خبرنامہ نمبر7887/2025
کوئٹہ20 اکتوبر ۔ صوبائی وزیرپی ایچ ای، سردار عبدالرحمن کھیتران نے ہندو برادری کو دیوالی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہندووں کا مذہبی تہوار دیوالی خوشیوں، روشنیوں، امن اور محبت کا پیغام لیے ہوئے ایک خوبصورت تہوار ہے جو ہمیں باہمی احترام، رواداری اور انسانیت کے رشتے کو مضبوط بنانے کی یاد دلاتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی ہی پرامن معاشرے کی بنیاد ہے، اور حکومت بلوچستان تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے فلاحی اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور انہیں آئینِ پاکستان کے تحت یکساں حقوق حاصل ہیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے مزید کہا کہ دیوالی کے موقع پر اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جانا چاہیے تاکہ صوبے میں امن و محبت کا ماحول مزید مستحکم ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں تمام برادریاں مل کر امن و ترقی کے سفر میں شریک ہیں اور یہی باہمی اتفاق صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7889/2025
کویٹہ 20 اکتوبر ۔صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ نے پنجگور میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7890/2025
کوئٹہ، 20اکتوبر ۔صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے پنجگور میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ یہ ایک قابلِ مذمت واقعہ ہے جس سے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورا صوبہ دکھ اور غم میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات صوبے کے امن اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا نسیم الرحمان ملاخیل نے جاں بحق ہونے والے ولید صالح کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام اور صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائیں اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ صبرِ و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7891/2025
جعفرآباد20اکتوبر۔پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی انجنیئر عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اللّٰہ یار میں سولرائزیشن سسٹم کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شوکت علی کھوسہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں فعال کردار ادا کرنے والے اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں سولر سسٹم کی تنصیب انتظامیہ کی محنت اور سنجیدہ کوششوں کا نتیجہ ہے جس سے بجلی کی فراہمی کے مسائل کا خاتمہ ہوگا اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ پارلیمانی سیکرٹری انجنیئر عبدالمجید بادینی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ڈیرہ اللہ یار سول ہسپتال میں سولرائزیشن سسٹم کی تنصیب ایک خوش آئند قدم ہے جس سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فلاحی اداروں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے عوامی مفاد کے مزید منصوبے شروع کرے تاکہ شہریوں کو سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں۔ پارلیمانی سیکرٹری انجنیئر عبدالمجید بادینی نے اسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا کہ غیر حاضر عملے کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو اسپتالوں سے مایوسی کے بجائے اطمینان حاصل ہو۔ انجنیئر عبدالمجید بادینی نے کہا کہ حکومت کے جاری اقدامات کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے اور ان کے حقیقی مسائل کا حل نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7892/2025
کوئٹہ 20 اکتوبر ۔ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے عدالتِ عالیہ بلوچستان کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تقریبِ حلف برداری عدالت عالیہ بلوچستان کے کورٹ نمبر 1 میں منعقد ہوئی، جہاں جسٹس اقبال احمد کاسی نے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں ہائی کورٹ کے معزز ججز، رجسٹرار عبدالقیوم لہڑی، عدالتی افسران، وکلاء اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7893/2025
جھل مگسی 20اکتوبر۔ صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان کاکڑ اور پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کے سیکرٹری وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ ریونیو پی ٹی اے بلوچستان حاجی جان محمد حسنی نے جھل مکسی نیشنل ہائی وے پر خضدار، سوراب، خاران، پنجگور سے شہداد کوٹ، سکھر اور اندرونِ سندھ جانے والی مسافر کوچز اور ویگنوں کی چیکنگ کی۔چیکنگ کے دوران خضدار، سوراب اور پنجگور کے ٹرانسپورٹ یونین کے صدر پیر بخش بروہی، رسول بخش بروہی اور صدام بروہی بھی موجود تھے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ریونیو پی ٹی اے بلوچستان حاجی جان محمد حسنی نے تمام مسافر کوچز اور ویگن مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ بغیر روٹ پرمٹ یا مکمل کاغذات کے گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ بغیر کاغذات اور غیر قانونی طور پر چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے اور سالانہ ریونیو کی وصولی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔دوران چیکنگ متعدد کوچز اور ویگنوں کے پاس روٹ پرمٹ اور ضروری دستاویزات موجود نہیں تھے، جنہیں سختی سے نوٹس جاری کیے گئے۔ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں نے اس موقع پر موقف اختیار کیا کہ ماضی میں کبھی روٹ پرمٹ کے حوالے سے چیکنگ نہیں کی گئی، لہٰذا انہیں کچھ مہلت دی جائے تاکہ وہ اپنی گاڑیوں کے باقاعدہ روٹ پرمٹ حاصل کرسکیں۔اسسٹنٹ ریونیو پی ٹی اے بلوچستان نے یونین نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد دفترِ پی ٹی اے میں درخواست جمع کروا کر روٹ پرمٹ حاصل کریں، بصورتِ دیگر آئندہ دورانِ چیکنگ روٹ پرمٹ نہ ہونے کی صورت میں گاڑیاں بند کردی جائیں گی، اور اس کی مکمل ذمہ داری گاڑی مالکان پر عائد ہوگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7894/2025
دکی 20اکتوبر۔ ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی (DHC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر دکی بہادر خان لونی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیب اللہ لونی، ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر PPHI دکی ممتاز علی رند، ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر عثمان بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی ایچ سی کی پچھلی میٹنگ کے فیصلوں کا فالو اپ، فیلڈ وزٹ رپورٹس، تادیبی کارروائی، DHQ ہسپتال، RHCs، BHUs، CDs اور MCH سینٹرز کا جائزہ، عمودی پروگراموں کی کارکردگی، سہولیات اور خدمات کو فعال بنانے میں پیشرفت، اور دیگر متعلقہ نکات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسران صحت کے شعبے میں معیار، شفافیت اور موثر خدمات کو یقینی بنائیں، مراکز میں سہولیات کی دستیابی، ادویات اور عملے کی کارکردگی کو فوری بہتر بنایا جائے، کسی بھی غیر قانونی یا ناقص کارکردگی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور آئندہ اقدامات کے لیے باقاعدہ فالو اپ یقینی بنایا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7895/2025
دکی20اکتوبر۔ ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیرالدین توخئ، RTSM ہیڈ محمد جمیل خان ناصر، ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر عثمان بٹ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن بختیار کاکڑ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن شاہینہ اختر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ایجوکیشن تھل ظاہر شاہ ترین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لونی جلیل لونی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خالدہ سید، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج (بوائز) عبداللہ جان ترین، اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پچھلی میٹنگ کے فیصلوں کے فالو اپ، فیز III بھرتیوں کی پیش رفت، فیلڈ وزٹ رپورٹس، نئے اساتذہ کی تنخواہوں کی منظوری، زیر قبضہ اور غیر فعال اسکولوں کی تفصیلات، RTSM رپورٹ، انٹر/ADP میں نئے طلبائ کے اندراج اور دیگر تعلیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی گئیں، جن میں تحریری و زبانی وارننگ، مسلسل غیر حاضری کی صورت میں تادیبی کارروائی، تنخواہوں میں کٹوتی یا معطلی، متعلقہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر/ہیڈ ٹیچر کی ذمہ داری طے کرنا، اور تعلیمی حکام کو باقاعدگی سے رپورٹ ارسال کرنا شامل ہے۔ نان فنکشنل اسکولز کو فعال بنانے اور تعلیمی معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ وہ ان اقدامات پر فوری اور موثر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7896/2025
قلات 20اکتوبر۔ ڈی سی قلات کے احکامات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفتر کادورہ کیااور ضلع قلات کیلئے منظورشدہ آبنوشی ٹیوب ویل اسکیمات کے ٹینڈرنگ کی شفافیت کا جائزہ لیا. ضلعی انتظامیہ قلات کے زیر نگرانی قلات اور خالق آباد کے مختلف علاقوں کے لیئے منظورشدہ ٹیوب ویلز کے ٹینڈرز کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ نےایکسئن پی ایچ ای اورکنٹریکٹرزسے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ضلع قلات کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیئے ضلعی انتظامیہ قلات اورمحکمہ پبلک ہیلتھ مل کر کام کررہے ہیں چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ٹینڈرز کے عمل کی شفافیت کیلئے کوشاں ہےکنٹریکٹرزایمانداری سے اپنا کام کریں ٹیوب ویلوں میں اعلی معیار کا سامان استعمال کریں تاکہ لوگوں کو پانی کی فراہمی میں کوئی مشکل پیش نہ ہوانہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈزکے درست استعمال کو یقینی بنانے اورشفافیت سے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیاجارہاہے ڈپٹی کمشنر قلات منظورشدہ اورجاری ترقیاتی اسکیمات کی مکمل مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7897/2025
کوئٹہ: 20 اکتوبر۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ اسپنی روڈ کوئٹہ میں فوڈ سیفٹی کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم کے دوران معائنہ ٹیموں نے مختلف گوشت کی دکانوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اتھارٹی حکام نےاسپنی روڈ میں کل 27 بیف، مٹن اور پولٹری شاپس کا معائنہ کیا جہاں 13 دکان مالکان پر صفائی کے ناقص انتظامات، جراثیم زدہ اوزار اور آلودہ فریزر استعمال کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ مزیدبرآں 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے بہتری کیلئے مہلت دی گئی جبکہ 4 دکانوں میں بغیر فوڈ بزنس لائسنس کاروبار کرنے کا انکشاف ہوا جن کے مالکان پر کو بھی جرمانہ کیا گیا۔انسپیکشن کے دوران ٹیموں نے گوشت کی ذخیرہ اندوزی، صفائی کے معیار، فریزرز کی حالت اور قصابوں کے حفظانِ صحت کے اصولوں پر بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ جرمانہ کردہ مراکز میں گوشت کو ڈھانپے بغیر و دکانوں کے باہر لٹکانے ، خون آلود فرش اور جراثیم زدہ اوزار استعمال کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کارروائیاں عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہیں ، بغیر لائسنس خوراک کا کاروبار اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ اور صاف ستھری دکانوں سے گوشت خریدیں اور کسی بھی غیر معیاری گوشت و دیگر ناقص خوردنی مصنوعات کی اطلاع بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو دیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7898/2025
گوادر، 20 اکتوبر ۔ یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر سے ان کے چمبر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں جامعات کے وائس چانسلرز نے باہمی دلچسپی کے مختلف تعلیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، تحقیق و ترقی کو فروغ دینے اور مشترکہ تعلیمی منصوبوں کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔دونوں جامعات کے سربراہان نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، طلبا و اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر نے مہمان وائس چانسلر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ یونیورسٹی آف گوادر کے ترجمان کے مطابق، اس طرح کی ملاقاتیں صوبے کی جامعات کے درمیان علمی و تحقیقی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7899/2025
خضدار20اکتوبر۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے ایک اعلامیہ کے مطابق BE/BS برائے سال 2026 کے داخلہ فارمز جمع کروانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر 2025 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ خواہشمند امیدوار داخلوں سے متعلق مذید معلومات کے لیئے درج ذیل نمبر پر 03343157456 رابطہ کرسکتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7900/2025
کوئٹہ20اکتوبر۔ محکمہ موسمیات حکومت بلوچستان کے مطابق پیر کے روز صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، ژوب، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، زیارت، ہرنائی اور کوئٹہ کے اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔منگل کے روز بھی صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے دوران سردی برقرار رہے گی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی مقام پر بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7901/2025
بارکھان 20اکتوبر ۔زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کردیاگیا۔ بارکھان کے علاقے رڑکن میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز رکھنی سے 39 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ جھٹکوں کے باعث متعدد کچے مکانات کو نقصان پہنچا، تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ڈپٹی کمشنر بارکھان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ زلزلہ متاثرین کے لیے ٹینٹ، کمبل اور دیگر ضروری اشیاءپر مشتمل امدادی سامان تحصیلدار بارکھان کی نگرانی میں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7902/2025
کوئٹہ 20 اکتوبر ۔صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ عوام کی صحت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے انہوں نے یہ بات بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کے خلاف جاری کارروائیوں پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہی صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع میں معائنے اور چھاپے مار رہی ہیں تاکہ عوام کو معیاری اور صحت بخش غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گوشت، دودھ اور دیگر خوراکی اجناس کے معیار کی جانچ پڑتال مزید سخت کی جائے اور عوامی آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے حاجی نور محمد دمڑ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مضرِ صحت یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت سے متعلق کسی بھی اطلاع پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7903/2025
کوئٹہ20 اکتوبر۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول عمرانی نے پنجگور میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جاری کردہ بیان میں سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، جس سے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے صوبے میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات صوبے میں امن و امان کو متاثر کرنے کی سازش ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔سردار بابا غلام رسول عمرانی نے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7904/2025
کوئٹہ: 20 اکتوبر ۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول عمرانی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو روشنیوں کے ہندوووں تہوار “دیوالی” کی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ دیوالی کا تہوار خوشی، امید، روشنی اور انسانیت کے باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے۔ یہ موقع ہمیں باہمی رواداری، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کو ایک بار پھر تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی رسومات ادا کر رہی ہیں، جو صوبے میں امن، ہم آہنگی اور احترامِ انسانیت کی روشن مثال ہے۔مشیر لیبر اینڈ مین پاور نے ہندو برادری کے خوشیوں بھرے اس تہوار کے موقع پر نیک تمناو¿ں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7905/2025
گوادر 20 اکتوبر۔گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ انٹر یونیورسٹی اسپورٹس فیسٹیول 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونیورسٹی کے فٹبال اور کرکٹ کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کی غیر معمولی کارکردگی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان گوادر یونیورسٹی کے اصل سفیر ہیں جنہوں نے صوبے بھر میں ادارے کا وقار بلند کیا ہے۔یہ فیسٹیول محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام کوئٹہ میں منعقد ہوا، جہاں گوادر یونیورسٹی نے اپنی پہلی ہی شرکت میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صوبائی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ یونیورسٹی کی فٹبال ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کر کے رنر اپ ٹرافی جیتی، جبکہ کرکٹ ٹیم نے بھی اپنی پہلی جیت میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہاہمارے کھلاڑیوں نے نظم و ضبط، اتحاد اور حوصلے کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ یہ کامیابیاں نہ صرف گوادر یونیورسٹی بلکہ پورے مکران ڈویژن کے نوجوانوں کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ ہم اپنی یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے رہیں گے۔” وائس چانسلر نے ڈائریکٹر اسپورٹس مسٹر صغیر نسیم، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم منیجمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی یہ کامیابیاں یونیورسٹی میں مثبت تعلیمی و غیر نصابی ماحول کے فروغ کی علامت ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7906/2025
پشین.20 اکتوبر ۔ ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کی زیر صدارت ضلعی ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر سید گل زمان شاہ،ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی عصمت اللہ ترین،ایم ایس ڈاکٹر جانداد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی،اجلاس میں محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جانداد خان نے بتایا کہ رواں ماہ ہسپتال میں سات ہزار مریضوں کا معائنہ کیا گیا،3200 ایمرجنسی او پی ڈی،60 میجر سرجریز ہوئیں،جن میں 6 سی سیکشن اپریشن شامل ہیں،جبکہ 17 بچوں کے پیڈروٹک سرجری سمیت 21 رجسٹرڈ مریضوں کے ڈائلائسز اور 1100 سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں،تاہم غیر حاضری کے مرتکب ڈاکٹروں اور پیرامیڈک سٹاپ کے خلاف بھی اقدامات کیے گئے ہیں،اس دوران ڈی ایس ایم پی پی ایچ ائی عصمت اللہ خان ترین نے بتایا کہ ضلع بھر کے 48 بی ایچ یوز اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال خانوزئی مستقل بنیادوں پر فعال ہیں،ڈپٹی کمشنر قاضی منصور نے ضلعی خزانہ آفسر کو ہدایت کی کہ غیر حاضر ڈاکٹرز اور عملے کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے اور اس بابت کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ آفسران باہمی روابط کو فروغ دیتے ہوئے مسائل آپس میں مشاورت سے حل کریں تاکہ عوام کو بروقت بھی سہولیات کی فراہمی جاری رہے،منصور احمد قاضی نے بالخصوص ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ہسپتال عوام کو معیاری صحت کی خدمات فراہم کر رہا ہے،ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام مراکز صحت میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اوراسی طرح تمام بنیادی مراکز صحت میں مستقل بنیادوں پر اسٹاپ کی موجودگی کو بھی یقینی بنائیں گے جبکہ ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع کے دورآفتادہ علاقوں میں بھی صحت عامہ کی مزید بہتری کے لیے موثر اقدامات اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور ضلعی ناظم صحت کو ہدایت دی گئی کہ متعلقہ ڈرک انسپکٹر حضرات کو مستقل بنیادوں پر ضلع کے تمام میڈیکل سٹورزز اور پرائیویٹ کلینک کا معائنہ کرنے کا پابند کیا جائے تاکہ سرکاری ڈیوٹی کے اوقات میں پرائیویٹ کلینک چلانے والے ڈاکٹر حضرات کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ کے اجلاس میں اس بابت تفصیلی رپورٹ پیش کیا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7907/2025
زیارت 20اکتوبر ۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے لیویز تھانہ کچھ زیارت کا اچانک دورہ کیا دورے کے دوران ملازمین کا حاضری رجسٹر چیک کیا ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے تھانہ کے انچارج اور ملازمین کو سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیارت کی داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کریں سنیپ چیکنگ کریں مشکوک افراد اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھیں اور ان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گشت میں اضافہ اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کریں اپنے فرائض کو ایمانداری اور لگن سے ادا کریں امن وامان کے قیام پر مکمل توجہ دیں اپنا فرائض میں غفلت اور سستی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے جو بھی افسر یا اہلکار قانون کی عملداری میں سستی دکھائے گا ان کو سخت ایکشن کا سامنا کرنا پڑے گاانہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اوربہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیویز فورس کے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7908/2025
کوئٹہ، 20 اکتوبر۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے باعزت انخلا، پرائس کنٹرول اور ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو باعزت طریقے سے یقینی بنایا جارہا ہے ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔لہذا افغان مہاجرین با عزت طریقے سے اپنے وطن واپس چلے جاے۔بصورت دیگر حکومت سخت کاروائی کریگی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے جاری کارروائیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں کے استعمال اور فروخت کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری رکھی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہر کو صاف، منظم اور قانون کے مطابق بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7909/2025
تربت 20اکتوبر۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد پر واقع عبدوئی کراسنگ پوائنٹ کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عبدوئی کراسنگ پوائنٹ کے متبادل کے طور پر دشت کے علاقے کپکپار میں نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹ کے قیام کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایرانی حکام کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا جاچکا ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے باہمی ملاقات کا انعقاد ہوگا۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے مزید کہا کہ جیسے ہی ایرانی حکومت کے ساتھ میٹنگ منعقد ہوگی، اس کے ایک ہفتے کے اندر کپکپار بارڈر کراسنگ پوائنٹ کے افتتاح کے انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دشت کے عوام ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے تاکہ بارڈر کے معاملات کو منظم اور شفاف انداز میں چلایا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بارڈر کے معاملات پر غیر ضروری بیان بازی اور سیاسی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست اپنے شہریوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، اور کپکپار کراسنگ پوائنٹ کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے بتایا کہ حکومتِ بلوچستان نے بغیر سرکاری اجازت کے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اگر کسی بھی سیاسی جماعت یا تنظیم کو جلوس یا احتجاجی پروگرام منعقد کرنا ہو تو انہیں پہلے ڈپٹی کمشنر آفس سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کیچ ضروری جانچ پڑتال کے بعد ہی فیصلہ کرے گی کہ کس جماعت کو کہاں اور کس نوعیت کے اجتماع کی اجازت دی جائے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ بغیر این او سی یا اتھارٹی لیٹر کے کسی بھی مقام پر جلوس یا دھرنا منعقد کرنے سے گریز کریں اور باضابطہ اجازت کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7910/2025
تربت 20 اکتوبر۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی تعلیمی صورتحال، اساتذہ کی حاضری، اور تعلیمی اداروں میں اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور بلوچ، تحصیل تربت، بلیدہ، تمپ اور دشت کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران، آر ٹی ایس ایم کے نمائندہ حلیم بلوچ، یونیسیف کے نمائندہ فیض الرحمن سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی ضلعی ایجوکیشن آفیسر منظور بلوچ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کیچ کے اسکولوں میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور حاضری کے نظام کو شفاف اور مو¿ثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ میکنزم کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اجلاس کو بتایا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، اس شعبے میں غفلت یا غیر ذمہ داری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے واضح ہدایت دی کہ جو اساتذہ یا ملازمین اسکولوں سے غیر حاضر پائے جائیں، ان کے خلاف معطلی سمیت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ کی سربراہی میں ایک خصوصی تعلیمی اصلاحاتی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دیے جو اسکولوں میں نظم و ضبط، تدریسی معیار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق جامع سفارشات تیار کرے گی ان کا کہنا تھا کہ مقامی اساتذہ کی تعیناتی کو ترجیح دی جائے تاکہ انہیں رہائش یا آمد و رفت کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اور تعلیم کے تسلسل میں رکاوٹ پیدا نہ ہو ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ اسکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی مکمل تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو فراہم کی جائیں تاکہ انہیں ڈپٹی کمشنر فنڈز یا دیگر ترقیاتی ذرائع سے جلد از جلد حل کیا جا سکے ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کے بعض ارکان کی غیر حاضری پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آر ٹی ایس ایم کی ٹیمیں آئندہ صرف بوائز اسکولوں ہی نہیں بلکہ گرلز اسکولوں کا بھی باقاعدہ دورہ کریں گی تاکہ دونوں سطحوں پر تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے اجلاس میں تمام اسکولوں اور کالجوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اساتذہ و اسٹاف کی تازہ فہرست ایک ہفتے کے اندر ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں تاکہ مانیٹرنگ اور کارکردگی کی رپورٹ باقاعدگی سے مرتب کی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7911/2025
تربت 20 اکتوبر۔:ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ایک پروقار اور تاریخی تقریب میں لیویز فورس کا جھنڈا اور کمانڈ باضابطہ طور پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈی پی او، زوہیب محسن کے حوالے کر دی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ، رسالدار میجر سمائل دشتی سمیت انتظامیہ، پولیس اور لیویز فورس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے میں کہا کہ صوبائی اسمبلی میں قانون سازی اور حکومتِ بلوچستان کے فیصلے کے بعد صوبے کے بعض اضلاع میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا عمل ایک تاریخی اور اصلاحاتی قدم ہے، جس کا مقصد امن و امان کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور جرائم و دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مو¿ثر حکمتِ عملی تشکیل دینا ہے انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کے جوانوں نے ماضی میں امن و استحکام کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اور اب ان کی شمولیت سے پولیس فورس مزید مضبوط اور منظم ہو گی۔ واضح رہے کہ حکومتِ بلوچستان نے چند روز قبل ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت صوبے کے بعض اضلاع میں لیویز فورس کو بلوچستان پولیس میں ضم کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر کیچ نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے ضلع کیچ سمیت پورے مکران ڈویژن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7912/2025
گوادر20اکتوبر۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت پانی کے بحران (واٹر کرائسس) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ، پی ڈی واٹر جی ڈی اے میر جان بلوچ، کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں پانی کی طلب و رسد، معیار، مقدار، ریٹ فکسنگ، اور موثر ترسیل کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ گوادر میں ہر 15 دن بعد پانی کی صورتحال پر نظرِ ثانی کے لیے ریویو میٹنگ باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے، تاکہ پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ جب تک بارشیں نہیں ہوتیں، ضلع گوادر میں پانی کی طلب برقرار رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ مختلف ذرائع سے پانی کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، جن میں شادی کور ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعے چہوڈ ڈکار اور ایئرپورٹ اسٹیشن تک پانی کی سپلائی، سنٹ سر سے پلیری تک پائپ لائن کے ذریعے پانی کی ترسیل، گوادر پورٹ کے ڈیسلینیشن پلانٹ سے اولڈ ٹاون کو روزانہ بنیادوں پر پانی کی فراہمی، اور میرانی ڈیم سے ٹینکروں کے ذریعے سپلائی شامل ہے۔ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ شہر کی ضروریات زیادہ تر پائپ لائنز اور دیگر ذرائع سے پوری کی جائیں اور ٹینکروں پر انحصار کم سے کم رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق وہی کنٹریکٹرز ترجیحی بنیادوں پر شامل کیے جائیں گے جو کم نرخوں پر پانی سپلائی کریں گے، جبکہ اس بار کنٹریکٹرز کو 15 دن کے اندر اندر ادائیگیاں کی جائیں گی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر 10 لاکھ گیلن پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ تاہم اگر کسی بھی ذریعہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہوئی تو عارضی طور پر ٹینکروں کی تعداد بڑھا دی جائے گی۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پانی کی ترسیل شفاف، معیاری اور مو¿ثر انداز میں کی جائے، اور تمام سپلائرز کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ ایکسین پی ایچ ای مومن بلوچ نے بی ایریا کو پانی کی سپلائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی پیش کی۔مزید برآں، اجلاس میں بڑے گاڑیوں (ٹینکروں) کے لیے فی لیٹر ریٹ 1.15 روپے اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے 1.25 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پانی کی بحرانی صورتحال پر مکمل قابو پانے کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت عوام کو صاف و شفاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7913/2025
کوئٹہ20 اکتوبر۔گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پنجگور میں رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا. گورنر مندوخیل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری اور مکمل تحقیقات شروع کریں، ولید صالح کے قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کریں اور انہیں بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ دہشت گردی اور تخریب کاری کا ہر عمل انتہائی قابل مذمت اور معاشرے کیلئے نقصان دہ ہے جس سے معصوم خاندانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سوگوار خاندان کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے جان بحق ولید صالح بلوچ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7914/2025
بارکھا ن20اکتوبر۔ بارکھان کے مختلف علاقوں میں آج صبح آنے والے زلزلے کے باعث متعدد دیہات متاثر ہوئے، جس پر صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی سرگرمیوں ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کی نگرانی میں یونین کونسل بغاو اور رڑکن سمیت قریبی دیہاتوں میں ریسکیو اور امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ ان ٹیموں کے ہمراہ خیمے، کمبل، راشن اور ابتدائی طبی امداد کا سامان بھجوایا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔جبکہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر بھی منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں پینے کے پانی، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی متاثرہ فرد کو تنہا نہ چھوڑا جائے اور تمام وسائل بروئے کار لا کر متاثرین کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے پی ڈی ایم اے حکام کو فوری طور پر بارکھان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے، نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے اور بحالی کے جامع اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے موقع پر انتظامیہ اور عوام کا باہمی تعاون ہی متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی کی ضمانت ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7915/2025
کوئٹہ،20اکتوبر۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بلوچستان لیویز فورس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ فیک پروموشنز سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں۔ اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے فوری کارروائی کی ہدایت دی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد ضلع کچھی کے چھ لیویز اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے معطل کر دیا۔ڈی جی لیویز کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق معطل کیے گئے اہلکاروں میں علی حسین، محمد انور، ولی داد، محمد جعفر، محیم خان اور لیاقت علی شامل ہیں، جو تمام سپاہی (BPS-07) کے عہدوں پر تعینات تھے۔یہ کارروائی بلوچستان لیویز فورس ڈسپلنری رولز 2015 کے تحت عمل میں لائی گئی۔ڈی جی لیویز فورس نے ڈائریکٹر (آپریشنز) شاہ نواز کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ مکمل تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ چار (04) دن کے اندر پیش کریں۔مزید ڈپٹی کمشنر کچھی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معطل اہلکاروں اور شکایت کنندگان کو انکوائری آفیسر کے سامنے پیش ہونے کو یقینی بنائیں۔ڈی جی لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے واضح کیا کہ بلوچستان لیویز فورس ایک منظم اور پیشہ ور ادارہ ہے، اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا غیرقانونی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیک پروموشنز یا جعلی ترقیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ فورس میں شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7916/2025
لورالائی 20اکتوبر ۔کمشنر ولی محمد بڑیچ کا درگئی شبوزئی تا تونسہ روڈ منصوبے کا اہم دورہ ترقیاتی کام میں سست روی پر اظہارِ برہمی، مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت کی۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے درگئی شبوزئی تا تونسہ روڈ کے اہم اور عوامی فلاحی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ یہ منصوبہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے جوڑنے اور مقامی آبادی کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دورے کے دوران کمشنر کے ہمراہ ڈائریکٹر پلاننگ و ڈویلپمنٹ سردار رفیق ترین، ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر، انجینئر امان اللہ خان، اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر فقیر محمد نے کمشنر کو روڈ منصوبے کے مختلف مراحل، پیشرفت اور درپیش تکنیکی و انتظامی چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر صدام کاکڑ، کیمیوس کنسلٹنٹ کے کوآرڈینیٹر طارق اور دیگر فیلڈ اسٹاف بھی موقع پر موجود تھے۔کمشنر ولی محمد بڑیچ نے روڈ کی سست رفتاری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کام میں غیر ضروری تاخیر کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر منصوبے کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کمشنر کو یقین دہانی کروائی کہ پیکیج 2 کے 45 کلومیٹر حصے کو 30 نومبر تک مکمل طور پر بلیک ٹاپ کر دیا جائے گا جبکہ باقی پیکیجز پر بھی کام کی رفتار بڑھائی جائے گی۔دورے کے دوران قبائلی عمائدین اور مقامی رہائشیوں نے کمشنر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے روڈ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا مگر کمشنر کی فوری ایکشن اور ہدایات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سڑک علاقے کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی۔ دورے کے اختتام پر کمشنر ولی محمد بڑیچ نے معروف قبائلی رہنما حاجی آمین اللہ کبزئی کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی، جہاں قبائلی عمائدین نے ان کی دلچسپی اور توجہ پر شکریہ ادا کیا۔یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ لورالائی ڈویژن کی ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے عملی اقدامات میں مصروفِ عمل ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7917/2025
تربت۔ یونیورسٹی آف تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام اورتربت پولیس اسٹیشن اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) پاکستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹررائے محمدافضل کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں تربت یونیورسٹی میں آگاہی سیشن منعقد کیا گیا-سیشن کا موضوع تھا”ایک قوم، ایک منزل -منشیات سے پاک پاکستان”۔ سیشن میں یونیورسٹی کےمختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر اے این ایف بلوچستان کوسٹل ریجن کے جوائنٹ ڈائریکٹر نعمان حنیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ ایک منظم جرم کی شکل اختیارکرچکا ہے جس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادمنشیات کی مہم میں طلبہ اور اساتذہ کو بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ تمام تعلیمی ادارے اس لعنت سے مکمل طور پر پاک ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف منشیات سے پاک، محفوظ اور صحت مند معاشرہ کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور نوجوان نسل کو اس حوالے سے آگاہی اور تربیت فراہم کر رہی ہے۔ تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز چاکر حیدر نے اپنے استقبالیہ کلمات میں یونیورسٹی میں آگاہی سیشن کے انعقاد پر اے این ایف کے کردار کو سراہا۔تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اوریونیورسٹی ترجمان اعجاز احمد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی جانب سے اے این ایف ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تربت یونیورسٹی اپنی سماجی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف(SDGs)کے تحت صحت مند طرززندگی کے فروغ، ذہنی و جسمانی تندرستی ،منشیات سے پاک معاشرہ کے قیام ،تعلیمی اداروں سے منشیات کے لعنت کے خاتمے اور آگاہی پروگراموں سمیت دیگر سماجی ذمہ داریوں کوپوراکرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ اے این ایف کا یہ اقدام نوجوانوں میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانےاور منشیات کی لعنت کوختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔سیشن کی نظامت یونیورسٹی آف تربت کےینگ پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ کارپس (وائی پی ڈی سی)چیپٹر کے صدر میرزنگی نے انجام دی۔ اس سے پہلے اے این ایف کے جوائنٹ ڈائریکٹر نعمان حنیف نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ان کے چیمبرمیں ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا۔بعدازاں یونیورسٹی میں ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں یونیورسٹی کے طلبہ، افسران اور اے این ایف کے نمائندوں نے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7918/2025
لورالائی20اکتوبر ۔:وفاقی حکومت اور حکومت بلوچستان کی سخت پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم کی زیر نگرانی میں کٹوہی مہاجرین کیمپ میں افغان مہاجرین کے دکان اور مکانات گرائے گئے آپریشن میں لیویز اور پولیس فورس کی بڑی تعداد میں نفری تعینات کی گئی اور آپریشن میں لورالائی ڈی ایس پی کریم مندوخیل بھی موجودتھے اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کسی بھی فیک نیوز پر کان نہ دھریں کہ افغان مہاجرین کو اور وقت دیا گیا ھے حکومت پاکستان کی سخت ہدایت ھے کہ افغان مہاجرین کو ہر حال میں افغانستان جانا پڑھے گا انہوں نے کہا کہ آج سینکڑوں گھر اور مکانات گرائے گئے ہیں یہ اپریشن کل بھی جاری رہے گا اور کیمپ کو ہر حال میں خالی کرنا پڑے گا اگر کسی مقامی شخص نے افغان مہاجرین کو پناہ یا سفارش کی تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جاے گی لہذا مقامی افراد سے اپیل ھے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7919/2025
کوئٹ 20اکتوبر۔صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران نے اپنے تعزیتی بیان میں نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء حاجی صالح بلوچ کے فرزند، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و ایم پی اے پنجگور میر رحمت صالح بلوچ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ولید صالح بلوچ کی شہادت ایک نہایت افسوسناک سانحہ ہے، جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7920/2025
جعفرآباد20اکتوبر۔پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی انجنیئر عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ گوٹھ حاجی عبدالستار کھوسہ میں آبنوشی کی فراہمی کے لیے میگا واٹر سپلائی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر سردار داو¿د خان کھوسہ، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ ا انجینئرنگ جعفرآباد محمد کاظم لونی، ضلعی افسران، معتبرین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری انجینئر عبدالمجید بادینی کے خصوصی فنڈز 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اس واٹر سپلائی اسکیم پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔اس منصوبے کے تحت دو عدد را واٹر ٹینکس، دو عدد فلٹریشن واٹر ٹینکس، ایک سٹوریج ٹینک اور ایک اوور ہیڈ ٹینک تعمیر کیا جائے گا جو ایک لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھتا ہے۔ یہ اوور ہیڈ واٹر ٹینک نصیرآباد ڈویڑن کی تمام واٹر سپلائی اسکیموں میں سب سے بڑا ہوگا جس سے ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد آبادی کو صاف اور پینے کے قابل پانی فراہم کیا جا سکے گا۔ اس اسکیم کے لیے 10 انچ سے لے کر 3 انچ تک کی پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی تاکہ شہر کے تمام حصوں میں موثر انداز میں پانی کی ترسیل ممکن ہو سکے۔ ایگزیکٹو انجینیئر محمد کاظم لونی نے بتایا کہ علاقے کی معروف شخصیت سردار داود خان کھوسہ نے عوامی مفاد کے پیش نظر واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 6 ایکڑ اراضی بلا معاوضہ فراہم کی ہے، جس پر اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم کرم شاہ۔بھٹی محلہ، بگن شاہ، بابا اے ون سٹی سمیت شرقی سائیڈ کے تمام علاقوں کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار شہر کے مشرقی حصے میں گرمیوں کے موسم میں آبنوشی کی شدید قلت کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، مگر اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ان مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینیئر محمد کاظم لونی کو ہدایت کی کہ وہ اس عوامی مفاد کے منصوبے کی تکمیل میں اپنی خدمات سرانجام دیں اور مانیٹرنگ کا عمل موثر طریقے سے جاری رکھیں پارلیمانی سیکرٹری انجنیئر عبدالمجید بادینی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور ہم نے یہ اسکیم کسی پر احسان کے طور پر نہیں بلکہ اپنی ذمہ داری سمجھ کر شروع کی ہے۔ عوام کو صاف پانی فراہم کرنا بنیادی ضرورت ہے جس کے لیے ہم نے خطیر رقم مختص کی ہے تاکہ عوام کی دہلیز تک پینے کے صاف پانی کی سہولت پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں عوامی مسائل پر توجہ دی جاتی تو آج عوام کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ ہوتا۔مگر ہم وعدہ کرتے ہیں کہ عوام کو اب ان کے جائز حقوق سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔عوامی خدمت ہماری ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ کے تمام افسران ترقیاتی عمل کی کڑی نگرانی کریں اور اس میگا پراجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ عوام جلد از جلد اس اہم منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7921/2025
گوادر20اکتوبر۔ ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ نے ایس ڈی او داد کریم بلوچ اور چیئرمین پیشکان جمیل آدم کے ہمراہ سنٹ سر ٹو پلیری پائپ لائن میں پانی کے بہاؤ کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران سپروائزر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکور بلوچ نے موقع پر فی سیکنڈ کے حساب سے پانی کے بہاؤ کی پیمائش کی۔ ماہرین کی جانب سے کی گئی کلکولیشن کے مطابق، پائپ لائن کے ذریعے روزانہ تقریباً تین لاکھ پچاس ہزار گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔یہ پانی پیشکان، پلیری، پراہیں توک، روبار، گنز، بندری، در، پانوان، خرگوشی، بندی اور پسو سمیت متعدد دیہی و ساحلی علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ایکسین مومن بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ پائپ لائن کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر پانی کے بہاؤ اور سپلائی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں، تاکہ عوام کو صاف، محفوظ اور تسلسل کے ساتھ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
…
خبرنامہ نمبر7922/2025
بارکھان 20 اکتوبر . یونین کونسل رڑکن میں آج آنے والے زلزلے کے باعث بعض مکانات کو شدید نقصان پہنچا، کئی خاندان متاثر ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو کی خصوصی ہدایت پر فوری ریلیف اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔تحصیلدار بارکھان اورتحصیلدار رکنی فاضل خان نے خود موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور مستحق متاثرین میں ٹینٹ، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مزید متاثرہ خاندانوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ ہر ممکن امداد بروقت فراہم کی جا سکے۔ مقامی عوام نے فوری اقدام پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ بحالی کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔
…