خبرنامہ نمبر 1726/2025
کوئٹہ09 مارچ:وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سینٹر مشتاق احمد خان کے بھائی کے قتل کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ سینٹر مشتاق احمد خان کے بھائی کے قتل کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے دعا کی اللہ تعالٰی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر 1727/2025
کوئٹہ, 09 مارچ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں معصوم بچوں پر کالعدم تنظیم بی آر اے کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی اورکھلی بربریت ہے میری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خبرنامہ نمبر 1728/2025
لورالائی 09 مارچ:ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی ہدایات پر اسٹنٹ کمشنر لورالائی اجمل مندوخیل۔اسٹنٹ کمشنر میختر یحیی خان کاکڑ گزشتہ ایک ماہ سے لورالائی اور میختر ایریا میں ایاین ایف۔ایکسائز۔پولیس اور لیویز فورس کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر پوست کی فصل تلف کرنے کا سلسلہ ماہ رمضان میں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ابتک 1150 ایکٹر پر محیط پوست کی فصل کو تلف کیا جا چکا ہے جبکہ علاقے کی لوگوں نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت 300 ایکٹر پوست کی فصل از خود تلف کی ہے جو ضلعی انتظامیہ کا ایک حسن اقدام تصور کیا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی ہدایات پر لورالائی اور میختر میں پوست کی فصل تلف کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سماجی علاقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے سے اس ناسور کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں جامع حکمت عملی اور ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
خبرنامہ نمبر 1729/2025
پشین 09 مارچ:،ڈپٹی کمشنر پشین زاہد خان نے افغان مہاجرین کے حوالے سے ایک اہم نوٹس جاری کیا ہے جس میں تمام علاقوں میں مقیم افغان شہریوں کو 31 مارچ 2025 تک اپنے وطن واپس جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور حکومت بلوچستان کی پالیسیوں کے مطابق، تمام افغان مہاجرین اور ACC کارڈ ہولڈرز کو اس تاریخ تک اپنے وطن واپس جانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد صوبہ بلوچستان میں مقیم غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی کو یقینی بنانا اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنا ہے۔مزید براں، اگر کوئی افغان شہری اس مدت کے بعد بھی غیر قانونی طور پر مقیم رہتا ہے یا اپنے وطن واپس جانے میں ناکام رہتا ہے، تو متعلقہ حکام کے ذریعے اسے جبراً وطن واپس بھیجا جائے گا۔ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اٹھایا جا رہا ہے کہ بلوچستان میں مقیم پاکستانی شہریوں کی حفاظت بھی یقینی بنایا جائے۔اس نوٹس کی روشنی میں، اسسٹنٹ کمشنرز سب ڈویژن پشین، کاریزات، حرمزئی اور برشور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ایریا میں مقیم تمام ACC ہولڈرز اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو نوٹس پہنچائیں اور ان کی رہائش کے حوالے سے ان کے ساتھ شفاف اور مؤثر رابطہ قائم کریں۔ ساتھ ہی وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان علاقوں میں کام کرنے والے تمام افغان مہاجرین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر پشین نے مزید کہا کہ اس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضلعی حکام اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے اپنے تمام عملے کو متنبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں پورے ضلع کی سطح پر سخت نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کریں تاکہ اس پالیسی کے اطلاق میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ صوبہ بلوچستان میں افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو جلد اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ اس سے نہ صرف تعلیمی اداروں، کاروباری سرگرمیوں اور سیکیورٹی کی صورت حال میں بہتری آئے گی، بلکہ اس سے افغان مہاجرین کے لئے وطن واپس جانے کا ایک مناسب راستہ فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ اپنے گھروں کو واپس جا کر وہاں اپنی زندگیوں کو دوبارہ ترتیب دے سکیں۔
خبرنامہ نمبر 1730/2025
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا نیو نیوز کے رپورٹر حماد علی سے انکی رہائش گاہ جا کر انکے مرحوم بھائی اور ٹکری شوکت کے بھتیجے کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کااظہار تعزیت کیا۔ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر انکے لیے جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے۔اس موقع پر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ مرحوم ایک نیک شخص تھے،۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر و استقامت عطاء کرے.
خبرنامہ نمبر 1731/2025
نصیرآباد۔۔وزیر بلوچستان سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر نگرانی ضلع نصیر آباد میں سستے بازار کا انعقاد کیا گیا سستے بازار میں گوشت سبزی, پھل چینی، چاول سمیت دیگر کی مختلف سٹال جہاں سے عوام کو سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کی جاری ہیں۔ ماہ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ماہ صیام کے ہر اتوار کے روز سستے بازار کے انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے تمام ضلعی انتظامی افسران کو ہدایت دی ھے کہ وہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کریں اس حوالے سے انجمن تاجران شہری اکشن کمیٹی سبزی فروٹ ایجنٹ سمیت دیگر پر بھی لازم ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے میں اپنا حصہ ڈالیں ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ وزیراعلی بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ اقدامات کر کے لوگوں کو مستفید کیا جا سکیں۔اس حوالے سے روزانہ کی بنیادوں پر قیمتوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے مصنوعی گراں فروشی میں ملوث تاجران کے خلاف سخت اور فوری کارروائی جائے گی۔ یہ تمام اقدامات مفاد عامہ میں کیے جا رہے ہیں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات سے عوام محروم نہ رہیں۔
خبرنامہ نمبر 1732/2025
چمن 9 مارچ:اے سی چمن امتیاز علی بلوچ نے شہر میں گرانفروشوں اور سرکاری نرخ نامے پرعمل درامد نہ کرنے والے دکانداروں کی خلاف کریک ڈاون کیا اس دوران انہوں نے متعدد درزیوں کو سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور من مانی کرنے پر گرفتار کیا۔ماہ رمضان میں سرکاری نرخ نامے اور صفائی ستھرائی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اے سی چمن کی سربراہی میں ایم ٹی او محمدقاسم دفعدار عبدالعلی نے لیویز فورس کے ہمراہ اشیاء ضروریہ کی قمیتں جانچنے کے لیے شہر کا دورہِ کیا۔ وہاں موجود گاہکوں سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اس موقع پر اے سی چمن نے دکانداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نر نامے کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 173302025
گوادر۔ 9 مارچ 2025:گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کر دی گئی ہے، اور رمضان المبارک کے دوران عوام کی سہولت کے پیش نظر رات کے وقت بھی کام جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے سیف اللہ کھیتران کی ہدایت پر تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے تاکہ شہر کی بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبے جلد مکمل ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گلگ اور ملا فاضل چوک، جو کہ شہر کے مصروف ترین کاروباری مراکز ہیں، وہاں دن کے وقت ٹریفک اور تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے رات کے وقت کام کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوام اور دکانداروں کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں اور کام کی رفتار تیز ہو سکے۔ جی ڈی اے کی ٹیمیں شب و روز ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں، اور گوادر کے مختلف علاقوں میں جاری منصوبے تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ شہر کی تعمیر و ترقی کے عمل کو بغیر کسی تعطل کے جاری رکھنے کے لیے جی ڈی اے کے تمام شعبے اور کنٹریکٹرز متحرک ہیں، اور رمضان کے دوران بھی کام کی رفتار کو برقرار رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔
خبرنامہ نمبر 1734/2025
گوادر۔ رمضان المبارک میں جی ڈی اے کے کھیلوں کے میدان جگمگا اٹھے، کرکٹ اور فٹبال کے سنسنی خیز مقابلے جاری
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے سیف اللہ کھیتران کی ہدایت پر کھیلوں کے میدانوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے شاندار موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔چیف انجینئر جی ڈی اے حاج سید محمد اور اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے جی ڈی ایف اے کے صدر میر ارشد کلمتی، میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے رمضان المبارک میں مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد ڈی اے ماڈل بیچ پارک میں شہید ڈی سی ذاکر علی فٹبال ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں سینٹر اسحاق کرکٹ گراؤنڈ، بابا بزنجو فٹبال اسٹیڈیم، فٹسال گراؤنڈ سمیت دیگر میدانوں میں مختلف کھیلوں میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں
جی ڈی اے کے کھیلوں کے میدان جدید لائٹنگ اور سرسبز گھاس سے مزین کیے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔رمضان میں کھیلوں کی یہ سرگرمیاں گوادر کی قدیم روایات کا حصہ، نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے کا بہترین موقع ہے۔
گوادر میں رمضان المبارک کے دوران اس طرز کے کھیل جن میں کرکٹ اور فٹبال کے ٹورنامنٹس شامل ہیں مقامی ثقافت اور کھیلوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ہونگے۔
خبرنامہ نمبر 1735/2025
کوئٹہ، 09 مارچ: پنجگور کے علاقے گوَارگو میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تین مزدور حجام پیشہ افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا واقعے پر حکومت بلوچستان نے شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے وحشیانہ اور بربریت پر مبنی عمل قرار دیا ہے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق سندھ سے ہے اور اس طرح کے واقعات صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی ترجمان کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی فورسز نے کارروائی شروع کر دی ہے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے متحرک ہیں اور نقصِ امن میں ملوث تمام عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 1736/2025
بارکھان: ڈپٹی کمشنرعبداللہ کھوسو نے نیشنل ہاٸی ویز تھانے چھپراور رڑکن کا دورہ کیا۔اس موقع پر انکے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنرخادم حسین بھنگر۔نیشل ہاٸی وے انچارج محمدیونس کھیتران اور انچارج لیویز تھانہ رڑکن محمد علی حسنی تھے انہوں نے تھانے کی نفری کو چیک کیا۔وہاں پر تھانہ انچارج نے اپنے مساٸل سے ڈپٹی کمشنر کو اگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنرنے بہترکاردگی رکھنے والے لیویز اہلکاروں کو نقد انعامات بھی موقع پر دیۓ۔ڈپٹی کمشنر نے ملازمین کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوۓ کہا کہ تمام عملہ اپنے فراٸض بخوبی انجام دیں۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناٸیں۔اور نیشنل ہاٸی وے گشت کو چوبیس گھنٹے جاری رکھیں۔عوام کے جان و مال کا تحفظ ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارواٸی کی جاۓ گی۔