خبرنامہ نمبر 435/2025
نوکنڈی 18 جنوری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کی ترقی کے فیصلے نے بلوچستان کے کان کنی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے منصوبے سے حاصل ہونے والا ریونیو چاغی اور رخشان ڈویژن کی عوام پر خرچ ہوگا تاکہ اس قیمتی اثاثے کے اصل شراکت دار زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ریکوڈک منصوبے کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان مقامی کمیونٹیز کو معیاری صحت، تعلیم اور ہنر سازی کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے میر سرفراز بگٹی نے ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے سماجی ترقی کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات حکومت کے وژن کے مطابق ہیں وزیر اعلیٰ نے نوکنڈی مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر اور ہنر فاؤنڈیشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا اس موقع پر بیرک گولڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی کان کنی کی صنعت کی ترقی میں ایک سنگ میل ہے انہوں نے کہا کہ ”ریکوڈک نے خطے میں کان کنی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ بیرک گولڈکارپوریشن بطور آپریٹر اس منصوبے کو علاقائی ترقی کے لیے ایک اہم محرک بنانے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ بیرک کارپوریشن نے ریونیو حاصل ہونے سے پہلے ہی تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی اور ہنر کی ترقی جیسے شعبوں میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) اقدامات شروع کر دیے ہیں تاکہ مقامی لوگوں کو تعلیم صحت اور بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں مارک برسٹو نے بتایا کہ اس سال منصوبے کا آغاز ہوگا اور 2028 کے آخر میں پیداوار شروع ہوجائے گی انہوں نے کہا کہ ریکوڈک عالمی معیار کی ایک مائننگ بننے جاررہا ہے اور بیرک گولڈ کارپوریشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین قبل اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔
خبرنامہ نمبر 436/2025
نوکنڈی، 18 جنوری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست سب سے مقدم ہے لاحاصل جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلوچستان کے عوام ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان سے ہی ہمارا مستقبل وابستہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں نوکنڈی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، سینیٹر دنیش کمار اور میر اعجاز سنجرانی بھی موجود تھے، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کہا کہ بلوچستان کے عوام ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہ کر ترقی کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ بیروزگاری سے نمٹنے کے لیے ہنر مندی اور نوجوانوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی اپنے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کریں گے یقین دلاتے ہیں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کار آرہے ہیں جو صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ریکوڈک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر پہلا حق چاغی رخشان ڈویژن کے عوام کا ہے اس کے بعد اگر کچھ بچتا ہے تو باقی بلوچستان پر خرچ ہوگا جیسا کہ تفتان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم ایل پی جی پلانٹ سے حاصل ہونے والا ریونیو تفتان کے عوام پر خرچ ہوگا انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور قانونی تجارت کو اپنائیں اور غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان ہی ہمارا مستقبل ہے اور ریکوڈک کی صورت میں چاغی سے پاکستان کی ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چاغی ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے 15 کروڑ روپے گرانٹ اور سول اسپتال کے لیے ادویات کا بجٹ دو کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے چاغی میں دانش پبلک اسکول کے قیام کے لیے بھی اقدامات کی یقین دہانی کرائی میر سرفراز بگٹی نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور صوبے کی خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر 437/2025
کوئٹہ 18جنوری:اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کیپٹن (ر) عبداللہ بن عارف نے جان محمد روڈ پر واقع گیس سلنڈر سے تباہ شدہ گھر کا دورہ کیا اور زخمی خاتون کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دہانی کرائی اور انہیں بتایا کہ کسی بھی قسم کی ضرورت درکار ہو تو اسسٹنٹ کمشنر سٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں انہوں نیاس دوران تمام نقصانات کا جائزہ لیا اور نقصان کا تخمینہ بھی لگایا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کیس پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
خبرنامہ نمبر 437/2025
چاغی۔ 18 جنوری :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے دورہ چاغی کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چاغی کے صدر ملک رحمت اللہ نوتیزئی کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلعی عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کو کارکنان اور عوام کے مسائل سے آگاہ کیا وزیراعلیٰ بلوچستان نے پارٹی کارکنان اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے اور وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق عوام اور پارٹی کارکنان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان عوام کے مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، اور کوشش ہے کہ عوام اور کارکنان کو ان کے دہلیز پر روزگار فراہم ہو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
خبرنامہ نمبر 438/2025
چمن 18 جنوری :ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے برفباری کے دوران کوئٹہ چمن مین شاہراہ درہ کوژک کے دونوں اطراف سے روڈ کلیئرنس آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے روڈ کو بغیرکسی وقفے کے ٹریفک کیلئے بحال رکھنے کی ہدایت کی ۔کوژک ٹاپ پر لیویز کوئیک رسپانس فورس اور پی ڈی ایم کے اہلکاران مشینری سے روڈ کلئیرنس کے آپریشن میں مصروف عمل ہیں ڈی سی نے لیویز فورس اور پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی اہلکاروں کی درہ کوژک روڈ کلئیرنس آپریشن کی تعریف کی اور انکی کام کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
خبرنامہ نمبر 439/2025
اوتھل، 18 جنوری: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے سب تحصیل لیاری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کاشی گوٹھ اور رسملان گوٹھ میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے لگائے گئے آر او پلانٹیشن پلانٹس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالسلام عمرانی، اسسٹنٹ کمشنر اوتھل نجیب الرحمان، ڈی ایم ایس پی پی ایچ آئی حاجی خان بلوچ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ باگ چند، اور اسسٹنٹ انجینئر محمد رمضان بھی ان کے ہمراہ تھے افتتاح کے دوران ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے آر او پلانٹس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ ایکسئین پی ایچ ای عبدالسلام عمرانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان پلانٹس سے روزانہ کی بنیاد پر 3000 گیلن صاف پانی فراہم کیا جائے گا، جس سے تقریباً 1200 سے 1300 افراد مستفید ہوں گے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک اہم ضرورت ہے، اور ان آر او پلانٹس کی فعالیت سے یہ ضرورت پوری ہو سکے گی انہوں نے کہا کہ کاشی گوٹھ اور رسملان گوٹھ میں ان پلانٹس کے قیام سے مقامی کمیونٹی کو صاف پانی کی بہتر سہولت میسر آئے گی جو ایک بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان پلانٹس کی دیکھ بھال کریں تاکہ ان کا فائدہ دیرپا رہے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے کہا کہ پانی رب تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر دیگر حکام نے بھی اس اقدام کو علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
خبرنامہ نمبر 440/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر فخر حمود الرحمٰن نے گوادر باکسنگ کلب کا دورہ کیا، جہاں باکسنگ کلب کے انچارج درجان درا نے ان سے ملاقات کی اور کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انچارج نے بتایا کہ کوئٹہ کے بعد گوادر واحد ضلع ہے جہاں باکسنگ جیسا کھیل نہ صرف کھیلا جاتا ہے بلکہ نوجوان اس میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کلب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ گوادر کے لیے باعث فخر ہے کہ یہاں کے نوجوان والی بال، کرکٹ، فٹ بال کے ساتھ ساتھ باکسنگ جیسے کھیلوں میں بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کرکے اس باکسنگ کلب کی موجودہ جگہ کو نہ صرف باکسنگ کیمپ کے لیے بلکہ دیگر انڈور گیمز کے لیے بھی ایک مکمل اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کیا جائے گا۔
باکسنگ کلب کے انچارج درجان درا نے ڈپٹی کمشنر کے اسپورٹس کے شعبے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن صحت، تعلیم اور کھیلوں کی ترقی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اور ان کی کاوشوں سے ضلع میں کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔دورے کے اختتام پر درجان درا نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی سے گوادر میں باکسنگ اور دیگر کھیلوں کو مزید فروغ ملے گا۔
خبرنامہ نمبر 441/2025
چمن 18 جنوری:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن کا دورہ کیا اور اسپتال میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودے اور بیج اگانے کی سائٹ کا جائزہ لیا اس دوران انہوں نے وارڈوں کا دورہ کیا اور اسپتال میں موجود ادویات کی سٹاک کا جائزہ لیا انہوں نے اسپتال میں ڈاکٹروں اور تمام سٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کی انہوں نے اسپتال میں موجود مرک کمپنی 1122 کی ایک ایمبولنس کو ملت آباد بی ایچ یو میں بیجھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملت آباد بی ایچ یو مین کویٹہ چمن شاہراہ پر واقع ہے اس لئے یہ وہاں پر ایمرجنسی کے وقت مفید رہے گی۔انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ بہت جلد ہسپتال میں آئی سی یو فنکشنل کیا جائے گا اور بہت جلد نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن کو سرسبز و شاداب بنایا جائے گا۔ ہسپتال کو تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی