News

25-07-2025

خبرنامہ نمبر5182/2025
کوئٹہ 25 جولائی۔ صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ بلوچستان موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات کی زد میں ہے، جہاں بارشوں کی غیر معمولی کمی، درجہ حرارت میں اضافہ، پانی کی قلت اور زرعی زمینوں کی بربادی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت بلوچستان نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کےمطابق :”بلوچستان ماحولیاتی لحاظ سے ایک حساس صوبہ ہے، ہمیں مستقبل کے خطرات کو روکنے کے لیے آج اقدامات کرنے ہوں گے۔ شجرکاری، پانی کے ذخائر کی حفاظت اور صاف توانائی کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملاخیل نے اپنے ایک بیان میں اس بارے میں کہا کہ:”بلوچستان میں کلائمیٹ چینج کے اثرات روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے صوبے بھر میں ‘گرین بلوچستان’ مہم کے تحت بڑے پیمانے پر شجرکاری، آلودگی کنٹرول اور ماحولیاتی تعلیم کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔”صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔”ماحول صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم ضلعی سطح پر ماحولیاتی کمیٹیاں قائم کر رہے ہیں تاکہ مقامی سطح پر مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل ممکن ہو سکے۔حکومت بلوچستان کا موقف ہے کہ وفاقی سطح پر کلائمیٹ فنانسنگ میں بلوچستان کو جائز حصہ دیا جائے تاکہ صوبہ اس چیلنج کا موثر طور پر مقابلہ کر سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5183/2025
کوئٹہ، 25 جولائی ۔ صوبائی مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے جمعہ کو “شرکت گاہ” اور “بول اٹھو آرگنائزیشن” کے زیرِ اہتمام افرادِ باہم معذور اور ٹرانس جینڈر فنکاروں کے تخلیق کردہ فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا نمائش میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے فن پارے دیکھے اور تخلیق کاروں کے ہنر اور جمالیاتی ذوق کو سراہا انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف معذور افراد اور ٹرانس جینڈر برادری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ معاشرے میں موثر شمولیت، یکجہتی اور قبولیت کے مثبت رجحانات کو بھی فروغ دیتی ہیں انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں کسی صنف، عمر یا جسمانی حالت کی محتاج نہیں ہوتیں اور اس نمائش نے اس بات کو خوبصورتی سے ثابت کیا ہے صوبائی حکومت ایسے اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے جو معاشرتی ہم آہنگی اور بااختیار بنانے کے عمل کو مضبوط بناتے ہیں نمائش میں پینٹنگز، دستکاری، خطاطی اور دیگر فنونِ لطیفہ کے خوبصورت نمونے پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے منتظمین کو اس بامقصد تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کے ذریعے محروم طبقات کو نمائندگی دی جاتی رہے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Quetta, July 25, 2025Provincial Advisor on Women Development, Dr. Rubaba Khan Buledi, inaugurated an art exhibition organized by Shirkat Gah and Bol Utho Organization, featuring creative works by persons with disabilities and transgender artists. The event attracted a diverse audience from various walks of life.Dr. Rubaba Khan Buledi visited the exhibition and praised the creativity, talent, and artistic expression of the participants. She stated that such initiatives not only highlight the capabilities of marginalized communities but also promote inclusion, solidarity, and acceptance in society.”Creative potential is not limited by gender, age, or physical condition, and this exhibition is a beautiful testament to that truth,” she remarked. She reaffirmed the provincial government’s commitment to supporting efforts that empower underrepresented groups and foster social harmony.The exhibition featured paintings, handicrafts, calligraphy, and other fine arts pieces, all of which were well-received by attendees. Dr. Buledi congratulated the organizers on successfully hosting a meaningful event and expressed hope that similar platforms will continue to provide visibility and recognition to disadvantaged communities in the future.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5184/2025
چمن25جولائی ۔ انسداد پوست مہم کا آغاز، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے عملی شرکت سے آغاز کیا-بلوچستان میں منشیات کے خلاف جاری موثر اقدامات کے تسلسل میں آج چمن میں پوست کی کاشت کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ مہم کے پہلے روز محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان نے بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے عملی اقدامات کا آغاز کیا۔انسداد پوست مہم کا مقصد چمن اور گرد و نواح کے علاقوں میں پوست کی غیر قانونی کاشت کی روک تھام اور عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے مہم کے دوران پوست کی فصلوں کی نشاندہی، تلفی، اور متعلقہ قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔محکمہ ایکسائز کے افسران اور اہلکاروں نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پوست کی فصل کے خلاف موثر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس موقع پر عوامی سطح پر آگاہی بھی دی گئی تاکہ منشیات کے خطرناک اثرات سے لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔حکومت بلوچستان کی ہدایت پر منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پوست کی کاشت نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے تباہ کن بھی ہےیہ مہم آئندہ چند روز تک جاری رہے گی، جس میں دیگر اداروں کی شمولیت کے ساتھ مربوط کارروائیوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5185/2025
تربت 25 جولائی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے سوشل میڈیا پر چلنے والی اطلاعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صلالہ بازار میں جاری سیوریج لائن کے منصوبے اور شاہی تمپ روڈ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت دی گئی کہ کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ معیار پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر منصوبے مقررہ وقت میں مکمل نہ ہوئے یا ناقص تعمیراتی کام کی شکایات موصول ہوئیں، تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر کیچ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی کوتاہی یا غیر معیاری کام کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت اصلاحی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کیچ کی ترقی اور شہری سہولیات کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5186/2025
خضدار 25 جولائی۔ پولیس ایس ایچ او سٹی خضدار اور سی آئی اے کی مشترکہ کارروائی — بھاری مقدار میں منشیات (افیون) برآمد، ملزم گرفتارایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر کی ہدایات پر ڈی ایس پی سٹی محمد زمان ہندرانی کی زیر نگرانی ایس ایچ او سٹی عبداللہ پندرانی اور سی آئی اے انچارج مقبول موسیانی، زاہد مصطفی نے مخبر خاص کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایکس-کرولا کار کو سنیپ چیکنگ کے دوران روکا اور مکمل تلاشی لی۔ کار کی ڈرائیور سیٹ کے نیچے سے تین گھٹی برآمد ہوئیں جن میں 12.5 کلوگرام افیون موجود تھی۔ ملزم صاحب خان کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ مقدمہ نمبر 143/025 بجرم دفعہ 9(1)5F درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔دوسری کاروائی میں دوران سنیپ چیکنگ مفرور ملزم سمیر احمد کو بھی گرفتار کیا گیا، جو مقدمہ نمبر 42/025 بجرم 381A میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔خضدار پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5187/2025
نصیرآباد25جولائی ۔ تمام متعلقہ آفیسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے آغاز پر سپرنٹنڈنگ انجینئر غلام سرور بنگلزئی نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم، شاخوں اور سب شاخوں کی صورتحال اور درپیش مسائل پر تفصیلی آگاہی فراہم کی جبکہ تمام ایگزیکٹو انجینئرز نے اپنی اپنی حدود میں جاری ترقیاتی اسکیمات، بھل صفائی، مرمت اور عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے فرداً فرداً بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر کینالز ناصر مجید نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے زرعی کمانڈ ایریا کو مزید زرخیز بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، پٹ فیڈر کینال، کیرتھر کینال اور ڈرینیج سسٹم کی بھل صفائی کروائی گئی جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ضروری ہے کہ آفیسران اپنی نگرانی میں ان منصوبوں کو معیار کے مطابق مکمل کروائیں انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کے وژن کے مطابق زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، ذیلی شاخوں تک پانی کی ضرورت کے مطابق فراہمی یقینی ہو تاکہ کسانوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو محکمانہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، کسی بھی اسکیم میں پیشگی ادائیگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ چیف انجینئر ناصر مجید نے مزید کہا کہ افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں، عوامی مفاد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مون سون بارشوں و ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ سے قریبی روابط رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محکمہ ایریگیشن ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر عوام کی بروقت مدد کر سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کینالز کی نگرانی کو مزید موثر بنایا جائے اور جہاں خطرہ محسوس ہو وہاں پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔بلخصوص ایریگیشن ڈرینیج سسٹم کی پشتوں کو مزید بہتر بنایا جائے کیونکہ سیلاب اور بارشوں کے پانی کا تمام تر دباو ڈرینیج سسٹم پر پڑتا ہے اس حوالے سے ذیادہ سے ذیادہ اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو قدرتی آفات کے نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5188/2025
خضدار: 25 جولائی ۔تحصیل وڈھ کاکاہیر میں گیسٹرو وبا، 133 افراد متاثر، محکمہ صحت کا فوری ردعمل خضدار کی تحصیل وڈھ کاکاہیر میں گیسٹرو وبا پھیلنے کی اطلاع ملی ، کہ جس سے 133 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کو اسہال اور دیگر متعلقہ علامات کے علاج کے لیئے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ خوش قسمتی سے اس وبا سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈپٹی کمشنر خضدار کی ہدایات پر پی پی ایچ آئی-بی ڈی ایس یو خضدار اور محکمہ صحت خضدار نے مشترکہ طور پر فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے میڈیکل اور پیرامیڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجے، جنہوں نے ہنگامی بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کیں۔ماہرین نے وبا کی وجہ صاف پانی کی عدم دستیابی اور بارشوں کے موسم کو قرار دیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5189/2025
کوئٹہ25۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، زیارت اور خضدار کے اضلاع میں آندھی چلنے کا امکان ہے۔ جبکہ چاغی، نوکنڈی واشک اور پنجگور میں گرد آلود ہواو¿ں کے ساتھ دن کا درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارکھان میں 17.0 ملی میٹر، خضدار میں 5.7 ملی میٹر، لورالائی میں 3.2 ملی میٹر اورسبی میں 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
پریس ریلیز
کوئٹہ 24جولائی :۔ہما یون خان خلجی ولد دوست محمد خلجی گز شتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔ مرحوم جہانگیر خلجی، نیک محمد خلجی ، سلمان خلجی کے بھائی۔ میروائیس خلجی ، شا ہ ویس خلجی کے چچازاد بھائی تھے اور وقار خان نورزئی ، نثار خان نورزئی ، وقاص خان نورزئی کے ماموں تھے ،اور فرہاد خان خلجی کے والد تھے۔ ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی یار محمد مسجد نیچاری روڈ کوئٹہ میں جاری ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر5190/2025
جعفرآباد25جولائی ۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو انجینیئر ایریگیشن ڈرینیج گل حسن خان کھوسہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد نواز جتک، ایگزیکٹو انجینیئر مواصلات و تعمیرات روڈز بوستان خان چانڈیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جلیل احمد۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، سب ڈویڑنل آفیسر بلڈنگز اعجاز احمد بہرانی،سیف اللہ بنگلزئی لوکل گورنمنٹ، ایجوکیشن سمیت دیگر محکموں کے افسران اور ان کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت تمام افسران اپنے اپنے محکموں میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکیمات کی مضبوط اور قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ ان منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی امور کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی نوعیت کی اسکیمات کو اولین فوقیت دی جائے گی اور یہ منصوبے عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بنائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا فوری حل اور علاقے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے، اس لیے تمام محکمے بروقت پی سی ونز اور ڈیزائن مکمل کرکے جمع کروائیں تاکہ فنڈز ریلیز ہونے کے بعد کسی بھی منصوبے میں تاخیر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو پینے کے صاف پانی، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، بہتر سڑکوں، نکاسی آب ایریگیشن ڈرینیج سسٹم کی پشتوں کو مزید مضبوط بنانے سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی ہوگی، جس سے علاقے کی مجموعی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے مجوزہ اسکیمات پر بریفنگ بھی دی گئی اور ڈپٹی کمشنر نے ان تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5191/2025
استامحمد25جولائی ۔ ڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق نے تحصیلدار علی گور مگسی، ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ہمراہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کاروائی کی۔ کاروائی کے دوران مختلف مقامات پر فٹ پاتھوں، سڑکوں اور بازاروں میں لگائی گئی ریڑھیاں، تھڑے اور غیر قانونی اسٹالز ہٹا دیے گئے جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے ہوئے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی عوامی راستے بند کرنے یا ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ اور سڑکیں عوام کی ملکیت ہیں، ان پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مختلف مارکیٹوں اور دکانوں کا بھی دورہ کیا اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ خریداروں اور پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5192/2025
کوئٹہ 25 جولائی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کی تیاریوں، پولیو کے خلاف جاری اقدامات اور ماحولیاتی نگرانی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ fIPV + OPV “Readiness Campaign” کے تحت کوئٹہ کی 39 یونین کونسلز میں پولیو مہم چلائی جائے گی۔اس مہم کے دوران 0 سے 59 ماہ کی عمر کے 3,53,950 بچوں کو OPV جبکہ 4 سے 59 ماہ کے 3,36,229 بچوں کو fIPV ویکسین دی جائے گی۔اجلاس میں سال 2024-2025 کے دوران مختلف مقامات پر کی گئی ماحولیاتی نگرانی (Environmental Surveillance) کے نتائج بھی پیش کیے گئے، جن کے مطابق بعض مقامات پر پولیو وائرس (WPV1) کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے۔ اس ضمن میں فوری اور مو¿ثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔ہائی رسک علاقوں کی نشاندہی کے لیے ایک تفصیلی نقشہ بھی پیش کیا گیا تاکہ مہم کو زیادہ مو¿ثر اور ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ انسداد پولیومہم کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ والدین کو پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مو¿ثر مہم چلائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ ٹیمیں بلا خوف و خطر اپنا کام انجام دے سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5193/2025
کوئٹہ۔25جولائی ۔ عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق عزت مآب جناب چیف جسٹس عدالت عالیہ بلو چستان کو لیڈی ڈاکٹرز کے والدین کی طرف سے ایک درخواست موصول ہوئی تھی۔ جس میں شکایت کی گئی کہ ایف سی۔ پی۔ ایس کے لیڈی ڈاکٹرز گائنی کے (TOACS) زبانی امتحان کو ئٹہ میں منعقد ہونے کے بجائے کراچی سندھ میں ہوتے ہیں۔ جبکہ دیگر صوبوں کے ایف سی۔ پی۔ایس۔ کے امتحانات اپنے اپنے شہروں میں (TOACS) زبانی منعقد ہوتے ہیں۔عزت مآب جناب چیف جسٹس صاحب نے شکایتی درخواست کو آئینی درخواست میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے چیئر مین / انچارج کالج آف پاکستان کراچی کو نوٹس جاری ہونے کے احکامات جاری کر دیئے اور کیس کی سماعت کو دس دن بعد عدالت عالیہ کے ڈویڑن بینچ نمبر 1 کے سامنے سیریل نمبر 1 پر فکس کیا گیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5194/2025
گوادر۔ 25 جولائی ۔ گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ادارے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کرکے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ ان میں انجینئرنگ، ایڈمنسٹریشن، فنانس سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔اس موقع پر چیف انجینیئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے ڈائریکٹر جنرل کو گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت مکمل شدہ، جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ جی ڈی اے اب تک 128 مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کر چکا ہے، جبکہ 20 منصوبوں پر کام جاری ہے اور اولڈ ٹاون بحالی منصوبے کے تحت جاری سرگرمیاں ان کے علاوہ ہیں۔ڈائریکٹر جنرل کو آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلات دی گئیں جن میں میرین ڈرائیو کو کوہِ باتیل تک توسیع دینا، مغربی ساحل پدی زر پر ماہی گیروں اور بوٹ میکنگ صنعت کیلئے سہولیات فراہم کرنا، نادرن بائی پاس کی تعمیر، سمارٹ انوائرمنٹل پروجیکٹ، جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی توسیع، نرسنگ اسکول اور میڈیکل کالج کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔ اسی طرح پرانی آبادی میں شاہی بازار اور جنت بازار، ماڈل محلہ کی تعمیر و تزئین و آرائش کے منصوبے بھی شامل ہیں۔شہر میں حالیہ پانی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ جی ڈی اے نے شہر کو شادی کور ڈیم اور سوڈ ڈیم سے واٹر ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے منسلک کیا ہے جس کے ذریعے روزانہ 35 لاکھ گیلن پانی کی ترسیل کی جا رہی ہے۔ تاہم گزشتہ سوا سال سے بارش نہ ہونے کے سبب آنکاڑہ ڈیم خشک ہو چکا ہے، جس کے باعث شہر کے گرد و نواح میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ جی ڈی اے اپنی سطح پر اس بحران پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے پانی کی فراہمی میں بہتری اور عوام کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں کو سخت ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر معین الرحمٰن خان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ گوادر کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار اور سیاح یہاں آ کر مستفید ہو سکیں۔انہوں نے جی ڈی اے کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جی ڈی اے ایک منظم و موثر ترقیاتی ادارہ ہے لہذا اسکی قیام کی بنیادی مقصد ے پیش نظر وہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ دیانت داری سے انجام دیں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی وسائل کے غلط استعمال پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کی کارکردگی میں بہتری، شفافیت اور شہر کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کئی اہم اقدامات اور مجوزہ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا، جو مستقبل قریب میں جی ڈی اے اور گوادر شہر کی ترقی میں کلیدی کردارادا کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5195/2025
قلات25جولائی ۔ ڈپٹی کمشنر قلات کے ایک اطلاع کے مطابق سائرہ بلوچ زوجہ عبدالغفار قوم شاہوانی سکنہ برنچنہ تحصیل منگچر ضلع قلات کا لوکل سرٹیفیکیٹ انکی اپنی درخواست پر منسوخ کردیا گیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5196/2025
کوئٹہ25جولائی ۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق گورنمنٹ کنٹریکٹر ایم ایس حاجی مطیع اللہ اینڈ برادرز کو 16 جون 2025 محکمے کی جانب سے کام نامکمل چھوڑنے پر بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔ تاہم مذکورہ کنٹریکٹر کی جانب سے منصوبے پر کام کے دوبارہ آغاز کرنے پر بلیک لسٹ ہونے کی پابندی ختم کی جارہی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر5197/2025
نصیرآبادڈویژن25جولائی*
نصیرآباد ۔۔۔۔سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیر آباد ڈویژن غلام سرور بنگلزئی نے کہا ہے کہ پٹ فیڈر کینال کیر تھر کینال میں زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کمانڈ ایریا کو سیراب کر کے علاقے میں ترقی اور خوشحالی لائی جا سکے زرعی پانی کے منصفانہ تقسیم کار کو یقینی بنانے کے لیے چیف انجینیئر کینالز ناصر مجید ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر حاجی محمد ابراہیم مینگل ایگزیکٹو انجینیئر کیرتھر کینال ارشاد علی ساسولی ایگزیکٹو انجینیئر ایریگیشن ڈرینیج سسٹم گل حسن خان کھوسہ کی سربراہی میں تمام عملہ اور انجینیئرز اپنی خدمات میں مصروف عمل ہیں اس کے ساتھ ساتھ تمام سب ڈویژنل آفیسران تمام زیلی شاخوں پر کڑی مانیٹرنگ کر رہے ہیں یہ تمام تر اقدامات صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں کیے جا رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو جو مسائل درپیش ہیں ان کا تدارک کیا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینالز میں پانی کی فراہمی کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی نے کہا کہ خریف سیزن میں تمام کمانڈ ایریا کو مکمل سیراب کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت انجینیئرز اپنی محکمانہ صلاحیتوں کو برو کار لا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ ایریگیشن تمام کاشتکاروں اور زمینداروں کو بلا رنگ و نسل بلا تفریق زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کار کوئی یقینی بنانے میں اقدامات کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ تمام انجینیئرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ زرعی پانی کی تقسیم کار کے عمل پر گہری نظر رکھیں اور جن علاقوں سے کاشتکاروں کی شکایات سامنے آرہی ہیں ان کا فوری طور پر تدارک کیا جائے زرخیز نصیر آباد ڈویژن محکمہ ایریگیشن کا ویژن رہا ہے جس پر انجینیئرز دن رات مصروف عمل ہیں اس وقت پٹ فیڈر کینال میں 6500 کیوسک پانی کی ترسیل جاری ہے اور تمام زیلی شاخوں کو منصفانہ طریقے سے زری پانی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیل تک کمانڈ ایریا آباد ہو سکیں اسی حوالے سے جھڈیر شاخ کی 70 آر ڈی سے 90 آر ڈی تک پانی کی رسد کو ممکن بنایا گیا ہے اس میں مزید بہتری لانے کے لیے فیلڈ اسٹاف کوشاں ہے اسی طرح نصیر شاخ میں بھی ٹیل تک زمینداروں کو زرعی پانی فراہم کیا گیا ہے جس کا سلسلہ جاری ہے ٹیمپل شاخ کی آر ڈی 64 سے لیکر آر ڈی 73 تک پہنچایا گیا ہے اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے جھٹ پٹ اور محبت شاخ میں بھی ٹیل کے زمینداروں تک پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا چکی ہے اسی ریگولیٹر سے نکلنے والی بالان شاخ کی آر ڈی 57 تک پانی کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا ہے مگسی شاخ کی آر ڈی زیرو سے لے کر آر ڈی ساٹھ تک کے کسان ذرعی پانی سے پیدوار حاصل کرنے میں مصروف عمل ہیں روپا شاخ سے آر ڈی ستائس سے آگے تک کسانوں کو زرعی پانی فراہم کیا جارہا ہے اس تمام تر امور کو سرانجام دینے کے لیے تمام افیسران اور دیگر عملہ سنجیدگی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہیڈ کے زمینداروں پر لازم ہے کہ وہ پانی کے ضیاع کو روکیں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی ٹیل تک کے زمینداروں تک پہنچایا جا سکے اور ان کاشتکار بھائیوں کے مسائل بھی حل ہوں انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ اس مرتبہ ربیع سیزن کی طرح خریف سیزن میں بھی بمپر کرافٹ ہوگا اس سلسلے میں محکمہ ایریگیشن اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھل سکیں سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی نے تمام زمینداروں سے گزارش کی کہ وہ بے جا تنقید کرکے انجینیئرز کی حوصلہ شکنی کے عمل سے اجتناب کریں کیونکہ محکمہ ایریگیشن کے انجینیئرز اور دیگر سٹاف کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں اقدامات کر رہے ہیں اس طرح کی غیر ضروری تنقید سے محکمہ آبپاشی کے ملازمین جو کہ دن رات کوشاں ہیں ان کے اقدامات پہ منفی اثرات انداز ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام کاشتکاران اور زمینداران ہمارے لیے قابل قدر ہیں ان کو ان کے جائز حصے کے مطابق منصفانہ تقسیم کار سے زرعی پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ کیرتھر کینال میں بلوچستان کے مکمل حصے کے پانی کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے بین الصوبائی روابط کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے کاشتکاروں کو کیر تھر کینال میں اپنے حصے کا پانی فراہم کیا جا سکے اس وقت کیر تھر کینال میں 1900 کیوسک پانی کی فراہمی جاری ہے کیرتھر کینال کی تمام زیلی شاخوں میں زرعی پانی کی فراہمی کو یقین بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر5198/2025
کوئٹہ 25جولائی۔2025: رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ بلوچستان میر لیاقت علی لہڑی سے کوئٹہ لوکل بس ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن سید اقبال شاہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ملاقات میں شیر احمد بلوچ، بلند خان شاہوانی، حاجی افضل شاہوانی، ملک سرور شاہوانی، ملک بابو شفیع لہڑی، اختر شاہ کاکڑ، علی گل بنگلزئی، اقبال جتک سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران شامل تھے۔وفد نے پارلیمانی سیکرٹری کو حالیہ درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور بس مالکان کو درپیش مشکلات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ میر لیاقت علی لہڑی نے وفد کے مسائل بغور سنے اور وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھائیں گے اور ان کے جلد حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

خبرنامہ نمبر5199/2025
چمن 25 جولائی 2025:
ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کوچ بس و منی بس مالکان اور ویگن مالکان کیساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں چمن شہر سے تمام ٹرانسپورٹ کمپنی کوچ بس و منی بس ویگن ٹرک اور دیگر گاڑیوں کی چمن شہر سے چمن ماسٹر پلان منتقلی کے فوائد اور وہاں پر فراہم کی گئی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا دو علیحدہ علیحدہ اجلاسوں میں چمن شہر کے تمام ٹرانسپورٹرز بس و ویگن مالکان اور سربراہان نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی صفائی ستھرائی یقینی بنانے شہر میں شور و غل کم کرنے کاروبار کو وسعت دینے اور طلباء و طالبات اور دیگر اداروں کی آفیسران اور سٹاف کی اپنے سکولز اور محکموں میں بروقت پہچنے اور ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے اور انکی بروقت علاج و معالجہ کرنا اور دیگر انگینت فوائد پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور شہر سے تمام گاڑیوں کو چمن ماسٹر پلان منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مفاد عامہ کی خاطر ہمہ وقت ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا چاہیے انہوں نے کہا کہ آج کے بعد شہر میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی داخلے آور کھڑے کرنے پر زمہواروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی بعد ازاں ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے ٹرانسپورٹروں جس میں بس مالکان اور ویگن مالکان اور دیگر مشران و سربراہان کو چمن ماسٹر پلان کا وزٹ کروایا اور تمام مالکان کو انکی دفاتر مسافروں کی انتظار گاہیں اور دیگر ضروری سہولیات کا تفصیلی معلومات فراہم کیں اور سیر کروایا گیا۔ ڈی سی چمن نے کہا کہ اگر چہ ابتدائی چند ایام میں مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو تھوڑی تکالیف اور مشکلات کا سامنا ہو گا تاہم چند دنوں میں یہ تمام مسائل اور مشکلات سکھ اور آرام میں بدلیں گی کیونکہ چمن ماسٹر پلان اڈے میں ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کیلئے ہر قسم کی سہولیات جس میں واش رومز انتظارِ گاہیں مسجد اور دیگر تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں ہیں لہذا ٹرانسپورٹرز آج کے بعد چمن شہر کی خوبصورتی میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے چمن شہر سے اپنے ہر قسم کی ٹرانسپورٹ اڈوں کو چمن ماسٹر پلان منتقل کریں اور زمہداری کا ثبوت دیں

خبرنامہ نمبر5200/2025
گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور سے ایکسئین کیسکو حسین بخش پیچو نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں نیو ٹاؤن کے جاری بجلی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں کونسلر نیو ٹاؤن امان اللہ بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران نیو ٹاؤن کے مکینوں کو درپیش غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کے وولٹیج میں اتار چڑھاؤ، علاقے کے لیے علیحدہ فیڈر کی ضرورت، اور کوسٹ گارڈ فیڈر پر جاری پرانے کنڈکٹرز کی مرمت جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔
ایکسئین کیسکو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت کوسٹ گارڈ فیڈر پر جاری مرمتی کام کی وجہ سے نیو ٹاؤن کے رہائشیوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی جانب سے فراہم کی جانے والی بجلی بھی محدود ہے، جو شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کوسٹ گارڈ فیڈر پر بہتری اور مرمت کا کام اگست کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ مرمت کے بعد تمام پرانے اور خستہ حال کنڈکٹرز کو تبدیل کر دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں بار بار کی خرابیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے مستقل نجات ملے گی۔
ایکسئین کا کہنا تھا کہ چونکہ کوسٹ گارڈ فیڈر پہلے ہی اضافی بوجھ کا شکار ہے، اس لیے مرمت کے دوران صرف اُن علاقوں کی بجلی منقطع کی جائے گی جہاں کام جاری ہوگا، جبکہ دیگر علاقوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے ایکسئین کیسکو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ کیسکو نیو ٹاؤن کے بجلی سے متعلق مسائل کو جلد از جلد حل کرے گا، تاکہ عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔

خبرنامہ نمبر5201/2025
کوئٹہ۔ عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان نے سول جج VIIIکوئٹہ کو خصوصی طور پر کرایہ کے تمام مقدمات/ تنازعات کو نمٹانے اور ان کا فیصلہ کرنے کے لیے مختص کر دیا ہے ۔ دیگر تمام مقدمات جو اس وقت سول جج-VIII کوئٹہ کے سامنے زیر التوا تھے ان کو دیگر مجاز عدالتوں کو منتقل کر دیے گئے جبکہ دیگر عدالتوں میں زیر التواء تمام تعطل کا شکار کرایہ کے معاملات/کیسز کو بروقت نمٹانے کیلئے سول جج-VIII کوئٹہ کی عدالت میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔

خبرنامہ نمبر5202/2025
کوئٹہ۔ عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان نے وراثت سے متعلق تمام تنازعات کو خصوصی طور پر نمٹانے اور فیصلہ کرنے کے لیے سول جج VII کوئٹہ کو مختص کر دیا ہے۔ اعلامیہ میں چیف جسٹس نے سول جج-VII کوئٹہ کے سامنے اس وقت زیر التوا دیگر تمام مقدمات کو واپس لینے اور دیگر مجاز عدالتوں کو منتقل کرنے جبکہ دیگر عدالتوں میں زیر التوا وراثت سے متعلق تمام مقدمات سول جج-VII کوئٹہ کی عدالت میں منتقل کرنے اور وراثت سے متعلق مقدمات کو بلا تعطل تیزی سے نمٹانے کی ہدایت کی۔