News

26-03-2025

خبرنامہ نمبر2130/2025کوئٹہ، 26 مارچ ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹرنیٹ سروسز کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے انٹرنیٹ جہاں تعلیم و تربیت کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے، وہیں بعض ریاست مخالف عناصر سوشل میڈیا کو نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کے لیے بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کرنے کی کوششوں کا سدباب کرنا ضروری ہے تاکہ انہیں مثبت سمت میں رہنمائی فراہم کی جا سکے وہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور سیلولر آپریٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی، سیکرٹری لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ عبدالفتاح بھنگر، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلاول خان کاکڑ، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے فیصل خان پانیزئی ،ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند اور حکومت بلوچستان کے حکام اور پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے اجلاس میں بلوچستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا سیکرٹری آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ ایاز خان مندوخیل نے شرکائ کو بریفنگ دی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کو گورننس کی بہتری کے لیے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس سے نہ صرف عوام کو سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں بلکہ حکومتی امور میں شفافیت اور بہتری بھی ممکن ہو سکے گی انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں انٹرنیٹ سروسز کی بہتری اور ریگولیشن کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے فوائد مثبت انداز میں عوام تک پہنچ سکیں اور جدید ٹیکنالوجی بشمول سیٹلائیٹ رئیل ٹائم مانیٹرنگ کو امن و امان، زراعت و لائیو اسٹاک کی بہتری ، قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع و نقصانات کے تخمینہ کے ساتھ ساتھ مصدقہ اعداد و شمار کے مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکے، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ جامع تجاویز مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں تفصیلی سفارشات کے ساتھ پیش ہوں تاکہ بلوچستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2131/2025کوئٹہ 26.صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ والدہ کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ سردار عبدالرحمن کھتیران نے مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ ﴾﴿﴾﴿﴾﴿خبرنامہ نمبر2132/2025تربت 26 مارچ ۔ :ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق زمین داران میرانی ڈیم کو اطلاع دی جاتی ہے کہ میرانی ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول تک پہنچ چکا ہے، اور زراعت کے لیے صرف 2 فٹ پانی باقی ہے۔ پانی کی قلت کے پیش نظر نہری بہاو 136 کیوسک سے کم کرکے 110 کیوسک کیا جا رہا ہے تاکہ دستیاب پانی زیادہ دیر تک استعمال ہوسکے تمام قانونی ٹیکس ادا کرنے والے زمین داروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پانی کی محدود دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کپاس کی کاشت کم کریں۔ اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو نہری پانی میں مزید کمی کا امکان ہے۔ لہذا، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پانی کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنائیں۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2133/2025تربت 26 مارچ ۔ :یونیورسٹی آف تربت کے گرین یوتھ موومنٹ کلب نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر آن لائن آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی اور آبی وسائل کے باہمی تعلق پر آگاہی، ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی تھا۔مقابلے میں طلبہ و طالبات نے موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے تحفظ کے موضوع پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جن کا جائزہ فنکاروں، ماحولیاتی ماہرین اور فیکلٹی ممبران پر مشتمل جیوری نے لیا۔ نتائج کے مطابق، شعبہ پولیٹیکل سائنس کی ماہ جبین نور نے پہلی، شعبہ انگلش کی مروہ اکبر نے دوسری اور شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی شرف عبدالمجید نے تیسری پوزیشن حاصل کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے GYM کلب کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے اور تخلیقی مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف تربت رواں تعلیمی سال میں اسٹوڈنٹ کلبز اور سوسائٹیز کے ذریعے مزید غیرنصابی اور تخلیقی سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2134/2025کوئٹہ۔ 26 مارچ۔اکاونٹنٹ جنرل بلوچستان کے جاری کردہ ایک اطلاع کے مطابق تمام خواتین جو صوبائی حکومت سے فیملی پینشن بطور بیوہ یا بیٹی وصول کر رہی ہیں، اپنا تصدیق شدہ Non (re) Marriage سرٹیفیکیٹ اور اپنے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی دفتر اکاونٹنٹ جنرل بلوچستان کی پینشن برانچ میں فوراً جمع کروائیں تاکہ انکی پینشن تسلسل سے جاری رہ سکے۔ بصورت دیگر ان کی پینشن روک دی جائیگی۔اس کے علاوہ ہر پینشنر پر لازم ہے کہ وہ اپنے بینک سے ہر چھ ماہ کے اندر اپنی بائیو میٹرک تصدیق کروائے۔ چھ ماہ تک پینشن بینک اکاونٹ سے نہ نکالنے کی صورت میں قانون کے مطابق پینشن بند کر دی جائے گی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2135/2025کوئٹہ 25 مارچ :۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں میر سلیم احمد کھوسہ نے مرحومہ کی مغفرت اور سوگوار خاندان کیلئے اس مشکل وقت میں صبر، ہمت اور حوصلہ کیلئے دعا کی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2136/2025تربت26 مارچ. ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ سے داد جان سبزل کی سربراہی میں بارڈر کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی ملاقات میں پاک-ایران سرحدی تجارت کو موثر بنانے اور اس کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے بارڈر کی عارضی بندش سے متاثرہ کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ سرحدی تجارت کے فروغ اور تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ علاقے میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور عوام کو بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں۔

خبرنامہ نمبر2137/2025 تربت26 مارچ. : ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر احمد سے پرنسپل مکران میڈیکل کالج تربت، ڈاکٹر افضل خالق اور ایم ایس ٹیچنگ اسپتال تربت، ڈاکٹر وحید بلیدی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی ایم اے ضلع کیچ کے صدر، ڈاکٹر میران بلوچ بھی موجود تھے ملاقات میں ٹیچنگ اسپتال تربت اور مکران میڈیکل کالج کے انتظامی و طبی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ضلع کیچ میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ مکران میڈیکل کالج اور ٹیچنگ اسپتال کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسپتال کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے باقاعدگی سے ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کرتے رہیں گے تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2138/2025استامحمد۔ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کا ضلع بھر کے مختلف طبی مراکز اور تدریسی درسگاہوں کے دورے عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کے بہتر مستقبل کو سنوارنے کے عمل کا جائزہ لیا ڈاکٹرز پیرامیڈیکل اسٹاف اور اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دینے کے متعلق سختی کے ساتھ تاکید کی غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت اور فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی مفاد عامہ میں بہتر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت گورنمنٹ بوائز ہائی سکول حق باہو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول استامحمد کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ہسپتال کے دورے کے موقع پر انہوں نے او پی ڈی سمیت دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف کا حاضری رجسٹرڈ چیک کیا جبکہ تعلیمی درسگاہوں کے دورے کے موقع پر انہوں نے بچوں سے بھی ملاقات کی اور تدریسی عمل کے حوالے سے ان سے سوالات پوچھے اساتذہ کو ہدایات دیں کہ وہ بچوں کو بہتر معنوں میں تعلیم کی فراہمی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ ان بچوں کا بہتر مستقبل سنور سکے حکومت مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہے دور دراز اور دیہی علاقوں میں تعلیم صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاکہ بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کے ساتھ ساتھ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹرز اساتذہ سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ سرکاری ملازمین اپنی خدمات کے کی انجام دہی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں عوام کی خدمت کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر2139/2025 تربت/تمپ 26 مارچ۔ :ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی نے آر ایچ سی ہسپتال تمپ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، صفائی کی صورتحال، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری اور ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا اسسٹنٹ کمشنر نے طبی عملے کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال کی ضروریات اور درپیش مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

﴿خبرنامہ نمبر2140/2025 تربت/دشت، 26 مارچ ۔میرانی ڈیم منصوبے کے تحت کینالوں کی صفائی اور دیگر ترقیاتی اسکیمیں تاحال مکمل نہ ہونے پر عوامی شکایات موصول ہوئیں، جس پر ڈپٹی کمشنر کیچ، میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ نے اسسٹنٹ کمشنر دشت، شےحق حیات کو انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دشت نے ایکسئین میرانی ڈیم، رضا صمد کے ہمراہ میرانی ڈیم کینال سائٹ کا دورہ کیا اور صفائی و مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق، ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر اسسٹنٹ کمشنر نے ٹھیکیدار کو ہدایت دی کہ عید کے بعد تمام باقی ماندہ کام مکمل کیے جائیں اسسٹنٹ کمشنر شےحق حیات نے واضح کیا کہ وہ جامع رپورٹ مرتب کرکے ڈپٹی کمشنر کو ارسال کریں گے، تاکہ ضروری اقدامات کیے جا سکیں اور عوامی مسائل کا بروقت حل ممکن ہو۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 2025/2141حب 26مارچ:ـصوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹیو بلوچستان میر علی حسن زہری نے عوام سے کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی حب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے دارو ہوٹل تا مغربی بائی پاس سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے شروع کردیا گیا ہے یہ منصوبہ شہریوں کے لیے سفری سہولت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے کی معیشت کو بھی مضبوط کرے گامیئر میونسپل کارپوریشن حب وڈیرہ بابو فیض محمد شیخ اورڈپٹی میئر حاجی عظیم سنیاں کا کہنا ہےکہ منصوبے پر عملدرآمد میر علی حسن زہری کی انتھک محنت اور حب کے عوام سے ان کی گہری وابستگی کا واضح ثبوت ہے کہ وہ علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ حب کو ایک جدید اور خوشحال شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں ضلع حب کے شہریوں نے بھی وزیر زراعت و کوآپریٹیو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حب کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میر علی حسن زہری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ن کے دور میں حب میں جو ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، وہ علاقے کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 2025/2142استا محمد26مارچ :ـڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس، منشیات اور سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمپلمنٹ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ اجلاس میں پولیس، سی ٹی ڈی، ایکسائز اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی اجلاس میں غیر قانونی سمگلنگ، منشیات کی روک تھام اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی، کھاد، منشیات اور دیگر اشیاء کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی عوام کے لیے مشکلات کا سبب بنتی ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے کاروباری طبقے کو متنبہ کیا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں خصوصاً ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت اور سمگلنگ سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات جیسے ناسور سے ہماری نئی نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے سخت حکمت عملی اپنائی جائے اجلاس میں متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کو بھی رعایت نہ دی جائے اور اس طرح کے فعل کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کی روک تھام کیلئے تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ کاری میں رہیں اور سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے.