خبرنامہ نمبر8022/2024گوادر26دسمبر۔ ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر کنٹانی ھور میں ٹوکن مافیا سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے اور عوام کے تحفظات دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، کنٹانی ھور میں ٹوکن کے اجرا کا عمل مکمل طور پر منظم، شفاف اور کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت چل رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ نظام میرٹ پر مبنی ہے اور کسی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جاتا۔اعلامیہ کے مطابق، روزانہ کی بنیاد پر 600 افراد کو نوبت جاری کی جاتی ہے، اور ہر نوبت والے شخص کو ٹوکن اسی دن فراہم کیا جاتا ہے۔ اس عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور لیویز فورس کی نگرانی جاری رہتی ہے۔انتظامیہ نے مزید واضح کیا کہ ساحلی علاقے میں کشتیوں کے چلنے کی تعداد کی نگرانی پاکستان کوسٹ گارڈ کی ذمہ داری ہے، جو بیریئر پر تعینات ہیں۔ ان کا مینڈیٹ ہے کہ 600 سے زیادہ کشتیاں سمندر میں نہ جائیں۔ اگر اس حد سے تجاوز ہوتا ہے تو یہ ضلعی انتظامیہ یا لیویز کا اختیار نہیں بلکہ کوسٹ گارڈ کی ذمہ داری ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی، جعلی ٹوکن یا غیر شفاف عمل کی نشاندہی ہو تو فوری طور پر انتظامیہ کے شکایات سیل میں اطلاع دیں۔ انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ماضی میں کئی جعلی ٹوکن پکڑے گئے ہیں، جن میں ضلعی انتظامیہ کے اصل ٹوکنز کی نقل کرکے جعلسازی کی گئی تھی۔انتظامیہ نے بتایا کہ چھ مختلف کیسز میں جعلی ٹوکنز پکڑے گئے، اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ اگر کسی شخص نے اپنی نوبت کا ٹوکن کسی اور کو فروخت کیا ہے تو یہ ضلعی انتظامیہ کا مینڈیٹ نہیں کہ وہ اس پر نظر رکھے۔ تاہم، غیر قانونی طریقے سے ٹوکن بیچنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی کہ اگر کسی مافیا یا شخص کے بارے میں معلومات ہوں جو ٹوکن غیر قانونی طور پر فروخت کر رہا ہو، تو فوری طور پر شکایات سیل میں رپورٹ کریں یا براہِ راست انتظامیہ سے رجوع کریں۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے وہ عوام کے مسائل کے حل اور شفافیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ اگر کسی بھی شخص کا نام سامنے آیا جو غیر قانونی ٹوکن کی خرید و فروخت میں ملوث ہو، تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنے کاروبار جاری رکھ سکیں۔ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا کہ ٹوکن کے اجرا کا عمل ہر ممکن حد تک شفاف بنایا جا رہا ہے اور عوام کے خدشات کا فوری اور موثر ازالہ کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ مافیا کے کسی بھی اثر و رسوخ کو ختم کرکے عوام کے لیے آزادانہ اور منظم کاروباری ماحول فراہم کیا جائے۔ہماری ترجیح عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے تحفظات کا ازالہ ہے۔