خبرنامہ نمبر 9133/2025
کوئٹہ، 07 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ کلچر ڈے کے موقع پر سندھ کے عوام، حکومتِ سندھ اور دنیا بھر میں مقیم سندھی کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ کی تہذیب برصغیر کی قدیم ترین ثقافتوں میں سے ایک ہے، جو امن، برداشت، محبت، رواداری اور صوفی روایت کی نمائندہ ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اجرک اور سندھی ٹوپی صرف زیبائش کا حصہ نہیں بلکہ صدیوں پرانی تہذیبی شناخت اور پرامن رویّوں کی علامت ہیں انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف سندھ کے ثقافتی ورثے کا جشن ہے بلکہ پاکستان کے تمام صوبوں میں بھائی چارے، بین الصوبائی ہم آہنگی اور یکجہتی کے مضبوط پیغام کی بھی تجدید کرتا ہے اپنے بیان میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ تاریخی، سماجی اور معاشی رشتوں میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں صوبے ہمیشہ سے ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہتے آئے ہیں اور ان کے عوام ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں اور نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافتی ورثے پر فخر کرنے کا جذبہ عطا کرتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک دوسرے کی ثقافتوں کا احترام اور قدردانی کرتے ہوئے ترقی، امن اور خوشحالی کے مشترکہ سفر کو آگے بڑھائیں گے انہوں نے دعا کی کہ سندھ کی ثقافت اسی طرح دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت کو روشن کرتی رہے اور اس کی روایات آنے والی نسلوں تک مضبوطی کے ساتھ منتقل ہوتی رہیں۔
خبرنامہ نمبر 9134/2025
کوئٹہ، 07 دسمبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف جاری فیصلہ کن مہم کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ملک، صوبے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، جو ریاست کی اولین ترجیح ہے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قلات آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد اپنے منطقی انجام کو پہنچے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست اپنی سرزمین پر کسی قسم کی تخریبی سرگرمی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ہر ایک انچ سرزمین پر ریاست کی رٹ قائم ہے اور رہے گی، اور دہشت گردی پھیلانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں کی خدمات کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام کی غیرمشروط حمایت جاری رہے گی وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور عوام کا اطمینان برقرار رکھنے کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہر سطح پر بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔
خبرنامہ نمبر 9135/20
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق مئی تا نومبر 2025 کے دوران مغربی اور جنوب مغربی بلوچستان میں بارشوں کی کمی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔اس کے علاوہ ان خطوں میں مسلسل خشک موسم میں بھی
اضافہ ہوا ہے۔ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے خشک موسم مزید طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کی طرف سے جاری کیے گئے معلومات کے مطابق ان علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے ساتھ معمولی بارشوں کا امکان ہے۔ایسے حالات میں موسم کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ان اضلاع میں چاغی، گوادر، کیچ سمیت خاران، مستونگ، نوشکی، پشین، پنجگور، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور واشک شامل ہیں۔دسمبر کے آخر میں بلوچستان کے کچھ حصوں میں قحط سالی میں کمی آسکتی ہے۔ جس سے ان علاقوں کے موسم معمولی تبدیلی آسکتی ہے۔تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص کسانوں، زرعی منصوبہ سازوں اور متعلقہ اداروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ تازہ ترین ایڈوائزریز کے لیے PMD کی آفیشل ویب سائٹ (www.pmd.gov.pk) کا وزٹ کرتے رہیں اور زراعت، مویشیوں اور معاش پر ممکنہ اثرات کو کم سے کم کرنے کیلیے وہ خشک سالی کے شکار اضلاع میں قحط سالی سے نمٹنے کیلیے پیشگی اقدامات کریں۔
خبرنامہ نمبر 9136/2025
کوئٹہ 07 دسمبر : صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں صوبہ سندھ کے عوام اور سندھی برادری کو روایتی انداز میں سندھ کلچر ڈے منانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی کی تہذیب، ثقافت، امن، محبت اور بھائی چارے کی خوبصورت روایات صدیوں سے پورے ملک کیلئے ایک مثال رہی ہیں سندھی کلچر ڈے پاکستان کی ثقافتی وحدت، ہم آہنگی اور مختلف قومیتوں کے درمیان محبت کے فروغ کی علامت ہے حاجی نور محمد دمڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام ثقافتیں ہماری قومی پہچان کا اہم ستون ہیں اور مختلف صوبوں کی تہذیبوں کا یہ حسین امتزاج ملک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی ثقافتی روایات آئندہ بھی یکجہتی، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی آخر میں انہوں نے ایک بار پھر سندھی عوام، ثقافتی تنظیموں اور نوجوانوں کو سندھ کلچر ڈے کی خوشیوں پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
خبرنامہ نمبر 9137/2025
کوئٹہ: صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے سندھی کلچر ڈے کے موقع پر سندھ کی ثقافت، روایات اور محنتی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تہذیب برِصغیر کی قدیم اور شاندار ثقافتوں میں سے ایک ہے جو آج بھی محبت، ہم آہنگی اور رواداری کی علامت سمجھی جاتی ہے۔صوبائی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھی کلچر ڈے نہ صرف سندھ کے عوام کا تہوار ہے بلکہ پاکستان کی ثقافتی وحدت اور تنوع کا دن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی اور اجرک پاکستان کی شناخت ہیں اور قوم کو جوڑنے والی علامتیں ہیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے مزید کہا کہ ثقافتی دن قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مختلف صوبوں کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے سندھ کے عوام کو سندھی کلچر ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام صوبے اسی بھائی چارے کی فضا میں ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے۔
خبرنامہ نمبر 9138/2025
نصیرآباد07دسمبر:صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی اور چیف انجینئر کینالز ناصر مجید کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی ہدایت پر ربیع کینال میں غیر قانونی واٹر چینلز، اوور سائز پائپس اور دیگر ذرائع سے پانی چوری کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مؤثر انداز میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی سب ڈویژنل افسر سلیم بہرانی کی نگرانی میں نائب تحصیلدار مہتاب حسین مری ایف سی کے بھرپور تعاون سے کی گئی سید سجاد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی واٹر چینلز کو مسمار کر دیا گیا، اور پانچ بجلی کے ٹرانسفارمرز ، پانی لفٹ کرنے والی بھاری مشینری فوری طور پر قبضے میں لے لی گئی، جبکہ کئی مقامات پر غیر قانونی واٹر چینلز کو بھی مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔ ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا بنیادی مقصد ربیع کینال کے ٹیل تک زرعی پانی کی مساوی، شفاف اور بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر اوور سائز پائپس اور طاقتور مشینری کے ذریعے ناجائز طور پر پانی چوری کر کے نہ صرف قانون شکنی کر رہے تھے بلکہ ٹیل کے غریب اور محنت کش کاشتکاروں کو شدید نقصان پہنچا رہے تھے انہوں نے کہا کہ پانی چوری کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری زراعت سے وابستہ کاشتکاروں اور کسانوں کی حق تلفی ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ فرید احمد پندرانی نے مزید کہا کہ آبپاشی نظام اس وقت صحیح طور پر چل سکتا ہے جب پانی کی تقسیم منصفانہ ہو اور ہر کاشتکار کو اُس کا حصہ بلا تعطل مل سکے، اسی مقصد کے تحت غیر قانونی کنکشن، مشینری اور ناجائز طریقوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ ایریگیشن مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں مسلسل جاری رکھے گا، چاہے اس کے لیے کتنا ہی بڑا آپریشن کیوں نہ کرنا پڑے، کیونکہ ٹیل کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنا اور انہیں زرعی پانی کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ ایگزیکٹو انجینیئر نے تمام کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ پانی کی چوری، اوور سائز پائپس اور مشینری کے ذریعے ناجائز استعمال کی نشاندہی کریں تاکہ اجتماعی طور پر ایک منصفانہ، شفاف اور بہتر آبپاشی نظام تشکیل دیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 9139/2025
اسلام آباد، 07 دسمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی بھی صورت قوم پر اپنا نظام مسلط نہیں کر سکتے۔ بلوچستان کے عوام ماضی میں بھی اپنی فوج کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہمیں ایسے تمام بیانیوں کو ترک کرنا ہوگا جو ریاست کو کمزور کرنے کا سبب بنتے ہیں انہوں نے کہا کہ ممنوعہ جماعت کے خلاف پابندی لگانا وفاق کی ذمہ داری ہے، اور اگر اس حوالے سے ہماری رائے طلب کی گئی تو صوبائی کابینہ سے مشاورت کی جائے گی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا تاہم ریاست نے ہمیشہ مفاہمت کا دروازہ کھلا رکھا ہے جو لوگ ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں واپس آنا چاہتے ہیں انہیں راستہ دیا جائے گا تقریباً ایک سو کے قریب عسکریت پسندوں نے ڈیرہ بگٹی میں حکومتِ پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈالے ہیں انہوں نے کہا کہ سال 2018-19 میں بھی یہی افراد پہاڑوں کا رخ کر گئے تھے آج وہ دوبارہ واپس آئے ہیں اور ریاست نے انہیں کھلے دل سے قبول کیا ہے عسکریت پسندوں کا ہتھیار ڈالنا ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت مسلسل شہرت کے بیانیے پر سیاست کر رہی ہے تاہم ضمنی انتخابات میں اس بیانیے کی حقیقت سب کے سامنے آگئی ہمیں بطور قوم اپنے رویوں پر غور کرنا ہوگا اور ریاست مخالف بیانیوں سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست، مسلح افواج اور قومی قیادت کے خلاف ایک منظم بیانیہ تشکیل دیا گیا یہ تاثر بھی پھیلایا گیا کہ بلوچستان میں وسیع پیمانے پر طاقت کا استعمال ہو رہا ہے حالانکہ صوبے میں کوئی ملٹری آپریشن نہیں ہو رہا بلکہ صرف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں جاری ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اس وقت گورننس اور ترقیاتی سہولیات کی فوری ضرورت ہے بہتر یہی ہے کہ صوبائی حکومت اپنے عوام کے حقوق کے لیے وفاق سے بامعنی مکالمہ کرے انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کی وہ مکمل توثیق کرتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے سوال اٹھایا کہ کیا دہشت گردوں کو اسلام آباد تک پہنچنے کی اجازت دے دی جائے؟ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی میرے دوست ہیں لیکن صوبے کے عوام کو اس وقت امن، استحکام اور مضبوط گورننس کی اشد ضرورت ہے مسلسل سیاسی محاذ آرائی ترقی کے عمل کو متاثر کرتی ہے لہٰذا اس سے اجتناب ضروری ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایف بی آر کے ڈیٹا کے مطابق بلوچستان کی کارکردگی ڈیجیٹل فنانشل سسٹمز میں سرفہرست رہی صوبے کی ٹیکس ٹو جی ڈی پی کارکردگی محنت، موثر پالیسیوں اور شفافیت کا نتیجہ ہے موجودہ حکومت میں میں 3200 غیر فعال اسکول کھلنے سے تعلیمی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی جبکہ 17 ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی بلوچستان حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں اسپتالوں کا قیام عوام کو بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے صوبے میں سماجی شمولیت بڑھنے سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا اور حکومتی کارکردگی بہتر ہوئی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میری رائے ہے کہ خیبرپختونخوا کی قیادت کو محاذ آرائی چھوڑ کر اپنے اصل عوامی فرائض پر توجہ دینی چاہیے پریس کانفرنس میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی بھی موجود تھے
9140/2025
چمن:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی بارڈر پر کشیدگی کے صورتحال کے پیش نظر پاک افغان بارڈر پر واقع افغان باشندوں کیلئے قائم ود ہولڈنگ کیمپ کو چمن ماسٹر پلان منتقل کر دیا گیا ہے چمن ماسٹر پلان میں افغان باشندوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کر دی گئی ہے ڈی سی چمن نے ماسٹر پلان میں ایک فائر بریگیڈ کی بڑی گاڑی پینے کی صاف پانی اور میدیکل کیمپ کیلئے ایک اضافی ایمبولینس فراہم کر دی ہے اور دیگر تمام ضروری سہولیات اور اقدامات اٹھائے گئے ہیں ڈی سی چمن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے یہ اقدامات افغان فیملیز کو شلٹر اور سردیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے کمروں کی سہولت موجود ہونے کی وجہ سے اٹھائی ہے تاکہ افغان باشندوں کو کسی قسم کی تکلیف اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ہدایات پر افغان باشندوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں
خبرنامہ نمبر 9141/2025
ہرنائی 7 دسمبر:گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین نے تحصیل شاہرگ کے علاقے دمڑ پیڑی میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ اینیشیٹیو(BSDI) پروگرام کے تحت واٹر چینل اسکیم پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا اور اس موقع پر ایس ڈی او (پی ایچ ای) اور ٹھیکیدار کو کام جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔ ایس ایچ او لیویز تھانہ شاہرگ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ترقیاتی اسکیمات کو سیکیورٹی فراہمی کے متعلق بریفننگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے علاقے کی لوکل آبادی سے سرکاری امور میں بھی تعاون کی استدعا کی۔







