News

24-05-2025

خبر نامہ نمبر2025/4015گوادر 23 مئی :ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سیف اللّٰہ کھیتران نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر مستقبل کا عالمی تجارتی اور اقتصادی مرکز بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت ہم ایک جدید، سرسبز اور پائیدار شہر کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہیں۔”ڈی جی جی ڈی اے نے تعلیم و صحت کو ادارے کی اولین ترجیح قرار دیا، جہاں جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری اسکول میں معیاری تعلیم اور پاک-چائنا فرینڈشپ اسپتال میں مفت اور اعلیٰ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں سڑکیں، پارکس، کھیل کے میدان، جٹیز، بریک واٹرز، اور ماہی گیروں کے لیے جدید منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ماحولیات کے تحفظ کے لیے شجرکاری، پاک و صاف بیچز، گرین ایریاز اور سیوریج ٹریٹمنٹ سسٹمز پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ کے تحت، تاریخی مقامات کی تعمیر و تحفظ تزئین، شہر کے قدیم اسکولوں کی تعمیر و توسیع، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے شہری معیارِ زندگی بہتر ہوا ہے۔مقامی نوجوانوں کی تربیت، روزگار اور سماجی شمولیت کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں میں نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایسٹ بے ایکسپریس وے، پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال، پاک چائنا انسٹیٹیوٹ ترقی کا عملی ثبوت ہیں۔ڈی جی نے بتایا کہ شادی کور اور سوڈ ڈیمز کے ذریعے شہر کو مستقل پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے، اور گوادر میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے نجی شعبے کو شراکت داری کی دعوت دی جا رہی ہے تاکہ ترقی میں سب کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گوادر امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت بن رہا ہے، اور ہم پُرامید ہیں کہ یہ جلد عالمی معیار کا شہر بنے گا۔

خبرنامہ نمبر 4016/2025کوئٹہ۔24 مئی:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں نمی کی لہریں مسلسل داخل ہو رہی ہیں اور 24 مئی کو مغربی لہر کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ژوب، زیارت، بارکھان، کوہلو، ہرنائی، دکی، بولان، کچھی، موسیٰ خیل، شیرانی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ رات کے وقت ژوب، زیارت، بارکھان، کوہلو، ہرنائی، دکی، بولان، ڈیرہ بگٹی، کچھی، موسیٰ خیل، شیرانی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ نوکنڈی، دالبندین، نوشکی، واشک، خاران، سوراب، مستونگ، پشین، مسلم باغ، قلعہ عبداللہ، لورالائی، چمن، کوئٹہ اور گرد و نواح میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں 4.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بارکھان میں (4.0) اور سبی میں (2.0) ملی میٹر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں (50.5) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 4017/2025 گوانگژوچائنہ24 مئی :لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS)پاکستان اور ساؤتھ چائنا سی انسٹی ٹیوٹ آف اوشینولوجی (SCSIO) نے سمندری اور ماحولیاتی سائنس کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے مفاہمتی یادداشت پر لوامز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین اور SCSIO کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر Chaolun Li نے گوانگزو میں ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔دیگر قابل ذکر شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر الٰہی بخش مرغزانی، مجیب الرحمان، لوامز سے پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع، اور SCSIO سے پروفیسر ڈاکٹر یو شاو وانگ شامل تھے جن کی سرشار کاوشوں اور دیرینہ تعاون نے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو شروع کرنے اور سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اس شراکت داری کا مقصد سمندری اور ماحولیاتی سائنس کے شعبوں میں پاکستانی طلباء کے لیے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی تبادلے کے پروگراموں اور اسکالرشپ کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔ اس سے LUAWMS کی تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور علاقائی سمندری چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون کی بھی توقع ہے دونوں اداروں کے ادارہ جاتی سربراہان نے اس اقدام کے ذریعے سائنسی تعاون کو آگے بڑھانے اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیاجو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں چین اور پاکستان کے وسیع تر تعاون کی بھی حمایت کرتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 4018/2025گوادر: گوادر اور گردونواح میں آبی قلت کی سنگین صورتحال کے پیش نظر، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے ایک اہم عملی اقدام اٹھاتے ہوئے ائیرپورٹ بوسٹنگ اسٹیشن سے نگور شریف تک نئی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا افتتاح گزشتہ روز کیا گیا، جس کا مقصد متاثرہ ساحلی علاقوں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔ایکسین پبلک ہیلتھ مومن بلوچ، ایس ڈی او داد کریم بلوچ اور سپروائزر عبدالشکور نے زیر تعمیر پائپ لائن منصوبے کا دورہ کیا اور کام کی رفتار، معیار اور تکنیکی نکات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت ممکن بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔محکمے کے مطابق، آکڑہ کور ڈیم کے خشک ہونے کے باعث جیونی، پیشوکان، گنز اور ملحقہ ساحلی بستیاں شدید آبی بحران کا شکار ہیں۔ چونکہ آکڑہ کور ان علاقوں کے لیے پانی کا بنیادی ذریعہ تھا، اس لیے اس کی غیر دستیابی نے روزمرہ زندگی کو مفلوج کرنے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فوری ردعمل کے طور پر ائیرپورٹ بوسٹنگ اسٹیشن تا نگور نئی پائپ لائن کی تنصیب نہ صرف موجودہ بحران پر قابو پانے میں مدد دے گی بلکہ آئندہ برسوں میں بھی پانی کی پائیدار رسد کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبے میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ترجیح دی جائے گی تاکہ مقامی آبادی کو جلد از جلد پینے کے صاف پانی تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔مزید برآں، ایکسین مومن بلوچ، ایس ڈی او داد کریم بلوچ اور سپروائزر عبدالشکور نے پلیری ٹو جیوانی کے درمیان بچھائی جانے والی زیر تعمیر پائپ لائن منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور پلیری پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے وہاں جاری کام کی پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔مقامی سطح پر ان اقدامات کو آبی بحران کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف شہریوں کے دیرینہ مسائل میں کمی لائے گا بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔

خبرنامہ نمبر 4019/2025 کوئٹہ23 مئی: سیکریٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر کے لیے ٹی وی چینلز کے بیوروچیفس سے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز بلوچستان میں ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی پی آر بلوچستان محمد نور کھیتران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید احمد شاہوانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منظور احمد مگسی اور ٹی وی چینلز کے معروف بیوروچیفس جن میں رضا الرحمٰن، عرفان سعید، جلال نورزئی، نور الٰہی بگٹی، ایوب ترین، بشریٰ قمر، سعدیہ جہانگیر، شاہ حسین، عیسیٰ ترین، جابر شاہ، بلال فروز، میر سلام جوگیزئی اور وقار احمد شامل تھے نے شرکت کی۔سیکریٹری اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں حکومت کی خواہش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور مثبت انداز میں کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو انڈیپنڈنٹ رپورٹس تیار کرنے کی بھرپور سہولیات دی جائیں گی تاکہ بلوچستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ، جو پورے صوبے کا چہرہ تصور کیا جاتا ہے، میں کوئٹہ پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر ایک تفصیلی بریفنگ منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہر محکمے کے انتظامی سربراہ کے ساتھ ون ڈے وِد پریس اور میڈیا ٹاکس کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا تاکہ صحافیوں کو زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہو بیوروچیفس نے اس موقع پر حکومت کو تجویز دی کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں الیکٹرانک میڈیا کے لیے مخصوص بجٹ نہایت کم ہے، جس کی وجہ سے کئی چینلز اپنے دفاتر بند کرنے یا عملے کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔ اس تناظر میں میڈیا بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔سیکریٹری اطلاعات عمران خان نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور حکومت کی کوشش ہے کہ نیشنل میڈیا پر بلوچستان کی پہچان صرف ناخوشگوار خبروں تک محدود نہ رہے، بلکہ صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو بھی نمایاں کیا جائے۔آخر میں، تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے اور اس تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 4020/2025دکی: ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مانزئی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد تحصیل لونی کے عوامی مسائل کا براہِ راست جائزہ لینا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا تھا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لونی مجیب الرحمٰن بلوچ، مختلف محکموں کے افسران، معززینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں علاقہ مکین شریک ہوئے۔عوام نے صحت، تعلیم، سڑکوں کی خستہ حالی، روڈ چوری اور دیگر اہم مسائل پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، تاکہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد عوامی مسائل کے حل اور انتظامیہ و عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کی عملی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں۔

خبرنامہ نمبر 4021/2025 کوئٹہ 24 مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد وقار کاکڑ کے ہمراہ محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام ادارہ برائے علاج و بحالی مریضانِ منشیات، مشرقی بائی پاس سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر سینٹر کے ہیڈ ایڈمنسٹریٹر حنیف رند نے انہیں سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔ ڈپٹی کمشنر نے نشئی وارڈز، تربیتی شعبہ جات جن میں ٹیلرنگ سینٹر، چپل سازی، اور مختلف مضامین کی تدریس کے مراکز شامل تھے، کا جائزہ لیا۔ ان تربیتی مراکز میں داخل مریضوں کو باقاعدہ طور پر ہنر مند بنانے کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ صحتیاب ہونے کے بعد معاشرے کا کارآمد حصہ بن سکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے سینٹر میں زیر علاج مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت اور ان کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے علاج اور تربیت کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ہیڈ ایڈمنسٹریٹر حنیف رند نے ادارے کو درپیش مسائل، سہولیات کی کمی اور ضروریات سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ جن میں ادویات، تربیتی سامان اور بنیادی سہولیات کی کمی کو اجاگر کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور بحالی کے اس مشن میں عملے کی محنت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ ادارے کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے تاکہ مریضوں کی بحالی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نشے کی لعنت کے خاتمے اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

خبرنامہ نمبر 4022/2025کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی سے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ، اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ، اور سینیٹر منظور کاکڑ نے ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میر شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر کہا کہ بجٹ سازی کے عمل میں مالی نظم و ضبط، شفافیت، اور عوامی ضروریات کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات پر غور کر رہی ہے جو پائیدار ترقی، روزگار کے مواقع، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام طبقات اور مختلف مکتبہ فکر کی شرکت اور مشاورت سے ہی بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکےگا صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں صوبے میں دیر پا اور پائیدار ترقی کو اولیت دی جائیگی تاکہ لوگوں کی روزمرہ زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوسکے۔

خبرنامہ نمبر 4023/2025 حب 24 مئی: سینئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی کے دورہ گڈانی کے اعلانات پر عملدرآمد شروع کر دیاگیا یے صوبائی وزیر نے دورہ گڈانی کے موقع پر احکامات جاری کئے تھے کہ ضلع حب کی تحصیل گڈانی کے موضع جات کنڈ اور جنوبی موالی کے طالب علموں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے احکامات ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اوربی ڈی اے حکام کو جاری کئے تھے ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو نے صوبائی وزیر کے احکامات کی روشنی میں تعلیم دوست اقدام کرتے ہوئے گڈانی شپ بریکرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور صدیق سنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے طالب علموں کے اسکول آمدورفت کا مسلہ خوش اسلوبی سے نمٹا دیا واضح رہے کہ اس سے قبل حبکو پاور کنڈ اور جنوبی موالی کےاسٹوڈنٹس کو اسکول آمدورفت کے لیے ٹرانسپورٹ فراہم کررہا تھا حبکو پاور پلانٹ پراجیکٹ کی بندش کے بعد اسٹوڈنٹس مشکلات کا شکار تھے اسکول آمدورفت نہیں ہورہی تھی۔گڈانی میونسپل کمیٹی چیئرمین اور علاقہ معتبرین کی درخواست پر صوبائی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی ڈپٹی کمشنر حب نے مختلف کمپنیوں کی ذمہ داران حب چیمبر آف کامرس۔ شپ بریکرز اور بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے آفیسران کے ساتھ متعدد میٹنگز منعقد کیے اور مسلسل کوششوں سے طالب علموں کی آمدورفت کے لیۓ چار بسیں فراہم کی گئیں جس سے اسٹوڈنٹس کو آنے جانے میں آسانی پیدا ہوگی۔علاقہ مکینوں نے سنیئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات میر ظہوربلیدی چیرمین بی ڈی اے کیپٹن جاوید ڈپٹی کمشنر حب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سی ایس آر فنڈ سے علاقے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مذید فلاحی ترقیاتی کام کیے جاہین گے۔

خبرنامہ نمبر 4024/2025تربت 24 مئی 2025: ضلعی انتظامیہ کیچ کی جانب سے آرمی پبلک اسکول خضدار میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس ہفتے کے روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا تعزیتی ریفرنس تقریب کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ نے کی۔ ریفرنس میں ضلعی افسران، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تقریب کا اغاز شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کرنے سے ہوا، جس کے بعد ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے مقررین نے کہا کہ ہم ایک قوم کی حیثیت سے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور وطن عزیز کی سلامتی و ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی.

خبرنامہ نمبر 4025/2025 حب 24 مئی:ڈپٹی کمشنر حب نثاراحمد لانگو کے زیرصدارت حب شہرکیلئے ٹریفک منیجنٹ پلان پر عملدرآمد کیلئے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہوااجلاس میں ایس پی حب پی ایس پی افسرسیدفاضل شاہ بخاری میئرحب وڈیرہ بابوفیض محمد شیخ اسسٹنٹ کمشنرحب سربلند خان ڈی ایس پی اسپیشل برانچ ذوالفقاربلوڈی ایس پی ٹریفک غلام رسول ٹریفک انچارج حبیب اللہ چیف افسر نصیب اللہ ترین ڈی ایس پی امام بلوچ تحصیلدارجہانگیرخان اوراین ایچ اے افسران شریک ہوئےاجلاس میں ہیوی گاڑیوں کی شہر میں صبح چھ بجے سے رات گیارہ بجے تک انٹری پر پابندی عائد کردی گئ ایس ایس پی حب سیدفاضل شاہ بخاری نے ہیوی گاڑیوں کے شہر میں داخلہ روکنے کیلئے نفری تعیناتی کی یقین دہانی اجلاس کے شرکاء کو کرائی اجلاس میں متفقہ رائے سے آرسی ڈی ہائی وے پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے دونوں اطراف ناجائز تجاوزات کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا دوران اجلاس حب ندی پل اورشہر کے داخلی مقامات پرکنکریٹ بیریئر لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیااجلاس کے شرکاء نے ٹریفک روانی میں خلل ڈالنے والے روڈیوٹرن کو بند کرنے اورمتبادل روٹس پر ٹریفک منیجمنٹ پلان کی منظوری دی گئی ۔

خبرنامہ نمبر 4026/2025کوئٹہ۔ 24 مئی ۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے آواران مشکے سے تعلق رکھنے والے صحافی لطیف بلوچ کے قتل کے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے گی انہوں نے مقتول صحافی کے روح کے ایصال ثواب، بلند درجات ، اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

خبرنامہ نمبر 4027/2025حب 24مئی۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان عبدالسعید نوید نے آج یہاں گڈانی سنٹرل جیل کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے جیل کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور جیل انتظامیہ سے تفصیلات معلوم کیے۔اس موقع پر انہوں نے جیل کے انتظامات اور قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان کا گڈانی سینٹرل جیل کا دورہ کرنے کا مقصد سہولیات کا جائزہ اور مسائل کے حل کرنا تھا،آئی جی جیل خانہ جات نے گڈانی سینٹرل جیل کے کچن، سیلون، اوپن ائیرجم، قیدیوں کے برکوں میں سمیت مختلف یونٹس کا دورہ کیا اور قیدیوں سے ملاقاتیں کی انہوں نے قیدیوں کے فلاح وبہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا آئی جی جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ جیلوں کی بہتری اور قیدیوں کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں قیدیوں کی نفسیاتی اور جسمانی صحت کی بہتری کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں قیدیوں کو جیل کے اندر مختلف مہارت سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ جیل سے نکل کر مالی طور پر ان کی مدد ہو سکے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیل کے تمام قیدیوں کو قانون کے مطابق سہولیات دی جا رہی ہیں ۔

خبرنامہ نمبر 4028/2025(کوئٹہ/24 مئی :بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے انسانی صحت کے تحفظ کے لیے زہریلے اور گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ اس ضمن میں نیو سبزل روڈ پر متعدد ایکڑ پر محیط رقبے پر گوبھی، پودینہ، دھنیا اور سلاد کی تیار و زیر کاشت فصلوں کو ٹریکٹر چلا کر تلف کر دیا گیا جبکہ گندے پانی کی فراہمی روکنے کے لیے مختلف مقامات پر نالوں سے پانی کی سپلائی کے ذرائع بھی منقطع کر دیے گئے، تاکہ آئندہ ان مقامات پر زہریلے پانی سے سبزیاں اگانے کی کوشش نہ کی جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ زہریلے پانی سے اگائی گئی سبزیاں غذائیت کے بجائے انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں اور متعدد بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی ہدایات کے مطابق، جب تک گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے والے کسانوں اور زمینداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور ان پر مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف عوام کی صحت کا تحفظ ہے بلکہ کاشتکاروں کو صاف پانی کے استعمال کی طرف راغب کرنا بھی ہے تاکہ محفوظ اور صحت بخش سبزیوں کی کاشت کو فروغ دیا جا سکے۔واضح رہے کہ یہ کارروائیاں عدالتِ عالیہ بلوچستان کے فیصلے، بی ایف اے کی جانب سے عائد پابندی، اور متعدد بار دی گئی تنبیہات و نوٹسز کے باوجود کی جا رہی ہیں، جو کہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں کے نفاذ اور عوامی تحفظ کے لیے جاری رہیں گی۔