خبرنامہ نمبر 8836/2025
کوئٹہ22 نومبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں ژوب شہر میں ایک جدید ترین ہسپتال کی تعمیر کیلئے مناسب جگہ کی نشاندہی کرنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے جو ژوب کے عوام کیلئے صحت کی دیکھ بھال میں بہترین کارکردگی کا رول ماڈل ثابت ہوگا۔ یہ جدید ہسپتال نہ صرف عوام کو علاج معالجے کی طبی سہولیات فراہم کریگا بلکہ یہ نرسوں اور لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کیلئے ایک اعلیٰ تربیتی مرکز کے طور پر بھی کام کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ژوب کے ایک روزہ دورے کے موقع پر جدید ہسپتال کی تعمیر کیلئے مناسب جگہ کے انتخاب کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر متحدہ عرب امارات دوبئی الزہرہ ہسپتال کی ڈاکٹر سمینہ نعمان اور دیگر مہمانان بھی گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے ہمراہ تھے. گورنر بلوچستان آج بروز ہفتہ ہیلی-کاپٹر کے ذریعے ژوب پہنچے تو وہاں پر کمیشنر ژوب ڈویژن سید زاہد شاہ، ڈپٹی کمیشنر عارف زرکون، ڈی آئی محمد کاشف اور ڈی پی او شوکت میمن نے پرتپاک استقبال کیا. بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان اور ہمراہ مہمانوں نے خواتین کیلئے ہسپتال تعمیر کرنے کی جگہ کا معائنہ کیا. تقریب کے شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم ژوب کے عوام کو ہر قسم کی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ان پیشہ ور افراد کو جدید ٹریننگ اور علم کے ساتھ بااختیار بنا کر ہمارا مقصد ژوب ڈسٹرکٹ سے باہر بھی میں خدمات سرانجام دینی ہیں۔ اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد نرسز اور لیڈی ہیلتھ وزٹرز ژوب سے ملحقہ علاقوں کا رخ کریں گے، ضروری صحت کی خدمات فراہم کریں گے اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو ممکن بنائیں گے۔ اس یقین کے ساتھ کہ یہ جدید ہسپتال نہ صرف صحت کے نتائج کو بہتر بنائیگا بلکہ پورے ژوب ڈویژن کی سماجی واقتصادی ترقی میں بھی حصہ ڈالے گا۔
خبرنامہ نمبر 8837/2025
لورالائی21نومبر: عبدالرزاق میاں خیل نے ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (مڈل سٹینڈرڈ) لورالائی کا باقاعدہ چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا۔ سابق ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن بہادر شاہ ناصر نے انھیں چارج ہنڈ آور کیا۔یہ لمحہ عبدالرزاق میاں خیل کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے کیونکہ آپ ایک سینیئر، پروفیشنل، محنتی، شریف النفس اور غریب پرور افیسر ہے۔ ضلع لورالائی کے تعلیمی میدان کے لیے یہ انتہائی خوش آئند اور امید افزا خبر ہے۔ اس خوبصورت موقع پر موجودہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد مدثر، سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہادر شاہ، سنیئر کلرک بلوچ خان اتمانخیل نے عبدالرزاق میاں خیل کو اپنی نشست پر بٹھا کر خیر مقدم کیا اور نیک خواہشات پیش کیں۔عبدالرزاق پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول لورالائی، پرنسپل ایلمنٹری کالج ( لورالائی, قلعہ سیف اللہ)، ڈپٹی ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ہر جگہ آپ نے اپنی قابلیت، ایمانداری اور تعلیمی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔چارج سنبھالتے ہی موصوف نے اعلان کیا ہے کہ وہ لورالائی کے مڈل سٹینڈرڈ تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے جن میں ٹیچرز کی جدید ٹریننگ، نصاب کی بہتری ،طلبہ کی معیاری اسسمنٹ، جدید طریقہ ہائے تدریس کا فروغ ، تعلیمی سیر و سیاحت اور باہر کے سکولوں کا ایکسپوژر تمام اساتذہ تنظیموں، سیاسی و سماجی نمائندگان اور تعلیمی حلقوں سے خصوصی اپیل ہے کہ آئیں مل کر محترم عبدالرزاق میاں خیل کا ہاتھ مضبوط کریں تاکہ لورالائی کا تعلیمی منظر نامہ چار چاند لگ جائے۔ اللہ تعالیٰ اس عہدے کو موصوف کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنائے اور ضلع لورالائی کے بچوں کے مستقبل کو روشن کرے۔ آمین
خبرنامہ نمبر 8838/3035
اُستامحمد۔ ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد تفصیلات کے مطابق آج ڈپٹی کمشنر اُستامحمد محمد رمضان پلال کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کے شعبے میں بہتری سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں 22 پیرامیڈک اسٹاف کی بھرتی کی منظوری دی گئی، جب کہ برن یونٹ کے لیے 3 پیرامیڈکس کی نامزدگی بھی کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ برن یونٹ کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے نام سیکریٹری ہیلتھ کو ارسال کیے جائیں گے تاکہ وہ تربیت مکمل کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اپنی خدمات بہتر اور مؤثر انداز میں سرانجام دے سکیں۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایس پی اُستامحمد کو ہدایات جاری کی گئیں کہ ہسپتال میں حفاظتی انتظامات مزید بہتر اور مؤثر بنائے جائیں۔
اجلاس میں این جی اوز کی جانب سے جاری صحت کے منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔مزید برآں، ڈویژنل ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس میں 5 ڈاکٹرز اور ایک فارماسسٹ کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں کی درخواست کی جائے گی تاکہ علاقے میں ڈاکٹروں کی کمی کا خاتمہ کیا جاسکے اجلاس میں آغا خان فاؤنڈیشن کو ہدایت دی گئی کہ جن 7 یونین کونسلز میں ان کا امیونائزیشن پروگرام جاری ہے، وہاں پولیو مائیکرو سینسس فوری طور پر شروع کیا جائے، اور آئندہ پولیو مہم میں اعلیٰ معیار کی کمپین یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں علاقے میں مبینہ جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور مستند صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
خبرنامہ نمبر 8839/2025
سیکرٹری ایکسائز ظفر علی بخاری کی زیر صدارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس کی افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کلیدی کارکردگی اور انتظامی کارکردگی کے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ڈاٹریکٹیر ایکسائز نصیر اللہ مندوخیل سمیت تمام ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری ایکسائز نے افسراسے کہا کہ محکمے کی کارکردگی کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا ناگزیر ہے تاکہ شفافیت، نظم و نسق اور فیلڈ کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام افسران ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر اپنی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیں گے اور ہر سطح پر مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔سیکرٹری نے واضح کیا کہ کارکردگی کے اہداف، رپورٹوں اور اعداد و شمار میں سستی یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں تاکہ محکمے کی مجموعی کارکردگی مزید مضبوط ہو سکے۔
خبرنامہ نمبر 8840/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں رات اور صبح کے اوقات میں موسم انتہائی سرد رہے گا۔ واشک، پنجگور اور کیچ میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان بھی ہے۔ اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں رات اور صبح کے وقت موسم انتہائی سرد رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے اکثر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا جبکہ شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں رات کے وقت موسم انتہائی سرد رہا۔کم سے کم درجہ حرارت زیارت میں منفی -3 ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 8841/2025
لورالائی:لورالائی کی فضاؤں میں ایک نیا جذبہ، گلیوں میں نئی صفائی، اور شہریوں میں تازہ امید نے جنم لیا ہے۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللّٰہ بلوچ کی متحرک قیادت میں جاری صفائی مہم دسویں روز میں داخل ہو گئی — مگر جذبہ اور رفتار میں کوئی کمی نہیں۔یہ مہم صرف جھاڑو لگانے یا کچرا اٹھانے تک محدود نہیں بلکہ ایک بڑی سوچ کی آئینہ دار ہے — ایک بہتر، صحت مند اور قابلِ فخر لورالائی کی تشکیل۔ شہر کے اہم مقامات جیسے تحصیل روڈ، تھانیدار گلی، سرکاری باغ، بھاگی بازار، عاشہکہ گلی، دوبی گھاٹ، سلیم داد زون، تعلیم فاؤنڈیشن اسکول اور باچا خان چوک میں نہ صرف صفائی بلکہ بند نالیوں کی صفائی اور نکاسی آب کا مسئلہ بھی حل کیا گیا۔ ڈی سی ہاؤس اور زوب روڈ کے اطراف بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔صبح سویرے سے شام تک سرگرم عمل صفائی اسٹاف نے جس محنت اور جذبے سے شہر کے چہرے کو نکھارا، اس پر شہریوں نے دلی خوشی کا اظہار کیا اور میونسپل کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔محیب اللّٰہ بلوچ* نے ایک بصیرت افروز پیغام میں کہا:
“یہ مہم ایک دن کی صفائی نہیں، ایک مسلسل سفر ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لورالائی بلوچستان کا صاف ترین شہر بنے۔ لیکن اس کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔”
خبرنامہ نمبر 8842/2025
بارکھان:رکھنی میں سرکاری ریسٹ ہاؤس کی زمین پر قبضے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کو ڈپٹی کمشنر بارکھان نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق الزامات بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہیں۔
1۔ سرکاری کوارٹر سے متعلق اصل صورتحال محکمہ آبپاشی بارکھان کی رپورٹ کے مطابق جس کوارٹر کو سوشل میڈیا پر ’’قبضہ‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، وہ دراصل محکمہ آبپاشی کا سرکاری رہائشی کوارٹر ہے جو 1992 سے محکمہ کے ملازم پرویز (خاکروب) کے نام باقاعدہ الاٹ ہے۔ کوارٹر کی خستہ حالی کے باعث معمول کی مرمت کی گئی ہے، جسے غلط رنگ دے کر پھیلایا جا رہا ہے۔ ملازم کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ کوارٹر قواعد کے مطابق دوسرے اہلکار کو الاٹ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پھیلائی گئی اطلاعات مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔
2۔ سرکاری زمینوں پر مبینہ قبضوں کا پروپیگنڈا بھی مسترد
ڈپٹی کمشنر بارکھان کے مطابق ضلعی انتظامیہ سرکاری زمینوں کے تحفظ اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ رکھنی میں سرکاری اراضی پر قبضوں یا انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے متعلق خبریں بھی حقائق کے برعکس ہیں۔ جس مقام پر بھی غیرقانونی تعمیر یا قبضے کی نشاندہی ہوتی ہے، ریونیو ٹیم فوری کارروائی کرتی ہے اور کسی کو سرکاری زمین ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
3۔ صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اہم اپیل
ڈپٹی کمشنر بارکھان نے صحافیوں، نمائندگان اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل متعلقہ محکموں سے تصدیق ضرور کی جائے تاکہ بے بنیاد اور غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ سرکاری املاک کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور شفاف کارروائی ہر سطح پر پوری سختی سے یقینی بنائی جا رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر 8843/2025
اُستامحمد ۔ ڈپٹی کمشنر اُستامحمد محمد رمضان پلال نے آج موضع صدر اُستا، سمیجی، خیرپور اُستا اور دادپور کا دورہ کرتے ہوئے گِرداوری ریکارڈ کی پڑتال اور فیلڈ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران صدر قانونگو ، گامن خان بُوہڑ، تحصیلدار علی گل مگسی اور نائب تحصیلدار خدا بخش بھی ان کے ہمراہ تھے
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ گِرداوری کے درست اور بروقت اندراج سے نہ صرف زرعی ریکارڈ کی شفافیت یقینی بنتی ہے بلکہ فصلوں کے حقیقی تخمینے، زمینی معاملات کے حل اور بروقت فیصلوں میں بھی مدد ملتی ہے۔ ان کے مطابق گِرداوری ڈیٹا ہی کی بنیاد پر ریونیو ٹارگٹ فکسیشن، محصول، آبیانہ اور ایگری کلچر انکم ٹیکس کا درست تعین ممکن ہوتا ہے، اس لیے فیلڈ عملہ حقائق پر مبنی اندراج کو ہر صورت یقینی بنائے۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے ریکارڈ، فصلوں کی موجودہ حالت اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام اندراجات مکمل، درست، واضح اور مقررہ ٹائم فریم میں کیے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا تاخیر سے گریز کیا جا سکے۔۔
خبرنامہ نمبر 8844/2025
کوئٹہ22 نومبر :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز میں 18 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی جرات و بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کارروائیاں کرنے والے ہمارے بہادر سپاہی قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود قومی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے فورسز کی مسلسل کامیابیاں پوری قوم کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ کرتی ہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے جوانوں کو ہر محاذ پر سرخرو کرے اور پاکستان کو امن و استحکام سے ہمکنار فرمائے۔
خبرنامہ نمبر 8845/2025
تربت – بلوچستان اکیڈمی تربت کی جانب سے ضلع کیچ کے معروف شاعر، ادیب اور سماجی رہنماء شہداد خان چاہسری کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی ادبی، فکری اور سماجی خدمات کے اعتراف میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔تقریب سے صوبائی اسپیشل سیکریٹری صحت بلوچستان اور مرحوم کے فرزند شے حق شہداد بلوچ سمیت نامور ادبی شخصیات واجہ پروفیسر غنی پرواز، واجہ یوسف عزیز گچکی، ڈاکٹر غفور شاد، سنگت رفیق اور پروفیسر باقر علی شاکر نے خطاب کیا۔ مقررین نے مرحوم کی زندگی، شخصیت اور ادب و سماج کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ شہداد خان چاہسری نہ صرف ایک حساس اور جدت پسند شاعر تھے بلکہ معاشرے میں انسانی اقدار، مثبت سوچ اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرگرم رہنے والی شخصیت تھے۔ انہوں نے نوجوان نسل میں تعلیم، زبان اور ثقافت سے وابستگی پیدا کرنے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔مقررین نے کہا کہ شہداد خان چاہسری کی شاعری بلوچی ادب میں لطافت، جدت اور زمینی حقیقتوں کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔ ان کی تخلیقات میں عشق، جدائی، سرزمین اور انسان دوستی جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔ ان کے اشعار میں بلوچ روایات کی خوشبو اور تہذیب کا احساس جھلکتا ہے، جس نے نوجوان نسل کو اپنی زبان اور ادبی شناخت سے مزید قریب کیا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ شہداد خان چاہسری کی ادبی وراثت اور سماجی خدمات پر مزید تحقیق و دستاویز کاری کی ضرورت ہے۔تقریب کی صدارت اکیڈمی کے چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد نے کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری اور صحافی مقبول ناصر نے انجام دیئے۔آخر میں مرحوم کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔
خبرنامہ نمبر 8846/2025
قلات:۔گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج قلات میں گولڈن ویک اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خاص ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی تھے اعزازی مہمانوں میں کرنل محمد زرار ایجو کیشن آفیسر نثار احمد نورزئی عید محمد ملازئی پرنسپل ماڈل سکول غلام مصطفیٰ بنگلزئی ہیڈ ماسٹر پولیس لائن عبدالسلام نیچاری شبیر احمد مینگل دیگر تھے پروگرام کی صدارت ایلمنٹری کالج کے پرنسپل ثناء اللہ ثناء نے کیا پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا نعت رسول مقبول کی سعادت ایک بچی نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر شمس پندرانی نے سرانجام دیا کالج کے تاریخ اسٹاف اور طلباء وطالبات کی تفصیل کوسزز کالج میں دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں بزریعہ ملٹی میڈیا مکمل بریفننگ کالج کے پروفیسر عبد الغنی زہری نے دیا پروفیسر تاج محمود نے گولڈن ویک کے مکمل تقریبات سے متعلق بریفننگ دی تقریب میں طلباء وطالبات نے استاد کے عظمت کے عنوان پر تقاریر پیش کیئے تقریب سے مہمان خصوص ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی کرنل محمد زرار ایجو کیشن آفیسر نثار احمد نورزئی پرنسپل ایلمنٹری کالج ثناء اللہ ثناء دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں جو علم و شعور کی روشنی سےمعاشرے کو ترقی کی رہ پر گامزن کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ استاد کی محنت اور رہنمائی ہی سے طلباء اپنی منزل حاصل کرتے ہیں اور ایک مظبوط قوم کی بنیاد رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایلمنٹری کالج بھی ایک مقدس مقام ہے جہاں سے طلباء و طالبات تعلیم حاصل کرکے بڑے مقام پر پہنچتے ہیں ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی کرنل زرار نے ایلمنٹری کالج کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دیانی کرائی اور کالج میں سی ایس ایس کی تیاریوں کے حوالے سے کلاسز لینے کا بھی اعلان کیا۔
ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی اور کرنل زرار نے گولڈن ویک میں پوزیشن لینے والےطلباءوطالبات کو نقد انعامات بھی دے دیئے۔ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے کالج انتظامیہ کے لیئے پچاس ہزارروپیہ نقد دے دیا۔
ایلمنٹری کالج کے پرنسپل ثناء اللہ ثناء نے آخر میں تمام معزز مہمانوں اسٹاف کا شکریہ اداکیا۔ پروگرام کے آخر میں گولڈن ویک کے کھیلوں اور دیگر تقریبات میں حصہ لینے والے اور پوزیشن لینے والے طلباء وطالبات اور مہمانوں میں ٹرافی شیلڈ اور سوئنیر تقسیم کیے گئے ۔
خبرنامہ نمبر 8847/2025
گوادر: ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ داد کریم بلوچ نے انجینئر ساجد سخی اور سپروائزر شکور بلوچ کے ہمراہ جیوانی پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور واٹر باؤزر کے ذریعے ہونے والی پانی کی سپلائی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے واٹر باؤزرز میں پانی کی مقدار اور کوالٹی کا معائنہ بھی کیا۔ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے کہا کہ پانی کی کوالٹی مجموعی طور پر تسلی بخش ہے، تاہم سپلائی کے نظام میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی باقاعدہ اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خبرنامہ نمبر 8848/2025
قلعہ سیف اللہ: ڈپٹی کمشنر ساگرکمار، انجینئر آمین اللہ اور انجینئر محبت خان نے آج محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) کے تحت جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کی بروقت تکمیل اور معیار کی یقین دہانی ہماری اولین ترجیح ہے۔معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر اور انجینئرز نے اسکیموں کی موجودہ پیش رفت کا جائزہ لیا، کام کی رفتار، معیار اور استعمال ہونے والے مواد کی جانچ کی۔ انہوں نے متعلقہ انجینئرز اور اہلکاروں کو ہدایات دی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ وقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ان اسکیموں میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے اقدامات شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمے کے ساتھ تعاون کریں اور کسی قسم کی کمی یا خرابی کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جا سکے۔معائنہ کے دوران مقامی اہلکاروں اور انجینئرز نے اسکیموں کے تکنیکی پہلوؤں اور چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبوں کی شفافیت، لاگت اور معیار سب کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ عوامی فلاح کے کام میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو
خبرنامہ نمبر 8849/2025
لورالائی (خبرنامہ22 نومبر 2025)
ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں، کاشتکاروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا بلا تعطل کریک ڈاؤن پوری سختی کے ساتھ جاری ہے۔ تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی میں ڈی ایس پی لیگل سردار نصراللہ خان حمزازئی اور ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 19 نومبر سے جاری خصوصی کارروائی کے دوران 11 منشیات فروش گرفتار کیے گئے جن سے 10 کلو چرس برآمد ہوئی، جبکہ کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران 630 بوتل شراب برآمد ہونے پر دو ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات قائم کیے گئے۔ اسی آپریشن میں پولیس نے 3 پسٹل، ایک مشین گن اور دو گاڑیاں بھی قبضے میں لے کر اسلحہ برآمدگی کے مقدمات درج کیے، جبکہ 550 کے تحت دو گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ یکم نومبر سے 22 نومبر تک جاری انسدادِ کاشتِ منشیات مہم کے دوران 12 ایکڑ پر بھنگ جبکہ 17 ایکڑ پر تاریاک کی فصل تلف کی گئی۔ اس دوران 100 کے قریب شمسی سولر پلیٹس اور متعدد بورنگ موٹریں (سمپلرز) بھی ضبط کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی تمام کارروائیاں بلا کسی دباؤ کے جاری رہیں گی۔ “امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ میں خود رات کے وقت شہر کا دورہ کرتا ہوں، بہترین ڈیوٹی انجام دینے والے چوکیداروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جا رہا ہے۔ایس ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں، ان کے نام مکمل صیغۂ راز میں رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کے مواقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ٹریفک کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں بنیادی مسئلہ بائی پاس ٹریفک کا تنگ سڑکوں پر بہاؤ ہے جس کے مستقل حل کے لیے اقدامات زیر غور ہیں۔انہوں نے زمینداروں اور زمین مالکان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ منشیات زدہ فصلیں اگانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، ایسے افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس میں ایس ایچ اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔





