





خبرنامہ نمبر 9208/2025
کوئٹہ، 09 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو یہاں آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے مرکزی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی نے ملاقات کی، جس میں لیبر پالیسی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے لیبر پالیسی اور مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جبکہ دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مزدور صوبے کی ترقی میں بنیادی کردار رکھتے ہیں اور صوبائی حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے فیڈریشن کے چیئرمین نے جاری ہدایات اور اقدامات پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر9188/2025
کوئٹہ، 09 دسمبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں شفاف طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی مضبوطی اور بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت واضح حکمتِ عملی اور مضبوط سیاسی عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس لیے اس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اور جدید نظم و نسق کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو فعال، مؤثر اور خودمختار انداز میں کام کرنے کے لیے وسیع اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ اسی طرح چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم (CMIT) کو بھی نئی توانائی، مزید اختیارات اور بہتر نگرانی کے میکانزم کے ساتھ فعال کر دیا گیا ہے تاکہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے سدباب کے لیے محکمانہ اصلاحات، ڈیجیٹل گورننس، سرکاری ریکارڈ کی جدید خطوط پر منتقلی، ترقیاتی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ اور عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری اداروں میں میرٹ اور شفافیت کے فروغ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ یا مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گڈ گورننس کے قیام کے لیے صرف حکومتی اداروں کی کارکردگی کافی نہیں، بلکہ عوامی تعاون، مؤثر نگرانی اور ذمہ دارانہ شہری کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری بدعنوانی کی نشاندہی کریں، حکومتی اصلاحات کا حصہ بنیں اور صوبے کو شفاف، منظم اور ترقی یافتہ بلوچستان بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور شفاف گورننس، قانون کی بالادستی اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے جاری اصلاحات مزید مؤثر اور مضبوط انداز میں آگے بڑھائی جائیں گی۔
خبر نامہ نمبر 9287/2025
کوئٹہ، 09 دسمبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں مائنز اونر ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے میں کانکنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے پر وفد نے صوبائی حکومت کے دوراندیش فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔ ملاقات میں چیمبر آف مائنز کے قیام، اراضی کی فراہمی، سرمایہ کاری کے مواقع اور مائننگ سیکٹر میں درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانکنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینا صوبے کے معاشی استحکام، روزگار کے مواقع میں اضافے اور معدنی وسائل کے موثر استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف ورکروں کو بہتر تحفظ اور فلاحی سہولیات حاصل ہوں گی بلکہ سرمایہ کاروں کو بھی ایک مضبوط اور واضح پالیسی فریم ورک میسر آئے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مائننگ سیکٹر بلوچستان کی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور حکومت اس شعبے میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی، مضبوط ریگولیشن اور بین الاقوامی معیار کی نگرانی کا نظام متعارف کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے معدنی ذخائر تک رسائی دینے کے اقدامات جاری ہیں جس سے صوبے کی معیشت کو دیرپا تقویت ملے گی انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح، ان کی ورکنگ کنڈیشنز کی بہتری، حفاظتی انتظامات، صحت و سلامتی کے معیار اور ریسکیو میکانزم کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ غیر قانونی کانکنی کی روک تھام، معدنیات کے تحفظ، اور مائننگ لیز کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی جارہی ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے وفد نے چمالنگ اور دکی میں ورکرز کے لیے ریسکیو سینٹر قائم کرنے، شعبے میں اصلاحات، اور ورکروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے حکومت کی پالیسیاں “وقت کی ضرورت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے مائننگ سیکٹر میں اعتماد، استحکام اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ملاقات میں صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی، رکن صوبائی اسمبلی پرنس آغا عمر احمد زئی، اے سی ایس داخلہ، سیکرٹری مائنز، ڈی جی مائنز اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔






