30th-November-2025

خبرنامہ نمبر 9043/2025
سنجاوی (30 نومبر:صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ اور میونسپل کمیٹی سنجاوی کے چیئرمین حاجی خان محمد دمڑ کے خصوصی فنڈ سے عوامی سہولت کے لیے سنجاوی میں گھریلو استعمال کی بڑی تعداد میں واٹر ٹینکیاں تقسیم کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 9 کلی چلیز نراجی کے رہائشیوں میں صاف پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کی غرض سے واٹر ٹینکیوں کی تقسیم کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں میونسپل کمیٹی سنجاوی کے چیئرمین حاجی خان محمد دمڑ، ملک لاجور خان دمڑ، ملک ایاز خان دمڑ، چیئرمین ملک بائع خان دمڑ، حاجی نور اللہ دمڑ، چیئرمین حاجی نصرالدین ترین، کونسلر عبد الرحیم دمڑ، کونسلر مولوی فقیر محمد دمڑ، کونسلر حاجی ایاز خروٹی، مولوی صمد صاحب، ملک نواز خان دمڑ، راز محمد زرکون، حاجی سفر خان دمڑ، محبوب خان دمڑ سمیت کاروان کے معزز معتبرین نے شرکت کی شرکاء نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حکومت بلوچستان کی ترجیحات کا اہم حصہ ہیں، جبکہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی سے مقامی آبادی کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی واقع ہوگی اہلِ علاقہ نے اس عوام دوست اقدام پر صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ اور میونسپل کمیٹی سنجاوی کے چیئرمین حاجی خان محمد دمڑ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واٹر ٹینکیوں کی فراہمی سے پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلے کا مؤثر حل ممکن ہوگا علاقہ مکینوں نے مزید امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے عوامی فلاحی منصوبے جاری رہیں گے تاکہ سنجاوی کے عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔

خبرنامہ نمبر 9044/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ صبح اور دیر رات کے اوقات میں موسم نہایت سرد رہے گا۔ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، نوشکی، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ کے اضلاع میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے جانے کا امکان ہے۔اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے وقت موسم شدید سرد ریکارڈ کیا گیا۔پیر کے روز بھی صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں سرد و خشک موسم کی توقع ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سخت سردی برقرار رہے گی۔ مذکورہ شمالی اضلاع میں درجہ حرارت جماؤ نقطے سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی/شمال مغربی علاقوں میں رات کے دوران شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔سب سے کم درجہ حرارت قلات میں -6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 9045/2025
: مستونگ۔ شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ میں 29 نومبر بروز ہفتہ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او WHO) کی مشن ٹیم نے ہسپتال میں غذائیت کی بحالی کے نئے مرکز (نیوٹریشن سٹیبلائزیشن سینٹر NSC) کے مرمتی کام کا جائزہ لیا۔ مرکز میں شدید غذائی کمی کے شکار بچوں کا علاج بے نظیر نشوونما پروگرام کے تحت کیا جائے گا۔ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کی قیادت سربراہ ڈبلیو ایچ او بلوچستان ڈاکٹر اسفندیار شیرانی نے کی، جبکہ انکے ہمراہ نیوٹریشن آفیسر ڈاکٹر عماد الدین شیر مگسی اور انجینئر زین العابدین بھی موجود تھے۔ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عامر اقبال رئیسانی نے وفد کو ہسپتال کے مختلف شعبوں جن میں پیڈز، گائنی، نیونیٹولوجی، کارڈک، وارڈز، فارمیسی، نئے ایمرجنسی رسپانس سینٹر، اور اسکے علاوہ ہسپتال کے ای پی آئی سینٹر، لیشمینیا سینٹر، نیوٹریشن او ٹی پی OTP سینٹر کا بھی دورہ کرایا اور ٹیم نے حالیہ دنوں میں جاری ایم آر کیمپین کی مانیٹرننگ کی۔ڈبلیو ایچ او ٹیم نے NSC کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے مرمت، عملہ، آلات اور ضروری طبی سامان کی فراہمی سے علاج کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ٹیم نے بریسٹ فیڈنگ اور ماں و بچے کی غذائیت سے متعلق رہنما اصولوں پر بھی گفتگو کی اور ڈبلیو ایچ او کیطرف سے ہسپتال کو مزید ٹیکنیکل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مرکز کو دسمبر 2025 تک فعال کرنے کی توقع ہے۔ ہسپتال کے سی ای او نے شراکت دار اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور ماں و نوزائیدہ بچے کی صحت کے لیے مزید تکنیکی معاونت کی درخواست کی۔

خبرنامہ نمبر 9046/2025
خضدار 30 نومبر : ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے نیشنل پروگرام کے ضلعی آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نیشنل پروگرام کا عملہ موجود تھا، جبکہ اے ڈی سی ڈاکٹر رشیدہ زہری اور ڈیٹا آفیسر نیلم بلوچ نے ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کا استقبال کیا۔دورے کے دوران کریم زہری نے ضلع خضدار میں نیشنل پروگرام کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں، فیلڈ سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد نسیم لانگو اور نرسنگ کالج کی پرنسپل بینظیر بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق سا سولی نے نیشنل پروگرام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔

خبرنامہ نمبر 9047/2025
نصیرآباد30نومبر: کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جعفرآباد حضور بخش بگٹی نے ضلع جعفرآباد میں پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے سرکاری امور کا جائزہ لینے کے لیے اچانک دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر حبیب اللہ جوگیزئی سمیت متعلقہ اسٹاف موجود تھا۔ اے ڈی سی جعفرآباد نے مختلف سیکشنز کا معائنہ کرتے ہوئے مفادِ عامہ میں جاری اقدامات کا جائزہ لیا اور عملے سے ان کی کارکردگی، عوام کو دی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر حبیب اللہ جوگیزئی نے انہیں تمام جاری سرگرمیوں، عوامی سہولیات کی فراہمی کے نظام اور سینٹرز کو درپیش مشکلات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد مراکز میں سہولیات کی کمی اور تکنیکی مسائل فوری حل طلب ہیں، جن کے حل سے نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو مزید مؤثر اور معیاری خدمات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حضور بخش بگٹی نے کہا کہ کمشنر نصیرآباد ڈویژن کے احکامات کی روشنی میں پاپولیشن آفس اور سینٹرز کا دورہ اس لیے کیا گیا ہے کہ جاری اقدامات کا زمینی جائزہ لیا جاسکے اور عوامی فلاح کے کاموں میں موجود رکاوٹوں سے بروقت آگاہی ہو۔ انہوں نے پاپولیشن اسٹاف اور افسران کی حاضری اور کارکردگی کو قابلِ اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل میں واضح کمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جن مسائل اور سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، انہیں تحریری طور پر حکام بالا تک جلد پہنچایا جائے گا تاکہ پاپولیشن آفس اور سینٹرز کو درپیش تمام مشکلات کا مناسب حل نکالا جا سکے اور عوام کو بغیر تعطل کے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 9048/2025
تربت: محکمہ کھیل و یوتھ افیئرز حکومتِ بلوچستان کے زیر اہتمام مکران ڈویژن اسپورٹس فیسٹیول 2025ء کے سلسلے میں فٹبال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے فائنل میچز کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی کالج کے پرنسپل امان اللہ بلوچ تھے۔ اس موقع پر مکران کے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز برکت اسماعیل، اے ڈی ایم او شریف بلوچ، لیکچرار منصور بلوچ، اسپورٹس سپروائز ادیب بلوچ، نصیر فقیر، شاہین کرکٹ کلب شاہی تُمپ کے صدر اور لیکچرار ناکو عصاء کے ساتھ کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تمام انتظامات ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالغفار دشتی کی نگرانی میں مکمل کیے گئے۔فائنل میچز بھرپور جوش و خروش کے ساتھ کھیلے گئے۔ بیڈمنٹن کا فائنل گوادر نے اور ٹیبل ٹینس کا فائنل تربت نے اپنے نام کیا۔ فٹبال کے فائنل میچ شاہی تُمپ کے گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی انٹرنیشنل کھلاڑی حاجی عبدالستار منصوری، کلنٹن چاکر بلوچ، چاکر کے بی، اسپورٹس سپروائز ادیب بلوچ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ فٹبال میچ کی کمنٹری امام یار نے کی۔ تربت کی ٹیم نے دو گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کر لی۔کھلاڑیوں نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کیچ اور مکران یوتھ افیئرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے فیسٹیول نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر دکھانے کے مواقع حاصل کرتے ہیں۔شرکاء نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ اس نوعیت کے اسپورٹس فیسٹیول بلوچستان کے ہر ضلع میں منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوانوں میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی بڑھے اور علاقے میں صحت مند تفریح کے مواقع فراہم ہوں۔

خبرنامہ نمبر 9049/2025
کوئٹہ، 30 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی سیاست کو بند کمروں سے نکال کر عوام کے درمیان لایا اور حقیقی معنوں میں عوامی سیاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے غریب، مزدور اور مظلوم طبقے کے لیے جدوجہد کی اور انہی کی طاقت نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک عوامی، نظریاتی اور قومی جماعت بنایا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کی 58 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ سمیت مرکزی و صوبائی رہنما، صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سیاست صرف ڈرائنگ روم تک محدود تھی مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسے عوامی بنایا عوام کو بااختیار کیا اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے وہ تاریخی اقدامات کیے جن کی وجہ سے آج پاکستان مضبوط ایٹمی قوت کے طور پر کھڑا ہے حالیہ بھارتی جارحیت پر فیلڈ مارشل کی دلیرانہ قیادت میں پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی اسی جرات مندانہ فیصلوں کا تسلسل ہے جس کی بنیاد بھٹو شہید نے رکھی انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے میدان میں وہ سنگِ میل قائم کیے جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کیا دہشت گردی کے خلاف جس جرأت اور واضح مؤقف کا آغاز انہوں نے کیا اس کی مثال آج بھی کسی اور جماعت میں نظر نہیں آتی پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے کھلے عام دہشت گردی کو للکارا اور اپنے کارکنوں کی قربانیوں کے باوجود پیچھے نہیں ہٹی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے آخری خطاب کو سن کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا دل پاکستان کے عوام کے ساتھ کس قدر جڑا ہوا تھا 27 دسمبر کو جب شہید بی بی کو ہم سے چھینا گیا میں لاڑکانہ میں موجود تھا اُس وقت پاکستان کی فیڈریشن خطرے میں تھی مگر قائد محترم صدر آصف علی زرداری نے “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے اور ہمیشہ پاکستان کی وحدت اور بقا کی ضمانت رہی ہے انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو اپنے نظریات بندوق کے زور پر مسلط کرنے نہیں دیں گے غریب کا نظام چلے گا، بھٹو کا نظام چلے گا، بے نظیر بھٹو کا نظام چلے گا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسی عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی اور انتشار کے خلاف ریاست اور عوام ایک ساتھ متحد رہیں گے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کوئٹہ کے سریاب روڈ پر واقع شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تاریخی گھر جس پر ایک سرکاری محکمے نے قبضہ کر رکھا تھا صوبائی حکومت نے واگزار کرا لیا ہے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اس گھر کو پارٹی کے ایک شہید کے نام کرنے کی اجازت مانگی جو منظور کر لی گئی ہے یہ گھر 18 اکتوبر کے شہید خلیل احمد سمالانی کے خاندان کو دیا جا رہا ہے جہاں ان کی والدہ رہائش پذیر ہوں گی انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شہداء کی قربانیوں کے اعتراف اور پارٹی وفاداری کے احترام کی ایک مثال ہے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم نے انتہائی ناموافق حالات میں حکومت سنبھالی۔ جب حکومت بنی تو ریڈ زون بند تھا عوام مشکلات و مصائب کا شکار تھے ہماری حکومت نے لوگوں کو ان کا آئینی حق دلانے اور ریاستی اداروں تک رسائی ممکن بنانے کے لیے جرأت مندانہ فیصلے کئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دن رات محنت کر رہی ہے آپ سے وعدہ ہے کہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر لے کر جائیں گے تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ یومِ تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔

خبرنامہ نمبر 9050/2025
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر صوبائی وزیرِ صحت و پیپلز پارٹی کے رہنما بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں ایک شاندار اور پرجوش ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ریلی نوا کلی سے شروع ہوئی اور جوش و جذبے کے ساتھ ایوب اسٹیڈیم تک پہنچی، جہاں مرکزی یومِ تاسیس پروگرام نوری نصیر خان ہال میں منعقد ہوا۔ کارکنوں کی بڑی تعداد نے ساتھ شرکت کی اور پارٹی قیادت کے وژن اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان، خواتین، یوتھ ونگ اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔

خبرنامہ نمبر 9051/2025
کوئٹہ، 30 نومبر۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ایم ڈی واسا مجیب الرحمن کاکڑ کے ہمراہ گوالمنڈی چوک میں جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل اور واسا کے ساتھ پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر موقع پر پہنچ کر صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں درپیش مشکلات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کام کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں، واسا اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ہمراہ مشترکہ بیٹھک میں تفصیلی بات چیت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس دوران علاقہ مکینوں کے گھروں اور واسا کی زیرِ زمین لائنوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچنے دیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی مشاورت سے مؤثر پلان تشکیل دیا جائے اور باہمی تعاون سے کام کی تکمیل یقینی بنائی جائے، تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خبرنامہ نمبر 9052/2025
کوئٹہ، 30 نومبر۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت خسرہ/روبیلا کمپین کے 13ویں روزہ کوریج کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ٹیم، اور نیشنل و پروونشل ای او سی کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری کمپین کی روزانہ کارکردگی، بچوں کی کوریج، ٹیموں کی فیلڈ سرگرمیوں اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کمپین کے بقیہ دنوں میں سو فیصد ٹارگٹ کوریج ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

خبرنامہ نمبر 9053/2025
جعفرآباد۔۔۔ کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جعفرآباد حضور بخش بگٹی نے ضلع جعفرآباد میں پاپولیشنڈیپارٹمنٹ کے سرکاری امور کا جائزہ لینے کے لیے اچانک دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر حبیب اللہ جوگیزئی سمیت متعلقہ اسٹاف موجود تھا۔ اے ڈی سی جعفرآباد نے مختلف سیکشنز کا معائنہ کرتے ہوئے مفادِ عامہ میں جاری اقدامات کا جائزہ لیا اور عملے سے ان کی کارکردگی، عوام کو دی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر حبیب اللہ جوگیزئی نے انہیں تمام جاری سرگرمیوں، عوامی سہولیات کی فراہمی کے نظام اور سینٹرز کو درپیش مشکلات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد مراکز میں سہولیات کی کمی اور تکنیکی مسائل فوری حل طلب ہیں، جن کے حل سے نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو مزید مؤثر اور معیاری خدمات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حضور بخش بگٹی نے کہا کہ کمشنر نصیرآباد ڈویژن کے احکامات کی روشنی میں پاپولیشن آفس اور سینٹرز کا دورہ اس لیے کیا گیا ہے کہ جاری اقدامات کا زمینی جائزہ لیا جاسکے اور عوامی فلاح کے کاموں میں موجود رکاوٹوں سے بروقت آگاہی ہو۔ انہوں نے پاپولیشن اسٹاف اور افسران کی حاضری اور کارکردگی کو قابلِ اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل میں واضح کمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جن مسائل اور سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، انہیں تحریری طور پر حکام بالا تک جلد پہنچایا جائے گا تاکہ پاپولیشن آفس اور سینٹرز کو درپیش تمام مشکلات کا مناسب حل نکالا جا سکے اور عوام کو بغیر تعطل کے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 9054/2025
: پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و پیپلزپارٹی کے رہنمااورو چیئرمین زرغون ٹاؤن میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے اور پارٹی امیدوار بلدیاتی انتخابات میں عوامی خدمت اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے، پارٹی کا مقصد ہر یونین کونسل اور وارڈ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے فعال نمائندہ فراہم کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے اتوارکولہڑی ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے تحت زرغون ٹاؤن اور چلتن ٹاؤن سے منسلک مختلف یونین کونسلوں اور وارڈز کے امیدواروں کی جانب سے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرانے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیرمحمدترین، مرکزی رہنما حاجی نصیب اللہ اچکزئی، احسان اللہ افغان،کوئٹہ سٹی جنرل سیکرٹری نعمت لالا، سیکرٹری اطلاعات اکبر خان ترین، سینئر نائب صدر سید ایوب آغا، نائب صدر زبیر خان بڑیچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری دادمحمد خوندئی، خان جی سلیمان خیل، حفیظ محمود مینگل، عمران بڑیچ، حاجی اسحاق مینگل، حضرت باچا، رحمت اللہ نورزئی دیگر بھی موجود تھے۔ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و چیئرمین زرغون ٹاؤن میر لیاقت لہڑی اور کمیٹی ممبران ملک ذیشان حسین،ڈاکٹر عبید کاکڑ، وارث محمود اچکزئی، انجینئر احسان خلجی کے پاس جمع کرائی گئیں۔پارلیمانی سیکرٹری میرلیاقت لہڑی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی حقیقی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے موثر انداز میں آواز بلند کی ہے پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں خدمت کے جذبے کے تحت بھر پور حصہ لے کر کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں انشاء اللہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 9055/2025
جامعہ بلوچستان کی بیڈمنٹن ٹیم نے ایچ ای سی صوبائی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیوٹمز کی ٹیم کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ اہم مقابلہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، خضدار میں ڈائریکٹر اسپورٹس جامعہ بلوچستان کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ٹورنامنٹ کے دوران جامعہ بلوچستان کی ٹیم نے بہترین مہارت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور اعلیٰ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں نے حکمت عملی، یکسوئی اور مسلسل محنت کے ذریعے اپنی فتح یقینی بنائی۔اس شاندار کامیابی کے بعد جامعہ بلوچستان کی ٹیم اب این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں ہونے والی ایچ ای سی پاکستان لیول بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں صوبہ بلوچستان کی نمائندگی کرے گی، جہاں ملک بھر کی اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ٹیم کی لگن، محنت اور اتحاد کا نتیجہ ہے، جس نے جامعہ بلوچستان کا نام ایک بار پھر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ قومی سطح پر بھی ٹیم یہی کارکردگی جاری رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔

خبرنامہ نمبر 9056/2025
اسلام آباد / 30 نومبر:سابق چیئرمین سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء میر صادق سنجرانی کی جانب سے بلوچستان کی سیاسی قیادت کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان، اراکین سینیٹ، بی اے پی رہنماؤں اور بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات نے خصوصی شرکت کی عشائیے کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا شرکاء نے صوبے میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، وفاق و صوبے کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں جاری ترقیاتی حکمت عملی، امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات، اور عوامی فلاح کے لئے حکومت بلوچستان کی ترجیحات سے شرکاء کو آگاہ کیا شرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور استحکام کے لیے سیاسی قیادت کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے صوبے کے وسیع تر مفاد کے لیے باہمی تعاون، رابطوں کے فروغ اور مشترکہ حکمت عملی پر مکمل اتفاق رائے ظاہر کیا گیا۔ عشائیے میں مرکز اور صوبے کے اداروں کے درمیان مؤثر روابط بڑھانے، وفاقی سطح پر بلوچستان کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنے اور عوامی فلاحی اقدامات میں تیزی لانے پر بھی مشاورت کی گئی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video