خبرنامہ نمبر7975/2024
کوئٹہ/کراچی 24دسمبر: بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لائیو اسٹاک اور فشریز کے شعبے میں بہت صلاحیت موجود ہے، یہ صوبہ بہترین مال مویشی اور نامیاتی گوشت کی پیداوار میں ملک میں پہلے نمبر پر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ پاکستان کے سب سے بڑے DALFA کیٹل شو کے سیزن۔4میں نیٹ ورکنگ ڈنرکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے بلوچستان میں لائیو سٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کی نمایاں صلاحیت پر روشنی ڈالی جو پاکستان کی قومی پیداوار کا 20فیصد ہے اور گوشت، دودھ، اون اور چمڑے کی صنعتوں میں امید افزا مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گلہ بانی ایک اہم پیشہ ہے جو دیہی علاقوں کے عوام کا سب سے بڑا ذریعہ معاش ہے، بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، سبیمیں بڑی تعداد میں جانور پائے جاتے ہیں جبکہ بھاگ ناڑی نسل کے جانور صوبیکی پہچان ہیں۔ ملکی لائیو اسٹاک اور فشریز میں بلوچستان کا حصہ سب سے زیادہ ہے مگر بد قسمتی سے اسے اس طرح اجاگر نہیں کیا جاتا جس طرح ہونا چاہئے،انہوں نے کہا کہ دنیا بلیو اکانومی پر چل رہی ہے اور بلوچستان کا وسیع ساحل سمندری حیات کے حوالے سے مالا مال ہے مگر ہمارے ان سمندری وسائل کا 34فیصد اب تک دریافت ہو چکا ہے باقی 74 فیصد پر ابھی کام ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت لائیواسٹاک اور فشریز کے شعبے کو بہت اہمیت دے رہی ہے۔ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اس شعبے میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہا ہے،اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ DALFA پاکستان کیتحت کیٹل شو کے سیزن۔5 کی میزبانی حکومت بلوچستان کرے گی اور اس میں ہم بلوچستان بھر کے مال مویشی لے کر آئیں گے۔انہوں نے شرکاء کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔