29th-November-2025

خبرنامہ نمبر 9029/2025
بارکھان29 نومبر:بارکھان میں آئندہ قومی پولیو مہم کی تیاریاں مکمل، ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ 15 دسمبر کو افتتاح کریں گے۔بارکھان میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ 15 تا 18 دسمبر 2025 تک چار روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر بارکھان جناب عبداللہ کھوسہ کریں گے۔
محکمہ صحت کی تربیت یافتہ ٹیمیں اس دوران ضلع بھر کے 51 ہزار سے زائد 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ ٹیمیں گھر گھر جا کر، دشوار گزار دیہی مقامات، پہاڑی علاقوں، قصبوں اور شہری محلوں تک پہنچ کر ہر بچے کا حفاظتی ٹیکہ یقینی بنائیں گی۔ اس مقصد کے لیے اضافی موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو اس موذی مرض سے مکمل تحفظ دیا جا سکتا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے والدین، سرپرستوں اور شہریوں سے بھرپور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر آنے والی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں، تاکہ بارکھان کو پولیو سے ہمیشہ کے لیے پاک بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 9030/2025
اسلام آباد : سینیٹر بی بی نسیمہ احسان اور سابقہ صوبائی وزیر سید احسان شاہ نے اسلام آباد میں پاکستان میں تعینات ترکمانستان کے سفیر اَتاجان موومنوف سے اہم اور بامقصد سفارتی ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، علاقائی تعاون، پارلیمانی روابط، اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء ترکمانستان کے سفیر اَتاجان موومنوف نے کہا کہ ترکمانستان میں بلوچ کمیونٹی نہایت فعال اور قابلِ احترام حیثیت رکھتی ہے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بلوچ اور ترکمان عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور لسانی مماثلتوں کو مستقبل کے تعاون کا مضبوط ذریعہ قرار دیا۔اس موقع پر سینیٹر بی بی نسیمہ احسان نے کہا کہ پاکستان، بالخصوص بلوچستان، ترکمانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے خواتین کی سیاسی شمولیت، سماجی ترقی اور پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران سید احسان شاہ نے تعلیم، صحت اور عوامی روابط کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مستحکم تعلقات خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر ترکمانستان کے سفیر نے دونوں رہنماؤں کو ترکمانستان کے خصوصی دورے کی دعوت دی، تاکہ ترجیحی شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 9031/2025
زیارت 29نومبر: ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ کی ہدایت پر محکمہ تعلیم میں عارضی ٹیچرز کی تقرری کے آرڈر کی تقسیم کی تقریب ایجوکیشن آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر لطیف اللہ غرشین، ڈی ڈی او نقیب اللہ کاکڑ،تحصیلدار نوراحمد کاکڑ نے عارضی ٹیچرز میں تقرری کے آرڈر تقسیم کئے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر لطیف اللہ غرشین نےکامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعیناتی کا آرڈر صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک بہت بڑی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تعیناتی سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری ہوگی۔انہوں نے نئے اساتذہ سے کہا ان پر حکومت نے جو ذمہ داری عائد کی ہے اور سوسائٹی نے جو امیدیں لگائی ہے ان کو لگن اور ایماندار ی سے ادا کریں اور نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں ۔

خبرنامہ نمبر 9031/2025
اسلام آباد: ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس فورس کے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کیلئے اے این ایف اکیڈمی اسلام آباد میں منعقدہ دو ماہہ لاء انفورسمنٹ ٹریننگ کورس کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔تربیتی پروگرام کا مقصد اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، قانون نافذ کرنے کے اصولوں کی بہتر سمجھ، آپریشنل ڈسپلن، اور انسدادِ منشیات و ٹیکسیشن سے متعلق قانونی ڈھانچے کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔ کورس کے ذریعے نوجوان اہلکاروں کو میدانِ عمل کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا۔اس موقع پر افسران نے ڈی جی ساؤتھ زمان صاحب، ڈی جی نارتھ ایوب خان ہزارہ صاحب، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر نصیر اللہ مندوخیل صاحب اور ڈائریکٹوریٹ کوئٹہ کے عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی معاونت سے تربیت کا یہ عمل ممکن ہوامحکمے کے مطابق یہ تربیتی اقدام انسانی وسائل کی ترقی میں اہم سرمایہ کاری ہے، جو مستقبل میں فورس کی کارکردگی، ذمہ داری، اور فیلڈ آپریشنز کی استعداد میں نمایاں بہتری لائے گا

خبرنامہ نمبر 9032/2025
قلات۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلوچستان کے تاریخی شہر قلات میں ایک روزہ بلوچی کلچرل ڈریس شو فوڈ فیسٹیول اینڈ میگا اسپورٹس گالا کے عنوان سے ثقافتی میلے کا انعقاد کیاگیا۔ثقافتی میلے کا انعقاد خواتین کے لیئے گورنمنٹ گرلزڈگری کالج قلات اور مردحضرات کے لیئے گورنمنٹ ماڈل داود ہائی سکول اسہورٹس کمپلیکس میں کیاگیا۔ثقافتی میلے میں قلات اور خالق آباد کے مختلف گرلز سکولوں کی جانب سے خلقی گدان لگائے گئے تھے اور ان میں ثقافتی برتن کالین اور روایتی کھانے بھی رکھے گئے تھے جبکہ بکسٹال بھی لگائے گئے تھے۔محکمہ سمال انڈسٹریز کی جانب سے بلوچی کشیدہ کاری کپڑے شال اور بچوں کے ملبوثات کا بھی اسٹال لگایا گیاتھاڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی بریگیڈیئر ناصراحمد چیرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری سردارشکیل دہوار میجرابدال میجر رافع ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثاراحمدنورزئی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل فرزانہ احمدزئی پرنسپل گرلز کالج ثاقبہ امام صحافی برادری اور دیگر نے ثقافی اسٹالز اور خلقی گدانوں کا دورہ کیا۔خلقی گدانوں میں آئے ہوے مہمانوں کو بلوچی اور براہوئی زبان میں خوش آمدید کہاگیا اور انہیں حال احوال کرکے روایتی کھانے بھی کھلائے۔ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی اور برگیڈیئر ناصراحمدنے خلقی گدان بکسٹال گشیدہ کاری اسٹال لگانے والوں کی خوب حوصلہ افزائی کی اور انہیں نقد انعامات بھی دے دیئے۔اسی طرح گورنمنٹ گرلز کالج میں گولڈن ویک کے اختتامی تقریب کا بھی انعقاد کیاگیاتقریب کے مہمان خاص ڈپٹی کمشنر منیردرانی برگیڈیئر ناصر احمد تھے جبکہ اعزازی مہمانوں میں چیرمینمیونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار نورزئی محترمہ فرزانہ احمدزئی سردار شکیل جان دہوار شامل تھے تقریب کی صدارت پرنسپل گرلزکالج محترمہ ثاقبہ امام نے کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوئی جبکہ مختلف سکولوں کے طلباء وطالبات نے نعت شریف ٹقافتی ٹیبلوز ثقافتی شاعری پیش کی۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر منیردرانی برگیڈیئر ناصراحمد چیرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری پرنسپل گرلزکالج محترمہ ثاقبہ امام نے بلوچی ثقافت کی اہمیت وافادیت اور ضرورت پر تفصیلی خطاب کیئے ڈپٹی کمشنر قلات برگیڈیئر 329ونگ اور چیرمین میونسپل کمیٹی کی جانب سے کالج انتظامیہ اور ثقافتی اسٹالز لگانے والیمنتظمین کے لیئے نقد انعامات کا بھی اعلان کیاگیا پرنسپل کی جانب سے مہمانوں کو سوینیئر بھی پیش کیئے گئیاسی طرح مردحضرات کے لیئے گورنمنٹ ماڈل داود ہائی سکول میں ثقافتی میلے کا انعقاد کیاگیا جہاں پر بلوچی دھول چاپ محفل موسیقی ثقافتی اسٹالز فوڈ اسٹالز اور بک اسٹالز لگائے گئے تھے۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کی جانب سے ثقافتی اسٹال گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج کی جانب سے بکسٹال پبلک لائبریری کی جانب سے بکسٹال اور تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی کے جانب سے فوڈ اسٹال لگائے گئے اسی طرح میونسپل کمیٹی کی جانب سے بلوچ چاپ کااہتمام کیاگیا اور صفائی ستھرائی مہم کے انتظامات کئے گئے ڈہٹی کمشنر منیراحمددرانی بریگیڈیئر ناصر چیرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری سردار شکیل جان دہوار قبائلی اور سماجی رہنماء ارباب میراحمددہوار سردارزاہ میرایاز مینگل پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر شکیل بلوچ ڈی ای او نثار نورزئی اور دیگرنے ثقافتی میلے میں اسٹالز کا دورہ کیا اور انکی حوصلہ افزائی کی۔ثقافتی دھول چاپ میں نوجوانوں نے بہترین چاپ اور اقص کامظائرہ کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر مہمانوں نے بھی چاپ میں حصہ لے کر حاضرین کے دل خوش کردیئے جبکہ محفل موسیقی میں استاد نثار انجم نے اپنے سریلی آواز اور ثقافتی گانے گاکر میلے کو چارچاند لگادیا حاضرین مجلس نے نثار انجم کو بھرپود داد دی ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی اور برگیڈیئر ناصر چیرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب زہری نے کہا کہ زندہ قوموں کی نشانی یہی ہیکہ وہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھتے ہیں ہم جتنی بھی ترقی کرلیں ہم جتنی بھی سائنسی علم حاصل کرلیں ہم جہاں بھی جائیں مگر ہمیں اپنی ثقافت کو نہیں بھولنا چایئے قوموں کی ترقی ملکوں کی ترقی کے لیئے ضروری ہیکہ وہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھیں۔ڈپٹی کمشنرمنیراحمد درانی نے کہاکہ سردیوں کے بعد جونہی موسم بہتر ہوگا تو ہم ایک بہت بڑا ثقافتی میلہ اور اسپورٹس میلہ سجائیں گے اور قلات کے تمام ٹیلنٹ کو موقع دیاجائیگا کہ وہ اپنے فن کو اجاگر کرسکے یہ میلہ قلات کی تاریخ کا سب سے بڑا ثقافتی میلہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنرنے تمام صحافی برادری اور ثقافتی میلے کے منتظمین کا شکریہ اداکیا اسی طرع صبح 10:00 بجے شروع ہونے والا ثقافتی میلہ شام 4:00 بجے کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔

خبرنامہ نمبر 9033/2025
رکنی 29نومبر:پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ واسا کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی خصوصی توجہ اور عوام دوست پالیسی کے نتیجے میں صاف پانی کی فراہمی کے فیز ٹو منصوبے نے باضابطہ طور پر افتتاحی مرحلے میں قدم رکھ لیا ہے۔منصوبہ تقریباً چھ کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے شروع کیا گیا ہے، جو رکنی شہر میں پینے کے صاف پانی کی مستقل، پائیدار اور بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم ترقیاتی اقدام سمجھا جا رہا ہے۔محکمہ پی ایچ ای کے حکام نے صوبائی وزیر کی ہدایات کی روشنی میں پانی ذخیرہ کرنے والی نئی ٹینکیوں کے تعمیراتی کام کے لیے ٹھیکیدار کو لے آؤٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے فنی عملے کی نگرانی میں منصوبے پر عملی کام کا آغاز جلد متوقع ہے، تاکہ شہر کے باسیوں کو جلد از جلد اس منصوبے کے ثمرات پہنچ سکیں۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نیکہا کہ حکومت عوامی ضروریات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت، معیار اور وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رکنی شہر میں پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی حکومت کا وعدہ بھی ہے اور ترجیح بھی، اور اس منصوبے کی تکمیل شہریوں کی دیرینہ ضرورت کو پورا کرے گی۔

خبرنامہ نمبر 9034/2025
کوئٹہ، 29 نومبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں ہمیں ان میڈیا ورکرز کی مشکلات اور مالی حالات کا بخوبی اندازہ ہے جو محدود تنخواہوں میں گزر بسر کررہے ہیں اسی لیے صوبائی حکومت نے ان کے لیے جامع ہاؤسنگ اسکیم کا قیام عمل میں لایا ہے اس مقصد کیلئے نہ صرف زمین مختص کر دی گئی ہے بلکہ ایک سال میں یہ منصوبہ مکمل کرکے فلیٹس کی چابیاں بھی ان کے حوالے کردی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں کوئٹہ میں جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ذمہ دار اور حق پر مبنی صحافت کو فروغ دیا جائے آزاد اور سچی صحافت معاشرے کی تشکیل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے صحافت کا شعبہ خطرات سے گھرا ہوا ہے لیکن بلوچستان کے صحافیوں نے ہمیشہ ذمہ دار میڈیا کا کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ اختلاف جائز ہے اور تنقید برداشت کرنے کے لیے ہوتی ہے ہم نے کبھی برداشت کا دامن نہیں چھوڑا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ایک بار پھر لوگ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی طرف واپس آرہے ہیں تاہم سوشل میڈیا اپنی جگہ حقیقت ہے صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کی طرف بھی توجہ دیں اور سچ کو فروغ دیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صحافیوں نے ہمیں صرف پلاٹس دینے کی درخواست کی تھی مگر حکومت بلوچستان نے فیصلہ کیا ہے کہ صحافیوں کو صرف زمین نہیں بلکہ تیار فلیٹس بنا کر دیے جائیں گے بلوچستان کے صحافیوں سے عزت و احترام کا دیرینہ تعلق ہے اور ہم نے کبھی تنقید کا برا نہیں منایا صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے اور کم تنخواہوں میں کام کرنے والے صحافیوں کو بلا معاوضہ فلیٹس دیے جائیں گے جبکہ شہداء صحافیوں کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی وہ جہاں پڑھنا چاہیں ہم ان کے تعلیمی اخرجات اٹھائیں گے چاہے وہ لارنس کالج ہو ، ایچی سن ہو، آکسفورڈ یا ہارورڈ ہو حکومت ان کے تعلیم کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی انہوں نے کہا کہ فلیٹس کی تقسیم میں میرٹ کو پہلی ترجیح دی جائے گی غریب میڈیا ورکرز کو قرعہ اندازی کے ذریعے مفت جبکہ دیگر کو نصف قیمت میں آسان اقساط پر فلیٹس دیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی کہ اس ہاوسنگ اسکیم پر آج ہی سے کام شروع کیا جائے اور کام کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے اپنے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے امن و استحکام کی راہ میں حائل مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف تنظیمیں کم عمر نوجوانوں کو اغوا کر کے بھاری رقوم کا مطالبہ کرتی رہی ہیں ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ کچھ عرصہ قبل پیش آیا جو میڈیا میں رپورٹ نہ ہوا ہمیں احساس ہے کہ بعض واقعات کی رپورٹنگ سے صحافیوں کو جانی نقصان کے خدشات ہوتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہنا ہمیشہ مشکل تھا اور آج بھی ہے مگر میں نے کبھی اپنا مؤقف نہیں بدلا روز اول سے پاکستان کے ساتھ کھڑا تھا اور آج بھی کھڑا ہوں انہوں نے کہا کہ میں جنگ کا بنفشری نہیں بلکہ افیکٹی ہوں اس جنگ میں 280 قریبی افراد شہید ہوئے اور میں آج بھی ان 280 متاثرہ خاندانوں، بیواؤں کی کفالت کررہا ہوں میرا سیاسی سرمایہ پاکستان ہے اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہوکر قربانیاں دینے پر مجھے فخر ہے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا مہمات کی مجھے پرواہ نہیں ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑا تھا اور کھڑا رہوں گا کسی صورت ظالم کا ساتھ نہیں دوں گا اور نہ اپنے موقف سے ہٹوں گا ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافی اس ہاؤسگ اسکیم کو میرا کوئی احسان نہ سمجھیں یہ ان کا حق ہے میری غلطیوں کی نشاندہی کریں سچ کو فروغ دیں اور بلیک میلنگ کی حوصلہ شکنی کریں تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے کاغذات باضابطہ طور پر صدر پریس کلب عرفان سعید اور سئنیر صحافیوں کے حوالے کیے اور یقین دہانی کرائی کہ یہ منصوبہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت بلوچستان کا تاریخی اقدام ہے جو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جرنسلٹ ہاؤسنگ اسکیم کے لیے سئنیر صحافی شاہد رند سمیت دیگر حکام کی کاوشوں کا خصوصی طور پر زکر کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ساتھیوں کو ہمیشہ اپنے دل کے قریب رکھا ہے اور آئندہ بھی ان کی بہبود کیلئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے تقریب میں کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید نے صوبائی حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صحافیوں کے مسائل کے مستقل حل کی طرف اہم قدم ہے اور بلا شبہ موجودہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حقیقی معنوں میں صحافیوں کی بہبود کیلئے عملی اقدامات کئے جن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آج صحافیوں کا 35 سالہ پرانا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، تقریب میں صوبائی وزراء محمد کاکڑ، میر سلیم خان کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی محمد نورزئی، شاہد رند، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سمیت متعلقہ حکام اور سئنیر صحافیوں سمیت میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد شریک تھی۔

خبرنامہ نمبر 9035/2025
تربت:محکمہ کھیل و یوتھ افیئرز حکومتِ بلوچستان کی زیر نگرانی جاری مکران ڈویژن اسپورٹس فیسٹیول 2025ء اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ فائنل میچز ایئرپورٹ چوک تربت کے بالی کرکٹ گراؤنڈ میں زبردست جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئے جہاں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گراؤنڈ میں تمام انتظامات ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالغفار دشتی نے نہایت بہترین انداز میں سرانجام دیے۔کرکٹ کے فائنل میں ڈی سی اے تربت اور ڈی سی اے گوادر کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا۔ ہر اوور پر تماشائیوں کا جوش دیدنی تھا۔ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی سی اے تربت نے 46 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل میں مہمانِ خصوصی زری بینک تربت کے اکاؤنٹ آفیسر نصیر احمد فقیر تھے جبکہ اسپورٹس سپروائزر ادیب بلوچ، مجاہد نور (فنانس سیکریٹری DCA تربت)، میر عبداللہ علی حسن (سیکریٹری DCA گوادر)، کیپٹن عبدالباسط سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں امپائرز، کمنٹیٹرز، گراؤنڈ مین اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔اسی دوران کک بال کا فائنل ڈسٹرکٹ تربت اور ڈسٹرکٹ گوادر کے درمیان کھیلا گیا جس میں ڈسٹرکٹ تربت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس موقع پر سابق کھلاڑی اور ڈسٹرکٹ شوٹین بال ایسوسی ایشن کے خزانچی کہدہ اعجاز مہمانِ خصوصی تھے۔ کک بال کے فائنل کے بعد بھی تمام آفیشلز اور کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور شرکاء نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کیچ اور مکران یوتھ افیئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے فیسٹیول نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے ایونٹس کو بلوچستان کے تمام اضلاع میں مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آسکیں۔

خبرنامہ نمبر 9036/2025
سبی 29 نومبر:سپورٹس فیسٹیول سبی ڈویژن 2025 کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سبی میں منعقدہ رنگا رنگ کھیلوں کے مقابلوں میں ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ، ونگ کمانڈر 122 ونگ کرنل عبدالمنان نے خصوصی شرکت کی۔ طالبات کے کرکٹ، بیڈمنٹن، رسا کشی، ریکٹ شٹل اور دیگر مقابلے دیکھے گئے۔ تقریب کے دوران ایک طالبہ نے پیشہ ورانہ انداز میں آرمی پریڈ پرفارمنس کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی کو سلیوٹ کیا، جس پر شرکاء کی جانب سے زبردست پذیرائی کی گئی۔ طالبہ کی حوصلہ افزائی کے طور پر کرنل عبدالمنان نے اسے نقد انعام بھی دیا۔ اسی دوران ڈپٹی کمشنر اور کرنل عبدالمنان نے طالبات کے ساتھ ریکٹ شٹل کا میچ بھی کھیلا۔ بعدازاں لونی گاؤں میں رائفل شوٹنگ کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی، اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ، کرنل عبدالمنان، کرنل زبیر اور کرنل شہریار نے بھی شرکت کی اور مقابلوں میں حصہ لیا۔ رائفل شوٹنگ ایونٹ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سبی نے آرگنائزر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ کھیل ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور خوداعتمادی کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ سبی نوجوانوں کی کھیلوں میں شمولیت کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ طالبات اور نوجوان کھلاڑیوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، اور ایسے فیسٹیول معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ رائفل شوٹنگ مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے نشانہ بازوں میں انعامات اتوار کے روز اختتامی تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ شاندار ایونٹس محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ سبی کے خصوصی تعاون سے جاری ہیں۔

خبرنامہ نمبر9037/2025
سبی 29 نومبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے وومن بازار اور وومن ہاسٹل میں لگائے گئے خصوصی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، جہاں خواتین اور بچوں کو بنیادی طبی سہولیات، چیک اپ اور ادویات کی فراہمی جاری تھی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی اور مینیجر شہید بےنظیر وومن سینٹر رخشندہ کوکب بھی ہمراہ تھیں۔ کیمپ میں خواتین کو عام علاج کے ساتھ ساتھ بچوں کو خسرہ، روبیلا اور پولیو مہم کی خصوصی ویکسینیشن بھی کی جارہی تھی، جبکہ ڈاکٹروں کی ٹیم مریضوں کا تفصیلی معائنہ کر کے موقع پر ہی ادویات فراہم کر رہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے میڈیکل کیمپ کے انتظامات، ویکسینیشن پراسیس اور موجود سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹروں سے بریفنگ لی اور مریض خواتین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل بھی سنے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے اپنے خطاب میں کہا وومن بازار اور وومن ہاسٹل میں لگایا گیا میڈیکل کیمپ خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ خصوصاً خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسی اہم ویکسینیشن مہمات کا یہاں انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ خواتین کو ان کے قریب ترین مقام پر معیاری طبی سہولیات میسر رہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ میڈیکل کیمپ جیسے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور خواتین و بچوں کی صحت کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

خبرنامہ نمبر 9038/2025
ڈھاڈر/کچھی 29نومبر۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں غیرقانونی گاڈیوں اور لوڈنگ اور چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ ریونیو حاجی جان محمد نے ٹریفک پولیس کچھی کے ہمراہ نیشنل ہائی وے کوئٹہ۔سبی قومی شاہراہ پر ڈھاڈر کے مقام پر کارروائی کی۔کارروائی کے دوران اوور لوڈنگ، مسافروں کو چھتوں پر بٹھانے، بغیر کاغذات اور غیر قانونی روٹ پرمٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ مجموعی طور پر 42 گاڑیوں جن میں ویگنوں، ٹرالر اور باؤزر شامل تھے، کے خلاف چالان کیے گئے۔اس موقع پر گاڑیوں کے کاغذات اور روٹ پرمٹ کی مکمل جانچ پڑتال کی جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔اس موقع پر ویگنیوں کے چھتوں سے سوار مسافروں کو اتارا گیا۔حکام نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں غیر قانونی اور بغیر اجازت روٹ استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ عوام کی حفاظت، سفری قوانین پر عمل درآمد اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایکشن جاری رہے گا۔ٹرانسپورٹ حکام نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور حضرات پر زور دیا کہ وہ قانون پر عمل کیا کریں اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اورمسافروں گاڑیوں اور مال برادر گاڈیوں کے لیے پرمٹس لازمی ہے لہذا بغیر پرمٹ اور اجازت روٹ استعمال کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر9039/2025
کوئٹہ، 29 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی قیادت، کارکنان اور تمام سپورٹرز کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ درحقیقت پاکستان کی جمہوری جدوجہد کی تاریخ ہے پاکستان میں آئینی بالادستی، وفاقی ہم آہنگی، سیاسی استحکام اور عوامی حقوق کے لیے پیپلز پارٹی کا کردار ناقابلِ فراموش ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جس دور میں پارٹی کی بنیاد رکھی وہ پاکستان کی تاریخ کا نہایت نازک اور سیاسی انتشار سے بھرا مرحلہ تھا اس مشکل دور میں بھٹو شہید نے نہ صرف قوم کو متحد رکھا بلکہ پاکستان کو وہ آئینی ڈھانچہ فراہم کیا جو آج بھی وفاقی نظام کی بنیاد ہے۔ 1973 کا متفقہ آئین پاکستان کی سیاسی شناخت اور قومی یکجہتی کا ستون ہے جسے بھٹو شہید نے اپنی سیاسی بصیرت اور قومی قیادت سے ممکن بنایا اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے 58 سالہ سفر میں ایسے تاریخی فیصلے کیے جنہوں نے پاکستان کو ایک نئی سمت دی چاہے وہ زرعی اصلاحات ہوں، جوہری پروگرام کی بنیاد، آزاد خارجہ پالیسی کا آغاز، میزائل ٹیکنالوجی کی ترقی، یا غریب طبقے کی فلاح کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا قیام، یہ وہ اقدامات ہیں جنہوں نے پاکستان کی قومی عزت، دفاعی صلاحیت اور سماجی فلاح کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے آمریت کے مقابلے میں جمہوریت اور عدم تشدد کی سیاست کو نئی جہت دی۔ انہوں نے صوبوں کو جوڑنے، وفاق کو مستحکم کرنے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ میں بے مثال کردار ادا کیا۔ اسی طرح سابق صدر آصف علی زرداری نے ”پاکستان کھپے“ کہہ کر مشکل ترین لمحے میں قوم کو متحد کیا اور جمہوری نظام کو پٹری سے اترنے نہیں دیا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کی آواز کو نئے انداز اور نئی توانائی کے ساتھ مؤثر طریقے سے پیش کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کی سیاسی قیادت آئین کی بالادستی، جمہوریت کے فروغ، قومی مفادات کے تحفظ اور مساوات کے اصولوں پر مضبوطی سے کاربند ہے پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری، مستحکم اور عوام دوست ریاست بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا یکجا رہنا وقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن، مساوات، عوامی خوشحالی اور وفاقی یکجہتی کو اولین ترجیح دی ہے عوام ہی اس جماعت کی اصل قوت ہیں جنہوں نے بھٹو اور بینظیر کے مشن کو زندہ رکھا ہے یہی تسلسل پاکستان کی جمہوری سیاست کے استحکام کی بنیاد ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ بھی قومی جدوجہد، عوامی حقوق کے تحفظ اور وفاقی شراکت داری سے جڑی ہوئی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ بھی جمہوریت، آئین اور قومی یکجہتی کے سفر میں اپنا مثبت کردار اسی عزم کے ساتھ جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صرف اور صرف آئین، جمہوریت، عوامی خدمت اور اجتماعی قومی وژن میں ہے اور ملک کو ایک روشن، محفوظ اور مستحکم راستے پر لے جانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

خبرنامہ نمبر9040/2025
گوادر: اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے پولیتھین پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کی مختلف دکانوں اور مارکیٹوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران متعدد مقامات سے بڑی تعداد میں پلاسٹک بیگز ضبط کر لیے گئے۔انتظامیہ کے مطابق پولیتھین بیگز پر پابندی کا مقصد شہر کو ماحول دوست، صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنا ہے۔ حکام بالا کی واضح ہدایات ہیں کہ دکاندار پولیتھین بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ان کی جگہ ماحول دوست بیگز اپنائیں تاکہ ہمارے خوبصورت شہر ماحولیاتی آلودگی اور کلائمٹ چینج کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔ضلعی انتظامیہ نے تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

خبرنامہ نمبر9041/2025
گوادر: چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ سے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے جی پی اے ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین نورالحق بلوچ نے نقیب اللہ کاکڑ کو ڈپٹی کمشنر گوادر کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں ضلع گوادر کو درپیش آبی بحران، گوادر پورٹ کے ڈیسلینیشن پلانٹ کی موجودہ صورتحال، پانی کی ترسیل کے نظام اور بندرگاہ سے متعلق دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر کے عوام کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیسلینیشن پلانٹ کی استعداد کار کو مزید بہتر بنانے اور شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ملاقات کے بعد چیئرمین گوادر پورٹ اور ڈپٹی کمشنر گوادر نے گوادر پورٹ ڈیسلینیشن پلانٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں تکنیکی عملے نے پیداواری صلاحیت، آپریشنل نظام اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

خبرنامہ نمبر9042/2025
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج نرسنگ کالج اور 25 بیڈڈ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا ڈی ایچ او خضدار ڈاکٹر نسیم لانگو بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر خضدار نے انڈر ٹریننگ نرسز اور میڈوائف طالبات سے گفتگو کی اور ان کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پروفیشنل تربیت کو مکمل توجہ اور لگن سے حاصل کریں تاکہ گائنی کالوجی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر سکیں۔علاوہ ازیں اس بات پر زور دیا کہ تربیت مکمل ہونے کے بعد جب وہ اپنے اپنے علاقوں میں واپس جائیں تو وہاں بھی عوام الناس کی خدمت کا جذبہ برقرار رکھیں اور معیاری صحت خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر خضدار نے ہدایات جاری کیں کہ طالبات کو جدید ترین آلات اور عملی تربیت کے بہترین مواقع فراہم کیئے جائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نرسنگ ایجوکیشن اور خواتین کی صحت سے متعلق منصوبوں کو ہر ممکن تعاون دیا جائے گا۔طالبات نے ڈپٹی کمشنر کے دورے اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور عہد کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گی۔یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کا اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سے مسلسل فیلڈ وزٹس کر رہے ہیں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیئے براہِ راست ایکشن لے رہے ہیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video