خبرنامہ نمبر9655/2025
کوئٹہ صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران نے پاکستان کی سابق وزیراعظم اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔سردار کھیتران نے کہا کہ 27 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہےجو ہمیں ایک عظیم قومی سانحے کی یاد دلاتا ہے۔ سردار کھتیران نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت نے نہ صرف ملک کی سیاسی تاریخ پر گہرے اثرات ڈالے بلکہ جمہوری عمل، عوامی شعور اور قومی استحکام کے سفر میں ایک بڑا خلائ بھی پیدا کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے واقعات ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ جمہوریت کے تسلسل اور آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے تمام طبقات کو مل کر پرامن اور جمہوری جدوجہد کو جاری رکھنا چاہیے۔ سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی ہی ملک کی ترقی اور ایک مضبوط مستقبل کی ضمانت ہیں۔سردار کھتیران نے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرماے اور لواحقین اہل خانہ ،اور پارٹی ورکوں کو صبر جمیل عطا فرماے سردار کھیتران نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کیجدوجہد، قربانی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 27 دسمبر جیسے واقعات قومی تاریخ کا حصہ ہوتے ہیں جن سے سبق سیکھنا اور انہیں یاد رکھنا ایک باشعور اور ذمہ دار قوم کی پہچان ہے۔
خبرنامہ نمبر9656/2025
کوئٹہ27 دسمبر:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، کوئٹہ، مستونگ، سوراب، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں کم سے کم درجہ? حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گرنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ہفتہ اور اتورا کو صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم شمالی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید سردی محسوس کی جائے گی۔ اسی طرح شمالی اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں انتہائی سرد موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی علاقے میں بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر9657/2025
موسیٰ خیل 26 دسمبر :ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک کی زیرِ صدارت ریونیو اور عملہ مال کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر موسیٰ خیل نجیب اللہ کاکڑ، متعلقہ تحصیلداروں اور ریونیو آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کی انتظامی کارکردگی اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گی انتقالات، رجسٹری اور وصولیاں اراضی کے تمام زیرِ التوائ انتقالات اور رجسٹری کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور اس مد میں جمع ہونے والی رقم کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔زرعی انکم ٹیکس کا حصول زرعی انکم ٹیکس کے اہداف کو بروقت پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ حکومتی خزانے میں واجب الادا رقوم جمع ہو سکیں۔ ریکارڈ کی تجدید جمع بندیات تمام پٹوار حلقوں میں جمع بندیوں کی تحریر اور ریکارڈ کی درستگی کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔اسٹام فروش اور سرکاری چالان اسٹام فروشوں کی نگرانی کی جائے اور بینکوں میں جمع شدہ چالان کی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے۔سرکاری خط و کتابت کا بروقت جواب ، سرکاری ڈاک اور اعلیٰ حکام کی جانب سے موصول ہونے والے مراسلات کا جواب بغیر کسی تاخیر کے ارسال کیا جائے۔ ماہوار کارکردگی (گوشوارہ جات) ہر تحصیلدار ہر ماہ کی کارکردگی کے گوشوارے باقاعدگی سے دفترِ ہذا میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ سرکاری اراضی کی نگرانی ضلع بھر میں موجود سرکاری اراضی کی تفصیلات مرتب کی جائیں اور سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وراثت میں خواتین کا وراثتی انتقالات میں خواتین کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے اور شریعت و قانون کے مطابق ان کا اندراج یقینی بنایا جائے۔تتمہ جات کی کارروائی اراضی کے دیگر انتقالات اور نقشہ جات (تتمہ) کی تیاری میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے واضح الفاظ میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو آفیسران عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں اور تمام سرکاری واجبات کی وصولی میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔ فرائض میں غفلت یا وراثتی انتقالات میں خواتین کے حقوق کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی .تمام اہلکار اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے تاکہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہو سکے۔
خبرنامہ نمبر9658/2025
نصیرآباد27دسمبر:وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی اور ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ کی سربراہی میں منجھوشوری آر ایچ سی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری میں منجھوشوری کے مختلف کینالز کی پلوں کی خستہ حالی منجھوشوری میں بوائز کالج کے قیام خصوصی اہمیت کے حامل افراد کے درپیش مسائل منجھوشوری بازار اور مسافر خانے کے سامنے تجاوزات۔موبائل نیٹ ورک کی سست روی آبنوشی کی قلت۔کینالز میں گندہ گٹر کا پانی ڈالنے۔منجھوشوری میں بینک کا قیام۔ آر ایچ سی کو 24 گھنٹے فعال رکھنے۔مگسی شاخ تا چالیس ڈپ تک روڈ کی عدم تعمیر۔منجھوشوری کو ٹائون کا درجہ دیا جائے بچاؤ بند سے مٹی کی چوری سمیت دیگر مسائل کھلی کچہری میں بیان کئے گئے کئی مسائل اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ ہیڈز نے موقع پر ہی حل کردئیے۔جبکہ عوامی مسائل پر ڈسٹرکٹ ہیڈز نے عوام کو خود جواب دئیے۔کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حفیظ اللہ کھوسہ ایکسین لوکل گورنمنٹ ملک عرفان کاکڑ ڈاکٹر سکندر کھوسہ فیروز علی ابڑو طارق شہباز کٹوہر تنویر احمد بلیدی داد محمد منجھو قائم خان بنگلزئی محمد جعفر نیچاری سمیت دیگر آفیسران موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہاکہ کھلی کچہری کا انعقاد موجودہ حکومت کا بہترین اقدام ہے کیونکہ کھلی کچہری میں عوام کو تمام ڈسٹرکٹ ہیڈز تک دسترس دی گئی ہے عوام پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے مسائل اس پلیٹ فارم پر عیاں کرتے رہیں ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ حکومتی وژن کے مطابق عوام کے مسائل حل کئے جائیں ہم کسی صورت عوام کو مسائل تلے نہیں چھوڑیں گے عوام کے اجتماعی نوعیت کے مسائل حکام بالا کے سامنے عیاں کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کی جائے انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہاکہ عوام کی جانب سے جو پیچیدہ نوعیت کے مسائل سامنے لائے گئے ہیں ان کے حل کےلئے تحریری طور پر حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر9659/2025
نصیرآبا27دسمبر:اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار کے احکامات کی روشنی میں آر ایچ سی منجھو شوری کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے پی پی ایچ آئی کے تحت قائم ٹیلی ہیلتھ سنٹر کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر طارق شہباز کٹوہر نے اسسٹنٹ کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منجھوشوری آر ایچ سی کا ٹیلی ہیلتھ سنٹر بلوچستان کے چند منتخب اور فعال ٹیلی ہیلتھ سنٹرز میں شامل ہے جہاں عوام کو جدید سہولیات کے ساتھ معیاری طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے کے دوران یہاں 53 محفوظ زچگیاں کرائی جا چکی ہیں جبکہ ٹیلی ہیلتھ سینٹر میں ماہانہ بنیادوں پر 800 سے زائد مریض او پی ڈی کے ذریعے علاج معالجے کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر اے ڈی سی ایم تنویر احمد بلیدی ڈاکٹر طارق بلوچ سید سجاد حسین شاہ بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے بی ایچ یو اور آر ایچ سی میں ٹیلی ہیلتھ کلینک کے ذریعے عوامی مفاد میں جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور پی پی ایچ آئی کی مشترکہ کاوشوں سے دیہی علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی اور معیاری طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ انہوں نے سینٹر میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آر ایچ سی منجھوشوری دیہی آبادی کی صحت کے تحفظ اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جو قابل تحسین ہے۔
خبرنامہ نمبر9660/2025
کوئٹہ, 27 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں خوارجی عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے فورسز کے جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے دوران خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم اور ریاست دشمن عزائم کو ناکام بنایا جو فورسز کی اعلیٰ تربیت اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن مرحلے پر قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ خوارجی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی، اور صوبے میں امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر9661/2025
گوادر27دسمبر: چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے انجینئروں کی ٹیم کے ہمراہ جیوانی کا دورہ کیا۔ جیوانی پہنچنے پر چیئرمین میونسپل کمیٹی جیوانی اکرم حیات شہزادہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران چیئرمین گوادر پورٹ نے جیوانی میں قائم ڈیسلینیشن پلانٹ کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں صرف ایک خستہ حال عمارت موجود پائی گئی۔ معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ منصوبے کے تحت نہ تو کسی قسم کی مشینری نصب کی گئی ہے، نہ ہی سمندر سے پانی حاصل کرنے کے لیے انٹیک سسٹم لگایا گیا ہے، جبکہ شہر تک پانی کی ترسیل کے لیے کوئی سپلائی لائن بھی بچھائی نہیں گئی۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی جیوانی اکرم حیات شہزادہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ ڈیسلینیشن پلانٹ کی عمارت تعمیر کی گئی ہے، تاہم یہ منصوبہ عملی طور پر مکمل طور پر غیر فعال ہے، جس کے باعث عوام اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے بورنگ اور دیگر دستیاب آبی ذرائع سے متعلق بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے علاقے کی ترقی اور عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے اس اہم منصوبے کے لیے فنڈز فراہم کیے تھے، تاہم بدقسمتی سے ناقص منصوبہ بندی اور مبینہ کرپشن کے باعث یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ جیوانی کے عوام اس وقت صاف پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کا فوری اور ہنگامی بنیادوں پر حل نکالا جانا ناگزیر ہے۔ دورے کے دوران چیئرمین گوادر پورٹ نے جیوانی کے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) پمپنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا اور شہر میں پانی کی موجودہ فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
خبرنامہ نمبر9662/2025
کوئٹہ 27 دسمبر :پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکنِ صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی مظلوم اقوام کی امید کی کرن تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو جمہوریت، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق اور عوامی حاکمیت کی ایک عظیم علامت تھیں، جنہوں نے اپنی جان قربان کرکے ملک میں جمہوری جدوجہد کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔حاجی علی مدد جتک نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے آمریت کے اندھیروں میں جمہوریت کا چراغ جلایا اور ہر قسم کے دباؤ، قید و بند اور جلاوطنی کے باوجود عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو سیاست میں باوقار مقام دیا اور نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کے لیے آواز بلند کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آج بھی پیپلز پارٹی کی سیاست اور عوامی خدمت کا فلسفہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریات کا تسلسل ہے۔ پارٹی قیادت اور کارکنان شہید بی بی کے مشن کی تکمیل کے لیے ثابت قدم ہیں۔حاجی علی مدد جتک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے افکار و نظریات پر عمل کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت، وفاقی ہم آہنگی اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کا نام تاریخ کے سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر9663/2025
میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے بلوچستان کے معروف اداکار اےوب کھوسو کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اورصفا کوئٹہ انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کے لیے گڈ وِل ایمبیسیڈر نامزد کر دیا ہے۔یہ نامزدگی ان کی مثبت عوامی ساکھ اور شہری ذمہ داری، ماحولیاتی آگاہی اور عوامی شمولیت کے فروغ میں مؤثر کردار کے اعتراف کے طور پر کی گئی ہے۔بطور گڈ وِل ایمبیسیڈر، وہ صفائی، پائیدار شہری ماحول اور ذمہ دارانہ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق عوامی آگاہی مہمات میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔یہ اعزازی نامزدگی کوئٹہ کو ایک صاف، صحت مند اور بہتر شہر بنانے کے لیے ایم سی کیو کے عزم کی عکاس ہے.
خبرنامہ نمبر 9664/2025
کوئٹہ، 27 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر اور ممتاز ماہرِ معیشت شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شمشاد اختر ایک قابل اور دیانت دار شخصیت تھیں جنہوں نے ملکی معیشت کے استحکام اور مالیاتی نظام کی بہتری کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں میر سرفراز بگٹی نے مرحومہ کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اور اصول پسند ماہرِ معیشت تھیں، جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں ہمیشہ دیانت، قابلیت اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نبھائیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
خبرنامہ نمبر 9665/2025
سبی 27 دسمبر : ڈائریکٹر جنرل ای پی اے بلوچستان محمد ابراہیم بلوچ کی ہدایات کی روشنی میں اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کے احکامات پر ادارہ تحفظ ماحولیات بلوچستان سبی کی مانیٹرنگ ٹیم نے گزشتہ دنوں غیر قانونی پلاسٹک بیگز کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی۔ کارروائی کے دوران سبی شہر کے مختلف بازاروں اور دکانوں سے 23 کلوگرام غیر قانونی پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے۔ اس موقع پر دکانداروں کو واضح طور پر آگاہ کیا گیا کہ صرف حکومت بلوچستان اور ای پی اے سے منظور شدہ ففٹی مائیکرونز بائیو ڈی گریڈیبل پلاسٹک و شاپنگ بیگز کے استعمال، خرید و فروخت کی اجازت ہے۔ مانیٹرنگ ٹیم نے بتایا کہ بعض دکانوں پر ففٹی مائیکرونز بائیو ڈی گریڈیبل شاپنگ بیگز کا استعمال بھی دیکھا گیا، جسے خوش آئند قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم کے دوران تمام طبقات سے اپیل کی گئی کہ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ غیر معیاری پلاسٹک بیگز نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی شدید نقصان دہ ہیں۔ ادارہ تحفظ ماحولیات بلوچستان نے واضح کیا کہ مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 9666/2025
کوئٹہ، 27 دسمبر ۔ ایم این سی ایچ (MNCH) کے زیر اہتمام بلوچستان میں دوران زچگی ماؤں کی اموات پر قابو پانے کے لئے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی اور رابطہ جاتی اقدامات کا آغاز کردیا گیا جس کا مقصد کمیونٹی کی سطح پر خدمات انجام دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی مڈوائفز اور ہنگامی طبی امدادی اداروں 1122 (MERC) کے درمیان مؤثر اور فعال رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ زچگی اور نومولود بچوں کی اموات میں اضافے کا سبب بننے والی بنیادی تاخیرات کا بروقت اور مؤثر تدارک ممکن بنایا جا سکے یہ اقدام صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی نگرانی اور سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پانیزئی کی انتظامی رہنمائی میں شروع کیا گیا ہے جسے ابتدائی طور پر اضلاع ژوب، نصیرآباد اور خضدار میں پائلٹ بنیادوں پر نافذ کیا گیا ہے جہاں ایک مربوط ریفرل اور ہنگامی نگہداشت کے نظام کو عملی شکل دی جا رہی ہے اس نظام کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرز کمیونٹی کی سطح پر حاملہ خواتین اور تولیدی عمر کی خواتین کی بروقت نشاندہی کریں گی اور انہیں قریبی کمیونٹی مڈوائف برتھنگ اسٹیشنز سے منسلک کیا جائے گا تاکہ محفوظ اور معیاری زچگی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے کمیونٹی مڈوائفز اپنے مراکز پر معمول کے زچگی کیسز کی نگرانی اور انجام دہی کے ساتھ ماں اور نومولود کی بنیادی نگہداشت فراہم کریں گی جبکہ کسی بھی پیچیدگی کی صورت میں فوری طور پر ہنگامی طبی امدادی ادارے کو متحرک کیا جائے گا تاکہ مریضہ کو بروقت قریبی ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جا سکے جہاں جامع ہنگامی طبی سہولیات دستیاب ہوں گی ایم این سی ایچ پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم نے اس موقع پر ضلع سطح پر خدمات انجام دینے والے تمام اداروں اور فیلڈ عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مربوط نظام ماں اور بچے کی صحت کے تسلسل کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی سطح پر بروقت نشاندہی، فوری رسائی اور مؤثر ریفرل کے ذریعے قابلِ تدارک زچگی اور نومولود اموات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے ڈاکٹر گل سبین اعظم کے مطابق اس سلسلے میں منعقدہ آگاہی سیشنز میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر فرید ترین، ڈاکٹر ایاز علی جمالی اور ڈاکٹر نسیم لانگو نے شرکت کی جو ضلع سطح پر ادارہ جاتی ملکیت اور قیادت کی عکاسی ہے، جبکہ کمیونٹی مڈوائفری اسکولز کی پرنسپلز محترمہ سونیا، محترمہ ٹینا صائمہ اور ڈاکٹر رشیدہ نے عملی رابطہ کاری اور ریفرل کے طریقۂ کار کو مقامی تناظر میں واضح کیا انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی سطح پر صحت کے دیگر پروگرامز کے نمائندگان کی شمولیت سے اس اقدام کو مزید تقویت ملی اور مختلف صحت منصوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ژوب میں دس کمیونٹی مڈوائفز اور تیس لیڈی ہیلتھ ورکرز، ضلع خضدار میں پندرہ کمیونٹی مڈوائفز اور ستر لیڈی ہیلتھ ورکرز، جبکہ ضلع نصیرآباد میں بیس کمیونٹی مڈوائفز اور پینتیس لیڈی ہیلتھ ورکرز اس مربوط نظام کے تحت خدمات سرانجام دے رہی ہیں ڈاکٹر گل سبین اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس پائلٹ اقدام کی کامیابی کی بنیاد پر مستقبل میں اسے مرحلہ وار بلوچستان کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی، تاکہ صوبے بھر میں ماں اور بچے کو بروقت، محفوظ اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
خبرنامہ نمبر 9667/2025
کوئٹہ 27دسمبر۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی اے اور موٹر وے پولیس کے عملے نےطور بلیلی چیک پوسٹ پر ژوب ،لورالائی اسلام آباد ،لاھور پشاور سمیت دیگر روٹ کے مسافر اور لوڈنگ گاڈیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ،ڈرائیونگ لائسنس، پرمٹ اور اجازت نامے چیکنگ کی گئی اور مسافر کوچز میں سی سی ٹی وی کا معائنہ بھی کیاگیا۔کارروائی کے دوران اکثر گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جعلی اور بغیر لائسنس پائے گئے جس پر انہیں وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے لئے اصل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں وگرنہ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس موقع پر حکام نے گاڈیوں مالکان کو ہدایت کی کہ مسافر گاڑیوں میں دو ڈرائیوروں کی پالیسی پر عمل درامد کریں تاکہ لانگ روٹ کے ڈرائیوروں کو مناسب آرام مل سکے۔انہوں نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ گاڈیوں کے لیے بے حد ضروری ہے اور بغیر اور جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام مسافر کوچز دوران سفر سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھیں جبکہ تیز رفتاری سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ لانگ روٹ کے مسافر گاڈیوں کے حوالے سے قوانین کا احترام کریں جبکہ لوڈنگ اور مسافر گاڈیاں تمام ضروری کاغذات مکمل اور اپنے ہمراہ رکھیں تاکہ بوقت ضرورت پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ فٹنس سرٹیفکیٹ اور پرمٹ کے بغیر روٹ پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی لہذا حکومت کی حفاظتی اقدامات اٹھانے کا مقصد حادثات کی روک تھام اور مسافروں کی جانوں کا تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔اس لئے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور قوانین کا احترام لازمی کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر 9668/2025
سنجاوی 27 دسمبر :ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑ کی ہدایت کی روشنی میں، اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی شیرشاہ غلزئی نے بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری دو مساجد کی تعمیراتی اسکیموں کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینا تھا۔ مسجد شریف، کلی پسرہ: یہ منصوبہ تکمیل کے قریب ہے اور اس وقت چھت کا کام جاری ہے مسجد شریف، لوانگ آباد: اس مسجد کی چھت کا کام مکمل ہو چکا ہے اور مجموعی پروگریس تقریباً 75 فیصد ہے۔ دونوں مساجد میں تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے اور مجموعی طور پر تقریباً 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
خبرنامہ نمبر 9669/2025
نصیرآبا27دسمبر:ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ایریگیشن ڈرینیج سسٹم ٹیمپل ڈرینیج کی شاخ کو مقامی افراد کی جانب سے بند کرنے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایریگیشن ڈرینیج کے افیسر سیف اللہ بنگلزئی کو واضح احکامات جاری کیے کہ ٹیمپل ڈرینیج کی شاخ کو فوری طور پر کھولا جائے کیونکہ اس اقدام سے اپر ڈرینیج سسٹم پر غیر معمولی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے جو بڑے پیمانے پر زرعی زمینوں اور آبادیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرینیج سسٹم عوامی مفاد سے جڑا ایک اہم سرکاری نظام ہے جسے بند کرنے یا اس میں مداخلت کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقامی زمیندار یا دیگر افراد اپنے ذاتی یا باہمی مسائل مقامی سطح پر بات چیت اور قانونی طریقہ کار کے تحت حل کریں، سرکاری امور میں زبردستی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ خالد خان نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ ڈرینیج سسٹم کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ اس قسم کے اقدامات کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نظام کی بلا رکاوٹ فعالیت برقرار رہے اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 9670/2025
کوئٹہ 27 دسمبر :سابق کور کمانڈر بلوچستان جنرل (ر) ناصر جنجوعہ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی سے ان کی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیااس موقع پر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کی آمد اور تعزیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔






