November 15, 2024
News

28-9-2024

خبرنامہ نمبر 5785/2024
کوئٹہ 28 ستمبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خبروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج عالمی خبروں کا دن ‘سچائی کا انتخاب کریں ‘ کی تھیم سے منایا جارہا ہے جو باعث مسرت ہے یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تحقیق اور سچائی پر مبنی معاشرتی اصلاح کے لئے بنائی گئی خبر نظام کی درستگی میں معاون ثابت ہوتی ہے جبکہ سچائی اور نیک نیتی سے کی گئی معیاری رپورٹنگ سے صحافت کا معیار بھی برقرار رہتا ہے مختلف خطوں اور پاکستان کے تمام صوبوں کے حالات یکسر مختلف ہیں بلوچستان میں محدود مواصلاتی نظام اور خبر کی تحقیق میں صحافیوں کو دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے جس پر بلوچستان کے صحافیوں کی محنت کو سراہتے ہیں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں روایتی صحافت کا ٹرینڈ بھی تبدیل ہوچکا ہے تاہم بدلتے حالات میں بھی کسی خبر کی تصدیق اشد ضروری ہے غیر مصدقہ اطلاعات پر مبنی خبریں معاشرے میں بے چینی مایوسی اور بگاڑ کا سبب بنتی ہیں خبروں میں سچائی کی تصدیق صحافیوں کا عزم اور وطیرہ ہونا چاہئے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ سوشل میڈیا جہاں اطلاعات کے پھیلاؤ میں انقلاب ثابت ہوا وہاں نقصانات بھی ہوئے ہیں سوشل میڈیا پر کلک بیٹ اور سنسنی خیزی نے سچائی اور تصدیق کے عمل کو پیچھے دھکیل دیا ہے تاہم یہ بھی حوصلہ افزا بات ہے کہ ایسے ماحول کے برعکس روایتی صحافت بدستور اپنا مثبت اور زمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈوں اور جھوٹے بیانے کے خلاف صحافت کو سچائی کا ساتھ دینا ہوگا بلوچستان حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 5786/2024
کوئٹہ 28 ستمبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی وزیرستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افرادکے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

خبرنامہ نمبر 5787/2024
کوئٹہ۔ 28 ستمبر:ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پشین نے 40 بند اسکول فعال کر دئیے ہیں یہ اسکول اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث بند تھے ایس سی ایچ ڈی کے تعاون سے40 کنٹریکٹ اساتذہ کا تقرر کرکے اسکول فعال کردئیے گئے ہیں جہاں درس و تدریس کا عمل شروع ہوچکا ہے وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ سے جاری ایک اعلامیہ میں ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پشین نے این سی ایچ ڈی کے تعاون سے تدریسی اسٹاف کا انتظام کیا یے اس کے ساتھ ساتھ پشین کے 90 کے لگ بھگ عادی غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردئیے گئے ہیں جن کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر ملازمت سے برطرفی کی کارروائی ہوگی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دورہ پشین کے موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین کو رواں سال دسمبر تک ضلع کے تمام بند اسکول کھولنے کا ٹاسک دیا تھا شاہد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تعلیمی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے جس کے ثمرات بتدریج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 5788/2024
کوئٹہ 28 ستمبر۔صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی حقیقی جماعت ہے جس کا ہمیشہ سے یہ ہی وژن رہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بہتر اور بلند ہو اور اس حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر علاقے کے مختلف وفود نے صوبائی مشیر کو اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور مسائل کے فوری حل کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے ان وفود کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پی ایس ڈی پی 2024.25 میں ایسے منصوبے شامل کیے جائیں جن کے ثمرات سے عوام مستفید ہوں اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں اور یہ یہی وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کا وژن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ علاقے و صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے وفود سے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے علاقے و صوبے کے ہر فرد کے لئے کھلے ہیں۔ وفود نے صوبائی مشیر کا مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 5789/2024
کوئٹہ 28 ستمبر۔ضلعی انتظامیہ کا شہر میں قائم غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف بڑا کریک ڈاون،127 غیر قانونی پیٹرول پمپ سیل۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائیاں کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹیموں نے کچلاک، بلیلی،سمنگلی، چشمہ اچوزئی،ائیر پورٹ روڈ،عالمو چوک،نواں کلی،میکانگی روڈ، کواری روڈ، کاسی روڈ، پشین سٹاپ، جناح ٹاون، شہباز ٹاون، سپنی روڈ، سریاب روڈ،طوغی روڈ، گولی مار چوک، دکانی بابا چوک، سریاب ملز، مشرقی بائی پاس، مغربی بائی پاس، غوث آباد، لنک سریاب روڈ، پشتون آباد، خدائیداد روڈ، سرکی روڈ، نواں اڈہ سرکلر روڈ، سیٹلائٹ ٹاون، گول مسجد جتک سٹاپ،منیر احمد خان روڈ،قمبرانی روڈ، ارباب کرم خان روڈ، رئیسانی روڈ، پشتونستان چوک اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ان کاروائیوں میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کیپٹن (ر) عبداللہ بن عارف، اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) بہادر خان، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) کیپٹن (ر) حمزہ انجم، اسسٹنٹ کمشنر (سریاب) ماریہ شمعون، سپیشل مجسٹریٹ احسام الدین کاکڑ، سپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار اور مجسٹریٹ خادم حسین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

خبرنامہ نمبر 5790/2024
تربت 28 ستمبر۔رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بی آر سی کالج تربت کا دورہ کیا جہاں پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔ بی آر سی کالج کے پرنسپل پروفیسر ولی محمد لہڑی نے رکن صوبائی کو کالج کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کالج کے اکیڈمک اسٹاف سے ملاقات کی۔ اکیڈمک اسٹاف نے رکن صوبائی اسمبلی کو بی آر سی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے کالج کے پرنسپل اور اکیڈمک اسٹاف کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن یقین دہائی کرائی اور کہا کہ اساتذہ اپنی تمام تر صلاحیتوں سے طالب علموں کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ہمارا بنیادی ویژن طالبعلموں کو کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنا ہے جس کیلئے تمام تر وسائل استعمال کیے جائیں تاکہہم ایک پڑھا لکھا ضلع بنانے میں کامیاب ھوجائیں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بی آر سی کالج میں جدید سولرائزیشن سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔

خبرنامہ نمبر 5791/2024
کوئٹہ۔ 28 ستمبر:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتے کو کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع میں ٹھنڈی راتوں کے ساتھ موسم گرم اور خشک رہے گا۔ جب کہ کوئٹہ، چاغی، واشک، پنجگور اور ساحلی علاقوں (گوادر) میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ پسنی، اورماڑہ اور لسبیلہ اضلاع میں شام/رات کے وقت ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔اتوار کو کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع میں ٹھنڈی راتوں کے ساتھ موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ صوبے کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں خشک گرم رہنے کا امکان ہے۔

خبرنامہ نمبر 5792/2024
لورالائی28 ستمبر:اسسٹنٹ کمشنر لورالائی اجمل خان مندوخیل نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول زنکی وال و گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کلی ملک داد اور ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کا سرپرائز دورہ کیا۔انہوں نے پہلے مرحلے میں ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پر کارڈیالوجی، سرجیکل وراڈ، گا ئنی وراڈ اور تمام ڈاکٹرز و دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹرڈ کو چیک کیا اور ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ بھی لیا۔ اس موقع ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لورالائی اجمل خان مندوخیل نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے پیشے کو دیکھتے ہوئے لوگوں کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھیں اور انہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرایمر سکول زنگی وال اور گورنمنٹ گرلز پرایمری سکول کلی ملک داد کا بھی سرپرائز دورہ کیا دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اساتذہ کرام کی حاضری رجسٹر کو بھی چیک کیا اور تعلیمی ادارے میں درس و تدریس کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو بہتر انداز میں علم کی روشنی سے منور کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ آگے چل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی کردار ادا کر سکیں کیونکہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور ان کو علم کی روشنی سے منور کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے یہ تب ہی ممکن ھوگا جب اساتذہ کرام اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں گے اس لیے اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز نہ کریں ضلع انتظامیہ ہرگز نہیں چاہییگی کہ اساتذہ کرام کی غیر حاضری سے بچیوں کا تعلیمی ماحول متاثر ہو غیر حاضر رہنے سے اجتناب کیا جائے۔

خبرنامہ نمبر 5793/2024
تربت 28 ستمبر: چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ کے زیر صدارت بارڈر کمیٹی کے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر سے منسلک کاروبار کے حوالے سے مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ بارڈر ریڈریسل کمیٹی کے اجلاس میں باہڈ جمیل دشتی وائس چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ، شے نزیر احمد، برکت علی، خان محمد اور غلام حسین نے بطور ممبر شرکت کی۔ کمیٹی کے اجلاس میں ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر سے منسلک مختلف مسائل پہ سیر حاصل گفتگو کی گئی اور درج ذیل سفاشارات پر کمیٹی نے متعلقہ فیصلہ سازی کی مین ماسٹر لسٹ کی بحالی، نئے بارڈر پوائنٹ (کپکپار،سوراپ، جالگی) کی بحالی، نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن، ماسٹر لسٹ میں گاڑیوں کی تصدیقی عمل کا آغاز، ٹوکن سسٹم کو ختم کرکے بارڈر کو قومی شناختی کارڈ پر کیا جائے اور مقامی باشندوں تک محدود کیا جائے، بارڈر کے حوالے ضلع کیچ کے آئندہ کے اجلاس میں قانون سازی، پاک ایران بارڈر کے کاروباری معاملات میں ضلع کونسل کیچ کی نمائندگی یقینی بنایا جائے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بارڈر ریڈریسل کمیٹی ماہانہ اجلاس منعقد کرے گی، جس میں بارڈر سے متعلق قانون سازی، بارڈر کے کمیٹی کے معاملات کو زیر بحث لانا شامل ہیں۔

خبرنامہ نمبر 5794/2024
تربت 28 ستمبر 2024:گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج تربت میں Pakistan Poverty Alleveation Fund (PPAF) کے اشتراک سے ”سِنّتِ رسول کی پیروی“ اور Anger Management and National Integration کے موضوعات پر کالج کے پروفیسر غلام رسول خالد آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمانِ خاص اسلام آباد سے آئے ہوئے PPAF کے سربراہ جناب سہیل خان بنگش تھے۔ پروگرام کے نظامتِ فرائض پروفیسر حافظ عبدالباقی نے سرانجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز عدیل بلوچ نے تلاوتِ کلام سے کیا۔ جبکہ حاکم بہار اور جمالدین نے نعتِ رسولِ مقبول ترنم کے ساتھ پیش کیے شاہ بخش، ارشد حسن، عطائاللّہ، پروفیسر مفتی عبدالکبیر اور سہیل خان بنگش نے پیغمبرِ اسلام حضرت محمدؐ کی سیرت اور سُنّت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اُن پر عمل کرنے پر زور دیا منعقدہ تقریب کے لیے میر ہوتمان بلوچ نے سیرتِ النبی پر سیمینار منعقد کرنے پر کالج انتظامیہ کی خواہشوں کو سراہا اور کالج کے لیے 5 لاکھ گرانٹ کا اعلان کیا اور 1 لاکھ روپیہ کیش دیا
پروگرام کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر باقر علی شاکر نے تمام مہمانان اور مقرّرین کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 5796/2024
تربت28 ستمبر:یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف تربت نے عزم کر رکھا ہے کہ وہ اپنے طلباء کو ڈیجیٹل دور کے بدلتے ہوئے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرانے کے لیے مختلف ورکشاپوں اور سمیناروں کے زریعے ضروری علم اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف تربت میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام کے تعاون سے یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں ”ذمہ دار ڈیجیٹل سٹیزن شپ” کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کے پر موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے، اور طلباء نے شرکت کی، جنہوں نے ڈیجیٹل سیفٹی اور ذمہ دارانہ ریوں، انفارمیشن ڈس آرڈر اور ڈیجیٹل دنیا سمیت دیگر موضوعات پر بحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وائس چانسلر نے ڈیجیٹل دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تنقیدی سوچ، ملکی قوانین کی پاسداری اور آئینی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ غلط معلومات اور جعلی خبروں کے پھیلاو کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے وائس چانسلر نے ڈیجیٹل سٹیزن کی بڑھتی ہوئی ذمہ داری پر روشنی ڈالی، انہوں نے زور دیا کہ سوشل میڈیا منیجرز اور صارف درست اور تصدیق شدہ معلومات پھیلائیں اور خود کوسنسنی خیزی سے دور رکھیں۔ان کہنا تھا کہ یہ ڈیجیٹل سٹیزن کی ذمہ داری ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر حقیقی مسائل کو اجاگر کریں اور اہم مسائل پر صحت مندانہ بحث میں حصہ لیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا آپریٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ جعلی خبروں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں اور ذمہ دارانہ سٹیزن شپ کے کلچر اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، حب الوطنی اور انسانی حقوق کے احترام کے ریوں کو فروغ دیں ورکشاپ کے مہمان مقرر آئی بی اے کے لیکچرار اور ڈان پرزم کے ایڈیٹر شاہ زیب احمد ہاشم نے ورکشاپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مثبت استعمال، تعصبات سے پاک رجحانات، نفرت انگیز تقاریرں کے نقصانات اور ڈیجیٹل ذمہ داری کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے سماجی زمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا کو مثبت اور تعمیری مقاصد کے لئے استعمال کریں سینئر صحافی گہرام اسلم نے تقریب کے معاون اور رابطہ کار جبکہ جامعہ تربت کے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر مظفر حسین نے تقریب کے فوکل پرسن کے طور پر خدمات انجام دیئے۔ تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں شرکاء نے مہمان مقرر سے ڈیجیٹل سٹیز شپ کے مختلف پہلوؤں پر سوالات پوچھے۔

خبرنامہ نمبر 5797/2024
حب۔ 28 ستمبر:وفاقی وزیر تجارت اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جام کمال کے فنڈز سے ضلع حب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 78 کروڑ روپے کی لاگت سے حب ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر نگرانی سیوریج لائن اسٹریٹ ٹف ٹائل اور روڈ سیکٹر کے منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں۔ وفاقی وزیر کے فنڈز سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ میونسپل کارپوریشن ضلع حب کے کونسلران ممتاز مگسی اور لالا یوسف کررہے ہیں۔ ممتاز مگسی نے ہفتے کے روز الا آباد ٹاون میں سیوریج لاِئن اور اسٹریٹ ٹف ٹائل کی اسکیمات کا معائنہ کیا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجنیئرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حب ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے جام کمال کے وژن اور عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع حب میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز کالج اپ گریڈیشن اسکیم جام کمال کی تعلیم دوست اقدامات کی علامت ہے۔ ضلع حب کی ترقی کیلئے جام خاندان نے بیشمار ترقیاتی کام کئے ہیں۔ موجودہ وفاقی وزیر جام کمال اور پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی کی کوششوں سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبے ضلع حب کا نقشہ بدل دینگے۔

خبرنامہ نمبر 5798/2024
پنجگور 28 ستمبر۔ڈپٹی کمشنر پنجگور زاہد احمد لانگو نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انور عزیز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پروم محمد حیات، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی اکرام نور اور دیگر افسران کے ہمراہ پروم کے مختلف تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور زاہد احمد لانگو نے اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ دز پروم سے لے کر سر پروم تک مختلف پرائمری، مڈل اور ہائی سکول کے ساتھ ساتھ پروم کے ہسپتال جن میں مرکزی صحت دز پروم اور آر ایچ سی کا تفصیلی دورہ کیا۔ دز پروم میں سکولوں کی بندش اور غیر حاضر اساتذہ کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے معماروں کے ساتھ نا انصافی اور بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت ترین کاروائی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے سر پروم میں پروم کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے کا دورہ کیا۔ ہائیر سکینڈری سکول کے ہیڈ ماسٹر الطاف منیر اور اُن کی بہترین کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر سکینڈری سکول سر پروم میں ایک بہترین تعلیمی ماحول دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی کہ پروم جیسے ایک پسماندہ اور دور دراز علاقے میں ایک بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی ہیڈ ماسٹر اور اُن کے اسٹاف کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ قابل تعریف ہیں اور اُن کی ہر حال میں حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 5799/2024
پنجگور 28 ستمبر:ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاہد احمد لانگو نے پنجگور کے تحصیل پروم میں شہریوں کے مسائل کو سننے اور ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں سمیت ضلعی افسران، پولیس و دیگر لائن ڈپارٹمنٹ کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے درپیش مسائل سنے اور کہا کہ سائلین کی بروقت داد رسی تمام سرکاری محکموں کے افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی شکایات کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسر و نمائندوں کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مختلف محکموں سے آئندہ کھلی کچہری تک عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ہے اور متعلقہ محکموں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ شکایات کا ازسرنو جائزہ لیں اور شکایت کنند گان سے رابطہ کریں تاکہ اُنہیں کھلی کچہری میں دائر درخواستوں پر عمل درآمد کی پیشرفت معلوم ہو سکے۔اُنہوں نے محکموں پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی داد رسی حکومتی پالیسی ہے، شکایات کے فوری ازالہ کے لیے تمام محکمے آپس میں کوآرڈینیشن مربوط بنائیں اور سائلین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں سر پرو میں منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے سامنے اپنے مسائل پیش کئیاس دوران مختلف محکموں کے سربراہان نے عوام مسائل سن اور اُنہیں حل کرنے کی ھر ممکن یقین دہائی کرائی ڈپٹی کمشنر زاہد احمد لانگو نے کہا کہ پروم میں دورے کے دوران سکولوں کی بندش اور اساتذہ کی غیر حاضری نے کافی مایوس کیا تھا لیکن ہائیر سکینڈری سکول میں جو تعلیمی ماحول دیکھنے کو ملا اُس سے مجھے حوصلہ ملا. انہوں نے کہا کہ پروم کے تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے اور ھم پروم کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور یہاں کے مسائل کو حل کرنا ہماری زمہ داری ہے.انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو پروم کے تمام بنیادی مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پروم جیسے ایک زرعی علاقے کی ترقی اور مسائل کو کم کرنا ہماری زمہ داری ہے. انہوں نے کہا کہ ہر وقت پروم کے عوام کے ساتھ مل کر تعلیمی بہتری کیلئے کام کریں گے کیونکہ تعلیم کے حصول ہی سے ہم ایک بہتر اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں.انہوں نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کے ساتھ کسی بھی طرح کی رعایت نہیں کی جائے گی اور اُن کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی.اہلیان پروم نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر پنجگور اور اُن کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 5800/2024
تربت 28 ستمبر۔چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی کا اعزاز، عالمی میئرز فورم میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہوگئے۔ فورم کے سیمینار میں شرکت کے ساتھ جنیوا ہی میں دو روزہ ورکشاپ میں حصّہ لیں گے۔ اس کے ساتھ عالمی اداروں، دنیا کے دیگر میئرز اور این جی اوز کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ چئیرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی عالمی ادارہ یونائیٹڈ نیشن اکنامک کمیشن فار یورپ کی دعوت پر عالمی میئر فورم میں شرکت کے لیے ہفتے کو کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے جنیوا کے لیے روانہ ہوگئے۔ جہاں وہ ایشیا پیسفک ریجن کی واحد نمائندہ کے طور پر شریک ہوں گے۔ اس انٹرنیشنل فورم کے زریعے عالمی میئرز فورم میں دنیا بھر سے ہر ریجن میں ایک نمائندہ شریک ہوگا جس میں ایشیاء پیسفک ریجن کی نمائندگی کا اعزاز میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی کو دیا گیا ہے۔ عالمی میئرز فورم کے تین روزہ پروگرام کا آغاز 29 ستمبر کو جنیوا میں ہونے جارہا ہے جو یکم اکتوبر تک جاری رہے گا جب کہ اس کے بعد ہاؤسنگ افورڈیبلٹی پر دو روزہ ورکشاپ جنیوا میں ہی منعقد ہوگا اس میں بھی میئر تربت ایشیاء کے ریجن کی نمائندگی سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ جنیوا میں امریکہ اور برطانیہ کے میئرز سے ملاقات کے ساتھ ساتھ وہ یورپی ممالک کے دیگر میئرز سے بھی ملاقات کریں گے۔ جہاں پر شہری ترقی، کارپوریشن کے دائرہ کار اور ان کی افادیت و کام کرنے کے طریقہ کار سے متعلق خیالات کا باہمی تبادلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ یونائیٹڈ نیشن اکنامک کمیشن فار یورپ کے زیر اہتمام عالمی میئرز فورم میں یورپ کے میئرز کی شرکت کے علاوہ ہر ریجن سے نمائندگی کے لیے میئرز کو دعوت دی گئی ہے۔ ایشیاء پیسفک ریجن کی نمائندگی کا اعزاز میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی کو بخشا گیا ہے جہاں وہ واحد نمائندہ کے طور پر اس عالمی فورم میں اپنے ریجن کی نمائندگی کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی عالمی میئرز فورم کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ یونائیٹڈ نیشن اکنامک کمیشن فار یورپ میں ایشیاء پیسفک ریجن کی نمائندگی کی رکنیت بھی حاصل کرچکے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 5801/2024
نصیرآباد۔ 27 ستمبر:ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے سوشل میڈیا کے ذریعے گوٹھ سخی در محمد کھوسہ کی رہائشی دو یتیم بچیوں کے حوالے سے آنے والی خبروں کا نوٹس لے کر اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ اور تحصیلدار حزب اللہ کھوسہ کے ذریعے ان یتیم بچیوں تک اشیاء خورد و نوش و دیگر ضروریات کی چیزیں فراہم کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے کہا کہ صحبت پور ضلعی انتظامیہ مثبت انداز میں سوشل میڈیا پر آنے والی تمام خبروں کی باریک بینی کے ساتھ جائزہ لے کر حقدار مستحق افراد کی حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ ٹینٹ راشن اور دیگر گھریلو سامان کے ذریعے امداد کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غریب مستحق افراد کی تمام حاجات کو مدنظر رکھ کر ہر قسم کے ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ان معصوم یتیم بچیوں کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو آگاہی فراہم کی گئی ان شائاللہ ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ مستقبل قریب میں بھی اس قسم کی امداد کے سلسلے کو جاری رکھا جائے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا اجر عظیم ہے ان شائاللہ ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ غریب نادار اور مستحق افراد کی ہر لحاظ سے امداد کی جائے تاکہ ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے نہ پڑ جائیں ان غریب یتیم بچیوں کی طرح ضلع بھر کے دیگر غریب افراد کا سہارا بننے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنے تمام وسائل بروکار لائے گی تاکہ ان کی تکالیف اور دکھوں کا مداوا ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر 5802/2024
صحبت پور۔ 28 ستمبر:ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور سیف الدین کھوسہ نے کاروائی کرتے ہوئے کچھ دنوں سے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں فیک این جی اوز کے نام پر متاثرین سے پیسے لیکر ٹوکن دینے والے نو سرباز کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ضروری کاروائی کے بعد نوسرباز کو صحبت پور پولیس کے حوالے کرکے مزید کاروائی کیلئے احکامات جاری کردئیے۔ یہاں آمدہ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین ضلع بھر میں عوامی مسائل اور مشکلات کے ازالے کیلیے متحرک اور مصروف عمل ہیں۔ حالیہ دنوں شکایات ملی کہ کچھ فراڈی عناصر سیلاب متاثرین کو امدادی سامان فراہم کرنے کیلئے مختلف گوٹھوں میں این جی اوز کے نمائندگان کی حیثیت سے ٹوکن تقسیم کا بہانہ بنا کر لوگوں سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں جس پر کاروائی کی گئی اور نوسرباز کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے ضلع بھر کی عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی این جی اوز کے نام پر اگر کوئی بھی بندہ پیسے مانگے اس کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتطامیہ کو دیں تاکہ ان کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے علاقے کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی ہدایت کے تحت فیک این جی اوز کے خلاف کی جانے والی کارروائی کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی سے غریب و سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو لالچ دے کر لوٹنا غیر انسانی عمل ہے جسے بروقت کارروائی کرکے روک لیا گیا جس پر وہ ڈپٹی کمشنر کے ممنون ہیں۔

خبرنامہ نمبر 5803/2024
پشین۔28 ستمبر۔ ڈپٹی کمشنر زاہد خان نے کہا ہے کہ عوام کو پر امن فضاء کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور معاشرتی مسائل کا مناسب حل نکالنے کے لیے عوامی تعاون نا گزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل بوستان میں ایک گودام سے برآمد شدہ 3000 کلو گرام وزنی نشہ آور بوٹی (اومان) کو نظر آتش کرنے اور ایرانی ڈیزل و پیٹرول کی اسمگلنگ اور متعلقہ اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرنے کے موقع پر مختلف قبائلی و سیاسی شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید یاسین اختر شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر کاریزات ہدایت اللہ خان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر زاہد خان نے کہا کہ معیشت پر اثر انداز ہونے والی غیر ملکی اشیاء کی اسمگلنگ، اومان کے گوداموں اور منشیات کے اڈوں کا قلع قمع کیا گیا ہے۔ جبکہ اس بابت عوامی تعاون سے مزید کاروائیاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ تاکہ مقامی تاجروں اور دیگر کاروباری افراد کو فائدہ ہو سکے اور آنے والی نسلوں کو ایک پر امن ماحول فراہم کیا جا سکے مگر اس ضمن میں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عوامی تعاون کے بغیر لاقانونیت اور درپیش مسائل کا مناسب حل نکالنا ممکن نہیں ہے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور ان کو تمام معاشرتی برائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق بلا تفریق مثبت عملی اقدامات اٹھارہی ہے کیونکہ ان اقدامات کے بغیر تعلیم، صحت اور ترقی کے احداف حاصل کرنا ناممکن ہے انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد ضلع سے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات کی لعنت کا مکمل قلع قمع کردیں گے۔ ڈپٹی کمشنر زاہد خان کی مثبت کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قبائلی عمائدین نے منشیات کے اڈوں اور دیگر جرائم کے خلاف کامیاب کاروائیوں اور آپریشن پر ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، انتظامیہ اور لیویز فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتر اقدامات کی توقع کا اظہار کیا ہے۔

خبرنامہ نمبر 5804/2024
گوادر۔ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ نے جاوید کمپلیکس اور سمل چوک کے گرد و نواح میں سبزی، فروٹ فروشوں اور مرغی و گوشت کے اسٹالز کا دورہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخنامے پر عمل درآمد اور شہریوں کو معیاری، صاف ستھری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایسے سرپرائز وزٹ کیے جارہے ہیں۔ تحصیلدار چنگیز بلوچ نے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ جو بھی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخنامے کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ معائنے کے دوران انہوں نے اشیاء کی صفائی اور معیار کا بغور جائزہ لیا اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں نے تحصیلدار کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات شہریوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے عوام کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی تاکہ عوام کو معیاری اور صحت بخش اشیاء کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر تحصیلدار چنگیز بلوچ نے عوام کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ گوادر کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری یا مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کی نشاندہی فوری طور پر انتظامیہ کو کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت کارروائی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی محنت اسی صورت میں کامیاب ہو گی جب عوام بھرپور تعاون کریں گے اور غیر قانونی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔