خبرنامہ نمبر 9111/2024
کوئٹہ 29 دسمبر:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ پیر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 6- ریکارڈ کیا گیا۔ باقی شہروں کے درجہ حرارت کچھ اس طرح رہے۔ کوئٹہ شہر (-4.0/14.0)، سمنگلی (-4.5/12.0)، آر ایم سی (-04.0/12.0)، سریاب (-2.0/12.5)، ژوب (-01.0/17.5)، پنجگور (00.5/19.5)، دالبندین (02.5/18.0)، نوکنڈی (03.0/19.5)، خضدار (02.5/19.5)، لسبیلہ (02.5/28.0)، بارکھان (03.5/19.0)، سبی (03.0/26.0)، اورماڑہ (03.0/26.0) جیوانی (08.5/26.5)، تربت (08.8/26.5)، پسنی (05.5/26.0) اور گوادر میں (10.0/28.0) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 9112/2024
نصیرآباد 29 دسمبر:محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نصیرآباد کی جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی میں آبنوشی کے حوالے سے کہیں بھی قلت کا سامنا کرنا نہیں پڑ رہا ہے شہر بھر میں چھ واٹر سپلائی اسکیمات مکمل طور پر فعال ہیں جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کو آبنوشی کی فراہمی جاری ہے ایگزیکٹو انجینیئر پی ایچ ای نصیرآباد حفیظ الرحمن ہاشمی اور سب انجینئر محمد ایوب بھٹو روزانہ کی بنیاد پر تمام واٹر سپلائی سکیمز کا جائزہ لیتے رہتے ہیں اور درپیش مسائل سمیت عوام کو آبنوشی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں البتہ شہر کے وسط میں بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لوگوں تک پانی کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا البتہ پھر بھی ہمارا عملہ عوام تک پانی کی فراہمی کے لیے سرگرداں رہا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہمیں اور عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے لیکن ان تمام وجوہات کا ذمہ دار پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہم عوام کی خدمت میں پیش پیش ہیں ہندو محلہ شرقی ریلوے ٹریک سمیت دیگر گنجان آبادی والے علاقوں میں عام گھریلو واٹر کنکشنز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں جس کی بنیادی وجہ لوگوں کی جانب سے خودکار کنکشن لگانا ہے ان تمام علاقوں کے پانی کی جو لائنیں لگائی گئی ہیں ان کی گزرگاہ سیوریج نالوں کے نزدیک سے ہیں جس کی وجہ سے گندا اور مضر صحت پانی ان کنکشنز کے ذریعے پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ کی مین پائپ لائنوں میں شامل ہو رہا ہے تاہم پھر بھی پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر ان غیر قانونی ٹوٹے ہوئے واٹر کنکشنز کو کاٹ کر انہیں بند کرنے میں مصروف عمل ہے پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ ہذا کے افسران اور عملے کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ھے۔
خبرنامہ نمبر 9113/2024
کوئٹہ ۔ 29 دسمبر :صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کوئٹہ شہر میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں جن میں کسٹم فلائی اوور گاہی خان فلائی اوور اور ایئرپورٹ روڈ کے جاری منصوبوں کا اچانک دورہ کرنے کے موقع پر کہا اس موقع پر متعلقہ انجینئرز آفیسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسٹم اور گاہی خان فلائی اوور منصوبوں کو اسی مالی سال میں مکمل کریں انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کے فیلڈ آفیسران ریگولر نیادوں پر ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ کام کی رفتار اور میعار میں کوئی کمی بیشی نا رہے صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا دارومدار محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے اور یہ بہترین کارکردگی اس وقت ہوگی کہ جب ان منصوبوں کو اپنے وقت مقررہ سے بھی پہلے مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ کسٹم اور گاہی خان ایریا میں ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان منصوبوں کی جلد ازجلد تکمیل کی اشد ضرورت ہے لہذا کام کی رفتار کو مذید تیز کیا جائے اور ان منصوبوں کے حوالے سے تیکنیکی مسائل کو بھی جلد از جلد ختم کیا جائے صوبائی وزیر نے مذکورہ منصوبوں کی تکمیل کے رفتار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ ان علاقوں سے منسلک عوام کو مذید تکلیف کا سامنا نا کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ مذکورہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام انجینئر آفیسران محنت اور لگن سے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کریں
خبرنامہ نمبر 9113/2024
کوئٹہ 29دسمبر:پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نور زئی کی ہدایت پر محکمہ پولیس کی جانب سے حالیہ کارروائی میں، حبیب نالے کے علاقے میں ایک مربوط اور منظم چھاپے کے دوران منشیات کے عادی افراد کو حراست میں لیا گیا۔ یہ اقدام معاشرتی فلاح و بہبود کے اس عزم کا عکاس ہے جس کے تحت معاشرے کو منشیات جیسی موذی وبا ء سے پاک کرنے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔حراست میں لیے گئے افراد کو مزید قانونی کاروائی کے لئے محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام ادارہ برائے علاج و بحالی مریضان منشیات کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی بحالی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ادارے میں ان افراد کو نہ صرف طبی علاج مہیا کیا جا رہا ہے بلکہ نفسیاتی معاونت اور معاشرتی رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی زندگی کو ایک مثبت رخ پر گامزن کر سکیں۔یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی ادارے نہ صرف قانون نافذ کرنے میں سنجیدہ ہیں بلکہ انسانی فلاح و بہبود کو بھی اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ اس طر ح کے مثبت اقدامات سے نہ صرف ان متاثرہ افراد کی زندگیاں بدلیں گی بلکہ معاشرے میں منشیات کی لعنت کے خاتمے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
خبرنامہ نمبر 9114/2024
چمن 29دسمبر:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی خصوصی ہدایات پر لیویز فورس چمن نے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ان کے قبضے سے منشیات سمیت مسروقہ مال بھی برآمد کر لی گئی ہے آج رسالدار عبدالجبار نے لیویز فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کہیں منشیات فروشوں امان اللہ عرف ملول، نعمت اللہ، علاوالدین، محمدنسیم اور عطا اللہ کوگرفتار کرلیا جن کے قبضے سے منشیات سمیت مسروقہ سامان بھی برآمد ہوئی۔ منشیات فروشوں کیخلاف کاروائی دفعدار محمد شفیق عبدالعلی عبدالحکیم محمد نسیم اور جلال الدین اور دیگر لیویز اہلکاروں نے حصہ لیا۔ رسالدار عبدالجبار نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ڈی سی چمن کی خصوصی ہدایات پر پوری ضلع میں منشیات فروشوں کیخلاف اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے سخت آپریشن شروع کردیا گیا ہیڈی سی چمن نے کہا کہ علاقے کو ہر قسم کی قانون شکنی سے پاک کر کے دم لیں گے انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری تمام شہریوں پر یکساں لازم ہے اور ہم سب کو قومی و ملکی مفاد کی خاطر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ ہم پرسکون زندگی گزار سکیں۔