خبرنامہ نمبر 2025/1494
کوئٹہ28 فروری :ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیلی ونگز کے عہدیداروں کے وفد نے پارٹی کے سینئر رہنما سید اقبال شاہ کی سربراہی میں ملاقات کی ملاقات میں صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی بھی موجود تھے وفد نے وزیر اعلیٰ کو پارٹی کارکنان کے امور اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقا اور آئین کی بالادستی کی علامت ہے صوبائی حکومت نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نام سے بلوچستان کا سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت عام اسکولوں سے ٹاپ کرنے والے طلباء کو وظائف دیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء کو آکسفورڈ سمیت دنیا کی 200 ممتاز یونیورسٹیوں میں اسکالرشپ دی جا رہی ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کریں وزیر اعلیٰ نے صوبے میں صحت کے شعبے میں ہونے والی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں نمایاں بہتری آ رہی ہے اور آئندہ دو سے تین ماہ میں سرکاری اسپتالوں کو مزید مثالی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور تکنیکی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک وسیع پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید ہنر سکھایا جائے گا اور بعد ازاں انہیں بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اخوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور معاشی طور پر خود مختار بن سکیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس کو فروغ دیکر اچھی طرز حکمرانی کے قیام کے لئے اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے اور کسی کو بھی بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ یہاں کسی کی بندوق کا نہیں صرف عوام کا نظریہ چلے گا اور حکومت ہر قیمت پر صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنے اضلاع میں پارٹی کی فعالیت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں کیونکہ پارٹی کارکن اور نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ہم ان کی قدر کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے اور صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں صوبے کو ایک ترقی یافتہ بلوچستان بنائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1495
کوئٹہ28 فروری:ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں جمعہ کو امن و امان اور قومی شاہراہوں کی غیر قانونی بندش سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک 76 مرتبہ قومی شاہراہوں کی بندش کے واقعات رونما ہوئے ہیں شاہراہوں کی بندش سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تسلسل سے شاہراہوں کی بندش کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کرنے کا حکم دیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے تمام اضلاع جہاں روڑز کی بندش تاحال جاری ہے وہاں فوری طور پر شاہراہیں بحال کی جائیں بصورت دیگر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی وزیر اعلیٰ نے صوبے میں ایک بار پھر دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے لیکن قومی شاہراہوں کو بلاک کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بعض عناصر خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر مسافروں کو تنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ناقابل قبول ہے اور اس قسم کی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ترجمان کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شاہراہوں کی غیر قانونی بندش کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائیں اور عوام کی مشکلات کا فوری ازالہ کریں
خبرنامہ نمبر 2025/1496
کوئٹہ28 فروری:ـ سیکریٹری کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان صالح محمد بلوچ سے یونیورسٹی آف مکران کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے ملاقات کی، جس میں جامعہ کی تعلیمی سرگرمیوں، تحقیقاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی ترقی، جاری اسکیمات اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکریٹری کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن نے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ اور انکی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ، صوبہ بھر کی جامعات کی بہتری اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف مکران سمیت دیگر جامعات کو صوبے میں اعلیٰ تعلیم اور معیاری تحقیق کا ایک نمایاں اور مثالی مرکز بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے، اور حکومت بلوچستان تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے مکران یونیورسٹی پنجگور کو درپیش چیلنجز، درکار وسائل اور فیکلٹی و طلبہ کی ضروریات پر روشنی ڈالی، جس پر سیکریٹری صالح محمد بلوچ نے یونیورسٹی کی بھرپور معاونت اور درکار سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے خصوصی طور پر یونیورسٹی آف مکران کے جلد دورے کا اعلان کیا تاکہ جامعہ کی ضروریات اور مسائل کا قریب سے جائزہ لیا جا سکے۔سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن نے یونیورسٹی آف مکران کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں، تدریسی معیار اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی محنت، لگن اور تعلیمی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جدید تحقیقی مراکز کے قیام اور جامعات کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی آف مکران اپنی تعلیمی ترقی اور معیاری تحقیق کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان کے طلبہ کو ایک روشن اور علمی مستقبل کی جانب گامزن کرے گی۔
خبرنامہ نمبر 2025/1497
کوئٹہ 28 فروری:ـاسپیشل سیکریٹری تعلیم سکولز عبدالسلام اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم سب ملکر ہر گھر سے ہر بچے کو آج ہی سکول میں داخل کروالیں تاکہ علم کی روشنی ہر بچے تک ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن ( سکولز ) کے زیر اہتمام منعقدہ سکول داخلہ مہم 2025 کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ ڈاکٹر نصیر علی شاہ ، ڈائریکٹر سکولز اختر محمد کھیتران، ڈائریکٹر ایم ،ای ، منیر احمد نودازئی، ڈائریکٹر بیورو سعید احمد ، صوبائی کوآرڈینیٹر یونیسف نقیب خلجی، ایڈیشنل ڈائریکٹر زلیخہ کریم اور دیگر نے شرکت کی۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری تعلیم سکولز عبدالسلام اچکزئی نے کہا کہ صوبے بھر کے تمام بچوں کو سکول میں داخلہ دینا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے تاکہ کوئی بھی بچہ اسکول سے رہ نہ جائے۔ آئیں ہم سب ملکر معاشرے میں بچوں کی تعلیم و تربیت بچوں کی مستقبل کو اس داخلہ مہم سے ہمکنار کریں۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی خصوصی ہدایات پر نئے تعلیمی سال 2025 کے آغاز سے قبل صوبے بھر کے تمام اضلاع اور تعلیمی اداروں میں مفت 93 لاکھ کتب کی ترسیل کا ہدف 100 فیصد مکمل ہوگیا ہے۔ ضلع کوئٹہ میں 1,299,432 کتب تمام سکولوں میں تقسیم کی گئی۔ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت و لگن کا نتیجہ ہیں۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے سکول داخلہ مہم 2025 کی آگاہی کے حوالے سے بتایا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے سکول داخلہ مہم 2025 کا مقصد ہر بچے کو سکول پہنچنا اور ایسے تعلیمی مواقع فراہم کرنا والدین اساتذہ کرم اور معاشرے کے ہر فرد کی اولیں زمہ داری ہے کہ وہ تعلیم کی فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹر سکولز اختر محمد کھیتران نے سیمنار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پڑھا لکھا بچہ کل کا کامیاب شہری ہوگا لہذا ہم سب مل کر اپنے بچوں کو سکول میں داخل کروالیں تاکہ تعلیم کو عام کریں اور ایک روشن ، ترقی یافتہ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں۔ سیمنار میں شریک مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرم اور محکمہ تعلیم کے علی افسران کے ساتھ یونیسف کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور آخر میں سکول داخلہ مہم 2025 کے حوالے سے نئے تعلیمی سال کی آغاز کے موقع پر طلبہ وطالبات کو دررسی کتب کی تقسیم اور سکول بیگ بھی تقسیم کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 2025/1498
کوئٹہ 28 فروری:ـایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) محمد انور کاکڑ کی زیر صدارت آرٹی سی ایم اور ای ایم آئی ایس کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آر ٹی سی ایم اور ای ایم آئی ایس کے آفیسران کے علاؤہ ڈی او آفس کوئٹہ کے نمائندے نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ آر ٹی سی ایم اور ای ایم آئی ایس کے ڈیٹا میں جو مسلہ آرہے ہیں۔اسکے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی او آفس، آر ٹی سی ایم اور ای ایم آئی ایس کا مشترکہ طور پر ڈیٹا مکمل کر کے پیش کریگی۔ ای ایم آئی ایس کے نمائندے نے اجلاس سے کہا کہ 83 فیصد ڈیٹا مکمل ہوچکا ہے جوکہ جاری بھی کیا گیا ہے باقی ایک ہفتے کے اندر مکمل کرکے آر ٹی سی ایم کو بھیجو جائیگا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جو ٹیچرز ریٹائر ہوچکے ہیں انکے نام ابھی تک سسٹم سے نہیں نکلے ہیں جوکہ محکمہ تعلیم اور آر ٹی سی ایم کے لیے سنگین مسلے پیدا کررہے ہیں اور جو اساتذہ ٹرانسفر ہورہے ہیں انکا ڈیٹا بھی اپڈیٹ نہیں ہورہے ہیں جس سے کافی مشکلات پیدا ہورہے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر مہینے ڈیٹا اپڈیٹ ہونا چائیے تاکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی غیر حاضر اور عیوضی اساتذہ کے خلاف کاروائی کرسکے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1499
دالبندین28فروری: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی نظام رحیم بلوچ کی زیر صدارت شجر کاری پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظام رحیم بلوچ نے کہا کہ گرین چاغی شجرکاری مہم میں ہر ایک کو حصہ لینا ہوگا۔ کل باقاعدہ موسم بہار کی آمد کے ساتھ شجرکاری مہم کا آغاز ہوگا، جس میں مختلف راستوں، سرکاری عمارات اور شاہراہوں پر درخت لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر کو خوبصورت اور صاف ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چاغی کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لیے پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں اور ان کی مستقل بنیادوں پر نگہداشت کی جائے گی۔ نظام رحیم بلوچ نے عوام، بالخصوص سول سوسائٹی، سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیں اور اپنے شہر، گلی محلوں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو، ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہو اور ایک بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1500
کراچی28فروری: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علاؤالدین مری کے ہمراہ دھابیجی میں الکرم جھینگا فارم کا دورہ کیا،اس موقع پر سی ای او دھابیجی ایکوا فوڈز سعد یوسف نے ایکو اکلچر کے مستقبل اور جھینگا فارمنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں ایکوا کلچر کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں، صوبے کے مخصوص موسمی حالات اور طویل ساحل کے باعث یہاں ایکو کلچر کے تحت فز اور شرمپ فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں، مختلف علاقوں میں مچھلیوں، کیکڑوں اور جھینگوں کی افزائش کیلئے جدید فارم قائم کئے جا سکتے ہیں جو کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پیداوار دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان 750کلومیٹر طویل ساحل رکھتا ہے، جہاں ایکوا کلچر کے فروغ کیلئے حکومت بلوچستان کئی منصوبوں پر غور کر رہی ہے اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی شعبے کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ فشریز کا شعبہ بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جھینگا اور فش فارمنگ کے منصوبے شروع کر کے نہ صرف زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سیصوبے میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملک بھر کے کاروباری طبقے کو اس سلسلے میں آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1501
کوئٹہ28 فروری:ـیونیورسٹی آف مکران پنجگور کے فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور تدریسی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر NAHE نور آمنہ ملک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر ممتاز بلوچ، ڈپٹی رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ سمیت جامعہ کے فیکلٹی ممبران اور دیگر تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ اس تربیتی سیشن میں ملک کی مختلف جامعات کے تجربہ کار ماہرین تعلیم نے شرکت کی اور یونیورسٹی آف مکران کے اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں، تحقیقاتی تکنیکوں اور تعلیمی ترقی کے نئے رجحانات سے روشناس کرایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی قیادت میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ یونیورسٹی آف مکران کے تمام فیکلٹی ممبران کے لیے ایک مکمل اور جامع تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جو ایک اہم تعلیمی پیش رفت ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کو مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اور ایچ ای سی اس مقصد کے لیے ہر سطح پر معاونت جاری رکھے گا۔ وائس چانسلر مکران یونیورسٹی پنجگور پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے NAHE کی منیجنگ ڈائریکٹر نور آمنہ ملک، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، اور تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جن کی انتھک محنت اور تعاون کے باعث یہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی سیشن اساتذہ کی تدریسی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور یونیورسٹی آف مکران کو ایک جدید اور معیاری تعلیمی ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
خبرنامہ نمبر 2025/1502
تربت 28 فروری :چار ہفتوں پر محیط فیکلٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام کی مشترکہ اختتامی تقریب گزشتہ روزبیک وقت جامعہ تربت اورجامعہ گوادرمیں منعقد کی گئی۔ یہ تربیتی پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ادارہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت 13جنوری سے جامعہ تربت میں منعقدکی گئی ہے جسکی اختتامی تقریب گزشتہ روزمنعقدکی گئی۔ اس تربیتی پروگرام کامقصدجامعہ تربت کے فیکلٹی ممبران کوجدید تدریسی طریقہ کارسے ہم آہنگ کرانے کے علاوہ جامعہ تربت مین جاری تدریسی عمل میں ڈیجیٹل ٹولز اورجدیدٹیکنالوجی کواستعمال کوعام کرناتھا۔ اختتامی تقریب میں ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختاراحمدنے بطورمہمان خصوصی ،نیشنل اکیڈمی آف ہائرایجوکیشن کی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور آمنہ ملک اور ایچ ای سی کے افسران سعدیہ بخاری اور سہیل منگی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے جامعہ تربت کی تیزرفتاراورمسلسل ترقی کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کرنےکایقین دلایا۔انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایاکہ جامعہ تربت میں تعلیمی معیارکوبرقرار رکھنے اور انتظامی نظم ونسق کویقینی بنانے کے لئے جامعہ تربت میں فیکلٹی ممبران اور انتظامی علمے کے لئے مزید تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔
انہوں نے بلوچستان میں اعلی تعلیم کے فروغ اور جامعہ تربت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی کاوششوں اورعزم کوسراہا۔نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی ایم ڈی ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کا ادارہ اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں اور ڈیجیٹل ٹولز سے لیس کرنے کے لیے بھرپورکوشش کررہی ہے کہ تاکہ پاکستان کے جامعات میں جدیدتدریسی رجحانات کو فروغ دیاجاسکے۔جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اورنیشنل اکیڈمی فارہائرایجوکیشن کی ایم ڈی ڈاکٹر نور آمنہ ملک کا جامعہ تربت میں فیکلٹی ٹریننگ پروگرام کے انعقاد میں مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر ان کاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام یونیورسٹی فیکلٹی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سمیت تدریسی حکمت عملی اورطریقہ کار میں بہتری لانے میں مدددگارثابت ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ہائرایجوکیشن کمیشن سے درخواست کی کہ وہ یونیورسٹی کی ا نتظامی عملے کی بھی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے جامعہ تربت میں اسی نوعیت کے تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون فراہم کرے۔جامعہ تربت میں نیشنل آوٹ ریچ پروگرام کے کوآرڈینیٹر چاکر حیدر نے تربیتی پروگرام میں پیش کردہ ماڈیولزاور دوران تربیت مختلف سرگرمیوں میں فیکلٹی ممبران کی بھرپور شرکت اورکارکردگی کاجائزہ پیش کیاجیسے خوب سراہاگیا۔ چاکرحیدرنے تربیتی پروگرام کے کامیاب تکمیل پر شرکاء اور معاون عملے کے تعاون پران کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر 2025/1503
تربت 28 فروری :اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ کی سربراہی میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت کے پرائس کنٹرول کمیٹی کے ممبران اور انجمن تاجران کے نمائندگان بھی نے شرکت کی اجلاس میں رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور تربت بازار میں سستا بازار کے انعقاد کے حوالے سے بھی غور کیا گیااسسٹنٹ کمشنر تربت نے اجلاس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے ممبران اور انجمن تاجران کے ارکان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اشیاء خوردونوش کو عوام کی دسترس تک پہنچانے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی ترتیب دیا جائے تاکہ ماہ صیام کے مہینے میں عوام کے اوپر مہنگائی کا بوجھ کم سے کم کیا جاسکے اسسٹنٹ کمشنر تربت نے رمضان المبارک کے مہینے میں اشیاء خوردونوش کے نرخ ناموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے کمیٹی ممبران پر زور دیا کہ بازار میں اشیاء خوردونوش کو رعایتی قیمتوں میں فروخت کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف مل سکے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں سستا بازار کے انعقاد کے حوالے سے تاجران کو سرکاری دکانوں کی الاٹمنٹ بھی کی گئی تاکہ تاجر برادری ان سرکاری دکانوں میں رعایتی قیمتوں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرسکیں.
خبرنامہ نمبر 2025/1504
تربت 28 فروری:صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات، ظہور احمد بلیدی نے اپنے حلقہ انتخاب میں واقع شہید ذاکر بلوچ ڈگری کالج ہوشاب کے پرنسپل، اساتذہ اور ہونہار طلباء کو سائنسی نمائش کے کامیاب انعقاد پر تہہ دل سے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے طلبا کی تعلیمی لگن اور پرنسپل و اساتذہ کی مسلسل محنت، رہنمائی اور کاوشوں کے باعث اس طرح کی سائنسی نمائش طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوں گی۔ یہ نمائش طلباء کی سائنسی اور تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1505
پنجگور 28 فروری: ڈپٹی کمشنر زاہد احمد لانگو سے اُن کے دفتر میں پنجگور پروم کا ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی ملاقات میں مختلف جملہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جن میں پروم کے سکولوں کی بحالی،صحت کے مراکز کی بہتری، زیر تعمیر ڈیمز کی تعمیر،بارڈر بندش اور دیگر اہم ایشوز زیر بحث لائے گئے.وفد کی سرپرستی پروم پنجگور کے نامور کاروباری شخصیت حاجی لیاقت بلوچ اور بارڈر بچاو تحریک کے سربراہ سعود داد کر رہے تھے.وفد نےڈپٹی کمشنر پنجگور کو پروم کے تمام مسائل اور اداروں کی بحالی کے حوالے سے وہاں کے عوام کی تکالیف سے آگاہ کیا.انہوں نے کہا کہ پروم کے زیر تعمیر دو ڈیمز کی تعمیر کا کام تعطل کا شکار ہے اور گزشتہ کئی مہینوں سے سرپروم زاہ ڈیم اور دز پروم ڈیمز کے کام روک دئیے گئے ہیں جس سے علاقہ مکین اور زمینداروں میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے.پروم کے جتنے بھی مراکز صحت ہیں بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور بیشتر تعلیمی ادارے بند ہیں یا اساتذہ کی کمی کاسامنا کررہے ہیں.ایران بارڈر جہاں سے پروم کے لوگ کئی سالوں سے کاروبار کرکے اپنی گزر بسر کر رہے ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں سے بند ہے اور پروم میں ہفتے کی دو دنوں کو کم کرکے ایک دن کردیا گیا ہے اور اب پروم کی گاڈی مالکان اب تین مہینے بعد بارڈر جاـسکتے ہیں جبکہ بارڈر کے دوسری جانب ایک ہی زندگی بسر کرنے والے افراد کو اپنی عزیز و اقارب اور رشتہ داروں سے ملنے کیلئے شدید تکالیف اور ازیت کاسامنا ہے. ڈپٹی کمشنر پنجگور زاہد احمد لانگو نے پروم سے آئے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مطالبات کو مانتے ہیں اور اُن پر ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے.انہوں نے کہاکہ بارڈرپر کاروباری سرگرمیاں پیر سے شروع ہونگے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1506
کوئٹہ28 فروری:ـپاکستان مسلم لیگ ن کے روکن اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی کی زیر صدارت جمعہ کو بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے بورڈ کا 22 واں اجلاس منعقد ہوا اجلاس سیکرٹری سماجی بہبود عصمت اللہ قریش، ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود قربان علی مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری وزیر اعلی سیکرٹریٹ فخر الدین ڈایریکٹر ثمینہ بلوچ اورو دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرطان کینسر، امراض قلب، امپلانٹ لیمب سیونگ ٹریٹمنٹ، گردوں کے آخری اسٹیج و ڈائیلاسز، یرقان، جگر کی پیوندکاری، تھیلیسیمیا کے علاہ کلیر امپلانٹ سمیت بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے تحت آنے والے بیماریوں کے 277 کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود قربان علی مگسی نے اجلاس میں پچھلے بورڈ میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ 21 ویں بورڈ میں 377 کیسز منظور ہوئے جن پر لاگت 668 ملین روپے تھی ان کیسز میں 102 مریضوں کے کیسز کو دیگر صوبوں کو ریفر ہوئی جن پر 178 ملین روپے کی لاگت آئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے تحت اب تک 3740 مریضوں کا علاج ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے تحت مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے آنے والے درخواستوں سے متعلق ٹیکنیکل کمیٹی کا قیام عمل لایا گیا ہے جس کا چیئرمین ڈی جی سماجی بہبود ہے وہ تعین کریگی کہ کونسا کیس باہر کے صوبوں میں کونسے ہسپتال بھیجی جائے گی۔ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں 885 مریضوں سینار ہسپتال میں 1648 مریضوں کا علاج کیا گیا اور ان ہسپتالوں کے بقایاجات 17 ملین روپے ہیں جو پچھلے بورڈ کے میٹنگز میں ہیں۔ میڈیسن کی مد بقایاجات 187 ملین روپے ہیں اور دیگر صوبوں کے ہسپتالوں کی بقایا جات جن میں اخراجات 3093 ہیں ادائیگی 2911 ہوئی بقایاجات 182 ملین روپے ہیں اس سلسلے میں کمیٹی بنانے کی منظوری دیدی۔بورڈ نے 7 کیسز منتقلی کے علاہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے پینل ہسپتالوں کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر نظر ثانی کی منظوری لی گئی۔ اجلاس میں بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کیلئے ایس او پیز بنانے کے حوالے سے تمام بورڈ ممبران سے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کرلیں۔انہوں نے شرکا کو بتایا کہ اب تک 277 نئے کیسز کی درخواستیں موصول ہوئی ہے جن پر 868 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں منظوری دیں دی بورڈ کے چیئرمین حاجی ولی محمد نورزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری اپنی بیٹی کا علاج میں نے کوئٹہ میں کرایا ہے ڈاکٹرز کے مسائل سے آگاہ ہے وزیر اعلی بلوچستان سے عوامی انڈومنٹ فنڈ سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی ہے وہ آن بورڈ ہے، ٹیکنیکل کمیٹی کا قیام ضرورت کو دیکھتے ہوئے عمل میں لایا ہے۔ ایسے کیسز جن کا علاج کوئٹہ میں ممکن ہے انہیں ٹیکنیکل کمیٹی کے ذریعے کوئٹہ کے ہسپتالوں میں علاج و معالجہ فراہم کی جائے گی۔ اللہ تعالی غریب لوگوں کیلئے ایک ذریعہ بننے کا موقع دیا ہے ہمیں لوگوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ بورڈ کا اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے انڈومنٹ فنڈ سے متعلق بات کی ہے انہوں نے بھی 50 کروڑ کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی عوامی انڈومنٹ فنڈ کو فعال بنا رہے یں۔ بورڈ ممبران سے گزارش ہے کہ وہ ایس او پیز کیلئے بہترین تجاویز دیں تاکہ اس کو پورے ملک کیلئے ایک مثال بنا سکے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1507
کوئٹہ 28 فروری:ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے ملاقات کی ملاقات میں مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری اور سیکرٹری بلدیات عبدالروف بلوچ بھی موجود تھے اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے اپنےمسائل اور تجاویز سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلدیاتی اداروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوامی مسائل بروقت حل ہوں گے انہوں نے بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے مسائل اور تجاویز سے متعلق مشیر بلدیات بلوچستان نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری کو تفصیلاً آگاہ کریں جو انہیں اس حوالے سے بریف کریں گے صوبائی حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی سطح پر ترقی اور سہولتوں کی فراہمی میں بلدیاتی ادارے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں صوبائی حکومت انہیں مزید مستحکم بنا کر سروس ڈلیوری اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے ترقیاتی منصوبوں میں بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو حسب ضرورت بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر 2025/1508
تربت 28فروری :گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں بی ایس بلوچی ڈپارٹمنٹ کی زیرِ اہتمام مادرری زبان کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار اور آرٹس ایگزیبیشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمان خاص اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ تھے۔ پینل ڈسکشن میں بلوچستان اکیڈمی کے چیئرمین غفور شاد، ادیب اور دانشور ڈاکٹر فضل خالق، اور قدر لقمان نے بلوچی زبان کی اہمیت پر تفصیل سے اظہار خیال کیا۔ سیمینار کی موڈریٹر سانیہ امجد تھیں اسسٹنٹ کمشنر تربت اور دیگر مہمانوں نے کلچرل، کتاب اور ڈیجیٹل اسٹالز کا دورہ کیا اور بلوچی ڈپارٹمنٹ اور طلبہ کی محنت کو سراہا۔اسسٹنٹ پروفیسر نائیلہ شکیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایگزیبیشن بلوچی ڈپارٹمنٹ کے ایچ او ڈی ماہ جان بلوچ، اسسٹنٹ پروفیسر یاسیمین بلوچ اور طلبہ کے تعاون سے ڈیزائن کی گئی ہے۔ جس کا مقصد ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو اس سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کی بقاء کے لیے اس کی زبان کا زندہ رہنا ضروری ہے، اور اسی لیے بلوچی زبان کے فروغ کے لیے ہم نے اس پروگرام میں ادیبوں اور دانشوروں کو مدعو کیا تاکہ طلبہ کو زبان کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے
خبرنامہ نمبر2025/1509
دکی28فروری:ـڈپٹی کمشنر ضلع دکی برکت علی بلوچ کی ہدایت پر ڈسٹرکث ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیر الدین توخئی اور اسسٹنٹ کمشنر عمران مندوخیل نے سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں 2603 بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف حکومت نے مقرر کرلیا ہے جن میں سے1592 بوائز جبکہ 1011 گرلز ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دکی معصوم خان لونی اور مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں بند 78 میں سے 76 سکولوں کو رواں سال فعال کردیا گیا ہے صرف دوسکولوں کے ٹیچر ریٹائر ہونے کی وجہ سے تاحال بند ہیں۔عارضی ٹیچر بھرتی کرکے اسکولوں میں حاضری یقینی بنائی گئی ہے۔رواں سال تمام سکولوں کو کتابیں کھلنے سے پہلے ہی فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں تمام تحصیلوں اور کلسٹرز میں آگاہی مہم چلائی جائیگی۔ مہم کے دوران پریس کانفرنسز ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائینگے۔سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں والدین علاقے کے سرداران ، ملکان اور علماء حضرات سمیت ہر فرد اپنا کردار ادا کرکے قومی فریضے کی ادائیگی ممکن بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر مرد اور عورت پر فرض ہے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اپنا مکمل کردار ادا کرے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1510
نصیرآباد28فروری: کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے مختلف امتحانی مراکز گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی،گورنمنٹ بوائز اسپیشل ہائی سکول ڈیرہ مراد جمالی، گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائی سکول ڈیرہ مراد جمالی، اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈیرہ مراد جمالی شامل ہیں کا دورہ کیا اور امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی دورے کے دوران کمشنر نے امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمیوں کی سختی سے نگرانی کریں۔ انہوں نے امتحانی عملے کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے انجام دیں اور کسی بھی کوتاہی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی معین الرحمٰن خان نے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی مداخلت یا نقل کو ہر صورت روکا جائے۔ انہوں نے متعلقہ تعلیمی افسران کو ہدایت کی کہ وہ امتحانی سنٹروں میں سخت نگرانی رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی فوری رپورٹ کریں۔اس موقع پر مختلف امتحانی مراکز میں تعینات نگران عملے اور طلبہ سے بھی ملاقات کی گئی، جہاں کمشنر نے ان سے امتحانی ماحول کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ طلبہ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ کمشنر نے انہیں محنت اور ایمانداری سے امتحانات دینے کی تلقین کی کمشنر نصیرآباد نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر قانونی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اگر کسی سرکاری اہلکار یا امتحانی عملے کی ملی بھگت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی کمشنر معین الرحمٰن خان نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلیمی نظام کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ آئندہ نسل کو ایک معیاری اور منصفانہ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 2025/1511
ضلع حب 28فروری :ـمحکمہ مواصلات تعمیرات بلڈنگ سیکٹر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی انسپکشن کیلئے پی اینڈ ڈی کی ٹیم ضلع حب دورے پر پہنچ گئ چیف آف سیکشن ایم اینڈ ای عبد المجید لانگو ڈائریکٹر پی اینڈ ای قلات ڈویژن لطف اللہ انجینئر برج علی نے صوبائ وزیر میر علی حسن زہری کے حلقئہ انتخاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جآئزہ لیا محکمہ مواصلات وتعمیرات بلڈنگ سیکشن کے ایگزیکٹیو انجینئر عبد الوہاب زہری ایس ڈی او اقبال زہری نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی فنانشل فزیکل پروگریس سے حکام کو بریفنگ دی پی اینڈڈی کی ٹیم نے اپ گریڈیشن آف گورنمنٹ گرلز انٹر کالج بلڈنگ ضلع حب ورکنگ وومن ہاسٹل ضلع حب فیملی کوارٹرز کے زیر تعمیر منصوبوں کا معائنہ کیاجاری ترقیاتی منصوبوں کا جاہزہ لینے کے موقع پر متعلقہ آفیسران نے کام کے معیار اور رفتار کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ترقیاتی منصوبے اپنے وقت مقررہ پر مکمل ہونے چاہیے تاکہ ضلع حب کے عوام کو ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات میسر ہوں اس موقع پر ایکسین بلڈنگ ضلع حب عبد الوہاب زہری نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کریں اور اس طرح کے اور بھی جتنے ترقیاتی منصوبے ہیں انھیں مکمل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں انہوں نے مانیٹرنگ ٹیم کو بتایا کہ منصوبوں کو پائیداراورکوالٹی میٹیریل کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے وہ خود اسکیمات کی نگرانی کررہے ہیں حلقے کے صوبائ وزیر میر علی حسن زہری اورسیکرٹری مواصلات وتعمیرات کی ہدایت ہر مفاد عامہ اسکیمات کی بروقت تکمیل کیلئے محکمے کے انجینئرز کوشاں ہیں اورہماری کوشش ہیکہ جلدازجلد اسکیمات مکمل ہوں تاکہ ضلع حب کے عوام تعلیمی ترقی کے ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں۔
خبرنامہ نمبر 2025/1513
زیارت 28فروری:_ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول چینہ زیارت میں تمام ڈسٹرکٹ اسکولوں میں مفت کتابیں تقسیم کیں اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر لطیف اللہ غرشین، ڈسٹرکٹ افسر ایجوکیشن عبدالفیاض، ڈی او فیمیل میمونہ ارشاد، ڈی ڈی او فیمیل فرزانہ ارباب، ڈی ڈی او نقیب اللہ کاکڑاور مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی نے کہا کہ کہ گورنمنٹ آف بلوچستان کے اور مارچ سے پہلے کتابوں کی تقسیم نےگورنمنٹ آف بلوچستان اور ہماری سنجیدگی اوردلچسپی کو کو ظاہر کر دیا کردیامارچ سے پہلے کتابیں فراہم کرکے تعلیم کی بہتری کے لیے اپنا کمٹمنٹ پورا کیا، انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران اور اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی مارچ کے پہلے ہفتے میں تمام طلباء میں کتابیں تقسیم کی جائے اور کتابیں تقسیم کرنے کے بعد مارچ کے پہلے ہفتے میں کلاسزشروع کی جائیں اور تمام ٹیچرز اسکولوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ کتابیں تقسیم کرنے کے بعد ٹیچرز کے لیے کوئی بہانہ اور عذرنہیں رہ گیا کہ وہ اسکول سے غیر حاضرہو
خبرنامہ نمبر 1514/2025
کوئٹہ 28 فروری :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس وحشیانہ حملے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دھماکے میں مولانا حامد الحق حقانی سمیت شہید ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں
خبرنامہ نمبر 1515/2025
پشین۔28 فروری۔ڈپٹی کمشنر زاہد خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل )کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے اشیاء خوردونوش کے خوبصورت سٹالز لگائے جائیں گے،جس میں آٹا اور چینی سمیت تمام خوردنی اشیاء سستے داموں فروخت ہوں گی، جبکہ اجلاس میں تاجر برادری سے مشاورت اور اعتماد میں لینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دیگر شہروں کی طرح ضلع پشین میں بھی رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو سستی اشیائے خورد ونوش کی فراہمی کے لیے حسب سابق ٹیک ٹاک آڈھ پر ایک بڑا سستا رمضان بازار لگایا جائے گا جس کے لئے انتظامیہ نے ہوم ورک بھی مکمل کر لیا ہے،اور اس ضمن میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سلسلہ میں انجمن تاجران سے بھی مشاورت کی گئی ہے جنہیں کہا گیا ہے کہ وہ خوردونوش کی اشیاء کریانہ،سبزی،فروٹ،مرغی کا گوشت،بڑا گوشت،کھجور اور مشروبات کے سٹالز لگائیں اور روزہ داروں کو ریلیف دے کر اجر و ثواب حاصل کریں انہوں نے مزید کہا کہ رمضان سستا بازار میں مرغی کا گوشت بازار سے 30 روپے سستا جبکہ بڑے کا گوشت بازار سے 50 روپے کم قیمت پر دستیاب ہو گا،دریں اثناء حکومتی سطح پر سستے داموں آٹا،چینی اور دیگر اشیاء کے علیحدہ سٹالز لگائے جائیں گے،اس ضمن میں چینی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی کہ رمضان سستا بازار میں چینی ہول سیل ریٹ پر دستیاب ہو گی،دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دیگر تمام سٹالوں پر انتہائی معیاری اشیاء 10 سے 15 فیصد سستے داموں فروخت کے لیے رکھی جائیں گی،تاکہ ماہ مقدس میں ضلع کے عوام کو نمایاں ریلیف دیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 1516/2025
خضدار 28فروری :خضدار*علم دوست اور کتب خانوں کے محسن ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے علامہ محمد عمر دین پوری لائبریری فیمیل بک سیکشن کا افتتاح کردیا علامہ محمد عمر دین پوری لائبریری میں اس سے قبل صرف ایک کتابوں کا سیکشن تھا جس سے میل اور فیمیل بک اٹھاتے تھے جسکی وجہ سے فیمیل اسٹوڈنٹس کو کافی دشواری پیش آرہی تھی کچھ عرصہ قبل ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے لائبریری کے دورے کے دوران فیمیل اسٹوڈنٹس کی درخواست پر فیمیل بک سیکشن اور کتابوں کا اعلان کیاڈپٹی کمشنر یا سر اقبال دشتی نے وعدہ وفا کرتے ہوۓ فیمیل بک سیکشن کو مکمل کرواکر اس میں ایک ہزار (1000) کتابیں دیکر باقاعدہ انکا افتتاح کردیاڈپٹی کمشنر جنہیں تعلیم سے ہمیشہ ہی خاصہ شغف رہا ہے اور وہ اس کی پرموشن کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا کہ کتب خانے کسی بھی معاشرے کی ترقی و ترویج کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ایک تعلیم یافتہ اور باشعور معاشرے کی معراج کتب خانوں سے ہی زندہ ہے۔ جس معاشرے میں معیاری کتب خانے موجود نہ ہوں وہاں کے افراد ذہنی طور پر پسماندہ ہی رہیں گےاسٹوڈنٹس نے ڈپٹی کمشنر کے اس علم دوست عمل پر انکا شکریہ ادا کیااس موقع پر سپرنٹنڈنٹ مراد گزوزئی لائبریرین انچارج منظوراحمد اور لائبریری کے اسٹوڈنٹس موجود تھے۔
خبرنامہ نمبر 1517/2025
زیارت 28فروری:گورنمنٹ آف بلوچستان کے واضح احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرزیارت ذکاء اللہ درانی نے گورنمنٹ ہائی اسکول زیارت کے امتحانی ہالز کا دورہ کیا. ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی نے امتحان سینٹرکا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے امتحان کے منتظمین کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نقل کے خلاف حکومت کے کمٹمنٹ کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کےحوالے سے دفعہ ایک سو چوالیس (144) نافذ ہے، اور آس پاس فوٹو اسٹیٹ مشین کی کوئی اجازت نہیں ہے،امتحان کے آس پاس نقل لے جانے اور سہولت فراہم کرنے کی کسی قسم کی اجازت نہیں ہے، موبائل فون اور دیگر الیکٹرونک آلات کے استعمال کی سختی سے ممانعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے دوران کسی نے بھی دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف گورنمنٹ آف بلوچستان کے احکامات کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔دفعہ ایک سو چوالیس کے مکمل نفاذ کے لیے مکمل سیکورٹی دی گئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ نقل ایک ناسور ہے نقل کرنے والے اپنے مستقبل کو بھی داو پر لگا دیتے ہیں ۔
خبرنامہ نمبر 1518/2025
تربت28 فروری: مکران میڈیکل کالج تربت کے طلبہ و طالبات کے لیے کمیونٹی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پانچ روزہ مطالعاتی و تفریحی دورے کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران انہوں نے کراچی کے معروف طبی و تفریحی مقامات کا دورہ کیا طلباء و طالبات نے اس شاندار موقع کی فراہمی پر مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل، پروفیسر ڈاکٹر افضل خالق،وائس پرنسپل ڈاکٹروحید بلیدی ْکا شکریہ ادا کیا۔ اس مطالعاتی دورے میں طلبہ کو آغا خان یونیورسٹی ہسپتال اور ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال کے مختلف شعبوں کا مشاہدہ کرایا گیا، جہاں انہوں نے جدید طبی سہولیات اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق قیمتی معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران طلبہ و طالبات کو تفریحی سرگرمیوں کا بھی موقع فراہم کیا گیا، جس میں دو دریا، پورٹ گرینڈ، ڈریم ورلڈ، ہاکس بے بیچ، بحریہ ٹاؤن کراچی اور مختلف شاپنگ مالز سمیت دیگر اہم تفریحی مقامات شامل تھے۔اس مطالعاتی و تفریحی دورے کی سربراہی مکران میڈیکل کالج کے سینئر لیکچرر ڈاکٹر آیت اللہ بلوچ اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عادل آدم نے کی، جنہوں نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں اس دورے سے بھرپور تعلیمی و تفریحی فوائد پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر 1519/2025
کوئٹہ 28 فروری :صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت بلوچستان کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں 800 سے زائد ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ صحت بلوچستان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تمام تعینات شدہ ڈاکٹروں کو فوری طور پر اپنی ڈیوٹی جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ان تقرریوں کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو معیاری علاج کی سہولتیں دستیاب ہوں گی انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور یہ تقرریاں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں بخت محمد کاکڑ نے مزید کہا کہ صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت اصلاحات پر کام کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے تعینات ہونے والے تمام کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں
خبرنامہ نمبر 1520/2025
کوئٹہ: صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے اکوڑہ خٹک اور کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائیاں قرار دیا ہے۔ انہوں نے اکوڑہ خٹک کی مسجد میں دورانِ عبادت نمازیوں کی شہادت اور سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے اپنے بیان میں کہا کہ عبادت گاہوں اور ملکی محافظوں کو نشانہ بنانا نہ صرف بزدلی ہے بلکہ اس سے دہشت گردوں کی گھناؤنی ذہنیت بھی عیاں ہوتی ہے۔ ایسے مذموم ہتھکنڈے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلکہ ہمیں مزید متحد اور پرعزم بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 1521/2025
استا محمد: ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے احترام اور عوامی سہولیات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ سرکاری افسران، تاجر برادری کے نمائندوں، علما کرام اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی اجلاس میں عوام کی مشکلات و ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد فیصلے کئے گئے جس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کا تعین رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال رہیں گی افسران کو ہدایت دی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں اور مارکیٹوں کا معائنہ کریں تاکہ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے ان کے علاوہ مساجد، بازاروں اور عوامی مقامات پر صفائی کے بہترین انتظامات اور مناسب روشنی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی پلان پر غور کیا گیا، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مزید متحرک کیا جائے عوام کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خورد و نوش فراہم کرنے کے لیے سستا رمضان بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں روزمرہ ضروریات کی اشیا کم قیمت پر دستیاب ہوں اجلاس میں واپڈا حکام کو ہدایت دی گئی کہ سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ھو ۔ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اور اس مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری حل نکالیں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فوری عملدرآمد کا عندیہ دیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔
خبرنامہ نمبر 1522/2025
نصیرآباد: ایف سی 114 ونگ سوئی رائفلز کے تعاون اور ضلعی لائیو اسٹاک آفیسر نصیرآباد زاہد حسین کی زیر نگرانی نصیرآباد کے گاؤں تمبو میں گزشتہ دن ایک روزہ فری ویٹرنری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کے کامیاب انعقاد میں شہید میراج ویلفیئر آرگنائزیشن نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔ کیمپ کے دوران متعدد جانوروں کا علاج معالجہ کیا گیا، جبکہ حفاظتی ویکسین بھی لگائی گئیں تاکہ مال مویشی مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ماہر ویٹرنری ڈاکٹروں اور عملے نے جانوروں کے مالکان کو ان کے بہتر دیکھ بھال اور بیماریوں سے بچاؤ کے متعلق ضروری آگاہی بھی فراہم کی۔ ضلعی لائیو اسٹاک آفیسر زاہد حسین نے اس موقع پر کہا کہ مال مویشی کسانوں اور دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کی صحت و حفاظت انتہائی ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کے کیمپس کا مقصد کسانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ مقامی افراد نے ایف سی 114 ونگ، لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ اور شہید میراج ویلفیئر آرگنائزیشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فری کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ان کے جانوروں کو بروقت علاج اور حفاظتی تدابیر فراہم کی جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر 1523/2025
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فائل ٹریکنگ سسٹم، آئی پی ایم ایس، دوہری نوکریاں، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی سمیت تمام سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیکرٹریز فائل ٹریکنگ سسٹم اور پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب سے درج شکایات کو فوری طور پر حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اور جو کیسز پینڈنگ یا اوور ڈیو ہیں ان کو بھی جلد ازجلد حل کریں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز ضلعوں میں اپنے عملے کی حاضری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اگلے پی ایس ڈی پی کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی کانسیپٹ پیپر تیار کرکے پی اینڈ ڈی بھجوا دیں۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرکے مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ ترقی اور لوگوں کی معیار زندگی بہتر ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اپنے ویب سائٹس کو اپڈیٹ کرے اور کمشنرز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا کر روزانہ کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ویڈیوز، تصاویر اپ لوڈ کیا کرے تاکہ عوام کو متعلقہ ڈویژن سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا علم ہو۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں 481 افراد دوہری نوکریاں رکھتے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے دوہری نوکریاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔
خبرنامہ نمبر 1524/2025
کوئٹہ 28 فروری: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے علی جان نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کی ہدایت پر بلوچستان میں محکمہ ایف آئی اے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت دی کہ صوبے میں سائبر کرائم ونگ کو مزید فعال بنایا جائے، اسمگلنگ ، غیر قانونی ترسیلات زر کی روک تھام کیلئے اقدامات کو موثر بنایا جائے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کی جائے ایف آئی اے بلوچستان میں افرادی قوت کی کمی کو ڈیپوٹیشن کے ذریعے بلوچستان پولیس سے پورا کیا جائے ملاقات کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے ڈی جی ایف آئی اے کو یقین دہانی کرائی کہ ایف آئی اے میں مستقل بھرتیوں کی منظوری کے عمل تک بلوچستان پولیس سے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کی جائے گی تاکہ سائبر کرائم ونگ کو مؤثر طور پر فعال کیا جا سکے ڈی جی ایف آئی اے نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کیا اور ادارے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ صوبے میں جرائم خاص طور پر سائبر کرائم کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ متاثرین کو فوری اور مؤثر انصاف فراہم کیا جا سکے اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، پرنسیپل سیکرٹری بابر خان، آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون و دیگر حکام بھی موجود تھے۔