خبرنامہ نمبر528/2025
کوئٹہ22جنوری۔بلوچستان حکومت اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد طبی خدمات کی بحالی اور ہڑتال کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا ہے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں اور آئندہ ہر قسم کی ہڑتال اور احتجاج سے اجتناب کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ثالثی کا کردار ادا کیا یہ واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اور معزز عدالت عالیہ کے احکامات پر ہر صورت عمل ہوگا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ عام آدمی کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں ترجمان نے کہا کہ محکمہ صحت میں جاری اصلاحات وسیع تر عوامی مفاد میں ہیں اور ان کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے گا حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کو عوامی خدمت کے مثالی مراکز بنایا جائے گا محکمہ صحت کے وسائل غریب عوام کی امانت ہیں، اور ان کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا ترجمان نے کہا کہ آئندہ کسی بھی خلاف قانون ہڑتال یا اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا حکومت اپنی رٹ قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے، اور سرکاری ادارے آئین و قوانین کے تحت چلائے جائیں گے بلوچستان حکومت نے طبی عملے کے جائز مطالبات کے حل کے لیے مربوط طریقہ کار اپنانے کا اعلان کیا ہے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ عوامی مشکلات کے احساس کے پیش نظر طبی خدمات کی معطلی ناقابل برداشت ہے اور سرکاری اسپتالوں میں بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت بلوچستان کے عوامی خدمت کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کی تکمیل کے لیے حکومت کے سنجیدہ ارادے کو ظاہر کرتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر529/2025
کوہلو 22 جنوری۔کوہلو شہر میں گران فروشوں اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اور گراں فروشی کرنے والے دوکانداروں کو جرمانے عائد کئیے گئے۔ کریک ڈاون کے دوران اندرون شہر کے مختلف بازاروں اور گلیوں میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ ایک درجن سے زائد دکانداروں کو سرکاری نرخنامے سے زائد قیمتوں پر اشیائ خوردونوش فروخت کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ اس موقع پر رسالدار میجر شیر محمد مری کا کہنا تھا کہ تجاوزات کو ہٹانے کا مقصد شہریوں کو روزمرہ زندگی کے مشکلات میں کمی لانا ہے جس کی وجہ سے عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس کارروائی کا مقصد عوام کو مہنگائی اور غیر قانونی تجاوزات سے نجات دلانا ہے انہوں نے دکانداروں اور شہریوں کو تنبیہ کی کہ وہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور سرکاری نرخنامے پر عمل کریں، بصورت دیگر مزید سخت کارروائی کی جائے گی رسالدار میجر لیویز نے مزید کہا کہ یہ کارروائی ایک ابتدائی قدم ہے مزید مرحلہ وار گران فروشوں اور تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اشیا ضروریہ عوام کو مہنگے داموں فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اس لئے تمام دوکاندار اپنا قبلہ درست کریں۔انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دے کر انتظامیہ کا ساتھ دیں۔شہریوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس قسم کی کاروائیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر530/2025
خضدار 22 جنوری۔ محکمہ تعلیم میں ایس بی کے SBK میں منعقدہ ٹیسٹ انٹرویوز اور اساتذہ کی کنٹریکٹ بنیاد پر تعیناتی کے حوالے سے قلات ڈویژن کے امیدواروں کی شکایات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا۔ یہ شکایات کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی کی جانب سے شکایت کا ازالہ کرنے والے سیل کو موصول ہوئے تھے۔ کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں میرٹ اور امیدوار کی موزونیت کو مد نظر رکھا جائے گا اور جائز شکایات کی ازالے کے لیے محکمہ تعلیم کو سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے محکمہ کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور معذور کوٹہ اور اقلیتی کوٹے پہ میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی میرٹ پالیسی کی پاسداری کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر اور قلات ڈویژن کے ضلعی افسران ڈی ای او حب ڈی ای او قلات ڈویژنل ڈائریکٹر محمد زکریا شاہوانی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
خبرنامہ نمبر 531/2025
کوئٹہ 22 جنوری۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف بلوچستان پولیس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ دہشتگردی، اغوائ برائے تاوان روکنے کیلئے بلوچستان پولیس نے بے شمار قربانیاں دیں ہیں۔ محکمہ پولیس کا کردار اور کار کردگی معاشرے میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ پولیس فورس میں شامل ہونے والے اپنی وردی کے تقدس کو پامال نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں 101 ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جن ریکروٹس میں 1689 مرد اور 385 لیڈی اہلکار شامل ہیں۔ اس موقع پرصوبائی وزرائ میر ظہور احمد بلیدی، میر صادق عمرانی اور مینا مجید بلوچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی سی جاوید علی مہر، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی آغا محمد یوسف ، ڈی آئی جیز ، اے آئی جیزو دیگر پولیس افسران، پولیس شہدائ کے ورثائ اور معززین کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 385 خواتین محکمہ پولیس کا حصہ ہیں اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے اور بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خواتین کا بیج ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کسی بھی قوم اور معاشرے کی اصلاح اور ترقی و بلندی کا ایک اہم ترین شعبہ تصور کیا جاتا ہے۔تاکہ معاشرے میں امن و امان اور راحت و اطمینا ن کا ذریعہ بنے۔ پولیس مقدس پیشہ ہے۔آپ بلوچستان پولیس کے ناموس کی علامت ہیں۔فرائض کی ادائیگی کے دوران انسانی حقوق کا احترام اور شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور عوام پر جبر کے بجائے ان کے محافظ اور معاون بننے کا شعار اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن یہ عہد کریں کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت ،عزت آبرو کے لیے ہرقسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور عوام کی خدمت اور سلامتی کو اپنا شعار بنائیں گے۔ آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ بلوچستان پولیس کو نئے اہلکاروں سے بہت توقعات وابستہ ہیں امید ہے کہ نئے اہلکار تھانوں اور پولیس لائنز میں جاکر اپنے افسران کی زیر کمان مضبوط حکمت عملی اور فولادی عزم سے دہشت گردوں ، اغوائ کاروں اور خون نا حق بہانے والوں کے خلا ف گھیرا تنگ کر کے انہیں انصاف کے کہٹرے میں لائیں گے۔ پولیس لوگوں کے لیے بروقت انصاف کی پہلی امید ہے اس لیے پولیس کو اپنی ذمہ داریاں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کرنی چاہیں۔آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے صوبائی وزرائ میر ظہور احمد بلیدی، میر صادق عمرانی اور مینا مجید بلوچ کے ہمراہ یادگار شہدائ پولیس بلوچستان پر حاضری دی اور شہدا کے بلند درجات کے لئے دعا کی اور انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان شہدا کے لہو کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قیام امن کے لئے پولیس کے جوانوں اور شہدائ کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں پولیس فورس کا حصہ بننے والے بلوچستان کے ناموس کی علامت ہیں جنہوں نے ملک پاکستان کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔آئی جی پولیس نے تربیت کے دوران پوزیشن لینے والے اہلکاروں کو مبارک باد پےش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں مزید ترقی کیلئے شب وروز محنت کریں۔ مجھے ا مید ہے کہ یہ ٹریننگ محکمہ پولیس کیلئے بڑی کارگر ثابت ہو گی اور آنے والے وقتوں میں آپ ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے ادارے کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔میری دعائیں اورنیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ تقریب کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور مارشل آرٹس، فائرنگ کی تکنیک اور دیگر مہارتوں کے مظاہرے دیکھے اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ فارغ التحصیل جوانوں نے آئی جی پولیس بلوچستان کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پرآئی جی پولیس بلوچستا ن نے تربیت کے دوران مختلف مراحل میں اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے جوانوںمیں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیے۔ فورس کمانڈ ر نے کہا کہ کمانڈنٹ پی ٹی سی نے اپنے سپاس نامے میں ادارے کے جن مسائل اور ضروریات کا ذکر کیا ہے ان تما م مطالبات کوترجیحی بنیادوں پرزیر غور لاکر جلد از جلد کام شروع کیا جائیگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 532/2025
سوراب 22جنوری۔ ڈی آر او/ ڈپٹی کمشنر سوراب ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سوراب محمد ایوب اچکزئی، آر او / اسسٹنٹ کمشنر گدر ڈاکٹر عمران زیب، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سوراب محمد اکبر، اسسٹنٹ کمشنر سوراب شئے اکبر علی، ضمنی بلدیاتی انتخابات کے امیدواران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتخابی عمل میں شفافیت اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ انتخابی عمل صاف اور غیر جانبدارانہ رہے۔ اجلاس میں شرکائ کو انتخابی مہم کے دوران اخلاقی حدود اور قوانین کی پابندی کرنے کی تلقین کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اس موقع پر انتخابی مہم کے دوران عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کے لیے ایک خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ انتخابی عمل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 533/2025
کوئٹہ 22 جنوری۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کا دورہ کیا اس موقع پر خواتین اور مرد قیدیوں میں سردی کے لیے جیکٹس تقسیم کیے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹینڈنٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سپرنٹینڈنٹ نے جیل قوانین، قیدیوں کی تعداد، مریض قیدیوں اور جیل کے مختلف بیرکوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اس دوران ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو جیل میں مختلف مشکلات و مسائل سے آگاہ کیاگیا سب اہم مسلہ سردیوں میں گیس ہیٹر کا فقدان تھا جس پر ڈپٹی کمشنر نے ایمرجسنی بنیادوں پر 50 گیس ہیٹر فراہم کرنے کی احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے جیل کے مختلف وارڈز اور بیرک کا معائنہ کیا وارڈ اور بیرک میں قیدیوں اور فیمیل وارڈ میں بات چیت کرکے انکے مسائل کے بارے میں پوچھا۔ڈپٹی کمشنر نے مریض قیدیوں کے ہسپتال کابھی دورہ کیا جہاں سپرڈنٹ جیل نے ایڈز کی بیماری کے بڑھنے کے بارے میں بریفنگ دی اور ہسپتال میں جاری علاج معالجے کا بھی جائزہ لیا اس دوران ڈی ایچ او کوئٹہ کو ہر قسم تعاون کرنے کی ہدایت کی۔۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام بیرکوں میں جاکر میل اور فیمیل قیدیوں کو جیکٹ فراہم کیے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے تمام مسائل حل کرنے میں ضلعی انتظامیہ سنجیدہ ہے سردی میں پہننے کے لیے جیکٹس اور گیس ہیٹر فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اور یہاں صحت کے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے کیے محکمہ ہیلتھ کے آفیسران کو ہدایات جاری کردیے ہیں ڈی ایچ او کوئٹہ اپنی ٹیم کے ہمراہ جیل کا دورہ کرکے مریضوں کی چیک اپ اور ادویات فراہم کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 534/2025
کوئٹہ 22 جنوری۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت ایس بی کے SBK کی پوسٹوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نصیر علی شاہ اور ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر خالد خان مندوخیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو پوسٹوں، اسکے ٹیسٹ ،اس میں موجود مسائل اور لسٹوں میں ٹیکنیکل غلطیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس بی کےکی پوسٹوں کے تمام تر مراحل کو جلد از جلد مکمل کریں اس دوران کوئی غفلت یا سستی ناقابل برداشت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اجلاس کے آخر میں کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر تمام کام مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
خبرنامہ نمبر 2025/535
کوئٹہ 22 جنوری :ـکوئٹہ میں صوبہ بلوچستان کے کھلاڑیوں کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ اکیڈمی کے قیام کیلئے حکومت بلوچستان اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے سپورٹس مینا مجید بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر)سعد بن اسد، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس یاسر خان بازئی، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کوئٹہ اظہر منیر و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے سپورٹس مینامجید بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے روزاول سے متحرک ہے صوبے کے نوجوانوں کا ٹیلینٹ سامنے لانے کیلئے سپورٹس اکیڈمی کا قیام ایک احسن اقدام ہے.جہاں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی جس سے صوبے کے نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ اچھی تربیت حاصل کرنے کے بعد ان نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کی نمائندگی کریں گے. اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلینٹ کی کمی نہیں ہے صوبے کے کئی کھلاڑیوں نے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی کرکے نام روشن کئے ہیں ہم مزید ایسے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اےکوئٹہ اظہر منیر نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے اس اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جاریا یے جس سے صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر بہترین مواقع فراہم کئے جاسکیں گے۔تقریب کے آخر میں ڈی جی سپورٹس یاسر خان بازئی اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ۔
خبرنامہ نمبر2025/536
کوئٹہ 22 جنوری:۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام ورکرز سے لے کر مرکزی رہنماؤں تک تمام جیالے ہمارا سرمایہ ہیں اور ان مخلص دوستوں ہی کی بدولت پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچا اور آج پورے ملک کے عوام پیپلز پارٹی کو اپنی نجات دہندہ جماعت سمجھتی ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ملاقات میں جیالوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، میر صادق عمرانی نے کہا کہ ان کے دروازے ہمیشہ پارٹی کے دوستوں کیلئے کھلے ہیں اور ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پارٹی سے منسلک تمام ورکرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں حل کیا جائے، وفد نے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر کو جیالوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے صوبے کے مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر میر صادق عمرانی نے تمام جیالوں کے مسائل فرداً فرداً سنے اور بعض فوری حل طلب مسائل کے حل کے لئے احکامات بھی جاری کیے۔
خبرنامہ نمبر 2025/537
کوئٹہ 22 جنوری:ـبلوچستان انفارمیشن کمیشن کے کمشنرز عبد الشکور خان اور محترمہ شانیہ خان نے ایسوسی ایشن فار انٹیگریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (AID) کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں شرکت کی، جس کا موضوع “رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کی افادیت اور چیلنجز” تھا۔ اجلاس کے دوران AID کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر نے شرکاء کو رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کے قانون اور اس کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے انفارمیشن کمیشن کے کمشنر عبد الشکور خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں رائٹ ٹو انفارمیشن قانون شہریوں کے لیے حکومتی شفافیت اور احتساب کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون شہریوں کو سرکاری معاملات میں شامل کرنے اور ان کی ضروری معلومات تک رسائی کو ممکن بناتا ہے ۔ کمشنر انفارمیشن کمیشن محترمہ شانیہ خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انفارمیشن کمیشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کے آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کمیشن کی کاوشوں اور عوامی آگاہی کے لیے جاری پروگرامز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ شرکاء نے بتایا کہ بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 شہریوں کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری محکمے سے مطلوبہ معلومات طلب کر سکیں، جب تک کہ وہ معلومات قومی سلامتی یا عوامی مفاد کے خلاف نہ ہوں۔ اس قانون کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت کو فروغ دینا اور کرپشن کے خاتمے کے لیے راہیں ہموار کرتا ہے۔ بلوچستان انفارمیشن کمیشن اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو تعاون کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے مزید آگاہی مہمات چلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کمیشن کے ممبران نے ایسوسی ایشن فار انٹیگریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ( AID) کی رائٹ ٹو انفارمیشن اور اسکے قانونی اور تکنیکی مہارتوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس ادارے نے رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون کی عمل داری کے لیے بہت محنت کی ہے جس کے لیے انکی ٹیم داد کی مستحق ہے اور اس امر کا اظہار کیا کہ انکی معاونت وہ مستقل میں بھی لیتے رہیں گے۔ شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس ایک اہم پیشرفت تھی جو بلوچستان میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر حکمرانی کے لیے سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معلومات تک رسائی کے حق کو عام کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 2025/538
استامحمد23جنوری:ـڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا جس میں گورنمنٹ گرلز سکول عبدالعزیز مینگل اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول عزیز مینگل شامل ہیں انہوں نے اپنے دورے کے دوران اساتذہ کرام کا حاضری رجسٹرڈ اور سکولز میں درس و تدریسی عمل کا باریک بینی سے مشاہدہ بھی کیا اس موقع پر اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے کہا تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ کرام اپنے فرائض منصبی نہایت ایمانداری سے ادا کریں اور غیر حاضر رہنے سے گریز کریں کیونکہ اساتذہ کرام کی غیر حاضری سے زیر تعلیم نئی نسل کے تعلیمی عمل میں خلل پڑتا ہے اس لیے اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ غیر حاضر رہنے سے گریز کریں انہوں نے انچارج سکول کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائےگی نہ صرف ان کی تنخواہ کی کٹوتی کی جائے گی بلکہ ان کے خلاف تندہی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس لیے شعبہ تعلیم سے وابستہ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے حکومتی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیں تاکہ ہم سب ملکر تعلیم یافتہ معاشرہ قائم کرنے میں کامیاب ہو سکیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ساکھ کو بحال اور ان کو فعال کرنا اسی صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب اساتذہ کرام اپنے فرائض منصبی بہتر طور پر سرانجام دیں انہوں نے کہاکہ اساتذہ کرام دلجمی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنا کر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے ادارے کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ضلعی انتظامیہ تعلیمی درسگاہوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور نئی نسل کو بہتر معنوں میں تعلیم کی روشنی سے منور کرنا اساتذہ کرام کی اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے.
خبرنامہ نمبر 2025/539
نصیرآباد22جنوری:ـڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار جدید علوم کے حصول میں ھے کوئی بھی قوم تعلیم حاصل کیے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی اور نہ ہی وہ ترقی یافتہ قوموں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکتی ہے اگر ہم کامیاب ملکوں کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں اپنے آنے والی نئی نسل کو علم کی شمع سے روشن کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن کمیٹی گروپ کے منعقدہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کیا اجلاس میں میل و فیمیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور احمد شیرازی سمیت ضلع بھر کے ہیڈ ماسٹرز نے شرکت کی اجلاس میں غیر حاضر اساتذہ کرام بند اسکولوں کو کھولنے و اسکولوں میں درس و تدریس کے علاوہ درپیش مسائل کے متعلق تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم وہ واحد ترقی کا راستہ ھے جس پر چل کر ہم دوسرے ملکوں کی برابری کر سکتے ہیں اس لیے اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے اپنے سینے میں چھپے ہوئے علم کے خزانے کو بچوں پر نچھاور کریں تاکہ یہی بچے جن سے ہمارا آنے والا کل وابستہ ہے ملک کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کر سکیں اس لیے اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز نہ کریں اور خلوص دل حب الوطنی کے ساتھ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے منور کریں ڈپٹی کمشنر نے ایجوکیشن افسران پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود حاضر رہیں بلکہ اپنے ماتحت عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے گائے بھگائے دورہ کرتے رہیں اور اگر کوئی بھی ملازم اپنی جائے تعیناتی پر غیر حاضر پایا جائے تو نہ صرف ان کی تنخواہ کی کٹوتی کی جائے بلکہ ان کے خلاف محکمانہ کاروائی بھی عمل میں لائی جائے تاکہ وہ آیندہ غیر حاضری کے عمل سے گریز کریں اور ہمارے مستقبل کے معماروں کو علم کے زیور سے منور کریں انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں اسکولوں میں اساتذہ کرام کی کمی بیشی کا سامنا ھے تو اساتذہ کرام کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کسی دوسرے سکول کے اساتذہ کرام کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ بچوں کے تدریسی عمل میں خلل نہ پڑے۔
خبرنامہ نمبر 2025/540
استامحمد22جنوری :ـڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا انہوں نے دورے کے موقع پر ڈائلسز یونٹ اور ای پی ائی سینٹر کا معائنہ کیا اسی دوران ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کے پانی کی کمی کی وجہ سے ڈائلسز سنٹر میں آنے والے مریض متاثر ہو رہے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی پانی کا ٹینکر فراہم کر دیا اور پی ایچ ای کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہاسپٹل میں پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ مریضوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اسی دوران انہوں نے ای پی ائی سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور سینٹر میں موجود اہلکاروں انچارج کو ہدایت کی کہ وہ سنٹر پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ آنے والے بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے ٹیکے لگائیں جائیں تاکہ بچوں میں بیماریوں کا خاتمہ کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اب شعبہ صحت سے منسلک ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو چاہیے کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ طبی امداد سے غریب لوگوں کو مستفید کروائیں نہ صرف یہی بلکہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ضلعی انتظامیہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اپنے تعاون کو یقینی بنائے گی۔
خبرنامہ نمبر2025/541
ضلع چمن 22جنوری :ـکھیلوں سے پیار منشیات سے انکار ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے شجر کاری مہم میں سرسبز چمن کیلئے ون ملین درختوں کا ہدف مقرر کیا ہے جس کیلئے عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں چمن میں سرسبز چمن ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور چمن میں پہلی بار (IRC)کے طرف سے صادق کرکٹ گراونڈ میں آج 23 جنوری کو بوقت 11:30 بــجے دن ڈپٹی کمشنر چمن سرسبز چمن کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے ڈی سی چمن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرسبز چمن ٹورنامنٹ سپورٹس میں جوانوں کے لیے ایک اچھا پیغام ھے کہ وہ کھیلوں میں دلچسپی رکھتے ہوئے اپنے فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے تمام منفی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو بچائیں گے اور محنت اور مستقل مزاجی اور ٹیم ورک کے عادی بن جائنگے اور کھلاڑیوں کا اپنے زور بازو پر اعتماد پیدا ہوگا اور زندگی کے تمام مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اس میں عزم پیدا ہو گا انہوں نے کہا ہے کہ سرسبز چمن ٹورنامنٹ میں چمن شہر کے مختلف ٹیمز سرسبز چمن کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔
خبرنامہ نمبر 2025/542
استامحمد22جنوری:۔ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت ڈی ائی سی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس، ،نادرہ ،پبلک پرسیکیوٹر،نارکوٹیکس کے آفیسرانکےعلاوہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس میں موجودہ صورتحال امن و امان غیر قانونی طور اسمنگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمام پولیس سمیت تمام ایجنسیوں نارکوٹکس کو الرٹ رہنا ہوگا غیر قانونی طور اسمنگلنگ کی روک تھام پیشہ افراد کا قلعہ کما کرنے اور امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے مشترکہ طور پر کوششیں کرنی ہوں گی ڈپٹی کمشنر نے بہتر حکمت عملی اور ٹھوس بنیادوں پر ایک دوسرے سے قریبی رابطہ کاری اپنانے پر زور دیا تاکہ علاقے میں امن و امان کو ہمیشہ کے لئے قائم رکھا جائے اور غیر قانونی طریقے اسمنگلنگ کی روک تھام کے لیے نارکوٹکس کو کردار ادا کرنا ہوگا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھی بہتر سے بہتر حکمت عملی پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اجلاس میں دیگر کئی اہم امور کے متعلق تفصیل کے ساتھ غور و خوض کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 2025/543
ضلع چمن 22جنوری:ـچمن پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ ڈی ایس پی ایس ڈی پی او سرکل چمن طاہر محمود کی نگرانی میں پولیس تھانہ سٹی کے ایس ایچ او محمد ولی کاکڑ نے امن و امان کی قیام اور عوام کی جان و مال کی تحفظ کیلئے سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا اس دوران پولیس اہلکاروں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے لگا کر سنیپ چیکنگ کا آغاز کیا اور متعدد گاڑیوں کے کالے شیشے صاف کیے گئے اور مشتبہ موٹر سائیکل سواروں گاڑیوں اور پیدل چلنے والے افراد کی جامع تلاشی اور تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا اس دوران پولیس افسر نے کہا کہ علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے ایسےاقدامات مسلسل جاری رہیں گے اور شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے گا
خبرنامہ نمبر 544/2025
کراچی22 جنوری :ـترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند بدھ کو کراچی پریس کلب گئے جہاں انہوں نے نو منتخب صدر فاضل جمیلی جنرل سیکرٹری محمد سہیل و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے ڈیموکریٹس پینل کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پرعزم رہی ہے کراچی پریس کلب صحافتی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ نو منتخب قیادت ان اقدار کو مزید مضبوط کرے گی کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی جنرل سیکرٹری محمد سہیل و دیگر عہدیداروں نے کراچی پریس کلب آمد پر ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا شکریہ ادا کیا اور دونوں صوبوں کے درمیان صحافتی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ملاقات کے دوران صحافت، آزادی اظہار، اور دونوں صوبوں کے مابین ہم آہنگی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور میڈیا کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھاتی رہے گی۔
خبرنامہ نمبر 2025/545ضلع چمن 22جنوری :ـچمن لیویزفورس علاقے میں امن وامان برقرار رکھنے کیلے رات کو مختلف علاقوں میں ناکوں لیویز چوکیوں اور گشت کے دوران راپطہ سڑکوں چوراہوں اور مین روڈ پر موٹر سائیکل سواروں گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں مشتبہ افراد کی جامع تلاشی اور تفتیش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ضلعی انتظامیہ ہیڈکواٹر انچارچ رسالدار حاجی جہانگیر خان کاکڑ اور لیویز فورس علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکے لگاکر سینپ چیکنگ جاری رکھا اس موقع پر لیویز افسر نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا امتیاز کاروائی جاری رہے گی.