانی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر سید امان شاہ کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں ضلع شیرانی کے انتہائی پسماندہ اور دور دراز علاقے سمہ زی حریفال میں ایک نیا بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) نہایت کم لاگت میں تعمیر کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر صرف 34 لاکھ روپے کی لاگت آئی، جس سے چار کمروں پر مشتمل مکمل اور فعال عمارت تیار کی گئی ہے اس سے قبل علاقہ مکین پرانی، خستہ حال اور تنگ عمارت میں بنیادی طبی سہولتوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔ نئی بی ایچ یو کی تعمیر سے نہ صرف ماحول بہتر ہوا ہے بلکہ مقامی آبادی کو باوقار اور محفوظ طریقے سے علاج کی سہولت فراہم کرنے کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہو گیا ہے عمارت کی تکمیل کے بعد بی ایچ یو سمہ زی حریفال میں مستقل میڈیکل آفیسر اور میڈیکل ٹیکنیشن تعینات کر دیے گئے ہیں، جو روزانہ کی بنیاد پر عوام کو طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری و معیاری ادویات بھی وافر مقدار میں دستیاب کر دی گئی ہیں، جس کے بعد علاقہ مکینوں کو علاج کے لیے طویل سفر سے نجات مل گئی ہے مقامی عوام نے پی پی ایچ آئی انتظامیہ اور بالخصوص ڈی ایس ایم سید امان شاہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرکز صحت نے انہیں دہلیز پر سہولیات فراہم کر کے حقیقی معنوں میں ریلیف دیا ہے اور اس منصوبے سے علاقے میں بنیادی صحت کے نظام کو مضبوط بنیادیں حاصل ہوئی ہیں۔

خبرنامہ نمبر9244/2025
نصیرآباد11دسمبر2025:
نصیرآباد۔۔۔۔۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اینڈ ہائر ایجوکیشن اسکول ڈیرہ مراد جمالی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کی حاضری رجسٹرڈ چیک کیے اور تدریسی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گرلز اور بوائز سیکشن کی میٹرک کلاسز میں بیالوجی اور ریاضی کے علیحدہ علیحدہ پیریڈز بھی لیے، جہاں انہوں نے طلبہ و طالبات سے نصابی مضامین سے متعلق سوالات کیے اور نہایت سلیس انداز میں رہنمائی فراہم کی۔ بچوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دی گئی معلومات اور دوستانہ رویے پر خوشی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی بھی ہمراہ تھے۔ پرنسپل بصیر احمد بھٹو اور پرنسپل عارفہ نے انہیں اسکول کے تدریسی عمل، انتظامی صورتحال اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا روشن مستقبل براہِ راست اساتذہ کی محنت اور ذمہ داری سے جڑا ہوا ہے، اس لیے اساتذہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جہالت کی تاریکی کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے مگر اساتذہ پر اس حوالے سے خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے طلبہ و طالبات میں تدریسی عمل سے متعلق موجودہ آگاہی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ مزید بہتر طریقے سے اپنی خدمات انجام دیں تاکہ نصیرآباد کے تعلیمی ادارے ترقی کی نئی راہیں کھول سکیں۔

خبرنامہ نمبر9246/2025
کوہیٹہ ۔ 11 دسمبر 2025:
صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں زراعت کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے محکمہ زراعت و کوآپریٹو کے جتنے بھی جاری ترقیاتی منصوبے ہیں انھیں وقت مقررہ پر مکمل کریں تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات صوبے کے زمینداروں کو میسر ہوں صوبے کے زیادہ تر لوگوں کا زریعہ معاش زراعت ہی ہے محکمہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے محکمہ کی جانب ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت رفت سے متعلق جاہزہ اجلاس منعقد ہوا اس موقع پر سیکرٹری زراعت و کوآپریٹو نور احمد پرکانی کے علاؤہ محکمہ زراعت و کوآپریٹو کے ڈی جیز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اس موقع پر سیکرٹری زراعت و کوآپریٹو نور احمد پرکانی نے محکمہ کے مجموعی کارکردگی اور پچھلے میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے معاشی ترقی میں زراعت ایک اہم شعبہ ہے زراعت ترقی کرےگا تو صوبہ بھی ترقی کی جانب گامزن ہوگا اجلاس کو محکمہ زراعت کے تمام ڈی جیز نے اپنے اپنے شعبوں کے حوالے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی تمام ڈی جیز نے اپنے اپنے شعبوں کی مجموعی کارکردگی اور مسائل کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا اجلاس کو مالی سال 26ـ2025 میں جو بھی ترقیاتی منصوبے ہیں ان کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہمارے صوبے کو معاشی حوالے ترقی اگر دینی ہے تو زراعت کے شعبے کو ترقی دینا ناگزیر ہے جتنے بھی جاری ترقیاتی منصوبے ہیں انھیں اپنے وقت مقررہ پر کیے جاہیں اگر یہ منصوبے مکمل ہوکر کام شروع کریں تو اس سے محکمہ زراعت اور صوبے کے ہر فرد اور زمیندار کو اس کے فوائد ملیں گے انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ بلواسطہ یا بلا واسطہ طور پر صوبے کے ہر فرد کے ساتھ منسلک ہے رزاعت ترقی کرےگا تو زمیندار خوشحال ہوگا اور زمیندار کے خوشحال ہونے کے اثرات پورے صوبے پر پڑیں گے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کو اپنے پاؤں پے کھڑا کرنا ہے تو زراعت کے شعبے کو فعال اور اور دؤر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا لازمی عنصر ہے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت جناب آصف علی زرداری کا ویژن بھی یہی ہے کہ صوبہ بلوچستان ترقیافتہ اور خوشحال ہو اور اس حوالے سے ان کے ہدایات بھی ہیں کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں حاہل جو بھی رکاوٹیں ہیں انھیں دور کیا جائے تاکہ صوبہ کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہو صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو نے مذید کہا کہ محکمہ زراعت کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہے جب تک ہم سب مل کر زراعت کے شعبے اپنا بھرپور کردار ادا نہیں کریں گے تب تک یہ شعبہ ترقی نہیں کرسکتا لہٰذا مل کر ہی اس شعبے کو ترقی دینی ہے تاکہ صوبے کے ہر فرد تک ہماری محنت کے ثمرات میسر ہوں

خبرنامہ نمبر9247/2025
*لورالائی 11 دسمبر 2025:
ضلع لورالائی میں قومی انسدادِ پولیو مہم (NID) دسمبر 2025 کا باقاعدہ افتتاح *ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان اتمانخیل* نے ایک بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر کیا۔ یہ مہم 15 دسمبر سے 18 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی، جس میں ضلع بھر کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے حاجی محمد خان اتمانخیل نے کہا کہ پولیو ایک موذی اور لاعلاج مرض ہے، جس کا خاتمہ صرف والدین کے مکمل تعاون اور آگاہی سے ممکن ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو ہر صورت پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالحلیم اوتمانخیل، اکاؤنٹ آفیسر حاجی سردار محمد درانی، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، یونیسیف کے کمیونیکیشن آفیسر ہاشم کاکڑ سمیت دیگر معززین اور ہیلتھ ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

خبرنامہ نمبر9248/2025
نصیرآباد11دسمبر2025:
نصیرآباد: کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اہم اجلاس کمشنر آفس نصیرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خزانہ آفس کے امجد علی بہرانی، ایس این جی اے ڈی کے ممبر اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ، سپرنٹنڈنٹ عبدالصمد کھوسہ اور کمشنر آفس کے اکاؤنٹنٹ بابو شیراللہ کھوسہ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں 13 جونیئر کلرکس کی سینئر کلرک کے عہدے پر ترقی کے لیے باقاعدہ سلیکشن عمل کا جائزہ لیا گیا، ملازمین کی سینیارٹی لسٹ، سرکاری ریکارڈ، اسناد، دستاویزی شواہد اور اے سی آر فارم تفصیلی طور پر چیک کیے گئے۔ کمیٹی کے سربراہ اور اراکین نے میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے اہل امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی۔ اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ ملازمین کی ترقی کا عمل مکمل شفاف، قانونی اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر تب ہوتی ہے جب اہل اور محنتی ملازمین کو ان کا جائز حق فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ ترقیاتی اور انتظامی امور میں شفافیت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور اسی سلسلے میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹیاں بروقت اور شفاف فیصلے کر رہی ہیں۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے ملازمین مزید ذمہ داری، ایمانداری اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔

Recast
خبرنامہ نمبر9249/2025
کوئٹہ 10 دسمبر 2025:
صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی کی ہدایت پر ضلع کوہلو کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کلی مہم خان درویش آباد تمبو میں اساتذہ کی کمی سے متعلق شکایت پر کارروائی مکمل کردی گئی ہے۔
سائل سہراب خان کی شکایت پر فوری طور پر ضلعی تعلیم افسر کوہلو سے رپورٹ طلب کی گئی اور بعد ازاں اسکول کا موقع پر معائنہ کرایا گیا۔ معائنہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک معلمہ ڈیوٹی پر موجود ہے جبکہ خالی آسامی کو باقاعدہ مشتہر کیا جاچکا ہے۔
ترجمان صوبائی محتسب نے مزید بتایا کہ خالی اسامی پر تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں اسکول کی تدریسی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ اس بنا پر شکایت کو حل شدہ قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر9250/2025
نصیرآباد۔ یکم دسمبر عالمی یومِ ایڈز کے دن کے طور پر دنیا بھر میں منایا جاتا ہے اس دن کو منانے کے لیے آج ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا اسی سلسلے میں ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں ایڈز سے آگاہی کا سیمینار اور واک منعقد کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، سماجی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او نصیرآباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان میں ایچ آئی وی/ایڈز کے مریضوں میں اضافہ اور صحت کے شعبے میں کم ہوتا بجٹ لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کا وائرس (HIV) انسانی جسم کے قوتِ مدافعت کے نظام پر حملہ آور ہوتا ہے، تاہم بروقت تشخیص اور مناسب احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے اس مرض کے سنگین اثرات سے بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاطی اقدامات پر مکمل عمل درآمد ہی اس خطرناک وبا سے بچاؤ کا بہترین ذریعہ ہے
بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت منعقدہ اس سیمینار سے ایم ایس ڈاکٹر حبیب اللّٰہ پندرانی، ڈاکٹر نصیر محمد عمرانی (انچارج ایڈز پروگرام نصیرآباد)، ڈاکٹر عبدالقدیر ابڑو، ڈاکٹر شاہپری، ڈاکٹر عبدالوحید مستوئی، ڈاکٹر حماد زہری، ڈاکٹر محمد اسماعیل جتک، فوکل پرسن اور ماہرِ نفسیات مظفر زمان پندرانی، کیس مینیجر عباس علی جمالی، ڈیٹا انٹری آپریٹر ظفر احمد بنگلزئی سمیت دیگر ڈاکٹرز اور معزز شرکاء نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے بتایا کہ بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے 2022 میں نصیرآباد میں ایڈز سینٹر قائم کیا گیا تھا، جہاں اس وقت 70 مریض رجسٹرڈ ہیں جبکہ بلوچستان بھر میں یہ تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔ تمام مریضوں کو مفت ادویات، طبی معائنہ اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔خطاب میں مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایڈز ایک جان لیوا مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے سماجی شعور بیدار کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل، ذمہ دارانہ رویہ اور احتیاطی تدابیر اپنانے سے اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے انہوں نے علماء کرام سول سوسائٹی، میڈیا اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرہ اس خطرناک وبا سے محفوظ رہ سکے
آخر میں ایڈز سینٹر کے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ ڈی ایچ او، ایم ایس اور دیگر ڈاکٹرز کو بھی اعزازات سے نوازا گیا

خبرنامہ نمبر9251/2025
زیارت11دسمبر 2025:
ڈسٹرکٹ انتظامیہ زیارت اور ایف سی کے زیر اہتمام عوام کے مسائل کے حل کے لیے قائداعظم ریذیڈنسی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنرمحمد ریاض خان داوڑ،بریگیڈیئر نعمان ، کرنل ذیشان،میجر عامر، ڈسٹرکٹ پولیس افسر ایاز موسیٰ خیل،سردار قاسم خان سارنگزئی ڈسٹرکٹ افسران ا ضلع زیارت کے قبائلی عمائدین اور بڑی تعدادکےمختلف مکاتب فکر کےبڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پربڑی تعداد میں عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لیے درخواستیں پیش کیں اور بی ایس ڈی آئی کی فیز ٹو سکیمات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑنے کہا کہ عوام نے بی ایس ڈی آئی سکیمات کے فیز ٹو کے حوالے سے جو تجاویز پیش کی ہیں ان کا خیرمقدم کرتے ہیں ان کے اچھے تجاویز پر غور کیا جائے گا اور بی ایس ڈی آئی اسکیمات کو صاف اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گاعوَامہ مسائل کو سن کر حل کریں گے عوام نے کھلی کچہری میں جو مسائل بیان کئے ہیں اور جو ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے تعلق رکھتے ہیں ان کو فوری طور پر حل کریں گے اور جو ہائر اتھارٹیز سے تعلق رکھتے ہیں ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ہائر اتھارٹیز کو لکھا جائے گا، انہوں نے کہا عوامی مفادات کا تحفظ کریں گے عوام کو روزمرہ زندگی کی تمام بنیادی سھولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ تعلیم صحت اور زندگی کی تمام شعبہ جات کی فعالیت کے لیے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں ضلع زیارت میں امن وامان کے قیام پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا اصل مقصدعوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے عوام کے مسائل کا ادراک ہے انہوں نے کہا کہ جو مسائل دفاتر میں حل ہوسکتے ہیں ان کو دفتر میں حل کریں گے جو عوام کے عام مسائل ہے ان کو کھلی کچہری کا انعقاد کرکے ان کے مسائل سن کر ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر9252/2025
زیارت11 دسمبر 2025:
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نےبچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلاکر چار روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹررفیق احمد مستوئی بھی موجود تھے۔ زیارت میں انسداد پولیو مہم 15دسمبر کو شروع ہوگی چار روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ڈسٹرکٹ زیارت میں ستائیس ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا ضلع زیارت میں 139 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے اور اس سلسلے میں 29 فکسڈ سائٹس اور 12 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑنےکہا تمام پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، زیارت میں کوئی نو گو ایریانہیں لیکن اس کے باوجود اگر کسی نے بھی انسداد پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ،حکومت کے ساتھ والدین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ایک بچہ بھی قطروں سے محروم نہ رہ جائے. انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اس کی ملک میں موجودگی نیک شگون نہیں اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے تمام مکاتب فکر کے افراد کو کردار ادا کرنا ہوگا تب ہی ہم مرض کا خاتمہ کرسکتے ہیں

خبرنامہ نمبر9253/2025
کوئٹہ: محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق سابق انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات (B-20) شجاع الدین کاسی، جو اس وقت وزیرِ اعلیٰ معائنہ ٹیم کے ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، مورخہ 8 فروری 2026 کو عمر کی بالائی حد 60 سال مکمل کرنے پر سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

خبر نامہ نمبر9254/2025
قلات۔ بلوچستان کے تاریخی شہرقلات نیں سبزی منڈی کے فعالی سے متعلق رینٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس زیرصدارت ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی منعقد ہوا
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر قلات طاہرسنجرانی چیرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری ایس ڈی او محکمہ بی اینڈ آر انجینیئر نوید موسیانی ADLG محمدابراہیم لانگو چیف آفیسر میونسپل کمیٹی قاضی سراج احمد ٹیکس محرر محمدیعقوب APS ڈپٹی کمشنر علی محمدزہری شریک ہوئےاجلاس میں سبزی منڈی کی فعالی دکانوں کی الاٹمنٹ دکانوں کے کرایہ کاتعین اور دیگر اہم امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیاڈپٹی کمشنر منیردرانی نے کہا کہ سبزی منڈی کو جلداز جلد فعال بنایا جائیگا اور شفاف طریقے سے مارکیٹ کے دکانوں کی الاٹمنٹ کیاجائیگا سبزی فروٹ گوشت فروش تاجر برادری کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیئے ضلعی انتظامیہ قلات تمام تروسائل بروے کارلارہاہے

خبرنامہ نمبر9256/2025
کوئٹہ۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق گورنمنٹ کنٹریکٹر “M/S حاجی صاحب جان اینڈ سنز کنسٹرکشن کمپنی” کو پبلک سرونٹ کو اپنی فرائض کی انجام سے زبردستی روکنے پرحکومت بلوچستان کے کسی بھی پروکیورمنٹ کے عمل میں حصہ لینے سے فوری طور پر تین سال (36 ماہ) کی مدت کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خبرنامہ نمبر9257/2025
شہید سکندر آباد سوراب (11 دسمبر) — سول اسپتال سوراب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یوسف ثانی نے جمعرات کے روز اسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو دی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اسٹاف سے ملاقات کی، مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ڈاکٹر یوسف ثانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال سوراب عوام کو 24 گھنٹے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپتال کے تمام اہم شعبہ جات کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور ان میں جدید آلات بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ مریضوں کو مؤثر اور بروقت علاج مل سکے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق اسپتال میں ڈینٹل وارڈ، ایکسرے روم، جدید لیبارٹری، ایمرجنسی یونٹ، میڈیکل اسٹور اور لیڈی ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتِ حال میں ہر وقت تجربہ کار ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود رہتا ہے، جو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں مریضوں کو مفت ادویات اور ضروری ٹیسٹوں کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر یوسف ثانی نے مزید کہا کہ اسپتال کا عملہ ذمہ داری، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو صحت کے بہتر سے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کی سہولت کے لیے نئی اصلاحات بھی جاری ہیں تاکہ علاج کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر5258/2025
بارکھان 11 دسمبر:ضلع بارکھان میں قومی انسداد پولیو مہم (NID دسمبر 2025) کی تیاریوں کے سلسلے میں ریڈینس میٹنگ ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر مجیب بگٹی، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر ماجد امین، ڈی ایس او ڈاکٹر شاہ زمان حسنی، سی سی او عبدالغنی، اے ایس وی نیاز احمد اور تمام یوسی ایم اوز نے شرکت کی۔ڈی ایچ او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور فیلڈ ٹیمیں، ویکسین، مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کے اقدامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے اور مہم کے معیار، نظم و ضبط اور کوریج میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے ٹیموں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

خبرنامہ نمبر5259/2025
بارکھان 11 دسمبر:ضلع بارکھان میں قومی انسداد پولیو مہم دسمبر 2025 کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ نے ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی، جس میں محکمہ صحت کے افسران اور مہم سے وابستہ عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں ڈی ایچ او ڈاکٹر مجیب بگٹی، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر ماجد امین، ڈی ایس او ڈاکٹر شاہ زمان حسنی، سی سی او عبدالغنی، اے ایس وی نیاز احمد اور تمام یوسی ایم اوز بھی موجود تھے۔ ڈی ایچ او نے بریفنگ میں بتایا کہ مہم کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، جن میں ٹیموں کی تربیت، ویکسین کی دستیابی، فیلڈ پلان، مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کے امور شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ضرور پولیو کے قطرے پلوا کر اس قومی مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور معاون ادارے بھرپور انداز میں مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

خبرنامہ نمبر5260/2025
چمن 11دسمبر: گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن میں گولڈن سپورٹس ویک کے اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کا مہمان خصوصی ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی تھے تقریب میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے پرنسپل عجب خان مروت مسلم لیگ ن کا راہنما حاجی عطائاللہ چمن کے مختلف اسکولوں کے ہیڈماسٹرز اور اساتذہ طلباء اور قبائلی و سیاسی عمائدین مشران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شریک تھے ۔آج گورنمنٹ ڈگری کالج چمن میں گزشتہ ایک ہفتے سے گولڈن سپورٹس ویک کی اختتامی تقریب میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن کے سٹوڈنٹس نے مختلف کھیلوں کا مظاہرہ کیا جس میں ٹیبل ٹینس کرکٹ فٹبال پریزڈی اور دیگر روایتی کھیلوں کا دلچسپ مقابلہ کیا جسے تماشائیوں اور حاضرین نے دلچسپی کیساتھ دیکھا اور خوب انجوائے کیا اور کھلاڑیوں کو داد پیش کی گئی گزشتہ ایک ہفتے سے گولڈن سپورٹس ویک کے انعقاد کے دوران فٹبال کرکٹ ٹیبل ٹینس رسہ کشی پریزڈی اور دیگر مختلف روایتی کھیلوں کے مقابلے کیے گئے آخر میں ڈی سی چمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کو انسانی معاشرہ میں نہایت اہم مقام حاصل ہے کھیلوں کی فروغ سے نوجوانوں اور طلباء میں حاضر دماغی مستقل مزاجی حوصلہ ٹیم ورک محنت اور لگن باہمی کوآرڈینیشن اور ہمت پیدا ہوتی ہے جوکہ آگے جاکر یہی چیزیں زندگی کے تمام شعبوں میں کام آتے ہیں انہوں نے کہا کہ کھیلنے سے انسان میں عزم و استقلال اور استقامت پیدا ہوتا ہے اور کھیلوں کی فروغ سے نوجوان بے راہ روی اور واہییات سے بچ جاتے ہیں اور کھیلوں سے ذہنی فکری و جسمانی طاقت اور صلاحیتیں پیدا ہو جاتی ہیں انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن کے سٹوڈنٹس سے وعدہ کیا کہ وہ کالج کی سٹوڈنٹس کو سندھ کیلئے ٹور پر بھیجنے کیلئے بندوست کرے گا جس پر گرونڈ سٹوڈنٹس ڈی سی چمن زنداباد کی نعروں سے گونج اٹھا تقریب کے آخر میں ڈی سی چمن اور کالج پرنسپل عجب خان مروت نے ونرز سٹوڈنٹس کو مختلف کھیلوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹرافیاں اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں اور اساتذہ کو شیلڈ پیش کی گئیں اور پرنسپل عجب خان مروت نے ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی دیگر مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا

خبرنامہ نمبر5261/2025
شہید سکندر آباد سوراب، 11 دسمبر:بلوچستان حکومت کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر شہید سکندر آباد سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی خصوصی نگرانی میں BSDI فیز ون کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی آ گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سلمان علی بلیدی نے سپرنٹنڈنٹ فضل محمد قمبرانی کے ہمراہ سوراب شہر کے اہم مقام پی جری نالہ کا دورہ کیا، جہاں تین باکس کلورٹس کی تعمیر پر کام جاری ہے۔دورے کے دوران متعلقہ انجینئرنگ اور فیلڈ اسٹاف نے افسران کو منصوبے کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ باکس کلورٹس کی تعمیر پر کام منصوبے کے طے شدہ شیڈول کے مطابق تیزی سے جاری ہے جبکہ لین کنکریٹ کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد اگلے مراحل پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی مقام کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کام کے معیار، رفتار اور مجموعی فنی ڈھانچے کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹھیکیدار اور فنی عملے کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام میں مزید بہتری لائی جائے اور اسے مقررہ مدت کے اندر معیاری اور پائیدار انداز میں مکمل کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ BSDI فیز اوّل کے یہ منصوبے عوامی سہولت اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہیں، جن کی تکمیل کے بعد بارشوں کے دوران آمدورفت میں درپیش مسائل اور نالوں کی نکاسی سے متعلق مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔

خبرنامہ نمبر 5262/2025
تربت :کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس کا ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز کمشنر مکران آفس تربت کے مقام پر منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل مکران محمد جان بلوچ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ سمیت تمام متعلقہ محکموں اور شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس دوران اجلاس میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر نے پولیو کے خاتمے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشن دی اور اُن چیلنجز اور کمزور پہلوؤں کی نشاندہی کی جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مکران نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ انتظامی اور عملی نوعیت کی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں اور تمام کمزوریوں پر قابو پائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ 15 سے 18 دسمبر 2025 تک ڈویژن میں جاری رہنے والی پولیو مہم کی کامیابی تمام محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ٹیمیں بچوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری قابلیت اور بھرپور جذبے کے ساتھ سرانجام دیں

خبرنامہ نمبر 5263/2025
گوادر: اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی خصوصی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں، مارکیٹوں اور بازاروں کا تفصیلی دورہ کیا۔ معائنے کے دوران ٹیم نے زائد المعیاد، مضر صحت اور نشہ آور اشیاء کو موقع پر ہی ضبط کرکے تلف کردیا۔اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔ ٹیم نے مختلف دکانوں اور کاروباری مراکز میں سرکاری نرخ ناموں کی موجودگی اور عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا، جبکہ ایس او پیز کی پابندی سے متعلق صورتحال کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور زائد المعیاد یا غیر معیاری مصنوعات کی فروخت سے ہر ممکن گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 5264/2025
کوئٹہ 11 دسمبر: سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ حکومتِ بلوچستان حیات خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے جدید، صاف اور ماحول دوست سفری ویژن کے تحت صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں بڑی تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی آمد والی 21 گرین اور پنک بسوں کے ساتھ کوئٹہ میں چلنے والی بسوں کی تعداد نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔ حیات کاکڑ کے مطابق، پہلے سے شہر میں 8 گرین بسیں چل رہی تھیں، اور اب 17 نئی بسوں کے اضافے کے بعد کوئٹہ میں بسوں کی مجموعی تعداد 25 ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے شہر کے اندر سفری بوجھ میں واضح کمی آئے گی اور عوام کو زیادہ قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان 21 بسوں میں سے 17 کوئٹہ کیلئے اور 4 تربت کیلئے مختص ہیں، جبکہ ان 17 میں 5 خصوصی پنک بسیں خواتین کیلئے وقف ہیں۔ خواتین کے لیے یہ مخصوص سروس محفوظ، باوقار اور آرام دہ سفر کی نئی پہچان بنے گی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں پہلے بس روٹ تقریباً 18 کلومیٹر پر مشتمل تھا، جسے بڑھا کر 40 کلومیٹر تک لے جایا جا رہا ہے۔ اس توسیع کے بعد سونا خان سے لے کر کچلاک تک بسوں کا دائرہ کار پھیل جائے گا، جس سے کوئٹہ کا پورا جغرافیائی نقشہ (Geographic Texture) کور ہو جائے گا۔ اس اقدام کے نتیجے میں شہر کی بڑی آبادی پہلی بار منظم اور جدید بس سروس کا فائدہ اٹھائے گی انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے 40 ہزار سے زائد مسافر روزانہ اس جدید اور ماحول دوست بس سروس سے مستفید ہوں گے۔ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے سفر کو آسان بنائے گا بلکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ماحولیات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہری سہولیات کی بہتری کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، اور یہ اقدام وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ویژن کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 5264/2025
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ اور ڈپٹی کمشنر میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی/بوری ندیم اکرم نے منشیات کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے موضع ڈھنڈہ، حلقہ شاہ کاریز میں کوکنار (poppy) کی غیر قانونی کاشت کے خلاف فیصلہ کن اقدام اٹھایا۔کارروائی کے دوران لیویز فورس، انٹیلیجنس بیورو اور نائب تحصیلدار اعظیم صاحب کے ہمراہ مجموعی طور پر 33 ایکڑ اراضی پر اگائی گئی کوکنار کی فصل کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے ذاتی طور پر موقع پر موجود رہتے ہوئے خود ٹریکٹر چلا کر فصل کو مسمار کیا، جس سے یہ واضح پیغام دیا گیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے کہا کہ منشیات کی کاشت نہ صرف ایک سنگین قانونی جرم ہے بلکہ یہ ہمارے نوجوانوں اور معاشرتی اقدار کے لیے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل میختر اور بوری میں کوکنار کی کاشت کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ علاقے کو منشیات سے پاک، پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5265/2025
کوئٹہ۔11 دسمبر 2025
معزز چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان محمد کامران خان ملاخیل نے نادرا سے متعلق مقدمات کی خصوصی سماعت کے لیے سول جج III کوئٹہ، سول جج V کوئٹہ، سول جج VIII کوئٹہ اور سول جج IV کوئٹہ کی عدالتوں کو مختص کرنے کے احکامات جاری کر دیے تاکہ متعلقہ مقدمات میں تاخیر کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان مقدمات کو جلد سے جلد نمٹایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5266/2025
کوئٹہ، 11 دسمبر: سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے جدید، صاف اور ماحول دوست سفری ویژن کے تحت صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں ایک بڑی تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی شامل کی جانے والی 21 گرین اور پنک بسوں کی آمد کے بعد کوئٹہ میں بسوں کی مجموعی تعداد نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔ ان کے مطابق شہر میں پہلے 8 گرین بسیں چل رہی تھیں، جبکہ 17 نئی بسوں کے اضافے کے بعد یہ تعداد 25 تک پہنچ جائے گی، جس سے شہریوں کے سفری بوجھ میں کمی اور قابلِ اعتماد ٹرانسپورٹ کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے بتایا کہ نئی فلیٹ میں شامل 21 بسوں میں سے 17 کوئٹہ اور 4 تربت کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ کوئٹہ کے لیے مقرر 17 بسوں میں 5 خصوصی پنک بسیں صرف خواتین کے لیے مختص ہیں، جو خواتین کے محفوظ، باوقار اور آرام دہ سفر کی نئی پہچان بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بس روٹ کو 18 کلومیٹر سے بڑھا کر 40 کلومیٹر کے geographical stretch تک توسیع دی جا رہی ہے، جس کے بعد سونا خان سے کچلاک تک بسوں کا دائرہ کار وسیع ہو جائے گا اور شہر کا تقریباً پورا جغرافیائی پھیلاو اس جدید بس سروس کے ذریعے کور ہو جائے گا۔ اس اہم اقدام سے شہر کی بڑی آبادی پہلی مرتبہ منظم، جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام سے مستفید ہوگی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت روزانہ 40 ہزار سے زائد مسافر اس جدید بس سروس سے فائدہ اٹھائیں گے، جو نہ صرف سفر کو آسان بنائے گی بلکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ماحول کے تحفظ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہری سہولیات کی بہتری کے لیے پرعزم ہے، اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کا یہ آغاز وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ویژن کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 5267/2025
کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رکن صوبائی اسمبلی سابق صوبائی وزیر میر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر عوام کے مسائل کو حل کرے گی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی سے کامیابی حاصل کرکے جیالا میئر بنائیں گے اور پارٹی سمیت پارلیمانی نمائندوں کا وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں، کسانوں، مزدوروں، دہقانوں کی پارٹی ہے جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور ان کے مشن اور نعرہ روٹی کپڑا اور مکان سمیت عوام کو ان کے حقوق کا حصول ان کے دہلیز پر پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں اور پیپلزپارٹی پر امن بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بناتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بناکر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھارہی ہے جن کے مکمل ہونے کے بعد ان کے ثمرات سے عوام مستفید ہوں گے اور لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی اور پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے بے روزگاری ، مہنگائی، بد امنی اور اقربا پروری کا خاتمہ کرکے عوام کے حقوق کے حصول کو یقینی بنایا ہے کیونکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں کوئٹہ اور بلوچستان کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سنجیدگی کیساتھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انہیں استعمال میں لارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان پر پارٹی اور پارلیمانی نمائندوں کا مکمل اعتماد ہے اور عوام کی طاقت اور حق رائے دہی سے بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے کوئٹہ میں جیالا میئر بنائیں گے تاکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو ترقی کی راہ پرگامزن کرکے عوام کو مسائل اور مشکلات سے نجات دلا سکیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video