27th-November-2025

خبرنامہ نمبر8955/2025
لورالائی27 نومبر 2025:
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے حکم اور چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر کی خصوصی ہدایات پر میونسپل کمیٹی لورالائی نے شہری تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مین نالے پر جدید، مضبوط اور دیدہ زیب حفاظتی جنگلہ نصب کر دیا۔چیف آفیسر محب اللہ خان بلوچ کی براہِ راست نگرانی میں مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت باچا خان چوک جیسے مصروف اور گنجان آباد علاقے میں نالے کے اوپر اسٹیل کی مضبوط گرل لگائی گئی، جس سے نہ صرف پیدل چلنے والوں، بچوں اور بزرگوں کے لیے خطرات کا خاتمہ ہوا، بلکہ ٹریفک کی روانی اور شہری نقل و حرکت میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے. شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے اس بروقت اور عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ شہری تحفظ، صفائی اور خوبصورتی کے حوالے سے ایک مثبت مثال ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ لورالائی کو ایک محفوظ، صاف اور جدید شہر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8956/2025
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات میر سلیم خان کھوسہ ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا وہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جو حقیقی معنوں میں عوامی ضرورتوں اور علاقے کی مجموعی ترقی کا مظہر ہے۔ خصوصاً معیاری روڈ نیٹ ورک کی تعمیر، صحت و تعلیم کے اہم منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے
نوجوانوں کے لیے جھنڈا تالا جیسے دور افتادہ گاؤں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر ایک قابلِ ستائش اقدام ہے، جو نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرے گا بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع بھی فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ کئی دیگر ترقیاتی اسکیمیں بھی عملدرآمد کے مراحل میں ہیں، جن کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوام کی زندگیوں میں نمایاں اور مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔

خبرنامہ نمبر8957/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض شمالی علاقوں میں حدتِ سرما میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے۔ علاقائی موسمیاتی مرکز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک رہا، تاہم شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے وقت شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جو صوبے میں سرد ترین مقام رہا۔ صوبے کے کسی بھی ضلع میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں رات اور صبح کے اوقات میں موسم نہایت سرد رہنے کی توقع ہے۔اسی طرح جمعہ کے روز بھی موسم کی یہی صورتحال برقرار رہے گی، اور مذکورہ اضلاع میں شدید سردی برقرار رہے گی جبکہ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کی شدت سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خبرنامہ نمبر8958/2025 خضدار 27 نومبر 2025: جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کی ڈپٹی کمشنر خضدار سے ملاقات علاقائی مسائل پر تفصیلی بات چیت ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی سے ڈی سی کانفرنس روم میں جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی خضدار عید محمد ایڈوکیٹ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی وفد میں حافظ محمد انور زہری حاصل خان بزنجو محمد انور ریسانی رئیس قادر بخش زنگیجوعبداللہ قلندرانی اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ اسسٹنٹ کمشنر وڈھ علی اکبر مزار زئی ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر نادر صاحب موجود تھے۔ ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی زمینداروں کے مسائل پر مرکوز رہی ملاقات کے دوران جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی نے زمینداروں کے مسائل سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی جس میں زمینداروں کو جلد از جلد بے نظیر کسان کارڈ کی رجسٹریشن بجلی کی سامان کی واپسی اور این ایچ اے کے زمینداروں کی اراضی کے معاوضے شامل تھے ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کمیٹی کے خدشات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ پیش کردہ تحفظات کا جائزہ لے کر فوری طور پر متعلقہ حکموں کو ہدایت جاری کی جائے گی انہوں نے کہا کہ زمینداروں کے مسائل ترجیح ہیں اور ان کے حل کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے عید محمد ایڈوکیٹ اور دیگر زمینداروں نے ڈپٹی کمشنر خضدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیش کردہ تجاویز پر عمل درامد سے زمینداروں کو ریلیف ملے گا

خبرنامہ نمبر8959/2025 نصیرآباد27نومبر2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات اور کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت عوامی مسائل کے تدارک اور ان سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں عوام نے اپنے درپیش مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی اس حوالے سے مزید تفصیلات انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے آرٹیکل رائٹر اختر منگی کی اس رپورٹ میں

خبرنامہ نمبر8960/2025
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں ٹیکس کلیکشن کے نظام اور اس میں بہتری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ، این ایف سی کنسلٹنٹ برائے بلوچستان محفوظ علی خان، چیئرمین بی آر اے عبداللہ خان اور محکمہ خزانہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔چیئرمین بی آر اے عبداللہ خان نے صوبے میں ٹیکس کلیکشن کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں ٹیکس کلیکشن کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نان رجسٹرڈ سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے، تاکہ صوبائی محصولات میں پائیدار اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بی آر اے کی استعداد کار بڑھانے اور اسے جدید طرز پر استوار کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی ضروری ہے تاکہ صوبے میں محصولات کی وصولی میں مزید اضافہ ہوسکے جس سے صوبے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں وزیر خزانہ نے بی آر اے ٹیم کی کوششوں اور پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کی مالیاتی خود انحصاری کے حصول کے لیے ٹیکس اصلاحات کا عمل کو شفاف اور مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

خبرنامہ نمبر8961/2025
27 نومبر 2025۔
بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی سے گزشتہ روز ان کے دفتر میں مختلف وفود نے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیر نے مختلف علاقائی و سیاسی امور خصوصا پیر کے روز ایگزیکٹو کمیٹی برائے نیشنل اکنامک کونسل ( ECNEC ) کے منعقدہ اجلاس کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور ممبر ایکنک نہ صرف بلوچستان کی جاندار نمائندگی کر رہے ہیں بلکہ ملکی سطح پر نئے اور جاری منصوبوں پر بھی انہیں اعتماد میں لیا جاتا ہے، میر محمد صادق عمرانی نے اس ضمن میں مزید بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایکنک کے اجلاس میں بلوچستان سے متعلقہ نئے وجاری منصوبوں کی منظوری سمیت دیگر امور پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ و ترقیات احسن اقبال و دیگر ممبران نے ہمیشہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت رائے کے ساتھ تمام منصوبوں کی منظوری دی ہے، انہوں نے کہا کہ پیر کے روز ایکنک کے اجلاس میں بلوچستان کے تین اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی جس میں بلوچستان واٹر ریسورس ڈیویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ (BWRDSP) کے زیر انتظام اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے محکمہ آبپاشی کے اس اہم منصوبہ پر بلوچستان کے دو دریاؤں کے حوض ژوب اور حوض مولا پر کام کیا جا رہا ہے، حوض ژوب میں مسلم باغ قلعہ، سیف اللّٰہ اور ژوب جب کہ دریائے مولا پر خضدار، جھل مگسی اور قلات کا ایک حصہ شامل ہے، ان علاقوں میں ان منصوبوں کا مقصد آبی وسائل سے زرعی آمدنی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ژوب اور مولا دریا حوضوں کے موجودہ نئے کمانڈ علاقوں میں زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ اجلاس میں روڈ سیکٹر کے مزید دو اور منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی جس میں زیارت موڑ، کچ، ہرنائی 109،882 کلومیٹر اور ہرنائی سنجاوی 55،834 کلومیٹر سڑک نظر ثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی گئی جبکہ چیداگی (ایران) سرحد سے پنجگور 110 کلومیٹر سڑک کی منظوری پیر کے روز اجلاس میں دی گئی، صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں مواصلات کے بہتر نظام اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے عوام کو بہترین سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ نئی سڑکوں سے زرائع آمد و رفت کی موقعوں میں بھی اضافہ ہوگا، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ان اہم سڑکوں کی تعمیر سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت سمیت دیگر امور میں بھی بہتری کی امکانات میں اضافہ ہوگا۔

خبرنامہ نمبر8962/2025
پشین۔27 نومبر 2025۔ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل حرمزئی محمد رمضان کرد کی سربراہی میں تحصیل حرمزئی یونین کونسل و کلی منزرئی میں منشیات کی ناسور کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 20 ایکڑ آراضی پر غیر قانونی طور پر کاشت شدہ (بھنگ) کے تیار فصل کو تلف کر دیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی کاشت کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ایف، سی اور محکمہ ایکسائز نے مشترکہ طور پر حصہ لیا،بھنگ کی کاشت کے خلاف کارروائی پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منصور قاضی کا کہنا تھا کہ عوام کے صحت اور جان کو خطرات لاحق کرنے والے تمام اقسام کے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کرنا ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے،جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی غیر قانونی کاشت کے خلاف سخت پالیسی کے عین مطابق کاشت کاروں کو شیڈول 4 میں اندراج کیا جائے گا جبکہ کاشت شدہ زمینوں کو بحق سرکار ضبط کیا جائے گا،انہوں نے بتایا کہ ضلع پشین میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن منشیات کی ناسور کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

خبرنامہ نمبر8963/2025
گوادر27نومبر2025:
ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کی جانب سے ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان آوارہ کتوں کی وجہ سے بچوں اور شہریوں کو کاٹے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں ریبیز جیسے خطرناک اور جان لیوا وائرس لگنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
شہریوں کی حفاظت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ آوارہ کتوں کو قانونی ضابطوں کے مطابق ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ مزید یہ کہ انہیں تاکید کی گئی ہے کہ کتوں کو بلاجواز یا بے ترتیب طریقے سے مارا نہیں جائے، بلکہ پوری کارروائی ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ انجام دی جائے۔

خبرنامہ نمبر8964/2025
تربت۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) پروگرام فیز ٹو کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزے، جانچ پڑتال اور ترجیحات کے تعین سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ زاہد بلوچ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ علی احمد، ایس ڈی او ایریگیشن بیبگر بلوچ، ایس ڈی او ایریگیشن زاکر علی، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو گہرام گچکی، انجینئر بی اینڈ آر شاہ میر کریم اور بی ایس ڈی آئی (BSDI) تربت کے فوکل پرسن اعجاز احمد شامل تھے۔ شرکاء نے اپنی اپنی اسکیمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران تمام منصوبوں کا فرداً فرداً جائزہ لیا اور ان اسکیمات کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جن کا تعلق براہ راست عوامی ضروریات سے تھا۔ بعض منصوبوں پر مزید تکنیکی جانچ اور فزیبلٹی سروے کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاکہ ان کی تکمیل شفاف انداز میں ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) پروگرام کے تمام منصوبے میرٹ، شفافیت اور عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے نمٹائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا، جہاں عوام کی حقیقی ضرورت ہوگی وہیں کام ہوگا۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام منصوبوں کی نگرانی وہ خود کریں گے تاکہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو BSDI پروگرام کا مقصد عوام تک حقیقی فائدہ پہنچانا ممکن ہو سکے۔

خبرنامہ نمبر8965/2025
لورالائی 27 نومبر 2025:
چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر اور چیف آفیسر محب اللہ خان بلوچ کی خصوصی توجہ اور کاوشوں کے نتیجے میں لورالائی کے شہریوں کے لیے ایک مثالی سہولت فراہم کر دی گئی — شہر کا پہلا مخصوص واکنگ و جاگنگ ٹریک عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔یہ سہولت خاص طور پر خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کی فلاح کے لیے مہیا کی گئی ہے تاکہ وہ ایک محفوظ، صاف اور پرسکون ماحول میں روزمرہ ورزش سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ٹریک کے گرد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے، جبکہ سکیورٹی کے لیے مستقل چوکیدار تعینات کیا گیا ہے۔
رات کے وقت روشنی کی فراہمی کے لیے جدید شمسی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جس سے ٹریک ہر وقت استعمال کے قابل ہے۔ شہریوں نے اس قدم کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کا بہترین نمونہ قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ اس جیسے مزید منصوبے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

خبرنامہ نمبر8966/2025
شہید سکندر آباد سوراب 27نومبر2025:—
ڈپٹی کمشنر شہید سکندر آباد سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ نے اسسٹنٹ کمشنر سوراب شئے اکبر علی اور سپرنٹنڈنٹ ڈپٹی کمشنر آفس فضل محمد قمبرانی کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سوراب کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر یوسف ثانی نے ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کو ہسپتال کے تمام شعبہ جات کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، ایکسرے روم، ڈینٹل وارڈ، او پی ڈی، بینظیر نشونما پروگرام، میڈیسن اسٹور روم اور دیگر تمام اہم یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہِ راست علاج معالجے، سہولیات کی دستیابی اور اسٹاف کے رویے کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ کچھ مریضوں کا ذاتی طور پر معائنہ بھی کیا۔دورے کا اہم پہلو یہ تھا کہ ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے اپنا CBC ٹیسٹ بھی موقع پر کروا کر لیبارٹری سروسز کے معیار کا براہِ راست جائزہ لیا، جسے ہسپتال انتظامیہ کی شفافیت اور خود اعتمادی کا مثبت اظہار قرار دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی صفائی، ایمرجنسی سروسز، لیبارٹری کے معیار اور ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس اور تمام ڈاکٹرز کی محنت اور ذمہ دارانہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور امید ہے کہ یہی بہترین ٹیم ورک آئندہ بھی جاری رہے گا۔

خبرنامہ نمبر 8967/2025
کوئٹہ27 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ میر امیر حمزہ زہری کی زیر صدارت گرانٹ اِن ایڈ مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ، ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب قریشی، سیکرٹری بلوچستان لوکل بورڈ شجاعت علی سمیت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران، صوبے بھر کی میونسپل کمیٹیوں، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے چیف افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ محکمہ بلدیات صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ تمام اسکیمیں جو تعطل کا شکار ہیں، انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے، جبکہ میونسپل کمیٹیوں کے اجلاس بلا تاخیر منعقد کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ گرانٹ اِن ایڈ 2024-25 کے تحت منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2024-25 کے گرانٹ اِن ایڈ ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی پیش رفت اطمینان بخش ہے تاہم مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف میونسپل کمیٹیوں کے اجلاس فوری طور پر منعقد کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے گرانٹ اِن ایڈ کونسل میٹنگ کی متوقع تاریخ پر مشاورت جاری ہے۔ ترقیاتی فنڈز کا مؤثر، شفاف اور بروقت استعمال عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح دیں۔
خبرنامہ نمبر 8968/2025
زیارت27 اکتوبر::ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑکی زیر صدارت پچیس دسمبر کو قائداعظم ڈے کو شاندار انداز میں منانے کے سلسلے میں افسران کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ونگ کمانڈر 155لیفٹینٹ کرنل ذیشان صادق،ایف سی میجر عامر,اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیر شاہ غلزئی اور دیگر افسران نےشرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماضی کی طرح ڈسٹرکٹ زیارت میں پچیس دسمبر کو قائد اعظم ڈے کو شاندار انداز میں منا یا جایا گااس سلسلے میں پچیس دسمبر کو قائداعظم ریذیڈنسی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنی تیاریاں مکمل کریں انہوں نے یدایت کی کہ قائداعظم اعظم ریزیڈنسی میں رنگ رو غن اور باقی تعمیراتی کام کو جلد مکمل کیا جائے

خبرنام نمبر8970/2025
کوئٹہ 27 نومبر۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق کی زیر صدارت بلدیہ پلازہ اور دوکانی بابا چوک میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیتی جگہوں کے کرایوں کے تعین کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے افسران، ریوینیو افسران، تحصیلدار صدر سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرایوں کے موجودہ ڈھانچے، وصولی کے طریقہ کار اور آمدن میں اضافے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کرایہ داروں کے ساتھ بہتر رابطہ کاری، شفافیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق کرایوں کی منظوری کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں کرایہ داری سسٹم کو مؤثر بنانے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدن میں اضافہ کرنے کے لیے متعدد تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

خبرنام نمبر8971/2025
کوئٹہ 27 نومبر۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق کی زیر صدارت بلدیہ پلازہ اور دوکانی بابا چوک میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیتی جگہوں کے کرایوں کے تعین کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے افسران، ریوینیو افسران، تحصیلدار صدر سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرایوں کے موجودہ ڈھانچے، وصولی کے طریقہ کار اور آمدن میں اضافے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کرایہ داروں کے ساتھ بہتر رابطہ کاری، شفافیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق کرایوں کی منظوری کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں کرایہ داری سسٹم کو مؤثر بنانے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدن میں اضافہ کرنے کے لیے متعدد تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

خبرنام نمبر8972/2025
گوادر:ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے گوادر تا کراچی روٹ کے بس ٹرانسپورٹرز، مالکان اور یونین کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹر کمیونٹی نے اپنے متعدد درپیش مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے۔ملاقات کے دوران بس مالکان اور یونین کے نمائندوں نے رات کے سفر پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پابندی کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے خاتمے سے عوام اور ٹرانسپورٹر دونوں کو سہولت ملے گی۔ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز سے ایرانی تیل کی ٹرانسپورٹیشن کے سلسلے میں نرمی اختیار کرنے کی بھی درخواست کی۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے ٹرانسپورٹروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل کو قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ رات کے سفر پر پابندی پورے بلوچستان میں نافذ ہے، اور اس کی بنیادی وجہ انسانی جان کا تحفظ اور امن و امان کا قیام ہے، جو کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور انہیں گوادر کے تمام مسائل اور چیلنجز کا مکمل ادراک ہے۔ انتظامیہ ہر ممکن کوشش کرے گی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

خبرنام نمبر8973/2025
کوئٹہ۔ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ایک پریس ریلیز کے مطابق کمیشن کے اشتہار نمبر 1 مورخہ 30 جنوری 2023 کے تحت محکمہ توانائی کے مشتہر کردہ اسسٹنٹ B-17 اسسٹنٹ ڈائریکٹر رینوئیبل B-17 اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ری کنسلی ایشن B-17 کی آسامیاں متعلقہ محکمے کی درخواست پر منسوخ کردی گئیں ہیں۔

خبرنامہ نمبر 8974/2025
کوئٹہ27 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے نوجوان انجینئرز کے لیے عالمی معیار کی منظم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے سے متعلق منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ٹیکنیکل ہیومن ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی اس موقع پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں حکومت بلوچستان اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مابین باہمی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کی سادہ مگر پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی اس موقع پر ایم او یو پر صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم جبکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے دستخط کئے قبل ازیں بریفنگ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل ہیومن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے فارغ التحصیل نوجوان انجینئرز کو چھ ماہ کی جامع عملی اور عالمی معیار سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ ٹرینیز کو ماہانہ پچاس ہزار روپے مشاہرہ بھی دیا جائے گا اجلاس کو بتایا گیا کہ تین سو نوجوان انجینئرز کے پہلے بیچ کی تربیت یکم جنوری 2026 سے باضابطہ طور پر شروع ہوگی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کو جدید مہارتوں اور پیشہ ورانہ تقاضوں سے آراستہ انجینئرز کی اشد ضرورت ہے جو بلوچستان کے ترقیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ نوجوان انجینئرز کو سرکاری شعبے میں عملی تجربے اور صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوان انجینئرز کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور انہیں ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر تربیتی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ صوبے کے ترقیاتی عمل میں فعال اور مؤثر کردار ادا کر سکیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت انجینئرنگ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل اور حکومت بلوچستان کا مشترکہ پروگرام صوبے میں ٹیکنیکل ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 8975/2025
کوئٹہ 27 نومبر:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم نے اپنی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں ان کے سینئر سکالرز اور ریسرچرز بڑی کمپنیوں اور سرکاری محکموں کے افسران کو ہر قسم کی جدید ٹریننگ دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمارے اعلیٰ اداروں کے اسناد اور ڈگریاں بھی قابل اعتبار ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی یونیورسٹیوں میں موجود تمام ماہرین کے علم و تجربے سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک کے مفاد کیلئے بروئے کار لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی تکتو کیمپس میں “جاب فیئر 2025 ” کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرووائس وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنربلوچستان کلیم اللہ بابر اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سمیت مختلف یونیورسٹیوں، کمپنیوں اور بینکوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے اصل مسئلے کا درست ادراک حاصل کرنے کی اشد کی ضرورت ہے. صوبے کے نوجوانوں کی اکثریت شدید بیروزگاری سے دوچار ہے. یہاں پنجاب اور سندھ کی طرح روزگار کے وسیع مواقع موجود نہیں ہیں. اس ضمن میں “جاب فیئر” ہی اکیڈمی اور انڈسٹری کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور کیریئر کی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے اکٹھا کرتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ جاب فیئر درحقیقت عملی زندگی کا احساس اجاگر کرتا ہے کہ تعلیم اور روزگار ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم اپنے یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کو کوالٹی ایجوکیشن دینے کے ساتھ ساتھ ان کے منتخب کیرئیر میں کامیاب ہونے کیلئے جدید مہارت، نیٹ ورک اور مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں اپنی سماجی ضرورت کے مطابق اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان اشتراک پیدا کرنا ہوگا. یہ حقیقت ہے کہ حکومت لاکھوں افراد کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی جس کیلئے ہمیں اپنے پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آٹھواں بیوٹمز جاب فیئر 2025 میں مختلف نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کے ساتھ ساتھ مختلف بینکوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں. ان کے نمائندے اپنے اپنے ادارے کی کارکردگی، پروڈکٹس اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے بیوٹمز یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کو تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں. وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ اور ان کی پوری ٹیم اس کامیاب جاب فیئر کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ تعلیم اور روزگار کا سلسلہ آگے بھی جاری رہیگا. قبل ازیں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سو سے زائد نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا.

خبرنامہ نمبر 8976/2025
جعفرآباد ۔ گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل بلوچستان BISP ڈاکٹر جلال فیض بلوچ کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر لارج ڈسٹرکٹ جعفرآباد BISP عبدالرحیم بلوچ نے اسلام آباد سے آنے والی ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کی ٹیم کو اپنے دفتر کا تفصیلی معائنہ کرایا۔اس موقع پر انہوں نے محکمے کی جانب سے کیے گئے اقدامات، حکومتِ پاکستان کی جانب سے مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی مالی امداد، اور نشوونما پروگرام کے تحت دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ مزید برآں، انہوں نے مستحق خواتین کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اجلاس میں متعدد اہم پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر لارج ڈسٹرکٹ جعفرآباد عبدالرحیم بلوچ کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان BISP ڈاکٹر جلال فیض بلوچ کی بھرپور مشاورت اور تعاون ہمارے ساتھ ہے، جس کی بدولت ہم مستحقین کے لیے بہتر اور شفاف خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 8977/2025
کوہلو 27 نومبر ۔ آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کوہلو کا ایک روزہ دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف ، ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ ، ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو سمیت قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے ساتھ عوامی کھلی کچہری میں شرکت کی۔ کھلی کچہری میں کوہلو اور بارکھان کے اضلاع کے انتظامی افسران، قبائلی رہنماؤں، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری میں شریک کوہلو و بارکھان کے عمائدین اور شہریوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل کے بارے میں آئی جی ایف سی کو آگاہ کیا۔ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے تمام مسائل نہایت توجہ سے سنے اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ایف سی بلوچستان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کوہلو اور بارکھان میں بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے۔کھلی کچہری کے شرکاء سے اپنے خطاب میں میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کہا کہ کوہلو اور بارکھان کے غیور عوام امن و ترقی کے سفر میں ہمارے اصل شراکت دار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ امن و ترقی ایک دوسرے کے بغیر ممکن نہیں، اور اسی مقصد کے لیے ایف سی بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کے ساتھ مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، انہیں جدید تعلیم، ہنر مند پروگراموں اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اپنے دورے کے دوران آئی جی ایف سی نارتھ نے انٹرگرلز کالج کوہلو کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباء کے لیے تعلیمی ماحول اور انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ بعدازاں آئی جی ایف سی نے کوہلو بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دکانداروں، تاجروں اور شہریوں سے ملاقات کی۔ عوام نے انہیں اپنے درمیان دیکھ کر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں قیام امن، عوامی رابطہ مہمات اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں ایف سی کے کردار کو سراہا ۔ کھلی کچہری میں کوہلو اور بارکھان کے شہریوں نے ایف سی بلوچستان کے عوام دوست اقدامات اور امن کے لیے مسلسل کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

خبرنامہ نمبر 8978/2025
لورالائی 27نومبر:ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کے زیر صدارت لورالائی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی سطح پر پالیسی سازی اور ترقیاتی سمت کے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ایکسین بی اینڈ آر محمد داود،ایکسین پی ایچ ای محمداختر مندوخیل،انجینئر لوکل گورنمنٹ ،انجینئر بی اینڈ آر اور ٹھیکیداران سمیت دیگر آفیسران شریک تھےاجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر لورالائی نے تمام شرکاء کو بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) سکیم کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ،شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی ضروری اور عوامی مفاد پر مبنی ترقیاتی تجاویز تحریری صورت میں جمع کروائیں، تاکہ ان منصوبوں کو BSDI کے دوسرے فیز میں شامل کرنے کے لیے جائزہ اور منظوری کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر لورالائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی کی ترقی کسی ایک فرد یا محکمے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترجیح ہے اوروزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی کے وژن کے تحت سیاسی، مذہبی اور سماجی سطح پر تمام حلقوں کی تجاویز اور ضرورتوں کو اہمیت دی جارہی ہے تاکہ لورالائی کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی مضبوط راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

خبرنامہ نمبر 8979/2025
نصیرآباد۔۔۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور صوبائی ایڈوائزر مینا مجید بلوچ کی کاوشوں سے نصیرآباد ڈویژن میں ڈویژنل اسپورٹس فیسٹیول 2025 کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے دینار فٹبال گراؤنڈ میں فٹبال کو کک لگا کر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس فیروز علی ابڑو، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر جعفرآباد نعمت اللہ رند، طارق علی رئیسانی، صدر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن خلیل احمد بنگلزئی، دین محمد لہڑی، کرکٹ ایسوسی ایشن کے سینیئر رہنما منٹھار خان منگی، قمرالدین بگٹی، پریس کلب کے قائمقام صدر علی جان منگی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی، در محمد گولہ، ملک محمد انور سولنگی، کوچ غلام رسول ڈومکی، منظور احمد، عبدالسلام شاہ، فیصل محمد حسنی، بابو عظمت، اختر رسول، محمد یاسین، ساجد حسین جونیجو سمیت دیگر سیاسی، قبائلی اور اسپورٹس سے وابستہ افراد اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس فیروز علی ابڑو نے بتایا کہ ڈویژنل اسپورٹس فیسٹیول 2025 میں فٹبال، کرکٹ، بیڈمنٹن، شوٹنگ بال اور ٹیبل ٹینس مرد و خواتین کے الگ الگ مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن کا آج باضابطہ آغاز ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نے کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کرار جب گراؤنڈ پہنچے تو ڈھول کی تھاپ اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر مثبت سمت میں آگے بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ضلعی انتظامیہ اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی تاکہ نوجوان زیادہ منظم اور صحت مند ماحول میں اسپورٹس سے وابستہ رہیں۔

خبرنامہ نمبر 8980/2025
جعفرآباد27 نومبر:ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم کے افسران سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آر ٹی ایس ایم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی، ترقی کی نگرانی، غیر حاضری کے معاملات، ٹائم اسکیل سے متعلق امور اور دیگر انتظامی معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اسکولوں کی عمارتوں کی حالت کا بھی جائزہ لیا گیا اور غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، اس شعبے میں بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور تدریسی معیار کو بلند کرنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں تاکہ ضلع جعفرآباد میں تعلیمی نظام میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانا، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مرمت و بحالی کو ترجیح دی جائے، کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 8981/2025
کوئٹہ27 نومبر: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلا ل خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان نے صوبے کے نوجوانوں کیلئے بے شمار پروگرامز شروع کئے ہیں جو ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور بیوٹمز کے اشتراک سے بیوٹمز میں جاب فیئر2025 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل تھے، اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمزپروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ،پرو وائس چانسلر ارباب میروائس کاسی، رجسٹراربیوٹمز ڈاکٹر احسن اچکزئی و دیگر بھی موجود تھے، جاب فیئرمیں ملک بھرسے100سے زائد مایہ ناز کمپنیوں کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے، اس موقع پرصوبے کے نوجوانوں کیلئے 5 ہزارسے زائد ملازمتیں اور انٹرنشپس آفر کی گئیں، جاب فئیر میں ہزاروں طلباء و طالبات اورفارغ التحصیل نوجوانوں نے شرکت کی۔بلا ل خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں اس ایونٹ کو صوبے کے روشن مستقبل کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا یہاں جمع ہونا صرف ایک رسمی اجتماع نہیں بلکہ بلوچستان کی نئی معاشی سمت کا اعلان ہے۔حکومت بلوچستان اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے کہ اس صوبے کے نوجوان محض ڈگری ہولڈر نہ ہوں بلکہ مستقبل کے لیڈر، انٹرپرینیور، انجینئر، ٹیکنالوجسٹ اور وژنری بنیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں کو بھی وہ مواقع ملیں جو ملک کے باقی حصوں کی یوتھ کو حاصل ہیں۔ اسی وژن نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو بیوٹمز کے ساتھ جوڑا اور ہم اس شراکت داری کو ترقی کی جہت بدلنے والا قدم سمجھتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 8982/2025
کوئٹہ 27 نومبر:چیرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ڈاکٹر گلاب خان خلجی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری تعلیم کی خصوصی ہدایات کے مطابق بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے تعلیمی سال 2026 کے لیے ٹینڈرنگ کا پورا عمل انتہائی شفاف، غیر جانبدارانہ اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کرلیا ہے۔ اس سال تدریسی کتابوں کی مجموعی ڈیمانڈ ایک کروڑ 14 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 لاکھ کتابیں زیادہ ہے۔ڈاکٹر گلاب خان خلجی نے بتایا کہ ملکی سطح پر بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے گزشتہ سال کے کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اور عتماد کرتے ہوئے کاغذ اور پرنٹنگ سے متعلق کمپنیوں نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے ٹینڈر میں ملک بھر سے 20 کمپنیوں سے زائد نے حصہ لیا۔ بورڈ کی واضح پالیسیوں، مؤثر حکمت عملی اور بروقت اقدامات کی بدولت سرکاری خزانے کو مجموعی طور پر ایک ارب پچیس کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ بچت حاصل ہوئی، جو بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کی ملکی تاریخ میں ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے تعلیمی سال کے لیے بورڈ کی ٹیم نے انتھک محنت سے نئے نصاب 2022–2023 کے مطابق معیاری کتابیں تیار کرلی ہیں جن کا معیار گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہے۔چیرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق حکومت بلوچستان کے فیصلے کے تحت تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس میں جماعت اول سے بارہویں تک ناظرہ قرآنِ مجید اور ترجمہ قرآن مجید کی تعلیم کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنایا جارہا ہے۔ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت ششم سے ہشتم (چھٹی تا آٹھویں) تک کمپیوٹر ایجوکیشن کی نئی کتب بھی متعارف کروا دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے لیے جماعت ششم سے بارہویں جماعت تک علیحدہ نصابی کتب بھی تیار کرلی گئی ہیں، جو نئی نسل کی تربیت، آگاہی اور کردار سازی میں انتہائی مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کریں گی۔ڈاکٹر گلاب خان خلجی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ مستقبل میں بھی معیاری تعلیم کے فروغ، شفاف ٹینڈرنگ اور جدید تقاضوں کے مطابق نصابی مواد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔

خبرنامہ نمبر 8983/2025
سبی 27 نومبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں سرکاری ملازمین کی تاریخِ پیدائش کی درستگی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، سینئر اکاؤنٹس آفیسر میر گہرام لاشاری سمیت مختلف محکموں کے افسران اور تاریخِ پیدائش کی درستگی کے لیے درخواست دینے والے ملازمین شریک تھے۔ سینئر اکاؤنٹس آفیسر میر گہرام لاشاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد ملازمین کی تاریخِ پیدائش SAP سسٹم اور سیلری سلپ میں درست اندراج نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا تھا۔ اس مقصد کے لیے ضلعی سطح پر قائم کمیٹی ایسے تمام کیسز کا جائزہ لے کر انہیں حل کر رہی ہے، اور آج کے اجلاس میں بھی کئی ملازمین کے مسائل نمٹائے گئے۔ مزید بتایا گیا کہ یہ کمیٹی ہر ماہ باقاعدگی سے منعقد ہوگی تاکہ ملازمین کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر میجر(ر) الیاس کبزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں تاریخِ پیدائش کی درستگی ایک دیرپا اور پیچیدہ معاملہ تھا جس سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم ضلعی سطح پر کمیٹی کے قیام سے شفاف، منظم اور تیز رفتار طریقہ کار کے تحت مسائل موقع پر ہی حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سرکاری اہلکار ہمارے نظام کا اہم ستون ہیں۔ ان کے ریکارڈ میں درستگی لانا نہ صرف ان کا حق بلکہ اچھی حکمرانی کی بنیاد ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس عمل کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرتی رہے گی۔

خبرنامہ نمبر 8984/2025
سبی 27 نومبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں پولیو NID مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، سینیر اکاؤنٹس آفیسر میر گہرام لاشاری، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر عمیر حسین سمیت یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم 15 سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران 29 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ضلع سبی اور تحصیل لہڑی میں مجموعی طور پر 25 یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو کی سرگرمیاں ہوں گی۔ مہم میں 25 یو سی سپر وائزرز، 226 موبائل ٹیمیں، 40 فکسڈ سائیٹس اور 19 ٹرانزٹ ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔ ڈپٹی کمشنر میجر(ر) الیاس کبزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کی کامیابی ہر ٹیم کے بروقت، منظم اور ذمہ دارانہ کردار سے مشروط ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پولیو ٹیموں کی ٹریننگ وقت پر اور مؤثر انداز میں مکمل کرائی جائے اور اس دوران وہ خود بھی ٹیموں کی ٹریننگ کے مقامات کا دورہ کریں گے تاکہ انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا قومی ہدف ہے۔ ہر بچے تک قطرے پہنچانا نہ صرف ایک مہم بلکہ نسلوں کے مستقبل کی حفاظت ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور بین الاقوامی شراکت دار باہمی تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 8985/2025
سبی 27 نومبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ونگ کمانڈرز کرنل شہریار، کرنل زبیر، کرنل عبدالمنان، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، سینئر اکاؤنٹس آفیسر میر گہرام خان لاشاری سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بی ایس ڈی آئی کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں اور جاری ترقیاتی سکیمات پر متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع سبی میں بی ایس ڈی آئی کے تحت 95 ترقیاتی اسکیمات رکھی گئی تھیں جن میں سے 30 سے زائد منصوبوں کا افتتاح کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی اسکیمات بھی تکمیل کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی کا مقصد عام عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنا ہے۔ ماضی میں جن عوامی مسائل کی شنوائی نہیں ہوتی تھی، وہ تمام اس منصوبے کے تحت شامل کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع سبی کے مختلف علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز کی شدید ضرورت تھی۔ گرمیوں میں لوڈ بڑھنے سے ٹرانسفارمرز بار بار جل جاتے تھے جس سے عوام کو مشکلات پیش آتی تھیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے سروے کروایا گیا، جس کے بعد چار کروڑ روپے کی خطیر رقم ٹرانسفارمرز کی فراہمی کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جن سے 13 نئے ٹرانسفارمرز مختلف علاقوں میں لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں ٹرانسافرامرز کی خریداری کے لیے منظوری دی گئی۔ مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پی ایچ ای کے ایکسین کو ہدایت کی کہ جہاں دیہی علاقوں میں کچے تالاب بنائے گئے ہیں ان کی کمپیکشن لازمی کی جائے تاکہ پانی کا ضیاع روکا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کٹ اور منڈائی جیسے دور دراز علاقوں کے عوام کی سہولت کے لیے واٹر سپلائی اسکیم منظور کی گئی ہے، جس کے تحت پہلی بار ان علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی مستقل فراہمی ممکن ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر میجر(ر) الیاس کبزئی نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کریں تاکہ بی ایس ڈی آئی کے اگلے مرحلے کی طرف بروقت بڑھا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی فلاح کے ہر منصوبے کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

خبرنامہ نمبر 8986/2025
سبی 27 نومبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیر اہتمام سبی ڈویژن سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح فٹبال کو کک مار کر کیا۔ افتتاحی تقریب میں ونگ کمانڈرز کرنل شہریار، کرنل زبیر، کرنل عبدالمنان سمیت معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی دلچسپی، مشیر کھیل مینا مجید بلوچ، سیکریٹری اسپورٹس دُرا بلوچ، ڈی جی اسپورٹس یاسر خان بازئی کی کوششوں اور ضلعی انتظامیہ سبی کے بھرپور تعاون سے اس بڑے اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ممکن ہوا ہے۔ فیسٹیول میں شوٹنگ بال، فٹبال، کرکٹ، بیڈمنٹن، کبڈی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، اور یہ فیسٹیول 30 نومبر تک سبی میں جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر میجر(ر) الیاس کبزئی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی نشوونما اور صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کی مضبوطی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ سبی ڈویژن اسپورٹس فیسٹیول نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مقابلے معاشرتی ہم آہنگی، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نہایت ضروری ہیں، اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرام سبی ڈویژن میں باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 8987/2025
چمن27 نومبر: اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)چمن عزیز اللہ کاکڑ نے اچانک شہر میں قصائیوں ہوٹلوں جنرل سٹوروں گیس ایجنسیوں اور دیگر دکانوں کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے سرکاری نرخ نامے صفائی ستھرائی گرانفروشی سیفٹی پریکاشنز اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کر دئیے گئے انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ من مانی کرنے والے مضر صحت اور زائد المیعاد اشیاء خوردونوش بیچنے والے دکانداروں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے انہوں نے کہا عوام کو صاف شفاف معیاری اور مناسب قیمتوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس پر ہم کسی قسم کی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

خبرنامہ نمبر 8988/2025
خبرنامہ27 نومبر: میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس، ہاؤس نے 16 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا، چیئرمین آصف جمالدینی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور چیف آفیسر وڈیرہ محمد صالح جاموٹ کا خصوصی خطاب، صدارت جمیل قادر زہری نے کی۔میونسپل کارپوریشن خضدار کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ اجلاس اسپیکر جميل قادر زہری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ سعادت مولانا محمد اسلم گزگی نے حاصل کی ۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے ابتدائی کلمات ادا کیئے جبکہ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اہم خطاب کیا۔چیئرمین میونسپل کارپوریشن اور قائد ایوان میر محمد آصف جمالدینی نے بھی تفصیلی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ رئیس بشیر احمد مینگل، ایڈووکیٹ غلام نبی غلامانی، حافظ طلحہ قمر آسمہ میر حسنی احمد گنگو علی اکبر و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہاؤس نے متفقہ طور پر 16 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا۔اجلاس میں شرکاء نے امن و امان، تعلیم، صحت، بجلی، ٹریفک نظام، صفائی ستھرائی، نادرا، قبضہ مافیہ سمیت متعدد اہم ایشوز پر کھل کر بات کی۔چیئرمین میونسپل کارپوریشن خضدار میر محمد آصف جمالدینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ہاؤس کے تمام ممبران ہمارے لیئے معزز اور محترم ہیں۔ ہم سب کی تجاویز اور وارڈز کو برابری کی بنیاد پر اہمیت اور توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار مل کر شہر کی بھلائی کے لیئے کام کر رہے ہیں، اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہر کی صفائی ستھرائی اور اس کی رونق کو دوبالا کرنے کے لیئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ چیئرمین نے یقین دلایا کہ تمام ممبران کی آواز کو سنا جائے گا اور شہر کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لیئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بجٹ کی منظوری کو شہر کی خوشحالی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح و بہبود پر مبنی ہے، جس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے اپنے خطاب میں میونسپل کارپوریشن کے تحت ترقیاتی کاموں، عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی رونق کو دوبالا کرنے کے لیئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کرتے ہوئے شہر کی صفائی، سڑکوں کی مرمت، پارکوں کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ چیف آفیسر نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ خضدار کو ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہاؤس ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنے وارڈز میں عوامی مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جا سکے۔ مزید برآں، انہوں نے بجٹ کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ بجٹ شہر کی مجموعی ترقی کے لیئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اپنے خطاب میں صحت کے شعبے کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھالاواں ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے بعد اب ڈاکٹروں کی کمی نہیں رہی، البتہ لوئر اسٹاف کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع سے مریض یہاں آتے ہیں، اس لیئے ہسپتال کو ہر صورت فوکس میں رکھنا ہوگا۔ ڈی سی نے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ڈیٹا کے مفروضوں پر بات کرنا بے معنی ہے۔ انہوں نے غیر رجسٹرڈ ڈاکٹروں اور کیمیکل آمیزش اشیائے خوردونوش کے معاملے پر سخت تشویش ظاہر کی اور میونسپل افسران سے کہا کہ وہ عوام کی آنکھیں بنیں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں۔ علاوہ ازیں انہوں نےکہاکہ ضلع بھر میں 63 اسکولز فی الحال فنکشنل نہیں ہیں، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کلوز کوآرڈینیشن رکھیں اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اللہ تبارک وتعالیٰ، اپنے ضمیر اور عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔
اجلاس میں شرکاء نے تمام خطابات کو سراہا اور یقین دلایا کہ تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ اجلاس خضدار کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے ممبران مولانا عنایت اللہ رودینی ماسٹر،فدا احمد بلوچ کی صحت یابی کیلئے دعاء کی گئی ۔ اجلاس کا اختتام مولانا محمد موسیٰ ملازئی کی دعاء سے ہوا۔

خبرنامہ نمبر 8989/2025
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں محکمہ صحت اور تعلیم میں عارضی بنیادوں پر اساتذہ و پیرامیڈیکل سٹاف کی تعیناتی، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کنٹرول، پلاسٹک بیگز پر پابندی، کھلی کچہریوں کے ذریعے سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔, اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے مختلف ترقیاتی اسکیمیں اور سہولتیں فراہم کر رہی ہیں تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔ انتظامیہ اور اداروں کو اپنی کوششیں مزید تیز کرنی چاہئیں تاکہ ہر شہری کو بہتر اور مطمئن زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تیسرے مرحلے کے لیے محکمہ تعلیم اور صحت میں خالی آسامیوں پر شفاف تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ ماحولیاتی تحفظ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور شہریوں کو ماحول دوست تھیلوں کے استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے تاکہ سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نومبر کے مہینے میں پورے صوبے میں 17 ہزار سے زائد بازاروں کے دورے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھلی کچہریاں منعقد کی جائے جن کا مقصد عوام سے براہ راست رابطہ قائم کر کے مسائل کا فوری حل نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں اور معاشرتی معیار زندگی کو بہتر بناتے ہیں۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے روزگار کے مواقع، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں ترقی ممکن ہوتی ہے۔

خبرنامہ نمبر 8090/2025
قلات:ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مورخہ 29نومبر بروز ہفتہ بلوچ کلچرل ڈریس شو فوڈ فیسٹیول اینڈ میگا سپورٹس گالا کا انعقاد کیاجارہاہے۔اس ثقافتی میلے میں بلوچی کشیدہ کاری کے اسٹالز ثقافتی کھانوں کے اسٹالز خلقی گدان بلوچی چھاپ اور بک اسٹالز لگائے جائیں گے۔خواتین کے لیئے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جبکہ مردحضرات کے لیئے گورنمنٹ بوائزماڈل داود ہائی سکول میں ثقافتی میلہ منعقد کیاجارہاہےیادرہے یہ ثقافتی میلہ صبح10:00 بجے سے لے کر 3:00بجے تک جاری رہیگا۔ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن قلات ڈویژن کی جانب سےطلباءوطالبات صحافی برادری اور عوام الناس سے کے نام پیغام میں کہا گیا ہےکہ بلوچی کلچرل فیسٹیول میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے ثقافت کی پہچان دنیاکے سامنے پیش کریں ۔۔

خبرنامہ نمبر 8991/2025
قلات:ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے امتحانی سینٹر کا تفصیلی دورہ اور کالج میں جاری BSکے سالانہ امتحانات کاجائزہ لیا۔پرنسپل کالج پروفیسر شکیل بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو سینٹر کادورہ کرایا اور امتحانی مرکز میں جاری BS کے پیپرز سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے طلباء کے پیپرز چیک کیئے اور پیپرسے متعلق سوالات بھی پوچھےڈپٹی کمشنر نے سینٹر میں تعینات اسٹاف کی حاضریاں چیک کی اور سینٹر میں دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے کہاکہ نقل ایک ناسور ہے جو طلباء کی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کردیتاہے طلباء نقل سے گریز کریں اور خوب محنت کریں اپنے مطالعے کا دائرہ وسیع کریں اور امتحانات کی بھرپور تیاری کریں اچھے نمبروں سے پاس ہوکر مختلف شعبوں میں اپنے ملک وقوم کا نام روشن کریں۔

خبرنامہ نمبر 8992/2025
خضدار 27 نومبر: اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزارزئی نے جمعرات کو وڈھ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور روڈ کی تعمیراتی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ اے سی وڈھ نے دونوں منصوبوں روڈ اور سیوریج کے معیار، استعمال شدہ مواد میٹریل اور تعمیراتی کام کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔ دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزارزئی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معیاری ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کروانا ہے۔ روڈ اور سیوریج جیسے بنیادی منصوبے شہریوں کی سہولت کے لیئے انتہائی اہم ہیں اور الحمدللہ دونوں منصوبے معیار کے تمام تقاضوں پر پورا اتر رہے ہیں۔دورے میں کنٹریکٹر انجینئر نور الحق گزگی مینگل، کنٹریکٹنگ کمپنی کے نمائندے اور کنسلٹنٹ انجینئر دھنی بخش بھی موجود تھے۔
دریں اثنا کنٹریکٹر انجینئر نور الحق گزگی مینگل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر خضدار اور اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزارزئی کی ذاتی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں وڈھ میں روڈ اور سیوریج منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا گیا اور قلیل ترین مدت میں یہ منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وڈھ شہر کا سیوریج سسٹم مکمل ہو چکا ہے جبکہ روڈ کی تعمیر 90 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔
انجینئر نور الحق گزگی مینگل کی کارکردگی ہمیشہ اعلیٰ رہی ہے۔ وہ معیاری تعمیرات کے حوالے سے علاقے میں معروف ہیں اور ماضی میں بھی متعدد ڈیمز، بڑی شاہراہیں اور اہم پراجیکٹس کو نہ صرف معیاری انداز میں بلکہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 8993/2025
گوادر:اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے شہر کے بازاروں اور مختلف مارکیٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ٹیم کی سربراہی شکیل داؤد کر رہے تھے۔معائنے کے دوران ٹیم نے گران فروشی، سرکاری نرخ ناموں کی دستیابی، ایس او پیز پر عمل درآمد، زائد المیعاد اشیائے خورونوش، پھل، سبزی، گوشت اور دیگر روزمرہ استعمال کی چیزوں کی جانچ پڑتال کی۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے آج کے دورے کے دوران ممنوعہ پولیتھین پلاسٹک بیگز بھی بڑی تعداد میں ضبط کیے۔ ٹیم کے مطابق ان پلاسٹک بیگز کا استعمال غیر قانونی اور ممنوع ہے کیونکہ یہ ماحول کے لیے انتہائی مضر اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں۔
انتظامیہ نے تاجروں کو تنبیہ کی کہ ممنوعہ بیگز کے استعمال پر کارروائی جاری رہے گی اور عوامی مفاد میں ایسے بچاؤ اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video