September 30, 2025
News

27th-September-2025

خبرنامہ نمبر 7169/2025
کوئٹہ 27 ستمبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ٹراما سینٹر کوئٹہ میں گزشتہ روز غیرارادی حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار اور ژوب کالج کے طالب علم کی خیریت دریافت کی ان کی حالت کا جائزہ لیا اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سےببہترین دیکھ بھال کی تعریف کی۔ گورنر بلوچستان نے خصوصی ہدایت دی کہ دونوں زخمیوں کو تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی۔ گورنر بلوچستان دونوں زخمیوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہر ممکن تعاون آپ کے ساتھ رہیگا۔

خبرنامہ7170/2025
ژوب 27 ستمبر:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اسکلز ایجوکیشن سنٹر کا قیام تعلیم اور عملی مہارتوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے اور نوجوانوں کو مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ترقی کرنے کیلئے ایک وژنری اقدام ہے۔ بہت جلد ہم ہنرمندی کی تعلیم کے ذریعے اپنے طلباء میں ملازمت، کاروباری صلاحیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھائیں گے ۔ بالآخر وہ اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے، بیروزگاری کو کم کرنے اور اپنی کمیونٹی میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے قابل ہو جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب کے ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول میں یونیسف اور یورپی یونین کے تعاون سے قائم “سکِلز ایجوکیشن سینٹر” کا افتتاح کر تے ہوئے کیا. گورنر بلوچستان نے سکِلز ایجوکیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود طلباء سے سوالات کیے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج بڑے خوشی کا دن ہے جب ہم نے ژوب کے ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول میں ہنرمندی کی تعلیم کے مرکز کا افتتاح کیا جو یونیسیف اور یورپی یونین کے تعاون سے ممکن ہوا. ان کا یہ تحفہ ایک نئی امید اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ایک کرن ہے۔ تعلیم اور جدید مہارت کی ترقی ہمارے معاشرے کی بہتری کیلئے ایک نیا عزم ہے۔ گورنر بلوچستان نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کے کردار اور اخلاق سنوارنے پر بھی بھرپور توجہ دیں.

خبرنامہ نمبر 7172/2025
بارکھان27 ستمبر ۔ڈپٹی کمشنر بارکھان عبد اللہ کھوسو نے تعلیمی نظام کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سرکاری اسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ معائنے کا مقصد اساتذہ کی حاضری، تعلیمی ماحول اور سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔ اس موقع پر ڈی ای او نوید لطیف اور ڈی ڈی او طارق کھتران بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعدد اسکولوں میں بہتری کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ دورے میں لوہما زرّین، سنگیالی، وتا کڑی، دھولا گھیر اور بھانڈا کے گرلز و بوائز اسکولز شامل تھے۔ انتظامیہ کی یہ کاوش معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔

خبرنامہ نمبر 7173/2025
بارکھان میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو صرف ملازمت کے مواقع فراہم کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں جدید دور کی نئی ٹیکنالوجیز خصوصاً آرٹیفشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل اسکلز اور آئی ٹی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اگر ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرے تو وہ نہ صرف اپنے لیے روزگار پیدا کر سکتا ہے بلکہ علاقے اور آنے والی نسلوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ بارکھان سمیت بلوچستان کے نوجوان عالمی معیار پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بارکھان کے عوام نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسی عوامی خدمت اور محروم طبقات کو سہولت فراہم کرنے پر مبنی ہے اور عوامی نمائندے ہر سطح پر اپنے لوگوں کے ساتھ ہیں۔

خبرنامہ نمبر 7174/2025
قلعہ عبداللہ میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس نارتھ زون کوئٹہ کی جانب سے منشیات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔اس کارروائی میں تحصیل دو بندی اور قلعہ عبداللہ کے مختلف مقامات پر کئی ایکڑ رقبے پر کاشت کی گئی بھنگ اور افیون کی فصل کو تلف کر دیا گیا ہے یہ اور یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل ایکسائز کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔ ٹیم کی قیادت اے ای ٹی او عتیق اللہ اور ای ٹی او چمن حبیب الرحمن ناصر نے کی۔ آپریشن میں ایکسائز کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ ضلعی انتظامیہ، مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی کاشت کرنے والے عناصر معاشرے کے لیے زہر قاتل ہیں، ایسے افراد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ منشیات کے خاتمے کے لیے حکومت اور ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور آئندہ دنوں میں بھی اسی نوعیت کی مزید کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔مزید برآں آفیسران نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات کی کاشت یا خرید و فروخت کی نشاندہی کریں تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 7175/2025
لورالائی27 ستمبر 2025
یونیورسٹی آف لورالائی میں سینٹر فار انٹرپرینیورشپ کی افتتاحی تقریب 26 ستمبر 2025 کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ , پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عادل زمان کاسی، رجسٹرار یونیورسٹی آف لورالائی ڈاکٹر خالد خان کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانانِ گرامی، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلباء نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد خوش آمدیدی کلمات پیش کیے گئے۔ اپنے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر نے انٹرپرینیورشپ کی موجودہ دور میں اہمیت پر روشنی ڈالی اور خصوصاً نوجوانوں کو موجد، رہنما اور روزگار فراہم کرنے والا بنانے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سینٹر کے قیام کو یونیورسٹی اور خطے کے لیے ایک سنگ میل قرار دیاتقریب کا اہم پہلو یونیورسٹی آف لورالائی اور سوشیل انوویشن اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط تھے۔ اس معاہدے کا مقصد انٹرپرینیوریل ایکٹوازم کو فروغ دینا، اختراعات کو تقویت دینا اور طلباء کے لیے تربیت، رہنمائی اور منصوبہ جاتی ترقی میں تعاون کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ معزز مہمانوں نے اس شراکت داری کو بلوچستان میں انٹرپرینیورشپ کے ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔اس موقع پر محمد شاہ، لیکچرر ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ سائنسز اور سینٹر فار انٹرپرینیورشپ کے فوکل پرسن نے مہمانوں کو سینٹر کے مقاصد اور اس کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سینٹر تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کا ایک مرکز ہوگا جو طلباء کو وسائل، رہنمائی اور پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی اجاگر کیا کہ انٹرپرینیورشپ کا دائرہ صرف بزنس کے طلباء تک محدود نہیں بلکہ ہر شعبہ علم کے طلباء اس میں مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔مختلف شعبہ جات سے آئے ہوئے معزز مہمانوں نے اس اقدام کو سراہا اور طلباء کو اس سینٹر کے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان شراکت داری ناگزیر ہے تاکہ خیالات کو عملی منصوبوں میں ڈھالا جا سکے جو خطے کی سماجی و معاشی ترقی میں کردار ادا کریں۔تقریب کا اختتام محترم وائس چانسلر اور معزز مہمانوں کے ہاتھوں سینٹر فار انٹرپرینیورشپ کے باضابطہ افتتاح پر ہوا۔ بعد ازاں ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا جس میں شرکاء نے انٹرپرینیورشپ کلچر اور اختراعاتی ماحول کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔
خبرنامہ نمبر 7176/2025
سبی 27 ستمبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ریلوے کالونی میں آئی ٹی لیب اور سولرائزیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق الماس، فوکل پرسن ورلڈ بینک پروجیکٹ سعید احمد سیلاچی، اسکول کی پرنسپل اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ اسکول انتظامیہ اور طالبات نے ڈپٹی کمشنر کا شاندار استقبال کیا، ننھی طالبات نے پھول نچھاور کیے اور گلدستے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے ننھی طالبہ کے ہاتھوں آئی ٹی لیب کا افتتاح کروایا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاسوں کا معائنہ کیا، طالبات سے تدریسی سوالات کیے اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ایک موقع پر طالبات نے کمپیوٹر سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر متعلقہ استاد کو کلاسز شروع کرنے کی ہدایت دی، جس پر طالبات نے خوشی کا اظہار کیا۔ اسکول کی پرنسپل نے ڈیسک، کرسیاں، اضافی کمرے اور واش رومز کی تعمیر سمیت بعض مرمتی کاموں کی سفارش کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ اسکول کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیم کے فروغ اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی بھرپور محنت اور عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اسکول کی صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور طالبات کی تعلیمی لگن کو سراہتے ہوئے اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر ہے بلکہ یہاں کی بچیاں ہماری امید اور مستقبل کی رہنما ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کے تحت اسکول کو آئی ٹی لیب، سمارٹ ایل ای ڈی ٹی وی، نصابی کتب اور اسٹیشنری فراہم کی گئی ہے جبکہ آئی ٹی لیب اور اسکول کی عمارت کو مکمل طور پر سولرائز بھی کیا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر 7177/2025
دکی۔ 27, ستمبر ،2025.:ضلعی انتظامیہ دُکی کی کاوشوں اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے شہر کی مرکزی سبزی منڈی کو کامیابی کے ساتھ مشرقی بائی پاس پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اس منصوبے پر کام سال 2016 میں شروع ہوا تھا، جسے موجودہ ڈپٹی کمشنر دُکی محمد نعیم خان، اسسٹنٹ کمشنر دُکی ڈاکٹر عبدالسلام، ایس پی دُکی سید زاہد حسین شاہ اور سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی شاہ زمان کاکڑ کی خصوصی کوششوں سے عملی جامہ پہنایا گیا۔اس اقدام کا مقصد شہری سہولیات میں بہتری، ٹریفک کے نظام کو منظم کرنا اور تاجر برادری کو بہتر کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے۔ نئی سبزی منڈی میں تاجروں، دکانداروں اور خریداروں کو کھلی جگہ، پارکنگ، صفائی ستھرائی اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
منتقلی کے بعد خرید و فروخت کا سلسلہ پُرامن اور منظم انداز میں جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اس منصوبے کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے لیے آسانی کا باعث بنے گا بلکہ مرکزی علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور سبزی و پھل کی ترسیل، ذخیرہ اندوزی اور تقسیم کے عمل کو بھی مزید مؤثر بنائے گا۔ضلعی انتظامیہ نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی سہولت اور شہر کی بہتری کے لیے آئندہ بھی ایسے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ تاجروں، خریداروں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس نئے مقام کو اپنائیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ سب مل کر ایک بہتر، صاف ستھرا اور ترقی یافتہ دُکی تشکیل دے سکیں۔

خبرنامہ نمبر 7179/2025
پشین۔27 ستمبر 2025
ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں انتظامیہ کی جانب سے اسنیپ چیکنگ میں معمول سے زیادہ تیزی دیکھنے میں آئی ہے،شہر کے مختلف مقامات سمیت مضافات اور تمام تحصیلوں میں کئی مقامات پر اسنیپ چیکنگ جاری ہے،جبکہ اہم شاہراہوں،داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر مشکوک موٹر سائیکلوں و گاڈیوں اور افراد کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے،اس بابت ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنران اور ضلعی انتظامیہ سمیت پولیس فورس کی نفری سڑکوں پر موجود ہیں،ڈپٹی کمشنر قاضی منصور نے اس ضمن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسنیپ چیکنگ جرائم پیشہ عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ ان کی غیر قانونی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر انتظامیہ کڑی نظر رکھی ہوئی ہے،کیونکہ عوام کی جان،مال و متاع اور عزت و آبرو کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے،اسنیب چیکنگ کے اقدام سے ہر قسم کے کرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے،اور آفسران و نفری کی سڑکوں پر موجودگی سے عوام میں احساس تحفظ بڑھے گا،جبکہ ان کے انتظامیہ پر اعتماد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا،تاہم ایک مربوط انداز میں اسنیپ چیکنگ کو مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رکھا جائے گا،تاہم قبائلی و سیاسی عمائدین اور دیگر باشعور عوام کے تعاون اور اشتراک سے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں،جس کی بدولت حالیہ دنوں میں کرائم مزید کم ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بھی ضلع میں امن و امان کا معیار بلند کرنا ہے،حالیہ اسنیب چیکنگ سے نان رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں،فینسی نمبر پلیٹس،منشیات فروشی،چوری و رہزنی،کالے شیشوں والی گاڈیوں اور غیر قانونی اسلحہ لے کر چلنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مشکوک گاڈیوں اور موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا جمع کر کے مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے،اب لیویز فورس اور پولیس کی ساری نفری کو ضلع بھر میں کرائم کنٹرول کرنے کےلئے متحرک کیا گیا ہے،تاہم انٹیلجنس بیسڈ کاروائیاں اور اسنیب چیکنگ جاری رکھیں گے،کیونکہ انتظامیہ کی حالیہ حکمت عملی سے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 7171/2025
کوئٹہ، 27 ستمبر: سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پانیزئی نے کہا ہے کہ کمیونٹی مڈوائفز (CMWs) کی خدمات کو صوبے کے نچلی سطح تک بڑھایا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اینڈ پریکٹسز (IDSP) کے کیمپس میں منعقدہ کمیونٹی مڈوائفری اسکلز ڈویلپمنٹ کورس کے 33 ویں بیچ کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ کورس محکمہ صحت بلوچستان کے ہمہ گیر ایم این سی ایچ (Comprehensive MNCH Program)، یونیسف کوئٹہ کی معاونت اور آئی ڈی ایس پی کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا تھا ، سیکرٹری صحت نے کہا کہ گریجویٹ ہونے والی کمیونٹی مڈوائفز کو جلد تعینات کیا جائے گا اور پروگرام کی رسائی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا ایم این سی ایچ پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کورس کے ذریعے کمیونٹی مڈوائفز کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی برادریوں میں سماجی بیداری اور رویوں میں مثبت تبدیلی (Behaviour Change Communication) کے فروغ میں فعال کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں اور بچوں کی صحت کے تحفظ میں کمیونٹی مڈوائفز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ بلوچستان جیسے وسیع اور دور افتادہ علاقوں میں ان کی موجودگی زچگی کے دوران پیچیدگیوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی مڈوائفز نہ صرف صحت کی سہولتیں فراہم کرتی ہیں بلکہ خواتین کو اعتماد اور شعور بھی دیتی ہیں۔ ڈاکٹر گل سبین نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی سطح پر مڈوائفری کا فروغ شرح اموات میں کمی اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے گریجویٹ ہونے والی تمام کمیونٹی مڈوائفز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے عزم اور محنت کو سراہا اس موقع پر یونیسف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ بھی محکمہ صحت بلوچستان، سی ایم این سی ایچ پروگرام اور آئی ڈی ایس پی کو بھرپور تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

خبرنامہ نمبر 7180/2025
تربت (27ستمبر 2025): کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے میدان میں تربت یونیورسٹی مسلسل کامیابیوں کے سفر پر رواں دواں ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی، معیاری انفراسٹرکچر، جدید سہولیات اور تعلیمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن نے تربت یونیورسٹی کو مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی پروگرامز کی تعداد تین ہو گئی ہے، جن میں اس وقت داخلے جاری ہیں۔
تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس اہم کامیابی پر اساتذہ، طلبہ اور انتظامی عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع تربت یونیورسٹی کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ان مسلسل کامیابیوں سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کا وقار مزید بلند ہوگا۔انہوں نے فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد، چیئرمین شعبہ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر غلام جان، سابق چیئرمین نوروز خان، شعبہ منیجمنٹ سائنسز کے فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے انتظامی عملے کی مشترکہ کوششوں اور عزم کو سراہا جن کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ڈاکٹر گل حسن نے مزید کہا کہ نئے پی ایچ ڈی پروگرامز کے آغاز سے نہ صرف یونیورسٹی میں علمی اور تحقیقی معیار مزید بہتر ہوگا بلکہ بلوچستان میں معیاری تحقیق کومزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب تربت یونیورسٹی ملک میں اعلیٰ تعلیم اور معیاری تحقیق کا ایک نمایاں مرکز بن کر سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت تربت یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی بلوچی، پی ایچ ڈی بائیوکیمسٹری اور پی ایچ ڈی مینجمنٹ سائنسز کے ساتھ ساتھ ساٹھ سے زائد انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ پروگرامز میں بھی داخلے جاری ہیں۔

خبرنامہ نمبر 7181/2025
موسیٰ خیل: لورالائی رینج کے ڈی آئی جی جنید احمد اور ایس پی کلیم اللہ کاکڑ کی ہدایات پر ایس ایچ او کنگری حق نواز حسنی نے اپنی ٹیم ASI مراد خان، ASI نیاز احمد، اور ASI سجاد افضل کے ہمراہ اسپیشل گشت کے دوران N-70 کراس موسیٰ خیل پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم فیاض احمد ولد منظور احمد سے 2100 گرام چرس برآمد کرلی۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

خبرنامہ نمبر 7182/2025
لورالائی27ستمبر: 4ڈسٹرکٹ روزالدین خان جوگیزئی فٹ بال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ایک شاندار فٹ بال میچ انور شہید فٹ بال کلب قلعہ سیف اللہ بمقابلہ افغان ٹی وی فٹبال کلب لورالائی کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ افغان ٹی وی کلب لورالائی نے ایک کے مقابلہ میں دو گول سے اپنے نام کرلیا اس میچ کے مہمان خصوصی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محیب اللہ بلوچ تھے مہمان خصوصی کی گروانڈ آنے پر شاندار استقبال کیا گیا. بعد میں دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ اس میچ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سٹی صدر ولی کاکڑ،ڈی ایف کے صدرانعام اللہ کاکڑ،سردار شمس نیازی،ٹورنامنٹ کیمٹی کے بچھو فٹ بالر،صحافی روزی خان ملازئی،نے شرکت کی۔ میچ کے مہمان خصوصی چیف آفیسر محیب اللہ بلوچ نے ٹورنامنٹ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کے کھیلاڑیوں کو شاندار میچ کھیلنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہےکھیلوں کے فروغ اورنوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اوراسپورٹس کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے اقدامات کررہی یے بحیثیت چیف آفیسر وہ اسپورٹس سے وابستہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی یرممکن حوصلہ افزائی کرینگے تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ سے علاقے صوبے اورملک کا نام روشن کریں آخر میں مہمان خصوصی نے ونر ورنر کے دونوں ٹیموں کے کھیلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے اور ٹورنامنٹ کیمٹی کے لیے نقد 50000 ہزار روپے دینا کا اعلان کیا گروانڈ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھے

خبرنامہ نمبر 7183/2025
تربت 27 ستمبر:ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے کارروائی کرتے ہوئے بٹیر اور دیگر پرندوں کے غیر قانونی شکار پر جانے والے 11 افراد کو حراست میں لے لیا محکمہ جنگلات کی ٹیم نے کارروائی کے دوران ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا اور انہیں وائلڈ لائف قوانین کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا۔ بعد ازاں علاقائی معتبرین اور یونین چیئرمین کی ضمانت پر اس شرط کے ساتھ رہا کر دیا گیا کہ وہ آئندہ پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث نہیں ہوں گے اور جنگلی حیات کے تحفظ میں تعاون کریں گے محکمہ جنگلات ضلع کیچ کے حکام نے واضح کیا کہ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جبکہ غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے واضح کیا کہ بٹیر اور دیگر جنگلی حیات کی نسل کشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو ہدایت کی کہ غیر قانونی شکار کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی بلا امتیاز جاری رکھی جائے علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ نہ صرف ماحول کے توازن کے لیے ضروری ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی قدرتی وسائل کی بقا کو یقینی بنائے گا۔

خبرنامہ نمبر 8184/2026
دکی : ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دکی ڈاکٹر نصیرالدین توخئ نے نئے تعینات ہونے والے کنٹریکٹ اساتذہ میں تقرری کے آرڈر تقسیم کیے۔
ڈپٹی کمشنر دکی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے تمام نئے اساتذہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے علم اور محنت سے تعلیمی معیار بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔, انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ضلع دکی میں کنٹریکٹ اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتی کا تیسرا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے جس سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری ہونے کے ساتھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت روزگار بھی ملا ہے انہوں نےکہاکہ دور دراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم دینا اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی رزق حلال کمانے کے ساتھ دوسروں کو بھی فائدہ پہنچائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آ فیسر ان کو ہدایت کی کہ وہ وقتاً فوقتاً سکولوں کے ویزٹ کیا کریں ۔

خبرنامہ نمبر 7185/2025
کوئٹہ، 27 ستمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات شفافیت اور جمہوریت کی روشن مثال ہیں وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر نوابزادہ خالد حسین مگسی کو مرکزی صدر، سینیٹر منظور کاکڑ کو مرکزی سیکریٹری جنرل، سردار صالح محمد بھوتانی کو صوبائی صدر بلوچستان اور حاجی مٹھا خان کاکڑ کے صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے تمام نو منتخب عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بی اے پی کی نئی قیادت صوبے اور ملک کے عوام کی خدمت کے عزم کو مزید آگے بڑھائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی مرکز اور صوبے میں ایک اہم اتحادی جماعت کی حیثیت سے کلیدی سیاسی کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی تنظیمی مضبوطی صوبائی و قومی سیاست پر مثبت اثرات مرتب کرے گی
انہوں نے کہا کہ بی اے پی کے انٹرا پارٹی انتخابات جماعت کے اندر بہترین جمہوری عمل اور شفافیت کے مظہر ہیں نو منتخب قیادت نہ صرف عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گی بلکہ صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گی
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نو منتخب ٹیم پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے نئے باب رقم کرے گی

خبرنامہ نمبر 7186/2025
کوئٹہ: 27 ستمبر :سیاحت کے عالمی دن کی مناسبت سے ڈائریکٹوریٹ آف ٹورزم بلوچستان کے زیراہتمام ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور فنکاروں نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر ابو الحسن میری تھے جبکہ ڈائریکٹر ثقافت بلوچستان ڈاکٹر داؤد ترین، ڈائریکٹر ارکیالوجی جمیل حسین بلوچ، روزینہ خلجی اور ڈاکٹر بینش نے خطاب کرتے ہوئے سیاحت کے فروغ اور اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے سیاحتی مقامات عالمی سطح پر اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں، جنہیں مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ محکمہ سیاحت و ثقافت پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نواب زادہ زرین خان مگسی اور سیکرٹری سیاحت و ثقافت حکومت بلوچستان سہیل رحمان بلوچ کے زیر نگرانی عنقریب کوئٹہ اور گرد و نواح کے سیاحتی مراکز پر مشتمل ایک خصوصی پیکج متعارف کرائے گا، جس کے تحت سیاحوں کو بلوچستان کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔مقررین نے کہا کہ سیاحتی مراکز کی ترقی حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان اقدامات کا مقصد صوبے میں سیاحت کے رجحان کو دوبارہ فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر تھیٹر ڈرامہ بھی پیش کیا گیا، جسے معروف ہدایتکار امان اللہ ناصر نے ڈائریکٹ کیا۔ ڈرامے میں بلوچستان کے سیاحتی مناظر اور خطے کی خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ میوزیکل پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جس میں خالق فرہاد اور دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت گہرام بخشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر یونس بلوچ سمیت محکمہ سیاحت کے دیگر افسران نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محکمے کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر ابو الحسن میری اور ڈائریکٹر کلچر بلوچستان ڈاکٹر داؤد ترین نے مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔

خبرنامہ نمبر 7187/2025
تربت 27 ستمبر: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یکم تا 3 اکتوبر کو منعقد ہونے والے کیچ کلچرل فیسٹیول کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ فیسٹیول کمیٹی کی جانب سے شہر بھر میں پمفلٹ تقسیم، بینرز، پوسٹرز اور اسٹیکرز آویزاں کیے جا رہے ہیں جبکہ کیچ کلچرل سینٹر کو خصوصی طور پر سجایا جا رہا ہے فیسٹیول کے سیکریٹری التاز سخی اور حافظ صلاح الدین سلفی کی قیادت میں کمیٹی اراکین نے بازاروں اور گلیوں میں شہریوں اور دکانداروں کو اس رنگا رنگ ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر مقامی شخصیات، فنکار اور سماجی کارکنان بھی ہمراہ تھے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ اس فیسٹیول میں تربت یونیورسٹی، بلوچستان اکیڈمی تربت، محکمہ اطلاعات مکران ڈویژن، پریس کلب، سول سوسائٹی، کیچ کلچرل سینٹر اور مختلف سماجی تنظیمیں فعال کردار ادا کر رہی ہیں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ یہ فیسٹیول محض ایک میلہ نہیں بلکہ بلوچ تاریخ، ادب، فنون اور روایات کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ مقامی تہذیب کو اجاگر کرنے کے ساتھ عوامی ہم آہنگی اور مثبت سماجی رجحانات کو فروغ دے گا یاد رہے کہ فیسٹیول میں موسیقی، بلوچی دستکاری و ملبوسات کی نمائش، ادبی محفلیں، لوک رقص اور بچوں و نوجوانوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ شہریوں اور طلبا میں اس حوالے سے غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

خبرنامہ نمبر 7188/2025
لورالائی: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹیکس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جس میں مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر بڑی مقدار میں کاشت کی گئی منشیات کی فصل تلف کر دی گئی۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر ۶ ایکڑ رقبے پر کاشت کی گئی منشیات کی فصلیں مکمل طور پر تلف کر دی گئیں جو الگ الگ مقامات پر تیار کی گئی تھیں، جنہیں جدید آلات اور ٹیم کی بروقت کارروائی سے کر کے ختم کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات کی فصلوں کی تلفی کے دوران علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی تاکہ کسی بھی ممکنہ مزاحمت یا ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کے حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی کاشت معاشرے کے لیے زہر قاتل ہے جس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور آئندہ بھی ایسے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں اور منشیات کی کاشت کے حوالے سے فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ اس لعنت کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔ تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے بچایا جا سکے منشیات سے بچاؤ حکومت اور اداروں کی اولین ترجیح ہے

خبرنامہ نمبر 7189/2025
کوئٹہ، 27 ستمبر:صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی اے پی نے ہمیشہ شفاف اور جمہوری روایات کو فروغ دیا ہے انہوں نے وفاقی وزیر نوابزادہ خالد حسین مگسی کے مرکزی صدر اور سینیٹر منظور کاکڑ کے مرکزی سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اسی طرح سردار صالح بھوتانی کے صوبائی صدر بلوچستان اور حاجی مٹھا خان کاکڑ کے صوبائی جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر بھی خصوصی مبارکباد دی ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بی اے پی کی نئی قیادت صوبے اور ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے تسلسل کو مزید آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور شفاف انتخابی عمل دیگر جماعتوں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت بی اے پی کی پالیسیوں کا اہم حصہ ہے اور اس بات پر اطمینان ہے کہ پارٹی کے اندر خواتین ونگ کو بھی فعال کردار دیا گیا ہے، جو خواتین کے مسائل کے حل اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی یہ نئی قیادت صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ثابت ہوگی

خبرنامہ نمبر 7190/2025
قلات 27ستمبر:بلوچستان کے تاریخی شہر قلات کےڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں قائم لشمینیاسس کے مفت علاج کا مرکز آپریشنل. سینکڑوں مریض روبہ صحت یونے لگے ہیں ڈپٙٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈجمیل احمد بلوچ نے اپنی انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کارلاتےہوئے ٹیم لیڈرکی حیثیت سے صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں ڈپٹی کمشنر کی مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت قلات ڈسٹرکٹ کے سرکاری محکموں کے افسران نےعوام الناس کو سروسز ڈیلیوری شروع کردی ہے سرکاری ذرائع کیمطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال قلات میں 2022 سے قائم لیشمینیاسس (سال دانے) کے مفت علاج کے مرکز کو مکمل طورپر آپریشنل کردیا گیا ہے اور اب تک 2184 سے زائد مریضوں کو رجسٹرڈاور ٹیسٹ کرکے لیشمینیاسس ڈونووانی ٹیسٹ کرکے انہیں علاج کی سہولت فراہم کی گئ یے لیشمینیاسس کی بیماری سینڈ فلائی کے کاٹنے سے پھیلتی ہے جو بلوچستان کے صحرائی علاقے، پہاڑوں کے دامن میں پائی جاتی ہےمریضوں کے علاج کے لیے جرمنی کی تیار کردہ عالمی معیار کے مخصوص انجیکشن Glucantime انجکشن استعمال کیاجاتاہے جو مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ بازار میں دستیاب نہیں ہےخوش آئند بات یہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی کوششوں سے محکمہ صحت حکومت بلوچستان ڈائریکٹر ہیلتھ، اور عالمی ادارہ صحت WHO کی جانب سے فراہم کردہ یہ انجکشن ضلع قلات کے مریضوں کو مفت لگایا جاتا ہے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال قلات ویکٹربورن ڈیزیز پروگرام کے تحت قائم سینٹرکو اب تک 14400 انجکشن موصول ہوچکے ہیں جبکہ فی مریض کو دس( 10) سے 30 تیس انجکشن تک لگائے جاتے ہیں پروگرام کی نگرانی ڈسٹرکٹ ہیلتھ مانیٹرنگ کمیٹی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کر رہے ہیں ںسینٹرمیں تعینات ٹیم باقاعدہ آن لائن رجسٹریشن اور انتہائی شفاف طریقے سے چلا رہے ہیں ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن جمیل بلوچ کا کہنا ہےکہ یہ بلوچستان کا واحد سینٹر ہے جہاں استعمال شدہ خول (ایمپول) بھی محفوظ کیے جاتے ہیں تاکہ انجکشن کے موثر استعمال اور فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سینڈ فلائی چوہوں کے بلوں میں پائی جاتی ہے اور وہ زمین سے ایک فٹ کی اونچائی تک اڑ سکتی ہے یہ مکھی جسم کے ننگے حصے پر کاٹتی ہے اس لیے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سوتے وقت چارپائی یا مچھر دانی کا استمعال کریں اور اپنے جسم ڈھانپ کر سوئیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ایڈوائزری دی گئی ہے کہ اگر کسی شخص میں سال دانے کی علامات محسوس ہو تو فوری طور پر ڈی ایچ کیو قلات رجوع کریں مفت ٹیسٹ اور علاج سے استفادہ حاصل کریں شہری حلقوں نےلیشمانیاس کی روک تھام کیلئے گھر گھرجراثیم کش اسپرے پلان کرنے پر ڈپٹی کمشنر قلات محکمہ صحت حکومت بلوچستان عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ اومتحرک ہوچکے ہیں عوامی حلقوں نے امید ظاہرکی ہیکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہمی کیلئے انتظامیہ کلیدی کرداراداکریگی۔