News

13-04-2025

خبرنامہ نمبر 2456/2025
کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے ایران میں پاکستانی مزدوروں کے قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ محنت مزدوری کے لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا، “ایران میں مزدوروں کی شہادت ایک المناک واقعہ ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف لواحقین کے لیے، بلکہ پوری قوم کے لیے رنج و غم کا باعث ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ایسے سانحات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پاکستانی محنت کشوں کے تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔

خبرنامہ نمبر 2457/2025
تربت13 اپریل: ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر پروفیسر برکت اسماعیل نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بی ایس پروگرامز کی کلاسز کا معائنہ کیا،اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا جہاں طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی اور تدریسی عمل خوش اسلوبی سے جاری تھا۔ بی ایس انگلش، زوالوجی، کیمسٹری اور سوشیالوجی کی کلاسز میں تدریسی سرگرمیاں تسلی بخش قرار دیا اس موقع پر اسسٹنٹ ڈی ایم او شریف شمبازیہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر گل جان خالد نے حکام کو کالج کی تدریسی و انتظامی صورتحال سے اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر نے کالج کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور تدریسی معیار کو سراہا۔

خبرنامہ نمبر 2458/2025
تربت 13 اپریل: اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دشت نبی بخش اور RTSM کے ضلعی مانیٹرنگ آفیسر سہیل بلیدی نے تحصیل دشت کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ ان کے دورے میں گورنمنٹ پرائمری اسکول جلبانی، گورنمنٹ پرائمری اسکول سیاہلو، گورنمنٹ پرائمری اسکول پٹوک، گورنمنٹ پرائمری اسکول شے بازار، گورنمنٹ مڈل اسکول مزن بند، گورنمنٹ مڈل اسکول سبدان اور گورنمنٹ پرائمری اسکول ہوچات شامل تھے انہوں نے اسکولوں کے انفراسٹرکچر، دستیاب بنیادی سہولیات، اساتذہ کی حاضری، تدریسی معیار اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بچوں سے مختلف سوالات بھی کیے گئے تاہم ان کے جوابات اطمینان بخش نہیں تھے اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اساتذہ کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ تدریس پر خصوصی توجہ دی جائے اور بچوں کی تعلیمی بہتری کے لیے مزید محنت کی جائے تاکہ نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہو بلکہ طلبہ کا اعتماد بھی بحال ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر 2459/2025
تربت/تمپ گومازی 13 اپریل : ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) تمپ گومازی شاری بلوچ نے ہفتے کے روز تحصیل تمپ کے علاقے گومازی میں واقع مختلف سرکاری گرلز اسکولوں کا دورہ کیا۔ جن اداروں کا معائنہ کیا گیا ان میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گومازی، گورنمنٹ گرلز (CSP) اسکول ملانٹ، اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول چیری گومازی شامل تھے انہوں نے طالبات سے سوال و جواب کا سیشن کیا، اساتذہ کی حاضریاں چیک کیں اور تدریسی ماحول کا جائزہ لیا۔شاری بلوچ کے مطابق مجموعی طور پر اسکولوں کی کارکردگی اطمینان بخش پائی گئی، تمام اساتذہ اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے، سوائے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول چیری گومازی کی ایک استانی کے، جو رخصت پر تھیں انہوں نے نشاندہی کی کہ چیری گومازی اسکول کی طالبات کو تاحال نصابی کتب فراہم نہیں کی گئیں، تاہم متعلقہ حکام کو جلد از جلد کتابوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نے گورنمنٹ گرلز (CSP) اسکول ملانٹ میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں نہ چاردیواری موجود ہے، نہ پانی، بجلی اور نہ ہی فرنیچر جیسی ضروری سہولیات میسر ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ طالبات کو محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے انہوں نے اساتذہ کو اپنی ڈیوٹی میں باقاعدگی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غیر حاضری کی صورت میں ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کی سنجیدہ وابستگی انتہائی ضروری ہے۔

خبرنامہ نمبر2460/2025
دکی.13, اپریل۔لیویز اہلکار دین محمد بلوچ کا نماز جنازہ کلی نالی رباط دکی میں ادا کی گئی
نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر برکت علی بلوچ ، کرنل محمد حنیف خٹک اسسٹنٹ کمشنر تحصیلدار سردار عبدالرازق دمڑ سمیت علمائے کرام علاقے کے معتبرین شریک تھے ۔دین محمد بلوچ کل مانکی ڈیم کے قریب لیویز کی گاڑی میں حادثے میں دیگر چھ لیویز اہلکاروں کے ہمراہ زخمی ہوئے تھے۔ دوران علاج لیویز اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کوئٹہ میں چل بسے تھے.

خبرنامہ نمبر 2461/2025
تربت 13 اپریل : رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے مریضوں کی عیادت اور مختلف وارڈز و شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین میر ہوتمان بلوچ، اے ڈی سی کیچ تابش علی و دیگر ان ہمراہ تھے اسپتال انتظامیہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ 1700 سے زائد مریضوں کا علاج ہوتا ہے، تاہم فنڈز اور ادویات کی کمی، فیکلٹی کی تنخواہوں کی بندش اور دیگر مسائل درپیش ہیں۔ رکن اسمبلی نے ان مسائل کے حل کے لیے وفاق و صوبائی حکومت سے بھرپور رابطے، کیتھ لیب کے قیام، ادویات بجٹ میں اضافے، اور فیکلٹی کی تنخواہوں کے مستقل حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وفد کو کوئٹہ بھیجنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اعلیٰ حکام سے براہِ راست ملاقات ہو سکے۔انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈ سے 4 نئی ڈائیلسز مشینیں اور مردہ خانہ کے لیے سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا، جبکہ سٹی پروجیکٹ کے تحت ٹراما سینٹر اور OT کمپلیکس کی سست تعمیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کام کی فوری تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ ان کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 2462/2025
موسیٰ خیل 13اپریل :پوست کی کاشت کے خلاف فیصلہ کن کارروائی، 6 ایکڑ فصل تلف:
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں لیویز فورس نے تحصیل کنگری میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے پوست کی وسیع پیمانے پر کاشت کو ناکام بنا دیا۔ ایس ایچ او کنگری کی قیادت میں لیویز اہلکاروں نے تحصیل کنگری میں دو مختلف کامیاب آپریشنز کے دوران تقریباً 06 ایکڑ اراضی پر پھیلی پوست کی فصل کو موقع پر ہی ڈنڈوں سے تلف کر دیا۔ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل فلائٹ لیفیٹنٹنٹ (ر)بلال شبیرنے اس کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او کنگری اور لیویز فورس کے تمام اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی منشیات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ضلع موسیٰ خیل میں پوست کی کاشت کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام معززین اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم قومی فریضے کی ادائیگی میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے علاقوں میں پوست کی کاشت یا اس کاروبار میں ملوث افراد کی نشاندہی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر 2463/2025
لورالائی 13اپریل: ڈائریکٹر نرسنگ بلوچستان میڈم کلثوم اقبال صاحبہ نے جناب ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس کی ہدایات کے مطابق کا لج اف نرسنگ لورالائی کا دورہ کیا،ڈایریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان کوئیٹہ کی ہدایات پر ڈایریکٹر نرسنگ میڈیم کلثوم نے نرسنگ کالج لورالائی اور پبلک ہیلتھ سکول اور میڈوائفری سکول کا دورہ کیا ۔اس موقع پر نرسنگ کالج لورالائی کی پر نسپل میڈیم سکینہ کاکڑ،پرنسپل پبلک ہیلتھ سکول اورمیڈ وائفری سکول میڈیم ڈاکٹر گل نساء کاکڑ نے اپنے اپنے سکولوں کا تفصیلی دورہ کرایا ،طالبات اور اساتزہ سے ملاقات کئیے ۔اور انکے مسائل معلوم کئیے اور انکے تمام مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔اسر اچھے انتظامات کرنے اور کالج کے بہتری کے لئیے اقدامات کرنے پر پرنسپل نرسنگ کالج لورالائی کو خراج تحسین پیش کی ۔اور مزید بھی بہتری لانے کے لئیے ہدایات جاری کئیے اس کے بعد ڈائریکٹر نرسنگ میڈیم کلثوم نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل سے منظور شدہ انفراسٹرکچر کے مطابق نئی زیر تعمیر کالج اف نرسنگ کی بلڈنگ کا معائینہ کیا اور کام کے معیار اور تیزی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اور کہا کہ نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ میں نرسنگ کو نسل کے قوانین کے مطابق تمام تر سامان کی رپورٹ بنا کر انشاءاللہ جلد ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس کو جمع کروائی جائے گی۔انشاءاللہ رواں مالی سال میں کو نسل کے قوانین کے مطابق کا لج آف نرسنگ کا کام مکمل کیا جائے گا۔ اور میری پوری کوشش ہوگی کہ پورے بلوچستان کے تمام نرسنگ کالجوں کو کو نسل کے معیار کے مطابق بنایا جائے۔

خبرنامہ نمبر 2464/2025
کوئٹہ 13 اپریل: صوبائی مشیر کھیل و اُمور نوجوانان،پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما محترمہ مینا مجید بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سیکریٹری جنرل ہمایوں خان اور سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن کو نئی جماعتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرریاں نہ صرف پاکستان کی مقبول ترین جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کریں گی بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت کے مشن کو نئی توانائی، جذبے اور مؤثر قیادت فراہم کریں گی۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اُن کی ٹیم پارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عوامی مسائل کا ادراک رکھنے والی اور نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی ضامن قیادت میں ڈھالیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی نئی قیادت ایک متحد، فعال اور عوام دوست پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن کو آگے بڑھانے میں سنگِ میل ثابت ہو گی اور نئی قیادت پارٹی کو نہ صرف جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی بلکہ عوامی خدمت، شفافیت اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائے گی اور وہ یونہی شہید بھٹو کے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ابھرتا پاکستان کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے۔

خبرنامہ نمبر 2465/2025
صحبت پور۔۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن کا چھٹی کے روز ضلع صحبت پور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا طوفانی دورہ کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے ضلع صحبت پور میں مفاد عامہ کے تحت شروع کئے گئے 35 مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بی ایچ یوز، اسکولز اور دیگر تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔معائنہ کیے جانے والے منصوبوں میں بی ایچ یو حضور بخش، بی ایچ یو محمد کریم سمالانی، گورنمنٹ ڈگری کالج، گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول عبدالمجید کھوسہ، گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول محمد بخش کھوسہ، گورنمنٹ پرائمری اسکول گل بہار، بی ایچ یو عبدالغنی کھوسہ، بی ایچ یو یاسر خان کھوسہ، بی ایچ یو چتن پٹی، بی ایچ یو اختیار خان کھوسہ، بی ایچ یو بھنڈ، زیر تعمیر اسسٹنٹ کمشنر رہائش گاہ مانجھی پور، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول شفقت خان کھوسہ، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول گوٹھ محمد امین کھوسہ، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول محمد اعظم خان، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول اویس آباد، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول لشکر خان، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول ڈاتا خان، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول سکندر جروار، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول اکبر علی جروار اور زیر تعمیر رورل ہیلتھ سنٹرز جھنڈا تلا،کرکٹ گراؤنڈ عبدمجید کھوسہ، ون بی ایچ یو عبدمجید کھوسہ سمیت دیگر کئی منصوبے شامل ہیں کا تفصیلی معائینہ کیا اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینیئر بلڈنگز ارسلا خان رند و ایکسین صحبت پور عرفان علی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے متعلق تفصیل کے ساتھ کمشنر نصیرآباد کو آگاہی فراہم کی جبکہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر معین الرحمٰن خان نے سختی سے ہدایت کی کہ مفاد عامہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ضلع صحبت پور میں عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی عمل شروع کیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ متعلقہ آفیسران ان منصوبہ جات کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں تاکہ یہ منصوبے نہ صرف لوگوں کی مشکلات میں کمی کا سبب بنیں بلکہ علاقے کی خوشحالی کا بھی موجب بنیں

خبرنامہ نمبر 2465/2025
پنجگور 13 اپریل :منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے محکمہ ایکسائز پنجگور کی زیرِ نگرانی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس آفیسر پنجگور جناب رفیق احمد بلیدی کی قیادت میں ہفتہ، 12 اپریل کو منشیات کے خلاف ایک بھرپور آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائی اسکول غریب آباد چتکان پنجگور میں ایک واک اور تقریری نشست کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں اور عوام الناس میں منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ آگاہی واک گورنمنٹ ہائی اسکول سے شروع ہو کر چتکان بازار کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی دوبارہ اسکول میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس واک میں اسکول کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ، محکمہ ایکسائز کے افسران و عملہ، اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دورانِ واک مختلف مقامات پر نشہ کے مضر اثرات سے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچایا جا سکے
واک کے اختتام پر اسکول ہال میں ایک بامقصد تقریری نشست منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای ٹی او پنجگور رفیق احمد بلیدی، ہیڈ ماسٹر عبدالحکیم اور ایکسائز انسپکٹر سفیر احمد نے نوجوانوں کو منشیات کے سنگین نقصانات سے آگاہ کیا مقررین نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ منشیات نہ صرف نوجوان نسل کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تباہی کا سبب بنتی ہیں بلکہ یہ خاندانی نظام، تعلیمی کارکردگی، سماجی اقدار اور معاشرتی استحکام کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو جرائم، بے روزگاری اور معاشرتی انحطاط کا پیش خیمہ قرار دیا طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وہ قوم کا مستقبل اور معمار ہیں، اس لیے ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خود کو ہر قسم کی منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھیں اور اپنی توجہ تعلیم، کردار سازی اور مثبت سرگرمیوں پر مرکوز کریں تاکہ ایک روشن اور تابناک مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف خود منشیات سے دور رہیں گے بلکہ دوسروں کو بھی اس لعنت سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے، تاکہ ایک صحت مند، باشعور اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 2466/2025
محکمہ لائیو اسٹاک ضلع موسی خیل کی جانب سے فری موبائل وٹرنری کیمپ کلی کلاخان یونین کونسل غڑیاسہ میں لگا یاگیا اس کیمپ میں ڈاکٹر باقر صاحب ڈاکٹر غفورجعفر صاحب اور ان کے عملے نے حصہ لیا۔ جانوروں کا معائنہ کیا گیا مفت ویکسینیشن کی گی اور ادویات مالداروں کافرانہ کی گئیں۔ مالداروں نے محکمہ لائیو اسٹاک کی اس کاوش کو سراہا۔

خبرنامہ نمبر 2467/2025
لورالائی: افغان شہریوں کی باعزت اور رضاکارانہ وطن واپسی سے متعلق ایک اہم اجلاس آج ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی احمد سلطان، افغان قبائلی عمائدین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کی پالیسی اور افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو پرامن، منظم اور سہولت یافتہ بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔افغان قبائلی عمائدین نے اجلاس کے دوران یقین دہانی کروائی کہ وہ رضاکارانہ واپسی کے عمل میں بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین آئندہ چند دنوں میں منظم گروپوں کی صورت میں افغانستان روانہ ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ لورالائی نے افغان شہریوں کی واپسی کے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس ضمن میں ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس میں افغان عمائدین کی جانب سے پیش کیے گئے تحفظات کو بھی سنا گیا، جن کے حل کی یقین دہانی ضلعی انتظامیہ نے دی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ عمل حکومتی پالیسی کے تحت مکمل احترام، سہولت اور سیکیورٹی کے ساتھ انجام پائے گا.

خبرنامہ نمبر 2468/2025
سبی 13 اپریل:ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی ہدایت پر 11 اپریل سے 13 اپریل تک جاری رہنے والے صوفی سائیں حضرت میاں محمد کامل رحمتہ علیہ کے عرس کے موقع پر تحصیل لہڑی کٹبار شریف میں سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے اور لیویز و ایف سی اہلکار، افسران اور والنٹئیرز نے ہائی الرٹ ہوکر عرس پر بہترین سکیورٹی فراہم کی۔ سالانہ عرس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے جس میں سویپنگ، بی ڈی اور واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے عرس کے سکیورٹی انتظامات کی براہ راست مانیٹرنگ بھی جاری رہی۔

خبرنامہ نمبر 2469/2025
کوئٹہ:سیکریٹری محکمہ قانون و پارلیمانی امور کلیم اللہ خان نے کہاہے کہ صوبے بھر میں جاری تعمیراتی کاموں میں کسی قسم کی تاخیر ناقابل برداشت ہے محکمہ قانون کی مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف طریقے سے تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری محکمہ قانون و پارلیمانی امور کلیم اللہ خان نے ضلع چمن میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر اور رہائشی عمارت کا دورہ کے موقع پر متعلقہ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلع چمن میں جاری منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیاگیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی معیار کی کمی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی منصوبے میں ترقیاتی کام کو مزیدتیز کرتے ہوئے اس کو بروقت تکمیل کی جائے۔ سیکریٹری کلیم اللہ خان نے زور دیا کہ کام کو نہ صرف بروقت مکمل کیا جائے بلکہ اس کے معیار میں بھی بہتری لائی جائے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔