خبرنامہ نمبر 5762/2025
کوئٹہ 24 اگست:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی بیڈ منٹن کھلاڑی ثروت فاطمہ کو ساوتھ ایشین ریجنل بیڈ منٹن چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ثروت فاطمہ نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن کیا ہے انہوں نے اس کامیابی کو بلوچستان کے نوجوانوں کی محنت، جذبے اور صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں صوبے کے کھلاڑیوں کی کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ثروت فاطمہ جیسی باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا واضح رہے کہ ثروت فاطمہ اس سے قبل بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کرچکی ہیں، جس دوران وزیر اعلیٰ نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں بہترین کارکردگی کی توقع ظاہر کی تھی۔
خبرنامہ نمبر 5763/2025
چمن 24 آگست:اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی بلوچ نے بائی پاس تھانے کا دورہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کے ساتھ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے سٹاف کی حاضریاں بھی چیک کی بعد ازاں اے سی چمن نےلیویز فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کے دوران مشکوک افراد موٹر سائیکل سواروں گاڑیوں کی جامع تلاشی اور تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا اس دوران انہوں نے کئی گاڑیوں کے شیشوں سے بلیک پیپر اتروائے
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے انتظامیہ تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہیں اور عوام کو چاہیے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے سماج اورامن دشمن عناصر کی سرکوبی کی جاسکے۔
خبرنامہ نمبر 5764/2025
پشین۔24اگست:ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی نے گزشتہ روز مرغہ زکریازئی میں زیر تعمیر ڈیم کا دورہ کیا انہوں نے زیر تعمیرڈیم کے اہم سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ان سائٹس میں سپل وے،ڈائی ورشن ٹنلز سمیت بالائی اور زیر حصوں کا بھی معائنہ کیا ،ڈپٹی کمشنر نے کام کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں،انہوں نے ٹیم ورکرز خصوصاً کنٹریکٹر کو تاکید کی کہ منصوبے کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کے لیے ریکوری پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے،اور ڈیم کی بھرائی کیلئے درکار مٹیریل ذخیرہ کرنے کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زیر تعمیر ڈیم کا 55 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے،اور ریکوری 50 فیصد ہوئی ہے،واضح رہے کہ یہ ایک کثیر المقاصد منصوبہ ہے ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت سے پانی کے مسائل و مشکلات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے جبکہ اس ڈیم کی تکمیل سے واٹر ٹیبل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ ذخیرہ کیے گئے پانی کی بدولت ضلع کی 1500 ایکڑ سے زائد نئی آراضی بھی زیر کاشت آئے گی تاہم ڈیم کے گرد و نواح میں موجودہ آراضی کو پانی کی فراہمی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ممکنہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔
خبرنامہ نمبر 5765/2025
پشین۔24 اگست:ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی نے گزشتہ روز آر،ایچ،سی عمر آباد اور آر، ایچ،سی کا دورہ کرتے ہوئے غیر حاضری اور ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا،ڈپٹی کمشنر نے طبی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامی امور کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر محافظین صحت کے خلاف نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا،جبکہ آر، ایچ، سی عمر آباد میں ڈیوٹی پر موجود طبی عملے کو ہسپتال میں انتظامی امور،صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ادویات کی عدم دستیابی پر وارننگ دیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ او،پی،ڈی میں آنے والے مریضوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور ہسپتال کے دیگر حصوں کی حالت بہتر بناتے ہوئے ادویات پورے کیے جائیں اور موجود میڈیسن کو اسٹور میں ایس،او،پیز کے تحت رکھا جائے،اور صفائی ستھرائی کے نظام کو فوری بہتر کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے دونوں مراکز صحت میں ادویات کی کمی کو پورا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،ڈاکٹر و پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی حاضری یقینی بنائیں، ہسپتال میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کے ساتھ احسن طریقے سے پیش آیا کریں، بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 5766/2025
گوادر، 24 اگست: آج وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، سیکریٹری پاور ڈویژن، چیف ایگزیکٹو کیسکو موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان، چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں گوادر میں بجلی کی کمی اور پانی کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ گوادر میں 170 میگاواٹ کے سولر پلانٹ کے قیام کا جائزہ لیا جائے تاکہ گھریلو اور صنعتی ضروریات کے لیے پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔مزید یہ بھی طے پایا کہ گوادر میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر 2 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی، تاکہ بجلی کی قلت کے باعث پانی کی ترسیل میں پیدا ہونے والے مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ حالیہ بارشوں سے شادی کور ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور وہاں سے گوادر کو پانی کی فراہمی کا کام جاری ہے، جو چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔ تاہم، پانی کی مؤثر تقسیم کے لیے متواتر و متوازن بجلی کی ضرورت ہے، جس کے فوری انتظامات ضروری ہیں۔
خبرنامہ نمبر 5767/2025
کوئٹہ 24 اگست :محکمہ سوشل ویلفیئر و سماجی بہبود حکومت بلوچستان کے ذیلی ادارے آرتھو ٹک، پروس تھیٹک اور فزیوتھراپی سینٹر (OPPC) میں معذور افراد کے علاج اور بحالی کا عمل جاری ہے۔ سینٹر میں معذوری کو کمزوری کے بجائے سہولت میں بدلنے کے لیے جدید مصنوعی اعضا (پروتھیسس)، آرتھو ٹک آلات اور فزیوتھراپی کی سہولیات ضرورت مند افراد کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ معذور افراد کی بحالی کا یہ ادارہ بروری روڈ کوئٹہ پر قائم ہے جہاں معذور افراد کو مفت علاج و بحالی کی خدمات مہیا کی جاتی ہیں۔ محکمہ سماجی بہبود کے مطابق اس مرکز کا مقصد معذور افراد کو معاشرے کا فعال اور باوقار شہری بنانا ہے۔
خبرنامہ نمبر 5768/2025
کوئٹہ:سیکرٹری پی ایچ ای / واسا محمد ہاشم غلزئی کی زیر صدارت واسا ہیڈ افس میں ماہانہ پروگریس رپورٹ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا محمد گل خلجی ڈائریکٹر ریونیو سہیل انجم ,چیف انجنئیر محمد رمضان اچکزئی۔ڈائریکٹر فنانس ڈائریکٹر واٹر سپلائی زرغون عبدالقیوم ۔ایکسئین زرغون فرید احمد ۔ڈائریکٹر واٹر سپلائی ظہر ستار ۔ایکسئین علی اکبر میڈم زی وقار اور تمام سب ڈویژن کے ایس ڈی او ، ریونیوافیسران اور سپروائزرز موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پانی کی فراہمی کے لیے واسا کوئٹہ شہر میں ہنگامی بنیادوں پر تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر کیجا رہی ہے اجلاس میں بتایا گیا کہ واسا عوام کو پینے کی صاف پانی کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے، واسا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اور محکمہ کی کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہے۔واسا کی بہتری اور عوام کو پینے کی صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہم سب نے کردار ادا کرنا ہوگا۔ریونیو ریکوری کے لئے مشترکہ کوششوں کو مزید موثر بنانے کے لیے سالانہ 50کروڑ سے بڑھانا تاکہ محکمہ واسا اپنے مسائل خود حل کرسکے آمدنی کو بڑھانے سے مسائل حل ہونگے۔ اور محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکےگا عوام کو پینے کے پانی کی سپلائی بغیر کسی تعطل کے یقینی بنایا جائےگا ہر ایس ڈی او ۔سپروائزر اور والمین کی کارگردگی پر خاص طور نظر رکھی جائے گی۔ ان کے خلاف شکایت کی صورت میں متعلقہ ایس ڈی او سے وضاحت طلب کیا جائےگا۔اور تمام ٹیوب ویلوں میں رجسٹرڈ رکھ کر پانی کی ترسیل کا ٹائم ٹیبل نوٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام سائیڈ افیسران عوام کو پانی کی ترسیل کو بہتر سے بہتر بناہیں۔اس ضمن میں کو تائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئیگا اگر کوئی ملازم پانی کی ترسیل میں اقرباءپروری ذاتی عنا یا بد عنوانی کا مرتب پایا گیا اور اگر کوئی ملازم اپنی جگہ کسی اور شخص کو ڈیوٹی پر مامور کرتا ہے تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملازم کو نوکری سے برخاست کردیا جائیگا۔
خبرنامہ نمبر 5769/2025
گوادر24اگست:: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلع گوادر میں چار نئے بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کا افتتاح کر دیا۔ واضح رہے کہ تین روز قبل بھی چار بی ایچ یوز کا افتتاح کیا گیا تھا، جس کے بعد اب مجموعی طور پر دس بی ایچ یوز عوام کی خدمت کے لیے فعال ہو چکے ہیں۔افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی اور پی پی ایچ آئی کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوشن آفیسر صابر حیاتان بھی شریک تھے۔ ان مراکز صحت کے قیام سے ضلع کے دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی علاج و معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ان کا اولین فرض ہے۔“ہر شہری کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا میری پہلی ترجیح ہے۔ جب تک میرے حلقے کے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوتے، میں سکون سے نہیں بیٹھوں گا،”۔ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی، ڈاکٹر مرشد دشتی نے اس موقع پر بتایا کہ یہ تمام بی ایچ یوز نہایت مختصراً مدت میں فعال بنا کر عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں تاکہ فوری طور پر لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہو سکے۔
خبرنامہ نمبر 5770/2025
گوادر24اگست: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلع گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے تحت دو اہم سڑکوں کا افتتاح کیا۔ افتتاح شدہ سڑکوں میں سربندن انٹرنل روڈ اور چب کلمتی کا غلام محمد شہزادہ روڈ شامل ہیں۔ان سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف مقامی عوام کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی بلکہ لوکل سطح پر تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ عوامی سطح پر یہ منصوبے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور دور دراز علاقوں کو مرکزی روڈ اور شہر سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ:“علاقے کی ترقی اور عوامی سہولت کے لیے مزید منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر گاؤں اور ہر بستی کو معیاری سڑکوں، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم ہوں تاکہ گوادر کے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔”
خبرنامہ نمبر 5771/2025
جعفر آباد24اگست:ضلع جعفر آباد میں ڈپٹی کمشنر خالد خان کی قیادت میں مفاد عامہ کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ چھٹی کے روز بھی جاری رہا۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کے ہمراہ فیز ٹو کے مکینوں کو درپیش دیرینہ مسئلہ آب نوشی کی فراہمی کے مستقل حل کے لیے قابل تحسین جدوجہد کی،جس کے نتیجے میں فیز ٹو میں پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر خالد خان کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پی ایچ ای فیز ٹو کے تحت جلد از جلد تمام علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز (ہفتہ) کو ڈپٹی کمشنر خالد خان نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹو انجینیئر محمد کاظم لونی اور محکمہ ایریگیشن کے سب ڈویژنل افیسر سید امجد شاہ کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا، جس میں فیز ٹو کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔ اتوار کے روز ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کنال سے پانی کی سپلائی کے نظام کا خود معائنہ کیا، جہاں موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔اس موقع پر مقامی مکینوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے جانے والے اقدامات، خصوصاً فیز ٹو کے لیے پینے کے پانی کی دستیابی کے سلسلے میں سنجیدگی اور عملی اقدامات کو سراہا۔ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات میں کہا کہ وہ ان کی انتھک کاوشوں کے شکر گزار ہیں اور یہ اقدامات عوامی ریلیف کی سمت ایک مثبت پیش رفت ہیں۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے موقع پر موجود افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیز ٹو میں پانی کی فراہمی میں جو بھی رکاوٹیں درپیش ہیں، انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیز ٹو کے عوام طویل عرصے سے پانی کی قلت کا شکار تھے، جس کے تدارک کے لیے ہم نے ہر ممکن اقدامات کیے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مفاد عامہ میں ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جا سکیں۔ ہمیں قوی امید ہے کہ بہت جلد تمام متاثرہ علاقوں کو مناسب مقدار میں صاف اور قابلِ استعمال پانی فراہم کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں عوام کو جو مسائل درپیش ہیں، ان کا بروقت اور مؤثر حل کر کے ہم اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور دیگر عوامی مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع جعفر آباد میں جاری ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات باآسانی دستیاب ہوں۔