News

05-07-2025

خبرنامہ نمبر 4767/2025
کوئٹہ، 05 جولائی :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے پرامن اور بامقصد انعقاد کے لیے عوام الناس کو محبت، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیا ہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محرم الحرام، خصوصاً یوم عاشور ہمیں عظیم قربانی، صبر، استقامت اور حق و سچ کی راہ میں ڈٹ جانے کی عملی مثالیں فراہم کرتا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی رہتی دنیا تک انسانیت، عدل، اصول پسندی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی روشن مثال ہے یہ مہینہ ہمیں ایثار، ہمدردی اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں محرم الحرام کے ایام میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ، پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں وزیر اعلیٰ نے علمائے کرام، ذاکرین، تمام مکاتب فکر، اور عزاداروں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیتے ہوئے ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کریں تاکہ یہ ایام پرامن اور عقیدت و احترام سے گزر سکیں۔

خبرنامہ نمبر 4768/2025
کوئٹہ05 جولائی۔ یوم عاشورہ کے موقع پر عزاداری اور مذہبی اجتماعات کے دوران شہریوں کو بہتر ین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھتیران نے واسا حکام کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ ہمیں امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جو حق و صداقت، قربانی، صبر اور استقامت کا لازوال پیغام ہے۔ صوبائی وزیر کی ہدایت پر واسا نے شہر بھر میں صفائی، نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر پانی کے ٹینکرز فراہم کر دیے جاہیں گئے اور فیلڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے کے لیے متحرک رہیں گی۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے مزید کہا کہیوم عاشورہ کے دوران کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری فوری طور پرکنٹرول روم یا متعلقہ دفاتر سے رجوع کریں۔ واسا کا عملہ شفٹوں میں کام کرے گا تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 4769/2025
زیارت 05جولائی: ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاءاللہ درانی نے زیارت کے علاقے منہ میں خواتین کو ڈیم میں ڈوبنے سے بچانے والے نوجوان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یاد رہے نوجوان شمال خان نے اپنی زندگی پر کھیل کر زڑگئی ڈیم میں ڈوبنے والی تین میں سے دو خواتین کو زندہ نکال لیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلوچستان آدھا پاکستان ہے۔ یہاں ریسکیو ٹیموں کا متعلقہ جگہوں پر پہنچنے میں کافی وقت لگتا ہے،ایسے میں ایسے بے لوث نوجوان ہی کارگرثابت ہوتے ہیں۔شمال خان جیسے لوگ نہ صرف بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں بلکہ انسانیت کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمال خان نے انسانیت کی خاطر بغیر کسی لالچ کے اپنی زندگی پر کھیل کر دو انسانوں کی جان بچائی۔ اس خدمت کے عوض کچھ بھی دیا جائے کم ہے مگربہترین انسانی خدمت کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا جائے گا اور مزید حوصلہ افزائی کے لیے حکام بالا سے سفارش کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 4770/2025
لورالائی5جولائی: ڈ پٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم بلوچ نے آج ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی کی صورتحال، عملے کی حاضری، اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لینا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم بلوچ نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی یونٹ، لیبارٹریز، اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (OPD) کا معائنہ کیا۔ دورانِ دورہ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔انہوں نے ہسپتال کے صفائی کے نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے میڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر کا بھی جائزہ لیا اور غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کے احکامات دیے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم بلوچ نے کہاعوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

خبرنامہ نمبر 4771/2025
نصیرآباد05جولائی:محرم الحرام کی نویں تاریخ کے موقع پر نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے طاہر کوٹ میں روایتی ماتمی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ روٹ سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر چھتر بہادر خان کھوسہ نے نائب تحصیلدار سید محمد شاہ کے ہمراہ جلوس کے تمام انتظامات اور سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر جلوس کے شرکاء اور عزا داروں کے لیے مختلف مقامات پر لنگر، نیاز اور سبیلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے سکیورٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جلوس کے راستے میں کسی بھی مشکوک شخص پر کڑی نظر رکھی جائے اور جلوس کے درمیان میں کسی غیر متعلقہ فرد کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام طے شدہ پروگرامز اور مجالس اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوں اور پرامن طریقے سے مکمل ہوں، اس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی تھی تاکہ عزاداروں اور جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور انہیں کسی قسم کی دشواری یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ماتمی جلوس کے موقع پر عزاداروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کے احکامات پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ٹیم ایمبولنس کے ہمراہ اپنی خدمات سرانجام دیتی رہی۔

خبرنامہ نمبر 4772/2025
نصیرآباد05 جولائی:ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کے احکامات کی روشنی میں نویں محرم الحرام کے موقع پر طبی مراکز بہرام خان بلیدی اور حاجی دلوش خان لوہر میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمبولینسز کے ہمراہ مستعد ہیں۔ عزاداروں کو فوری اور ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ دیگر طبی مراکز میں بھی ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال یا حادثے کی صورت میں فوری طبی امداد دی جا سکے، مجالس اور جلوسوں کے دوران زنجیر زنی اور دیگر عزاداری کے اعمال میں زخمی ہونے والے عزاداروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی نے کہا کہ محکمہ صحت نصیرآباد محرم الحرام کے دوران عوام کی صحت و تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور عزاداروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

خبرنامہ نمبر 4773/2025
سبی 05 جولائی :نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس مکمل عقیدت و احترام اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس کا آغاز الحسینی امام بارگاہ تریہڑ تحصیل لہڑی کے مقام سے ہوا اور مختلف روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی منزل پر بخیر و عافیت پہنچا۔جلوس میں 330 سے 350 عزاداروں نے شرکت کی، عزاداروں نے پرامن انداز میں جلوس کو مکمل کیا اور ضلعی انتظامیہ سبی کی جانب سے کیے گئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے روٹس پر لیویز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ جلوس کے آغاز سے اختتام تک واک تھرو گیٹس لگائے گئے تھےاور تمام راستوں کی بی ڈی کی گئی اور ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ رہیں۔ جلوس کے دوران کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے جلوس کے اختتام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی، صفائی، اور دیگر سہولیات پر موجود اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

خبرنامہ نمبر 4774/2025
قلات۔ پبلک لائبریری کو درپیش مسائل سے متعلق ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل بلوچ کا فوری ایکشن۔ لائبریری کے بجلی کو فوری بحال کردیاگیا۔خراب واٹرسپلائی کو مرمت کرواکر لائبریری کے پانی کا مسلہ بھی حل کردیاگیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل بلوچ نے کہا کہ قلات کے طلباء و طالبات کو مطالعے کے دوران بجلی پانی انٹرنیٹ اور دیگر درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں تاکہ قلات کے طلباء و طالبات بہتر ماحول میں مطالعہ کرسکیں بہت جلد پبلک لائبریری کا دورہ کرکے دیگر مسائل کا جائزہ لے کر انہیں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے پبلک لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کرکے اسے ایک مثالی لائبریری بنائیں گے تاکہ طلباء وطالبات اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں ۔

خبرنامہ نمبر 4775/2025
گوادر:(5 جولائی) چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا دورہ گوادر مخلتف اسٹیشنز اور واٹر سورسز کا دورہ کیا۔ چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالمطلب کا ایکسیئن پبلک ہیلتھ گوادر مومن بلوچ ایس ڈی او دادکریم بلوچ سب انجینئر ساجد سخی کے ہمراء سوڈ ڈیم، سوڈ پمپنگ اسٹیشن، چوڑ پمپنگ اسٹیشن اور ایئرپورٹ اسٹیشن گوادر کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے پانی سپلائی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔علاقے میں جاری پانی کے بحران کے حوالے سے چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) عبدالمطلب نے پانی کی فراہمی کے نظام کا ایک جامع جائزہ لیا ہے۔ اس جائزے کا مقصد بحران کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنا، پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی موجودہ حالت کا جائزہ لینا اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے متبادل اختیارات تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ایک تفصیلی رپورٹ سیکٹری اور چیف منسٹر کو ارسال کرنا ہے۔ چیف انجینئر کی طرف سے کیا گیا جائزہ پانی کے بحران سے نمٹنے اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پی ایچ ای کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔توقع ہے کہ آنے والی رپورٹ اور عمل درآمد کا منصوبہ اس بحران کو حل کرنے اور خطے کے لیے پانی کی پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس دوران چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر حاجی سیف اللہ ہوت اور کونسلران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

خبرنامہ نمبر 4776/2025
کوئٹہ۔ 5 جولائی:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے شمال مشرقی اور جنوبی حصوں میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اگلے 4 روز کے دوران قلات، لسبیلہ، خضدار، آواران، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، بارکھان، نصیر آباد، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں بارش کا امکان ہے۔ہفتہ اور اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل اور ڈیرہ بگٹی میں چند ایک مقامات پر آندھی وگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ لورالائی، بولان، ژوب، زیارت، کوئٹہ، قلات، مستونگ، خضدار، لسبیلہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں پیشین گوئی کی مدت کے دوران چند ایک مقامات پرموسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں (07.0) ملی میٹر سمنگلی میں (01.0) اور کوئٹہ میں ٹریس بارش ریکارڈ ہوئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 46.5 ریکارڈ کیا گیا۔