September 22, 2025
News

21st-September-2025

خبرنامہ نمبر 6946/2025
کوئٹہ21 ستمبر:2025 گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری اس وقت اپنے عروج پر ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے امریکہ، چین، مغربی ممالک اور خلیجی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں تاہم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دفاعی معاہدے نے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی ہے۔ پاکستان دنیا کا واحد ایٹمی طاقت رکھنے والا مسلم ملک ہے. اس دفاعی معاہدہ کے بعد ایک طرف اگر سعودی عرب کو مکمل تحفظ حاصل ہوا تو دوسری جانب پاکستان معاشی طور پر مزید مستحکم ہوگا. اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے، کسی بھی جارحیت کے خلاف ان کے اجتماعی دفاع اور سلامتی کو مضبوط بنانا ہے. اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائیگا۔ یہ معاہدہ ان کے مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پچھلے آٹھ عشروں کی تاریخی شراکت داری، اخوت اور اسلامی یکجہتی سے جڑا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو حالیہ جنگ میں صرف تین دن کے اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کا امیج عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آیا. گورنر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ دراصل مکہ اور مدینہ کے مقدس مقامات کے دفاع کیلئے حفاظتی عزم ان کے اتحاد کی بنیاد کے طور پر کام کرتا ہے جو ایک لازوال دوستی کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سعودی پاکستان دفاعی معاہدہ ایک وسیع معاہدے کی بنیاد بن سکتا ہے جس میں ممکنہ طور پر دیگر خلیجی ممالک بھی شامل ہونگے، قطر پر حالیہ حملوں کے بعد اسرائیل نے خود براہِ راست سب مسلم ممالک بالخصوص عرب ممالک کیلئے خطرہ ثابت کر دیا ہے۔ اس ضمن میں قطر پر اسرائیل کے حملے کے بعد پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہو چکا ہے اور مسلم ممالک کی تمام تر امیدیں پاکستان ہی وابستہ ہو چکی ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی پوری ٹیم اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی ذمہ داری کو ثابت کیا ہے، پاکستان کی صلاحیتوں اور تجربے کیلئے مسلم ممالک کے سب سے بااثر ملک سے پہچان حاصل کی ہے اور اس کے بین الاقوامی قد میں بےتحاشا اضافہ کیا ہے۔

خبرنامہ نمبر6947/2025
کوئٹہ21ستمبر2025:
محکمہ موسمیات بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں اتوار اور پیر کو موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

خبرنامہ نمبر6948/2025
کوئٹہ 21 ستمبر 2025 : آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے بی سی ہیڈ کوارٹر بدر لائن کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ائی جی بلوچستان نے بدر لین کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر کو ایڈیشنل آئی جی پولیس آغا محمد یوسف نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ڈ پٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری شاد ابن مسیح پی ایس پی اور کوئٹہ کے تمام زونل کمانڈرز اور آوٹ زون کے زونل کمانڈرز نے بذریعہ وڈیو لنک اور اے ڈی اسد اللہ اور دیگر آفیسران نے شرکت کی ۔ بریفنگ کے دوران آئی جی بلوچستان محمد طاہر کو بلوچستان کانسٹیبلیری کو درپیش مسائل سے آگا کیا۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے درپیش مسائل کو بروقت حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

خبرنامہ نمبر6949/2025
دکی۔ 21, ستمبر ،2025:
ضلع دکی میں ناصرآباد بائی پاس فیز-3 پراجیکٹ میں ناقص میٹریل کے استعمال کی سوشل میڈیا پر شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے جاری کام کا معائنہ کیا ۔ معائنے کے دوران ایگزیکٹیو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو دکی شوکت علی پرکانی نے اس منصوبے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اور بتایا کہ سڑک کی تعمیر منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق جاری ہے، جس میں 6.650 کلومیٹر کا اسفالٹک بیس کورس مکمل ہوچکا ہے۔کمیونیکیشن اینڈ ورکس ٹیم نے تصدیق کی کہ آنے والے اسفالٹک ویرنگ کورس میں فائن ایگریگیٹ کا استعمال کیا جائے گا ، جوکہ ابھی تک کرنا باقی ہے۔ فنڈز کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت جلد دوسری سطح اسفالٹک ویرنگ کورس شروع کیا جائے گا۔ جبکہ سڑک کے کناروں کو اسفالٹک ویرنگ کورس کے اختتام پر مکمل کیا جائے گا۔سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے والے خدشات کے جواب میں محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے اس بات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ تمام کام سخت تکنیکی نگرانی میں کیے جا رہے ہیں، جس میں ہر مرحلے پر مواد کی جانچ لازمی ہے، اور معیار کے مطابق کام ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ بھی واضح کیا گیا کہ اسفالٹک بنیادی کورس پر سیل کوٹ کرنا ڈیزائن میں شامل نہیں ہے۔ فنڈنگ میں سست روی جیسے چیلنجز کو تسلیم کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوام کے فائدے کے لیے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔

خبرنامہ نمبر6950/2025
سوئی، 21 ستمبر2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوئی میں مقامی لائبریری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے علم و ادب کے فروغ کے لیے لائبریری کو دو سو کتب کا قیمتی تحفہ بھی پیش کیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کتاب روشنی، شعور اور ترقی کی علامت ہے، اور مطالعے کا رجحان نوجوان نسل میں مثبت سوچ، بامقصد زندگی اور بہتر مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں اور لائبریریوں کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوان علم کی طاقت سے اپنا مقام بنا سکیں وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کتاب سے دوستی کرنی ہوگی کیونکہ یہ بہترین رہنمائی اور کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے غیر مصدقہ ذرائع پر انحصار کرنے کے بجائے کتب سے علم حاصل کرنے کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ وہ درست اور معیاری معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوئی سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں علم و تحقیق کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے اس موقع پر میر آفتاب خان بگٹی، چئیرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی ، چئیرمین میونسپل کمیٹی سوئی عزت امان بگٹی ,ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحسن اور دیگر افسران بھی موجود تھے

خبرنامہ نمبر6951/2025
کوئٹہ، 21 ستمبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیارت کے اسٹنٹ کمشنر محمد افضل کو شہید کرنے کے المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید اسٹنٹ کمشنر محمد افضل ایک فرض شناس، محنتی اور قابل افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانت کے ساتھ نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محمد افضل نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید اسسٹنٹ کمشنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم جانوں کے قاتل اور امن کے دشمن اپنے انجام سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں بلوچستان میں قیام امن اور استحکام کے سفر میں مشعل راہ ہیں۔

خبرنامہ نمبر6954/2025
سبی 21 ستمبر 2025:
ضلعی انتظامیہ سبی نے گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ کی قیادت میں کارروائی کے دوران ہزاروں من گندم سرکاری تحویل میں لے لی گئی جبکہ گندم ذخیرہ کرنے والے تین بڑے گودام فوری طور پر سیل کر دیے گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں عوامی ضروریات کی اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوششوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مزید برآں، ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ضبط شدہ گندم جو سرکاری تحویل میں لی گئی ہے، اس کی فروخت کے لیے متعلقہ محکموں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ گندم صرف اور صرف سرکاری نرخ پر ہی عوام کو فراہم کی جائے۔

خبرنامہ نمبر6955/2025
سنجاوی (21 ستمبر 2025: پہلا آل بلوچستان استحکامِ پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ حاجی نور محمد خان دومڑ فٹبال اسٹیڈیم سنجاوی میں شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی بلوچستان حاجی نور محمد خان دومڑ تھے، جنہوں نے کک آف کر کے ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا تقریب سےخطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب گامزن کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکامِ پاکستان کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ایسے ٹورنامنٹس خوش آئند ہیں اور خوشی کی بات ہے کہ بلوچستان بھر سے نامور فٹبال ٹیمیں اس ایونٹ میں شریک ہیں اس موقع پر افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں اور میچ ریفری کے ساتھ فوٹو سیشن بھی منعقد ہوا۔

خبرنامہ نمبر6956/2025
گوادر21ستمبر2025:
اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے شہر کے مختلف بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران ٹیم نے سرکاری نرخ نامے، جاری کردہ ایس او پیز، زائد المیعاد اشیاء اور روزمرہ استعمال کی مختلف چیزوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ٹیم نے مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو سخت وارننگز جاری کیں اور واضح کیا کہ عوامی سہولت اور شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پرائس کنٹرول کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے کمیٹی ہر وقت سرگرم ہے، کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ دکاندار کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی صحت اور زندگی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر6957/2025
کوئٹہ21 ستمبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اسٹنٹ کمشنر زیارت شہید محمد افضل اور ان کے بیٹے کی شہادت کے افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے. اس المناک واقعہ نے بڑے پیمانے پر غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر شہید محمد افضل نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور اُن کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی. گورنر مندوخیل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے. گورنر مندوخیل نے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے غم و دکھ میں برابر کے شریک ہیں.*

خبرنامہ نمبر6958/2025
کوئٹہ، 21 ستمبر 2025:
محکمہ زراعت ریسرچ نے سوشل میڈیا پر محکمہ اور معزز صوبائی وزیر زراعت کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی ہے محکمہ زراعت ریسرچ کے ترجمان کے مطابق بعض غیر ذمہ دار عناصر کی جانب سے یہ بے بنیاد دعویٰ سامنے آیا ہے کہ محکمہ کو حکومت بلوچستان کی طرف سے فراہم کردہ ٹریکٹرز اور دیگر زرعی مشینری غائب کر کے صوبائی وزیر زراعت کو منتقل کی گئی ہے۔ یہ تمام الزامات جھوٹ پر مبنی اور حقائق کے منافی ہیں ترجمان نے واضح کیا کہ محکمہ کو فراہم کردہ تمام ٹریکٹرز اور زرعی مشینری محفوظ حالت میں موجود ہیں اور مکمل طور پر محکمانہ استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔ تمام اثاثہ جات متعلقہ مقامات پر موجود اور کسی بھی وقت تصدیق کے لیے دستیاب ہیں ترجمان نے کہا کہ کسی بھی حکومتی یا تفتیشی ادارے کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ان اثاثہ جات کا براہِ راست معائنہ کرے اور ان کی موجودگی کی تصدیق کرے۔ محکمہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات عوام میں بداعتمادی اور ادارے کے وقار کو نقصان پہنچانے کی بدنیتی پر مبنی کوشش ہیں محکمہ ریسرچ زراعت نے اپنے قانونی حقوق محفوظ رکھتے ہوئے کہا کہ جھوٹے الزامات اور من گھڑت پروپیگنڈے کے خلاف ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ عوام اور میڈیا سے گزارش ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے کے بجائے حقائق جاننے کے لیے محکمہ سے براہِ راست رجوع کریں۔

خبرنامہ نمبر6959/2025
کوئٹہ، 21 ستمبر 2025۔
صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے زیارت کے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے کو شہید کرنے کے دلخراش واقعے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے، اپنے ایک تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری افسر و ان کے فرزند کو اغوا اور بعد میں بے دردی سے قتل کرنا ایک المناک واقع ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ شہید اسٹنٹ کمشنر محمد افضل ایک فرض شناس اور ایماندار افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں حسن طریقے سے نبھائیں اور اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران انہیں اغوا اور بعد میں شہید کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس المناک واقع کا انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے جس کا اظہار کرنا لفظوں میں ممکن نہیں، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ غم کے اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں انہوں نے دعاء کی کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے ۔

خبرنامہ نمبر6960/2026
کوئٹہ 21 ستمبر 2025: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کے 37 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں میر محمد صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وہ واحد نوجوان لیڈر ہیں جن کی سیاسی سوچ وفکر اور بصیرت ملک کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی تاریخ میں کم عمر وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور بطور چیئرمین ملک کے سب سے بڑے سیاسی جماعت کی قیادت سنبھالنا دراصل ان کی اعلیٰ صلاحیتوں کا مظہر ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سیاست کے رموز و اوقاف ورثت میں ملی ہیں ان کے نانا شہید ذولفقار علی بھٹو، والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور والد آصف علی زرداری نے جس طرح سے غریب عوام کے فلاح و بہبود اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں آج ان کا فرزند بلاول بھٹو زرداری اسی محنت جانفشانی اور قربانی کے جذبے سے سر شار سیاسی خدمات انجام دے رہا ہے، میر محمد صادق عمرانی نے دعاء کی کہ اللّٰہ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری کو عمر دراز عطاء فرمائے اور انکی قیادت میں پیپلز پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنائے۔

خبرنامہ نمبر6961/2025
لورالائی 21ستمبر2025۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انٹی نارکوٹکس فورس لورالائی کی جانب سے ضلع لورالائی کے مختلف علاقوں میں منشیات کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران چرس (بنگ) کی کاشت کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔یہ کامیاب آپریشن حلقہ تورہ، موضع شروان اور موضع کوٹکی، تحصیل میختر میں کیا گیا، جہاں زرعی زمین پر غیرقانونی طور پر کاشت کی گئی چرس کی فصل کی نشاندہی کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی گئیفورس نے جدید آلات کی مدد سے فصل کو تلف کیا، جبکہ متعلقہ افراد کی تلاش اور قانونی کارروائی کے لیے مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی منشیات کی غیرقانونی کاشت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔ترجمان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا تھا کہ ایسے مزید آپریشنز کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا تاکہ منشیات کی جڑ کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے بھی اس کارروائی کو سراہا اور فورس کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف ایسی مربوط کوششوں سے معاشرے میں بہتری آئے گی۔

خبرنامہ نمبر6962/2026
انسپکٹر جنرل اف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اج اتوار کو ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ کا وزٹ کیا ڈسٹرکٹ کوئٹہ پولیس لائن پہنچنے پرگھوڑوں کے حصار میں مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس لائن گراؤنڈ پہنچایا گیا اور ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اور أئ جی بلوچستان نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن کوئٹہ میں یادگار شہداء پر پھول چڑاھے اور شہداء کے درجات کے بلندی کے لیۓ خصوصی دعا کی۔
وزٹ کے دوران انسپیکٹر جنرل پولیس صاحب کے ساتھ ڈی ائی جی سی ٹی ڈی۔ CCPO کوئٹہ اعتزاز گورایہ بھی ہمراہ تھے
اج اتوار کو ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ میں دربار کا بھی اہتمام کیا گیا .جس سے انسپیکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور سی سی پی او کوئٹہ نے پولیس کے جوانوں اور افسران سے بھی خطاب کیا خطاب کے بعد پولیس ملازمین نے انسپیکٹر جنرل پولیس کو اپنے مسائل سے اگاہ کیا اور انسپیکٹر جنرل پولیس نے تمام جوانوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی احکامات جاری کیئے ۔